امام علاؤ الدین علی بن محمد الخازن فرماتے ہیں کہ منافق وہ ہوتا ہے جو زبان سے مومن ہونے کا اعتراف کرے اور دل میں اس کا انکار کرے، اور اس کی صبح کسی حالت پر اور شام کسی حالت پر ہو۔ (تفسیر خازن، 1/152)

نفاق کی دو اقسام ہیں:

منافق اعتقادی: وہ شخص جو زبان سے اسلام کا اظہار کرتا ہو مگر اپنے دل میں کفر چھپائے ہوئے ہو۔

منافق عملی: وہ شخص جس کے ایمان و عقائد میں کوئی خرابی و نفاق نہیں ہوتا، لیکن اس کے اعمال یا خصلتیں منافقوں سے مشابہت رکھتی ہیں۔

حدیث مبارکہ میں نفاق عملی کی چار علامات بیان ہوئی ہیں، نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص میں یہ چار باتیں ہوں گی وہ خالص منافق ہے اور جس شخص میں ان چار باتوں میں سے ایک ہو، اس میں نفاق کی ایک خصلت ہو گی یہاں تک کہ وہ اسے چھوڑ دے۔ جب امانت دی جائے تو خیانت کرے۔ جب بات کرے تو جھوٹ بولے۔ جب کسی سے وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے۔ جب جھگڑا کرے تو بد زبانی کرے۔ (بخاری، 1/25، حدیث: 34)

علمائے امت کا اتفاق ہے کہ اگرچہ یہ خصلتیں منافقوں کی علامات ہیں، لیکن اگر کسی صادق الایمان مسلمان میں یہ چار خصلتیں پائی جائیں تو اسے منافق نہیں کہا جائے گا بلکہ یہ کہا جائے گا کہ اس میں منافقانہ عادت موجود ہے۔ کیونکہ منافق کی علامات کا پایا جانا اور منافق ہونا دو مختلف باتیں ہیں، جیسے کہ کوے کی علامت سیاہی ہے مگر ہر کالی چیز کو کوا نہیں کہہ سکتے۔

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: لوگوں میں سب سے بدترین شخص دو چہروں والا ہے، جو ایک کے پاس ایک چہرہ اور دوسروں کے پاس دوسرا چہرہ لے کر آتا ہے۔ (بخاری، 4/466، حدیث: 7179)

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے دنیا میں دو رخ ہوں گے، قیامت کے دن اس کے لیے آگ کی دو زبانیں ہوں گی۔ (ترغیب و ترہیب، 3/371، حدیث: 4)

ہمیں قرآن و حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ ایمان میں خلوص ہونا چاہیے، جبکہ نفاق انسان کے دل کو کمزور اور سیاہ کر دیتا ہے، جس سے معاشرے میں بے اعتمادی اور فساد پیدا ہوتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان سچائی، اخلاص اور دیانت داری اختیار کرے اور اپنے قول و فعل میں یکسانیت پیدا کرے۔

اللہ پاک ہمیں نفاق اور دیگر بری عادات سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین