انسانی معاشرہ اس وقت مضبوط اور خوبصورت بنتا ہے جب لوگ ایک دوسرے کی بات کو توجہ اور احترام کے ساتھ سنتے ہیں۔ کسی گفتگو میں مخاطب کو اہمیت دینا صرف اخلاق کا حصہ نہیں بلکہ دلوں کو جوڑنے کا ذریعہ بھی ہے۔ اس کے برعکس گفتگو کے دوران کسی کو نظر انداز کرنا نہ صرف اس کی دل آزاری کا سبب بنتا ہے بلکہ رشتوں میں دوریاں بھی پیدا کرتا ہے۔ اسلام نے اس حوالے سے نہایت بہترین اور واضح اصول بیان کیے ہیں۔ قرآن اور احادیث میں بارہا اس بات کی تعلیم ملتی ہے کہ بات کرنے والے کی بات کو توجہ، بردباری اور نرم لہجے کے ساتھ سنا جائے، تاکہ اس کے دل میں احترام اور اعتماد پیدا ہو۔

قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: وَ قُوْلُوْا لِلنَّاسِ حُسْنًا (پ 1، البقرۃ 83) ترجمہ: اور لوگوں سے اچھی بات کہو۔ اچھی بات تب ہی پوری ہوتی ہے جب مخاطب کو اہمیت دی جائے۔ اگر کسی کی بات سنی ہی نہ جائے یا اسے نظر انداز کر دیا جائے تو گفتگو کی خوبصورتی ختم ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن نے حسن کلام کو حسن اخلاق سے جوڑا ہے، تاکہ انسان ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھیں اور دل آزاری سے بچیں۔

ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: فَبِمَا رَحْمَةٍ مِّنَ اللّٰهِ لِنْتَ لَهُمْۚ- (پ 4، آل عمران: 159) اس آیت میں نرمی کو رسول کریم ﷺ کے اخلاق کی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ نرمی اور توجہ دونوں مل کر حسن اخلاق کو مکمل کرتی ہیں۔ نبی کریم ﷺ کا یہ عملی نمونہ سب سے اعلیٰ تھا کہ آپ کسی سے گفتگو کرتے تو پورے انہماک اور توجہ کے ساتھ اس کی طرف رخ فرما لیتے تھے، تاکہ مخاطب کو یہ محسوس ہو کہ اس کی بات اہم ہے۔

حضرت جریر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: جب میں نبی ﷺ سے گفتگو کرتا تو آپ اپنا پورا رخ میری طرف کر لیتے تھے۔ (بخاری، 2/214، حدیث: 3035)

یہ عظیم سنت ہمیں سکھاتی ہے کہ مخاطب کو نظر انداز کرنا نہ صرف اخلاقی کمزوری ہے بلکہ سنت نبوی کے خلاف عمل بھی ہے۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہاری اچھی بات اور اچھا برتاؤ بھی صدقہ ہے۔ (مسلم، ص 503، حدیث: 2626) جب ایک مسلمان دوسرے کی بات توجہ سے سنتا ہے، اس کی دلجوئی کرتا ہے اور اسے اہمیت دیتا ہے تو یہ بھی نیکی اور صدقے کا عمل بن جاتا ہے، اور اس سے دلوں میں محبت پیدا ہوتی ہے۔

ایک اور حدیث میں فرمان رسول ﷺ ہے: مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے محفوظ رہیں۔ (بخاری، 1/25، حدیث: 10) اگرچہ کسی کو نظر انداز کرنا بظاہر زبان کی اذیت نہیں، مگر یہ دل کی تکلیف ضرور بن جاتا ہے، اور تکلیف دینا مسلمان کا شیوہ نہیں۔

گفتگو میں توجہ نہ دینا گھروں، خاندانوں اور معاشرے میں بے شمار غلط فہمیاں پیدا کرتا ہے۔ والدین اگر بچوں کی بات نہ سنیں تو وہ خود کو غیر اہم سمجھنے لگتے ہیں۔ شوہر بیوی کو، یا بیوی شوہر کو نظر انداز کرے تو محبت کمزور پڑ جاتی ہے۔ دوست، رشتہ دار اور شاگرد بھی اسی طرح دوری محسوس کرتے ہیں۔

اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ ہر انسان قابل احترام ہے۔ کسی کی بات توجہ سے سننا عبادت ہے، کیونکہ یہ نبی ﷺ کی سنت اور قرآن کا حکم ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ہم ہر گفتگو میں مخاطب کی عزت کریں، اسے پورا وقت دیں، اور اس کی بات کو حقیقی اہمیت فراہم کریں۔