اسلام ایک جامع دین ہے جو انسان کی ظاہری اصلاح کے ساتھ اس کے باطن کی بھی تربیت کرتا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں اعمال کی ظاہری کثرت کے بجائے ان کی باطنی کیفیت کو اصل معیار قرار دیا گیا ہے، اور اس کیفیت کا نام اخلاص ہے۔ اخلاص سے مراد یہ ہے کہ بندہ اپنے ہر قول، فعل، عبادت اور معاملے میں صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کو مقصود بنائے، نہ کہ لوگوں کی تعریف یا دنیاوی فائدہ۔ اسی لیے اخلاص کو اعمال کی روح کہا گیا ہے۔نبی کریم ﷺ نے اخلاص کی بنیاد کو نہایت جامع انداز میں بیان فرمایا۔

چُنانچہ حضرت عمر بن خطاب سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے۔ (صحیح بخاری، کتاب بدء الوحی، حدیث: 1؛ صحیح مسلم، کتاب الإمارة، حدیث: 1907)

اس حدیث سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ ہر عمل کی قبولیت کا انحصار نیت پر ہے۔ اگر نیت خالص ہو تو چھوٹا عمل بھی عظیم بن جاتا ہے، اور اگر نیت فاسد ہو تو بڑا عمل بھی ضائع ہو جاتا ہے۔

اخلاص کے ساتھ عمل کرنا مومن کی نشانی ہے جب بندہ اللہ عزوجل کے لیے عمل کرتا ہے تو اس کے دل سے اس کی زبان پر حکمت کے چشمے جاری ہو جاتے ہیں جو شخص اللہ عزوجل کے لیے عمل کرنے والا ہو وہ شیطان کے مکر وفریب سے بچ جاتا ہے اور اس کی دعائیں بھی قبول ہوتی ہیں ۔ہمارے اسلاف و بزرگانِ دین بھی اپنے روز مرہ کے اعمال حسنہ میں نیتِ رضائے الہٰی اور اعمال کو بجا لانے میں اخلاص کو فوقیت دیتےتھے ۔

جبکہ اسکا برعکس عمل ریاکاری ہے اور احادیثِ مبارکہ میں ریاکاری کی سخت مذمت آئی ہے۔ صحیح مسلم میں وارد حدیثِ قدسی میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میں شرک سے سب سے زیادہ بے نیاز ہوں، جو عمل میرے ساتھ کسی اور کو شریک کر کے کیا جائے، میں اسے چھوڑ دیتا ہوں۔ (صحیح مسلم، کتاب الزهد والرقائق، حدیث: 2985)

اسی طرح قیامت کے دن سب سے پہلے جن لوگوں کا حساب لیا جائے گا ان میں عالم، قاری اور سخی شامل ہوں گے، جنہوں نے اپنے اعمال اللہ کے لیے نہیں بلکہ لوگوں کو دکھانے کے لیے کیے تھے۔ (صحیح مسلم، کتاب الامارة، حدیث: 1905) یہ حدیث اخلاص کی اہمیت اور ریا کے خطرے کو واضح کرتی ہے۔

نبی اکرم ﷺ نے اخلاص کو نجات کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے اس شخص پر جہنم حرام کر دی ہے جو خالص اللہ کی رضا کے لیے لا إلہ إلا اللہ کہے۔(صحیح بخاری، کتاب الصلاة، حدیث: 425؛ صحیح مسلم، کتاب المساجد، حدیث: 33)۔

الغرض حدیثِ پاک کی روشنی میں یہ بات بالکل واضح ہے کہ اخلاص کے بغیر کوئی عبادت یا نیک عمل اللہ کے ہاں قابلِ قبول نہیں۔ لہٰذا ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ اپنی نیت کی اصلاح کرے اور زندگی کے ہر شعبے میں اخلاص کو اپنائے، کیونکہ یہی فلاح اور کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔