اسلامی تعلیمات میں "اخلاص" وہ جوہرِ نایاب ہے جو انسانی اعمال کو اللہ کی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا کرتا ہے۔ لغوی اعتبار سے اخلاص کے معنی کسی چیز کو ملاوٹ سے پاک اور صاف کرنے کے ہیں۔ شرعی اصطلاح میں اس کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنے ہر قول اور فعل سے صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کا ارادہ کرے۔ اخلاص محض ایک صفت نہیں بلکہ دین کی جڑ ہے۔ جس عمل میں اخلاص نہ ہو، وہ اس بے جان جسم کی مانند ہے جس میں روح موجود نہ ہو۔

قرآن کریم نے جا بجا اخلاص کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:ترجمہ کنز العرفان: اور ان لوگوں کو تو یہی حکم ہوا کہ اللہ کی عبادت کریں ، اس کے لئے دین کو خالص کرتے ہوئے ، ہر باطل سے جدا ہوکر اور نماز قائم کریں اور زکوٰۃ دیں اور یہ سیدھا دین ہے۔ (سورۃ البینہ: 5)

اسی طرح احادیثِ مبارکہ میں بھی اخلاص کو تمام اعمال کی قبولیت کی شرطِ اول قرار دیا گیا ہے۔اسلامی فقہ اور اخلاقیات کی سب سے بنیادی حدیث، جس سے امام بخاری نے اپنی کتاب کا آغاز کیا، وہ اخلاص ہی سے متعلق ہے۔ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

"إِنَّمَا الْأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ وَإِنَّمَا لِكُلِّ امْرِئٍ مَا نَوَى"ترجمہ : اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے اور ہر آدمی کے لیے وہی کچھ ہے جس کی اس نے نیت کی۔(صحیح بخاری: 1، صحیح مسلم: 1907)

یہ حدیث واضح کرتی ہے کہ اللہ کے ہاں عمل کی ظاہری شکل سے زیادہ اس کے پیچھے چھپی نیت اور اخلاص کو دیکھا جاتا ہے۔انسان دنیا کو دکھانے کے لیے ظاہری ٹپ ٹاپ تو کر سکتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ دلوں کے بھید جانتا ہے۔

یہ ہے کہ اخلاص ہی وہ کسوٹی ہے جس پر کھوٹے اور کھرے عمل کی پہچان ہوتی ہے۔ ایک طالبِ علم جب کلاس میں پڑھتا ہے یا ایک مصنف جب کتاب لکھتا ہے، تو اسے چاہیے کہ اپنی نیت کو پاک کرے۔ اخلاص کے بغیر علم محض ایک بوجھ ہے اور اخلاص کے ساتھ معمولی عمل بھی پہاڑ جیسا وزنی بن جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے تمام معاملات میں اخلاصِ نیت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔