اخلاص دینِ اسلام کی روح اور ہر نیک عمل کی بنیاد ہے۔ انسان کے ظاہری اعمال خواہ کتنے ہی خوبصورت کیوں نہ ہوں، اگر ان میں خلوص نہ ہو تو وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں قابلِ قبول نہیں ہوتے۔ قرآنِ مجید نے بارہا اس حقیقت کو بیان کیا کہ عبادت صرف اللہ کے لیے خالص ہونی چاہیے۔ اسی طرح احادیثِ مبارکہ میں بھی اخلاص کی اہمیت واضح کی گئی ہے۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے متعدد مواقع پر فرمایا کہ عمل کی اصل قدر و قیمت نیت کے ساتھ وابستہ ہے۔ چنانچہ حدیثِ پاک إنَّما الأعمالُ بالنِّيَّاتِ یعنی اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے۔ (صحیح مسلم حدیث نمبر 4927 )

اس حدیثِ مبارکہ سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک عمل اس وقت قیمتی بنتا ہے جب اس کے پیچھے پاکیزہ نیت موجود ہو۔ اگر انسان نیک عمل اس لیے کرے کہ لوگ اسے نیک کہیں، یا اس کی تعریف کریں، تو اس کے دل میں ریاکاری داخل ہو جاتی ہے جو اخلاص کے خلاف ہے۔ عبادت کی قبولیت کا معیار محض ظاہری اداکاری نہیں، بلکہ دل کا اخلاص ہے۔اخلاص کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے انسان کی شخصیت میں پاکیزگی اور عمل میں استقامت پیدا ہوتی ہے۔ جو شخص اللہ کے لیے کام کرتا ہے وہ مشکلات سے گھبراتا نہیں، لوگوں کی تعریف یا تنقید سے متاثر نہیں ہوتا۔ اس کے دل میں صرف ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہو جائے۔ عمل کا وزن اخلاص کے ساتھ بڑھ جاتا ہے، چاہے وہ عمل بظاہر چھوٹا سا ہی کیوں نہ ہو۔

اخلاص انسان کی زندگی میں برکتیں بھی پیدا کرتا ہے۔ اخلاص انسان کی مشکلات آسان کرتا ہے، اس کے دل میں سکون پیدا کرتا ہے، اور اس کے کاموں میں اللہ تعالیٰ خیر اور برکت عطا فرماتا ہے۔ اخلاص کا ایک ثمرہ یہ بھی ہے کہ انسان کے عمل میں اخفا یعنی خاموشی پیدا ہوتی ہے۔ وہ اپنے نیک کام چھپ کر کرنے کو پسند کرتا ہے تاکہ اس کا عمل خالص رہے۔ یہی وجہ ہے کہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اکثر نیک اعمال چھپ کر کیا کرتے تھے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہنی چاہیے کہ اخلاص انسان کو تکبر سے بچاتا ہے۔ ریاکاری اور دکھاوا تکبر کی طرف لے جاتے ہیں جبکہ اخلاص انسان کو عاجزی سکھاتا ہے۔ جب دل میں صرف اللہ کی رضا کا مقصد ہو تو انسان خود کو کمزور اور محتاج سمجھتے ہوئے اس کے در پر جھک جاتا ہے۔ یہی کیفیت بندگی کی اصل روح ہے۔ اخلاص ہر مسلمان کی زندگی کے لیے ناگزیر ہے۔ احادیثِ نبویہ ﷺ سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ کے ہاں اصل قیمت نیت کی ہے، اور وہی اعمال معتبر ہیں جو اللہ کے لیے کیے جائیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہر نیک کام سے پہلے اپنی نیت کو درست کریں، اپنے دل کی اصلاح کریں، ریاکاری سے بچیں اور اللہ تعالیٰ کی رضا کو مقصد بنائیں۔ اخلاص کے ساتھ کیے گئے نیک اعمال دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اخلاص کی دولت نصیب فرمائے۔ آمین۔