پچھلے دنوں امیر اہل سنّت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ہند کے پرانے اسلامی بھائیوں کے لئے اپنا آڈیو پیغام جاری کیا اور انہیں دینی کاموں میں عملی طور پر شرکت کرنے کی ترغیب دلاتے ہوئے فرمایا کہ دعوتِ اسلامی آپ کی اپنی ہے۔ اس میں خوب دینی کام کریں، 12 دینی کاموں کی دھوم مچائیں اور گزرے ہوئے دنوں میں جو سستیاں کوتاہیاں رہیں اس کے کفارے کے طور پر زیادہ سے زیادہ دینی کام کریں۔

امیر اہل سنت نے نیکیوں سے بھری زندگی گزارنے اور آخرت کی تیاری کرنے کے حوالے سےمدنی پھول ارشاد فرماتے ہوئے کہاکہ زندگی مختصر ہے، ہماری ایک ایک سانس موت کی طرف قدم ہے، ہمارا ایک ایک لمحہ قیمتی ہے، لمحہ وہی اچھا ہے جو اللہ اور اس کے رسول کی یاد میں گزرے، اپنے وقت کو درود و سلام پڑھتے ہوئے اور نیکی کی دعوت دیتے ہوئے گزاریں اور کاش ہم اپنا محاسبہ کرنے کا ذہن بنالیں۔

امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نجات دلانے والے اعمال کی معلومات“ کے صفحہ نمبر 62 پر موجود حضرت سیدنا سیدنا عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کا یہ قول بیان فرمایا کہ ”اپنے نفس کا محاسبہ کرو! اس سے پہلے کہ تمہارا محاسبہ کیا جائےاور وزن کئے جانے سے پہلے اپنے عمل کا خود وزن کرو“ اور حضرت سیدنا حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کا یہ قول سنایا کہ ” دنیا میں نفس کا محاسبہ کرنے والوں کا محاسبہ آخرت میں آسان ہوگا جبکہ محاسبہ نہ کرنے والوں کا حساب بروز قیامت سخت ہوگا،آپ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مزید فرمایا کہ اسی کتاب کے صفحہ نمبر 61 پر تحریر ہے کہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ رات کے وقت پاؤں پر دُرّہ یعنی کوڑا مار کر اپنے نفس سے پوچھتے : ”آج تونے کیا عمل کیا؟“

امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اسلامی بھائیوں کو دینی کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دلاتے ہوئے فرمایا کہ سب اسلامی بھائی اپنے اعمال کا جائزہ لیتے ہوئے ہر مہینے نیک اعمال کا رسالہ حاصل کرکے اس میں دیئے ہوئے خانے پُر کریں،ہر مہینے تین دن مدنی قافلے میں سفر کریں ، علاقائی دورہ اور مدرسۃ المدینہ بالغان میں تنظیمی طریقہ کار کے مطابق بھی شرکت کریں۔

امیر اہل سنت نے انہیں علمِ دین سیکھنے کا ذہن دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی تلاوت کا ذوق پیدا کریں اور اسے پڑھنے کے لئے درست مخارج کے ساتھ پڑھنا سیکھنا ضروری ہے۔ جن جن سے ممکن ہو دعوت اسلامی کے تحت ہونے والے کورسز میں داخلہ لیں ، ہفتہ وار اجتماع میں اول تا آخر شریک ہوں اور رات وہیں رہ کر نماز تہجد ادا کرنے کی سعادت بھی حاصل کریں۔

امیر اہل سنت نے عاشقان رسول کو زندگی میں ایک بار 12ماہ اور 25 ماہ کے لئے راہ خدا میں سفر کرنے اور ہوسکے تو وقف دعوت اسلامی ہونےکا ذہن دیتے ہوئے کہا کہ زندگی مختصر ہے اس میں جو کچھ کرنا ہے اب کرلیں، آپ نے مزید فرمایا کہ” الدُّنیا مَزْرَعَۃ ُالاٰخِرَۃ“ یعنی دنیا آخرت کی کھیتی ہے۔ یہاں جیسا بوئیں گے آخرت میں ویسا ہی کاٹیں گے، تو اچھی اچھی بوائی کرلی جائے تو اِنْ شَآءَ اللہ اچھا اچھا کاٹیں گے۔

امیر اہل سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا آڈیو پیغام سننے کے لئے Watch Video کے بٹن پر کلک کیجئے