10 ربیع الاوّل, 1442 ہجری

: : :
(PST)

دعوتِ اسلامی کی جانب سے اسلامی بیانات کی چوتھی جلد بھی شائع کردی گئی ہے۔ مذکورہ کتاب کا اکثر حصہ المدینۃالعلمیہ مولانا منعم عطاری مدنی نے تالیف کیاہے۔ اس کتاب میں 17بیانات ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماعات کےہیں جبکہ اسلا می بہنوں کی فرمائش پر 3اضافی بیانات بھی مجموعے کا حصہ ہیں۔ یہ کتاب اسلامی بہنوں کیلئے بالخصوص اور اسلامی بھائیوں کیلئے بالعموم بڑی فائدہ مند ہے۔

واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی کے تحت ملک و بیرونِ ملک ہزاروں مقامات پر ہفتہ وار سُنّتوں بھرے اجتماعات منعقد ہوتے ہیں جن میں لاکھوں اسلامی بہنیں اور اسلامی بھائی شرکت کرتے ہیں۔ان اجتماعات میں ہونے والے بیانات اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَّۃ میں شعبہ بیاناتِ دعوتِ اسلامی کے تحت تیار ہوتے ہیں۔

متعلقہ شعبے کے ذمہ دار مولانا حامد سراج عطاری مدنی صاحب نے دعوتِ اسلامی کے شب وروز کو بتایا کہ اب تک اس شعبے میں ہفتہ وار اور دیگر اجتماعات کیلئے 475 سے زائد بیانات تیار ہو چکے ہیں۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کی ہدایات کے مطابق اسلامی بہنوں کے بیانات پہلے ہی کتابی صورت میں شائع کر دیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سن 1442ھ ہجری کے پہلے چارماہ کےبیانات کا مجموعہ بنام ”اسلامی بیانات جلد4“پر تحریری کام مکمل کرنے کے بعد مجلس مکتبۃ المدینہ کو پیش کردیا تھاجسے مکتبۃ المدینہ نے اپنے مراحل طے کرتے ہوئے شائع کردیا ہے۔ عاشقان رسول اور اسلامی بہنیں اس کتاب کومکتبۃ المدینہ کی کسی بھی شاخ سے ہدیۃً حاصل کرسکتے ہیں۔


22ستمبر 2020ء کو دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ”ماہنامہ فیضان مدینہ“ اردو کا مدنی مشورہ ہوا جس میں رکن شوریٰ حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی، ناظم المدینۃ العلمیہ محمد آصف خان عطاری مدنی، ناظم ماہنامہ فیضان مدینہ محمد راشد عطاری مدنی سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ مدنی مشورے میں ذمہ داران کی تقرری کا سلسلہ ہوا جس میں مہروز عطاری مدنی کو ماہنامہ فیضان مدینہ کے تمام شعبہ جات کا H.O.Dمقرر کیا گیا۔ مدنی مشورے میں ماہنامہ میں مزید بہتری لانےاور ترقی کے حوالے سے گفتگو کا تبادلہ ہوا۔

واضح رہے ماہنامہ فیضان مدینہ چار ذیلی شعبہ جات (رائٹنگ ڈیپارٹ اردو/انگلش، بکنگ ڈیپارٹ، پریس ڈیپارٹ، آئی ٹی ڈیپارٹ)کی مشترکہ کاوش سے جاری کیا جاتا ہےاور مہروز عطاری مدنی کو ان چاروں ڈیپارٹمنٹس کا H.O.Dمقرر کیا گیا ہے۔


علمِ دین وہ نور ہے جس سے جہالت کے اندھیرے دور ہوتے ہیں اور بےعملی کی نحوست کا خاتمہ ہوتا ہے۔اسی اہمیت کے پیشِ نظر عاشقان ِ رسول کی مدنی تحریک دعوت ِ اسلامی نے تعلیمی ،تدریسی اورتحقیقی شعبے قائم کئے جن کی بدولت ہر عمر کے فرد کو علمِ دین حاصل کرنے کے مواقع میسر آرہے ہیں اورجہالت کے اندھیرےدم توڑرہے ہیں۔

ان شعبہ جات میں سے ایک اَلْمَدِیْنَۃُ العِلْمِیّۃ بھی ہے جو 1422ھ مطابق2001ء سے کتب و رسائل کے ذریعے نیکی کی دعوت، اِحیائے سنّت اور اشاعتِ علمِ شریعت کےلئےکوشاں ہے ۔اَلْمَدِیْنَۃُ العِلْمِیّۃ کی کتب دلچسپ اورذہن کو اپنی جانب کھینچ لینے والے موضوعات، عمدہ اورآسان اسلوب ِتحریر اوراعلیٰ معیار کی وجہ سے عوام و خواص میں مقبول ہیں۔ اَلْمَدِیْنَۃُ العِلْمِیّۃ کے تحت ابتداءً6 شعبے قائم کئےگئے تھے ، دعوتِ اسلامی کے اس شعبے نے بھی ترقی کی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ذیلی شعبہ جات میں اضافہ ہوتاگیا ،کچھ دن پہلے تک اَلْمَدِیْنَۃُ العِلْمِیّۃ کےتحت16ذیلی شعبے قائم تھے۔ حال ہی مجلس اَلْمَدِیْنَۃُ العِلْمِیّۃ نےایک نئے شعبے کا اضافہ کرتے ہوئے 17 واں شعبہ بنام ”کتب فقہ شافعی“ کا آغاز کیا ہے جس میں فقہ شافعی پر کتابیں تحریر کی جارہی ہیں۔

اَلْمَدِیْنَۃُ العِلْمِیّۃ کے تمام شعبہ جات کے نام یہ ہیں:

(1)فیضان قراٰن (2)فیضان حدیث (3)شعبہ کتب اعلیٰ حضرت (4)شعبہ تراجم کتب (5)شعبہ درسی کتب (6)شعبہ اصلاحی کتب (7)شعبہ فیضان مدنی مذاکرہ (8)شعبہ تخریج (9)شعبہ فیضان صحابہ و اہل بیت (10)شعبہ فیضان صحابیات و صالحات (11)شعبہ فیضان اولیا و علما (12)شعبہ فیضان امیر اہل سنت (13)شعبہ بیانات دعوت اسلامی (14)شعبہ رسائل دعوت اسلامی (15)شعبہ مدنی کاموں کی تحریرات (16)شعبہ تفتیشِ کُتُب (17)شعبہ کتب فقہ شافعی


اَلْحَمْدُللہ عَزَّوَجَلَّ تبلیغِ قرآن وسُنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک’’دعوتِ اسلامی‘‘نیکی کی دعوت، اِحیائے سنّت اور اشاعتِ علمِ شریعت کو دنیا بھر میں عام کرنے کا عزمِ مُصمّم رکھتی ہے، یہ اس وقت دنیا کے 200 سے زائد ممالک میں،تقریباً100 شعبوں کے ذریعے دینِ اسلام کی خدمت کے لئے کوشاں ہے۔ اِنہی شعبوں میں سے ایک’’ مجلس المدینۃ العلمیۃ‘‘ بھی ہے , جو دعوتِ اسلامی کے عُلمائےکرام کَثَّرَ ھُمُ اللّٰہُ السَّلام پر مشتمل ہے، جس نے خالص علمی اوراشاعتی کام کا بیڑا اُٹھایا ہے۔

اس کے 17 شعبے ہیں۔شعبہ درسی کتب اِن میں سے ایک ہے جودرسِ نظامی (عالم کورس ) کی کتب پر کام کررہاہے۔ درسِ نظامی کےآٹھ سالہ نصاب میں اسّی 80 کے قریب کتب پڑھائی جاتی ہیں۔ المدینہ العلمیہ کے شعبہ درسی کتب نے ان میں سے 56 کتب پر کام مکمل کر کے شائع کردیا ہے۔ نیزرواں سال2020 میں ان شاء اللہ عزوجل 5 سے زائد کتب چھپنے کے لئے پریس پر جائیں گی۔ان کتب نے ملک وبیرونِ ملک سے خوب دادِ تحسین حاصل کی ہے۔ اور علماء کرام وطلبہ دین نے ان کے بارے میں اچھے تاثرات دیئے ہیں۔ ان میں سے اکثر کتب عربی میں اور کچھ ابتدائی کتب اردو اور فارسی میں بھی ہیں۔

ہم نے حتی المقدور کتب کو شرعی وفنی اعتبار سے جانچ کر شائع کیا ہے۔ شرعی اعتبار سے دارالافتاء اہلسنت نے تفتیش کی ہے اور فنی اعتبار سے اہلِ فن اساتذہ کرام نے جانچاہے۔نیز کتب کو جدید دور کے اعتبار سے دلکش وجاذبِ نظر بنانے کے لئے فور کلر (چاررنگی)یا ٹو کلر (دورنگی) بھی شائع کیا ہے اور کورل کی مدد سے خوبصورت ڈیزائننگ بھی کی گئی ہے۔ الغرض ہماری بھرپور کوشش رہی ہے کہ قارئین کو صحت مند وخوبصورت مواد فراہم کیا جائے۔ اللہ کریم سے دعا ہے کہ کتب کے اس ہار کو ہماری جیت کا ذریعہ بنائے۔ وما ذلک علی اللہ بعسیر۔

درسی کتب کم وبیش 19مختلف مراحل سے گزر کر شائع ہونے کے قابل ہوتی ہیں، یہ مراحل درج ذیل ہیں۔

(۱)۔جمع نسخہ جات (مطبوعات ومخطوطات)(2)۔جمعِ حواشی وشروحات(3)۔تقابلِ متن (4)۔تقابل حاشیہ(5)۔انتخابِ مواد برائے حاشیہ وشرح(6)۔مفتی بہ اقوال(7)۔اصح الاقوال(8)۔تخریج آیات (9)۔تخریجِ احادیث(10)۔وضعِ اعراب(11)۔مشکل الفاظ کے معانی(12)۔بین السطور (13)۔فرقِ نسخ(14)۔کورل(15)۔پہلی پروف ریڈنگ (16)۔دوسری پروف ریڈنگ (17)۔تیسری پروف ریڈنگ(18)۔شرعی تفتیش (19)۔پریس پر روانگی

(1)جمع نسخہ جات (مطبوعات ومخطوطات)

جس کتاب کو شائع کرناہوتا ہے سب سے پہلےاسکے مختلف نسخہ جات (جو کہ مطبوعات یا مخطوطات کی شکل میں ہوتے ہیں) حاصل کئے جاتے ہیں۔ پھر صحیح ترین نسخے، مطبوعے یا مخطوطے کو معیار بنا کر اس پر اعتماد کیا جاتا ہے تاہم دیگر کوبھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ نسخہ جات، المدینۃ العلمیہ کی لائبریری یا ملک وبیرون ملک کے مکتبوں اور انٹرنیٹ وغیرہ سے حاصل کئے جاتے ہیں۔

(2)جمعِ حواشی وشروحات

اگر اس کتاب پر حاشیہ یا شرح لکھنے کی ضرورت ہو تو اس کتاب کے مختلف حواشی وشروحات جمع کی جاتی ہیں۔ پھر ان میں سے چن چن کر حواشی لگائے جاتے ہیں یا شرح لکھی جاتی ہے۔غیر ضروری ابحاث وطوالت سے اجتناب کیا جاتا ہے۔

(3)تقابلِ متن

پھر صحیح ترین نسخے سے کتاب کا تقابل کیا جاتا ہے۔اسطرح کتاب کافی حد تک کتابت وغیرہ کی اغلاط سے پاک ہو جاتی ہے۔

(4)تقابل حاشیہ

متن کے تقابل کے بعد حاشیہ یا شرح کا بھی تقابل کیا جاتا ہے۔ اسطرح متن ، حاشیہ اور شرح تینوں سے اغلاط نسبتا رفع ہو جاتی ہیں۔

(5)انتخابِ مواد برائے حاشیہ وشرح

حاشیہ لگانے یا شرح لکھنے سے پہلے مواد کا انتخاب کیا جاتا ہے اور صحیح ترین، مختصر اور جامع عبارات کے ذریعے متن کی وضاحت کی جاتی ہے تاکہ پڑھنے والے کو تشنگی یا غیر ضروری طوالت سے اکتاہٹ محسوس نہ ہو۔

(6)مفتی بہ اقوال

اگر متن میں کوئی غیر مفتی بہ قول پایا جائے تو حاشیہ یا شرح میں اسکی نشاندہی کر کے مفتی بہ قول بھی ذکر کرنے کا التزام کیا جاتا ہے۔

(7)اصح الاقوال

اگر کسی چیز کے بارے میں مختلف اقوال ہوں تو صحیح ترین قول کی نشاندہی کرنے کی حتی الامکان کوشش کی جاتی ہے۔

(8)تخریج آیات

کتاب میں جہاں بھی آیاتِ قرآنیہ ہوں وہاں اس بات کا التزام کیا جاتا ہے کہ انکا پورا حوالہ دیا جائے یعنی پارہ، سورت اور آیت نمبر ذکر کر دیا جائے۔ نیز اردو کتب میں ترجمہ کنز الایمان بھی نقل کر دیا جاتا ہے۔

(9)تخریجِ احادیث

آیات کریمہ کے حوالوں کے ساتھ ساتھ احادیث مبارکہ کا بھی مکمل حوالہ درج کر دیا جاتا ہے تاکہ ضرورت کے وقت مراجعت کی جاسکے۔اور احادیث کی فنی حیثیت بھی معمول ہو جائے۔

(10)وضعِ اعراب

مشکل وغیرمانوس الفاظ پر اعراب کا التزام کیا جاتا ہے۔اس طرح صحیح تلفظ سے قارئین کو روشناس کرایا جاتا ہے۔

(11)مشکل الفاظ کے معانی

ضرورت کے وقت مشکل الفاظ کے معانی بھی آسان کر کے لکھ دیئے جاتے ہیں۔تاکہ کسی ایک لفظ کے سمجھ میں نہ آنے کی وجہ سے پوری عبارت کے فہم سے محرومی نہ ہو۔

(12)بین السطور

عبارت کو کم وقت میں حل کرنے کے لئے متعدد جگہوں پر بین السطور لگا کر آسانی پیدا کی جاتی ہے تاکہ حاشیہ وشرح میں حل تلاش نہ کرنا پڑے اور وقت کی بچت ہو۔ نیز لغت کی طرف مراجعت بھی نہ کرنی پڑے۔

(13)فرقِ نسخ

اگر کتاب کی عبارت مختلف نسخوں میں کچھ فرق کے ساتھ ہو تو عند الضرورۃ اسکی وضاحت کر دی جاتی ہے۔کیونکہ بعض عبارات بعض کی نسبت اقرب الی الفہم ہوتی ہیں۔

(14)کورل

مندرجہ بالا مراحل وغیرہ کے بعد کتاب کو ڈیزائننگ یعنی تزیین وآرائش کے لئے کورل پر بھیج دیا جاتا ہے اوراس میں مختلف قسم کے ڈیزائن ورنگ بھر دیئے جاتے ہیں۔

(15)پہلی پروف ریڈنگ

کتاب کو تیار کرتے ہی چھپنے کے لئے نہیں بھیج دیا جاتا بلکہ کم وبیش تین مرتبہ اسکی پروف ریڈنگ کی جاتی ہے۔ پہلی پروف ریڈنگ عموما کمپیوٹر پر ہی کر لی جاتی ہے۔

(16)دوسری پروف ریڈنگ

دوسری پروف ریڈنگ کورل پر بھیجنے سے پہلے پرنٹ پر کی جاتی ہے۔ اسطرح کورل پر کم سے کم کریکشن لگانے پڑتی ہیں۔

(17)تیسری پروف ریڈنگ

تیسری پروف ریڈنگ کورل کی ڈیزائننگ کے بعد ہوتی ہے یہ عموما سرسری طور پر ہوتی ہے اور اگر ضرورت ہو تو گہری نظر سے پوری کتاب کی پروف ریڈنگ کی جاتی ہے۔

(18)شرعی تفتیش

ان تمام مراحل کے بعد کتاب کو دار الافتاء اہلسنت کے علمائے کرام ومفتیانِ عظام کے بارگاہ میں شرعی تفتیش کے لئے پیش کیا جاتا ہے۔ یہ حضرات کتاب کو شرعی اعتبار سے دیکھ کر اس میں ضروری کمی، بیشی اور تبدیلی وغیرہ کے بعد اسکی اشاعت کی اجازت مرحمت فرماتے ہیں۔

(19)پریس پر روانگی

اب بالآخر ان تمام تر مراحل کے بعد کتاب زیورِ طبع سے آراستہ ہونے یعنی چھپنے کے لئے پریس پر چلی جاتی ہے اور مکتبہ المدینہ اسے عمدگی کے ساتھ شائع کرکے دنیا بھر کے طول وعرض میں بھیج دیتا ہے۔


کراچی: (ویب ڈیسک) گزشتہ روز المدینۃ العلمیہ (Islamic Research Center) کے شعبہ ذمہ داران کا مدنی مشورہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں منعقد ہوا۔ مدنی مشورے میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی نے ذمہ داران کی رہنمائی فرمائی جبکہ ذ مہ داران نے رکنِ شوریٰ کو اپنے شعبے کی سابقہ کارکردگی کے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر رکنِ شوریٰ کا کہنا تھا کہ بچوں بچیوں کی اسلامی تربیت کے لئے ایک نیا شعبہ ”شعبۂ اطفال“ بنایا گیا ہے جس کے تحت ایسا لیٹریچر تیار کیا جائےگا جس میں اسلامی عقائد، روزمرہ کے مسنون اعمال، ضروری آداب واحکام ، اچھے اخلاق کی تعلیم و ترغیب اور بُرے اخلاق سے حفاظت کے لیے ان کی نشاندہی ، اسلامی تاریخ سے منتخب اصلاحی واقعات ،دلچسپ کہانیاں اور وہ سب کچھ جو بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ضروری ہے وہ سب کچھ اس لیٹریچر کا حصہ ہوگا۔

رکنِ شوریٰ نے مزید بتایا کہ المدینۃ العلمیہ کا ایک اور شعبہ بنام ”فقہِ شافعی“ قائم کیا گیا ہے جس میں مذہبِ شافعی کی کتب پر تحریر و تصنیف کا کام کیا جائے گا۔ یہ شعبہ فیصل آباد میں موجود المدینۃ العلمیہ کی شاخ میں قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال دعوتِ اسلامی کا 40واں یومِ تاسیس منایا جائے گا، اس موقع پر علمیہ کا اداراہ”دعوتِ اسلامی نمبر“ شائع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کی جاچکی ہیں۔

رکنِ مجلس المدینۃ العلمیہ محمد عدنان چشتی مدنی نے بتایا کہ بخاری شریف کی شرح پر کام شروع ہوچکا ہے، کتاب الایمان تک شرح لکھی جاچکی ہے۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ یہ علمی خزانہ 10 جلدوں پر مشتمل ہوگا۔

ذمہ دار شعبہ کتبِ اعلیٰ حضرت محمد کاشف سلیم مدنی کا کہنا تھا کہ حواشی ہدایۃ اور فتح القدیر کا کام مکمل ہوچکاہے، کتاب کی اشاعت جلد ہوجائے گی۔

شعبہ فیضانِ حدیث کے ذمہ دار محمد اعجاز نواز مدنی نے کہا ریاض الصالحین کی 6 جلدیں شائع ہوچکی ہیں، ساتویں طباعت کے مرحلے میں ہے جبکہ 8ویں اور 9ویں جلد پر ابھی تحریر ی کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریاض الصالحین کی مدد سے تین جلدوں پر ایک کتاب تیار کی جارہی ہے جس میں صرف صحاح ستہ کی احادیث مذکور ہوں گی۔ ہمارا ہدف ہے کہ جنوری 2021 تک یہ کتاب مکمل ہوجائے۔ 


16 ستمبر 2020ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں دعوت اسلامی کے شعبہ المدینۃ العلمیہ کا مدنی مشورہ ہوا جس میں رکن شوریٰ حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی، ناظم المدینۃ العلمیہ محمد آصف خان عطاری مدنی، اراکین مجلس اور المدینۃ العلمیہ کے تمام اسٹاف نے شرکت کی۔  

مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے المدینۃ العلمیہ میں ہونے والے تحریری کاموں کا جائزہ لیا اور کتابیں تحریر کرنے کے حوالے سے مدنی پھول دیئے۔ اس موقع پر نگران شوریٰ کا کہنا تھا کہ المدینۃ العلمیہ ایک اسلامک ریسرچ سینٹر ہے جہاں قرآن وتفسیر، احادیث، سیرتِ مصطفیٰ ﷺ اور بزرگان دین رحمۃ اللہ علیہم اَجْمعین،درس نظامی میں پڑھائی جانے والی اور مسلمانوں کی اصلاح کے لئے کتابیں تصنیف و تالیف کی جاتی ہیں۔ نگران شوریٰ نے مزید کہا کہ مکتبۃ المدینہ میں سیل ہونے والی اکثر کتب المدینہ العلمیہ کی شائع کردہ ہوتی ہیں۔

اس مدنی مشورے میں نگران شوریٰ نے اسلامی بھائیوں کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔


دعوت اسلامی کی مجلس المدینۃ العلمیہ کے تحت 12اگست2020ء بروز بدھ فیصل آباد زون سوساں روڈ فیضان مدینہ میں مدنی مشورے کا سلسلہ ہوا جس میں المدینۃ العلمیہ فیصل آباد کے تمام اسلامی بھائی اور شعبہ ذمہ داران نے شرکت کی ۔

مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن ابو ماجد محمد شاہد عطاری المدنی نے تجہیل علم کی آفات میں سے ہے کہ موضوع پر بیان فرماتے ہوئے تجہیل کرنے سے بچنے کے مدنی پھول دیتے ہوئے اس کی آفات سے بچنے کا ذہن دیا ۔(رپورٹ:محمد ذیشان المدنی المدینۃ العلمیہ) 


ماہنامہ فیضان مدینہ کےعلمائے کرام نے مختلف مضامین سے ”عقیدہ ختم نبوت“ پر چند موضوعات کو منتخب کر کے ایک رسالہ بنام ”عقیدہ ختم نبوت“تیار کیا ہے جس میں (”عمارتِ نبوت کی آخری اینٹ“،”اللہ کے آخری نبی محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم “،” مرزائی ، احمدی اور قادیانی“،” خاتم النبیین محمد مصطفیٰصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ، ”گوا کی گواہی“) کے موضوعات شامل کئے گئے ہیں۔

رسالہ ”عقیدہ ختم نبوت “ پر کام مکمل ہونے کے بعد مجلس آئی ٹی کی جانب سے اسے عوت اسلامی کے ویب سائٹ پر اپلوڈ کردیا گیا۔

اس رسالے کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/aqeeda-khatam-e-nabuwat


ہمارے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اللہ پاک کے آخری نبی ہیں اور آپ کے زمانے اور بعد میں بھی قیامت تک کوئی نیا نبی نہیں ہوسکتا ”یہ عقیدہ ٔ ختم نبوت “ کہلاتا ہےاور اگر کوئی شخص مَعَاذ َاللہ نبوت کا دعوٰ ی کرے یا نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے زمانے میں یا بعد میں کسی کو نبی مانے یا یہ نظریہ رکھےکہ کوئی اور بھی نبی ہوسکتا ہےتو ایسا شخص دائرۂ اسلام سے خارج ہے۔

مسلمانوں کے عقیدوں کے تحفظ اور فتنہ قادنیت کو کچلنے کے لئے صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ نےاپنی کتاب ”بہار شریعت“ کے پہلے حصے میں اہلسنت کے عقیدے بیان کئے ہیں۔

دعوت اسلامی کی مجلس ”المدینۃ العلمیہ “ کے علمائے کرام نے بہار شریعت کے اس حصے میں ختم نبوت کے حوالے سے موجود عقیدہ اہلسنت کورسالے کی شکل دیکر رسالہ بنام ”عقیدہ ختم نبوت اورصدرالشریعہ“ تیار کیا ہے۔

المدینۃ العلمیہ کے علمائے کرام نے اس رسالے میں تخریجوں کے ساتھ ساتھ اصل کتابوں کی اسکیننگ بھی حاشیے میں شامل کی ہے تاکہ انکار کی گنجائش نہ رہے۔

المدینۃ العلمیہ سے رسالہ تیار ہونے کے بعد مجلس آئی ٹی کی جانب سے اس رسالے ”عقیدہ ختم نبوت اورصدرالشریعہ“ کو دعوت اسلامی کے ویب سائٹ پر اپلوڈ کردیا گیا ہے۔

اس رسالے کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/aqeeda-khatam-e-nabuwat-aur-sadr-ush-shariah


حضورخاتم النبیین  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا آخری نبی ہوناضروریات دین سے ہے اس کا منکر یا اس میں شک و شبہہ کرنے والا کافرو مرتد ہے۔

اسی موضوع کی مناسبت سے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ نےایک رسالہ بنام ”المبین ختم النبیین“ تحریر فرمایا جس میں سُوْرَۃُ الْاَحْزَابْ کی آیت مبارکہ ”وَلٰکِنْ رَّسُوْلَ اللہِ وَخَاتَم َالنَّبِیّٖنَ“کے متعلق کئے گئے سوالات کے جوابات دیئے گئے ہیں۔اس رسالے میں اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے آیات و احادیث اور کتبِ فقہ سے قطعی اور صریح دلائل کی روشنی میں یہ بات ثابت فرمائی کہ آیت مبارکہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے خاتم النبیین ہونے اور آپ کے زمانے یا آپ کے بعد تاقیامت کسی کو نبوت نہ ملنےپر دلالت کرتی ہے۔

دعوت اسلامی کی مجلس شعبہ ”المدینۃالعلمیہ“میں اس رسالے ”المبین ختم النبیین“ پر درج ذیل کام کئے گئے ہیں:

٭رسالے کا پانچ مختلف مطبوعہ نسخوں سے تقابل کیا گیاہے۔

٭آیات و احادیث، فقہ و اصول فقہ اور ان کے علاوہ دیگر کتب کے حوالہ جات کی حتّٰی الْمَقْدُوْرتخریج کی گئی ہے۔

٭مشکل الفاظ کی تسہیل اور مشکل الفاظ پراعراب لگائےگئےہیں۔

٭اس رسالے میں آیت کا ترجمہ کنز الایمان سے لیا گیاہے جسے منقش{}ڈالا گیا ہے۔

اس رسالے پر کام مکمل ہونے کے بعد مجلس آئی ٹی کی جانب سے اس رسالے”المبین ختم النبیین“کو دعوت اسلامی کے ویب سائٹ پر اپلوڈ کردیا گیاہے۔

اس رسالے کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

https://www.dawateislami.net/bookslibrary/ur/al-mubeen-khatmannabiyeen


دعوت اسلامی کے تحقیقی و علمی ادارے “المدینۃ العلمیہ“ کا ایک شعبہ”بیانات دعوت اسلامی“ بھی ہے۔ اس شعبے میں ہفتہ وار اور دیگر اجتماعات کے لئے بیانات تیار کئے جاتے ہیں۔ دعوت اسلامی کے اجتماعات کے لئے اس شعبے میں اب تک 450 بیانات تیار کئے جاچکے ہیں۔

”شعبہ بیانات دعوت اسلامی “نے ہر اسلامی مہینے کے بیانات کو جمع کرکے ایک کتاب کی صورت میں دعوت اسلامی کے ویب سائٹ پر پیش کرنے کا سلسلہ جاری کیا ہوا ہے۔اس شعبےکی طرف سے اب تک جماد الاولیٰ کے 22 بیانات، جماد الاخریٰ کے 21 بیانات،رجب المرجب کے 26 بیانات، شعبان المعظم کے 21 بیانات اور رمضان المبارک کے 26 بیانات کے نام سے پانچ ضخیم کتابیں دعوت اسلامی کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کردی گئیں ہیں۔ویب سائٹ سے ان کتابوں کو ڈاؤن لوڈکرنے والوں کی تعداد 14 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

حال ہی میں ”شعبہ بیانات دعوت اسلامی “ نے ایک کتاب بنام ”شوال المکرم کے 21 بیانات“ کا مجموعہ تیار کیا ہے۔ اس کتاب میں اعلیٰ حضرت کا اعلیٰ کردار،فیضان امام بخاری،مدینے فضائل،شہدائے احد کی قربانیاں ،اسلام میں عورت کا مقام اور دیگر موضوعات پر بیانات موجود ہیں۔

اس کتاب کی چند خصوصیات:

٭اس مجموعے میں وہ بیانات بھی شامل ہیں جو کافی پہلے تیار ہوئے ٭اس دوران دعوت اسلامی کی اصطلاحات بھی تبدیل ہوئی ہیں اور بیانات کے انداز میں کافی تبدیلی آئی ہے۔وہ اصلاحات وغیرہ ان بیانات میں برقرارہیں۔استفادہ کرنے والے قارئین بالخصوص مبلغین ان تبدیلیوں کا خیال رکھیں ٭ہفتہ وار اجتماع میں ہونے والے بیان کے آخر میں چھ دورود پاک اور دو دعائیں بھی شامل ہوتی ہیں،تکرار سے بچنے کے لئے ان تمام بیانات سے درود پاک اور دعائیں ختم کردی گئی ٭بیان کا نام اورجس تاریخ کو بیان ہفتہ وار اجتماع ہوا تھاوہ ہر بیان کے ساتھ لکھ دیا گیا ٭کتاب کے شروع میں اجمالی فہرست بھی بڑھائی گئی ہےتاکہ استفادہ میں آسانی رہے ٭طوالت و تاخیر سے بچنے کے لئےکتاب کے دیگر لوازمات (تفصیلی فہرست، مآخذ، مراجع وغیرہ) شامل نہیں کئے گئے۔

کتاب”شوال المکرم کے 21 بیانات“ کو پڑھنے کے لئے دعوت اسلامی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیجئے:

Download Now


دعوتِ اسلامی کی مجلس المدینۃ العلمیۃ کے تحت 5مارچ2020ء بروز جمعرات فیصل آباد میں مدنی حلقہ ہوا۔ مدنی حلقے میں مجلس المدینۃ العلمیۃ فیصل آباد  کے تمام اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر رکن شوریٰ حاجی جنید عطاری مدنی نے اسلامی بھائیوں کی تربیت فرمائی۔ (رپورٹ:محمد ذیشان عطاری ، مجلس المدینۃ العلمیۃ فیصل آباد)