اسلام ایک ایسا دین ہے جو انسان کو اخلاقِ حسنہ، عجز و انکساری، عدل و انصاف، اور انسانیت کی بھلائی کی تعلیم دیتا ہے ۔  ان اعلیٰ اخلاق میں سے ایک خُلق تواضع (عاجزی و انکساری) ہے، جو ایمان کی علامت اور تقویٰ کی پہچان ہے ۔ قرآن مجید نے متعدد مقامات پر تواضع کی فضیلت بیان کی اور تکبر و غرور کی مذمت کی ہے ۔ درحقیقت تواضع وہ صفت ہے جو انسان کو اپنے خالق کے سامنے جھکنے اور مخلوق کے ساتھ محبت و احترام سے پیش آنے کا درس دیتی ہے ۔

تواضع کی تعریف:لفظ "تواضع" عربی مادہ وضع سے نکلا ہے، جس کے معنی ہیں "جھکنا" یا "نیچا ہونا" ۔ اصطلاحی طور پر تواضع سے مراد ہے کہ انسان خود کو دوسروں سے بہتر نہ سمجھے، بڑائی و فخر سے پرہیز کرے، اور اپنی حیثیت کے باوجود دوسروں کے ساتھ نرمی، احترام اور حسنِ سلوک سے پیش آئے ۔ اسلام میں تواضع محض ظاہری نرمی نہیں بلکہ دل کی کیفیت ہے، جو انسان کو غرور، خود پسندی اور تکبر سے پاک کرتی ہے ۔

1، مومنین کی صفت کے طور پر تواضع:اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص بندوں یعنی "عبادُ الرَّحمٰن" کی صفات بیان کرتے ہوئے فرمایا:وَ عِبَادُ الرَّحْمٰنِ الَّذِیْنَ یَمْشُوْنَ عَلَى الْاَرْضِ هَوْنًا وَّ اِذَا خَاطَبَهُمُ الْجٰهِلُوْنَ قَالُوْا سَلٰمًا(۶۳)ترجمہ کنز العرفان:اور رحمٰن کے وہ بندے جو زمین پر آہستہ چلتے ہیں اور جب جاہل ان سے بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں ’’بس سلام‘‘ ۔ (سورۃ الفرقان: 63)

یہ آیت اس بات کی واضح دلیل ہے کہ حقیقی بندگی کا تقاضا تواضع ہے ۔ "عاجزی کے ساتھ چلنا" سے مراد صرف چلنے کا انداز نہیں بلکہ زندگی کے ہر معاملے میں نرم خوئی، وقار، اور انکساری اختیار کرنا ہے ۔ مومن اپنی طاقت، علم یا دولت پر فخر نہیں کرتا بلکہ خالق کے سامنے عاجز رہتا ہے ۔

2، تکبر کی مذمت اور تواضع کی ترغیب:قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے بارہا تکبر کو ناپسندیدہ عمل قرار دیا اور متواضع بندوں کی تعریف فرمائی:وَ لَا تَمْشِ فِی الْاَرْضِ مَرَحًاۚ-اِنَّكَ لَنْ تَخْرِقَ الْاَرْضَ وَ لَنْ تَبْلُغَ الْجِبَالَ طُوْلًا(۳۷) ترجمہ کنز العرفان: اور زمین میں اتراتے ہوئے نہ چل بیشک توہر گز نہ زمین کو پھاڑ دے گا اور نہ ہرگز بلندی میں پہاڑوں کو پہنچ جائے گا ۔ (سورۃ الاسراء: 37)

یہ آیت انسان کو اس کی حقیقت یاد دلاتی ہے کہ غرور بے معنی ہے ۔ انسان مٹی سے بنا ہے، اس کی طاقت محدود ہے، اس لیے اسے ہر حال میں عاجزی اختیار کرنی چاہیے ۔ اسی طرح سورۃ لقمان میں حضرت لقمان رضی اللہ عنہ اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں:وَ لَا تُصَعِّرْ خَدَّكَ لِلنَّاسِ وَ لَا تَمْشِ فِی الْاَرْضِ مَرَحًاؕ-اِنَّ اللّٰهَ لَا یُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُوْرٍۚ(۱۸) ترجمہ کنز العرفان : اورلوگوں سے بات کرتے وقت اپنا رخسار ٹیڑھا نہ کر اور زمین میں اکڑتے ہوئے نہ چل، بیشک الله کو ہر اکڑنے والا، تکبر کرنے والا ناپسند ہے ۔ (سورۃ لقمان: 18)

یہ تعلیم ایک اخلاقی ضابطہ ہے کہ انسان دوسروں سے برتر ہونے کا احساس نہ کرے ۔

3، اہلِ ایمان کے باہمی تعلق میں تواضع:قرآن مجید مومنوں کو آپس میں محبت اور انکساری اختیار کرنے کی تعلیم دیتا ہے:وَ لَا تَحْزَنْ عَلَیْهِمْ وَ اخْفِضْ جَنَاحَكَ لِلْمُؤْمِنِیْنَ(۸۸)ترجمہ کنز العرفان: ان کا کچھ غم نہ کھاؤ اور مسلمانوں کیلئے آپنے بازو بچھا دو ۔ (سورۃ الحجر: 88)

یہ آیت نبی اکرم ﷺ کو خطاب کے ساتھ تمام مسلمانوں کے لیے مثال ہے کہ دوسروں سے برتاؤ میں نرمی اور تواضع آپناؤ ۔ "بازو جھکانا" بطور استعارہ استعمال ہوا ہے، جس کا مطلب ہے کہ دوسروں پر رعب نہ جماؤ بلکہ ان کے ساتھ محبت، شفقت اور احترام کا برتاؤ کرو ۔

انبیائے کرام کی تواضع کے قرآنی نمونے:قرآن کریم میں انبیائے کرام علیہم السلام کے کردار میں تواضع کی بے شمار مثالیں موجود ہیں:

حضرت محمد ﷺ:اللہ کے محبوب ﷺ کی پوری زندگی تواضع کا عملی مظہر تھی ۔ قرآن نے آپ کو حکم دیا: وَ اخْفِضْ جَنَاحَكَ لِمَنِ اتَّبَعَكَ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَۚ(۲۱۵) ترجمہ کنز العرفان: اور اپنے پیروکار مسلمانوں کے لیے اپنی رحمت کا بازو بچھاؤ ۔ (سورۃ الشعراء: 215)نبی کریم ﷺ صحابہ میں بیٹھتے تو کوئی پہچان نہ پاتا کہ کون سردار ہے ۔ آپ نہ کبھی غرور کرتے، نہ امتیاز برتتے ۔ یہی قرآن کے حکم کی عملی تفسیر تھی ۔

تواضع کے معاشرتی فوائد:تواضع فرد اور معاشرے دونوں کے لیے رحمت ہے ۔

1، محبت و بھائی چارہ: عاجز انسان دوسروں کے دل جیت لیتا ہے، جس سے معاشرتی رشتے مضبوط ہوتے ہیں ۔

2، عدل و انصاف: متواضع شخص دوسروں کے حقوق تسلیم کرتا ہے، جس سے ظلم اور ناانصافی ختم ہوتی ہے ۔

3، علم میں برکت: جو طالبِ علم یا عالم تواضع اختیار کرتا ہے، وہ ہمیشہ سیکھنے والا رہتا ہے ۔

4، اللہ کی قربت: قرآن و سنت کے مطابق عاجزی اللہ کی رضا کا سبب اور تکبر اس کے غضب کا باعث ہے ۔

عصرِ حاضر میں تواضع کی ضرورت:آج کے دور میں مادیت، خود پسندی اور انا پرستی نے انسان سے سکون چھین لیا ہے ۔ ہر شخص برتری کی دوڑ میں ہے ۔ ایسے ماحول میں قرآن کی تواضع پر مبنی تعلیمات انسانیت کو دوبارہ توازن اور محبت کا درس دیتی ہیں ۔ اگر افراد اور قیادتیں تواضع آپنائیں تو معاشرتی نفرتیں ختم ہو جائیں اور امن و انصاف کا دور قائم ہو سکتا ہے ۔ قرآن کریم کے نزدیک تواضع ایمان کا زیور، اخلاقِ حسنہ کی بنیاد، اور روحانی بلندی کا ذریعہ ہے ۔ یہ انسان کو خالق کے قریب اور مخلوق کے دلوں میں محبوب بناتی ہے ۔ تکبر زوال کا سبب اور عاجزی ترقی کا ذریعہ ہے ۔ لہٰذا ہمیں قرآن کے اس پیغام کو حرزِ جان بنانا چاہیے کہ

لَا جَرَمَ اَنَّ اللّٰهَ یَعْلَمُ مَا یُسِرُّوْنَ وَ مَا یُعْلِنُوْنَؕ-اِنَّهٗ لَا یُحِبُّ الْمُسْتَكْبِرِیْنَ(۲۳) ترجمۂ کنزُالعِرفان: حقیقت یہ ہے کہ اللہ جانتا ہے جو وہ چھپاتے ہیں اور جو ظاہر کرتے ہیں ، بیشک وہ مغروروں کو پسند نہیں فرماتا ۔ (سورۃ النحل: 23)

اور یاد رکھنا چاہیے کہ جو اللہ کے لیے جھکے گا، اللہ اسے بلند کرے گا ۔ پس تواضع ایمان کی علامت اور اخلاق کی معراج ہے ۔ یہی قرآن کا پیغام اور نجات کا راستہ ہے ۔ اللہ عزوجل ہمیں تواضع و انکسار اپنانے کی توفیق عطا فرمائے آمین بجاہ خاتم النبین ﷺ