صوبۂ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں واقع طوغی روڈ کی جامع مسجد میاں اسماعیل  میں دعوتِ اسلامی کے تحت سیکھنے سکھانے کا حلقہ منعقد کیا گیا جس میں مقامی عاشقانِ رسول نے کافی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں میں عملی طور پر حصہ لینے کاذہن دیا۔(رپورٹ:غلام یاسین عطاری دفتر ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام صوبۂ پنجاب پاکستان کے شہر حضرومیں عازمینِ حج کی تربیت و رہنمائی کے لئے سنتوں بھرے اجتماع  کا انعقاد کیا گیا جس میں حج کرنے والے اسلامی بھائیوں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

دورانِ اجتماع مبلغِ دعوتِ اسلامی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے وہاں موجود عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی اور انہیں مناسکِ حج، مدینہ منورہ زادھا اللہ شرفاً و تعظیماً کی حاضری کے آداب بتائے نیز امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی کتاب ’’رفیق الحرمین‘‘ اور ’’حج و عمرہ ایپ‘‘ کے حوالے سے بریفنگ دی۔(رپورٹ: مبشر حسن عطاری شعبہ حج و عمرہ ڈسٹرکٹ اٹک، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پنجاب پاکستان کی تحصیل گوجر خان ضلع راولپنڈی میں قائم دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں شعبہ حج و عمرہ کے زیرِ اہتمام حج تربیتی اجتماع کا انعقاد ہوا جس میں تحصیل بھر سے عازمینِ حج سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس اجتماعِ پاک میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے عازمینِ حج کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی اور انہیں ویڈیو پریزنٹیشن کے ذریعے حج کے چند ضروری مسائل سکھائے۔

اس کے علاوہ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے عازمینِ حج کو امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی کتاب ’’رفیق الحرمین‘‘ کا مطالعہ کرنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اس حوالے سے امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اور دعوتِ اسلامی کی کاشوں کو سراہا۔(رپورٹ:مبشر حسن عطاری شعبہ حج و عمرہ ڈسٹرکٹ اٹک، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام پنجاب پاکستان کے شہر چکوال کی جامع مسجد قبا میں عازمینِ حج کی تربیت کے لئے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں حج کرنے والے اسلامی بھائیوں سمیت قرب و جوار کے کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

اس نشست میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے مناسکِ حج، مدینہ منورہ زادھا اللہ شرفاً و تعظیماً کی حاضری اور اعتمرنا ایپ کا طریقہ بتایا نیز امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی کتاب ’’رفیق الحرمین‘‘ اور ’’حج و عمرہ ایپ‘‘ ایپ ڈاؤن لوڈ کروائی۔(رپورٹ:مبشر حسن عطاری شعبہ حج و عمرہ ڈسٹرکٹ اٹک، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کےزیرِا ہتمام 8 جون 2022ء بروز بدھ صوبۂ پنجاب پاکستان کے شہر حاصل پور ضلع بہاولپور میں واقع ملت گروپ آف کالج میں سیکھنے سکھانے کا حلقہ منعقد کیا گیا جس میں ٹیچرز سمیت کالج پرنسپل کی شرکت رہی۔

دورانِ حلقہ بہاولپور ذمہ دار شعبہ تعلیم احمد رضا عطاری نے وہاں موجود اسلامی بھائیوں سے گفتگوکرتے ہوئے 12 جون 2022ء اور 15 جولائی 2022ء کو سفر کرنے والے مدنی قافلے کی ترغیب دلائی جس پرانہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔

اس کے علاوہ ذمہ دار نے کالج میں شارٹ کورسز کروانے کے متعلق کلام کیا جس پر کالج کے پرنسپل نے اپنے کالج میں کورسز کروانے کی نیتیں کیں۔بعدازاں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے وہاں موجود عاشقانِ رسول کو دعوتِ اسلامی کی ڈیجیٹل ایپلیکیشز ڈاؤن لوڈ بھی کروائی۔(رپورٹ:محمد شیراز عطاری ڈسٹرکٹ بہاولپور ذمہ دار شعبہ تعلیم، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


7 جون 2022ء بروز منگل دعوتِ اسلامی کے تحت شعبہ جامعۃالمدینہ بوائز کے ارکینِ مجلس کا کراچی، لاہور اور گجرانوالہ میں مختلف جامعۃ المدینہ بوائز کا وزٹ رہا جہاں انہوں نے طلبۂ کرام کے درمیان سنتوں بھرابیان کیا اور ناظمینِ کرام کے درمیان مدنی مشوروں کا سلسلہ رہا۔

تفصیلات کے مطابق مولانا محمد ساجد عطاری مدنی (رکنِ مجلس کراچی) نے کراچی سٹی میں قائم مرکزی جامعۃ المدینہ فیضانِ مدینہ کا جدول کیا جہاں انہوں نے ناظمینِ کرام کے درمیان مدنی مشورے کا انعقاد کیاجس میں انہوں نے تعلیم اور نظام میں بہتری کے لئے چند اہم نکات پر گفتگو کی۔اس موقع پر مولانا ساجد عطاری مدنی کے ہمراہ مولانا عارف عطاری مدنی (معاون رکن مجلس کراچی) سمیت ناظمین اعلی بھی موجود تھے۔

دوسری جانب رکنِ مجلس مولانا طاہر سلیم عطاری مدنی نے گجرانوالہ میں ناظمینِ کرام کا مدنی مشورہ کیا اور شعبے کے دینی کاموں کے حوالے سے اہم امور پر مشاورت کی اور مزید بہتری کےلئے مدنی پھول دیئے۔

اسی طرح رکنِ مجلس مولانا نوید عطاری مدنی نے لاہور ڈویژن میں جامعۃ المدینہ فیضانِ داتا لاہور وزٹ کیا اور وہاں موجود اساتذۂ کرام و طلبۂ کرام کے درمیان سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا جس میں انہوں نے شرکا کی دینی، اخلاقی اور تعلیمی اعتبار سے تربیت کی۔بعدازاں رکنِ مجلس نے اساتذہ ٔکرام اور ناظم ِ جامعۃالمدینہ بوائز کے درمیان ایک میٹنگ کی جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر کلام کیا۔(رپورٹ:محمد امیرحمزہ عطاری پروجیکٹ منیجرآئی ٹی ڈیپارٹمنٹ آف جامعۃ المدینہ بوائزپاکستان، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی (سندھ) میں وکلا کے لئے ایک میٹ اپ کا انعقاد ہوا جس میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق ممبران مینیجنگ کمیٹی، کراچی بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری، سابق ممبران مینیجنگ کمیٹی سمیت تقریباً 40 وکلاکی شرکت رہی۔

اس موقع پر رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے وکلا کے درمیان سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے اُن کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی اور 25، 26 اور 27 جون2022ء کو ہونے والے وکلا اجتماع کے حوالے سے اُن کی ذہن سازی کی۔

واضح رہے اس اجتماعِ پاک میں کراچی سٹی اور صوبۂ سندھ سے ججز، وکلا اور کورٹ اسٹاف کی بھر پور شرکت رہے گی۔(رپورٹ:حمد صہیب یوسف عطاری ایڈووکیٹ کوآرڈینیٹر شعبہ رابطہ برائے وکلاء کراچی سٹی مشاورت، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کے حوالے سے ذمہ داران کی دینی، اخلاقی اور تنظیمی اعتبار سے تربیت کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً اراکینِ شوریٰ مختلف ڈیپارٹمنٹس کے اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ کرتے رہتے ہیں۔

اسی سلسلے میں7 جون 2022ء بروز منگل دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں مدنی مشورے کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان مشاورت آفس (دعوتِ اسلامی) کے ذمہ داران سمیت اراکینِ مجلس کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس مدنی مشورے میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں مدنی مشوروں کے لئے آنے والے اسلامی بھائیوں کی خیرخواہی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے کے متعلق چند اہم نکات پر مشاورت کی۔

مزید نگرانِ پاکستان مشاورت نے مدنی مشورے میں شریک ذمہ داران کو مدنی پھولوں سے نوازا اور خیر خواہی انتظامات کو احسن انداز میں کرنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالو اپ ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


جنّت رسولُ اللہ ﷺ کی

Thu, 9 Jun , 2022
4 years ago

اہلِ اسلام کا یہ عقیدہ ہے  کہ جنّت کا خالق ومالکِ حقیقی اللہ عزوجل ہے، لیکن اُس نے اپنے محبوبِ اعظم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کی ملکیت میں جنّت کو دے دیا ہے، لہذا خُدا کے دیئے سے سرکارِ اقدس صلی اللہ علیہ و الہ وسلم مالکِ جنّت ہیں۔ یہ عین اسلامی عقیدہ ہے،معاذاللہ! شرک یا اِیمان کے منافی نہیں ہے اور نہ ہی اِس بات سے ربّ تعالیٰ کی ملکیتِ حقیقی میں کوئی نَقص اورکمی واقع ہوتی ہے،بلکہ اِس عقیدے میں تو اللہ جَلَّ شَانُہ کی شان کااظہار ہےکہ وہ ایسا مالکِ مطلق و حقیقی ہے کہ اپنے محبوبوں کو بھی اپنی بنائی ہوئی چیزوں کا مالک بنادیتاہے۔

چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے : قُلِ اللّٰهُمَّ مٰلِكَ الْمُلْكِ تُؤْتِي الْمُلْكَ مَنْ تَشَاءُ وَتَنْزِعُ الْمُلْكَ مِمَّنْ تَشَاءُ۔([1])

ترجمۂ کنزالایمان:یوں عرض کر اے اللہ ! ملک کے مالک! تو جسے چاہے سلطنت دے اور جس سے چاہے سلطنت چھین لے۔

مفسِّرِ شہیر، حکیم الاُمت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اِس آیتِ مبارَکہ کے تحت فرماتے ہیں:’’اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو مُلک عطا فرمانے سے بھی وہ ربّ مالک رہتا ہے۔ اس کی مِلکیت میں کوئی فرق نہیں آتا جیسے مولیٰ اپنے غلام کو کچھ دے تو مولیٰ مالک رہتا ہے۔ جیساکہ تَنْزِعُ الْمُلْكَ مِمَّنْ تَشَاءُ سے معلوم ہوا۔ لہذا بندوں کی عارضی مِلک سے ربّ تعالیٰ کی حقیقی مِلکیت پر کوئی أثر نہیں پڑتا۔‘‘([2])

جو لوگ اِس بات کا انکار کرتے ہیں ان سے امامِ اہل سنت،اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ یوں فرماتے ہیں: ؎

اُن کو تَمْلِیکِ مَلِیْکُ الْمُلْک سے مالکِ عالَم کہا پھر تجھ کوکیا([3])

یعنی، مُلک کے مالکِ حقیقی اللہ ربُّ العزت کے جانِ کائنات صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو مالک بنادینے کی وجہ سے ہی میں نے آپ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کو مالکِ عالَم( جہان کا مالک) کہا ہے۔ لہذا اے انکار کرنے والے! تجھے کیا مسئلہ ہے ؟ اِس اسلامی عقیدے کے مقابل تیرے اعتراض کی کیا حیثیت ہے!

جنّت سرکارﷺ کی جاگیر:

پروردگار عزوجل کے فضل و کرم سے جنّت حضورِاَنورصلی اللہ علیہ و الہ وسلم کی ملکیت اورجاگیرہے۔اس بات کاثبوت ہمیں کئی آیات اور اَحادیث سے ملتاہے۔ چنانچہ سورۂ مریم میں ربّ تعالیٰ ارشاد فرماتاہے:

تِلْكَ الْجَــــنَّةُ الَّتِيْ نُوْرِثُ مِنْ عِبَادِنَا مَنْ كَانَ تَقِيًّا ۔([4])

ترجمۂ کنزالایمان:یہ وہ باغ ہے جس کا وارث ہم اپنے بندوں میں سے اُسے کریں گے جو پرہیزگار ہے۔

اس آیتِ مبارَکہ کے تحت ’’اخبارالاَخیار‘‘ میں ہے:"یعنی ہم اس جنّت کاوارث محمدصلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کوبناتے ہیں پس ان کی مرضی جسے چاہیں عطافرمائیں اورجس کوچاہیں منع کریں، دنیا وآخرت میں وہی سلطان ہیں، اِنہیں کے لیے دنیاہے اور اِنہیں کے لیے جنّت۔‘‘ ([5])

جنّت عطا فرماتے یہ ہیں:

مفخرِ موجودات، جانِ کائنات صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم خالق و مالکِ جنّت ربّ عزوجل کی عطا سے ایسے مالکِ جنّت ہیں کہ اپنے غلاموں کو بھی جنّت عطا فرماتے ہیں۔چنانچہ صحیح مسلم میں ہے کہ جنّتی صحابی حضرت سیِّدُنا ربیعہ بن کعب اَسلمی رضی اللہ عنہ رسولِ اَنورصلی اللہ علیہ و الہ وسلم کیلئے رات کو وُضو کاپانی اور دیگر اشیائے ضرورت حاضرِ بارگاہ کیا کرتے تھے۔ ایک مرتبہ اپنے اس غلام سےشفیعِ اُمّت،نبی رحمت،مالکِ جنّت صلی اللہ علیہ و الہ وسلم نےارشاد فرمایا:’’سَلْ‘‘مانگو ، تو حضرت سیِّدُنا ربیعہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کی:’’أَسْألُكَ مُرَافَقَتَكَ فِي الْجَنَّةِ‘‘ میں آپ سے جنّت میں آپ کاساتھ مانگتاہوں۔آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے ارشادفرمایا:’’أَوَغَيْرَ ذَلِكَ؟‘‘اس کے سِوا کچھ اوربھی۔ ([6])

محقّقِ اہل سنت شیخ علی بن سلطان المعروف ملّا علی قاری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ’’مِرقاۃالمفاتیح‘‘میں اس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں:

’’وَيُؤْخَذُ مِنْ إِطْلَاقِهِ عَلَيْهِ السَّلَامُ الْأَمْرَ بِالسُّؤَالِ أَنَّ اللّٰهَ تَعَالی مَكَّنَهُ مِنْ إِعْطَاءِ كُلِّ مَا أَرَادَ مِنْ خَزَائِنِ الْحَقِّ۔‘‘یعنی ،نبیِ مکرَّم صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کے سُوال کو مطلق رکھنے سے یہ ثابت ہواکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوبِ ذیشان صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کواس بات پر قادر فرمادیا ہے کہ حق عزوجل کے خزانوں میں سے جو کچھ چاہیں عطافرمادیں۔

مزید نقل فرماتے ہیں کہ:’’وَذَكَرَ ابْنُ سَبْعٍ فِي خَصَائِصِهِ وَغَيْرُهُ أَنَّ اللّٰهَ تَعَالی أَقْطَعَهُ أَرْضَ الْجَنَّةِ يُعْطِي مِنْهَا مَا شَاءَ لِمَنْ يَشَاءُ۔‘‘([7])

یعنی ، ابنِ سبع اور دیگر علمائےاُمت نے رسولِ اَنورصلی اللہ علیہ و الہ وسلم کے خصائصِ شریفہ میں سے اِس بات کوبھی ذکر فرمایا ہے کہ بیشک اللہ تعالیٰ نے جنّت کی زمین آپ صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کی جاگیر کردی ہے، آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم اس میں سے جوچاہیں جسےچاہیں عطافرمادیں۔

لہذا یہ اور ان جیسی دیگرنصوصِ جلیلہ کوپیشِ نظر رکھتے ہوئے امامِ اہل سنت ،اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے ارشاد فرمایا کہ: ’’رسول اللہصلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اپنے ربّ کی عطا سےمالکِ جنّت ہیں،مُعْطِیِ جنّت(جنّت دینے والے) ہیں،جسے چاہیں عطافرمائیں۔‘‘ ([8])

تجھ سے اور جنّت سے کیا مطلب اے منکر دُور ہو

ہم رسول اللہ کے جنّت رسول اللہ کی

جنّت کی سیر کروانے کی حکمت:

اللہ ربّ العزت عزوجل نے معراج کی رات اپنے محبوبِ اکبر صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کو اپنی قُدرت کی دیگر نشانیوں کے ساتھ ساتھ جنّت کے مشاہدات بھی کروائے۔ فضلِ خداوندی سےآپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے شبِ معراج جنّت کی بھی سیر فرمائی۔ یہاں کوئی سوچ سکتا ہے کہ معراج کی رات رسولِ اعظم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کو جنّت کی سیر کروانے میں ربِّ قدیر عزوجل کی کیا کیا حکمتیں تھیں۔ مشہور محاورہ ہے کہ "فِعْلُ الْحَکِیْمِ لَایَخْلُوْ عَنِ الْحِکْمَۃ" یعنی، حکیم کا کوئی بھی کام حکمت سے خالی نہیں ہوتا۔

علمائے اسلام نے اِس کی کئی حکمتیں ذکر فرمائی ہیں۔ ان میں سے دوحکمتوں کا بیان حکیمُ الاُمّت مفتی اَحمدیار خان نعیمی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کےقلم سے ملاحظہ ہو۔چنانچہ مفتی صاحب تحریر فرماتے ہیں:’’ربّ تعالیٰ نے فرمایا: اِنَّ اللّٰهَ اشْتَرٰي مِنَ الْمُؤْمِنِيْنَ اَنْفُسَھُمْ وَاَمْوَالَھُمْ بِاَنَّ لَھُمُ الْجَنَّةَ([9]) یعنی اللہ نے مسلمانوں کی جان و مال خرید لئے ہیں جنّت کے بدلے میں۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کی جان و مال کاخریدار، مسلمان فروخت کرنے والے اور یہ سودا ہوا حضور علیہ السلام کی معرفت سے اور جس کی معرفت سے سودا ہو،وہ مال کوبھی دیکھے اور قیمت کوبھی،فرمایا گیا! اے محبوب تم نے مسلمانوں کی جان و مال کوتو دیکھا،آؤ جنّت کوبھی دیکھ جاؤ،اورغلاموں کی عمارتیں اورباغات وغیرہ بھی ملاحظہ کرلو۔ بلکہ خریدار کو بھی دیکھ لویعنی خود پروردگارِ عالَم کی ذات کوبھی۔‘‘([10])

ایک اور حکمت یوں بیان فرماتے ہیں کہ :"حضورعلیہ السلام تمام مملکتِ الہٰیہ کےبہ عطاء الہٰی مالک ہیں۔اسی لئے جنّت کے پتے پتے پر حوروں کی آنکھوں میں غرضکہ ہر جگہ لکھا ہوا ہے ۔لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ یعنی یہ چیزیں اللہ کی بنائی ہوئی ہیں اور محمد رسول اللہ کودی ہوئیں:

میں تومالک ہی کہوں گا کہ ہومالک کے حبیب

یعنی محبوب و محبّ میں نہیں میرا تیرا

مرضی الہٰی یہ تھی کہ مالک کواُس کی ملکیت دکھائی جاوے صلی اللہ علیہ و سلم۔"

خالقِ جنّت عزوجل ہمیں جنّت میں لے جانے والے کام کرنے ، شفاعتِ مالکِ جنّت صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے صدقے جنّت میں جانے اور وہاں کی اَبدی نعمتوں کو پانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ طٰہ ویٰس

از : ابوالحقائق راشد علی رضوی عطاری مدنی

6-06-2022



[1]۔سورۃ آل عمران: 26۔

[2]۔ تفسیرنعیمی،3/355،نعیمی کتب خانہ۔

[3]۔ حدائقِ بخشش،ص361۔

[4]۔سورۃ مریم: 63۔

[5]۔ اخبارالاخیار،ص216،فاروق اکیڈمی ضلع خیرپور۔

[6]۔ صحیح مسلم،کتاب الصلوۃ،1/193،قدیمی کتب خانہ۔

[7]۔ مرقاۃالمفاتیح،کتاب الصلوۃ،2/567،مکتبہ رشیدیہ۔

[8]۔ فتاویٰ رضویہ،14/667،رضافاؤنڈیشن لاہور۔

[9]۔ سورۃ التوبۃ: 111۔

[10]۔ شانِ حبیب الرحمن ،107نعیمی کتب خانہ۔


نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے بنیادی طور پر دو طریقے ہیں:

1زبان و بیان اور 2تحریر و قلم۔

الحمد للہ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کی عالمی مجلس مشاورت کے تحت اسلامی بہنیں بڑے ہی منظم انداز میں ایک طویل عرصے سے زبان و بیان کے ذریعے نیکی کی دعوت کو عام کر رہی ہیں، جس کے خاطر خواہ و حوصلہ افزا نتائج سے انکار ممکن نہیں۔ چنانچہ اب نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے دوسرے بنیادی طریقے تحریر و قلم پر عمل کرنے کے لئے اس بات کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ کوئی ایسا پلیٹ فارم ہونا چاہئے جس کے ذریعے اسلامی بہنوں کی تحریری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے بنیادی تربیت کا سامان کیا جا سکے۔ لہذا ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں رجبُ المرجّب1441ھ مطابق فروری2020ءمیں ایک تحریری مقابلہ بنام ”نئے لکھاری“ شروع کیا گیا۔ یہ مقابلہ اگرچہ اسلامی بھائیوں کے ساتھ اسلامی بہنوں کی تحریری صلاحیتوں کو بھی نکھارنے کے لئے تھا مگر پھر اپریل 2021ء میں اسلامی بہنوں کا سیشن مکمل طور پر جدا کر کے المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر) میں الگ سے ایک شعبہ بنا کر اسے یہ ذمہ داری دی گئی کہ تحریری مقابلے میں حصہ لینے والی اسلامی بہنوں کو بطورِ رائٹر اچھی تربیت فراہم کی جائے اور ان میں سے جن کی تحریر اچھی ہو، انہیں مضامین لکھنے کے مزید پلیٹ فارمز مہیا کئے جائیں۔ چنانچہ اس شعبے نے مضامین نویسی کے مدنی پھول ترتیب دے کر اسلامی بہنوں کی تحریر نویسی پر خصوصی توجہ دی، جس کے نتائج بہت جلد سامنے آنا شروع ہوئے جس کا واضح ثبوت صرف پانچ ماہ کے بعد نومبر 2021ء میں ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن کا اجرا تھا۔ اس ماہنامے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں تقریباً تمام مضامین اسلامی بہنیں ہی لکھتی ہیں۔ چنانچہ، اسلامی بہنوں کے ذوق و شوق کے مد نظر رکھتے ہوئے یہ شعبہ ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن کے اجرا تک ہی محدود نہیں رہا، بلکہ ایک قدم مزید آگے بڑھا کر عالمی مجلس مشاورت کے تعاون سے بہت جلد اسلامی بہنوں پر مشتمل المدینۃ العلمیۃ کا بھی آغاز کرنے جا رہا ہے۔


دعوت اسلامی کے زیر اہتمام بارسلونا، اسپین Spain, Barcelona میں شخصیات اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں PHDکے اسٹوڈنٹس، بزنس کمیونٹی سے وابستہ افراد اوردیگر شخصیات نے شرکت کی۔

نگران شوریٰ مولانا حاجی عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرابیان کیااور شرکا کو نماز کی پابندی کرنے کا ذہن دیتے ہوئے بتایا کہ نماز کی یہ تاثیر ہے کہ یہ ہمیں برائیوں اور گناہوں سے بچاتی ہے۔ بیان کے بعد صلوۃ و سلام اور دعا کا سلسلہ ہوا۔

آخر میں شخصیات نے نگران شوریٰ سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر ذمہ داران دعوت اسلامی بھی موجود تھے۔


مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی یورپ میں دینی کاموں میں مصروفیت کے بعد اسپین Spain کے لئے روانہ ہوئے جہاں بارسلونا Barcelonaمیں عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپین کے مختلف مقامات سے شخصیات و دیگر عاشقان رسول سمیت ذمہ داران دعوت اسلامی کی شرکت ہوئی۔

نگران شوریٰ حاجی مولانا محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نےسنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو دعوت اسلامی کے دینی کاموں میں خود بھی حصہ لینے اور اسپین میں ایسا دینی ماحول بنانے کا ذہن دیا جس کی بدولت لوگوں کے دین و ایمان اور عقائد و اعمال کا تحفظ ہوسکے۔

دوران بیان نگران شوریٰ نے شرکا کو علم دین کی ترویج و اشاعت کے لئے اسپین میں ہی رہائشی جامعۃ المدینہ کا قیام کرنے اور اس حوالے سے تعاون و کوشش کرنے کی ترغیب دلانے کے ساتھ ساتھ اپنی اولاد کو بھی علم دین سے منور کرنے کا ذہن دیا۔