رسول اللہ نے کس کس جانور
کا گوشت تناول فرمایا از بنت محمد اکرم (گلشن معمار کراچی )
گوشت کھانا ہماری بنیادی غذا میں شامل ہے، گوشت تناول
فرمانا ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے اور یہ ہمارے نبی پاک صلی
اللہ علیہ وسلم کی مرغُوب غذاؤں میں سے ایک ہے،
گوشت میں دست(بازو) گردن اور کمر کا گوشت مرغوب تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے درج ذیل جانوروں کا
گوشت تناول فرمایا۔
1۔مچھلی کا گوشت:حضرت سیّدنا جابر رضی اللہ عنہ سے
روایت ہے، وہ فرماتے ہیں کہ جَیشُ الخبط
میں شریک ہوا، حضرت عبیدہ رضی اللہ عنہ
کو ہمارا امیر بنایا گیا، ہمیں سخت بھوک
لگی ہوئی تھی تو دریا نے مُردہ مچھلی پھینکی، اس جیسی مچھلی ہم نے نہیں دیکھی تھی، اُس مچھلی کو ہم آدھا مہینہ کھاتے رہے، جب ہم واپس آئے تو نبی پاک صلی
اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں ہم نے اس کا ذکر کیا، تو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد
فرمایا:"جو اللہ پاک نے تمہاری طرف بھیجا ہے، وہ رزق کھاؤ اور اگر تمہارے پاس ہے تو ہمیں
کھلاؤ، راوی فرماتے ہیں کہ ہم نے اس میں سے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ
میں بھیجا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے تناول فرمایا۔"(صحیح بخاری، 3/87، حدیث نمبر4362، صحیح مسلم، 3/1536،
حدیث نمبر 1935)
2۔خرگوش کا
گوشت:حضرت سیّدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ مرَّا الظہران کے مقام پر ایک
خرگوش کا پیچھا کیا، پس میں اسے پکڑ کر
حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے پاس لے گیا، انہوں نے اس کو ذبح فرما کر اس کی سرین اور رانیں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں
بھیجیں تو آپ نے انہیں قبول فرما لیا۔"(صحیح بخاری و صحیح مسلم)
3۔مرغی کا گوشت:حضرت ابو موسٰی اشعری رضی اللہ عنہ سے
روایت ہے، وہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مرغی کا گوشت کھاتے دیکھا۔"(صحیح بخاری، صحیح
مسلم، جامع ترمذی)
4۔بکری کا گوشت:حضرت جابر رضی اللہ عنہ نے ایک بکری ذبح کرکے اس کا گوشت پکایا اور روٹی کا
چُورا کرکے ثرید بنایا اور بارگاہِ نبوت میں لے کر حاضر ہوئے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام نے اس
کو تناول فرمایا، جب سب لوگ کھانے سے فارغ
ہوگئے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام
ہڈیوں کو ایک برتن میں جمع فرمایا اور ہڈیوں پر اپنا دستِ کرامت رکھ کر کُچھ کلمات
اِرشاد فرمائے تو یہ معجزہ ظاہر ہوا کہ وہ بکری زندہ کھڑی ہو گئی، اس کے علاوہ بھی کئی مواقع پر آپ صلی اللہ علیہ
وسلم نے بکری کا گوشت تناول فرمایا۔"(سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم)
5۔چکور کا گوشت:حضرت ابراہیم بن عمر اپنے والد کے واسطہ سے
اپنے دادا حضرت سفینہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں، انہوں نے فرمایا:"میں نے رسول اللہ صلی
اللہ علیہ وسلم کے ساتھ خباریٰ(چکور) کا گوشت کھایا۔"(شمائل ترمذی)
اس کے علاوہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دُنبہ، بھیڑ، اُونٹ، گورخر اور بٹیر کا گوشت بھی تناول فرمایا۔(سیرت مصطفی)
گوشت کھانا اِنسان کی بُنیادی غذا میں شامل ہے اور تقریباً
ہر شخص اس کو مرغُوب رکھتا ہے، ہمیں چاہئے
کہ گوشت کھاتے وقت سُنت کی نیّت کر لیں، تا کہ سُنت پر عمل کا ثواب بھی ملے۔