رسول اللہ نے کس کس جانور
کا گوشت تناول فرمایااز بنت محمد علی عطاریہ(بلدیہ ٹاؤن، کراچی)
دنیا میں بہت سے جانور موجود ہیں، جن میں سے بعض گوشت کھانا حلال اور بعض کا حرام ہے، جن جانوروں کا گوشت حلال ہے، ان
میں سے کچھ وہ بھی ہیں، جن کا گوشت ہمارے
پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے تناول فرمایا، آج ہم انہی جانوروں کے بارے میں جانیں گے، جن کا گوشت حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے تناول فرمایا۔
احادیث مبارکہ سے ثابت ہے کہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے
ان جانوروں کا گوشت تناول (کھایا) فرمایا، مرغی، چکور، وحشی گدھا، خرگوش، مچھلی، بکری۔
چنانچہ حضرت ابو موسٰی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نےحضور صلی اللہ علیہ وسلم کو مرغی کا گوشت
کھاتے ہوئے دیکھا۔
حضرت سفینہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نےنبی کریم
صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چکور کا گوشت کھایا۔
حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ نے وحشی گدھے کا شکار
کیا، حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا:
کیا تمہارے پاس اس میں سے کچھ ہے؟عرض کی:جی ہاں! اس کی ران، حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے اسے قبول فرمایا
اور کھایا۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، کہتے ہیں ہم نے خرگوش بھاگ کر پکڑا، میں اس کو ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کے پاس لایا، انہوں نے ذبح کیا اور اس کی پیٹھ اور
رانیں حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی خدمت میں بھیجیں، حضور علیہ الصلوۃ و السلام نے قبول فرمائیں۔
حضرت جابر سے مروی ہے کہ جیش الخبط میں صحابہ نے مچھلی پکڑی، فرماتے ہیں، جب ہم واپس آئے تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کا ذکر کیا، تو آپ نے فرمایا: کھاؤ، اللہ نے تمہارے لئے رزق بھیجا اور ہمیں بھی
کھلاؤ، اگر تمہارے پاس ہو، ہم نے اس میں سے حضور علیہ الصلوۃ والسلام کو
بھیجا، حضور نے تناول فرمایا۔غزوہ خندق کے
موقع پر حضرت جابر نے حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی دعوت کی اور بکریاں ذبح
کیں، حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے وہ دعوت
قبول فرمائی اور وہ کھانا بھی تناول فرمایا۔