حدیث مبارک میں گوشت کو دنیا و آخرت والوں کے کھانوں کا سردار فرمایا گیا ہے۔(ابنِ ماجہ، 4/28، حدیث3305)

سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کا پسندیدہ کھانا گوشت تھا۔(اخلاق النبی وآدابہ، صفحہ 118، رقم 597)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے درج ذیل جانوروں کا گوشت تناول فرمایا ہے:

بکری کا گوشت: حضرت عمرو بن امیہ سے مروی ہے کہ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بکری کی دستی سے کاٹ کر تناول فرماتے دیکھا، جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دست مبارک میں تھی۔(مرآۃ المناجیح، جلد 5، کھانوں کا بیان)

نیل گائے:حضرت ابو قتادہ سے روایت ہے، انہوں نے ایک نیل گائے کو دیکھا تو اسے ہلاک کر دیا(شکار کیا)، تب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:"کہ کیا اس کا کچھ گوشت تمہارے پاس ہے؟عرض کیا:"ہمارے پاس اس کا پاؤں ہے،" حضور نے قبول فرمایا اور تناول فرمایا۔(مرآۃالمنا جیح)

بٹیر کا گوشت:حضرت سفینہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بٹیر کا گوشت کھایا۔"(مرآۃالمناجیح)

مچھلی کا گوشت:حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں: میں نے پتوں والے لشکر میں غزوہ کیا اور ابوعبیدہ رضی اللہ عنہ امیر بنائے گئے، تو ہم سخت بھوکے ہوگئے، پھر دریا نے ایسی مری مچھلی پھینکی کہ جیسی دیکھی نہ گئی، جسے عنبر کہا جاتا تھا، ہم نے اس میں سے آدھا ماہ کھایا، پھر ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ نے اس کی ہڈیوں میں سے ایک ہڈی لی، تو سوار اس کے نیچے سے گزر گیا، پھر جب ہم آئے تو ہم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ذکر کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا؛ کھاؤ وہ روزی جو اللہ نے تمہاری طرف ظاہر کی اور ہم کو بھی کھلاؤ، اگر تمہارے پاس ہو، فرماتے ہیں"ہم نے اس میں سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بھیجا، تو آپ نے اس سے کھایا۔"(مرآۃالمناجیح)

مرغ کا گوشت:حضرت ابو موسٰی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مرغ تناول فرماتے دیکھا۔(مرآۃالمناجیح)

اس حدیث پاک کے تحت مفتی احمد یار خان نعیمی مرآۃالمناجیح میں فرماتے ہیں"مرغ کھانا تقویٰ کے خلاف نہیں، اللہ دے تو اعلی نعمتیں بھی کھاؤ، مگر اپنے کو مزیدار غذاؤں کا عادی نہ بناؤ، اپنی طبیعت کو ہر طرح کا عادی رکھو۔"

نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے دنبے، بھیڑ، خرگوش اور اونٹ کا گوشت کھانا بھی ثابت ہے۔( سیرت مصطفی)

اللہ پاک ہمیں عبادت پر قوت حاصل کرنے کی نیت سے اعتدال کے ساتھ گوشت کھانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم