آج ہمارے معاشرے میں بہت سے گناہ عام ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے انسان خسارے میں پڑتا جا رہا ہے اس میں سے ایک گناہ والدہ کی نافرمانی بھی عام ہو چکی ہے جس کو لوگ عام سمجھتے ہیں قرآن کریم اور احادیث مبارکہ میں کئی مقامات پر فرمایا گیا کہ ان کے ساتھ حُسنِ سلوک کرو میں کچھ احادیث کریمہ والدہ کی فرمابرداری کے بارے میں آپ کی نظر کرتا ہوں۔

(1)والدہ کی خدمت کرنا: حضرت معاویہ بن جاہمہ فرماتے ہیں کہ میرے والد حضرت سیدنا جاہمہ نے حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے عرض کی یا رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں جہاد کرنے کا ارادہ ہوا تو میں مشورہ لینے آپ کی بارگاہ میں چلا آیا تو نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ تیری ماں ہے عرض کی جی ہاں! حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا تم اس کی خدمت کو اپنے اوپر لازم کر لو کیوں کہ جنت اس کے قدم کے پاس ہے (حوالہ نمبر: سنن النسائی کتاب الجہاد٬باب فضل من یجاھد فی سبیل اللہ٬ج٬6ص11)

(2)زیادہ مستحق کون:حضرت ابو ہریرہ فرماتے ہیں کہ ایک شخص حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں حاضر ہوا اس نے عرض کی کہ میری اچھی خدمت کا سب سے زیادہ مستحق کون ہے حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا تمہاری ماں۔ اس نے عرض کی پھر کون حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: تمہاری ماں اس نے دوبارہ عرض کی پھر کون حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا تمہاری ماں: اس نے دوبارہ عرض کی پھر کون! حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا تمہارا باپ۔(صحیح بخاری کتاب الآداب ٬باب من احق الناس بحسن الصبح193/4٬الحدیث5971)

(3)کاش میری ماں زندہ ہوتی: حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: کاش میری ماں زندہ ہوتی اور میں عشاء کی نماز کے لیےمصلے پر کھڑا ہوتا اور سورۃ فاتحہ شروع کر چکا ہوتا٬اُدھر سے میرے گھر کا دروازہ کھلتا اور میری پکارتی محمد تو میں ان کے لیے نماز توڑ دیتا اور میں کہتا لبیک اے ماں۔ (شعب الایمان)284/10)

(4)جنت ماں کے قدموں تلے: حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے ۔( صفحہ نمبر 45 جلد نمبر ٬7 شرح صیحح مسلم)

(5)قدموں میں چمٹے رہو: حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ اپنی ماں کے پیروں ساتھ چمٹے رہو وہیں جنت ہے ۔ (حوالہ نمبر: صفحہ نمبر ٬45 جلد نمبر ٬7 شرح صحیح مسلم)

ان احادیث کریمہ کو ہمیں غور سے پڑھنا چاہیے اوراس پر عمل کرنا چاہیے اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے والدین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین!

یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔