ہمیں روزمرّہ زندگی میں گفتگو کرنے کی ضرورت پڑتی رہتی ہے لیکن ہم جب بھی گفتگو کریں  تو اس کا کوئی صحیح مقصد ضرور ہونا چاہیئے ورنہ بے مقصد بات کہنے سے خاموش رہنا افضل ہے اور اچھی و بامقصد گفتگو کرنا خاموش رہنے سے افضل ہے جبکہ بری بات کہنا تو ہر وقت برا ہی برا ہے ۔ زبان کی حفاظت کرنا،اسے بے ضرورت بولنے سے روکنا بہت ضروری ہے کیونکہ تمام اعضاء سےزیادہ فساد اور دشمنی اسی کی وجہ سے ہوتی ہے۔

حضرت سفیان بن عبداللہ سے روایت ہے:میں نے بارگاہِ رسالت ﷺمیں عرض کی آپ کو مجھ پر سب سے زیادہ کس چیز کا خوف ہے؟آپ نے اپنی زبان اقدس پکڑ کر ارشاد فرمایا :اس کا۔(ترمذی)

حضرت ابو سعید خدری سے مروی ہے:انسان جب صبح کرتا ہے تو تمام اعضاء زبان سے کہتے ہیں :ہم تجھے خدا کا واسطہ دیتے ہیں کہ تو سیدھی رہا کر کیونکہ اگر تو سیدھی رہی تو ہم بھی سیدھے رہیں گے اور اگر تو ٹیڑھی ہو گئی تو ہم بھی ٹیڑھے ہو جائیں گے۔(ترمذی)

افسوس! ہم آج کل جس طرح چلا چلا کر اپنے دوستوں سے باتیں کرتے ہیں اس طرح ہمارے آقا ﷺ گفتگو نہیں فرماتے تھے آپﷺ کا لہجہ درمیانی ہوتا،آپ کی گفتگو شریف میں اعتدال ہوتا یعنی نہ زیادہ بلند آواز ہوتی نہ ہی اتنی پست کہ مخاطب سن نہ سکے بیان بالکل سادہ ،عام فہم اور واضح ہوتا کہ ہر سننے والا سمجھ لیتا۔

ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں:سرکارِ دو عالم ﷺ کا کلام بڑا واضح ہوتا تھا ہر سننے والا اس کو سمجھ لیتا تھا۔ (ابو داؤد)

حضرت انس سے مروی ہے:حضور ﷺ جب کوئی بات فرماتے اس کو تین مرتبہ دہراتے تاکہ اس کی سمجھ آ جائے۔ (بخار ی )

حضرت علی سے روایت ہے:حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: جنت میں بالا خانے ہیں جن کے بیرونی حصّے اندر سے اور اندرونی حصّے باہر سے نظر آتے ہیں ۔ایک اعرابی نے عرض کیا یارسول اللہﷺ! یہ کس کے لیے ہوں گے؟ حضور ﷺ نے فرمایا: جو اچھی گفتگو کرے۔ (ترمذی)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے حضور ﷺ ے فرمایا:اچھی بات صدقہ ہے۔ (بخاری و مسلم)

بلا ضرورت بولنے کا انجام بہت برا ہوتا ہے بعض اوقات ایسی باتیں زبان سے نکل جاتی ہیں جس سے بہت بڑے بڑ ے فتنے و فساد برپا ہو جاتے ہیں اسی لیے حضور ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کو یہ ناپسند ہے کہ فضول اقوال آدمی کی زبان سے نکلیں۔

نبی پاک ﷺ نے فرمایا:بندہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کی بات بولتا ہے اور اس کی طرف توجہ بھی نہیں کرتا یعنی یہ خیال بھی نہیں کرتا کہ اللہ تعالیٰ اتنا خوش ہو گا اللہ تعالیٰ اس کو درجوں بلند کرتا ہے اور بندہ اللہ تعالیٰ کی ناخوشی کی بات بولتا ہے اور اس کی طرف دھیان نہیں دھرتا یعنی اس کے ذہن میں یہ بات نہیں ہوتی کہ اللہ تعالیٰ اس سے اتنا ناراض ہو گا اس کلمہ کی وجہ سے جہنم میں گرتا ہے۔(صحیح بخاری)

اُخروی آفات اور ان کے انجام کو یاد کرنے سے زبان کی حفاظت نصیب ہوتی ہے اور زبان کی حفاظت میں ہی دنیاوی آفات سے سلامتی ہے زبان کی حفاظت میں ہی نیک اعمال کی حفاظت ہےکہ جو بہت بولتا ہے وہ لامحالہ لوگوں کی غیبت میں پڑجاتا ہے۔

صرف ایک نکتہ ذہن نشین کرلیں کہ جو بات ہم کریں گے وہ یا تو ناجائزہ و حرام ہوگی یا پھر جائز مگرفضول و بے کار ،اگر ناجائز بات ہوئی تو اس پر عذاب الٰہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جسے برداشت کرنے کی ہم میں طاقت نہیں اور اگر جائز ہوبھی تواس وجہ سے ترک کردینی چاہیئے کہ قیامت کے دن فضول باتوں پر اعمال نامہ اللہ رب العالمین کے سامنے پڑھنا ہو گا ۔

اللہ تعالیٰ ہمیں گفتگو کے آداب پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ ( آمین)


گفتگو کے آداب قرآن و حدیث کی روشنی میں:

اللہ تعالیٰ نے قرآن میں مجید میں ارشاد فرمایا:

وَ اِذَا حُيِّيْتُمْ بِتَحِيَّةٍ فَحَيُّوْا بِاَحْسَنَ مِنْهَاۤ اَوْ رُدُّوْهَا١ؕ اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ حَسِيْبًا0(پ5، النساء:86)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سرورِ دوعالم ﷺ نے فرمایا :کیا تم کو ایسی بات نہ بتاؤں کہ جب تم اس پر عمل کرو تو تمہارے درمیان محبت بڑھے؟ اور وہ یہ ہے کہ آپس میں سلام کو رواج دو۔(مسلم، کتاب الایمان، صفحہ 47)

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:کیا میں تمہیں اس شخص کے بارے میں خبر دوں، جس پر جہنم حرام ہے؟جہنم نرم خو، نرم دل اور آسان خو شخص پر حرام ہے۔(ترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ، ج 4، صفحہ 225)

بعض صورتوں میں نفع بخش اور بعض میں نقصان دہ کلام:

اس طرح کا کلام وہی کرے، جو اس کی باریکیوں کو سمجھتا ہو، وگرنہ خاموش رہنے میں ہی عافیت ہے، حضرت امام شافعی فرماتے ہیں:جب تم کوئی بات کرنے لگو تو پہلے اس پر غور کر لو، اگر تمہیں فائدہ نظر آئے تو کہہ ڈالو، اگر تم شش و پنج میں پڑ جاؤ تو خاموش رہو، یہاں تک کہ تم پر اس کی افادیت کھل جائے۔(المستطرف فی کل فن مستطرف، الباب الثالث عشر، جلد 1، صفحہ 145)

حضرت ابراہیم تیمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:کہ جب مؤمن بات کرنا چاہتا ہے تو دیکھتا ہے اگر کوئی فائدہ محسوس ہو تو بات کرتا ہے، ورنہ خاموش رہتا ہے۔(احیاء العلوم، کتاب آفات اللسان، جلد 3، صفحہ 142)

حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:خاموش رہنے سے انسان کے رعب میں اضافہ ہوتا ہے۔

بات چیت کرنے کے آداب:

٭مسکرا کر اور خندہ پیشانی سے بات چیت کیجئے۔

٭چلا چلا کر بات کرنا سنت نہیں۔

٭جب تک دوسرا بات کر رہا ہو، اطمینان سے سنئے۔

٭فرمانِ مصطفی ﷺ :جو چپ رہا، اس نے نجات پائی۔

٭بد زبانی اور بے حیائی سے بات کرنے سے پرہیز کریں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زبان نرم گفتگو کرنے میں استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین


زبان الله پاک کی ایک عظیم نعمت ہے، جس کے ذریعے ہم ایک دوسرے سے گفتگو کرنے پر بھی قادر ہوتے ہیں، گفتگو ایک فن ہے، کیونکہ بسا اوقات انسان اتنی خوبصورت گفتگو کرتا ہے کہ جس سے سامنے والے کا دل جیت لیتا ہے اور کبھی ایسی بات کہہ دیتا ہے، جس سے مخاطب کے دل کو گھائل کر دیتا ہے، ایک عربی شاعر نے کیا خوب کہا ہے:

جراحات السنان لها التيام ولا يلتام ما جرح اللسان

یعنی نیزوں کے زخم بھر جاتے ہیں، زبان کے گھاؤ نہیں بھرتے۔

لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم گفتگو کے آداب سیکھیں، تاکہ ہر ایک سے اچھی گفتگو کر کے لوگوں کے درمیان محبت وخلوص کی فضا قائم کر سکیں، احادیث کریمہ میں بھی جگہ بہ جگہ گفتگو کے آداب ملتے ہیں، اچھے انداز میں بات کرنا ہمارے پیارے نبی ﷺ کی بھی سنت ہے، آئیے چند احادیث ملاحظہ کیجئے۔

1۔بات کرتے ہوئے مسکرانا:

حضرت ام درداء، حضرت ابو درداء کے حوالے سے فرماتی ہیں کہ وہ بات کرتے ہوئے مسکرایا کرتے تھے، میں نے ان سے اس بارے میں پوچھا تو انھوں نے جواب دیا کہ میں نے پیارے نبی ﷺ کو دیکھا کہ وہ گفتگو کرتے ہوئے مسکراتے رہتے تھے۔( مسند امام احمد، مسند الانصار، حديث ابي الدرداء ،ج 9، ص45، حدیث 22362 ملتقظاً)

2۔تین بار دہراتے:

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، حضور اکرم ﷺ جب کوئی بات فرماتے تو اس کو تین مرتبہ دہراتے تھے، تاکہ سمجھ آ جائے۔( بخاری، کتاب العلم، باب من اعاد الحديث ثلاثا ليفهم عنہ، ص 99، حدیث 95)

3۔جلدی نہ فرماتے:

ام المؤمنین حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی الله عنها فرماتی ہیں کہ اللہ عزوجل کے آخری نبی ﷺ تمہاری اس جلدی کی طرح کلام میں جلدی نہ فرماتے، لیکن ایسے کلام کرتے تھے، جس کے درمیان فاصلہ ہوتا تھا، جو آپکی خدمت میں بیٹھتا، وہ حفظ کر لیتا تھا۔(ترمذى، ابواب المناقب عن رسول الله، باب في كلام النبی، ص 832، حدیث 3648)

میں نثار تیرے کلام پر ملی یوں تو کس کو زباں نہیں

وہ سخن ہے جس میں سخن نہ ہو وہ بیان ہے جس کا بیان نہیں(حدائق بخشش، ص 107 )

احادیث سے حاصل ہونے والے گفتگو کے آداب:

چند امور یہاں ذکر کئے جاتے ہیں، جن کے ذریعے ہم اپنی گفتگو کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

٭ گفتگو کرتے وقت خندہ پیشانی کا مظاہرہ کیا جائے۔

٭سکون اور اطمینان سے گفتگو کرنی چاہیئے، عجلت اور جلد بازی سے پرہیز کیا جائے۔

٭جب بھی گفتگو کرے تو ہمیشہ حق بات کرے۔

٭گفتگو میں نرمی اختیار کرے، بے جا سختی سے بچے۔

٭جب ضرورت ہو تب ہی گفتگو کرے، فضول و بے محل باتوں سے انسان کا وقار بھی ختم ہوتا ہے۔

٭کبھی بھی ایسی گفتگو نہ کی جائے، جو گناہ میں ملوث ہونے کا سبب بنے، طنز اور باعثِ اختلاف گفتگو سے پرہیز کیا جائے۔

٭جس بات کے بارے میں مکمل نہ جانتا ہو، اس بات کو آگے بیان نہ کرے۔

٭مختصر اور مفید گفتگو کیجئے۔

گفتگو میٹھی کرو ہر ایک سے جھک کر ملو

دشمنوں کے واسطے بھی دلربا ہو جاؤ گے

گفتگوکی قسمیں: امام غزالی علیہ الرحمہ نے گفتگو کی چار قسمیں بیان کی ہیں،

1۔مکمل نقصان دہ بات (اس سے بچنا ضروری ہے)،

2۔مکمل فائدہ مند بات (یہ بھی حسبِ ضرورت اور احتیاط کے ساتھ کرے)،

3۔ایسی بات جو فائدہ مند بھی ہو اور نقصان دہ بھی(اس میں نفع والی بات کی پہچان اور احتیاط ضروری ہے)

4۔ایسی بات جس میں نہ فائدہ ہو، نہ نقصان (اس سے بچنا بہتر ہے کہ وقت کا ضیاع ہے)۔(ملخص ازا حیاء العلوم، ج 3، ص 138 )

ہمیں چاہئے کہ دنیا و آخرت کی کا میا بیاں سمیٹنے کے لئے وہی گفتگو کریں، جو مفید ہو، لہٰذا اپنی گفتگو میں حضور اکرم ﷺ کااندازِ گفتگو بھی شامل کیا جائے، نرم گفتگو کرکے لوگوں میں محبت قائم کرنے کی کوشش کی جائے۔

اللہ کرے ہمیں گفتگو کے آداب بجا لاتے ہوئے صحيح بولنا آجائے۔(آمین)


گفتگو ہی ایسا ذریعہ ہے، جس کے ذریعے کسی کے ذہنی معیار، قابلیت اور شخصیت کا اندازہ ہو سکتا ہے اور جب انسان کسی سے ملتا ہے، جو گفتگو سے ہی اپنے آپ کو متعارف کرواتا ہے، اگر گفتگو کا انداز شائستہ اور مہذبانہ ہوگا تو انسان کی شخصیت کو عظیم سمجھا جائے گا اور اگر زبان میں شائستگی اور مٹھاس نہیں، تو کوئی بھی ایسے شخص کے متعلق اچھی رائے قائم نہیں کرے گا، دورانِ گفتگو دوسروں کی تنقید کو حوصلے سے سننا اور اس کا مدلّل یعنی دلیل سے جواب دینا اعلیٰ ظرفی کا ثبوت ہے، ہر شخص چھوٹا ہو گا تو اس سے اندازِ گفتگو مشفقا نہ ہو، بوڑھا ہے تو ادب کا لحاظ رکھیں اور اگر ہم عمر ہے تو بُردبانہ انداز ہو۔

احادیث مبارکہ میں گفتگو کے آداب: اس طرح بہت سی احادیث میں بھی گفتگو کے آداب بیان کئے گئے ہیں۔

جو بات کہوں منہ سے اچھی ہو بھلی ہو

کھٹی نہ ہو کڑوی نہ ہو، مصری کی ڈلی ہو

رسول کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:اے عائشہ! ٹھہرو، نرمی لازم کرو اور سختی اور فحش سے بچو، مسلم کی ایک روایت میں ہے، فرمایا:تم فحش گو نہ بنو کیونکہ اللہ تعالیٰ فحش گو اور فحش کرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔(مراۃ المناجیح، جلد 6، صفحہ 233)

امام بخاری روایت کرتے ہیں کہ ہمیں الحسن بن صباح نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا:ہمیں سفیان نے حدیث بیان کی، اززھری از عروہ از حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ اس طرح ٹھہر ٹھہر کر باتیں کرتے تھے کہ اگر کوئی شخص آپ کے الفاظ کو گننا چاہتا، تو گن سکتا تھا۔(نعمۃ الباری، جلد 6، صفحہ 627)

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جو سلام سے ابتداء نہ کرے، اسے اجازت نہ دو۔(رواہ البہیقی فی شعب الایمان)

روایت ہے کہ حضرت ابو ہریرہ سے، وہ نبی کریم ﷺ سے راوی کہ فرمایا:جب تم سے کوئی شخص مجلس تک پہنچے تو سلام کرے، پھر اگر بیٹھنا چاہے تو بیٹھ جائے، جب کھڑا ہو، پھر سلام کرے، کیونکہ پہلا سلام دوسرے سے زیادہ حقدار نہیں۔(رواہ ترمذی و ابو داؤد، مشکاۃ المصابیح کی شرح مراۃ المناجیح، ج6، صفحہ 342)

ان تمام روایات سے معلوم ہوا کہ جب کسی سے گفتگو کریں تو اس کو سلام کرنا چاہئے، نرم الفاظ میں گفتگو کرنی چاہئے، فحش کلامی سے بچنا چاہئے اور گفتگو آہستہ آہستہ آواز میں کرنی چاہئے کہ سامنے والا سمجھ سکے، کسی کی بات نہیں کاٹنی چاہئے، مختصر اور جامع الفاظ میں گفتگو ہونی چاہئے، کیونکہ گفتگو کا طویل کرنا نامناسب ہے۔


قرآن کریم ہمارے رب عظیم عزوجل کا بے مثل کلام ہے  جو اس نے اپنے حبیب بے مثال ﷺ پر نازل فرمایا۔ جس طرح بے شمار آیاتِ قرآنیہ و احادیث مبارکہ قرآن کی عظمت و شان پر شاہد ہیں اسی طرح تلاوت قرآن کے فضائل و فوائد پر بھی دال ہیں یہاں چند فضائل و فوائد ذکر کیے جاتے ہیں تاکہ تلاوت قرآن کا شوق بڑھے اور تلاوت کرنا ہمارے معمولات میں شامل ہو جائے ۔

آیات قرآنیہ:

اور مسلمانوں کے لیے ہدایت اور رحمت اور بشارت ہے (نحل:89)

یہ لوگوں کے لیے ایک بیان اور رہنمائی ہے اور پرہیزگاروں کے لیے نصیحت ہے (آل عمران:138)

فرامینِ مصطفی ﷺ :

افضل عبادۃ امتی تلاوۃ القرآن۔ ( شعب الایمان،حدیث:354)

قرآن پڑھو کیونکہ وہ قیامت کے دن اپنے اصحاب کے لیے شفیع ہو کر آئے گا (مسلم:حدیث:252)

تلاوت قرآن کا معمول کیسے بنائیں؟

تلاوت قرآن کا معمول بنانے کے لیے تلاوتِ قرآن کے فضائل و فوائد پر مشتمل آیات و احادیث کا وقتاً فوقتاً مطالعہ کرتے رہیں تاکہ تلاوتِ قرآن کا جذبہ کم نہ ہو نیز اس کے متعلق بزرگان دین کے اقوال ،ان کی تلاوتِ قرآن سے محبت کے واقعات کا مطالعہ بھی بے حد مفید رہے گا ۔اگر اپنے یومیہ کاموں کا جدول بنا لیں اور جدول میں صبح و شام ایک وقت تلاوت قرآن کے لیے مختص کر لیں تو تلاوتِ قرآن کی عادت ہو جائے گی۔

حضرت عمرو بن میمون ( رحمہ اللہ ) فرماتے ہیں جس نے نماز فجر کے بعد قرآن کھولااور 100آیات تلاوت کیں اللہ عزوجل اسے تمام اہل دنیا کے عمل کی مثل بلندی عطافرمائے گا۔

تلاوت قرآن پاک کا معمول بنانے کے لیے کوشش کریں کہ فجر کے بعد ہرگز نہ سوئیں بلکہ اس وقت تلاوت قرآن کیجئے تاکہ دن کا آغاز اس با برکت کلام سے ہو ۔

قرآن مجید فرقان ِ حمید مینارہ نور ہے۔ یہ روشنی ہے۔اس میں سینے کی بیماریوں سے شفا ہے۔یہ مضبوط رسی،واضح نور ،پختہ گرہ اور مکمل طور پر محفوظ پناہ گاہ ہے۔ یہ قلیل و کثیر اور چھوٹے بڑے کو گھیرے ہوئے ہے۔اس کے عجائب و غرائب ختم نہیں ہوتے ۔اہل علم کے نزدیک کوئی چیز اس کے فوائد کا احاطہ نہیں کر سکتی۔ اس نے اولین و آخرین کی رہنمائی فرمائی۔ اس پر ایمان لانے والا توفیق یافتہ ہو جاتا ہے۔اسے مضبوطی سے تھامنے والا ہدایت یافتہ ہو جاتا ہے۔ اس پر عمل کرنے والا فلاح والا ہو جاتا ہے ۔یہ نہایت عمدہ خزانوں کی چابی ہے۔ یہ وہ آب حیات ہے کہ جس نے پیا وہ حیا ت ابدی سے متصف ہو گیا ۔۔یہ ایسی دوا ہے کہ جس نے اس کو نوش کیا کبھی بیمار نہ ہوا۔

تلاوتِ قرآن کرنے سے قلبی سکون حاصل ہوتا ہے۔یہ قرب الٰہی کا ذریعہ ہے۔یہ انسان کو برائیوں سے بچانے کا ذریعہ ہے۔ تلاوت قرآن کرنے والا بروزِقیامت قرآن لکھنے والے معزز فرشتوں کے ساتھ ہو گا۔ اٹک اٹک کر مشقت سے پڑھنے والے کو دوہرا ثواب ملتا ہے ۔تلاوت قرآن کرنے والے کا ذکر اللہ تعالیٰ فرشتوں کے سامنے فرماتا ہے۔ قرآن پڑھنے والے کے والدین کے سرپر نورانی تاج سجایا جائے گا۔ قیامت کے دن تلاوت کی جانے والی آیت تلاوت کرنے والے کے لیے نور ہو گی۔

مگریاد رہے کہ تلاوت کے یہ تمام فضائل و برکات حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ قرآن شریف کو درست تلفظ ،تجوید و مخارج کے ساتھ پڑھا جائے۔

اے اللہ! ہم سب کو خوش الحانی و عمدگی کے ساتھ تلاوت قرآن کی توفیق عطا فرما۔ (آمین )

یہی ہے آرزو تعلیم قرآن عام ہو جائے

تلاوت کرنا میرا کام صبح و شام ہو جائے


تلاوت قرآن کے فضائل و فوائد مع  تلاوت قرآن کا معمول کیسے بنائیں حضرتِ ثابِت بُنانی قُدِّسَ سرُّہُ النُّورانی روزانہ ایک بار ختمِ قرآن پاک فرماتے تھے۔ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ہمیشہ دن کوروزہ رکھتے اورساری رات قِیا م (عبادت) فرماتے ، جس مسجِد سے گزرتے اس میں دو رَکعت (تحیۃ المسجد) ضَرور پڑھتے۔ تحدیثِ نعمت کے طور پر فرماتے ہیں :میں نے جامِع مسجِد کے ہرسُتُون کے پاس قرآن پاک کا ختم اور بارگاہ ِ الہٰی عَزَّوَجَلَّ میں گِریہ کیا ہے۔ نَماز اور تِلاوتِ قرآن کے ساتھ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو خُصوصی مَحَبَّت تھی، آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ پر ایسا کرم ہوا کہ رشک آتا ہے چُنانچِہ وفات کے بعددورانِ تدفین اچانک ایک اینٹ سَرَک کر اندر چلی گئی، لوگ اینٹ اٹھانے کے لئے جب جھکے تو یہ دیکھ کر حیران رَہ گئے کہ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ قَبْر میں کھڑے ہو کرنَماز پڑھ رہے ہیں ! آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے گھر والوں سے جب معلوم کیا گیا تو شہزادی صاحِبہ نے بتایا : والدِ محترم علیہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الاکرم روزانہ دُعا کیا کرتے تھے:یا اللہ! اگرتُو کسی کو وفات کے بعد قَبْر میں نَماز پڑھنے کی سعادت عطا فرمائے تو مجھے بھی مُشرّف فرمانا۔ منقول ہے: جب بھی لوگ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے مزارِ پُراَنوارکے قریب سے گزرتے تو قَبْرِ انور سے تِلاوتِ قرآن کی آواز آرہی ہوتی۔(حِلیۃُ الاولیا ء ج 2 ص 362۔366 مُلتَقطاً دار الکتب العلمیۃ) اللہ پاک کی اُن پر رَحمت ہو اور ان کے صَدقے ہماری مغفِرت ہو۔

دَہَن مَیلا نہیں ہو تا بدن مَیلا نہیں ہو تا

خدا کے اولیا کا توکفن مَیلا نہیں ہوتا

ایک حَرف کی دس نیکیا ں: قرآن مجید، فُرقانِ حمیداللہ ربُّ الانام کامبارَک کلام ہے ، اِس کا پڑھنا ، پڑھانااور سننا سنانا سب ثواب کا کام ہے۔ قرآن پاک کا ایک حَرف پڑھنے پر 10نیکیوں کا ثواب ملتا ہے ،چُنانچِہ خاتَمُ الْمُرْسَلین، شفیعُ الْمُذْنِبیْن،رَحمَۃٌ لِّلْعٰلمین ﷺ کا فرمانِ دِلنشین ہے:جو شخص کتابُ اﷲ کا ایک حَرف پڑھے گا، اُس کو ایک نیکی ملے گی جو دس کے برابر ہوگی۔ میں یہ نہیں کہتا الٓمّٓ ایک حَرف ہے، بلکہ اَلِف ایک حَرف ، لام ایک حَرف اور میم ایک حَرف ہے۔(سُنَنُ التِّرْمِذِی ج 4 ص 417 حدیث 2919)

تلاوت کی توفیق دیدے الہٰی

گناہوں کی ہو دور دل سے سیا ہی

بہترین شخص: نبیِّ مُکرَّم ، نُورِ مُجسَّم،رسولِ اکرم ،شَہَنشاہِ بنی آدم ﷺ کا فرمانِ معظَّم ہے:خَیْرُ کُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقرآن و َعَلَّمَہٗ یعنی تم میں بہترین شخص وہ ہے جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا ۔ (صَحِیحُ البُخارِی ج ص 410 حدیث 5027) حضرتِ ابو عبد الرحمن سُلَمی رضی اللہ تعالیٰ عنہ مسجِدمیں قرآن پاک پڑھایا کرتے اور فرماتے: اِسی حدیثِ مبارک نے مجھے یہاں بٹھا رکھا ہے۔(فَیضُ القَدیر ج۳ ص۶۱۸ تحتَ الحدیث۳۹۸۳)

اللہ مجھے حافظِ قرآن بنا دے

قرآن کے اَحکام پہ بھی مجھ کو چلا دے

قرآن شَفاعت کر کے جنَّت میں لے جائے گا: حضرتِ اَنَس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے رِوایت ہے کہ رسولِ اکرم، رحمتِ عالَم ، نُورِ مُجَسَّم ، شاہِ بنی آدم ، رسولِ مُحتَشَم ﷺ کافرمانِ معظَّم ہے: جس شخص نے قرآن پاک سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے اس پر عمل کیا ، قرآن شریف اس کی شفاعت کرے گااور جنّت میں لے جائے گا۔(تاریخ دمشق لابن عساکِر ج 41 ص 3،اَلْمُعْجَمُ الْکبِیْرلِلطَّبَرانِیّ ج 10 ص 198 حدیث 10450)۳

ایک آیت سکھانے والے کے لئے قیا مت تک ثواب! ذُوالنُّورین، جامع القرآن حضرتِ عثمان ابنِ عفّان رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے رِوایت ہے کہ تا جدارِ مدینۂ منوّرہ، سلطانِ مکّۂ مکرّمہ ﷺ نے اِرشاد فرمایا : جس نے قرآن مُبین کی ایک آیت سکھائی اس کے لیے سیکھنے والے سے دُگنا ثواب ہے۔

ایک اور حدیثِ پاک میں حضرتِ اَنَس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے رِوایت ہے کہ خاتَمُ الْمُرْسَلین، شفیعُ الْمُذْنِبیْن، رَحمَۃٌ لِّلْعٰلمین ﷺ فرماتے ہیں : جس نے قرآن عظیم کی ایک آیت سکھائی جب تک اس آیت کی تلاوت ہوتی رہے گی اس کے لیے ثواب جاری رہے گا۔(جَمْعُ الْجَوامِع ج 7 ص 282 حدیث 22455۔22456 )

تلاوت کا جذبہ عطا کر الہٰی

مُعاف فرما میری خطا ہَر الہٰی

معزز خواتین و حضرات تلاوت قرآن کی تو بے شمار برکتیں و فوائد ہیں ہمیں روزانہ تلاوت قرآن کر کے اس کے فضائل و برکات حاصل کرنے چاہیئے اور اپنے سینوں کو قرآن کے نور سے منور کرنا چاہیئے اس کا معمول بنائے اگر ہم تلاوت قرآن کو اپنے روزانہ کے کاموں کو مینیج کر تے ہوئے اپنے معمول میں شامل کرلیں تو بہت ساری برکتیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔تو آج ہی ابھی سے نیت کر لیتے ہیں کہ اپنی اتنی مصروف ترین زندگی میں سے قرآن پاک کی تلاوت کا وقت نکال کر اپنی زندگی کا معمول بنائیں گے ان شاءاللہ عزجل اللہ پاک ہمیں قرآن کے نور سے فیضیاب فرمائے آمین


قرآن مجید فرقانِ حمید اللہ ربّ العزت عزوجل کا مبارک کلام ہے، اس کا پڑھنا پڑھانا، سننا سنانا سب ثواب کا کام ہے، قرآن کریم کا ایک حرف پڑھنے پر دس نیکیوں کا ثواب ملتا ہے، قرآن مجید وہ واحد کتاب ہے، جس کا ذمّہ رب تعالیٰ نے اپنے ذمّہ لیا ہے، ربّ  تعالیٰ نے قرآن مجید اپنے آخری نبی، محمد مصطفی ﷺ پر نازل فرمایا، قرآن مجید میں ہر علم بھی موجود ہے، بے شک اس کی تلاوت دلوں کے زنگ کو دور کرنے والی ہے، بے چین دلوں کا چین ہے، تلاوت قرآن کے جتنے فضائل بیان کئے جائیں کم ہیں، بہرحال کچھ فضائل ذکر کئے جاتے ہیں:

میرے آقا اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ فتاوی رضویہ، جلد 23، صفحہ 352 پر فرماتے ہیں:قرآن مجید پڑھا جائے تو اسے کان لگا کر غور سے سننا اور خاموش رہنا فرض ہے۔

قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے: وَ اِذَا قُرِئَ الْقُرْاٰنُ فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ وَ اَنْصِتُوْا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَ0(پ9، الاعراف: آیت 204)

نبی کریم ﷺ نے فرمایا:خیرکم من تعلم القرآن وعلمہتم میں بہتر وہ ہے، جس نے قرآن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔(صحیح بخاری، جلد 3، صفحہ 410، حدیث5027) حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا فرمانِ معظم ہے:جس شخص نے قرآن سیکھا اور سکھایا اور جو کچھ قرآن پاک میں ہے، اس پر عمل کیا تو قرآن پاک اس کی شفاعت کرے گا اور جنت میں لے جائے گا۔(المعجم الکبیر، جلد 10، صفحہ 197)

الٰہی شرف دے شوق قرآن کی تلاوت کا

شرف دے گنبد خضرا کے سائے میں شہادت کا

تلاوت قرآن مجید کا معمول بنانے کے لئے روزانہ امیراہلسنت کے دیئے گئے نیک اعمال میں سے نیک اعمال نمبر پر عمل کیجئے کہ کیا آج آپ نے قرآن مجید کی تین آیت مبارکہ مع ترجمہ و تفسیر تلاوت کی؟ اس پر استقامت کے ساتھ عمل کرنے سے قرآن کی تلاوت کا معمول بن جائے گا، ان شاءاللہ۔۔نیز تلاوت قرآن کے فضائل سنیں اور اس کی برکتیں پڑھے، جتنا اس بارے میں مطالعہ کیا جائے، اتنا ہی تلاوت کرنے کا ذوق پیدا ہوگا۔

کنزالایمان اے خدا میں کاش روزانہ پڑھوں

پڑھ کر تفسیر اس کی پھر اس پر عمل کرتا رہوں

ربّ تعالیٰ ہمیں قرآن مجید کا ذوق وشوق عطا فرمائے اور تلاوت قرآن کرنے پر استقامت عطا فرمائے۔آمین بجاہ خاتم النبیین 


قرآن کریم اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے، قرآن کریم سب سے افضل کتاب ہے جو سب سے افضل رسول، حضور پر نور، احمد مجتبیٰ، محمد مصطفی  ﷺ پر نازل ہوئی۔(بہار شریعت، جلد1/29، حصہ اول)

قرآن کریم وہ مقدس کتاب ہے، جس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، یہ وہ مقدس کتاب ہے، جو ہمیں نیکیوں کی طرف ابھارتی ہے، یہی ہمیں اطاعتِ الٰہی ، اتباعِ رسول ﷺ کا حکم دیتی ہے، جس کو پڑھنا عبادت ہے، جس کو دیکھنا عبادت ہے، جس کی تعلیمات پر عمل کرنا عبادت ہے،یہی وہ کتاب ہے، جس میں ہمارے لئے دینی و دنیاوی، معاشی وسماجی، معاشرتی و فلاحی، الغرض تمام پہلوؤں کے بارے میں رہنمائی موجود ہے، آئیے ترغیب کے لئے کچھ قرآن پاک کی تلاوت کے فضائل سنتے ہیں۔

قرآن مجید فرقانِ حمید اللہ ربّ العزت کا مبارک کلام ہے، اس کا پڑھنا پڑھانا، سننا سنانا، سب ثواب ہے، آخری نبی، محمد عربی ﷺ کا فرمانِ عالی شان ہے:جو شخص کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھے گا، اس کو ایک نیکی ملے گی، جو دس نیکیوں کے برابر ہوگی، میں یہ نہیں کہتا الم ایک حرف ہے، بلکہ الف ایک حرف، لام ایک حرف، اور میم ایک حرف۔(ترمذی، ج4، صفحہ 417، ح2919)

نبی کریم ﷺ نے فرمایا:اپنے گھروں کو قبرستان نہ بناؤ،(یعنی اپنے گھروں میں عبادت کیا کرو) تو شیطان اس گھر سے بھاگتا ہے، جس میں سورہ بقرہ کی تلاوت کی جاتی ہے۔(مسلم، کتاب صلاۃ المسافرین و قصرما باب استحباب صلاۃ الناضکۃ، ص306، حدیث 864) قرآن کریم کے مطابق، نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے: فضل القرآن علی سائرالکلام کفضل الرحمن علی۔۔۔قرآن کی فضیلت تمام کلاموں پر ایسی ہے، جیسی اللہ عزوجل کی اس کی مخلوق پر۔(شعب الایمان، جلد 3، صفحہ 501)

قرآن کریم عقائد کی رہنمائی کرتا ہے، قرآن کریم نور ہے، قرآن کریم قیامت میں پل صراط کا نور ہے، قرآن کریم کو ایسی مضبوطی سے تھامنا ہے کہ زندگی اس کے سائے میں گزرے، موت اس کے سایہ میں آئے، تو ہمیں بھی قرآن کریم سے مضبوط تعلق رکھنا چاہئے، اس کے لئے ہمیں تلاوتِ قرآن کی عادت بنانی ہوگی، روزانہ کی بنیاد پر وقت مقرر کرکے اسے پڑھنا ہوگا، یوں اس کی لذت و شیرینی بھی ملے گی۔

تلاوتِ قرآن کی عادت کے لئے اس کے فضائل و برکات کو مدِّنظر رکھنا ہوگا، یوں عادت پختہ ہوتی چلی جائے گی، پھر تو یہ عالم ہوگا کہ ہمارا کوئی دن تلاوت ِقرآن کے بغیر نہیں گزرے گا۔

تلاوت کروں ہر گھڑی یا الٰہی

بکوں نہ کبھی بھی میں واہی تباہی


قرآن کریم ایسی عظیم کتاب ہے، جو اپنی فصاحت و بلاغت اور اپنی مثالوں میں یکتا ہے کہ اس جیسی کتاب کوئی بھی پیش نہیں کرسکے گا، الغرض ہر شعبہ زندگی کے مسائل کا حل اس میں موجود ہے، قرآن کریم کے فوائد حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ اس کی تلاوت ہے اور تلاوت قرآن کے کثیر فضائل و فوائد ہیں۔

اللہ اور اس کے رسول سے محبت کا ذریعہ:نبی پاک ﷺ کا فرمان عالیشان ہے: جسے یہ پسند ہو کہ وہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت کرے تو اسے چاہئے کہ قرآن کی تلاوت کرے۔(جامع صغیر، صفحہ 529، حدیث8744)

آسمان و زمین پر فائدے کا باعث: اللہ کے رسول ﷺ کا فرمانِ راحت نشان ہے:اللہ کا ذکر اور تلاوتِ قرآن کرتے رہو، کیونکہ یہ تمہارے لئے آسمان پر راحت اور زمین میں خیر کا ذریعہ ہے۔(جامع صغیر، ص166)

ایک حرف پر دس نیکیاں: ترمذی و دارمی نے عبداللہ بن مسعود سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:جو شخص کلام اللہ کا ایک حرف پڑھے گا، اس کو ایک نیکی ملے گی، جو دس کے برابر ہوگی، میں یہ نہیں کہتا الم ایک حرف ہے، بلکہ الف ایک حرف، لام دوسرا حرف، اور میم تیسرا حرف۔(بہار شریعت، حصہ 16، صفحہ 128)

دلوں کے اطمینان کا ذریعہ:

ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

ترجمہ کنزالایمان:جو ایمان لائے اور ان کے دل اللہ کی یاد سے چین پاتے ہیں، سن لو اللہ کی یاد ہی دلوں کا چین ہے۔(پ 13الرعد:28)

امام خازن فرماتے ہیں کہ مقاتل نے فرمایا: ذکر سے مراد قرآن کریم ہے، کیونکہ یہ مؤمنوں کے دلوں کے لئے اطمینان کا ذریعہ ہے۔(تفسیر خازن3/65)

نزولِ رحمت کا ذریعہ:

حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں کہ ایک شخص سورہ کہف پڑھ رہا تھا تو ان پر ایک بادل چھا گیا، وہ جھکنے لگا اور ان کا گھوڑا بدکنے لگا، پھر صبح ہوئی تو وہ صاحب نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے، یہ ماجرا عرض کیا، فرمایا:یہ سکینہ اور رحمت ہے، جو قرآن کی وجہ سے اتری۔(بخاری،3/406)

ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین!مذکورہ فرامین سے واضح ہوا کہ تلاوت کے کتنے فضائل ہیں تو ہمیں بھی چاہئے، روزانہ کچھ نہ کچھ وقت ہمیں تلاوت قرآن کے لئے ضرور مختص کرنا چاہئے، کیونکہ یہ دلوں کے اطمینان اور سکون کا باعث ہے، زہے نصیب! مفتی محمد قاسم صاحب کی تفسیر القرآن صراط الجنان کے ساتھ تلاوت کی سعادت ملے۔

یہی ہے آرزو تعلیمِ قرآں عام ہوجائے

تلاوت شوق سے کرنا ہمارا کام ہو جائے


تلاوتِ قرآن کے فضائل و فوائد مع تلاوت قرآن کا معمول کیسے بنائیں   اللہ پاک کا بڑا بابرکت کلام قرآنِ پاک،جو اللہ پاک کے محبوب ،آخری نبی ﷺ پر نازل ہوا۔ اس کو پڑھنا،پڑھانا،سننا سنانا ثواب کاکام ہے۔قرآن پاک روشن نور ہے۔ یہ آقا کریم ﷺ کا سب سے بڑا معجزہ ہے۔ یہ بڑی عظمت والی کتاب ہے۔ اس پاک کلام کی تلاوت سے لذت و سرور ملتا ہے۔اس کا ایک حرف پڑھنے پر 10 نیکیاں ملتی ہیں۔

آخری نبی ﷺ نے فرمایا:جو شخص کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھے گا،اس کو ایک نیکی ملے گی جو دس کے برابر ہو گی۔میں یہ نہیں کہتا الم ایک حرف ہے بلکہ الف ایک حرف ،لام ایک حرف اور میم ایک حرف ہے۔ (سنن الترمذی ج 4،ص 417،حدیث 2919) (تلاوت کی فضیلت* ص 4)

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے مجھ سے فرمایا:اے بیٹے!صبح و شام تلاوتِ قرآن سے غافل نہ ہونا کیوں کہ قرآن مرده دل کو زندہ کرتا ہے اور بے حیائی اور برے کاموں سے روکتا ہے۔( مسند الفردوس ،368/5،حدیث 8459)( دین و دنیا کی انوکھی باتیں* ص 60،61)

آقا کریم ﷺ نے فرمایا:بے شک دلوں کو بھی زنگ لگ جاتا ہے جیسا کہ لوہے کو زنگ لگ جاتا ہے۔عرض کی،یارسول اللہ ﷺ! اس کی صفائی کس چیز سے ہو گی؟فرمایا:تلاوتِ قرآن اور موت کو بکثرت یاد کرنے سے۔ (شعب الایمان باب فی تعظیم القرآن، فصل فی ارمان تلاوته 353/2،حدیث 2014) ( دین و دنیا کی انوکھی باتیں ج 1ص62)

حضرت عمرو بن میمون رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا:جو نماز فجر پڑھ کر قرآنِ پاک کھولے اور اس کی 100 آیتیں تلاوت کرے تو اسے تمام دنیا والوں کے عمل کے برابر ثواب ملے گا۔ ( دین و دنیا کی انوکھی باتیں ج1 ص62) امیرُالمؤمِنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے فرمان کے مطابق نماز میں کھڑے ہو کر تلاوتِ قرآن کرنے سے ہر حرف کے بدلے 100 نیکیاں اور نماز میں بیٹھ کر تلاوت کرنے سے 50 نیکیاں ملتی ہیں۔نماز کے علاوہ باوضو قرآن پڑھنے سے ہر حرف کے بدلے 25 نیکیاں جبکہ(چھوئے بغیر) بے وضو پڑھنے سے 10 نیکیاں ملتی ہیں۔ ( دین و دنیا کی انوکھی باتیں ج1 ص62)

پیاری بہنو!قرآنِ پاک دیکھ کر پڑھنا زبانی پڑھنے سے افضل ہے کہ اس میں پڑھنا،دیکھنا اور ہاتھ سے چھونا عبادت ہے۔ اللہ کی رضا کے لیے اخلاص کے ساتھ،باادب تلاوت کریں۔باوضو،قبلہ رو،اچھے کپڑےپہن کر تلاوت کرنا مستحب ہے۔تلاوت کے آغاز میں تعوذ پڑھنا مستحب ہےاور ابتدائے سورت میں بسم اللہ سنت ورنہ مستحب۔ (بہار شریعت* ج 1 حصہ 3 ص 550،تلاوت کی فضیلت ص 12، 11) دورانِ تلاوت یہ کیفیت بنائیں کہ اللہ کودیکھ رہی ہوں یا یہ کہ اللہ مجھے دیکھ رہا ہے۔خشوع وخضوع اور غوروفکر کرتے ہوئے تلاوت کریں۔بعض بزرگانِ دین ایک آیت تلاوت فرماتے اسی پر غوروفکر کرتے رہتے حتی کہ رات گزر جاتی۔قرآن پاک کو اچھی آواز سے پڑھیں لیکن گانے والا انداز اختیار نہ کریں۔قواعدِ تجوید سے پڑھیں۔قرآن پاک بلند آواز سے پڑھنا افضل ہے۔بشرطیکہ کسی کو تکلیف نہ ہو۔تلاوت کرتے وقت رونا یا رونے جیسے شکل بنا لینا مستحب عمل ہے۔تلاوت کے دوران رونا عارفین اور اللہ کے نیک بندوں کی صفت ہے۔ (دین و دنیا کی انوکھی باتیں ج 1 ص 65،66 ) 8- (دین و دنیا کی انوکھی باتیں ج 1 ص66)

قرآن پاک کی تلاوت نماز میں سب سے افضل ہے،دن میں فجر کے بعد کا وقت سب سے افضل،رات میں نصف آخر میں تلاوت نصف اول وقت سے افضل،مغرب وعشاءکے درمیان تلاوت کرنا بھی افضل ہے۔ اوقاتِ مکروہ میں قرآنِ پاک کی تلاوت بہتر نہیں،بہتر یہ ہے کہ ذکرو درود شریف میں مشغول رہے۔(بہار شریعت حصہ 3) (455/1) دعا ہے اللہ پاک ہمیں اخلاص کے ساتھ غوروفکر کرتے ہوئے تلاوت کرنے کی توفیق عطا فرماۓ آمین بجاہ خاتم النبیین 


ادب اور اخلاق کسی بھی قوم کا طرہ امتیاز ہے، جو کہ دیگر اقوام یا مذاہب نے اخلاق و کردار اور ادب و آداب کو فروغ دینے میں بھی اہمیت سمجھی، مگر اس کا تمام تر سہرا اسلام کے سر جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کہا جاتا ہے کہ اسلام تلوار سے نہیں، زبان یعنی اخلاق سے پھیلا۔

اور اسلام اپنے جاننے والوں کو بھی ادب و احترام کی تعلیم دیتا ہے کہ اسلام محبت و بھائی چارے کا نام ہے، پھر جہاں محبت ہواور ادب نہ ہو تو کسی نے بہت ہی پیارا شعر کہا ہےادب پہلا قرینہ ہے، محبت کے قرینوں میں۔

پیاری پیاری اسلامی بہنو! ادب و احترام کرنے میں جو کردار ہمارے سلف و صالحین نے ادا کیا اور کیسے ولایت کے مرتبے پر فائز ہوئے، اس کی نظیر نہیں ملتی، اسلام قدم قدم پر ہمیں ادب کی تعلیم دیتا ہے، بیٹھ رہے ہیں تو ادب کو ملحوظِ خاطر رکھیں، چل رہے ہیں تو راستے کا ادب کریں، کھانا کھاتے وقت ادب کا مظاہرہ کریں، پانی پینے کے آداب بیان کئے گئے، سونے کے آداب، اٹھنے کے آداب، ملاقات کے آداب، والدین کا ادب، اپنے بڑوں کا ادب، بات چیت کے آداب، اگر طالب علم ہے تو استاد کا ادب، علم کا ادب، کتابوں کا ادب، نشست گاہ کا ادب، وہاں موجود شرکاء اہلِ علم کا ادب، گویا ہر چیز میں ادب کہ ادب کے ساتھ زندگی بہت ہی خوبصورت نظر آتی ہے۔

علمِ دین کی بات کو ادب و تعظیم کے ساتھ کے حوالے سے کسی دانا نے کیا خوب کہا ہے:جس نے کسی علمی بات کو ہزار بار سننے کے بعد اس کی ایسی تعظیم نہیں کی، جیسی تعظیم اس نے اس مسئلہ کو پہلی مرتبہ سنتے وقت کی تھی تو ایسا شخص علم کا اہل نہیں۔(تعلیم المتعلم طریق التعلم، ترجمہ بنام راہِ علم، صفحہ 35)

تعظیمِ علم میں کتاب کی تعظیم کرنا بھی شامل ہے، لہٰذا طالب علم کو چاہئے کہ کبھی بھی بغیر طہارت کے کتاب کو ہاتھ نہ لگائے، حضرت شیخ شمس الدین حلوانی قدس سرہ النورانی سے حکایت نقل کی جاتی ہے کہ آپ علیہ الرحمہ نےفرمایا: میں نے علم کے خزانوں کو تعظیم و تکریم کرنے کے سبب حاصل کیا اور اس طرح کہ میں نے کبھی بغیر وضو کاغذ کو ہاتھ نہیں لگایا۔(تعلیم المتعلم طریق التعلم، ترجمہ بنام راہِ علم، صفحہ 33)

شمس الائمہ حضرت امام سرخسی علیہ الرحمہ کا واقعہ ہے کہ ایک مرتبہ آپ علیہ الرحمہ کا پیٹ خراب ہو گیا، آپ کی عادت تھی کہ رات کے وقت کتابوں کی تکرار و بحث و مباحثہ کیا کرتے تھے، پس اس رات پیٹ خراب ہونے کی وجہ سے آپ کو سترہ بار وضو کرنا پڑا،کیونکہ آپ بغیر وضو تکرار نہیں کیا کرتے تھے۔(راہ علم، ص33)

سبحان اللہ! کیا شان تھی ہمارے اسلاف کی کہ ایسے ہی انسان فنا فی اللہ کا رتبہ نہیں پالیتا، کہا جاتا ہے کہالحرمۃ خیر من الطاعۃیعنی ادب و احترام کرنا اطاعت کرنے سے زیادہ بہتر ہے کہ انسان گناہ کرنے کی وجہ سے کبھی کافر نہیں ہوتا، بلکہ اسے ہلکا سمجھنے کی وجہ سے کافر ہوتا ہے۔(تعلیم المتعلم طریق التعلم، ترجمہ بنام راہِ علم، صفحہ 29)

پیاری اسلامی بہنو!استاد کی تعظیم کرنا بھی علم ہی کی تعظیم ہے، امیر المؤمنین حضرت علی المرتضی کرم اللہ وجہہ الکریم فرماتے ہیں:انا عبد من علمنی حرفا واحدا ان شاء باع وان شاء اعتق وان شاء استرقیعنی جس نے مجھے ایک حرف سکھایا، میں اس کا غلام ہوں، چاہے اب وہ مجھے فروخت کر دے اور چاہے تو آزاد کر دے اور چاہے تو غلام بنا کر رکھے۔

سبحان اللہ! کیا کہنے ہمارے بزرگانِ دین علی الرحمہ کے، ربّ کریم ان کے فیوضات میں سے ہمیں بھی حصّہ عطا فرمائے۔آمین

الآخر۔۔خلا صہ یہ حاصل ہوا کہ بغیر ادب کے زندگی بے ذائقہ ہے، یہاں تک کہ اگر کوئی معرفتِ الٰہی ، عشقِ حقیقی حاصل کرنا چاہتا ہے تو بغیر ادب کے اس منزل تک پہنچنا ناممکن ہے، ہر معاملے میں ادب کے ساتھ زندگی گزارنے کا یہ فائدہ ہے کہ انسان ایک اچھے انسان کے رُوپ میں ڈھل جاتا ہے اور اپنے مقصدِ حقیقی کو پانے کی راہیں اس کے لئے کشادہ ہو جاتی ہیں۔

جبکہ بےادب شخص اپنے مقصد کی تلاش میں نکلے بھی تو اس کی مثال اس مسافر کی سی ہے کہ جس کی منزل کی راہیں تاریک ہیں اور تعجب اس بات کا ہے کہ اس منزل کو روشن کرنے کے لئے اس کے پاس چراغ بھی نہیں، لہٰذا کیا خوب کہا کسی نےباادب بانصیب، بے ادب بے نصیب۔

ایسا انسان جس کے پاس ادب کرنے کی قوت نہیں، وہ ساری زندگی اپنا مقام کبھی بھی نہیں بنا سکتا، ادب کا دروازہ اتنا چھوٹا ہے کہ اس میں داخل ہونے کے لئے سر کو جھکانا پڑتا ہے، عاجزی ہی مقام تک لے کر جاتی ہے۔ ربّ تعالیٰ ہمیں ادب واخلاص کی دولت عطا فرمائے۔آمین

ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے

بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا


اللہ  رب العزت نے قرآنِ مجید میں کئی مقامات پر انفاق فی سبیل اللہ یعنی اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی ترغیب ارشاد فرمائی ہے، چنانچہ اگر ہم قرآنِ پاک کو دیکھتے ہیں تو ہمیں ارشادِ باری تعالیٰ ملتا ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَنْفِقُوْا مِمَّا رَزَقْنٰكُمْ مِّنْ قَبْلِ اَنْ یَّاْتِیَ یَوْمٌ لَّا بَیْعٌ فِیْهِ وَ لَا خُلَّةٌ وَّ لَا شَفَاعَةٌ ؕ (البقرۃ:۲۵۴) ترجمہ: اے ایمان والو! ہمارے دیئے ہوئے رزق میں سے اللہ کی راہ میں اس دن کے آنے سے پہلے خرچ کرلو جس میں نہ کوئی خرید و فروخت ہوگی۔سورۂ حدید میں ارشاد ہوا: وَ اَنْفِقُوْا مِمَّا جَعَلَكُمْ مُّسْتَخْلَفِیْنَ فِیْهِ ؕ(الحدید:۷) ترجمہ: اور اس کی راہ (میں) کچھ وہ خرچ کرو جس میں تمہیں اَوروں کا جانشین کیا۔اسی سورت میں فرمایا گیا : وَ مَا لَكُمْ اَلَّا تُنْفِقُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ وَ لِلّٰهِ مِیْرَاثُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ ؕ (الحدید۔ 10) ترجمہ: اور تمہیں کیا ہے کہ تم اللہ کی راہ میں خرچ نہ کرو حالانکہ آسمانوں اور زمین سب کا وارث اللہ ہی ہے۔جبکہ سورۂ بقرہ کی ایک آیت میں تو کمال ہی فرمادیا: مَنْ ذَا الَّذِیْ یُقْرِضُ اللّٰهَ قَرْضًا حَسَنًا فَیُضٰعِفَهٗ لَهٗۤ اَضْعَافًا كَثِیْرَةً ؕ وَ اللّٰهُ یَقْبِضُ وَ یَبْصُۜطُ ۪ وَ اِلَیْهِ تُرْجَعُوْنَ۔ (البقرہ۔ 245) ۔ترجمہ: ہے کوئی جو اللہ کواچھا قرض دے تو اللہ اس کے لئے اس قرض کو بہت گنا بڑھا دے اور اللہ تنگی دیتا ہے اور وسعت دیتا ہے اور تم اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔

اس کے علاوہ اور بھی کئی آیات ہیں جن میں راہ خدا میں خرچ کرنے کی ترغیبیں اور خرچ نہ کرنے پر وعید یں بیان کی گئی ہیں لہذا ہمیں جب جب موقع ملے اللہ پاک کی راہ میں خرچ کرتے رہنا چاہیئے۔

آپ کو اپنا مال خدا کی راہ میں خرچ کرنے کا ایک بہترین موقع دعوتِ اسلامی فراہم کرنے جارہی ہے:

وہ اس طرح کہ دعوتِ اسلامی کی جانب سے 13 نومبر 2022ء کو” ٹیلی تھون“ کیا جارہا ہے جس میں دعوتِ اسلامی کے اخراجات کو منظم انداز سے چلانے کے لئے عاشقانِ رسول سے ڈونیشن جمع کیا جائے گا۔ ایک یونٹ ”دس ہزار (پاکستانی روپے)“ رکھا گیا۔

دعوتِ اسلامی نہایت بڑے پیمانے پر دین کی خدمت انجام دے رہی ہے، کچھ تفصیلات ملاحظہ فرمائیے:

ملک و بیرونِ ملک میں دعوتِ اسلامی کے ”جامعات المدینہ انسٹیٹیوٹس“ کی تعداد” 1309“ ہے۔

ان جامعات میں زیرِ تعلیم ”طلبہ /طالبات“ کی تعداد تقریباً ” 01لاکھ 17ہزار 402“ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان جامعات المدینہ سے اب تک درسِ نظامی مکمل کرنے والوں/والیوں کی تعداد 16 ہزار 171 ہے۔

دنیا بھر میں ”مدرسۃ المدینہ “ کی تعداد ” 6ہزار 113 “ ہے۔

ان میں حفظ و ناظرہ کرنے والے” بچوں/بچیوں“ کی تعداد” 2 لاکھ 70 ہزار246“ہے۔

مدرسۃ المدینہ کی ان برانچز سے اب” ایک لاکھ“ سے زیادہ ”حافظ قرآن“ بن چکے ہیں جبکہ اب تک ”3 لاکھ 38 ہزار 998“بچوں اور بچیوں نے ناظرہ قرآن پاک ختم کرلیا ہے۔اس کامطلب یہ ہوا کہ دعوتِ اسلامی نے 4 لاکھ 38 ہزار سے زیادہ حافظ و قاری تیار کرکے امتِ مسلمہ کو دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ ”جامعات المدینہ اور مدرسۃ المدینہ“ کے ان تمام طلبہ و طالبات کو تعلیم” بغیر کسی فیس کے بالکل مفت“ دی جاتی ہے۔ بلکہ جامعۃ المدینہ میں” ہاسٹل میں رہ کر “پڑھنے والے اسٹوڈنٹس کو ”قیام، طعام، مکمل علاج اور لانڈری وغیرہ“ کی سہولیات بھی بالکل مفت دی جاتی ہیں۔ سبحان اللہ

یہ جان کر بھی آپ کو خوشی ہوگی کہ دعوتِ اسلامی کے تحت پاکستان بھر میں کچھ مدرسۃ المدینہ اسپیشل پرسنز کے لئے بھی قائم ہیں جن میں نابینا افراد کو بھی قرآن کریم (حفظ و ناظرہ) کی مفت تعلیم دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ایک جامعۃ المدینہ بھی اسپیشل پرسنز کے لئے قائم کیا جاچکا ہے جہاں بریل لینگوئج میں انہیں قرآن و سنّت کی تعلیمات سے روشناس کروایا جارہا ہے۔

مدرسۃ المدینہ بالغان کی بات کریں توتقریباً 45 ہزار 402 مدارس المدینہ بالغان میں کم و بیش 2 لاکھ 40 ہزار121 اسلامی بھائی قرآن پڑھ رہے ہیں۔

ملک و بیرونِ ملک میں مدرسۃ المدینہ بالغات کی تعداد 05 ہزار 925سے زائد ہے، جن میں تقریباً 66ہزار 214 اسلامی بہنیں قرآنِ پاک پڑھ رہی ہیں۔

فیضان آن لائن اکیڈمیز کی 45 برانچز ہیں جن میں ملک و بیرونِ ملک سے 21ہزار 913 اسٹوڈنٹس زیرِ تعلیم ہیں۔

دعوتِ اسلامی کے دنیا بھر میں 585 مراکز(فیضانِ مدینہ) قائم ہیں جن میں155 زیرِ تعمیر ہیں۔ ان مراکز میں مختلف تعلیمی اور تبلیغی فرائض انجام دیئے جاتے ہیں ۔

دعوتِ اسلامی کے تعلیمی، انتظامی، تبلیغی، تکنیکی ، فلاحی اور دیگر امورکو بحسنِ خوبی انجام دینے کے لئے54 ہزار سے زیادہ امپلائزہیں جن کی سیلری ہر مہینے 01ارب 51 کروڑ 31لاکھ 56ہزار اوپر بنتی ہے۔

مدنی چینل اس وقت 03 زبانوں میں چل رہا ہے۔ (01)اردو (02) انگلش (03)بنگلہ ۔ مدنی چینل کا ایک دن کا خرچہ تقریباً 20 لاکھ سے زیادہ ہے۔ کڈز مدنی چینل اور غلام رسول کے مدنی پھول و دیگرD 3اور D 2اسلامی کارٹونز بھی اچھی خاصی رقم خرچ کرکے آپ تک پہنچائے جاتے ہیں۔

تبلیغی اور تعلیمی اعداد و شمار کے بعد اب اگر میں بات کروں دعوتِ اسلامی کی فلاحی خدمات کی تو بے مثل و بے مثال خدمات انجام دینے والی دعوتِ اسلامی کے فلاحی ڈیپارٹمنٹ FGRF نے بالخصوص حالیہ بارشوں اور سیلاب میں ہونے والی تباہی میں اپنی فلاحی خدمات انجام دیتے ہوئے کمال کردیا:

Relief Report Pakistan

٭01 لاکھ 20ہزار لوگوں کو ٹینٹ میں پناہ دی گئی۔

٭ایک کروڑ 90 لاکھ سے زیادہ کیش رقم متاثرین میں تقسیم کی گئی۔

٭38سو ٹن راشن 2 لاکھ 75ہزار خاندانوں میں بانٹا گیا۔

٭لاکھوں افراد کو کھانا اور پینے کا صاف پانی مہیا کیا گیا۔

٭متاثرہ علاقوں میں 117 فری میڈیکل کیمپس لگائے گئے جن میں 37 ہزار افراد کابالکل مفت علاج کیا گیا۔

٭جانوروں کے علاج کے لئے 44 کیمپس لگائے گئے جن میں 77ہزار جانور وں کی ٹریٹمنٹ کی گئی۔

التجا: دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات میں اپنی استطاعت کے مطابق کچھ نہ کچھ ضرور حصہ ملائیں، اِن شآءَ اللہ دارین کی سعادتیں آپ کا مقدر ہوں گی۔

مزید معلومات اور ڈونیشن دینے کے لئے رابطہ فرمائیں۔

00447393123786

0311-1212142

donations@dawateislami.net

از: محمد عمر فیاض عطاری مدنی