ہمارے پیارے آقا ﷺ دافع البلا ہیں اس متعلق احادیث میں کئی دلائل موجود ہیں جبکہ قرآن مجید خود اس پر شاہد ہے کہ آپ دافع البلا ہیں، اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ سے سوال کیا گیا کہ ایک بدمذہب کہتا ہے کہ درود تاج اور دلائل الخیرات پڑھنا شرک ہے اس لیے کہ اس میں حضور ﷺ کی شان میں یہ الفاظ کہے گئے کہ دافع البلا والوباء و القحط والمرض والالم یعنی مصیبتوں، وباؤں، قحط بیماری اور تکلیفوں کو دور کرنے والے اور یہ الفاظ کہنا شرک ہے اور اس درود کو پڑھنا بدعت سیئہ ہے۔ سوال کرنے والے نے اس بد مذہب کو جواب میں جو دلائل دیئے وہ سوال میں مذکور ہیں ان میں سے چند یہ ہیں:

وَ مَا كَانَ اللّٰهُ لِیُعَذِّبَهُمْ وَ اَنْتَ فِیْهِمْؕ-(پ 9، الانفال: 33) ترجمہ: اللہ کہ یہ شان نہیں کہ انہیں عذاب دے جب تک اے حبیب تم ان میں تشریف فرما ہو۔

وَ مَاۤ اَرْسَلْنٰكَ اِلَّا رَحْمَةً لِّلْعٰلَمِیْنَ(۱۰۷) (پ 17، الانبیاء: 107) ترجمہ: اور ہم نے تمہیں تمام جہاں کے لیے رحمت بنا کر ہی بھیجا۔

قَالَ اِنَّمَاۤ اَنَا رَسُوْلُ رَبِّكِ ﳓ لِاَهَبَ لَكِ غُلٰمًا زَكِیًّا(۱۹) (پ 16، مریم: 19) ترجمہ: میں تو تیرے رب کا بھیجا ہوا ہوں تاکہ میں تجھے ایک پاکیزہ بیٹا عطا کروں۔

ہمیشہ سے علما ان کا ورد کرتے رہتے ہیں تو کیا سب مشرک ہوگئے؟ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے حضور ﷺ کو دافع البلاء فرمایا ہے، اس اعتراض کے جواب میں علمائے کرام نے اقوال پیش کیے ہیں، بدمذہبوں کے نزدیک تو معاذ اللہ سب مشرک جنہوں نے رسول ﷺ کو دافع البلاء لکھا ہے ہم احادیث سے کیا دلائل دیں جو بعد ہی لکھی گئی؟ حضور دافع البلاء ہیں اس پر قرآن مجید میں دلیل ہے: وَ لَوْ اَنَّهُمْ اِذْ ظَّلَمُوْۤا اَنْفُسَهُمْ جَآءُوْكَ فَاسْتَغْفَرُوا اللّٰهَ وَ اسْتَغْفَرَ لَهُمُ الرَّسُوْلُ لَوَجَدُوا اللّٰهَ تَوَّابًا رَّحِیْمًا(۶۴) (پ 5، النساء: 64) ترجمہ: اگر وہ اپنی جانوں پر ظلم کر بیٹھیں تو اے حبیب تمہاری بارگاہ میں حاضر ہوجائیں پھر اللہ سے معافی مانگیں اور رسول بھی ان کی مغفرت کی دعا فرمائیں تو ضرور اللہ کو بہت توبہ قبول کرنے والا مہربان پائیں۔ آیت کریمہ صاف بتارہی ہے کہ حضور کی بارگاہ میں حاضری توبہ قبول ہونے اور عذاب دور ہونے کا سبب ہے حالانکہ رب قادر ہے کہ ایسے ہی گناہ بخش دے مگر فرمایا کہ توبہ کی قبولیت چاہو تو ہمارے محبوب کی بارگاہ میں حاضر ہو۔ اسی طرح حدیث مبارکہ میں ہے: میں حمد ہوں میں محمد ہوں میں حاشر ہوں کہ لوگوں کو اپنے قدموں پر حشر دوں گا میں ماحی ہوں کہ اللہ میرے ذریعے سے کفر کی بلا دور فرماتا ہے۔ (مسلم، ص 985، حدیث: 2354)

رسالے میں ماحی یعنی مٹانے والا اس میں دلیل ہے کہ معاذ اللہ کفر سے بڑی اور کیا بلا ہے؟ آقا ﷺ کفر کو مٹانے والے ہیں ان سے بڑھ کر کون دافع البلاء ہے، اسی طرح تاریخ دمشق الکبیر میں ہے: میرا نام قرآن میں محمد، انجیل میں احمد، تورات میں اُحید اور میرا نام اُحید اس لیے ہوا کہ میں امت سے آتش دوزخ کو دفع فرماتا ہوں۔(فتاویٰ رضویہ، 30/473)

ان آیات و احادیث سے معلوم ہوا کہ حضور دافع البلا ہیں آقا ﷺ رب کی عطا سے بلاؤں کو دفع کرنے والے ہیں اور جو یہ کہے کہ حضور دافع البلاء نہیں اسے چاہیے کہ اپنی عقل کا علاج کروائے۔

کعبہ کے بدر الدجی تم پہ کروڑوں درود طیبہ کے شمس الضحی تم پہ کروڑوں درود


جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہم لمحہ بہ لمحہ موت کے قریب ہوتے جا رہے ہیں اور چونکہ موت کا وقت بھی کسی کو معلوم نہیں، یہ بھی جانتے ہیں کہ موت آنی ہی ہے اور ہمیں اپنے رب کے حضور پیش کیا جائے گا اور نہ کہ ہم خود بلکہ ہمارے اعمال بھی اللہ کی بارگاہ میں پیش کیے جائیں گے تو اگر ہمارے اعمال اللہ کی ناراضی والے ہوئے تو ہم کیا کریں گے اور ہمیں ہمارے گناہوں کے سبب جہنم میں ڈال دیا گیا تو ہم کس کے در پر جائیں گے؟ اس لیے ہمیں چاہیے کہ جو وقت ہمیں مل رہا ہے اس کو اللہ کی رضا والے کاموں میں بسر کریں تاکہ اللہ ہم سے راضی ہوجائے اور ہمیں بخش دے، ہم لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ رحمٰن ہے رحیم ہے تو یہ بھی درست ہے مگر جہاں وہ رحمٰن ہے وہاں وہ قہار بھی ہے جہاں وہ رحم فرماتا ہے وہاں وہ پکڑ فرمانے پر بھی قادر ہے، تو ہمیں یہ ہی چاہیے کہ ہماری جب تک زندگی ہے ہم اللہ کو راضی کرنے والے کاموں میں لگ جائیں، آئیے ہم قرآن پاک کی روشنی میں دیکھتی ہیں کہ کون سے اعمال کر کے ہم اللہ کو راضی کر سکتے ہیں:

فرامینِ الٰہی:

الَّذِیْنَ هُمْ فِیْ صَلَاتِهِمْ خٰشِعُوْنَۙ(۲) (پ 18، المؤمنون: 2) ترجمہ کنز الایمان: جو اپنی نماز میں گڑگڑاتے ہیں۔ اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ جو اپنی نماز کو خشوع و خضوع سے پڑھتے ہیں اس وقت ان کے دلوں میں اللہ کا خوف ہوتا ہے اس عمل کے ذریعے بھی ہم اللہ کو راضی کر سکتی ہیں۔

وَ الَّذِیْنَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَۙ(۳) (پ 18، المؤمنون: 3) ترجمہ کنز العرفان: اور وہ جو فضول بات سے منہ پھیرنے والے ہیں۔

وَ الَّذِیْنَ هُمْ لِلزَّكٰوةِ فٰعِلُوْنَۙ(۴) (پ 18، المؤمنون: 4) ترجمہ کنز الایمان: اور وہ جو زکوٰۃ دینے کا کام کرتے ہیں۔

4،5۔ وَ الَّذِیْنَ هُمْ لِاَمٰنٰتِهِمْ وَ عَهْدِهِمْ رٰعُوْنَۙ(۸) (پ 18، المؤمنون: 8) ترجمہ کنز الایمان: اور وہ جو اپنی امانتوں اور اپنے عہد کی رعایت کرنے والے ہیں۔ اس آیت میں دو اعمال کے متعلق ذکر فرمایا گیا کہ ایک تو وہ عمل ہے کہ بندہ امانت میں خیانت نہ کرے اور اللہ کی رضا حاصل کر لے اور دوسرا یہ کہ وعدہ خلافی نہ کرے۔ یاد رہے کہ امانتیں خواہ اللہ کی ہوں یا مخلوق کی اور اسی طرح عہدخدا کے ساتھ ہو یا مخلوق کے ساتھ سب کی وفا لازم ہے۔

وَ الَّذِیْنَ هُمْ عَلٰى صَلَوٰتِهِمْ یُحَافِظُوْنَۘ(۹) (پ 18، المؤمنون: 9) ترجمہ کنز الایمان: اور وہ جو اپنی نمازوں کی نگہبانی کرتے ہیں۔اس آیت میں یہ فرمایا گیا کہ وہ لوگ کامیاب ہیں جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں اور یہ رضائے الٰہی پانے کا اچھا ذریعہ ہے۔

وَ الَّذِیْنَ هُمْ لِفُرُوْجِهِمْ حٰفِظُوْنَۙ(۵) (پ 18، المؤمنون: 5) ترجمہ کنز الایمان: اور وہ جو اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرتے ہیں۔

حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: میرے لیے چھ چیزوں کے ضامن ہو جاؤ میں تمہارے لیے جنت کا ضامن ہوں: بات بولو تو سچ بولو، وعدہ کرو تو پورا کرو، تمہارے پاس امانت رکھی جائے تو ادا کرو، اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرو، اپنی نگاہوں کو پست کرو اور اپنے ہاتھوں کو روکو۔ (مسند امام احمد، 8/412، حدیث: 22821) اس میں جنت کی ضمانت دی گئی تو ظاہر ہے کہ جو عمل کر کے ہم جنت حاصل کر سکتے ہیں وہ رضائے الٰہی پانے کا بھی بہترین ذریعہ ہے، کیونکہ اللہ کے راضی ہونے سے ہی ہم داخلِ جنت ہوں گے، اللہ رحم کرنے پر آئے تو وہ ایک چھوٹی سے چھوٹی نیکی پر بھی بخش سکتا ہے اور اگر غضب فرمانے پر آئے تو چھوٹے سے چھوٹے گناہ پر بھی پکڑ فرمانے پر قادر ہے، اس لیے ہم نیت کرتی ہیں کہ اللہ کی ناراضی والے تمام کاموں کو چھوڑ کر نیکیوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گی۔ اللہ سے دعا ہے کہ اے اللہ تو ہمیں راضی فرما اور ہم سے راضی ہوجا۔ آمین


قطع تعلقی یعنی تعلقات توڑنا ایک معیوب عمل ہے جو انسان کو حسنِ اخلاق سے محروم کر دیتا ہے اور رب کی ناراضگی کا باعث بنتا ہے۔ صدرُالشریعہ مولانا امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: صلۂ رحم کے معنی رشتہ کو جوڑنا ہے، یعنی رشتہ والوں کے ساتھ نیکی اور سلوک کرنا، ساری امت کا اس پر اتفاق ہے کہ صلۂ رحم واجب ہے اور قطع رحم (یعنی رشتہ کاٹنا) حرام ہے۔ (بہارِ شریعت، 3/558، حصہ: 6) یاد رہے قطع تعلقی ظلم کی ایک بد تر صورت جسکی احادیثِ مبارکہ میں سخت مذمت بیان کی گئی ہے، چنانچہ

فرامینِ مصطفیٰ:

1۔ شراب کا عادی، جادو پریقین رکھنے والا اور قطع رحمی کرنے والا جنت میں داخل نہ ہوگا۔ (الاحسان بترتیب صحیح ابن حبان، 7/648، حدیث: 6104)

2۔ جس قوم میں رشتہ داری توڑنے والا ہوتا ہے اس پر رحمت نہیں اترتی۔ (شعب الایمان، 6/223، حدیث: 7962)

3۔ کسی مسلمان کو یہ حلال نہیں کہ وہ کسی مسلمان کو تین دن سے زیادہ چھوڑے رہے تو اگر اس پر تین دن گزر جائیں تو یہ اس سے ملے اسے سلام کرے پھر اگر وہ اسے سلام کا جواب دے دے تو دونوں ثواب میں شریک ہوگئے اور اگر جواب نہ دے تو وہ گناہ کے ساتھ لوٹا سلام کرنے والا چھوڑنے سے نکل گیا۔ ( مراة المناجیح، 6/ 414)

4۔ رشتہ کاٹنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ (مسلم، ص 1383، حدیث: 2556)

5۔ جس گناہ کی سزا دنیا میں بھی جلد ہی دیدی جائے اور اس کے لئے آخرت میں بھی عذاب رہے وہ بغاوت اور قَطع رَحمی سے بڑھ کر نہیں۔ (ترمذی، 4 / 229،حدیث: 2519)

اے حسنِ اخلاق کے طلبگارو! شیطان انسان کو قطع تعلقی پر ابھارنے کیلئے طرح طرح کے حیلے بہانوں پر ابھارتا ہے اور دل میں یہ وسوسہ ڈالتا ہے کہ فلاں کا رویہ میرے ساتھ ایسا تھا، فلاں نے مجھے طعن و تشنیع کا نشانہ بنایا تو میں کیوں اچھائی کروں تو ذہن نشین فرما لیجیے کہ صلۂ رحمی اس کا نام نہیں کہ وہ سلوک کرے تو تم بھی کرو، یہ چیز تو حقیقت میں مکافاۃ یعنی ادلا بدلا کرنا ہے حقیقی مزہ تو تب ہی ہے کہ وہ کاٹے تم اس سے جوڑو، وہ تم سے دور جانا چاہتا ہے بے اعتنائی کرتا ہے تو تم اس کے ساتھ رشتے کے حقوق کی مراعات کرو اور یہ سب محض رضائے رب الانام کیلئے ہو۔ اللہ پاک ہمیں قطع تعلقی سے بچائے اور صلح رحمی کو اپنا شعار بنانے کی توفیق مرحمت فرمائے۔ آمین 


قطع تعلقی حرام ہے جو کہ معاشرے میں عام ہو چکا ہے لوگوں میں الله پاک کا خوف ختم ہو چکا ہے ساری امت کا اس پر اتفاق ہے کہ صلہ رحمی واجب ہے قطع تعلقی حرام ہے۔ جب تک شریعت اجازت نہ دے تب تک قطع تعلقی نہیں کرنی چاہیے۔ قرآنِ پاک میں ارشاد ہے: وَ اتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِیْ تَسَآءَلُوْنَ بِهٖ وَ الْاَرْحَامَؕ-اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلَیْكُمْ رَقِیْبًا(۱) (پ 4، النساء: 1) ترجمہ کنز الایمان: اور اللہ سے ڈرو جس کے نام پر مانگتے ہو اور رشتوں کا لحاظ رکھو بے شک اللہ ہر وقت تمہیں دیکھ رہا ہے۔اس آیتِ مبارکہ کے تحت تفسیرِ مظہری میں ہے: یعنی تم قطع رحم (یعنی رشتے داروں سے تعلق توڑنے) سے بچو۔ (تفسیرِ مظہری، 2/3)

قطع تعلقی کے متعلق احادیث مبارکہ:

1۔ رشتہ کاٹنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ (بخاری، 6/97، حدیث:5986)

2۔ الله پاک فرماتا ہے: جو جوڑے گا میں اسے ملاؤں گا اور جو کاٹے گا میں اسے ہلاک کروں گا۔ (ابوداؤد، 2/183، حدیث: 1694)

3۔ جو یہ چاہے کہ اس کے رزق میں کشادگی اور عمر میں اضافہ کیا جائے تو اسے صلہ رحمی کرنی چاہیے۔ (مسلم، ص1384، حدیث:255)

4۔ جس قوم میں رشتہ داری توڑنے والا ہوتا ہے اس پر رحمت نہیں اترتی۔ (شعب الایمان،7/223، حدیث: 7962)

5۔ جس گناہ کی سزا دنیا میں بھی جلد ہی دے دی جائے اور اس کے لیے آخرت میں بھی عذاب رہے وہ بغاوت اور قطع رحمی سے بڑھ کر نہیں۔ (ترمذی، 4/229، حدیث: 2519)

رشتے جوڑیئے: صلہ رحمی (رشتے داروں کے ساتھ اچھا سلوک) اسکا نام نہیں کہ وہ سلوک کرے تو تم بھی کرو یہ چیز تو حقیقت میں مکافاۃ یعنی ادلا بدلا کرنا ہے کہ اس نے تمہارے پاس چیز بھیج دی تم نے اس کے پاس بھیج دی وہ تمہارے یہاں آیا تم اس کے پاس چلے گئے۔ حقیقتاً صلہ رحمی (یعنی کامل درجے کا رشتے داروں سے اچھا سلوک) یہ ہے کہ وہ کاٹے اور تم جوڑو وہ تم سے جدا ہونا چاہتا ہے بے اعتنائی (لا پرواہی) کرتا ہے اور تم اس کے ساتھ رشتے کے حقوق کی مراعات (لحاظ و رعایت) کرو۔ (رد المحتار، 9/687)

اگر ہم کسی کے ساتھ قطع تعلقی کر رہے ہیں تو ہمیں چاہیے کہ الله سے ڈریں اور ہمیں دوسروں کو بھی اسکی مذمت کے بارے میں الله کا خوف دلانا چاہیے اگر ہماری کسی رشتے دار کے ساتھ ناراضگی ہے تو ہمیں صلح کے لیے خود پہل کر لینی چاہیے اور خود آگے بڑھ کر خندہ پیشانی کے ساتھ اس سے مل کر تعلقات سنوار لینے چاہئیں۔ الله پاک ہمیں قطع تعلقی کرنے سے محفوظ فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

قطع تعلق حرام ہے۔ قرآنِ پاک میں قطع تعلقی سے منع فرمایا گیا ہے: وَ اتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِیْ تَسَآءَلُوْنَ بِهٖ وَ الْاَرْحَامَؕ-اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلَیْكُمْ رَقِیْبًا(۱) (پ 4، النساء: 1) ترجمہ کنز الایمان: اور اللہ سے ڈرو جس کے نام پر مانگتے ہو اور رشتوں کا لحاظ رکھو بے شک اللہ ہر وقت تمہیں دیکھ رہا ہے۔اس آیتِ مبارکہ کے تحت تفسیرِ مظہری میں ہے یعنی تم قطع رحم یعنی رشتے داروں سے تعلق توڑنے سے بچو۔ (تفسیرِ مظہری، 2/3)

قطع رحمی کی ایک صورت: جب اپنا کوئی رشتے دار کوئی حاجت پیش کرے تو اسکی حاجت روائی کرے اس کو رد کر دینا قطع رحم (یعنی رشتہ کاٹنا) ہے۔ (درر، ص323) یاد رہے! قطع رحم یعنی رشتہ کاٹنا حرام ہے۔

قطع رحمی کے متعلق فرامینِ مصطفیٰ:

1۔ رشتہ کاٹنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ (بخاری، 4/97، حدیث:598)

2۔ جس قوم میں قاطع رحم (یعنی رشتے داری توڑنے والا) ہو اس قوم پر الله کی رحمت کا نزول نہیں ہوتا۔ (الزواجر، 2/153)

3۔ جسے یہ پسند ہو کہ اس کے لیے (جنت میں) محل بنایا جائے اور اس کے درجات بلند کیے جائیں، اسے چاہیے کہ جو اس پر ظلم کرے یہ اسے معاف کرے اور جو اسے محروم کرے یہ اسے عطا کرے۔ اور جو اس سے قطع تعلقی کرے یہ اس سے ناطہ (یعنی تعلق) جوڑے۔ (مستدرک: 3/16، حدیث:3615)

4۔ حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس قوم میں رشتہ داری توڑنے والاہوتا ہے اس پر رحمت نہیں اترتی۔ (شعب الایمان، 6/223، حدیث: 7962)

5۔ حضرت ابو بکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس گناہ کی سزا دنیا میں بھی جلد ہی دیدی جائے اور اس کے لئے آخرت میں بھی عذاب رہے وہ بغاوت اور قَطع رَحمی سے بڑھ کر نہیں۔ (ترمذی، 4/229، حدیث: 2519)

الله پاک سے دعا ہے کہ ہمیں قطع تعلقی سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین


قطع کے معنیٰ تعلق توڑنے کے ہیں، ہمارے معاشرے میں قطع تعلقی بہت عام ہو چکی ہے جو کہ حرام ہے، قطع تعلقی کو مطقاً حلال سمجھنا کفر ہے۔

قطع تعلقی کی تعریف: شریعت میں جن سے صلہ رحمی(نیک سلوک) کا حکم دیا گیا ہے ان سے تعلق توڑنا قطع تعلقی ہے۔ (صلہ رحمی اور قطع تعلقی کے احکام، ص226)

قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں رشتہ داری کی شدید مذمت بیان کی گئی ہے، چنانچہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:وَ الَّذِیْنَ یَنْقُضُوْنَ عَهْدَ اللّٰهِ مِنْۢ بَعْدِ مِیْثَاقِهٖ وَ یَقْطَعُوْنَ مَاۤ اَمَرَ اللّٰهُ بِهٖۤ اَنْ یُّوْصَلَ وَ یُفْسِدُوْنَ فِی الْاَرْضِۙ-اُولٰٓىٕكَ لَهُمُ اللَّعْنَةُ وَ لَهُمْ سُوْٓءُ الدَّارِ(۲۵) (پ 13، الرعد: 25) ترجمہ کنز الایمان: اور وہ جو اللہ کا عہد اس کے پکے ہونے کے بعد توڑتے اور جس کے جوڑنے کو اللہ نے فرمایا اسے قطع کرتے اور زمین میں فساد پھیلاتے ہیں ان کا حصہ لعنت ہی ہے اور اُن کا نصیبہ بُرا گھر۔

رشتہ توڑنے کی مذمت پر فرامینِ مصطفیٰ:

1۔ حضرت ابوبکر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس گناہ کی سزا دنیا میں بھی جلد ہی دیدی جائے اور اس کے لئے آخرت میں بھی عذاب رہے وہ بغاوت اور قَطع رَحمی سے بڑھ کر نہیں۔ (ترمذی، 4/229، حدیث: 2519)

2۔ حضرت جُبَیر بن مُطْعَم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورِ اقدس ﷺ نے ارشاد فرمایا: رشتہ داری توڑنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ (بخاری، 4/97، حدیث: 5984)

3۔ حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس کو یہ بات اچھی لگتی ہے کہ اس کا رزق فراخ ہو اور اس کی عمر دراز ہو جائے تو اسے چاہئے کہ صلہ رحمی کیا کرے۔ (بخاری،4/97، حدیث: 5985)

4۔ حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: بدلہ لینے والا صلہ رحمی کرنے والا نہیں بلکہ صلہ رحمی کرنے والا وہ ہے کہ جب اس سے رشتہ توڑا جائے تو وہ اسے جوڑے۔ (بخاری، 4/98، حدیث: 5991)

5۔ حضرت عبداللہ بن عباس سے روایت ہے کہ سرکار ِدو عالَم ﷺ نے ارشاد فرمایا: و ہ ہم میں سے نہیں جو ہمارے چھوٹوں پر رحم نہ کرے اور ہمارے بڑوں کی تعظیم نہ کرے اور اچھی باتوں کا حکم نہ کرے اور بری باتوں سے منع نہ کرے۔ (ترمذی، 3/369، حدیث: 1928)

یاد رکھیں! غیبت، حسد، تکبر، وعدہ خلافی، لڑائی جھگڑے کی وجہ سے انسان اپنے رشتہ داروں سے تعلق توڑ دیتا ہے اسی لیے ہر مسلمان کو ان سب برائیوں سے بچتے رہنا چاہیے اور صلہ رحمی کے فضائل پڑھتے اور سنتے رہنا چاہیے۔

الله پاک سے دعا ہے کہ تمام مسلمانوں کو قطع تعلقی سے بچائے اور سب کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین ﷺ


صلہ رحمی واجب جبکہ قطع رحمی حرام ہے۔ مگر افسوس ہمارے معاشرے میں یہ بُری عادت بھی پائی جاتی ہے، ہمارے رشتہ دار ہمارے ساتھ حسن سلوک کریں یا نہ کریں شریعت مطہرہ ہمیں انکے ساتھ اچھا سلوک کرنے کا درس دیتی ہے۔

صِلۂ رِحم کا معنیٰ رشتے کو جوڑنا ہے، یعنی رشتہ والوں کے ساتھ نیکی اور (حُسنِ) سلوک کرنا۔ (بہارِ شریعت،3/ 558) جبکہ رشتہ داری توڑنا اور ان کے ساتھ نیکی اور اچھا سلوک نہ کرنا قطع رحمی یعنی تعلق توڑنا ہے۔

قرآن پاک میں الله پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ اتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِیْ تَسَآءَلُوْنَ بِهٖ وَ الْاَرْحَامَؕ-اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلَیْكُمْ رَقِیْبًا(۱) (پ 4، النساء: 1) ترجمہ کنز الایمان: اور اللہ سے ڈرو جس کے نام پر مانگتے ہو اور رشتوں کا لحاظ رکھو بے شک اللہ ہر وقت تمہیں دیکھ رہا ہے۔مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: مُسَلمانوں پر جیسے نماز، روزہ،حج،زکوٰۃوغیرہ ضروری ہے، ایسے ہی قَرابت داروں کا حق اَدا کرنا بھی نہایت ضروری ہے۔ (تفسیر نعیمی،4/455)

احادیث مبارکہ کی روشنی میں قطع تعلقی کی مذمت:

1۔ رحمت نہ اترنے کا سبب: جس قوم میں رشتہ داری توڑنے والاہوتا ہے اس پر رحمت نہیں اترتی۔ (شعب الایمان، 6/223، حدیث:7962)

2۔ جنت میں داخلہ ممنوع: رشتہ داروں سے تعلق توڑنے والا جنت میں داخل نہ ہوگا۔ (مسلم، ص 1338، حدیث:2556)

3۔ دنیا میں بھی سزا: جس گناہ کی سزا دنیا میں بھی جلد ہی دیدی جائے اور اس کے لئے آخرت میں بھی عذاب رہے وہ بغاوت اور قَطع رَحمی سے بڑھ کر نہیں۔ (ترمذی، 4/229، حدیث: 2519)

4۔ رشتہ داری کاٹنا: حدیث قدسی ہے الله پاک نے رحم (رشتہ داری) سے فرمایا: جو تجھے ملائے گا میں اسے ملاؤں گااور جو تجھے کاٹے گا میں اُسے کاٹوں گا۔ (بخاری، 4/98، حدیث: 5988)

5۔ مغفرت سے محروم: پیر اور جمعرات کو الله پاک کے حضور لوگوں کے اعمال پیش ہوتے ہیں تو الله پاک آپس میں عداوت رکھنے اور قطعِ رحمی کرنے والے کے علاوہ سب کی مغفرت فرمادیتا ہے۔ (معجم کبیر، 1/167، حدیث:409)

اے عاشقان رسول! اگر آپ نے بھی اپنے رشتہ داروں سے قطع تعلقی کی ہوئی ہے تو اگرچہ قصور اُنکا ہی ہو سانس بعد میں لیجیئے پہلے ان سے صلح کرلیجیے اور حسن سلوک سے پیش آئیے۔

رشتہ داروں سے سلوک کی صورتیں: صلہ رحم کی مختلف صورتیں ہیں انکو ہدیہ تخفہ دینا اور اگر انکو کسی کام میں تمہاری اعانت مدد درکار ہو تو اس کام میں انکی مدد کرنا،انہیں سلام کرنا، انکی ملاقات کو جانا،انکے پاس اٹھنا بیٹھنا، انکے ساتھ بات چیت کرنا،انکے ساتھ لطف و مہربانی سے پیش آنا۔ الله پاک ہمیں شریعت کے احکامات کے مطابق اپنی زندگی بسر کرنےوالا بنائے۔ آمین یا رب العالمین


شریعت میں جن سے صلہ یعنی نیک سلوک کا حکم دیا گیا ہے ان سے تعلق توڑنا قطع تعلقی ہے۔

قطع تعلقی کی چند مثالیں: بلااجازت شرعی اپنے کسی رشتے دار سے بات چیت اور ملنا ختم کر دینا، کسی کو کمتر سمجھتے ہوئے اس سے ملنا ختم کر دینا وغیرہ۔

قطع تعلقی کی مذمت میں فرمانِ باری تعالیٰ: فَهَلْ عَسَیْتُمْ اِنْ تَوَلَّیْتُمْ اَنْ تُفْسِدُوْا فِی الْاَرْضِ وَ تُقَطِّعُوْۤا اَرْحَامَكُمْ(۲۲) اُولٰٓىٕكَ الَّذِیْنَ لَعَنَهُمُ اللّٰهُ فَاَصَمَّهُمْ وَ اَعْمٰۤى اَبْصَارَهُمْ(۲۳) (پ 26، محمد: 22-23) ترجمہ کنز الایمان: تو کیا تمہارے لچھن نظر آتے ہیں کہ اگر تمہیں حکومت ملے تو زمین میں فساد پھیلاؤ اور اپنے رشتے کاٹ دو یہ ہیں وہ لوگ جن پر اللہ نے لعنت کی اور انہیں حق سے بہرا کردیا اور ان کی آنکھیں پھوڑ دیں۔

قطع تعلقی کی مذمت پر فرامین مصطفیٰ:

1۔ قطع تعلقی کرنے والا جنت میں نہ جائے گا۔ (ترمذی، 3/364، حدیث: 1916)

2۔ نبی پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا: دو شخصوں کی طرف قیامت کے دن رب تعالیٰ نظر رحمت نہیں فرمائے گا: قطع رحمی کرنے والا اور برا ہمسایہ۔ (کنز العمال، 3/655)

3۔ بے شک بنی آدم کے اعمال ہر جمعہ کی رات کو پیش کیے جاتے ہیں اور قاطع رحم کے اعمال قبو ل نہیں کیے جاتے۔ (شعب الایمان، 10/341)

4۔ دو گناہ ایسے ہیں جن کی سزا جلدی ہے اور معافی نہیں ہے: ظلم اور قطع رحمی۔ (شعب الایمان، 10/337) لہٰذا ہمیں چاہیے کہ قطع رحمی سے بچیں اور صلہ رحمی کو اپنائیں اس لیے کہ نبی پاک ﷺ نے فرمایا: جو تجھے محروم کرے تو اسے عطا کر، جو تجھ پر ظلم کرے اسے معاف کر اور جو تم سے تعلق توڑے اس سے تعلق جوڑو۔ (شعب الایمان، 10/335)

نیز صلہ رحمی کرنے والے کی عمر میں اور رزق میں برکت و زیادتی ہوتی ہے، عزت ملتی ہے، یہ دنیاوی فوائد ہیں جبکہ اخروی فوائد یہ ہیں کہ یہ دخول جنت کا سبب ہے، رب تعالیٰ کی رضا ملتی ہے وغیرہ۔ اور قطع رحمی سے دنیا میں بھی نقصانات ہوتے ہیں، مثلا لوگوں سے عداوت و دشمنی پیدا ہوتی ہے، ذلت و تنہائی میں مبتلا کر کے غموں میں اضافہ کرتی ہے وغیرہ، اور آخرت میں بھی نقصانات و عذابات ملتے ہیں، مثلا رب تعالیٰ کی ناراضگی کا سبب، اللہ کی رحمت سے دوری اور ایسا شخص جنت میں داخل نہیں ہوگا اس لیے ہمیں اللہ کے عذابات سے ڈرتے ہوئے صلہ رحمی کرنی چاہیے۔ اللہ پاک ہم سب کو صلہ رحمی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین


بلاوجہ شرعی تین دن سے زیادہ مسلمانوں سے قطع تعلق حرام ہے، قطع تعلقی کو مطلقا حلال سمجھنا کفر ہے، بدمذہب بے دین سے ہر قسم کا تعلق توڑنا فرض ہے، اگر ہم کسی سے بغیر اجازت شرعی تعلق توڑیں گے تو حرام ہے تو اس کی مذمت قرآن و حدیث میں صراحت کیساتھ وارد ہے اللہ ہمیں اس سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔

قطع تعلقی کی تعریف: شریعت میں جن سے صلہ (نیک سلوک) کا حکم دیا گیا ان سے تعلق توڑنا قطع تعلق ہے۔ (صلہ رحمی اور قطع تعلقی کے احکام، ص 226)

فرامین مصطفیٰ:

1۔ کسی مسلمان کے لیے جائز نہیں کہ تین دن سے زیادہ اپنے مسلمان بھائی سے تعلق توڑے، جو تین دن سے زیادہ تعلق توڑے اور اس حال میں مر جائے تو جہنم میں جائے گا۔ (ابو داود، 4/364، حدیث: 4914)

2۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: میں اللہ ہوں، میں رحمٰن ہوں اور میں نے رحم یعنی رشتہ کو پیدا کیا ہے اور اس کا نام اپنے نام سے مشتق کیا پس جو اسے ملائے گا میں اسے ملائے رکھوں گا اور جو اس کو قطع کرے گا یعنی کاٹے گا میں اس سے قطع کروں گا۔ (ترمذی، 3/363، حدیث: 1914)

3۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ ایک بار مجلس میں تشریف فرما تھے انہوں نے فرمایا: میں قاطع رحم (رشتہ توڑنے والے کو) اللہ کی قسم دیتا ہوں کہ وہ یہاں سے اٹھ جائے تاکہ ہم اللہ سے مغفرت کی دعا کریں کیونکہ قاطع رحم پر آسمان کے دروازے بند رہتے ہیں یعنی وہ اگر یہاں موجود رہے گا تو رحمت نہیں اترے گی اور ہماری دعا قبول نہیں ہوگی۔ (معجم کبیر، 9/158، حدیث: 8793)

4۔ ہر جمعرات اور جمعہ کی رات بنی آدم کے اعمال پیش کیے جاتے ہیں بس قطع رحمی کرنے والے کا عمل قبول نہیں کیا جاتا۔ (مسند امام احمد، 3/532، حدیث: 10276)

5۔ میرے پاس جبرائیل آئے اور عرض کی: یہ شعبان کی پندرہویں رات ہے اور اس رات اللہ بنی کلب کی بکریوں کے بالوں سے زیادہ لوگوں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے اس میں اللہ نہ مشرک کی طرف نظر رحمت فرماتا ہے، نہ دشمنی رکھنے والے کی طرف، نہ قطع رحمی کرنے والے کی طرف، نہ تکبر سے اپنا تہبند لٹکانے والے کی طرف، نہ والدین کے نافرمان کی طرف اور نہ ہی شراب کے عادی کی طرف۔ (شعب الایمان، 3/383، حدیث: 3837)

معاشرتی نقصانات: قطع تعلقی سے لڑائی جھگڑی، حسد، تکبر، دنیا کی محبت، دوسرے کی عزت نفس کا خیال نہ کرنا اور علم دین کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

قطع رحمی سے بچنے کی ترغیب: موت کو کثرت سے یاد کیجیے، گناہوں سے بچنے کا ذہن بنے، قطع تعلقی کی تباہ کاریوں پر غور کریں، طنز و تنقید کی عادت سے پیچھا چھڑائیے، اللہ کی عطا پر نظر رکھیے۔


شریعت میں جن سے صلہ رحمی یعنی نیک سلوک کا حکم دیا گیا ہے ان سے تعلق توڑنا قطع تعلقی ہے۔

قطع تعلقی کی چند مثالیں: بلااجازت شرعی اپنے کسی رشتے دار سے بات چیت اور ملنا ختم کر دینا، قادر ہونے کے باوجود اس کی حاجت پوری نہ کرنا، کسی کو کمتر سمجھتے ہوئے اس سے ملنا ختم کر دینا۔

قطع تعلقی کے احکام: بلاوجہ شرعی تین دن سے زیادہ مسلمانوں سے قطع تعلقی حرام ہے، قطع تعلقی کو مطلقا حلال سمجھنا کفر ہے، بدمذہب و بے دین سے ہر قسم کا قطع تعلق فرض ہے۔ آیت مبارکہ ہے: الَّذِیْنَ یَنْقُضُوْنَ عَهْدَ اللّٰهِ مِنْۢ بَعْدِ مِیْثَاقِهٖ۪-وَ یَقْطَعُوْنَ مَاۤ اَمَرَ اللّٰهُ بِهٖۤ اَنْ یُّوْصَلَ وَ یُفْسِدُوْنَ فِی الْاَرْضِؕ-اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْخٰسِرُوْنَ(۲۷) (پ 1، البقرۃ: 27) ترجمہ کنز الایمان: وہ جو اللہ کے عہد کو توڑ دیتے ہیں پکا ہونے کے بعد اور کاٹتے ہیں اس چیز کو جس کے جوڑنے کا خدا نے حکم دیا ہے اور زمین میں فساد پھیلاتے ہیں وہی نقصان میں ہیں۔ اس آیت کی تفسیر میں ہے کہ " جس کا حکم اللہ نے دیا ہے" سے ایک مراد تعلقات جوڑنا ہے۔

وَ اتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِیْ تَسَآءَلُوْنَ بِهٖ وَ الْاَرْحَامَؕ-اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلَیْكُمْ رَقِیْبًا(۱) (پ 4، النساء: 1) ترجمہ کنز الایمان: اور اللہ سے ڈرو جس کے نام پر مانگتے ہو اور رشتوں کا لحاظ رکھو بے شک اللہ ہر وقت تمہیں دیکھ رہا ہے۔اس آیت مبارکہ کے تحت تفسیر مظہری میں ہے: یعنی تم قطع رحمی (یعنی رشتہ داروں سے تعلق توڑنے) سے بچو۔ اس حوالے سے فرامین مصطفیٰ ملاحظہ ہوں:

1۔ پیر اور جمعرات کو اللہ کے حضور لوگوں کے اعمال پیش ہوتے ہیں تو اللہ آپس میں عداوت رکھنے اور قطع رحمی کرنے والوں کے علاوہ سب کی مغفرت فرما دیتا ہے۔ (معجم کبیر، 1/167، حدیث: 409)

2۔ رشتہ کاٹنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ (بخاری، 4/917، حدیث: 5984) تفہیم البخاری میں ہے کہ اس میں اختلاف نہیں کہ صلہ رحمی واجب ہے اور قطع کرنا کبیرہ گناہ ہے۔

3۔ امانت اور صلہ رحمی کو بھیجا جائے گا تو وہ پل صراط کے دائیں اور بائیں جانب کھڑی ہو جائیں گی۔ (مسلم، ص 127، حدیث: 349) حکیم الامت مفتی احمد یار خان اس حدیث پاک کے تحت فرماتے ہیں: یہ ان دونوں وصفوں کی انتہائی تعظیم ہوگی کہ ان دونوں کو پل صراط کے آس پاس کھڑا کیا جائے گا شفاعت اور شکایت کے لیے کہ ان کی شفاعت پر نجات اور ان کی شکایت پر پکڑ ہوگی، اس فرمان عالی سے معلوم ہوا کہ انسان امانت داری اور رشتے دارون کے حقوق کی ادائیگی میں ضرور احتیاط کو لازم پکڑے کہ ان دونوں میں کوتاہی کرنے پر سخت پکڑ ہے مگر ان کی شفاعت پر دوزخ سے نجات ہے ان کی شکایت پر وہاں گرتا ہے۔ (مراٰۃ المناجیح، ص 24)لہٰذا ہمیں بھی چاہیے کہ قطع رحمی سے بچیں اگر ہمارا کوئی رشتہ دار ہم سے ناراض ہے تو خود آگے بڑھ کر اس سے معافی مانگ لیں کہ ایسا کرنے سے ثواب بھی ملے گا اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کی نیت بھی کرے۔ ہمیں چاہیے کہ اگر کوئی ہم سے تعلق قطع کر بھی رہا ہو تو ہم اس کو جوڑیں کہ اس کی بہت فضیلت ہے۔


شریعت میں جن سے صلہ (نیک سلوک) کا حکم دیا گیا ہے ان سے تعلق توڑنا قطع تعلقی کرنا کہلاتا ہے۔ ہم سب کو اپنے رشتہ داروں سے حسن سلوک سے پیش آنا چاہے وہ رشتہ دار امیر ہو یا غریب ہو، رشتہ داروں سے حسن سلوک سے پیش آنا سنت بھی ہے، اور اس سے اللہ کے حکم کی بھی پیروی ہو جاتی ہے، آج کل ہمارے معاشرے میں یہ عام ہوتا جا رہا ہے کہ جو رشتہ دار اسٹیٹس کا نہ ہو یعنی غریب ہو تو اس سے میل ملاپ کم کر دیا جاتا ہے، بعض اوقات تو جو رشتہ دار غریب ہو تو اس سے رشتہ داری ہی ختم کر دی جاتی ہے، بعض دفعہ باطنی بیماریوں جیسے امراض مثلا حسد اور تکبر بھی قطع تعلقی کا سبب بنتے ہیں، بلاوجہ شرعی تین دن سے زیادہ مسلمانوں سے قطع تعلقی حرام ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، 6/599) قطع تعلقی کو مطلقا حلال سمجھنا کفر ہے۔ (صلہ رحمی اور قطع تعلقی کے احکام، ص 228) بد مذہب بے دین سے ہر قسم کا قطع تعلق فرض ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، 14/594) یہ سب اسباب صرف اور صرف علم دین سے دوری کی وجہ سے ہیں۔ یا اللہ ہم سب کو رشتہ داروں کے حقوق پورے کرنے کی توفیق عطا فرما!

فرامین مصطفیٰ:

1۔ رشتے داری کے حقوق کو پامال کرنے والا شخص جنت میں داخل نہیں ہوگا۔(ریاض الصالحین، ص 109، حدیث:339)

2۔ رشتے داری کے حقوق کا خیال رکھنے والا وہ شخص نہیں ہوتا جو کسی اچھائی کا بدلہ دینا چاہتا ہو بلکہ خیال رکھنے والا وہ شخص ہوتا ہے جب اس کے ساتھ رشتے داری کو ختم کیا جا رہا ہو تو وہ اس وقت اسے برقرار رکھے۔ (ریاض الصالحین، ص 104، حدیث: 322)

3۔ ایک شخص نے بارگاہ رسالت میں عرض کی: یا رسول اللہ! میرے کچھ رشتہ دار ہیں جن کے ساتھ میں تعلق برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہوں تو وہ اسے توڑ دیتے ہیں، میں ان کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہوں اور وہ میرے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں، میں ان کے ساتھ تحمل سے پیش آتا ہوں وہ میرے ساتھ جاہلانہ رویہ کرتے ہیں۔ (مجھے کیا کرنا چاہیے؟) نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جیسے تم نے بتایا ہے اگر واقعی ایسا ہے تو تم انہیں جلتی ہوئی راکھ کھلا رہے ہو اور تم جب تک ایسا کرتے رہوگے اللہ پاک کی طرف سے ایک مددگار تمہیں نصیب رہے گا۔(ریاض الصالحین، ص 103، حدیث: 318)

4۔ جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے مہمان کی عزت افزائی کرے جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ رشتے داری کے حقوق کا خیال رکھے اور جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ اچھی بات کہے ورنہ خاموش رہے۔ (ریاض الصالحین، ص 102، حدیث: 314)

5۔ کسی مسلمان کے لیے جائز نہیں کہ تین دن سے زیادہ اپنے مسلمان بھائی سے تعلق توڑے جو تین دن سے زیادہ تعلق توڑے اور اس حال میں مر جائے تو جہنم میں جائے گا۔ (ابو داود، 4/364، حدیث: 4914)


قاضی عیاض رحمۃ اللہ علیہ نے کہا ہے کہ اس پر اتفاق ہے کہ فی الجملہ صلہ رحمی کرنا واجب ہے اور قطع رحم کرنا معصیت کبیرہ ہے جیسا کہ حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: رشتہ داروں سے قطع تعلق کرنے والا جنت میں داخل نہیں ہوگا۔ (شرح صحیح مسلم، 7/94)

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں کشادگی کی جائے یا اس کی عمر دراز کی جائے اسے چاہیے کہ وہ صلہ رحمی کرے۔ (شرح صحیح مسلم، 7/95)

قطع رحمی کی مذمت پر نہ صرف احادیث کریمہ بلکہ اللہ کا پاک کلام بھی اس بات پر شاہد ہے کہ قطع رحمی شدید مذموم صفت ہے، اللہ پاک سورۂ نساء پارہ نمبر 4 میں ارشاد فرماتا ہے: وَ اتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِیْ تَسَآءَلُوْنَ بِهٖ وَ الْاَرْحَامَؕ-اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلَیْكُمْ رَقِیْبًا(۱) (پ 4، النساء: 1) ترجمہ کنز الایمان: اور اللہ سے ڈرو جس کے نام پر مانگتے ہو اور رشتوں کا لحاظ رکھو بے شک اللہ ہر وقت تمہیں دیکھ رہا ہے۔

نبی پاک ﷺ کا فرمان عالیشان ہے کہ سرکشی اور قطع رحمی سے بڑھ کر کوئی گناہ ایسا نہیں کہ اللہ دنیا میں فورا اس گناہ کے کرنے والے کو سزا دے اور اس کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی سزا دے۔(جہنم میں لے جانے والے اعمال، 2/277)

مندرجہ بالا آیت قرآنیہ اور احادیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ قطع رحمی وہ کبیرہ گناہ ہے جس کا مرتکب دنیا میں بھی عذاب میں گرفتار ہوتا ہے اور آخرت کا عذاب اس کے علاوہ ہے، قطع تعلقی کرنے والے کی دعا قبول ہوتی ہے اور نہ اس مجمع کی جس میں قاطع رحم موجود ہو، جیسا کہ حضرت اعمش رحمۃ اللہ علیہ سے مروی ہے کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ صبح کی نماز کے بعد ایک محفل میں تشریف فرما تھے، آپ نے ارشاد فرمایا: میں قطع تعلق کرنے والے کو اللہ کی قسم دیتا ہوں کہ وہ ہمارے درمیان سے اٹھ جائے کیونکہ ہم اپنے رب سے دعا کرنے والے ہیں۔ یقینا آسمان کے دروازے قطع تعلقی کرنے والے پر بند کر دیئے جاتے ہیں۔ (جہنم میں لے جانے والے اعمال، ص 291) پتا چلا کہ قطع تعلقی قبولیت دعا میں رکاوٹ ہے کیونکہ قطع تعلقی اللہ کو ناپسند ہے۔ اللہ ہمیں اتفاق و اتحاد اور پیار و محبت کے ساتھ رہنے کی سعادت نصیب فرمائے۔