قاضی عیاض رحمۃ اللہ علیہ نے کہا ہے کہ اس پر اتفاق ہے کہ فی الجملہ صلہ رحمی کرنا واجب ہے اور قطع رحم کرنا معصیت کبیرہ ہے جیسا کہ حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: رشتہ داروں سے قطع تعلق کرنے والا جنت میں داخل نہیں ہوگا۔ (شرح صحیح مسلم، 7/94)

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں کشادگی کی جائے یا اس کی عمر دراز کی جائے اسے چاہیے کہ وہ صلہ رحمی کرے۔ (شرح صحیح مسلم، 7/95)

قطع رحمی کی مذمت پر نہ صرف احادیث کریمہ بلکہ اللہ کا پاک کلام بھی اس بات پر شاہد ہے کہ قطع رحمی شدید مذموم صفت ہے، اللہ پاک سورۂ نساء پارہ نمبر 4 میں ارشاد فرماتا ہے: وَ اتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِیْ تَسَآءَلُوْنَ بِهٖ وَ الْاَرْحَامَؕ-اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلَیْكُمْ رَقِیْبًا(۱) (پ 4، النساء: 1) ترجمہ کنز الایمان: اور اللہ سے ڈرو جس کے نام پر مانگتے ہو اور رشتوں کا لحاظ رکھو بے شک اللہ ہر وقت تمہیں دیکھ رہا ہے۔

نبی پاک ﷺ کا فرمان عالیشان ہے کہ سرکشی اور قطع رحمی سے بڑھ کر کوئی گناہ ایسا نہیں کہ اللہ دنیا میں فورا اس گناہ کے کرنے والے کو سزا دے اور اس کے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی سزا دے۔(جہنم میں لے جانے والے اعمال، 2/277)

مندرجہ بالا آیت قرآنیہ اور احادیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ قطع رحمی وہ کبیرہ گناہ ہے جس کا مرتکب دنیا میں بھی عذاب میں گرفتار ہوتا ہے اور آخرت کا عذاب اس کے علاوہ ہے، قطع تعلقی کرنے والے کی دعا قبول ہوتی ہے اور نہ اس مجمع کی جس میں قاطع رحم موجود ہو، جیسا کہ حضرت اعمش رحمۃ اللہ علیہ سے مروی ہے کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ صبح کی نماز کے بعد ایک محفل میں تشریف فرما تھے، آپ نے ارشاد فرمایا: میں قطع تعلق کرنے والے کو اللہ کی قسم دیتا ہوں کہ وہ ہمارے درمیان سے اٹھ جائے کیونکہ ہم اپنے رب سے دعا کرنے والے ہیں۔ یقینا آسمان کے دروازے قطع تعلقی کرنے والے پر بند کر دیئے جاتے ہیں۔ (جہنم میں لے جانے والے اعمال، ص 291) پتا چلا کہ قطع تعلقی قبولیت دعا میں رکاوٹ ہے کیونکہ قطع تعلقی اللہ کو ناپسند ہے۔ اللہ ہمیں اتفاق و اتحاد اور پیار و محبت کے ساتھ رہنے کی سعادت نصیب فرمائے۔