از قلم:مولانا سلمان بٹ عطاری
مدنی
موسمِ سرما کراچی میں اپنی آمد کا
احساس دِلا چکا تھا ،ماہِ دسمبر کا اتوار تھا اور تاریخ تھی آٹھ،رات کے تقریبًا آٹھ
بج کر دس منٹ ہو رہے تھے۔
نگران ِمرکزی مجلسِ شوری ٰحضرت مولانا حاجی ابوحامد محمد عمران عطاری کی دعوت پر ان کے گھر بیت الامان پہنچے۔نگرانِ
شوریٰ کے گھر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، اللہ تعالیٰ کی رحمت اور اس کے
محبوب پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی نگاہِ عنایت سے نگرانِ شوریٰ کے گھرنبی پاک صلی
اللہ علیہ وسلم کے موئے مبارک (بال مبارک) تشریف لا چکے تھے۔ موئے مبارک کی جلوہ
گری تھی ،اسی سلسلہ میں ایک محفل سجی تھی۔ نگرانِ شوریٰ نےبیرونِ ملک سے آئے ہوئے عاشقان رسول اور دیگر
مبلغین ِدعوتِ اسلامی کو رات پونے دَس بجے
اپنے گھر آنے کی دعوت دے رکھی تھی۔
مہمانوں کی سِٹنگ کا انتظام کیا جارہا
تھا،اسی دوران حاجی عمران عطاری بھی تشریف
لے آئے۔خبرِ فرحت اَثر ملی کہ امیر اہلسنت بھی تشریف لا رہے ہیں ۔ کمرے میں خوشبو
سلگائی گئی، عمدہ قسم کا بخور فضا کو معطر کر رہا تھا۔تیاریاں جاری تھیں کہ پانی
کا جگ اور گلاس لیے نگرانِ شوریٰ تشریف لے
آئے۔ وہاں موجود افراد نے پانی پیا اور اپنا کام بروقت مکمل کر لیا۔
9:30 پر
عاشقانِ رسول تشریف لا چکے تھے۔تلاوتِ قرآنِ پاک سے محفل پاک کی ابتدا ہوئی۔یوگینڈا
کے اسلامی بھائی نے اردو میں کلام پیش کیا۔انڈونیشیا کے عاشقِ رسول نے مخصوص انداز
میں عربی کلام پڑھا ،بنگلہ دیشی عاشق ِرسول نے بنگلہ زبان میں ہدیہ عقیدت پیش کیا،
پھر قصیدۂ بردہ شریف پڑھا گیا، مناجات اور کلام کا سلسلہ جاری تھا کہ شیخِ طریقت
امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ بھی
تشریف لے آئے۔ گھر میں موئے مبارک رکھنے کی برکات، موئے مبارک کی زیارت کے آداب بیان
کئے گئے۔ ہو گیا فضل خدا موئے مبارک آگئے ،یہ کلام پڑھا گیا۔ذوق و سوز کا مجموعہ محفل کی
روحانیت کو دو آتشہ کئے ہوئے تھا، وللہ الحمد۔
چونکہ انڈونیشیا کے عاشقانِ رسول کی واپسی تھی اس لئے امیر اہلسنت نے ان سے اور دیگر
عاشقان رسول سے ملاقات کی، تحفہ بھی عطا
فرمایا۔موئے مبارک کی زیارت بھی جاری تھی، عاشقان رسول موئے مبارک کی برکات سے فیض
یاب ہو رہے تھے اور انہیں لنگر ِموئے مبارک و نیاز صدیق اکبر بھی پیش کی جارہی تھی۔
امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے موئے
مبارک کی زیارت کی آپ کا عشق و ادب میں ڈوبا انداز زبان حال سے بتا رہا تھا کہ یہ
ہے موئے مبارک کی زیارت کا طریقہ اور دعا مانگنے کا سلیقہ۔مصطفےٰ جان رحمت پہ
لاکھوں سلام پڑھا جا رہا تھا امیر اہل سنت نے بھی شعر پڑھا:
اَلغرض اُن کے ہر مُو پہ لاکھوں
درود
ان کی ہر خُو و خَصلت پہ لاکھوں
سلام
اللہ
پاک ہمیں بھی ادب و شوق عطا فرمائے۔بعد ازاں سوالات و جوابات کی نشست سجی، عاشقان
رسول کی تنظیمی و شرعی معاملات پر تربیت کی گئی، اس موقع پر مدنی چینل کے دو کیمرہ مین
حضرات نے سنّت کے مطابق ایک مٹھی داڑھی شریف سجانےکی پکی نیت کی، ایک مٹھی سے گھٹانے کے گناہ سے توبہ کی ۔اس کا محرک ایک
بچہ بنا جس کا نام حسن رضا عطاری ہے۔ رات تقریباً 1:10 پر یہ سلسلہ اختتام پذیر
ہوا ۔
اللہ پاک نگرانِ شوری کے گھر میں خیر و
برکت عطا فرمائے اور ہمیں بھی اپنے گھروں میں ذکر خدا و مصطفی کرنے کی سعادت عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم