( جشن منانے کے 15منفرد طریقے)

تحریر: محمد آصف اقبال مدنی

ہر شخص کو اپنی حیثیت واوقات اور قابلیت واہلیت کے مطابق جشنِ ولادت منانا چاہیے۔عوام اپنے انداز میں منائیں اورخواص اپنے انداز میں ۔ ہر دو طبقے کے لیے جشنِ ولادتِ مصطفیٰ منانے کی پندرہ تجاویز اور منفرد طریقے پیش خدمت ہیں:

(1) درس نظامی کے پندرہ طلبۂ کرام کے ساتھ مالی تعاون کیجیے، انہیں ماہانہ خرچ دیجیے ،کسی ایک طالب علم کو پندرہ ہزار روپے کا تحفہ پیش کیجیے، انہیں کتابیں دلائیے،درجے کے علاوہ الگ سے پڑھائیے، مقالہ لکھنے میں مدد کیجیے ۔

(2) پندرہ افراد کو علمِ دین سیکھنے کے لیے تیار کیجیے، درس نظامی کا ذہن دیجیے، فرض علوم سیکھنے پر ابھارئیے، بنیادی عقائد اسلام وعقائدِ اہلِ سنت سیکھنے کی ترغیب دیجیے، سنتیں سیکھنے کا جذبہ بیدار کیجیے۔

(3)سیرتِ رسول کریمﷺ پر لکھی گئی پندرہ کتب تقسیم کیجیے، ایک کتاب کے پندرہ نسخے بانٹ دیجیے، کتابیں تقسیم کرنے والے اداروں سے یہ کام کروائیے ، سیرت پر کام کرنے والوں کے ساتھ ہرطرح کابھرپور تعاون کیجیے، کتبِ سیرت کا مطالعہ فرمائیے۔

(4)اہل سنت کے پندرہ مدارس وجامعات کے ساتھ ماہانہ تعاون کیجیے،کسی ایک سنی ادارے کی پندرہ مہینے یا پندرہ سال تک مالی مدد کیجیے، اساتذہ کرام کی فلاح وبہبود میں حصہ لیجیے، سنی ادارے کی تعمیرو آباد کاری میں مدد کیجیے۔

(5)پندرہ اماموں/مؤذنوں /خادموں کی مالی خدمت کیجیے، ان کی کوئی ضرورت پوری کردیجیے، ان کے لیے ذاتی سواری کا انتظام کردیجیے،ان کے پندرہ مہینوں کے راشن کا انتظام اپنے ذمہ لے لیجیے، ان کے گھرکا کرایہ ادا کردیجیے۔

(6) پندرہ علمائے دین کی مدد کیجیے، اسلام کے ان خادموں کو ہر موقع پر یاد رکھیے،مفتی،مصنف، لکھاری اورمدرس علمائے کرام کو خاص اہمیت وترجیح دیجیے، کتب کی اشاعت وتقسیم میں تعاون کیجیے، کتب خرید کر حوصلہ افزائی کیجیے۔

(7) پندرہ غریب امتیوں کے گھر راشن ڈلوادیجیے، ان کا قرض اتارنے میں مدد کیجیے، ان کے یوٹیلیٹی /بجلی/گیس وغیرہ کے بِل ادا کردیجیے، ان کے بچوں کی شادیوں میں مدد کیجیے۔

(8) پندرہ یتیم وبے سہارا یا غریب بچوں کی اسکول فیس ادا کیجیے، کسی ایک بچے کی پندرہ مہینے تک فیس اپنے ذمہ لیجیے ،انہیں اسکول بیگ دِلادیں، نیا یونیفارم لے دیں، لَنچ باکس یا پانی کا تھرماس دلا دیں۔

(9)پندرہ غریب علاقوں میں پانی کا انتظام کردیجیے، چند دوست مل کر یہ کام کرلیجیے، پندرہ مقامات پر پکی سبیل کا اہتمام کیجیے،پندرہ گھروں میں پانی کے ٹینکر ڈلوادیجیے، پندرہ دن کے پانی کا انتظام کردیجیے، ربیع الاول میں پندرہ دن پانی یا شربت کی سبیل لگائیے، پانی کے پندرہ گیلن یا بوتلیں تقسیم کردیجیے۔

(10) پندرہ دن راہِ خدا کے مسافر بنیے، تین دن کے پانچ قافلوں میں شریک ہوجائیے، پندرہ قافلوں میں سفر کیجیے، پندرہ مہینے کا سفر اختیار کیجیے اور عاشقان رسول کی صحبت میں دین سیکھیے سیکھائیے ۔

(11) پندرہ مسلمانوں کو نماز سیکھا دیجیے، طہارت کے مسائل بتائیے، وضووغسل کا طریقہ سیکھائیے، نماز کی شرائط وواجبات وسنن بتائیے، تلاوت کی درستی کروائیے۔

(12) اللہ پاک کے آخری نبی محمد عربیﷺ کی پندرہ سنتوں پراستقامت کے ساتھ عمل شروع کیجیے، زہے نصیب تمام سنتوں پر عمل کی کوشش کیجیے، پندرہ لوگوں کو کسی ایک سنت پر عمل کے لیے تیار کیجیے۔

(13) پندرہ ہزار مرتبہ درود شریف پڑھیے، درود تاج پڑھیے، درود غوثیہ پڑھیے، درود رضویہ کا ورد کیجیے، گھروالوں اور دوست احباب کو بکثرت درود شریف پڑھنے کی ترغیب دیجیے۔

(14) پندرہ احادیثِ مبارکہ کی تحقیق کیجیے، موضوع ہونے سے متہم روایات کا حسن وضعف یا صحت ثابت کیجیے،حدیث کے نام سے مشہور اقوال کی حقیقت بیان کیجیے، حدیث مشہور ہونے والی من گھڑت روایات کا موضوع ہونا ظاہر کیجیے۔(نوٹ:یاد رہے کہ یہ کام صرف ماہرومحقق علمائے کرام کا ہے۔)

(15)سیرت النبی ﷺ پر پندرہ مضامین لکھیے، پندرہ ویڈیو کلپ بنائیے ،کچھ عنوانات یہ بھی ہوسکتے ہیں:15آیات قرآنی اور سیرت رسول اکرمﷺ، 15 احادیث کریمہ اور سیرت رسول اعظمﷺ، رسول اللہ ﷺ کی زندگی کے 63سال(تاریخ کے آئینے میں) ، رسول اللہ ﷺ اور امت کی غم گساری ، معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے لوگوں کا مسیحا ، بچوں کے رسول عربیﷺ ، رسول اللہ ﷺنوجوانوں کی آئیڈیل شخصیت، دی نوبل پرافٹﷺ،رسول اللہ ﷺ کا معاشی نظام، ریاست نبوی کے خدوخال۔

عہد کیجیے کہ میلاد منائیں گے، سیرت اپنائیں گے۔ ان شاء اللہ

11صفرالمظفر1447ھ

مطابق6 اگست2025ء