قطع رحمی بہت بڑا گناہ اور عظیم جرم ہے، جو رابطوں میں جدائی کا ذریعہ ہے، عداوت اور دشمنی پیدا کر کے دوری کو پروان چڑھاتی ہے اس گناہ کی شناخت کے سلسلے میں باری تعالیٰ کا یہ ارشاد کافی ہے: فَهَلْ عَسَیْتُمْ اِنْ تَوَلَّیْتُمْ اَنْ تُفْسِدُوْا فِی الْاَرْضِ وَ تُقَطِّعُوْۤا اَرْحَامَكُمْ(۲۲) اُولٰٓىٕكَ الَّذِیْنَ لَعَنَهُمُ اللّٰهُ فَاَصَمَّهُمْ وَ اَعْمٰۤى اَبْصَارَهُمْ(۲۳) (پ 26، محمد: 22-23) ترجمہ کنز الایمان: تو کیا تمہارے لچھن نظر آتے ہیں کہ اگر تمہیں حکومت ملے تو زمین میں فساد پھیلاؤ اور اپنے رشتے کاٹ دو یہ ہیں وہ لوگ جن پر اللہ نے لعنت کی اور انہیں حق سے بہرا کردیا اور ان کی آنکھیں پھوڑ دیں۔

فرامین مصطفیٰ:

1۔ قطع تعلقی کرنے والا جنت میں نہ جائے گا: نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: قطع تعلقی کرنے والا جنت میں نہ جائے گا۔ (ترمذی، 3/364، حدیث: 1916)

2۔ قاطعِ رحم جنت کی خوشبو نہ پائے گا: قطع رحمی کرنے والا جنت تو کیا جنت کی خوشبو بھی نہ پائے گا۔ صفۃ الجنۃ میں حافظ ابو نعیم احمد الاصبہانی روایت کرتے ہیں، حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: بے شک جنت کی خوشبو ایک ہزار سال کی مسافت سے پائی جاتی ہے خدا کی قسم! اس کی خوشبو والدین کا نافرمان اور قطع تعلقی کرنے والا نہ پائے گا۔(صفۃ الجنۃ، 2/42، حدیث: 195)

3۔ قطع تعلقی کرنے والا جہنم میں منہ کے بل جائے گا: امام ابن جوزی اپنی کتاب البر و الصلۃ میں روایت نقل کرتے ہیں کہ جو رات عبادت کرے اور دن کو روزہ رکھے لیکن قطع تعلقی کرے اسے منہ کے بل جہنم کی طرف گھسیٹا جائے گا۔ (البر و الصلۃ، ص 167)

4۔ قطع تعلقی کرنے والا نظر رحمت سے محروم: قطع تعلقی کرنے والے کی طرف قیامت والے دن رب کریم نظر رحمت نہیں فرمائے گا۔ کنز العمال میں ہے: حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ دو شخصوں کی طرف قیامت کے دن رب تعالیٰ نظر رحمت نہیں فرمائے گا: قطع رحمی کرنے والا اور برا ہمسایہ۔ (کنز العمال، 3/655)

5۔ رحم قطع کرنے والے کے اعمال قبول نہیں ہوتے: رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: بنی آدم کے اعمال ہر جمعہ کی رات کو پیش کئے جاتے ہیں اور قاطعِ رحم کے اعمال قبول نہیں کیے جاتے۔ (شعب الایمان، 10/341)