قومِ ثمود کی نافرمانیاں از
بنت نیاز احمدعطاریہ مدنیہ،( جامعۃالمدینہ للبنات رحمت کالونی، رحیم یارخان)
اللہ ربّ العزت نے اپنے برگزیدہ بندے حضرت صالح علی نبینا
وعلیہ الصلوٰۃ والسلام کو قومِ ثمود کی طرف نبی بنا کر بھیجا تھا، ثمود عرب
کا ایک قبیلہ تھا، یہ لوگ ثمود بن رام بن سام بن نوح علیہ السلام
کی اولاد میں تھے اور حجاز و شام کے درمیان سرزمینِ حجر میں رہتے تھے، حضرت صالح علیہ الصلوۃ و السلام کے والد کا نام
عبید بن آسف بن ماسح بن عبید بن حاذر ابنِ
ثمود ہے، قومِ ثمود، قومِ عاد کے بعد ہوئی اور حضرت صالح علیہ
السلام حضرت ہود علیہ السلام کے بعد ہیں۔(روح البیان، الاعراف، تحت الآیۃ، جلد 3، صفحہ 190۔189)
قومِ ثمود سنگ تراشی کے فن میں یدِ طولیٰ رکھتی تھی، انہوں نے پہاڑوں کی چٹانوں کو کھود کر اور کاٹ
کر اپنے لئے رہائش گاہیں تعمیر کر رکھی تھیں، ان کی پائیداری اور پختگی پر بڑا ناز تھا، انہیں یقین تھا کہ کوئی زلزلہ، کوئی سیلاب، کوئی جھگڑ ان کو ہلا
نہیں سکتی۔(ضیاء القرآن، صفحہ 577، تحت الآیۃ:9 ، سورہ فجر)
لیکن ان کی نافرمانیوں کی وجہ سے ان پر ربّ پاکٰ کا ایسا
غضب ناک عذاب نازل ہوا کہ ان کا سارا فخر و غرور خاک میں مل گیا اور جن گھروں کے
پختگی اور مضبوطی پر ناز کرتے تھے، انہیں
گھروں میں اوندھے منہ ہلاک ہوگئے۔
قومِ ثمود کی نافرمانیاں:
ہوا یوں کہ جب حضرت صالح علیہ السلام نے اپنی قوم سے
فرمایا:اے میری قوم! تم اللہ پاک کو ایک
مانو اور صرف اسی کی عبادت کرو، اس کے سوا
تمہارا کوئی معبود نہیں، صرف وہی عبادت کا مستحق ہے، جبکہ تمہارے یہ بت
عبادت کے لائق ہی نہیں، پھر اللہ پاک کی
وحدانیت اور اس کی کمالِ قدرت پر دلائل دیتے ہوئے فرمایا: کہ معبود وہی ہے، جس نے تمہارے باپ حضرت آدم علیہ السلام کو زمین
سے پیدا کیا، پھر تمہیں زمین میں بسایا
اور زمین کو تم سے آباد کیا، تو اللہ پاک
سے اپنے گناہوں کی معافی مانگو، پھر
شرک سے کنارہ کشی کرکے اُسی کی طرف رُجوع
کرو، بے شک میرا ربّ پاک ایمان والوں کے
قریب ہے اور ان کی سننے والا ہے۔(تفسیر صراط
الجنان، سورہ ھود، تحت الآیۃ:61)
تو قومِ ثمود نے حضرت صالح علیہ السلام کی دعوت کا انکار
کر دیا، قرآن پاک میں ہے:
اَلَاۤ
اِنَّ ثَمُوْدَاۡ كَفَرُوْا رَبَّهُمْ١ؕ اَلَا بُعْدًا لِّثَمُوْدَؒ۶۸
ترجمہ کنزالایمان:"سن لو بے شک ثمود اپنے ربّ سے منکر
ہوئے ارے لعنت ہو ثمود پر۔"(پ12، ہود،:68)
پھر قومِ ثمود کے مطالبے پر حضرت صالح علیہ السلام کو
نشانی کے طورپر اُونٹنی دی، تو قوم نے
ماننے کی بجائے اُونٹنی پر ہی ظلم کیا اور اسے قتل کر دیا، چنانچہ قومِ ثمود کے سردار جندہ بن عمرو نے
حضرت صالح علیہ السلام سے عرض کیا:اگر آپ سچے نبی ہیں تو پہاڑ کے اس پتھر سے فلاں
فلاں صفات کی اُونٹنی ظاہر کریں، اگر ہم
نے یہ معجزہ دیکھ لیا تو آپ پر ایمان لے آئیں گے۔"
حضرت صالح علیہ السلام نے ایمان کا وعدہ لے کر ربّ پاک سے
دعا کی، سب کے سامنے وہ پتھر پھٹا اور اسی
شکل و صورت کی پوری جوان اُونٹنی نمودار ہوئی اور پیدا ہوتے ہی اپنے برابر کے بچہ
جنا، یہ معجزہ دیکھ کر جندہ تو اپنے خاص
لوگوں کے ساتھ ایمان لے آیا، جبکہ باقی
لوگ اپنے وعدے سے پھر گئے اور کفر پر قائم رہے۔(تفسیر صراط الجنان، الاعراف، تحت الآیۃ:73۔79)
پھر قومِ ثمود نے اپنی سرکشی سے اپنے رسول حضرت صالح علیہ
السلام کو اس وقت جھٹلایا، جب ان کا سب سے
بڑا بدبخت آدمی قدار بن سالف ان سب کی مرضی سے اُونٹنی کی کونچیں(رگیں) کاٹنے کے
لئے اُٹھ کھڑا ہوا، تو اللہ پاک کے رسول حضرت صالح علیہ السلام نے ان سے فرمایا:
تم اللہ پاک کی اُونٹنی کے درپے ہونے سے بچو اور جو دن اس کے لئے پانی پینے کا
مقرر ہے، اس دن پا نی نہ لو تا کہ تم پر عذاب نہ آئے تو انہوں نے حضرت صالح علیہ السلام کو
جھٹلایا، پھر اونٹنی کی کونچیں کاٹ
دیں، تو ان پر ان کے ربّ پاک نے ان کے اس گناہ کے سبب تباہی ڈال کر اور ان کی
بستی کو برابر کر کے سب کو ہلاک کر دیا اور ان میں سے کوئی باقی نہ بچا۔(تفسیر خازن، الشمس، تحت الآیۃ11 تا 15، ج4، صفحہ 382۔383)
منقول ہے کہ ان لوگوں نے چہارشنبہ(بدھ کے دن) ناقہ(اونٹنی)
کی کونچیں کاٹی تھیں، تو حضرت صالح علیہ
السلام نے فرمایا: کہ تم اس کے بعد تین روز زندہ رہو گے، پہلے روز تمہارے سب کے چہرے زرد ہو جائیں
گے، دوسرے روز سُرخ، تیسرے روز سیاہ، چوتھے روز عذاب آئے گا، چنانچہ ایسا ہی ہوا اور یکشنبہ(یعنی اتوار) کو
دوپہر کے قریب آسمان سے ایک ہولناک آواز آئی، جس سے ان لوگوں کے دل پھٹ گئے اور سب ہلاک ہوگئے۔(تفسیر خزائن العرفان، الاعراف، تحت
الآ یۃ:79)
حضرت صالح علیہ السلام قوم ثمود کی طرف نبی بنا کر بھیجے
گئے۔ آپ نے جب قوم ثمود کو خدا (پاک)کا فرمان سنا کر ایمان کی دعوت دی تو اس سرکش
قوم نے آپ سے یہ معجزہ طلب کیا کہ آپ اس پہاڑ کی چٹان سے ایک گابھن اونٹنی نکالیے
جو خوب فربہ اور ہر قسم کے عیوب و نقائص سے پاک ہو۔ چنانچہ آپ نے چٹان کی طرف
اشارہ فرمایا تو وہ فوراً ہی پھٹ گئی اور اس میں سے ایک نہایت ہی خوبصورت و تندرست
اور خوب بلند قامت اونٹنی نکل پڑی جو گابھن تھی اور نکل کر اس نے ایک بچہ بھی جنا
اور یہ اپنے بچے کے ساتھ میدانوں میں چرتی پھرتی رہی۔
اس بستی میں ایک ہی تالاب تھا ۔ آپ نے فرمایا کہ اے لوگو!
دیکھو یہ معجزہ کی اونٹنی ہے۔ ایک روز تالاب کا سارا پانی یہ پیئے گی اور ایک روز
تم لوگ پینا۔ قوم نے اس کو مان لیا پھر آپ نے قوم ثمود کے سامنے یہ تقریر فرمائی
کہ:۔
ترجمۂ کنزالایمان:۔اے میری قوم اللہ کو پوجو اس کے سوا
تمہارا کوئی معبود نہیں بے شک تمہارے پاس تمہارے رب کی طرف سے روشن دلیل آئی یہ
اللہ کا ناقہ ہے تمہارے لئے نشانی تو اسے چھوڑ دو کہ اللہ کی زمین میں کھائے اور
اسے برائی سے ہاتھ نہ لگاؤ کہ تمہیں دردناک عذاب آئے گا۔ (پ8، اعراف:73)
چند دن تو قوم ثمود نے اس تکلیف کو برداشت کیا (پھر)ان
لوگوں نے طے کرلیا کہ اس اونٹنی کو قتل کرڈالیں۔
چنانچہ اس قوم میں قدار بن سالف ساری قوم کے حکم سے اس
اونٹنی کو قتل کرنے کے لئے تیار ہو گیا۔ حضرت صالح علیہ السلام منع ہی کرتے رہے،
لیکن قدار بن سالف نے پہلے تو اونٹنی کے چاروں پاؤں کو کاٹ ڈالا۔ پھر اس کو ذبح
کردیا اور انتہائی سرکشی کے ساتھ حضرت صالح علیہ السلام سے بے ادبانہ گفتگو کرنے
لگا۔ چنانچہ اللہ پاک نے ارشاد فرمایا:
ترجمہ کنزالایمان:۔ پس ناقہ کی کوچیں کاٹ دیں اور اپنے رب
کے حکم سے سرکشی کی اور بولے اے صالح ہم پر لے آؤ جس کا تم وعدہ دے رہے ہو اگر تم
رسول ہو۔ (پ8، اعراف:77)
قوم ثمود کی اس سرکشی پر عذابِ خداوندی کا ظہور اس طرح ہوا
کہ پہلے ایک زبردست چنگھاڑ کی خوفناک آواز آئی۔ پھر شدید زلزلہ آیا جس سے پوری
آبادی چکنا چور ہو گئی۔ تمام عمارتیں ٹوٹ پھوٹ کر تہس نہس ہو گئیں اور قوم ثمود کا
ایک ایک آدمی گھٹنوں کے بل اوندھا گر کر مر گیا۔ قرآن مجید نے فرمایا کہ:۔
ترجمہ کنزالایمان:۔ تو انہیں زلزلہ نے آلیا تو صبح کو اپنے
گھروں میں اوندھے رہ گئے تو صالح نے ان سے منہ پھیرا۔(پ8،اعراف:78-79)
خلاصہ کلام یہ ہے کہ قوم ثمود کی پوری بستی برباد و ویران
ہو کر کھنڈر بن گئی اور پوری قوم فنا کے گھاٹ اتر گئی کہ آج اُن کی نسل کا کوئی
انسان روئے زمین پر باقی نہیں رہ گیا۔(تفسیر
الصاوی،ج۲،ص۶۸۸، پ۸، الاعراف: ۷۳۔۷۷تا ۷۹ ملخصاً)
مخصوص جانور کو مخصوص وقت میں اللہ پاک کا قُرب حاصل کرنے
کے لیے ذبح کرنے کو قربانی کہتے ہیں،
قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سُنت ہے، جو اِس اُمت کے لئے بھی باقی رکھی گئی ہے، حکمِ شریعت پر عمل کرتے ہوئے قربانی کرنے کے
جہاں کے جہاں اُخروی فوائد ہیں، وہیں
دُنیا میں بھی اس کے بہت سے فائدے ہیں۔
1۔روزگار کے مواقع:
قربانی کے لئے بہت سے لوگ اپنے گھروں، باڑوں یا کیٹل فارمز میں جانور پالتے ہیں، ان کی دیکھ
بھال کے لئے ملازمین رکھے جاتے ہیں، پھر
ان کو مویشی منڈیوں تک پہنچانے کے لئے گاڑیاں وغیرہ کرائے پر لی جاتی ہیں، اس سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملتا ہے، اسی طرح
منڈیوں میں جانوروں کے چارے اور مالکوں کے کھانے پینے کے لئے اسٹال لگائے جاتے ہیں، اس پر روزگار ہوتا ہے، اگر جانور بیمار ہو جائیں تو ویٹرنری ڈ اکٹر کو
بلوایا جاتا ہے، عید کے دن ہزاروں قصاب جانور ذبح کرتے ہیں، گوشت بناتے ہیں، الغرض مویشی منڈی کے لئے جانور پالنے سے قربانی
کرنے تک بے شمار روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں۔
2۔ ملکی خزانے کو فائدہ:
جانور کو لے جانے والی گاڑیاں مختلف مقامات پر ٹول ٹیکس
ادا کرتی ہیں اور پھر مویشی منڈی میں بھی
جگہ کے حساب سے کرایہ دیا جاتا ہے، جس سے
ملکی خزانے کو فائدہ ہوتا ہے۔
3۔ملکی معیشت کو فائدہ:
قربانی کی کھالوں سے مختلف چیزیں بنائی جاتی ہیں اور
انہیں دوسرے ملکوں میں برآمد(export) بھی کیا جاتا ہے، جس سے ملک کو قیمتی زرِّمبادلہ حاصل ہوتا
ہے، الغرض جانور کے پیدا ہونے سے قربان ہونے تک قربانی کی
سُنت کی برکت سے لاکھوں لاکھ افراد کے لئے
روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور مُلکی معیشت کو بھی بےپناہ فائدہ ہوتا ہے۔
4۔غریبوں کا فائدہ:
ہمارے ملک میں غربت کا ایسا حال بھی ہے کہ جہاں سارا سال
گوشت نہیں پکتا، قربانی کرنے کے بعد کئی
خوش نصیب لوگ اپنے رشتے داروں، دوستوں اور
غریبوں مسکینوں کو بھی گوشت پہنچاتے ہیں، جس کی بدولت ان کے گھر میں بھی گوشت پکتا ہے۔
5۔دینی مدارس کا فائدہ:
خوش نصیب مسلمان اپنی قربانی کی کھالیں دعوتِ اسلامی کو نیز عاشقانِ رسول کے دیگر
مدارس و جامعات کو دیتے ہیں، جنہیں بیچ کر
کئی مہینے کے اخراجات جمع ہو جاتے ہیں، یوں قربانی کی سُنت پر عمل کرنا علمِ
دین کی اشاعت میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
اگر ہمیں دنیوی فوائد معلوم نہ بھی ہوں تو اللہ پاک اور اس کے پیارے حبیب صلی اللہ
علیہ وسلم کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ہمیں قربانی کرنی چاہئے، حدیث پاک ہے:"جس نے خوش دلی سے طالبِ ثواب
ہوکر قربانی کی، تو وہ قربانی اس کے جہنم
کی آگ سے حجاب (یعنی روک) ہو جائے گی۔"(معجم کبیر، 3/384، حدیث 2736)
قربانی ہر صاحبِ اِستطاعت مسلمان مرد و عورت پر شرائط پائے
جانے کی صورت میں واجب ہوتی ہے، بلاشبہ یہ
ایک دینی فریضہ اور یادگارِ اَسلاف ہے، لیکن اِس کے ساتھ ساتھ بے شمار دُنیاوی فوائد بھی رکھتی ہے، ان میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:
· معاشی فوائد:قربانی سے پہلے جانوروں کو قربانی کے لئے تیار
کرنے، اس سلسلے میں چارے کی فراہمی کے لئے
کھیتی باڑی، قربانی کے بعد کھالوں کی
پروسیسنگ کے سلسلے میں ورکرز اور چمڑے کا کام کرنے والوں کو روزگار مہیّا ہوتا
ہے، جو معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا
کرتے ہیں۔
· طبی فوائد:قربانی کے جانوروں کی جو شرائط شریعتِ مطہرہ نے
مقرر فرمائی ہیں، ان کے مطابق قربانی کرنے سے حاصل ہونے والا گوشت صحت کے لئے
انتہائی مفید ہوتا ہے۔
· سماجی فوائد:قربانی کے گوشت کی تقسیم سے لوگوں میں محبت کی
فضا قائم ہوتی اور سماجی فاصلے کم ہوتے ہیں۔
· صنعتی ترقی:قربانی کرنے سے چمڑے اور اس سے مُنسلک صنعتوں
کو ترقی حاصل ہوتی ہے، ملک میں روزگار کے
مواقع میں اِضافہ ہوتا ہے، جو معیشت کی
ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔
· غریبوں کی دلجوئی:قربانی کرنے سے گوشت ان لوگوں تک بھی
پہنچتا ہے، جو سارا سال گوشت نہیں کھا سکتے، اس طرح ان کی دلجوئی اور خیر خواہی کا بھی
ذریعہ قربانی بنتی ہے۔
اللہ پاک ہمیں اپنی رضا کے لئے خوش دلی سے قربانی کرنے کی
توفیق عطا فرمائے اور اس کے دینی اور دنیاوی منافع عطا فرمائے۔آمین بجاہ النبی
الامین صلی اللہ علیہ وسلم
قرآن کریم میں اِرشادِ باری ہے:فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَرْ۔
ترجمہ کنزالعرفان:"تو تم اپنے ربّ کے لئے نماز پڑھو
اور قربانی کرو۔"(پ30،سورہ کوثر،آیت:2)
یقیناً اللہ کے ہر
حکم میں بنی نوع انسان کے لئے کثیر دینی و دنیاوی فوائد ہیں، خواہ انسان کی عقل میں آئیں یا نہ آئیں، اِسی طرح قربانی کے بھی دینی فضائل و ثواب کے
ساتھ ساتھ بے شمار دنیاوی فائدے ہیں:
1۔روزگار کے مواقع:
قر بانی کے جانوروں کو بیچنے والوں، ان کی دیکھ بھال کرنے
والوں، کنٹینر، سوزوکی، ٹرک والوں، چارہ، جھول وغیرہ بیچنے والوں، جانوروں کی حفاظت کے لئے چوکیدار وں، ویٹرنری
ڈاکٹروں، قصائیوں، قیمہ وغیرہ بنانے
والوں، ہوٹلز میں قربانی کے گوشت سے مختلف
ڈشیں بنانے والوں سمیت لاکھوں لاکھ لوگوں کو اس سنتِ ابراہیمی کی برکت سے روزگار
میسر آتا ہے۔
2۔ گوشت کی فراہمی:
قربانی کی بدولت لوگوں کو تازہ اور غذائیت سے بھرپور گوشت
مہیا ہوتا ہے، اس کے علاوہ سفید پوش اور
متوسط طبقے کو فراوانی کے ساتھ گوشت حاصل ہوتا ہے، نیز بہت سے لوگ غریبوں میں گوشت تقسیم کرتے
ہیں، جس کی وجہ سے ایسے غریب لوگوں کے
گھروں میں بھی گوشت پکتا ہے، جو سارا سال
گوشت خریدنے کی اِستطاعت نہیں رکھتے۔
3۔باہمی اُخوّت و بھائی چارہ:
قربانی کے موقع پر مسلمانوں میں باہمی اُلفت و محبت اور
اُخوت و بھائی چارے کا مظاہرہ دیکھنے میں آتا ہے، کہیں دوست اَحباب اور عزیز رشتہ دار مل کر اِجتماعی قربانی کا اہتمام کرتے
ہیں تو کہیں مل جل کر جانوروں کی دیکھ بھال کرتے نظر آتے ہیں، اسی طرح عیدالاضحیٰ کے دن ایک دوسرے کو گوشت
ہدیہ کیا جاتا ہے، دعوت پارٹیز کا سلسلہ ہوتا ہے۔(البتہ یہ بات پیشِ
نظر رہے کہ مذکورہ اُموربلکہ تمام ہی
معاملات میں شریعت کی پاسداری اور گناہوں سے بچنا لازم ہے۔)
4۔مساجد و مدارس کو فوائد:
قربانی کی کھالیں بیشتر مسلمان دعوتِ اسلامی اور دیگر
عاشقانِ رسول کی مساجد اور مدارس میں دیتے ہیں، انہیں بیچ کر حاصل ہونے والی رقم سے جہاں دین کے کاموں میں معاونت ہوتی
ہے، وہیں دینے والے کو بھی ثوابِ جاریہ
حاصل ہوتا ہے۔
5۔ملکی معیشت کو فائدہ:
قربانی کی کھالوں سے مختلف چیزیں بنائی جاتی ہیں اور انہیں
دوسرے ملکوں میں برآمد بھی کیا جاتا ہے، جس سے ملک کو قیمتی زرِّمبادلہ حاصل ہوتا ہے، اس کے علاوہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو
کھاد وغیرہ بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے، مزید یہ کہ جانور لے جانے والی گاڑیاں مختلف مقامات پر ٹول ٹیکس ادا کرتی
ہیں اور پھر مویشی منڈی میں بھی جگہ کے حساب سے کرایہ جاتا ہے، جس سے ملکی خزانے کو فائدہ ہوتا ہے۔
لہذا خوش دلی کے ساتھ اللہ پاک کی راہ میں عمدہ جانور
قربان کیجئے اور اس کے دنیاوی اور اُخروی فائدے حاصل کیجئے۔اللہ کریم ہر عاشقِ
رسول مسلمان کی قربانی قبول فرمائے ۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم
10 ذی الحجہ وہ تاریخی مبارک عظیمُ الشان قربانی کا دن ہے، جب اُمتِ مسلمہ کے مورثِ اعلیٰ سیّدنا ابراہیم
علیہ السلام نے بڑھاپے میں عطا ہوئے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو حکمِ
الہی کی خاطر قربان کرنے کا ایسا قدم
اُٹھایا کہ آج بھی اس منشائے خداوندی کی تعمیل پر چشمِ فلک حیران ہے، جبکہ دوسری طرف فرمانبرداری و جاں نثاری کے
پیکر آپ علیہ السلام کے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام نے رضامندی کا ثبوت دیتے
ہوئے اپنی گردن اللہ کریم کے حضور پیش کر کے قربانی کے تصور کو ہمیشہ کے لئے اَمر
کرنے کا ایسا مظاہرہ کیا کہ خود
"رِضا" بھی ورطۂ حیرت میں مبتلا ہوگئی۔
ان دونوں کی فرمانبرداری اور قربانی کو اسی وقت ربّ نے
شرفِ قبولیت بخشا اور آپ کے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کو سلامتی کا پروانہ
عطا کرکے آپ علیہ السلام کی جگہ ایک دُنبہ بھیج دیا، جسے ربّ نے ذبحِ عظیم قرار دیا ہے، چنانچہ
ارشادِباری ہے:
وَفَدَیْنٰہ
ُبِذِبْحٍ عَظِیْمٍ۔ ترجمہ کنز الایمان:"
اور ہم نے ایک بڑا ذبیحہ اس کے صدقہ میں دے کر اسے بچالیا۔"(پ30، الصٰفٰت: 107)
قربانی کی تاریخی اہمیت پر یہ آیت دلالت کرتی ہے، ارشادِ ربّانی ہے:
ترجمہ کنز
الایمان:" اور ہر امت کے لیے ہم نے
ایک قربانی مقرر فرمائی کہ اللہ کا نام لیں اس کے دئیے ہوئے بے زبان چوپایوں
پر۔"(پ17، الحج: 34)
یہ آیتِ مبارکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کو
دوام بخشنے پر دلالت کرتی ہے کہ سابقہ تمام اُمتوں پر قربانی فرض تھی، قربانی کے دینی فوائد تو بے شمار ہیں، یہ دینی فوائد کے ساتھ ساتھ دُنیاوی فوائد سے
بھی خالی نہیں، کیوں کہ اسلام کا کوئی بھی فعل یا عمل دینی و دنیاوی فوائد سے خالی نہیں
ہے۔
1۔قربانی میں اُخوت اور بھائی چارگی:قربانی ہمیں اُخوت اور
بھائی چارگی کا پیغام دیتی ہے، قربانی ایک
دوست کو دوسرے دوست سے، ایک رشتہ دار کو دوسرے رشتہ دار سے، ایک امیر کو ایک غریب سے ملانے کا سبب ہے، کیونکہ بعض مصروفیات کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے
سے مل نہیں پاتے۔
2۔فضائی ماحول کو خوشگوار بنانا:قربانی کا ایک فائدہ یہ
بھی ہے کہ قربانی کے ذریعے فضائی آلودگی اور پلوشن(pollution) میں کمی واقع
ہوتی ہے، اگر قربانی میں جانور ذبح نہ ہوں
اور تمام جانور موجود ہوں تو گوبراور لید میں اضافہ ہوگا، جس سے فضائی ماحول بھی متاثر ہوگا اور سانس لینے میں بھی دقّت آئے گی۔
3۔ معیشت کی بحالی: قربانی جہاں قربِ خُدا حاصل کرنے اور
بھوکوں کا پیٹ بھرنے کا سبب ہے، وہیں
قربانی کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ معاشی بحران سے نکالنے کا ایک سبب بھی ہے، قربانی سے ہزاروں کاروبار میں ترقی ہوتی
ہے، قربانی کے جانور کے چمڑے سے ہزاروں
چیزیں بنائی جاتی ہیں، جس سے معیشت کو
ترقی ملتی ہے، مارکیٹ میں خرید و فروخت
میں اضافہ ہوتا ہے، جو معیشت کی بحالی کا
سبب ہوتا ہے۔
4۔غریبوں کا فائدہ: ہمارے معاشرے میں غریب طبقہ بھی موجود
ہے، جن کو نہ جانے کب گوشت کھانا نصیب ہوتا ہو، قربانی کا ایک فائدہ یہ بھی ہے
کہ قربانی کرنے کے بعد بہت سے خوش نصیب لوگ اپنے رشتے داروں، غریبوں اور مسکینوں کو گوشت پہنچاتے ہیں، جس سے
وہ لوگ خوش ہوتے ہیں اور اُن کے گھر میں بھی گوشت پکتا ہے۔
5۔دینی مدارس کا فائدہ:بہت سے خوش نصیب لوگ اپنے قربانی کے
جانور کی کھال دعوتِ اسلامی کو دیتے ہیں، جنہیں بیچ کر مدارس و جامعات اور مزید دیگر دعوتِ اسلامی کے شعبوں کے لئے
اخراجات اکٹھے کئے جاتے ہیں، یوں دین کا کام بھی چلتا رہتا ہے۔
اس کے علاوہ بھی کئی فوائد ہیں، اِسلام کا کوئی فعل عبث اور بیکار نہیں
ہے، صرف سمجھنے کی ضرورت ہے، اللہ پاک ہم سب کو قربانی کی اہمیت و افادیت سے
آگاہ فرمائے اور خوش دلی کے ساتھ قربانی کا شوق و جذبہ عطا فرمائے۔آمین
قربانی کے5 دُنیاوی فوائداز بنت شاہنواز عطاریہ (گلشن
کالونی، واہ کینٹ)
ہر بالغ،
مقیم، مسلمان مرد و عورت، مالکِ نصاب پر قربانی واجب ہے۔(عالمگیری، جلد
5، صفحہ 292، ابلق گھوڑے سوار، صفحہ6)
حضور جانِ جاناں
صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:"جس شخص میں قربانی کرنے کی و سعت
ہو، پھر بھی وہ قربانی نہ کرے تو وہ ہماری
عیدگاہ کے قریب نہ آئے ۔"(ابنِ
ماجہ، جلد 3، صفحہ 529، حدیث3123، ابلق گھوڑے سوار، صفحہ 3)
جو بھی چیز میرے ربّ کریم نے مسلمانوں پر فرض و واجب کی
ہے، اُس میں بے شمار دینی و دنیوی فائدے
ہیں، جیسے نماز ہی لے لیجئے کہ اس کا ثواب
بے شمار اور دُنیاوی فائدوں میں سے ایک یہ
ہے کہ اس سے جسم کی ورزش ہوتی، سجدے سے سر
درد اور کینسر سے نجات وغیرہ وغیرہ، غرضیکہ میرے ربّ کریم کا ہر قول و فعل حکمت بھرا ہے، اِنہی فرائض و واجبات میں سے ایک قربانی کرنا
بھی ہے اس کے بے شمار دینی فوائد ہیں، جیسے قربانی کرنے والے کو جانور کے ہر بال کے بدلے میں ایک نیکی ملتی
ہے، اِسی طرح اِس کے دُنیاوی فائدے بھی
ہیں، ہم یہاں چند ذکر کئے دیتے ہیں۔
1۔غریبوں کی اِمداد:
کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں، جو پورا سال گوشت کھانے کی طاقت نہیں رکھتے، لیکن قربانی کے دنوں میں بفضل اللہ گوشت ایسے
لوگوں تک بھی پہنچتا ہے، اِس طرح قربانی
غریبوں کی امداد کا ایک ذریعہ بھی ہے۔
2۔دینی اداروں کی اِمداد:
قربانی کی کھالیں دینی اداروں کے لئے چندے کا ایک نہایت
اَہم ذریعہ ہوتی ہیں، سال میں ایک بہت بڑی رقم قربانی کی کھالوں سے دینی اداروں کو
پہنچتی ہے، اِس طرح قربانی دینی اداروں کی
امداد کا ایک ذریعہ بھی ہے۔
3۔ذریعۂ روزگار:
قصاب پورا سال ہی ذبح کرنے کا کام کرتے رہتے ہیں، مگر قربانی کے دنوں میں کام بڑھ جاتا ہے، اِس طرح اِن دنوں میں اُجرت بھی زیادہ ہوتی ہے، ہاں!یہ اُن کے لئے ہے، جو ماہر قصاب ہوں نہ کہ وہ جو صرف اِن دنوں میں قصاب بن جاتے
ہیں۔
اِسی طرح جانور فروخت کرنے والوں اور ٹرانسپورٹ والوں کے
لئے بھی اِن دنوں میں اُجرت زیادہ ہو جاتی ہے۔
4۔مال میں زیادتی:
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جو مال اللہ کریم کی راہ میں
دیا جائے، وہ کم نہیں ہوتا، بلکہ اِس میں برکت ہوتی ہے اور وہ بڑھتا ہے اور
پاک ہوتا ہے۔
5۔مسلم اِتحاد کا ذریعہ:
یہ ایک ایسی عبادت
ہے کہ جو پورا سال نہیں، بلکہ مخصوص دنوں
میں ہوتی ہے، اِس طرح اجتماعی قربانیوں میں بھی مسلمان شریک ہوتے ہیں اور یہ
ایک مسلم اِتحاد کا ذریعہ ہے، اور جب ایک
خاص عبادت مخصوص وقت میں ادا کی جاتی ہے، تو اس سے کافروں پر مسلمانوں کا رُعب بھی بڑھتا ہے۔اللہ پاک ہمیں اخلاص کے
ساتھ قربانی کرنے کی سعادت عطا فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم
حدیث مبارکہ:
آقا علیہ الصلوۃ والسلام نے اِرشاد فرمایا:"قربانی
کرنے والے کو قربانی کے جانور کے ہر بال کے بدلے میں ایک نیکی ملتی ہے۔"(ترمذی، جلد
3، صفحہ 162، حدیث مبارکہ1498)
حدیث مبارکہ:
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ رسولِ کریم صلی
اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"کہ بقرعید کی 10 تاریخ کو کوئی نیک عمل اللہ کے
نزدیک قربانی کا خون بہانے سے بڑھ کر محبوب اور پسندیدہ نہیں اور قیامت کے دن
قربانی کرنے والا اپنے جانور کے بالوں سینگوں اور کھروں کو لے کر آئے گا، نیز
فرمایا:کہ قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ پاک کے نزدیک شرفِ قبولیت حاصل
کرلیتا ہے، لہٰذا تم خُوش دلی کے ساتھ قربانی
کیا کرو۔"( ترمذی شریف)
چنانچہ قربانی کے جانور کا پہلا قطرہ گرتے ہی قربانی کرنے
والے کی مغفرت ہوجاتی ہے۔
قربانی پر مال خرچ کرنا افضل ہے:
حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ دو
عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے اِرشاد فرمایا:"عید کے دن قربانی کا جانور خریدنے
کے لئے پیسے خرچ کرنا، اللہ پاک کے یہاں
اور چیزوں میں خرچ کرنے سے زیادہ افضل ہے۔"(طبرانی)
حدیث مبارکہ:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جو
روپیہ عید کے دن قربانی میں خرچ کیا
گیا، اُس سے زیادہ کوئی روپیہ پیارا نہیں۔"(المعجم الکبیر)
حدیثِ مبارکہ:
فرمانِ مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم: "قربانی کے دن آدمی
کا کوئی عمل خون بہانے سے زیادہ افضل نہیں، مگر جب کہ وہ عمل صلہ رحمی کرنا ہو۔"(المعجم الکبیر، حدیث نمبر 10948،
ج11، ص 27)
مخصوص جانور کو مخصوص وقت میں اللہ پاک کا قُرب حاصل کرنے
کے لئے ذبح کرنے کو قربانی کہتے ہیں،
قربانی قدیم عبادت ہے، تمام
امتوں میں ہمیشہ سے رائج رہی ہے، جیسا کہ قرآن مجید میں فرمایا:"اور ہر
اُمت کے لئے ہم نے ایک قربانی مقرر فرمائی، تاکہ وہ اس بات پر اللہ کا نام یاد کریں کہ اس نے انہیں بے زبان چوپایوں سے
رزق دیا۔"
قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے، یہ اس اُمت کے لئے بھی باقی رکھی گئی ہے، قرآن کریم میں اللہ پاک نے اپنے پیارے حبیب صلی
اللہ علیہ وسلم کو قربانی کرنے کا حکم دیا ہے، حکمِ شریعت پر عمل کرتے ہوئے جہاں اُخروی فوائد ہیں، وہاں دنیا میں بھی اس کے بہت سے فوائد ہیں:
1۔مویشی منڈیوں میں بھیجنے کے لئے بہت سے لوگ اپنے
گھروں، باڑوں یا کیٹل فارم میں جانور پالتے ہیں، جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے کثیر افراد کو
ملازم رکھا جاتا ہے، جن کا روزگار قربانی
کی سُنت کی برکت سے چلتا ہے۔
2۔جانوروں کو مویشی منڈیوں تک پہنچانے کے لئے مختلف
گاڑیاں، کنٹینرز کرائے پر لئے جاتے ہیں، جن سے ہزاروں
افراد روزی کماتے ہیں، جانور لے جانے والی گاڑیاں مختلف مقامات پر ٹول
ٹیکس ادا کرتی ہیں اور پھر مویشی منڈی میں
بھی جگہ کے حساب سے کرایہ دیا جاتا ہے، جس
سے ملکی خزانے کو فائدہ ہوتا ہے۔
3۔قربانی کی کھالوں سے مختلف چیزیں بنائی جاتی ہیں اور
انہیں دوسرے ملکوں میں برآمد بھی کیا جاتا ہے، جس سے ملک کو قیمتی زرِّمبادلہ حاصل ہوتا ہے الغرض جانور کے پیدا ہونے سے لے کر قربان ہونے تک قربانی
کی سُنت کی برکت سے لاکھوں لاکھ افراد کے
لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور ملکی معیشت کو بھی بے پناہ فائدہ ہوتا ہے۔
4۔قربانی کرنے کے بعد کئی خوش نصیب لوگ اپنے رشتے
داروں، دوستوں اور غریبوں، مسکینوں کو بھی گوشت پہنچاتے ہیں، جس کی بدولت ان کے گھر میں بھی گوشت پکتا ہے۔
5۔خوش نصیب مسلمان اپنی قربانی کی کھالیں دعوتِ اسلامی کو
نیز عاشقانِ رسول کے دیگر مدارس و جامعات کو دیتے ہیں، جنہیں بیچ کر کئی مہینے کے اخراجات جمع ہو جاتے
ہیں، یوں قربانی کی سُنت پر عمل کرنا علمِ دین کی اشاعت میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
قربانی کے5 دُنیاوی فوائداز
بنت حافظ علی محمد( حسین آباد بھٹہ
گاؤں، لاہور)
قربانی کرنا عبادت ہے،
اللہ پاک نے سورہ ٔکوثر کی آیت نمبر 2میں ارشاد فرمایا:
فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَرْ۔
ترجمہ کنزالایمان:"تو تم اپنے ربّ کے لئے نماز پڑھو
اور قربانی کرو۔
لہٰذا ہر صاحبِ نصاب، بالغ شخص پر قربانی کرنا واجب ہے، آخرت میں ثواب کے فائدے کے ساتھ اس کے دنیوی
فائدے ہیں، جن میں سے پانچ ملاحظہ ہوں:
1۔راہِ خدا میں پیاری چیز خرچ کرنے کی فضیلت حاصل ہوتی
ہے، سورہ آلِ عمران کی آیت نمبر 92 میں
اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:
ترجمہ کنزالایمان:"تم ہرگز بھلائی کو نہ پہنچو
گے، جب تک راہِ خدا میں اپنی پیاری چیز
خرچ نہ کرو۔" لہذا جب کوئی سارا سال
جانور پال کر یا منڈی میں سب سے اچھا جانور خریدے گا، پھر اسے قربان کرے گا تو اسے اس آیت میں بیان
کردہ فضیلت حاصل ہو گی۔
2۔غربت میں کمی
آتی ہے، ایک علاقہ میں جب قربانیاں ہوتی
ہیں تو اس جانور کے گوشت کے حصّے بنا کر پڑوسیوں میں بھیجے جاتے ہیں تو اس طرح ایک
غریب کے گھر میں کافی گھروں سے گوشت آتا ہے، اس طرح غربت میں کمی آتی ہے۔
3۔محبت بڑھتی ہے، حدیث پاک میں ہے: تَہَادَّوْا تَحَابُّوْا یعنی ایک دوسرے کو تحفہ دو، آپس میں محبت بڑھے گی۔"(اراکین شورٰی کی
مدنی بہاریں، صفحہ 11)
جب قربانی کے گوشت کو تقسیم کیا جاتا ہے، پڑوسیوں کو تحفۃً بھیجا جاتا ہے تو اس سے
معاشرے میں محبت کا بول بالا ہوتا ہے۔
4۔مال کی محبت میں کمی آتی ہے، قربانی کا فائدہ یہ بھی ہے کہ اس سے مال کی محبت کم ہوتی ہے، سخاوت کرنے کی عادت بھی بنتی ہے۔
5۔رشتے داروں پر خرچ کرنے کا موقع ملتا ہے، اللہ پاک قرآن پاک میں سورہ بقرہ کی آیت نمبر
177 میں فرماتا ہے: وَ اٰتَى الْمَالَ عَلٰى حُبِّهٖ ذَوِی
الْقُرْبٰى ۔
ترجمۂ کنزالایمان:"اور اللہ کی محبت میں اپنا
عزیز مال دے رشتے داروں کو۔"
اس آیت کی تفسیر کے تحت صراط الجنان میں لکھا ہے:حضرت
سلیمان بن عامر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، تاجدارِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:" رشتہ دار کو صدقہ
دینے میں دو ثواب ہیں، ایک صدقہ کرنے کا
اور ایک صلہ رحمی کرنے کا۔
اللہ کریم کے ہر ہر حکم میں صَدْہا حکمتیں پوشیدہ
ہیں، قربانی بھی اللہ کریم کا عائد کردہ
ایک حکم ہے، جو مخصوص شرائط کے ساتھ واجب
ہوتی ہے، قربانی کرنے کے جہاں بے شمار
دینی فائدےہیں، وہاں کئی دنیاوی فائدے بھی
ہیں، جن میں سے چند یہ ہیں:
(1) قربانی وہ عظیم فریضہ ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو حُصُولِ رزق کے مواقع فراہم کرتی ہے،
معاشرے میں بسنے والے کئی افراد ایسے ہیں، جن کا روزگار بالخصوص قربانی کے ایّام میں زیادہ چلتا ہے، جیسے جانور فروخت
کرنے والے، قصّاب، چمڑے کا کاروبار کرنے والے، وغیرہ
(2) وہ غریب لوگ جو شاید سارا سال گوشت جیسی نعمت سے محروم
رہتے ہوں، قربانی کی برکت سے انہیں بھی یہ
نعمت میسر آجاتی ہے۔
(3) قربانی کے گوشت کے تین حصّے کرنا مستحب ہے، ایک حصّہ رشتہ داروں کے لئے، ایک غریبوں مسکینوں اور ایک حصّہ اپنے لئے، اس
پر عمل کرنے کی برکت سے آپس میں پیار مَحبت، اتفاق، باہمی ہمدردی، صلہ رحمی جیسے جذبات کو فروغ ملتا ہے، جو کامیاب ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دینے میں
نہایت اہمیت کا حَامِل ہے۔
( (4قربانی کرنے والا جب اپنے مال سے کی ہوئی قربانی کے گوشت
کو غریبوں، رشتےداروں وغیرہ میں تقسیم کرتا ہے، تو اس سے بُخل، حِرص، ایک دوسرے کا حق مارنے وغیرہ جیسی عادتیں ختم ہوتیں اور ایثارو خیر خواہی
کا جذبہ پیدا ہوتا ہے، جس سے معاشرے میں
بھی اَمْن و سکون کی فضا قائم ہوتی ہے، گویا قربانی نفس کو قربان کرنے کا بھی درس دیتی ہے۔
(5) قربانی کے جانور کی کھالیں کئی دینی و فلاحی اِداروں
کے مالی اخراجات پورے کرنے کے کام آتی ہیں، جس سے ان اِداروں کو ترقی میں مدد ملتی ہے۔
نیت کر لیجئے کہ اپنے قربانی کے جانور کی کھال عاشقانِ
رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کو دیں گے۔ان شاءاللہ کریم
مخصوص جانور کو مخصوص وقت میں اللہ پاک کا قُرب حاصل کرنے
کے لئے ذبح کرنا قربانی ہے، قربانی صاحبِ
وُسعت پر شریعت کی طرف سے مقرر کردہ ہے ایک عبادت ہے اور قربانی حضرت ابراہیم علیہ
الصلوۃ والسلام کی اور ہمارے پیارے آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی بھی سُنتِ مبارکہ
ہے۔
حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا:"جس نے خوش دلی
کے ساتھ طالبِ ثواب ہوکر قربانی کی، تو وہ
آتشِ جہنم سے حجاب(روک) ہو جائے گی۔"
قربانی کرنے کے بہت سے دینی اور دنیاوی فوائد ہیں، دینی فوائد تو ہم سنتے ہی رہتے ہیں، آئیے آج اس
کے کُچھ دنیاوی فوائد پر نظر ڈالتے ہیں:
1۔قربانی کا جانور مویشی منڈی لانے اور وہاں سے گھر لانے
وغیرہ میں گاڑیوں اور کنٹینروں کا استعمال
کیا جاتا ہے، تو قربانی کی سُنت کے سبب
گاڑیوں والوں کا روزگار چلتا ہے۔
2۔قربانی کے دنوں میں چارے وغیرہ کے اسٹال لگائے جاتے ہیں، اس سے ان کا روزگار بھی چلتا رہتا ہے۔
3۔قربانی کے دن آنے پر ہزاروں قصاب جانور ذبح کرنے اور
قیمہ بنانے وغیرہ کا کام کرتے ہیں، اس سے ان کاروزگار چلتا ہے۔
4۔قربانی کی کھالوں سے بہت سی چیزیں بنائی جاتی ہیں۔
5۔قربانی کی کھالوں سے جو چیزیں بنائی جاتی ہیں، انہیں دوسرے ملکوں میں برآمد کیا جاتا ہے، جس سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔
6۔بہت سے لوگ قربانی کی کھالیں دعوتِ اسلامی کے مدارس
وغیرہ کو دیتے ہیں، جسے بیچ کر ان مدارس
وغیرہ کے کئیں ماہ کے اخراجات پورے کئے
جاتے ہیں۔
7۔پھر مسلمان اپنی قربانی کا گوشت اپنے دوستوں، رشتہ داروں، غریبوں کو دیتے ہیں، اس طرح غریب لوگ بھی گوشت کھا لیتے ہیں۔
اے عاشقانِ رسول!ابھی اپنے قربانی کے دنیاوی فوائد
پڑھے، اگر یہ فوائد ہمیں نہ بھی معلوم ہوں
تب بھی اللہ اور اس کے رسول کریم و صلی
اللہ علیہ وسلم کے حکم پر عمل کرتے ہوئے قربانی کرنی چاہئے۔
اللہ پاک ہمیں خوش
دلی کے ساتھ قربانی کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور دونوں جہاں کی بھلائیاں عطا
فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم