اللہ پاک مقامات کا خالق و مالک ہے اور تمام مقامات اسی کے پیدا کردہ ہیں ان میں سے ایسے مقامات بھی ہیں جن میں کی جانے والی دعاؤں کو قبولیت کا درجہ بہت جلد نصیب ہوتا ہے ۔اللہ پاک ہمیں ان مقامات کی حاضری کی توفیق سے نوازے۔ ذیل میں چند مقامات کا تذکرہ  کیا جاتا ہےجن میں دعائیں قبول ہوتی ہیں:(1)زم زم کنواں :مکہ مکرمہ کا وہ مقدس کنواں جو حضرت اسماعیل علیہ السلام کے بچپن شریف میں آپ کے ننھے ننھے مبارک قدموں کی رگڑ سے جاری ہوا تھا۔ ( 2) مستجار :حضرت ابراہیم علیہ السلام کے نماز پڑھنے کے مقام پر (3) مقامِ ابراہیم: دروازہ کعبہ کے سامنے ایک گنبد میں وہ جنتی پتھر جس پر کھڑے ہو کر حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام نے کعبہ شریف کی عمارت تعمیر کی تھی (4)حطیم :کعبہ معظمہ کی شمالی دیوار کے آس پاس دائرے کی شکل میں باؤنڈری کے اندر کا حصہ ہے یہ کعبہ شریف ہی کا حصہ ہے۔(رفیق الحرمین ص61) (5)ملتزم: رکنِ اسود اور کعبہ کی درمیانی دیوار ہے۔ ملتزم مقام پر بھی دعائیں قبول ہوتی ہیں۔(رفیق الحرمین ص61) (6) مستجاب: رکنِ یمانی اور رکنِ اسود کے بیچ کی جنوبی دیوار یہاں ستر ہزار فرشتے دعا پر آمین کہنے کے لیے مقرر ہیں اسی لیے اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اس مقام کا نام مستجاب رکھا ہے۔(رفیق الحرمین ص61) (7)اسی طرح حجرِ اسود پر بھی دعائیں قبول ہوتی ہیں۔(رفیق الحرمین ص61) (8)کوہِ صفا: کعبہ معظمہ کےجنوب میں واقع ہے۔(رفیق الحرمین ص62) (9)کوہِ مروہ: کوہِ صفا کے سامنے واقع ہے۔(رفیق الحرمین ص61) (10)مسجدِ قباء :مسجد ِطیبہ سے تقریباً تین کلومیٹر جنوب مغرب کی طرف قبا نامی قدیمی گاؤں ہے جہاں یہ متبرک مسجد بنی ہوئی ہے۔(بخاری، جلد 1، ص 402، حدیث1193) (11)مواجہہ شریف :امام ابن الجزری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:دعایہاں قبول نہ ہوگی تو کہاں ہوگی؟(حصن حصین ص:31) (12)مسجدِ نبوی کے ستونوں کے نزدیک دعائیں قبول ہوتی ہیں ۔مسجد فتح میں خصوصا ًبدھ کو ظہر و عصر کے درمیان دعائیں قبول ہوتی ہیں ۔(13)وہ مبارک کنویں جنہیں سرور کونین صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم سے نسبت ہے۔ (14)مشاہد متبرکہ :اس کے معنی ہیں:حاضر ہونے کی جگہ ۔ یہاں مراد یہ ہے کہ جس جس مقام پر سرکار صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم تشریف لے گئے وہاں دعا قبول ہوتی ہے مثلا حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہکا مقدس باغ (15) مزاراتِ بقیع ،تاریخی روایت کے مطابق جنت البقیع میں تقریبا دس ہزار صحابہ کرام آرام فرما ہیں ۔(رفیق الحرمین ص 67 +68)اللہ پاک سے دعا ہے ہمیں ان مقامات پر دعا مانگنے کی توفیق سے نواز دے اوران مبارک مقامات کی حاضری نصیب فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہُ علیہ واٰلہٖ وسلم