کائنات میں اللہ پاک  کی سب سے زیادہ معرفت رکھنے والی شخصیت ہمارے آقا و مولیٰ، محمد مصطفی ﷺ ہیں۔لہٰذا سب سے زیادہ محبتِ الٰہی بھی آقا ﷺکو حاصل ہے۔جب محبت زیادہ ہوتی ہے تو محبوب کی ناراضی کا خوف بھی زیادہ ہوتا ہے۔آقا ﷺ تمام لوگوں سے بڑھ کر اللہ پاک کا خوف رکھنے والے ہیں۔

آقا ﷺ کی تمام زندگی اللہ پاک کی معرفت،محبت،اطاعت،بندگی اور عشقِ الٰہی سے بھرپور تھی۔حضورِ اقدسﷺ ہر حالت میں اللہ پاک کو یاد کرتے،چلتے پھرتے،بیٹھتے اٹھتے،سوتے جاگتے یادِ الٰہی میں مصروف رہتے۔بدن کے ساتھ ساتھ آقا ﷺ کا پاکیزہ دل ہمیشہ اللہ پاک کی یاد میں محو ہوتا تھا۔

آقا کریم ﷺ پر خوفِ خدا کے سبب بہت گریہ طاری ہوتی تھی۔نمازمیں کھڑے ہوتے تو سینے سے ہنڈیا میں ابالے آنے کی طرح کی آواز سنائی دیتی۔

آقا ﷺ کی اللہ پاک سے محبت آقا ﷺ کے قول و فعل سے ظاہر ہوتی تھی اور یہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے ۔

حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں ہے۔(نسائی،ص 644،حدیث:3946)

جب نماز کا وقت آتا تو نبیِ کریم ﷺ حضرت بلال سے فرماتے:اے بلال!نماز سے ہمیں راحت پہنچاؤ۔(یعنی اے بلال!اذان دو تاکہ ہم نماز میں مشغول ہوں اور ہمیں راحت ملے)۔(ابو داود،4/385،حديث:4985 )اور جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے تو خوب خشوع و خضوع سے نماز ادا فرماتے۔

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں اور آقا ﷺ گفتگو فرمارہے ہوتے تھے،جب نماز کا وقت ہوتا تو ہم یوں ہو جاتے جیسے ہم ایک دوسرے کو جانتے ہی نہیں۔(مستطرف ،1/14)

یعنی آقا ﷺ ہر چیز سے بڑھ کر اللہ پاک سے محبت فرماتے تھے۔جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے تو کامل توجہ سے ادا فرماتے۔لہٰذا ہمیں بھی چاہیے کہ ہم سب سے زیادہ محبت اپنے خالق و مالک سے کریں اور خوب خشوع و خضوع سے نماز ادا کریں۔

آئیے!آقا ﷺ کی اللہ پاک سے محبت پر دلالت کرنے والی احادیثِ طیبہ ملاحظہ ہوں:

محبتِ الٰہی میں قیامِ لیل (راتوں کا قیام):

آقا ﷺ سیّد المعصومین ہونے کے باوجود اللہ پاک کی محبت میں راتوں کو قیام فرمایا کرتے تھے۔آئیے!حدیثِ مبارک ملاحظہ فرمائیے:

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺرات کو اتنی دیر عبادت کرتے کہ آپ کے قدم مبارک سوج جاتے۔میں نے عرض کی:یا رسول اللہ!اللہ پاک نے تو آپ کے وسیلے سے آپ کے اگلوں اور پچھلوں کے گناہ معاف فرما دیئے ہیں،پھر آپ اتنی مشقت کیوں کرتے ہیں؟آپ نے فرمایا: کیا میں اللہ پاک کا شکر گزار بندہ بننا پسند نہ کروں؟(بخاری،3/329 ،حدیث:4837)

یہ حدیثِ مبارک آقاﷺ کی اللہ پاک سے گہری محبت پر دلالت کرتی ہے۔

دعا میں اللہ پاک کی محبت کا اظہار:

آقا ﷺ ہماری تعلیم کے لیے اللہ پاک کی محبت طلب کرنے کے لیے یوں دعا بھی کیا کرتے تھے:اَللّٰہمَّ إِنِّی أَسْأَلُکَ حُبَّکَ وَحُبَّ مَنْ یُّحِبُّکَ وَالْعَمَلَ الَّذِیْ یُبَلِّغُنِیْ حُبَّکَ اللّٰہُمَّ اجْعَلْ حُبَّکَ أَحَبَّ إِلَیَّ مِنْ نَفْسِیْ وَأَہْلِیْ وَمِنْ الْمَاءِ الْبَارِد الٰہی!میں تجھ سے تیری محبت اور تیرے محبوبوں کی محبت مانگتا ہوں اور وہ عمل مانگتا ہوں جو تیری محبت تک پہنچادے ۔الٰہی! اپنی محبت کومیرے لئے میری جان ، گھر بار اور ٹھنڈے پانی سے زیادہ محبوب بنا دے ۔

(ترمذی،5/296،حدیث:3501)

اللہ پاک پر کامل بھروسا (تَوَکُّل):

حضور کا اللہ پاک پر ایمان اور بھروسا بے مثال تھا۔جب آپ غارِ ثور میں حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھے اور دشمن بالکل قریب آ گیا تو حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے عرض کی:یا رسول اللہ!اگر وہ نیچے دیکھ لیں تو ہمیں دیکھ لیں گے۔آپ نے فرمایا:لَا تَحْزَنْ اِنَّ اللّٰهَ مَعَنَاۚ-10، التوبۃ:40)ترجمہ: غم نہ کھا بیشک اللہ ہمارے ساتھ ہے۔

یعنی آقا ﷺ کو اپنے ربِّ کریم سے محبت تھی اور اسی پر کامل یقین بھی تھا۔

کہتے ہیں کہ محبت اطاعت کرواتی ہے۔آقا ﷺ کو اپنے اللہ پاک سے اتنی محبت تھی کہ ربِّ کریم کے حکم پر عمل فرمانے میں جلدی فرماتے تھے۔

آقا ﷺ اپنی ذات کے لیے غصہ نہ فرماتے لیکن جہاں حقوق اللہ کا معاملہ ہوتا،دینی حکم کی خلاف ورزی ہوتی تو تب تک آپ کا غضب ختم نہ ہوتا جب تک اس سے بدلہ نہ لے لیتے۔

اللہ پاک ہمارے آقا ﷺ کے صدقے ہمیں اپنی اور اپنے محبوب ﷺ کی سچی پکی حقیقی محبت و عشق عافیت کے ساتھ عطا فرمائے،ہمیں اپنی مقبول بندیوں میں شامل فرمائے،اس تحریر کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور غلطیوں، کوتاہیوں سے در گزر فرما کر ہمیں دونوں جہانوں میں سرخرو فرمائے ۔آمین بجاہِ خاتم النبیین ﷺ


رسول اللہ ﷺ  کی اللہ پاک سے محبت کا بیان ایک وسیع اور گہرا موضوع ہے۔حضور اکرم ﷺکی زندگی اللہ پاک کی محبت اور تعلق کا روشن نمونہ ہے۔

چند پہلوؤں سے آپ کی اللہ پاک سے محبت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے:

1:عبادات میں انہماک:رسول اللہ ﷺ کی نماز،روزہ اور دیگر عبادات میں گہری لگن اور خشوع و خضوع آپ کی اللہ پاک سے محبت کی عکاسی کرتا ہے۔

2 :قرآن سے تعلق:آپ پر نازل ہونے والا قرآن آپ کی اللہ پاک سے محبت اور اللہ پاک کے پیغام کو انسانیت تک پہنچانے کی کوشش کا ثبوت ہے۔

3:دعائیں اور مناجات:رسول اللہ ﷺکی دعائیں،جیسا کہ یاحی یاقیوم اور دیگر مناجات،آپ کی اللہ پاک سے گہری وابستگی کو ظاہر کرتی ہیں۔

4:قربانیاں:آپ نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے بے شمار مصیبتیں برداشت کیں،جو اللہ پاک کی رضا کے لیے آپ کی محبت و اخلاص کا ثبوت ہے۔

5:اخلاق اور کردار:آپ کا حسنِ اخلاق،رحمت اور عفو و در گزر آپ کی اللہ پاک کی صفات کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کو ظاہر کرتا ہے۔

حضور کی سیرتِ مبارکہ ہمیں اللہ پاک سے محبت اور تعلق کی اہمیت سکھاتی ہے اور ہمیں حضور اکرم ﷺکے نقش ِقدم پر چلنے کی ترغیب دیتی ہے۔

رسول اللہ ﷺکی اللہ پاک سے محبت کا بیان ایک ایمان افروز موضوع ہے۔آپ کی اللہ پاک سے محبت اور تعلق کا انداز بے مثال تھا۔آپ اللہ پاک کی عبادت میں مشغول رہتے،ذکر کرتے اور اللہ پاک کی رضا کے لئے ہر کام کرتے۔

آپ کی محبت اللہ پاک سے اس قدر تھی کہ آپ راتوں کو نماز میں کھڑے ہو کر اللہ پاک سے راز و نیاز کرتے۔اللہ پاک نے آپ کی محبت کو اپنے بندوں کے دلوں میں ڈال دیا تھا۔

رسول اللہ ﷺکی اللہ پاک سے محبت کا اظہار آپ کی سیرتِ طیبہ اور احادیثِ مبارکہ میں جگہ جگہ موجود ہے جو آپ کی اللہ پاک سے محبت کو ظاہر کرتے ہیں:

1:شبِ معراج:معراج کی رات کو اللہ پاک سے آپ کا قرب اور دیدار،آپ کی اللہ پاک سے محبت اور تعلق کی ایک نمایاں مثال ہے۔

2 :عبادت میں خشوع:آپ کی نماز اور دیگر عبادات میں خشوع و خضوع آپ کی اللہ پاک سے محبت کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔

3 :اللہ پاک کی عظمت کا بیان:آپ اللہ پاک کی عظمت اور بزرگی کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کرتے تھے کہ اللہ پاک کی عظمت کا حق ادا کرنا مشکل ہے۔

4 :اللہ پاک کی رضا کی طلب:آپ کی زندگی کا محور اللہ پاک کی رضا اور خوشنودی کو بنانا تھا۔آپ نے فرمایا:بے شک میں اللہ پاک کی رضا میں راضی ہوں۔

5:دعائیں اور مناجاتیں:آپ کی دعاؤں اور مناجاتوں میں اللہ پاک کے ساتھ ایک گہرا تعلق اور محبت جھلکتی ہے۔آپ فرمایا کرتے تھے:اے اللہ!میں تیری ہی عبادت کرتا ہوں اور تجھ ہی سے مدد مانگتا ہوں۔

6:صبر اور شکر:اللہ پاک کی رضا کے لیے آپ کا صبر اور شکر آپ کی اللہ پاک سے محبت کی ایک روشن مثال ہے۔آپ نے فرمایا:مومن کے معاملے میں تعجب ہے کہ اس کا ہر کام اس کے لیے خیر ہے۔

آپ کی اللہ پاک سے محبت ایک ایسی مثال ہے جو ہمیں اللہ پاک کی محبت اور اطاعت کی طرف راغب کرتی ہے۔


شعبہ تحفظ اوراق مقدسہ کے تحت 5 جون تا 11 جون باکسز لگاؤ مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں 180 سے زائد شہروں میں مختلف مقامات پر 15 ہزار سے زائد باکسز لگائے جائیں گے ۔

اسی سلسلے میں شعبے کے نگران مجلس حافظ مولانا افضل مدنی نے ملتان کے کارخانے میں باکسز کی تیاری کا جائزہ لیا اور ذمہ داران کو مہم کی تیاری کے حوالے سے مدنی پھول دئیے۔

ملتان کے کارخانے میں 2 ہزار سے زائد باکسز تیار ہیں اسی طرح پورے پاکستان میں 74 سے زائد کارخانے ہیں جہاں پر شعبہ تحفظ اوراق مقدسہ کے تحت لگائے جانے والے باکسز تیار کئے جاتے ہیں۔ 405 سے زائد اسٹور ہیں جہاں جمع ہونے والے اوراق مقدسہ کو عارضی طور پر محفوظ کیا جاتا ہے۔

اب تک 28 لاکھ سے زائد بار دانے شرعی طریقہ کار کے مطابق محفوظ کئیے جا چکے ہیں۔ 6 ہزار سے زائد والینٹرز ہیں جو باکسز لگانے خالی کرنے اور دیگر کاموں میں معاونت کرتے ہیں۔

آپ بھی اس نیک کام میں ہمارے ساتھ شامل ہوسکتے ہیں۔

رجسٹرڈ ہونے کیلئے ،مہم میں شامل ہونے کیلئے باکسز لگوانے کیلئے یا اوراق مقدسہ کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کیلئے شعبے کے یو اے این نمبر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

+92 317 5022226


2 جون 2026 کو شاہ پور چاکر، سندھ سے تشریف لائے ہوئے سینئر مدرس مولانا شاہد سکندری صاحب کی اپنے وفد کے ہمراہ دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ حیدرآباد میں قائم دارالافتاء اہلسنت آمد ہوئی جہاں اُن کی ملاقات مفتی نوید  عطاری مدنی سے ہوئی۔

اس موقع پر شعبہ رابطہ بالعلماء کے صوبائی ذمہ دار مولانا محمد محب عطاری مدنی نے مولانا شاہد سکندری صاحب اور اُن کے وفد کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں موجود مرکزی جامعۃ المدینہ بوائز و دیگر شعبہ جات کا وزٹ کروایا۔

علاوہ ازیں مولانا شاہد سکندری صاحب کی اساتذہ ٔکرام سے بھی ملاقات ہوئی اور انہیں ادارے کے مختلف شعبوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ آخر میں صوبائی ذمہ دارنے علمائے کرام کو دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبوں کا تعارف پیش کیا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔(رپورٹ: شعبہ رابطہ بالعلماء ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

28 مئی 2026ء کو  اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت ملتان میں اسپیشل پرسنز کے درمیان ”عید ملن پروگرام“ کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد اسپیشل پرسنز میں محبت، ہم آہنگی اور دین کی تعلیمات کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر ملتان ڈویژن کے ذمہ دار مولانا محمد جمال عطاری مدنی اور ملتان سٹی کے ذمہ دار نے خصوصی شرکت کی جبکہ ذمہ داران نے اشاروں کی زبان میں اسپیشل پرسنز کو نمازوں کی پابندی کی ترغیب دلائی اور انہیں ایک ماہ کے قافلے میں سفر کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ دین کی خدمت میں مزید حصہ لے سکیں۔ آخر میں FGRF کی جانب سے اسپیشل پرسنز میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا جس پر انہوں نے خوشی اور محبت کا اظہار کیا۔(رپورٹ: اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


26 مئی 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد سے شعبہ روحانی علاج کے تحت آن لائن میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اٹلی کے ذمہ دار اسلامی بھائی شریک ہوئے۔اس میٹنگ  میں ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے بستے کی کارکردگی، تشہیر اور بہتر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ ٔخیال کیا ۔

اس موقع پر نگرانِ شعبہ مولانا انور رضا عطاری مدنی نے ملک کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں سے کلام کرتے ہوئے بستوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے آئندہ کے اہداف بتائے۔

نگرانِ شعبہ نے بستے کھولنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات، بستہ ذمہ داران کو اپنے کام میں بہتری لانے، ہفتہ وار اجتماعات میں بستے لگوانے اور دعائے شفاء اجتماعات کے انعقاد پر مشاورت کی جس پر ذمہ داران نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ: سمیر علی عطاری اسسٹنٹ مینیجر ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد سے 25 مئی 2026ء کو شعبہ روحانی علاج کے تحت آن لائن میٹنگز منعقد کی گئیں جن میں تھائی لینڈ اور ساؤتھ افریقہ کے ذمہ دار اسلامی بھائی شریک ہوئے۔ان میٹنگز میں ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے بستے کی کارکردگی، تشہیر اور بہتر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ ٔخیال کیا ۔

اس موقع پر نگرانِ شعبہ مولانا انور رضا عطاری مدنی نے ہر ملک کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے بستوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے آئندہ کے اہداف بتائے۔

نگرانِ شعبہ نے بستے کھولنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات، بستہ ذمہ داران کو اپنے کام میں بہتری لانے، ہفتہ وار اجتماعات میں بستے لگوانے اور دعائے شفاء اجتماعات کے انعقاد پر مشاورت کی جس پر ذمہ داران نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ: سمیر علی عطاری اسسٹنٹ مینیجر ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


کوٹری، 21 مئی 2026ء :

دعوتِ اسلامی کے شعبہ روحانی علاج کے تحت 21 مئی 2026ء کو جامع مسجد محمدی، کوٹری میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کوٹری تحصیل کے بستہ ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس میٹنگ میں صوبائی ذمہ دار حاجی امان اللہ عطاری نے افواہوں کے متعلق بیان کرتے ہوئے پبلک ڈیلنگ کی تربیت، تشہیر کی مضبوطی اور بستوں کے حوالے سے چند اہم نکات پر مشاورت کی۔

اس موقع پر صوبائی ذمہ دار نے دعائے شفاء اجتماعات میں شرکت کرنے اور دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں میں عملی طور پر حصہ لینے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ: سمیر علی عطاری اسسٹنٹ مینیجر ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


اسلام آباد، 4 جون 2026ء :

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے آئی جے پی روڈ پنڈورہ (IJP Road Pandora)میں ایک نابینا ٹیچر مرحوم فتح محمد کے ایصالِ ثواب کے لیے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت محفلِ ذکرو نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی مدرسۃالمدینہ بوائز کے طلبہ نے قرآن ِ کریم کی تلاوت کی اور نعت خوانی کی۔

اس موقع پر صوبائی ذمہ دار کامران عطاری اسپیشل پرسنز کے ہمراہ شریک تھے نیز مبلغِ دعوتِ اسلامی نے اپنے بیان کے دوران کہا کہ ہمیں اپنی زندگی کی قدر کرنی چاہیے اور نیک اعمال کے مطابق زندگی گزارنی چاہیے۔ آخر میں مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور اسپیشل پرسنز سمیت دیگر اسلامی بھائیوں کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔(رپورٹ: کامران عطاری صوبائی ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت مدنی مرکز فیضانِ مدینہ ملتان میں”دعائے شفاء اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی طور پر اسپیشل پرسنز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجتماع میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے اشاروں کی زبان کے ذریعے اسپیشل پرسنز کو بیماری و پریشانی کے موقع پر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنے، نمازوں کی پابندی کرنے اور دینی ماحول سے وابستہ رہنے کی ترغیب دی۔

اس کے علاوہ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے شعبہ روحانی علاج کا تعارف بھی کروایا اور بتایا کہ دعوتِ اسلامی کا یہ شعبہ تعویذاتِ عطاریہ اور اوراد و وظائف کے ذریعے مسلمانوں کی دینی و روحانی معاونت کر رہا ہے۔

مبلغِ دعوتِ اسلامی نے اپنے بیان کے دوران اسپیشل پرسنز کو یہ بھی بتایا کہ مختلف جسمانی، گھریلو اور ذہنی پریشانیوں کے لیے روحانی علاج سے بھی فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر اسپیشل پرسنز نے شعبہ روحانی علاج کے بستے سے تعویذاتِ عطاریہ حاصل کیے اور اجتماع کے اختتام پر تمام اسپیشل پرسنز کے لیے خصوصی دعائے شفاء بھی کروائی گئی۔ (رپورٹ: محمد جمال عطاری مدنی، اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ملتان ڈویژن ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت ملتان، پنجاب میں قائم دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں پچھلے دنوں اسپیشل پرسنز (گونگے اور بہرے اسلامی بھائیوں) کے درمیان سیکھنے سکھانے کے حلقے کا انعقاد کیا گیا۔

اس حلقے میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے اشاروں کی زبان کے ذریعے قرآنِ پاک کی عظمت، تلاوتِ قرآن کی برکتیں اور قرآنِ کریم کی زیارت کے فضائل بیان کیے نیز انہیں بتایا کہ قرآنِ پاک اللہ تعالیٰ کی سب سے عظیم نعمت و ہدایت کا سرچشمہ ہےاور اس سے محبت دلوں کو نورِ ایمان سے منور کرتی ہے۔

اس موقع پر اسپیشل پرسنز کو قرآنِ پاک کی زیارت بھی کروائی گئی جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔بعدازاں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے اسپیشل پرسنز کو دینی ماحول سے وابستہ رہنے، ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے اور قرآنِ پاک سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی ترغیب دلائی۔ (رپورٹ: محمد جمال عطاری مدنی، اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ملتان ڈویژن ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


سندھ میں داخل  ہونے والے پہلےسادات گھرانے کے عظیم و جلیل القدر صوفی بزرگ حضرت سیّدنا عبد اللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ علیہ ہیں جن سے آج بھی بالخصوص کراچی اور بالعموم پورا پاکستان فیضیاب ہورہا ہے ۔

سادات گھرانے کے اس عظیم بزرگ کے عرس کے سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ مزاراتِ اولیاء کے تحت ایک پُرنور محفلِ نعت کا اہتمام کیا جا رہا ہے جوکہ کل بروز اتوار 7 جون 2026ء کو عبد اللہ شاہ غازی مزار، کلفٹن، کراچی میں منعقد کی جائے گی۔

تفصیلی معلومات کے مطابق کلفٹن، کراچی میں ہونے والے اس محفلِ نعت کا آغاز رات 10 بجے تلاوتِ قرآن و نعت شریف سے ہوگا اور رات تقریباً 11 بجےمبلغِ دعوتِ اسلامی حاجی فضیل عطاری کا خصوصی بیان بھی ہوگا۔