وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے G-11 میں واقع مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں 16 جولائی 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار اجتماع کے موقع پر اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت ایک خصوصی حلقے کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی ذمہ داران کامران عطاری اور بدر شفیق عطاری نے اسپیشل پرسنز کے ہمراہ شرکت کی۔

تلاوت و نعت کے بعد مبلغِ دعوتِ اسلامی نے ”کامیابی کی راہ میں حکمت و تدبیر کی اہمیت“ اور ”بدشگونی کی کاٹ“ جیسے اہم موضوعات پر سنتوں بھرا بیان کیا جبکہ اسپیشل پرسنز کو بیان کے نکات سمجھانے کے لیے صوبائی ذمہ دار بدر شفیق عطاری نے اشاروں کی زبان (Sign Language) میں ترجمانی کی تاکہ اسپیشل پرسنز بھی بیان سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

حلقے کے آخر میں ذمہ داران کی جانب سے اسپیشل پرسنز کو راہِ خدا میں سفر کے لیے قافلوں میں شرکت کرنے اور ہفتہ وار اجتماعی مدنی مذاکرے میں باقاعدگی سے شامل ہونے کا ذہن دیا گیا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دین سیکھنے کے لیے اچھی اچھی نیتیں کیں۔

اجتماع کے اختتام پر رقت انگیز دعا، صلوٰۃ و سلام کا سلسلہ ہوا اور بعد ازاں تمام اسپیشل پرسنز کے لیے لنگرِ رضویہ کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔(رپورٹ: کامران عطاری صوبائی ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہائشی اشاروں کی زبان (Sign Language) کورس کا آغاز کیا گیا جس میں شرکا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کورس کے اہم مقاصد اور عملی تربیت:

اس منفرد کورس کا بنیادی مقصد شرکاکو اشاروں کی زبان سکھانا تھا تاکہ وہ معاشرے میں موجود اسپیشل پرسنز سے مؤثر انداز میں رابطہ قائم کر سکیں اور اسپیشل پرسنز تک دینِ اسلام کا پیغام آسانی سے پہنچا سکیں نیز انہیں معاشرے کا ایک فعال و دین دار حصہ بنا سکیں۔

تدریسی خدمات اور سکھائے جانے والے امور:

اس کورس میں تدریس کے فرائض معلم و صوبائی ذمہ دار بدر شفیق عطاری نے سرانجام دیئے اور انتہائی آسان و مؤثر انداز میں شرکا کو درج ذیل امور کی تربیت دی:

٭اشاروں کی زبان میں نعت شریف پڑھنا٭اسپیشل پرسنز کو ضروری فرض علوم سکھانا٭اسپیشل پرسنز سے عام گفتگو کرنا٭انہیں احسن انداز میں نیکی کی دعوت پیش کرنے کا طریقہ ٔکار۔(رپورٹ: کامران عطاری صوبائی ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت صوبائی اور ڈویژن ذمہ داران نے ڈسٹرکٹ سوات کا تنظیمی دورہ کیا جس کا مقصد ڈیپارٹمنٹ کے دینی کاموں کو وسعت دینا اور اسپیشل پرسنز کی دینی و اخلاقی تربیت کرنا تھا۔

تفصیلی معلومات کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن کے ذمہ دار مولانا وقار عطاری مدنی، صوبائی ذمہ دار ہدایت اللہ جنیدی عطاری اور نگرانِ ڈیپارٹمنٹ عمیر ہاشمی عطاری نے ڈسٹرکٹ سوات میں مختلف دینی کام کیے۔

جامعۃ المدینہ بوائز میں خصوصی بیان اور کورس کی دعوت:

تحصیل کبل میں واقع دعوتِ اسلامی کے دینی ادارے جامعۃ المدینہ حسنین کریمین میں ذمہ داران نے طلبہ کرام کے درمیان بیان کیا۔ اس موقع پر طلبۂ کرام کو ڈیپارٹمنٹ کا تفصیلی تعارف کروایا گیا اور بتایا گیا کہ یہ شعبہ ملک و بیرونِ ملک کہاں کہاں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ طلبۂ کرام کو اسپیشل پرسنز سے رابطے اور ان کی رہنمائی کے لیے ”اشاروں کی زبان کے کورس“ (Sign Language Course) میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔

گونگے اور بہرے اسلامی بھائیوں سے ملاقات:

دورے کے دوران ذمہ داران نے سوات میں موجود اسپیشل پرسنز سے ملاقاتیں کیں اور اُن کے لیے سیکھنے سکھانے کے حلقے کا انعقاد کیا جس میں اشاروں کی زبان کے ذریعے ان کی دینی و اخلاقی تربیت کی گئی۔(رپورٹ: کامران عطاری صوبائی ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے کوشاں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی نے ایک بار پھر ”شجرکاری مہم“ کے سلسلے میں ایک خصوصی ٹرانسمیشن کا اعلان کیا ہے۔

موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ خصوصی ٹرانسمیشن بروز اتوار 02 اگست 2026ء کو نشر کی جائے گی جس کا باقاعدہ آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دن 2:30 بجے ہوگا۔

شجرکاری مہم کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے یہ ٹرانسمیشن مدنی چینل پر براہِ راست نشر کی جائے گی جس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین و دیگر مبلغینِ دعوتِ اسلامی شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہمات چلا رہی ہے۔ اب تک لاکھوں کی تعداد میں پودے لگائے جا چکے ہیں، جن کا مقصد نہ صرف ملک کو خوبصورت بنانا ہے بلکہ ماحولیات کو خوشگوار بنانا اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک صحت مند ماحول یقینی بنانا ہے۔

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام26 جولائی 2026ء کو استقبالِ ماہِ ربیع الاول شریف کے سلسلے میں عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا۔ اس اجتماع کا انعقاد ایم اے جناح روڈکراچی پر واقع تاریخی میدان ”نشتر پارک“میں کیا گیا۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز قرآن پاک کی نورانی تلاوت سے ہوا جس کے بعد مدنی چینل کے نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

نعت خوانی کے بعد امیرِ اہل سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے جانشین اور خلیفہ مولانا ابو اسید حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ربیع الاول شریف کی اہمیت اور فضیلت پر جامع اور مدلل بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول شریف کا مہینا عالمِ اسلام کے لیے عظیم ترین خوشی کا پیغام لاتا ہے، آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن ہے۔ انہوں نے شرکا کو آمدِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خوشی شرعی حدود میں رہ کر منانے اور سنتوں پر سختی سے عمل کرنے کی ترغیب دی۔

بیان کے فوراً بعد استقبالِ ربیع الاول کی مناسبت سے خصوصی کلام پڑھے گئے جس کے دوران پورا پنڈال اور اطراف کے راستے ”سرکار کی آمد! مرحبا“ اور ”مرحبا یا مصطفیٰ“ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھے جبکہ شرکا نے ہاتھوں میں مدنی پرچم لہرا کر اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

اجتماع میں کراچی اور اطراف کے اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ عوامی مجمع اس قدر کثیر تھا کہ نشتر پارک کا وسیع و عریض میدان مکمل طور پر بھر گیا اور جگہ کم پڑ گئی۔ پارک کے اردگرد کی شاہراہیں، مزارِ قائد کا اطراف اور نمائش چورنگی تک کا علاقہ انسانوں کے سمندر میں تبدیل ہوچکا تھا، جہاں دور دور تک عاشقانِ رسول دکھائی دیے۔ اجتماع میں مختلف سیاسی، سماجی، اور شہر کی ممتاز کاروباری شخصیات نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اتنے بڑے اجتماع کو منظم رکھنے کے لیے دعوتِ اسلامی کے رضاکاروں اور ضلعی انتظامیہ نے مثالی انتظامات کر رکھے تھے۔ دور بیٹھے شرکا کے لیے بڑی بڑی ڈیجیٹل ایس ایم ڈی (SMD) اسکرینز نصب کی گئی تھیں تاکہ ہر کوئی بیان کا واضح نظارہ کر سکے۔ گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے پارکنگ کا وسیع انتظام تھا جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے کراچی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فل پروف انتظامات کیے تھے۔

اجتماع کے آخری لمحات میں جانشینِ امیرِ اہل سنّت نے ملکِ پاکستان کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور شرکا کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ اجتماع کا اختتام بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں صلاۃ و سلام کے نذرانے اور درود و سلام کے گلدستوں کے ساتھ ہوا۔

اس اجتماع کی مکمل نشریات کو دیکھنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

https://www.youtube.com/watch?v=WruOir67pDs


خلیفۂ اعلیٰ حضرت مفتی شاہ ابوالبرکات سید احمد قادری رضوی رحمۃُ اللہِ علیہ کے پوتے اور شارح بخاری علامہ سید محمود احمد رضوی رحمۃُ اللہِ علیہ کے بیٹے صاحبزادہ سید مختار اشرف رضوی صاحب کی اہلیہ کا قضائے الہی سے انتقال ہوگیا۔ مرحومہ، جو سید علی مجتبیٰ رضوی اور سید حمزہ مختار رضوی کی والدہ تھیں، 02 صفر المظفر 1448ھ (بمطابق 17 جولائی 2026ء) کو لاہور میں تقریباً 60 برس کی عمر میں اس دارِ فانی سے رخصت فرما گئیں۔

امیرِ اہلِ سنت نے اپنے خصوصی آڈیوپیغام میں مرحومہ کی مغفرت اور بلندیِ درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے لواحقین کو صبر و ہمت کی تلقین کی ہے۔

دعوتِ اسلامی کے مبلغین محمد ارشد عطاری اور محمد عالم عطاری امیرِ اہلسنت کا خصوصی آڈیو پیغام لے کر صاحبزادہ سید مختار اشرف رضوی صاحب کی رہائش گاہ پہنچے۔ مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے صاحبزادہ صاحب کو امیرِ اہلسنت کا آڈیو پیغام سنایا جسے سن کر انہوں نے امیرِ اہلسنت کا شکریہ ادا کیا اور آپ کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی مزید ترقی و صحت والی طویل زندگی کی دعائیں کیں۔

امیرِ اہلِ سنت کا پیغام بصیرت:

اپنے پیغام کے آغاز میں امیرِ اہلِ سنت نے حضرت سیدنا علی المرتضیٰ شیر خدا کرم اللہ وجہہ الکریم کا فرمان نقل کیا کہ: ”جو موت کو پیشِ نظر رکھتا ہے وہ نیک کاموں میں جلدی کرتا ہے“ ۔ (شعب الایمان، ج07، ص371، ح10623)

انہوں نے سوگواروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوسروں کی موت سے عبرت حاصل کرنی چاہیے کیونکہ ایک دن ان فوت ہونے والوں کی لسٹ میں ہمارا نام بھی آنے والا ہے۔ انہوں نے فکرِ آخرت دلاتے ہوئے فرمایا: ”آج لوگ ہمیں ’جناب‘یا ’محترمہ‘کہتے ہیں، کل ہمیں ’مرحوم‘یا ’مرحومہ‘ پکاریں گے“۔

صبر کی اہمیت اور نوحہ کی ممانعت:

امیرِ اہلِ سنت نے صبر کی فضیلت بیان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ”بے صبری ہرگز نہ کی جائے، کیونکہ بے صبری سے جانے والا پلٹ کر نہیں آتا بلکہ ہاتھ آنے والا جنت کا خزانہ (صبر کا اجر) ضائع ہو جاتا ہے“۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ میت پر نوحہ کرنا (آواز نکال کر بین کرنا) سخت حرام ہے۔

انہوں نے حدیثِ پاک کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اگر نوحہ کرنے والی نے توبہ نہ کی تو قیامت کے دن اسے ڈامر (جلدی آگ پکڑنے والے لباس) اور خارش کا کرتا پہنایا جائے گا، کیونکہ اس نے اپنے نوحے سے لوگوں کے دلوں کو زخمی کیا تھا۔ (مسلم شریف، ص465، ح934)

ایصالِ ثواب کی ترغیب :

مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے امیرِ اہلِ سنت نے مشورہ دیا کہ اللہ کے دیئے ہوئے مال سے مسجد بنائی جائے یا مسجد کی تعمیر میں حصہ لیا جائے، کیونکہ فرمانِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مطابق جو اللہ کے لیے مسجد بناتا ہے، اللہ اس کے لیے جنت میں گھر بناتا ہے۔ امیراہلسنت نے لواحقین اور مریدین کو دعوتِ اسلامی کے رسالے ”زبان کی حفاظت کی اہمیت“ کے مطالعہ کی بھی ہدایت کی۔

دعائیہ کلمات:

امیرِ اہلِ سنت نے دعا فرمائی کہ: "یا رب المصطفیٰ! مرحومہ کی بے حساب مغفرت فرما، ان کی قبر کا اندھیرا دور فرما اور اسے نورِ حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صدقے تا حشر جگمگاتا رکھ۔ الٰہی! ان کی قبر کو باغِ جنت بنا دے اور تمام سوگواروں کو صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل عطا فرما“۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتمِ النّبیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


19 اپریل  2026ء کو کینیڈا کے شہر مانٹریال اور Laval میں دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کے حوالے سے بالمشافہ مدنی مشورے کا انعقاد کیا گیا جس میں دینی کاموں کا جائزہ لیا گیا اور ذمہ داران کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

معلومات کے مطابق ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے رکن عالمی مجلسِ مشاورت و سب کانٹیننٹ نگران اسلامی بہن نے آئندہ کے اہداف بھی مقرر کیے تاکہ دینی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں Laval اور مانٹریال میں دعوتِ اسلامی کی دینی خدمات کو فروغ دینے کے لیے مدنی پھول بیان کیے گئے۔


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 19 اپریل 2026ء کو  کینیڈا کے شہر مانٹریال میں سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں رکن عالمی مجلسِ مشاورت و سب کا نٹیننٹ نگران اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔

اجتماع کے آغاز کیا تلاوتِ قرآن کی گئی اور نعت خواں اسلامی بہن نے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہِ اقدس میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا جس کے بعد رکن عالمی مجلسِ مشاورت نے سنتوں بھرا بیان کیا اور اختتام پر دعا بھی کروائی۔

اجتماع کے بعد ذمہ داران نے انفرادی کوشش کرتے ہوئے اسلامی بہنوں کو سنتوں بھرے اجتماعات میں شرکت کرنے، قرآنِ پاک درست تجوید کے ساتھ پڑھنے اور ہفتہ وار رسالہ پڑھنے کی ترغیب دلائی۔


18 اپریل 2026ء کو  کینیڈا کے شہر مانٹریال میں دعوتِ اسلامی کے تحت سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں قرب و جوار کی اسلامی بہنیں بالخصوص رکن عالمی مجلسِ مشاورت وسب کانٹیننٹ نگران اسلامی بہن شریک ہوئیں ۔

اجتماع کے بعد رکن عالمی مجلسِ مشاورت نے اسلامی بہنوں سے ملاقات کی اور انفرادی کوشش کرتے ہوئے انہیں دینی کاموں میں حصہ لینے نیز دینی کاموں سے متعلق آگاہی حاصل کرنے کی ترغیب دلائی۔

اس کے علاوہ اسلامی بہنوں کو مدنی چینل دیکھنے اور فیضان آن لائن اکیڈمی گرلز میں داخلہ لینے کا ذہن بھی دیا گیا تاکہ دینی تعلیم و تربیت میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔


18 اپریل  2026ء کو دعوتِ اسلامی کے تحت مانٹریال اور Laval کی جملہ ذمہ دار اسلامی بہنوں کا مدنی مشورہ منعقد کیا گیا جس میں 8 دینی کاموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور دیگر موضوعات پر مشاورت کی۔

اس موقع پر رکنِ عالمی مجلس وکا نٹیننٹ اور سب کانٹیننٹ نگران اسلامی بہنوں نے وہاں موجود تمام ذمہ داران کو ہدایت دی کہ ہر فرد کو نیک اور مثالی کردار کا حامل بننا چاہیے نیز اہداف کی تقسیم کے ذریعے مختلف دینی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا ۔

دورانِ مدنی مشورہ ذمہ دار اسلامی بہنوں کومدرسۃ المدینہ کے اہداف و دیگر دینی کاموں کے لیے نیتیں کروائی گئیں اور ان اہداف کو پورا کرنے کے لیے ترغیب دلائی گئی۔ اس کے علاوہ نمایاں کارکردگی کی حامل اسلامی بہنوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی تاکہ دینی کاموں میں مزید اضافہ ہو سکے۔


پچھلے دنوں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام مانچسٹر کے علاقے وکٹوریا پارک میں واقع سینٹرل جامع مسجد میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں قرب و جوار کے مختلف شہروں سے بزنس کمیونٹی اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجتماع میں اراکین شوریٰ حاجی محمد رفیع عطاری اور حاجی خالد عطاری سمیت نگرانِ یوکے مشاورت، یوکے، فرانس، ہنگری، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک سے تشریف لائے ہوئے یورپی سطح کے ذمہ داران اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت میں نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیش کی گئی۔ اجتماع سے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”موت، قبر اور آخرت کی تیاری“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے اپنے بیان میں حاضرین کو آخرت کی تیاری سے غافل نہ ہونے کی ترغیب دیتے ہوئے فرمایا ”کوئی بھی بشر اپنی موت سے آگاہ نہیں ہے، لیکن ہمارا معاملہ یہ ہے کہ ہم دنیا میں سو برس کی لمبی تیاری کررہے ہوتے ہیں۔ ہم طویل امیدوں کے ساتھ زندگی گزاررہے ہوتے ہیں کہ اچانک موت کا وقت آپہنچتا ہے اور اس وقت پچھتاوے کے سوا ہمارے ہاتھ کچھ نہیں آتا۔ آخری لمحے میں انسان کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ کاش! میں نے کچھ تیاری کرلی ہوتی، مگر تب بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے“۔

دورانِ اجتماع دینِ متین کی خدمت کرنے، نیکیوں کی دعوت عام کرنے اور آخرت کا توشہ جمع کرنے کے لئے شرکا کو خصوصی طور پر ترغیب دلائی گئی کہ وہ انگلینڈ کے علاقے نیوآرک شوگراؤنڈ (Newark Showground) میں ہونے والے آئندہ عظیم الشان اجتماع میں ضرور شرکت کریں اوریوکے میں اس کی دعوت عام کریں ۔ یہ اجتماع رواں سال 18، 19 اور 20 ستمبر 2026ء کو منعقد ہوگا۔

آخر میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، دنیا و آخرت کی بھلائی اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔


17 اپریل 2026ء کو کینیڈا کے شہر Laval میں ایک اہم یوتھ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں رکن عالمی مجلس وکونٹیننٹ نگران اسلامی بہنوں نے شرکت کی جس کا مقصد نوجوان اسلامی بہنوں کی دینی تربیت اور ان میں دینی کاموں کے لئے جذبہ پیدا کرنا تھا۔

اس سیشن کے دوران یوتھ کو مدنی پھولوں پر تربیت دی گئی اور انہیں دینی کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دلائی گئی نیز اسلامی بہنوں کو مختلف اہداف بھی دیئے گئے جن میں صحیح تجوید، فقہ کی کلاسز اور مختلف سیشنز کرنا شامل تھا۔

آخر میں سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا جس میں اسلامی بہنوں نے دینی کاموں کے متعلق اپنے سوالات کئے اور رہنمائی حاصل کی۔