23 اگست 2025ء بمطابق 29 صفرالمظفر 1447ھ کی شب دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں علمِ دین سے بھرپور مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی اور دیگر شہروں سے آئے ہوئے کثیر عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ بیرونِ ملک کے عاشقانِ رسول نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے اور ولادتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بارے میں بتایا۔

بعض سوال و جواب:

سوال: چاندنبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے روشنی لئے ہوئے ہے ،کیا ہم اسی لئے جشنِ ولادت کے موقع پر روشنی(چراغاں) کرتے ہیں؟

جواب:یہ بات تودرست ہے کہ چاندنبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے روشنی لئے ہوئے ہے جیساکہ حضرت شاہ عبدالعزیزمحدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے تحریرفرمایا ہے۔بہرحال روشنی کرنا ،لائٹیں لگانا یہ سب خوشی کے اظہارکے طریقے ہیں، جشنِ ولادت میں خوشی کرنا جائز اوربزرگوں،علماوصلحا سے ثابت ہے بلکہ حقیقت یہ کے کہ ہمیں اس موقع پر روشنی کرنا علمائے کرام نے ہی سکھایاہے۔اچھی نیت جس میں دکھاوا، رِیا وغیرہ ذاتی مفاد نہ ہو جائز طریقے سے ضرور روشنی (چراغاں) کیجئے۔اپنی عمارت، گھر، صحن اورگلیوں کو لائٹوں سے سجائیں ،اپنے دل کو توبہ ،نمازوں کی پابندی ،سنتوں پر عمل کرکے سجائیں ،چہرے کو نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنت ایک مٹھی داڑھی شریف رکھ کرسجائیں ۔سرکو زلفیں رکھ کر اورعمامہ شریف کا تاج پہن کرسجائیں ،بدن کو سنتوں بھرا لباس پہن کرسجائیں ،بدن کا ظاہربھی سجاناہے اورباطن بھی سجانا ہے ۔اس سال ”1500 واں جشنِ ولادت“ اس دُھوم دھام سے منانا ہے کہ شیطان کو کہیں منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے ۔اس کے لئے دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سے وابستہ ہوجائیں۔

سوال:مشاہدہ اورخبرمیں کیافرق ہے ؟

جواب:مشاہدہ یعنی دیکھنا ،خبریعنی بات جو ہم سنتے ہیں ،مشاہدہ خبرسے معتبراورزیادہ قابلِ قبول ہے ۔

سوال:سیدی اعلیٰ حضرت ،امامِ اہلسنت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ اپنے گھروالوں کے ساتھ کیسے تھے ؟

جواب:سیدی اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ ولی اللہ ،مفتیِ اسلام اورمجتہدفی المسائل تھے۔آپ کروڑوں مسلمانوں کے پیشوا ہیں۔علمائے کرام نے انہیں چودہویں صدی کا مجددلکھا ہے، ظاہرہے ان کا گھر میں کردار بھی اعلیٰ تھا ،اس لئے آپ کے بیٹے اور پوتے بھی بڑے بڑے نامور علما بنے ۔آپ کے دونوں صاحبزادے حجۃ ُالاسلام حضرت علامہ حامدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ اورمفتی اعظم ہند مفتی محمد مصطفی رضا خان رحمۃ اللہ علیہ بہت بڑے عالم اور مفتی تھے ۔ میں اعلیٰ حضرت والا ہوں ،مجھے اعلیٰ حضرت والارہنا اورمرنا ہے ،میں مسلکِ اعلیٰ حضرت سے ہٹنے کے لئے کسی قیمت پر تیارنہیں ۔آپ سب بھی ہمیشہ اعلیٰ حضرت والے رہنا ،ان شاء اللہ الکریم دونوں جہاں میں بیڑا پارہوگا۔

سوال: کیا علم کی تعظیم کا بھی کوئی فائدہ ہے ؟

جواب:جی ہاں!علم کی تعظیم کے بہت فوائدہیں ، علامہ شمس حلوانی حنفی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: مجھے جو مقام ملا ہے وہ علم کی تعظیم کی وجہ سے مِلاہے، میں نے کبھی بھی کسی کاغذکو بے وضو ہاتھ نہیں لگایا ۔

سوال:ربیع الاول شریف میں سیرتِ مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بارے میں کتابیں پڑھنے کا جذبہ کیسے ملے ؟

جواب: دِل میں نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت اُجاگرکریں ،سُستی اُڑائیں اورباوضوہوکر پڑھا کریں ۔آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت کا مطالعہ کرنے سےمعلومات میں بے حد اضافہ ہوگا ، جتنی معلومات زیادہ ہوں گی تو اتناہی جذبۂ محبتِ رسول بھی بڑھے گا ۔

سوال:سادگی میں عظمت ہے ،سادگی کس کس میں ہے ؟

جواب:سادگی رہن سہن،لباس ،مکان ،کھانے پینےسب میں ہونی چاہیئے ۔سادگی نہ ہونے کی وجہ سے آج مہنگائی ہے ،اس لئے بزرگوں کاقول ہے کہ جوچیز مہنگی ہوجائے اسے خریدناچھوڑدیں ۔اس کے کئی فوائد ہیں مثلاً سادہ غذاکھانے والا کم بیمارہوتاہے اورمُرغَّن یعنی تیل مصالحہ والی غذاکا عادی زیادہ بیمارہوتاہے۔

سوال: 14 اگست اور 31 دسمبر وغیرہ کی راتوں میں کیااحتیاط کی جائے ؟

جواب:ہمارے ملکِ پاکستان میں 14 اگست اور 31 دسمبر کو بالخصوص رات کے وقت چھت اورسڑکوں پر نہیں آنا چاہیئے، ہوائی فائرنگ سے کوئی نقصان ہوسکتاہے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” اَرْبَعینِ عطاّر (قسط 3) پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا اللہ پاک ! جو کوئی 40 صفحات کا رسالہ ”اَرْبَعینِ عطاّر (قسط 3) پڑھ یا سُن لے، اُسے اپنے پیارے پیارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا جنّت میں پڑوسی بنا۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم