گزشتہ دنوں ننکانہ ڈسٹرکٹ کے نگران محمد شکیل عطاری کے والد کا رضائے الٰہی سے انتقال ہوگیا جس پر دعوتِ اسلامی کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے اُن سے تعزیت کی۔

تفصیلات کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری نے پڑھائی جبکہ نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کا سلسلہ بھی رہا۔

رکنِ شوریٰ نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور مرحوم کے لئے زیادہ سے زیادہ ایصالِ ثواب کرنے کا ذہن دیا۔(رپورٹ:غلام یاسین عطاری دفتر ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


یکم رمضانُ المبارک سے پاکستان کے مختلف شہروں میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ایک ماہ کے اعتکاف کا انعقاد کیاگیا ہے جس میں کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی ہے۔

اسی سلسلے میں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ فیصل آباد میں اعتکاف کرنے والے عاشقانِ رسول کے درمیان تفسیر سننے سنانے کا حلقہ لگایا گیا جس میں رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے قراٰنِ پاک کی تفسیر پڑھ کر اسلامی بھائیوں کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی۔اس کے علاوہ نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے حلقے کے اختتام پر رقت انگیز دعا بھی کروائی۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالواپ ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


ماہِ رمضان کی برکات

Thu, 7 Apr , 2022
2 years ago

رمضان اور قرآن:

خُدائے رحمن عزوجل کا اپنے رسولِ ذیشان صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی اُمت پر یہ عظیم احسان ہے کہ انہیں قرآن اوررَمضان عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ کے اِن دونوں احسانات پر غور کیا جائے تو ان میں باہم ایک حسین اِمتزاج نظر آتا ہے۔ اگر رَمضان کی فضیلت جاننی ہو تو قرآنِ مجید بُرہانِ رشید اِس پر ناطق ہےاور اگر قرآن کے نُزول کاذکر کیا جائے تو قرآنِ کریم خود خبر دیتا ہے کہ نزولِ قرآن ماہِ رمضان ہی میں ہواہے۔چنانچہ خدائے مہربان عزوجل ارشاد فرماتاہے:

شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْۤ اُنْزِلَ فِیْهِ الْقُرْاٰنُ([1])

ترجمۂ کنز الایمان: رمضان کا مہینہ جس میں قرآن اترا۔

خلیفۂ اعلیٰ حضرت،صدرالاَفاضل سیّد مفتی محمد نعیم الدین مراد آبادی رحمۃ اللہ تعالی علیہ آیتِ مبارَکہ کے اِس حصّے کی تفسیر کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ:’’اس کے معنی میں مفسّرین کے چند اقوال ہیں:(۱) یہ کہ رمضان وہ ہے جس کی شان و شرافت میں قرآن پاک نازل ہوا (۲) یہ کہ قرآن کریم کے نزول کی اِبتداء رمضان میں ہوئی (۳) یہ کہ قرآن کریم بِتَمامِہٖ (پورا پورا) رمضان مبارک کی شبِ قدر میں لوحِ محفوظ سے آسمانِ دُنیا کی طرف اتارا گیا اور بیتُ العزّت میں رہا ، یہ اسی آسمان پر ایک مقام ہے یہاں سے وقتاً فوقتاً حسب ِاِقتضائے حکمت جتنا جتنا منظورِ الٰہی ہوا جبرئیل امین لاتے رہے، یہ نُزول تئیس سال کے عرصہ میں پورا ہوا۔‘‘([2])

مفسِّرشہیر ، حکیم الاُمت مفتی اَحمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:’’اسی (رمضان کے)مہینہ میں قرآن کریم اُترا اور اسی مہینہ کا نام قرآن شریف میں لیا گیا ۔‘‘([3])

مہینوں کا سردار:

اللہ ربُّ العزت نے اپنی مخلوقات میں بعض کو بعض پر افضلیت او ر بُزرگی بخشی ہے۔ اَفضلیت اور بُزرگی کا یہ تسلسل ہمیں مخلوقات کے ہر ہر طبقے میں نظر آتاہے۔دیگر مہینوں میں اگر ماہِ رمضان کی قدر و منزلت معلوم کرنی ہو تو سیِّدِ کائنات صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کا فرمان ہماری راہنمائی کرتا ہے کہ

"سَیِّدُ الشُّھُوْرِ رَمَضَانُ وَسَیِّدُ الْاَیَّامِ یَوْمُ الْجُمُعَۃِ([4])

یعنی ،سارے مہینوں کا سردار رَمضان ہے اورتمام دِنوں کا سردار جمعہ کا دِن ہے۔

جنّت اور آسمانوں کے دروازے:

ماہِ رَمضان کی تو دُنیا میں کیا آمد ہوتی ہے،قُدرت کی جانب سے خصوصی اِہتمام ہونے لگتے ہیں۔ مسلمانانِ عالَم کیلئے رحمتوں کے پیام آتے ہیں اور ہر سُو اَنوار و برکات کا ظُہور ہوتاہے۔ اِیمانی جذبے کو خوب حرارت ملتی ہے، گناہوں کا زور ٹوٹتا ہے اور مختلف قسم کے نیک اَعمال کا سلسلہ مسلمانوں میں عام ہو جاتاہے۔ اس خوشگوار تبدیلی کی چند وُجوہات اَحادیثِ مبارَکہ میں بیان کی گئی ہیں۔ چنانچہ صحیح بخاری میں سرکارِ اعظم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کا فرمان روایت کیا گیا ہےکہ :

إِذَا جَاءَ رَمَضَانُ فُتِحَتْ أَبْوَابُ الْجَنَّةِ. ([5])

یعنی، جب رمضان آتا ہے تو جنّت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔

اِسی میں ایک فرمانِ رسالت یوں روایت کیا گیا ہے کہ:

إِذَا دَخَلَ شَهْرُ رَمَضَانَ فُتِحَتْ أَبْوَابُ السَّمَاءِ وَغُلِّقَتْ أَبْوَابُ جَهَنَّمَ وَ سُلْسِلَتِ الشَّيَاطِينُ. ([6])

یعنی، جب ر مضان آجاتا ہے توآسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور شیطانوں کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتاہے۔

شرحِ حدیث:

فقیہ اعظم ہند، شارِحِ بخاری مفتی شریف الحق اَمجدی رحمۃ اللہ علیہ "نزھۃ القاری" میں ان احادیثِ مبارَکہ کی تشریح کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ:" اس سے کوئی مانع نہیں کہ دروازے کھولنے سے اس کا حقیقی معنی مراد لیا جائے ۔ مطلب یہ ہوا کہ رمضان میں شب و روز مسلمان اعمالِ صالحہ بہ کثرت کرتے ہیں، تو دروازے کھول دیئے جاتے ہیں کہ انہیں عروج اور درجہ قبول تک پہنچنے میں ادنیٰ سی رکاوٹ نہ ہو۔ نیز یہ کہ جب جنّت اور آسمان کے دروازے کھلے ہوئے ہیں تو رحمت و برکت کا تسلسل کے ساتھ نزول ہوتا رہے گا۔ اسی طرح جہنم کے دروازوں کا بندہونا او رشیاطین کا زنجیروں میں جکڑنا حقیقی معنوں میں ہے۔" ([7])

ماہِ رمضان کی 10خصوصیات:

مفسِّرشہیر ، حکیم الاُمت مفتی اَحمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی شاندار تصنیف "تفسیرِ نعیمی" میں ماہِ رَمضان کی کچھ خُصوصیات اور برکات تحریر فرمائی ہیں۔ ان میں سے چند اقتباسات ملاحظہ ہوں:

(1) کعبہ معظّمہ مسلمانوں کو بُلا کر دیتا ہے اور یہ(رمضان) آکر رحمتیں بانٹتا ہے۔گویا وہ کنواں ہے اور یہ دریا ہے یا وہ دریا ہے اور یہ بارش ۔

(2) ہر مہینہ میں خاص تاریخیں اور تاریخوں میں بھی خاص وقت میں عبادت ہوتی ہے۔ مثلاً بقر عید کی چند تاریخوں میں حج ،محرم کی دسویں تاریخ افضل ،مگر ماہِ رمضان میں ہر دن اور ہر وقت عبادت ہوتی ہے۔روزہ عبادت افطار عبادت۔ افطار کے بعد تراویح کا انتظار عبادت۔ تراویح پڑھ کر سحری کے انتظار میں سونا عبادت ۔ پھر سحری کھانا عبادت۔ غرضیکہ ہر آن میں خُدا کی شان نظر آتی ہے۔

(3) رَمضان ایک بھٹی ہے جیسے کہ بھٹی گندے لوہے کو صاف اور صاف لوہے کو مشین کا پُرزہ بنا کر قیمتی کر دیتی ہے اور سونے کو زیور بنا کر محبوب کے استعمال کے لائق کر دیتی ہے ۔ ایسے ہی ماہِ رمضان گنہگاروں کو پاک کرتاہے اور نیک کاروں کے درجے بڑھاتاہے۔

(4) رَمضان میں نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ستّر گنا ملتا ہے۔

(5) بعض علماء فرماتے ہیں کہ جو رَمضان میں مرجائے اس سے سوالات ِ قبر بھی نہیں ہوتے۔

(6) رَمضان میں ابلیس قید کر دیا جاتاہے اوردوزخ کے دروازے بند ہو جاتے ہیں جنّت آراستہ کی جاتی ہے اس کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اسی لئے اس زمانہ میں نیکیوں کی زیادتی اور گناہوں کی کمی ہوتی ہے۔جو لوگ گناہ کرتے بھی ہیں وہ نفسِ امارہ یا اپنے ساتھی شیطان (قرین) کے بہکانے سے۔

(7) رَمضان کے کھانے پینے کا حساب نہیں۔

(8) قیامت میں رَمضان و قرآن روزہ دار کی شفاعت کریں گے کہ رَمضان تو کہے گا کہ مولیٰ میں نے اسے دن میں کھانے پینے سے روکا تھا اور قرآن عرض کرےگا کہ یا ربّ میں نے اسے رات میں سونے سے روکا۔(شبینہ اور تراویح کی وجہ سے)

(9)قرآن کریم میں صرف رَمضان شریف ہی کا نام لیا گیا اور اسی کے فضائل بیان ہوئے کسی دوسرے مہینہ کا نہ صراحتاً نام ہے نہ ایسے فضائل۔

(10)رَمضان شریف میں افطار اور سحری کے وقت دُعا قبول ہوتی ہے یعنی افطار کرتے وقت اور سحری کھا کر۔یہ مرتبہ کسی اور مہینہ کو حاصل نہیں۔([8])

اللہ کریم ہمیں رَمضان المبارَک کی برکات سے حصّہ پانے اور اس میں خوب عبادات کرکے اسے راضی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ طہ ویٰس

از: ابوالحقائق راشد علی رضوی عطاری مدنی



[1] : پ 2، البقرۃ :185۔

[2] : "ترجمہ کنزالایمان مع خزائن العرفان"، ص:60-61، مکتبۃ المدینۃ۔

[3] : "مراٰت المناجیح"،3/133،نعیمی کتب خانہ۔

[4] : "معجم کبیر" ، حدیث:9000، 9/205۔

[5] : "صحیح بخار، کتاب الصوم،باب ھل یقال : رمضان أو شهر رمضان، 1/255۔

[6] : "صحیح بخاری، کتاب الصوم،باب ھل یقال : رمضان أو شهر رمضان، 1/255۔

[7] : "نزھۃ القاری، کتاب الصوم،3/258 ، فرید بُک سٹال۔

[8] : "تفسیر نعیمی" ،2/227، نعیمی کتب خانہ، ملتقطاً ۔


دعوتِ اسلامی کے تحت پنجاب پاکستان کے شہر فیصل آباد مدینہ ٹاؤن میں قائم مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں مختلف شعبہ جات (جن میں فیضان مدینہ فیصل آباد کے تمام ناظمین،اسٹور، لنگر رضویہ، استقبالیہ، پر چیزر، اراکین پاکستان مشاورت آفس، نگران مجلس، صوبائی اور ڈویژن ذمہ داران سمیت دیگر آفسزکے اسلامی بھائی شامل تھے) کے ذمہ داراسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں کا جائزہ لیا نیز دینی کاموں میں ترقی کےحوالے سے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔(رپورٹ:عبدالخالق عطاری نیوز فالواپ ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پچھلے دنوں پاکستان کے شہر اسلام آباد میں واقع ریڈیو پاکستان کے آفس میں دعوتِ اسلامی کے تحت ایک میٹ اپ ہوا جس میں مختلف افسران سمیت ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔

دورانِ میٹ اپ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد جنید عطاری مدنی نے وہاں موجود افسران کو نیکی کی دعوت دیتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات کا تعارف کروایا۔

اسی طرح رکنِ شوریٰ نے بعد نمازِ تراویح جامع مسجد فیضانِ عشقِ رسول میں سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی۔ (رپورٹ:حافظ ساجد سلیم عطاری مدنی، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوت اسلامی کے تحقیقی و تصنیفی شعبے اسلامک ریسرچ سینٹر فیصل آباد کی کارکردگی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے نگران مجلس مولانا محمد آصف خان عطاری مدنی 30 مارچ 2022ء کو کراچی سے مدنی مرکز فیضان مدینہ فیصل آباد پہنچے جہاں انہوں نے المدینۃ العلمیہ کے ذیلی شعبہ جات کا فردا فردا  اور اجتماعی مشورہ لیا۔

مدنی مشورے میں شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اہداف طے کرتے ہوئے دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔ ذیلی شعبہ جات کے ہونے والے مدنی مشوروں کی تفصیلات اور اہداف ملاحظہ کیجئے:

شعبہ بیانات دعوت اسلامی

نگران مجلس مولانا آصف خان عطاری مدنی نے شعبہ بیانات دعوت اسلامی کے اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ لیا جس میں شعبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئےآئندہ کے اہداف طے کئے۔

مدنی مشورے میں طے ہونے والے اہداف کی تفصیل: ٭2021ء کے بیانات کی کتب ضرور تیار کرنی ہیں اس کے بہت سےفوائد ہیں ٭5اپریل 2022ء تک دو ماہ کا ایڈوانس بیان تیارکرنا ہے ٭جمعہ بیان کی ایڈوانس کتاب تیار کرنے کا طے ہوا ٭کوشش کی جائے کہ 2023ء تک تین کتابیں تیار کرلی جائے جس کی پہلی جلد کا ہدف 31 جولائی 2022ء کا طے ہوااور چھپنے کا ہدف 20 اگست 2022ء مقرر کیا گیا، اس کے علاوہ 2022ء کے اہداف بھی تیار کرلئے جائیں ٭حدیث چیکنگ کے لئے نکات بھی لکھ لئے جائیں۔

شعبہ مدنی چینل پروگرام

بعد ازاں شعبہ مدنی چینل پروگرام کے اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ ہواجس میں نگران مجلس مولانا محمد آصف خان عطاری مدنی نے مختلف امور پر گفتگو کی۔

٭مدنی چینل کے سلسلوں اور بیانات کے مواد کو عنوان دے کر ویب ایڈیشن کے لئے دیا جائے گا۔ ٭”جنت میں آقا کا پڑوسی“ اس پر جلد کام کرکے اسے کتابی صورت میں تیار کیا جائے۔

شعبہ فیضان صحابیات

شعبہ فیضان صحابیات کے اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ ہوا جس میں انہیں چند اہداف دیئے گئے۔

٭2022 کے سالانہ اور مہینے وائز اہداف بناکر دیئے جائیں ٭شعبے میں کتب کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کراچی کے لائبریرین اسلامی بھائی سے خواتین سے متعلقہ تمام کتب حاصل کی جائیں۔

شعبہ فقہِ شافعی

اسلامک ریسرچ سینٹر فیصل آباد میں قائم ”شعبہ فقہ شافعی“ کے اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ ہوا جس میں نگران مجلس مولانا محمد آصف خان عطاری مدنی نے شرکا کو مختلف اہداف دیئے۔

اجتماعی مدنی مشورہ

نگران مجلس المدینۃ العلمیہ مولانا محمد آصف خان عطاری مدنی نے اسلامک ریسرچ سینٹر کے اسٹاف کا اجتماعی مدنی مشورہ لیا جس میں ان کی تربیت کرتے ہوئے شعبے کی ترقی کے حوالے سے کلام کرتے ہوئے بتایا کہ امید ہے شوال المکرم میں تربیتی نشست ہوگی ، اس کے علاوہ ادارے میں چونکہ سب کام کمپیوٹر پر ہی کئے جاتے ہیں، لہذا کمپیوٹر ٹریننگ کے حوالے سے سیشن بھی کروائے جائیں گے۔ 


دعوتِ اسلامی کے تحت پچھلے دنوں شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے ذمہ داراسلامی بھائیوں نے رخشان ڈویژن خاران ڈسڑک کے اطراف کلی تاگزی میں سابقہ چیئرمین نور احمد بلوچ، کلی پنڈوک میں زمین دار حافظ طفیل اور تحصیل مسکان قلات کے کلی چبیی میں قاری خدابخش سے ملاقات کی۔

اس دوران ذمہ داران نے شخصیات کو دعوتِ اسلامی کی عالمی سطح پر ہونے والی دینی و فلاحی خدمات کے بارے میں بتاتے ہوئے انہیں اپنی فصل کا عشر دعوتِ اسلامی کے شعبہ جات کے لئے دینے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہا رکیا۔(رپورٹ:رابطہ برائے شخصیات بلوچستان، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


گزشتہ دنوں پاکستان کے صوبے بلوچستان میں سب انسپکٹر کشمیر خان منجھو کے والد کی وفات پر شعبہ رابطہ برائے شخصیات دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نے اُن سے اظہارِتعزیت کی۔

ذمہ داراسلامی بھائیوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کا اہتمام کرتے ہوئے دعا کروائی اور انہیں مرحوم کے لئے زیادہ سے زیادہ ایصالِ ثواب کرنے کا ذہن دیا۔اس موقع پر قاری امیر بخش عطاری اور احمد عطاری بھی موجود تھے۔(رپورٹ:رابطہ برائے شخصیات بلوچستان، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مرحوم چچا چودھری مسعود الزمان کے ایصالِ ثواب اور استقبالِ رمضان کے سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے تحت سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شخصیات سمیت شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اسلام آباد کے ذمہ دار محمد عامر عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے وہاں موجود اسلامی بھائیوں کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی اور انہیں اپنے مرحوم مین کے ایصالِ ثواب کے لئے زیادہ سے زیادہ عطیات دعوتِ اسلامی کو دینے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔بعدازاں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے دعا بھی کروائی۔(رپورٹ:رابطہ برائے شخصیات، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِاہتمام پچھلے دنوں پنجاب پاکستان کے شہر کامونکی میں قائم ایک نجی میرج ہال میں افطار اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافیوں سمیت کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

اس اجتماعِ پاک میں صوبائی ذمہ دار میڈیا ڈیپارٹمنٹ مولانا محمد فاروق انجم عطاری مدنی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں دعوتِ اسلامی کی عالمی سطح پر ہونے والی دینی و فلاحی خدمات کے بارے میں بتایا جس پر انہوں نے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہا۔

بعدازاں گوجرانوالہ کے نگران مولانا محمد یعقوب عطاری نے ملک و قوم کی ترقی کے لئے دعا کروائی۔اس موقع پر تحصیل نگران کامونکی محمد سلمان عطاری، سرکاری ڈویژن ذمہ دار میڈیا ڈیپارٹمنٹ محمد مبشر عطاری، ڈسٹرکٹ ذمہ دار میڈیا ڈیپارٹمنٹ گوجرانوالہ محمد وقار سرویا عطاری، شعبہ تعلیم محمد فیاض عطاری، حاجی محمد عباس عطاری اور محمد زاہد عطاری سمیت دیگر عاشقان رسول موجود تھے۔(رپورٹ:محمد وقار عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پیارے آقاﷺ نے ارشاد فرمایا:جب تم چاند دیکھو تو روزہ رکھو اور چاند دیکھ کر افطار کرو (یعنی عید کرو)، اسی حدیثِ پاک پر عمل کرتے ہوئے پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے رمضانُ المبارک کا چاند دیکھنے کا سلسلہ ہوا۔

اس دوران عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ سمیت پاکستان بھر میں دعوتِ اسلامی کے قائم کردہ مراکز سے بھی چاند دیکھنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔اس موقع پر نگرانِ شعبہ اوقات الصلوٰۃ مولانا وسیم عطاری مدنی سمیت دیگر اہم ذمہ داران بھی موجود تھے۔(رپورٹ:شعبہ اوقات الصلوٰۃ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پچھلے دنوں شعبہ ائمہ مساجد دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام  بذریعہ لنک دنیابھر کے عاشقانِ رسول کی تربیت کے لئے ایک سیشن ہوا جس میں ملک و بیرونِ ملک سےائمہ مساجد اور تراویح پڑھانے والے حفاظِ کرام سمیت مسجد انتظامیہ کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

دورانِ سیشن مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد عقیل عطاری مدنی نے شرکا کے درمیان سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے مسجد کے آداب، مسجد انتظامیہ کی ذمہ داری، تراویح، شرعی اجارہ اور اجرت کے حوالے سے کلام کیا۔بعدازاں شرکا نے احسن انداز میں دینی کاموں میں شرکت کرنے کی نیتیں کیں۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)