دعوتِ اسلامی کےشعبہ رابطہ برائے شخصیات کے زیرِاہتمام حافظ آباد شرقیہ میں16اکتوبر2021ءبروزہفتہ جشنِ عیدِمیلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں محفلِ میلاد کا انعقاد کیاگیاجس میں ڈپٹی کمشنر رانا سلیم خان، ADCG حامدناصر گورائیہ اور اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد میاں مراد حسین سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

نگرانِ زون حافظ آباد محمد وسیم عطاری نے’’سیرتِ مصطفٰیﷺ‘‘ کےموضوع پرسنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی دی۔

بعدازاں ذمہ داراسلامی بھائیوں نے انہیں مدنی مرکزفیضانِ مدینہ حافظ آبادکا وزٹ کرنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔(رپورٹ: محمد مدثر عطاری ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


گزشتہ دنوں رابطہ برائے شخصیات دعوتِ اسلامی کی زیرِنگرانی ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس حافظ آباد میں محفلِ میلاد کا اہتمام کیاگیاجس میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسرسمیت دیگر ملازمین نے شرکت کی۔

اس دوران ڈویژن نگران حافظ آبادومدرس جامعۃالمدینہ مولانا شہزادعطاری مدنی نے’’شانِ مصطفیٰ ﷺ‘‘کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا، ڈویژن نگران نے وہاں موجود اسلامی بھائیوں کودعوتِ اسلامی کی دینی وفلاحی خدمات سےآگاہ کرتے ہوئے مدنی مرکز فیضان مدینہ حافظ آباد وزٹ کرنے کی دعوت پیش کی۔(رپورٹ: محمد مدثر عطاری ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے شعبے رابطہ برائے شخصیات اور مدرسۃ المدینہ بوائز کے زیرِ اہتمام مدنی مرکزفیضانِ مدینہ پنڈی بھٹیاں ضلع حافظ آباد میں حسن تقاریر و نعت خوانی کے مقابلے کا سلسلہ ہواجس میں خصوصاً اسسٹنٹ کمشنر واثق عباس ہرل سمیت مدرسۃالمدینہ کے طلبہ اورقاری صاحبان  نے شرکت کی۔

نگرانِ ڈویژن پنڈی بھٹیاں محمد وسیم عطاری نے سنتوں بھرابیان کرتے ہوئے وہاں موجودعاشقانِ رسول کی تربیت ورہنمائی کی، ذمہ داراسلامی بھائیوں نے اسسٹنٹ کمشنر کومدنی مرکزفیضانِ مدینہ میں قائم مدرسۃالمدینہ وجامعۃالمدینہ کاوزٹ کروایاجس پر انہوں نے دعوتِ اسلامی کی دینی وفلاحی خدمات کوسراہا۔ (رپورٹ: محمد مدثر عطاری ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم دعوتِ اسلامی کے تحت ملتان ریجن میں پچھلے دنوں جشنِ عیدِ میلادُ النبی ﷺ کے سلسلے میں  محفلِ میلاد منعقد کی گئی، جس میں طلبۂ کرام اوراُن کےسرپرستوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

محفلِ میلاد میں دارالمدینہ ملتان کے مختلف کیمپسز کے طلبہ ٔ کرام نے قراءت،نعت خوانی،سنتوں بھرابیان ،کوئیزاور ذہنی آزمائش میں حصہ لیا۔

اس موقع پر مرکزی مجلسِ شوریٰ کےرکن حاجی محمد سلیم عطاری نے ’’نماز کی اہمیت اور عیدِ میلادُ النبیﷺ‘‘ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا ۔بعدازاں مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبۂ کرام میں تحائف بھی تقسیم کئےگئے۔مزید محفلِ میلاد کا اختتام صلوۃ و سلام اور دعا پر کیا گیا۔ (رپورٹ: محمد امین حفیظ میڈیا کوآرڈینیٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی ، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام حیدر آبادریجن میں جشنِ عیدِمیلادالنبیﷺ کے سلسلے میں  محفلِ میلاد کاانعقاد کیاگیا جس میں طلبۂ کرام اوراُن کےسرپرستوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس محفلِ میلاد میں دارالمدینہ حیدرآباد کے مختلف کیمپسز کے طلبہ ٔ کرام نے قراءت،نعت خوانی،سنتوں بھرابیان ،کوئیزاور ذہنی آزمائش میں حصہ لیا۔اس دوران دارالمدینہ ریجنل ڈائریکٹر حیدرآباد عبدالحمید شیخ عطاری نےوہاں موجود عاشقانِ رسول میں دارالمدینہ کا تعارف پیش کیا جبکہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن قاری ایاز عطاری نے سنتوں بھرابیان کیا۔

آخر میں مقابلےمیں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبۂ کرام میں تحائف بھی تقسیم کئےگئے۔اس کے علاوہ محفل کے اختتام پرصلاۃ و سلام اور دعا کا سلسلہ رہا۔(رپورٹ: محمد نبیل شیخ میڈیا کوآرڈینیٹر دارالمدینہ ، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے زیرِ اہتمام18اکتوبر2021ءبروزپیر سٹی تھانہ کالیکی منڈی ضلع حافظ آبادمیں محفلِ میلاد کاانعقاد کیاگیاجس میں سٹی تھانہ کے SHOاور SIسمیت تمام ملازمین نےشرکت کی۔

نگرانِ کابینہ حافظ آباد اطراف محمد عمران عطاری نے ’’سیرتِ مصطفٰیﷺ‘‘کے موضوع پر سنتوں بھرابیان کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی دینی وفلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا،اس کے علاوہ دعوتِ اسلامی کےمختلف شعبہ جات کا تعارف بھی پیش کیا۔ (رپورٹ: محمد مدثر عطاری شعبہ رابط برائے شخصیات ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے زیرِ اہتمام18اکتوبر2021ءبروزپیر سٹی ونیکے تارڑ ضلع حافظ آباد میں اجتماعِ میلاد کاانعقاد کیاگیاجس میں سٹی تھانہ کے SHOسمیت تمام ملازمین نےشرکت کی۔

نگرانِ کابینہ ونیکے تارڑ اطراف محمد آصف عطاری نے ’’سیرتِ مصطفٰیﷺ‘‘کے موضوع پر سنتوں بھرابیان کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی دینی وفلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا،اس کے علاوہ دعوتِ اسلامی کےمختلف شعبہ جات کا تعارف بھی پیش کیا۔ (رپورٹ: محمد مدثر عطاری شعبہ رابط برائے شخصیات ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے شخصیات کےتحت18اکتوبر2021ءبروزپیر سٹی تھانہ پنڈی بھٹیاں ضلع حافظ آباد میں اجتماعِ میلاد کااہتمام ہواجس میں سٹی تھانہ کے SHOسمیت تمام ملازمین نےشرکت کی۔

اس موقع پر مدرس جامعۃ المدینہ پنڈی بھٹیاں مولانا خالد عطاری مدنی نے ’’سیرتِ مصطفٰیﷺ‘‘کے موضوع پر سنتوں بھرابیان کرتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی دینی وفلاحی خدمات سےآگاہ کیا،اس کے علاوہ دعوتِ اسلامی کےمختلف شعبہ جات کا تعارف بھی پیش کیا۔(رپورٹ: محمد مدثر عطاری شعبہ رابط برائے شخصیات ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری) 


اللہ پاک کا پیارا بننے کا نسخہ

حدیثِ مبارکہ کا مفہوم ہے:حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:حضور پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم فرماتے ہیں:اللہ پاک نے فرمایا: جو میرے کسی ولی سے دشمنی کرے اسے میں نے لڑائی کا اعلان دے دیا اور میرا بندہ جن چیزوں کے ذریعے میرا قُرب چاہتا ہے ان میں مجھے سب سے زیادہ فرائض محبوب ہیں۔ اور نوافل کے ذریعے قرب حاصل کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ میں اسے اپنا محبوب بنا لیتا ہوں۔ اگر وہ مجھ سے سوال کرے تو اسے ضرور دوں گا اور پناہ مانگے تو اسے ضرور پناہ دوں گا۔

فضائل

اللہ پاک کا قرب حاصل کرنے کیلئے فرض نمازوں کےساتھ ساتھ نوافل پڑھے جائیں۔

جو شخص فجر کی نماز ادا کر کے اللہ پاک کا ذکر کرتا رہے یہاں تک کہ آفتاب بلند ہو جائے پھر دو رکعتیں پڑھیں تو اس کو پورے حج و عمرے کا ثواب ملے گا۔

عشاکی نماز کے بعد دو رکعتیں نفل پڑھنا کہ رات کے نوافل دن کے نوافل سے افضل ہیں،ان نوافل کو صلوۃ اللیل کہتے ہیں۔

محبت میں اپنی گما یا الٰہی نہ پاؤں میں اپنا پتا یا الٰہی

حدیثِ مبارکہ کا مفہوم ہے:آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو شخص وضو کرے اور اچھا وضو کرے اور ظاہر و باطن کے ساتھ متوجہ ہوکر دو رکعت پڑھے اس کیلئے جنت واجب ہو جاتی ہے۔

سبحن اللہ! ہمارا رب کریم کتنا رحیم و غفور ہے کہ نفل نماز کے سبب جنت واجب کر دیتا ہے۔

(اسلامی بہنوں کی نماز)

گناہوں اور فضولیات سے بچنے کیلئے فرض نماز کی پابندی کےساتھ نوافل کی کثرت کیجئے۔ایک تو آپ کا وقت اللہ پاک کی عبادت میں گزرے گا اور گناہوں سے بچی رہیں گی۔دوسرا اللہ پاک کا قرب حاصل ہو گا اور ان شآء اللہ اسی کے سبب بیڑا پار ہوگا۔ فرائض اور سنتوں کےساتھ ساتھ نوافل کی کثرت ہو جائے تو مدینہ مدینہ۔

اللہ پاک ہمیں فرض نمازیں پابندی و درست طریقے سے پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔اللہ پاک نوافل پڑھنے کی سعادت نصیب فرمائے اور ایمان پہ خاتمہ نصیب کرے۔اٰمین

نفل نمازوں کے مزید فضائل جاننے کیلئے مدنی چینل دیکھتی رہیں اور اسلامی بہنوں کی نماز کا مطالعہ کیجئے۔

صلوا علی الحبیب صلی اللہ علی محمد صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم


فرمانِ مصطفے   صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم:جس نے مجھ پر دس مرتبہ درودِ پاک پڑھا،اللہ پاک اس پر سو رحمتیں نازل فرماتا ہے۔سبحن اللہ

اللہ پاک کا پیارا بننے کا نسخہ

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم فرماتے ہیں:اللہ پاک نے فرمایا: جو میرے کسی ولی سے دشمنی کرے،اسے میں نے لڑائی کا اعلان دے دیا اور میرا بندہ جن چیزوں کے ذریعے میرا قرب چاہتا ہے،ان میں مجھے سب سے زیادہ فرائض محبوب ہیں اور نوافل کے ذریعے قرب حاصل کرتا رہتا ہے،یہاں تک کہ میں اسے اپنا محبوب بنا لیتا ہوں،اگر وہ مجھ سے سوال کرے تو میں ضرور دوں گا اور وہ پناہ مانگے تو ضرور پناہ دوں گا۔(بخاری،حدیث: 6502)

صلوٰۃ اللیل

رات میں بعد نمازِ عشا جو نوافل پڑھے جائیں،ان کو صلوۃ اللیل کہتے ہیں۔رات کے نوافل دن کے نوافل سے افضل ہیں۔مسلم شریف میں ہے: نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:فرضوں کے بعد افضل نماز رات کی نماز ہے۔(مسلم، حدیث: 1133)

اللہ پاک پارہ 21،سورۃ السجدہ،آیت نمبر 16 اور 17میں ارشاد فرماتا ہے:ترجمۂ کنزالایمان:ان کی کروٹیں جدا ہوتی ہیں،خواب گاہوں سے اور اپنے ربّ کو پکارتے ہیں ڈرتے،اُمید کرتے اور ہمارے دیئے ہوئے سے کچھ خیرات کرتے ہیں،کسی جان کو نہیں معلوم جو آنکھ کی ٹھنڈک ان کے لئے چھپا رکھی ہے،صلہ ان کے کاموں کا۔

تہجد گزارنیک بندوں کی حکایات

1۔ساری رات نماز پڑھتے رہتے

حضرت عبدالعزیز بن رواد رحمۃ اللہ علیہ رات کو سونے کے لئے اپنے بستر پر آتے اور اس پہ ہاتھ پھیر کر کہتے:تو نرم ہے،لیکن اللہ پاک کی قسم!جنت میں تجھ سے زیادہ نرم بستر ملے گا، پھر ساری رات نماز پڑھتے رہتے۔(احیا العلوم،1/ 467)اللہ پاک کی ان پہ رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم

بالیقین ایسے مسلمان ہیں بے حد نادان جو کہ رنگینی دنیا پہ مرا کرتے ہیں

2۔میں جنت کیسے مانگوں

حضرت صلہ بن اشیم رحمۃ اللہ علیہ ساری رات نماز پڑھتے،جب سحری کا وقت ہوتا تو اللہ پاک کی بارگاہ میں عرض کرتے:الٰہی! میرے جیسا آدمی جنت کیسے مانگ سکتا ہے؟ لیکن تو اپنی رحمت سے مجھے جہنم سے پناہ عطا فرما۔(احیاء العلوم،1/467)اللہ پاک کی ان پہ رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم

تیرے خوف سے تیرے ڈر سے ہمیشہ میں تھر تھر رہوں کانپتا یا الٰہی

نمازِ توبہ

حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم فرماتے ہیں:جب کوئی بندہ گناہ کرے،پھر وضو کر کے نماز پڑھے،پھر اِستغفار کرے، اللہ پاک اس کے گناہ بخش دے گا۔پھر یہ آیت پڑھی:ترجمۂ کنزالایمان:اور وہ کہ جب کوئی بے حیائی یا اپنی جانوں پر ظلم کریں،اللہ پاک کو یاد کرکے اپنے گناہوں کی معافی چاہیں اور گناہ کون بخشے؟ سوا اللہ کے اور اپنے کئے پر جان بوجھ کر اَڑ نہ جائیں۔(پ 4،ال عمران:145- ترمذی،حدیث: 406)


نماز چاشت:

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:حضور پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو چاشت کی دو رکعتیں پابندی سے ادا کرتا رہے،اس کے گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں،اگرچہ سمندر کے جھاگ کے برابر ہوں۔( ابنِ ماجہ،ج2،ص 153۔154،حدیث 1382)

صلوٰۃُ الاوّابین کی فضیلت

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:تاجدارِ رسالت صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو مغرب کے بعد چھ رکعتیں اس طرح ادا کرے کہ ان کے درمیان کوئی بُری بات نہ کرے تو یہ چھ رکعتیں بارہ سال کی عبادت کے برابر ہوں گی۔( ابن ماجہ،ج 2،ص 40، حدیث 1167)

تَحِیۃ الوُضُو

وُضو کے بعد اعضاء خشک ہونے سے پہلے دو رکعت نماز پڑھنا مستحب ہے۔ حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے: نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو شخص وُضو کرے اور اچھا وضو کرے اور ظاہر و باطن کے ساتھ متوجّہ ہو کر دو رکعت پڑھے،اس کے لئے جنت واجب ہوجاتی ہے۔( صحیح مسلم،ص 144،حدیث234)

صلوٰۃ الحَاجَات

حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:جب حضورِ اکرم،نورِ مجسم،شاہِ بنی آدم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو کوئی اَمرِ اَہم پیش آتا تو نماز پڑھتے۔( ابو داؤد، ج2،ص 52،حدیث 1319)

نمازِ اشراق

ترمذی شریف میں ہے:حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو شخص فجر کی نماز جماعت سے پڑھ کر ذکرِ الٰہی کرتا رہے،یہاں تک کہ سورج بلند ہوجائے،پھر دو رکعت(نمازِ اشراق)پڑھے،تو اُسے پورے ایک حج اور ایک عمرے کا ثواب ملے گا۔(جامع الترمذی،کتاب السفر،باب ما یستحب من الجلوس فی المسجد بعد صلاۃ الصبح حتی تطلع الشمس،ج2،رقم586،ص100)

تہجد گزار کے لئے جنت کے عالیشان بالا خانے

امیر المؤمنین حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمانِ عالیشان ہے:جنت میں ایسے بالا خانے ہیں،جن کا باہر اندر سے اور اندر باہر سے دیکھا جاتا ہے،ایک اعرابی نے اُٹھ کر عرض کی:یارسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم !یہ کس کے لئے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جو نرم گفتگو کرے،کھانا کھلائے،متواتر روزے رکھے،رات کو اُٹھ کر الله پاک کے لئے نماز پڑھے،جب لوگ سوئے ہوئے ہوں۔(ترمذی،ج4،ص237،حدیث2535،شعب الایمان،ج3،ص404،حدیث3892)

صلوٰۃ اللیل

رات کو بعد نمازِ عشاء جو نوافل پڑھے جاتے ہیں، ان کو صلوٰۃ اللیل کہتے ہیں اور رات کے نوافل دن کے نوافل سے افضل ہیں۔ مسلم شریف میں ہے: حضرت محمد صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:فرضوں کے بعد افضل نماز رات کی نماز ہے۔( مسلم،ص 591،حدیث 1163)

ظہر کے آخری دو نفل کی فضیلت

ظہر کے بعد چار رکعت پڑھنا مستحب ہےکہ حدیث پاک میں فرمایا:جس نے ظہر سے پہلے چار اور بعد میں چار پر محافظت کی،اللہ پاک اس پر آگ حرام فرما دے گا۔(نسائی،ص 310،حدیث 1813)

عشا کے بعد دو نفل کا ثواب

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے:انہوں نے فرمایا:جو عشا کے بعد دو رکعت پڑھے گا اور ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد پندرہ بار قُلْ هُوَ اللّٰہُ اَحَدٌپڑھے گا،الله پاک اس کے لئے جنت میں دو ایسے محل تعمیر کرے گاجسے اہلِ جنت دیکھیں گے۔(تفسیر در منثور،ج 8،ص 681)


اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن نماز بھی ہے، رات دن میں پانچ وقت کی نماز ہر مسلمان عاقل و بالغ پر دن و رات میں فرض ہے اور ان فرض نمازوں کے بعد نفل نمازوں کے پڑھنے کی بہت زیادہ فضیلت اور اجر و ثواب ہے، نوافل کے ذریعے اللہ پاک کی قربت حاصل ہوتی ہے، اللہ پاک اس بندے پر اپنا خصوصی فضل و کرم نازل فرماتا ہے، چنانچہ ایک حدیثِ پاک میں آتا ہے: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا: اللہ پاک فرماتا ہے: میرا بندہ اپنے جن اعمال سے میرا قرب حاصل کرتا ہے، ان میں سب سے زیادہ محبوب مجھ کو وہ اعمال ہیں، جن کو میں نے اس پر فرض کیا ہے اور میرا بندہ برابر نوافل کے ذریعے مجھ سے قریب ہوتا رہتا ہے، یہاں تک کہ وہ میرا محبوب بن جاتا ہے تو میں اس کا کان بن جاتا ہوں، جس سے وہ سنتا ہے اور اس کی آنکھ بن جاتا ہوں، جس سے وہ دیکھتا ہے اور میں اس کا ہاتھ بن جاتا ہوں، جس سے وہ پکڑتا ہے اور میں اس کا پاؤں بن جاتا ہوں، جس سے وہ چلتا ہے۔(بخاری شریف)

بلاشبہ نماز کے ذریعے سے اللہ پاک کی قربت حاصل ہوتی ہے، حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا: اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: جو شخص مجھ سے بالشت بھر قریب ہوتا ہے، میں اس سے ایک ہاتھ قریب ہوتا ہوں اور جو میری طرف ایک ہاتھ بڑھتا ہے، میں اس کی طرف دو ہاتھ بڑھتا ہوں اور جو میرے پاس پیدل چل کر آتا ہے تو میں اس کی طرف دوڑ کر آتا ہوں۔(مسلم شریف)

حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرض نمازوں کیساتھ ساتھ رات اور دن کے مختلف اوقات میں نفل نمازوں ادائیگی فرمائی،آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کثرت سے نفل نمازوں کی ادئیگی فرماتے تھے، اکثر نفل نمازیں تو آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم باقاعدہ پابندی سے پڑھا کرتے تھے اور خصوصیت کیساتھ نوافل کی فضیلت بیان کرتے ہوئےصحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اپنے اہلِ بیت اطہار رضی اللہ عنہم کو بھی نوافل ادا کرنے کی ترغیب دیا کرتے۔

ایک حدیث پاک میں ہے،اُم المؤمنین حضرت اُمّ حبیبہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے:حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جو مسلمان اللہ پاک کیلئے ہر روز فرض(نماز)کے علاوہ تطوع(نفل)کی بارہ رکعت پڑھے، اللہ پاک اس کیلئے جنت میں ایک مکان بنائے گا،چار ظہر سے پہلے اور دو ظہر کے بعد اور دو مغرب اور دو عشا کے بعد اور دو نماز فجر سے پہلے۔(مسلم، ابو داؤد، ترمذی، نسائی)

اس حدیث پاک سے معلوم ہوتا ہے:حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرض نمازوں کے علاوہ جن نوافل کی پابندی فرمائی، وہ ہمارے لئے سنتِ مطہرہ ہیں اور حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی سنتِ مطہرہ پر عمل کرنا ہی دین و دنیا میں بھلائی اور بہتری کا باعث ہے۔

حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نےارشاد فرمایا:جس نے میری سنت سے محبت کی، بلاشبہ اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے مجھ سے محبت کی، وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے: حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:فجر کی دو رکعتیں دنیا و مافیہا سے بہتر ہیں۔اسی طرح حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے: نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:فجر کی سنتیں نہ چھوڑو، اگرچہ تم پر دشمنوں کے گھوڑے آپڑیں۔