
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران
مولانا محمد عمران عطاری نے پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان سے
ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے مدنی
کاموں سے متعلق آگاہی فراہم کی۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے 19 اکتوبر 2019ء
کو دعوت اسلامی کے مدنی مرکز فیضان مدینہ
ملتان کا وزٹ کیا ہے جہاں رکن شوری مولانا
قاری سلیم عطاری نے ان سے ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے مدنی کاموں
سے متعلق آگاہی فراہم کی جس کو سن کر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دعوت اسلامی کی کاوشوں کو سراہا۔

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران
مولانا محمد عمران عطاری نے وزیرِ تعلیم میاں شفقت محمود سے ان کی رہائش
جاکر ملاقات کی اور تعلیم و تربیت کے حوالے سے خدماتِ دعوتِ اسلامی سے آگاہ
کیا۔ نگرانِ شوریٰ نے وزیرِ تعلیم میاں شفقت محمود کو اسکول، کالجز کے نصاب میں دینی نصاب اور سیرت مصطفیٰ ﷺ سے متعلق نصاب کو شامل کرنے
کی سفارشات بھی پیش کیں۔ملاقات میں نگرانِ شوریٰ کے ہمراہ مجلس رابطہ کے محمد یوسف
سلیم عطاری بھی موجود تھے۔

دعوتِ اسلامی کی
جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو دیا گیا
خط
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
محترم جناب وزیراعظم
اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان
صاحب !
اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ
وَبَرَکَاتُہ!
اللہ کریم
وطنِ عزیز پاکستان کو شب و روز ترقی عطا فرمائے، اندرونی بیرونی سازشوں سے محفوظ
فرمائے، اللہ پاک
نے آپ کو اہم ترین منصب پرفائز فرمایا ہے۔ U.N.O ميں اُمّتِ مسلمہ کی عمدہ
نمائندگی، بالخصوص اس جملے پر آپ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کہ ”نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہ وسلَّم مسلمانوں کے دل میں بستے ہیں اور دل کا درد جسم
کے درد سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔“
2 فرامین مصطفے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔(1)اِنصاف کرنے والے نور کے منبروں پر ہوں گے یہ وہ لوگ
ہیں جو اپنے فیصلوں، گھر والوں اور جن کے نگران بنتے ہیں ان کے بارے میں عدل سے
کام لیتے ہیں۔(نسائی ، ص851، حدیث
5389)
(2) جس شخص کو اللہ تعالیٰ نے کسی رعایا کا حکمران
بنایا ہو اور وہ خیر خواہی کے ساتھ ان کی نگہبانی کا فریضہ ادا نہ کرے، تو وہ جنت
کی خوشبو تک نہ پاسکے گا۔(بخاری، 456/4 حديث: 7150)
قرآن پاک ميں ارشاد ہوتا ہے:
ترجمہ:وہ لوگ کہ اگر ہم انہیں زمین میں اقتدار دیں تو
نماز قائم رکھیں اور زکوة دیں اور بھلائی کا حکم کریں اور برائی سے روکیں اور اللہ
ہی کے قبضے میں سب کاموں کا انجام ہے۔ (الحج
، آیت 41)
ملاقات کا وقت دینے پر آپ کا شکریہ اد اکرتے ہیں، آپ کا
ریاستِ مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنے کا ارادہ بہت اچھا اور
بہترین ہے، ریاستِ مدینہ کی خصوصیات کے حصول کے لئے کچھ اقدامات جلد کئے جاسکتے ہیں مثلا:
(1)منشیات کی لعنت کا خاتمہ اگرچہ پورے ملک سے ہونا
ضروری ہے لیکن تعلیمی اداروں سے اس کو فورا نکالنا ضروری ہے، کیونکہ نشے کی وجہ سے
ہمارے نوجوانوں کا ٹیلنٹ اور جوانی برباد ہورہی ہے، نشے میں مبتلا نوجوان ملکی
ترقی میں اپنا کردار کیسے ادا کرے گا؟ (تعلیمی اداروں میں 43% سے 53% اسٹوڈنٹس
نشے ميں مبتلا پائے جاتے ہيں جن نوجوانوں کو کامياب ديکهنے کا اظہار آپ اپنی 17
اکتوبر کی اسپیچ میں کرچکے ہیں، ان کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ان کی اسوہ حسنہ
کے مطابق درست تعلیم و تربیت ہو اور انہیں شراب اور دیگر نشوں کے ساتھ ساتھ بے
حیائی سے بچایا جائے، ان کو بامقصد راستہ بتایا جائے)
(2) رُوحانیت کے حصول کا اہم ذریعہ مزاراتِ اولیا بھی
ہیں، بدقسمتی سے منشیات فروشوں نے وہاں بھی اپنے پنجے گاڑھے ہوئے ہیں، وہاں سے بھی
ان کا صفایا ہونا چاہیے تاکہ اولیائے کرام کی صحیح تعلیمات عام ہوں، وہاں سے قرآن
کریم کی روشنی پھیلے، علمِ دین سکھایا جائے، تصوف کے درس دیئے جائیں۔
(3) جو ابھی معاشی تباہی پھیلا رہا ہے، جوئے کے اڈوں کا
بھی فوری خاتمہ ہونا بہت ضروری ہے۔
(4) آپ اپنی گفتگو میں سیرتِ مصطفے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم کو اکثر بیان کرتے ہیں ، کسی قوم کو اچھی قوم
بنانے کے لیے بنیادی طور پر دو چیزیں ضروری ہیں۔(1)تعلیم و تربیت اور (1) قانون کی
بالا دستی، قانون کی بالا دستی ہوہی جائے گی، جب کہ تعلیم و تربیت کے لیے چند اہم
مقامات ہوتے ہیں جس میں تعلیمی ادارے اسکول کالج یونیورسٹی وغیرہ سرفہرست ہیں، اگر
ان تعلیمی اداروں میں ایک پیریڈ ’’سیرتِ مصطفےٰ ‘‘کے
لیے مخصوص کرنے کے احکام جاری کردیئے جائیں تو قوم کی تعمیر کی ایک بنیادی ضرورت
پوری ہوجائے گی۔ اس حوالے سے آپ کو علامہ عبدالمصطفےٰ اعظمی مرحوم کی لکھی ہوئی
کتاب ’’سیرتِ مصطفے‘‘ پیش کی گئی ہے جو اس ضرورت کو بخوبی پورا کرسکتی ہے۔
(5) الیکٹرانک میڈیا پر بے شرمی و بے حیائی کا بازار گرم
ہے اس کی بھی فوری روک تھام کی حاجت ہے، ٹی وی چینلز کو بھی پابند کیا جائے کہ
سیرتِ مصطفے پر پروگرامز دکھائیں اور چینلزاپنے Daily FPC ميں
اسے شامل کريں۔
(6)شراب کی وجہ سے گھر اور معاشرہ بھی تباہ ہورہا ہے، اس
کی خرید وفروخت پر مکمل پابندی عائد کردی جائے۔(ایک رپورٹ کے مطابق 20 ملین لوگ الکوحل کے عادی ہیں)
بیان کردہ معاملات کے علاوہ اور بھی کئی مسائل ہیں جن کے
حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی درخواست ہے، امیر المومنین حضرت عمر بن
عبدالعزیز رحمۃ
اللہ علیہ تاریخِ اسلام کے وہ عظیم حکمران ہیں جو صرف 30
مہینوں کے اندر ریاست میں ایسی شاندار تبدیلی لے آئے کہ سینکڑوں سال گزرنے کے بعد
بھی اس تبدیلی کی مثالیں دی جاتی ہیں، انہی کے بارے میں بہت بڑے بزرگ حضرت ابو
حازم رحمۃ
اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جب حضر تِ عمر بن عبدالعزیز خلیفہ
بنے تو فرمایا کہ میرے لیے دو نیک اور صالح مرد تلاش کرو، چنانچہ دو حضرات تشریف
لے آئے تو ان سے التجا کی ، آپ میرے ہر ہر کام پر نگاہ رکھیے، جب مجھے کوئی غلط
کام کرتے دیکھین تو مجھے خبردار کردیجئے گا اوررب تعالیٰ کی یاد دلا دیجئے گا۔(سیرت ابن جوزی ص 203) جب حضرت سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ خلیفہ بنے تو
گھر آکر مُصلے پر بیٹھ کر رونے لگے، یہاں تک
کہ آپ کی داڑھی مبارک آنسوؤں سے بھیگ گئی، بیوی نے عرض کی اے امیر المومنین! آپ
کیوں روتے ہیں؟ فرمایا، میری گردن پر امتِ سرکار کا بوجھ ڈال دیا گیاہے، میں بھوکے
فقیروں، مریضوں، مظلوموں ، قیدیوں، مسافروں، بوڑھوں ، بچوں اور عیالداروں الغرض
تمام دنیا کے مصیبت زدوں کی خبر گیری کے متعلق غور کرتا ہوں تو ڈرتا ہوں کہ کہیں
ان کے متعلق اللہ عَزَّوَجَلَّ باز
پرس فرمائے اور مجھ سے جواب نہ بن پڑے، بس یہ بھار ی ذمہ داری اور فکر رُلارہی ہے۔
(تاریخ الخلفا، ص 236)
مولائے کریم نیک و جائز کاموں میں آپ کی مدد فرمائے،
الحمدللہ عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوت اسلامی جس کے بانی شیخ طریقت،
امیر اہلِ سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ہیں، ایک
غیر سیاسی تحریک ہے جو نیکی کی دعوت عام کرنے، مسلمانوں کو گناہوں سے بچانے اور معاشرتی برائیوں کو ختم کرنے کی
اپنے طور پر کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔(دعوت اسلامی)

شیخ طریقت امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی
والدہ ماجدہ کے ایصالِ ثواب کے سلسلے میں مجلس ازدیادِ حب کے تحت ملک بھر میں ایصال ثواب اجتماع کاسلسلہ ہوا۔
مجلس ازدیاد حب کی جانب سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد شہر میں ڈویژن سمن آباد اور تاجدارِ مدینہ مسجد
ڈی ٹائپ کالونی سمیت 8 مقامات پر اور حیدرآباد و نوابشاہ کابینہ اور شرقپور خورد ڈویژن شاہدرہ سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں ایصال ثواب اجتماعات منعقد کئے گئے۔

16اکتوبر2019ء کو دعوتِ اسلامی کے تحت دُنبہ گوٹھ کراچی میں ذمہ
داران کا مدنی مشورہ ہوا جس میں علاقہ تا ڈویژن مشاورت ذمہ داران نے شرکت کی۔ نگران
کابینہ نے شرکا سے 12مدنی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی تربیت کی اور یوم رضا اجتماع، ربیع الاول
اجتماع اور علاقوں میں مدنی پرچم لگانے کے متعلق اہم امور پر بات چیت کی۔(رپورٹ،خالد عطاری،نگران گڈاپ کابینہ)

دعوتِ اسلامی کے وفد کی گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات
دعوتِ اسلامی ایک غیر سیاسی تنظیم ہے جو قرآن و سنّت کے پیغام کو دنیا
بھر میں عام کر رہی ہے، وفد کی گفتگو
٭اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دکھی انسانیت کی بہتر خدمت کی جا
سکتی ہے ، گورنرسندھ
تفصیلات:دعوتِ اسلامی کے وفد نے حاجی عمران عطاری
کی قیادت میں گورنرسندھ عمران اسماعیل سے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کے ہمراہ اراکینِ شوریٰ حاجی شاہد عطاری ، حاجی امین عطاری ،حاجی یعفور
عطاری اور یوسف سلیم عطاری شامل تھے۔ وفد نے
گفتگومیں گورنرسندھ کو بتایا کہ دعوت اسلامی ایک غیر سیاسی تنظیم ہے جو قرآن و سنت کے
پیغام کو دنیا بھر میں عام کر رہی ہے ۔ حاجی
عمران عطاری نے گورنرسندھ کو 12 ربیع الاول کے موقع پر فیضان مدینہ آمد کی دعوت دی
جسے گورنرسندھ نے قبول کرلیا۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ گورنرہاؤس میں
ربیع الاول کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد ہونا چاہئے۔اس موقع پر گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ اسلام بھائی چارے ، اخوت ، پیار ،
محبت اور ملنساری کا درس دیتا ہے گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل
پیرا ہو کر دکھی انسانیت کی بہتر خدمت کی جا سکتی ہے۔

نگران شوری مولانا عمران عطاری کی وزیرِ اعظم سے ملاقات
مدارس اصلاحات میں حکومت دعوتِ اسلامی کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گی،
عمران خان
مزارات اولیاء سے منشیات فروشوں کا صفایا کیا جائے۔نگرانِ شوریٰ مولانا
عمران عطاری
حکومت کا ریاستِ مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنے کا
ارادہ بہت خوش آئند ہے، وفد دعوتِ اسلامی
تفصیل: دعوتِ اسلامی کے وفد نے 18 اکتوبر 2019ء کو نگران شوری مولانا
عمران عطاری کی سربراہی میں وزیرِ اعظم
عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں دعوت اسلامی کے وفد نے وزیر اعظم کو ریاست مدینہ کی طرز پر
اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنے کے حوالےسے اپنی سفارشات پیش کیں۔ مولانا عمران
عطاری کا کہنا تھا کہ منشیات کی لعنت کا خاتمہ اگرچہ پورے ملک سے ہوناضروری ہے لیکن تعلیمی اداروں سے اس کو
فوراًنکالنا ضروری ہے، آپ کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ایک پیریڈ سیرتِ
مصطفیٰ صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لئے مخصوص کیا جائے۔ نگرانِ شوریٰ نے وزیر
اعظم سے مطالبہ کیا کہ الیکٹرانک
میڈیا بے شرمی اور بے حیائی کا بازار گرم کررہا ہے اس کی بھی فوری روک تھام کی جائے۔ اولیاء کے مزارت سے منشیات فروشوں کا صفایا کیا
جائے تاکہ اولیاء کی درست تعلیمات عام ہوں۔ دعوت اسلامی کے وفد نے وزیر اعظم کو
دعوت اسلامی کی طرف سے ایک ارب پودے لگانے کی شجر کاری مہم سے بھی آگاہ کیا۔دوران
ملاقات وفد نے وزیر اعظم کو اسلامی کتابوں کا ہدیہ بھی پیش کیا۔ وفد میں مولانا
عمران عطاری کے ہمراہ رکن شوریٰ حاجی وقار المدینہ عطاری اور مبلغِ دعوتِ اسلامی محمد
یوسف سلیم عطاری بھی شامل تھے ۔

ہیڈلائنز:
اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ 25 صَفَرُ الْمُظَفَّر1441ھ عرسِ امامِ اہلِ سنّت امام احمد رضا خان
رحمۃ
اللہ علیہ کے موقع جامعات المدینہ للبنین سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی دستارِ فضیلت کی جائے گی۔
تفصیلی خبر:
عاشقانِ
رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی نے جہاں دنیا بھر کے لوگوں کی اصلاح کا بیڑہ اٹھایا وہیں عاشقانِ رسول کو علم دین کی
مَہک اور نور سے روشناس کرانے کے لئے آج سے کم وبیش 24سال قبل شہر کراچی کے علاقے
گودھرا کالونی نیو کراچی میں ایک دینی ادارہ بنام ”جامعۃ المدینہ“ کا قیام
کیا جو بعد میں گلستان جوہر منتقل ہوااور پھر کچھ ہی عرصے میں جامعات المدینہ کی
نئی شاخوں کا مختلف شہروں میں قیام عمل میں آنے لگا اور 1441سن ہجری بمطابق
2019ءمیں ملک و بیرون ملک میں دعوتِ اسلامی کے775 جامعات المدینہ للبنین اور للبنات
قائم ہیں جن میں ہزاروں اسلامی بھائی اور اسلامی بہنیں علمِ دین کے نور سے اپنے سینوں
کو منوّر کرنے کی سعادت پارہے ہیں۔
ہر
سال کی طرح رواں سال 2019ء میں بھی دعوتِ
اسلامی کے جامعات المدینہ سے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے درسِ نظامی ( عالم ، عالمہ کورس) اور فیضانِ شریعت (فرض علوم کورس) مکمل کیا جن میں جامعات المدینہ للبنین (For Male) سے درسِ نظامی مکمل کرنے
والوں کی تعداد750 ہے۔
اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ 25 صَفَرُ الْمُظَفَّر1441ھ عرسِ امامِ اہلِ سنّت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے موقع پر ملک بھر کے مختلف مقامات پر فارغ التحصیل طلبۂ کرام کے لئے دستار فضیلت وتقسیمِ انعامات اجتماعات منعقد کئے جائیں گے جن میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین سنّتوں بھرے بیانات فرمائیں گےاوراراکینِ شوریٰ سمیت دورۃ الحدیث شریف کے اساتذۂ کرام ان فارغ التحصیل طلبۂ کرام کو دستارِ فضیلت سے نوازیں گے۔

دنیا بھر میں قراٰن و سنّت کی تعلیمات کو عام کرنے والی عاشقانِ رسول کی
مدنی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت14اکتوبر2019ء بروز پیر صحرائے مدینہ ٹول پلازہ کراچی میں مدنی حلقے کا
انعقاد کیا گیا جس میں جامعۃ المدینہ فیضانِ امام حسین رضی اللہ عنہ کےطلبۂ کرام
نے شرکت کی۔ نگرانِ کابینہ نے دعوتِ اسلامی کا تنظیمی ڈھانچہ (Structure)
سکھایا او رمدنی کاموں کے حوالے سے تربیت کی۔(رپورٹ،محمد خالد عطاری، نگرانِ کابینہ)

دعوت اسلامی
کے تحت کھرانہ
موڑ پسرورمیں ذمّہ داران کا مدنی مشورہ
ہوا جس میں اراکینِ کابینہ اور ڈویژن نگرانوں نے شر کت کی۔ نگرانِ کابینہ نے کارکردگی
کا جائزہ لیا اور 12 مدنی کاموں کو مضبوط
کرنے اور ہفتہ وار اجتماع میں شرکا کی
تعدادمیں اضافہ کرنے کے حوالےسے اہداف طے
کئے۔(رپورٹ:محمد
امجد عطاری، نگرانِ کابینہ)

بلوچستان کے شہر حب چوکی میں13اکتوبر 2019ء کو نگرانِ زون مجلس مدرسۃ
المدینہ للبنات کے والد مرحوم کے چالیسویں پر ایصالِ ثواب
اجتماع ہوا جس میں ذمّہ داران سمیت کثیر
تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ مبلغ دعوت اسلامی نے” فکر آخرت وایصالِ ثواب کے“موضوع پر سنّتوں بھرا بیان
کیا اور مرحوم کےایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔(رپورٹ:محمد
جہانزیب عطاری، مجلس نشرو اشاعت)