20مارچ 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات پر ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت نے سوشل میڈیا پر جواب دینے کے حوالے مدنی پھول دیتے ہوئےفرمایا کہ مجھے یادنہیں کہ میں نےکبھی زندگی میں کسی کو جواب دینے کا کہاہو،میری پالیسی یہی ہے کہ میں کسی کو جواب نہیں دیتا،کیونکہ جواب دیا جائےتو جوابُ الجواب آجائے گا ،اب اس کا جواب دو!اس لیےبہترہے کہ میں جواب دینے کے بجائے کسی کو نمازسکھا دوں۔مجھ سے غلطی نہ ہوایسانہیں ہے ، اگرمجھ سے کوئی غلطی ہوجائےاورآپ کےپاس شرعی دلیل ہوتو مجھے سوشل میڈیا پرسمجھانے کےبجائے ڈائریکٹ سمجھادیا جائے، میں تو رُجوع کرتاہی ہوں آپ کو معلوم ہے ،مجھ سے جواب نہ طلب کیا جائے ،کیونکہ بعض اوقات جواب ہوتاہے مگرہرایک کےسامنے بیان نہیں کیا جاسکتا۔ یہ بھی یادرکھیں کہ جب تک شرعاًواجب نہ ہوسوشل میڈیا پر کسی کونہیں سمجھانا چاہئے۔

مدنی مذاکرے کے مزیدمدنی پھول ملاحظہ کریں:

سوال : والدین فوت ہونے کے بعد بڑے بہن بھائیوں کو اپنے چھوٹے اورغریب بھائی بہنوں کےساتھ کیساسُلُوک کرناچاہئے ؟

جواب :صِلۂ رحمی یعنی رشتے داروں سے اچھاسُلوک کرنا تو واجِب ہے ،والدین کی وفات کے بعداَخلاقی طورپر بڑے بہن بھائیوں کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے ،یہ اُن کی د لجُوئی کریں ،بڑابھائی باپ اوربڑی بہن ماں کی کمی محسوس نہ ہونے دے،یہ مالی طورپر مضبوط ہوں تو چھوٹوں کی مددکریں، بالخصوص غیرشادی شدہ بھائی بہنوں کی شادی کروائیں ،بھائیوں کو کاروبارمیں شریک کرے تاکہ وہ بھی مالی طورپربھی مضبوط ہوں۔جانی مالی ہرطرح سے حُسنِ سُلوک کرنا چاہئے ۔

سوال : روٹی کو چُھری سے کاٹنا کیسا،یہ رزق کی بے ادبی تو نہیں ؟

جواب: چُھری سے کاٹ سکتے ہیں ،یہ رزق کی بے ادبی نہیں ۔

سوال: کم الفاظ پر مشتمل کون سادُرُودشریف ہے؟

جواب:کم الفاظ کے دُرُود شریف (1) صَلَّی اللہ ُعَلٰی مُحَمَّد(2)صَلَّی اللہ ُعَلَی النَّبِیّ(3)صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم ،جوچاہیں پڑھیں ،بُزرگوں نے یہ بھی فرمایاہے کہ صیغے بدل بدل کردُرُودشریف پڑھنا چاہئے ۔

سوال: سب سے افضل دُرُودشریف کون سا ہے ؟

جواب: سب سے افضل دُرُودشریف دُرُودِابراہیمی ہے،البتہ اس میں سلام نہیں ،اس کے ساتھ وہ دُرُودشریف پڑھا جائے جس میں سلام بھی ہومثلاً صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم،قرآن ِ کریم میں اللہ پاک نے دُرُودشریف اورسلام دونوں پڑھنےکا حکم فرمایاہے۔

سوال : آپ کی بات سنتے ہیں تورُوح پر اثرہوتاہے لیکن جب گھرکے کاموں میں مصروف ہوتے ہیں تویہ اثرختم ہوجاتاہے ،اس کا حل ارشادفرمائیں ؟

جواب: جیسی بیماری ویساعلاج ،تھوڑاسابُخارہوتوطبیب کے مشورے سے ایک گولی کافی اوراگرزیادہ ہوتو زیادہ دوالینی پڑتی ہے،بیماری مزیدہوجائے تو ہسپتال میں داخل ہونا پڑتاہے،اسی طرح کانٹاچُبھ جائے توپہلے کانٹانکالناپڑتاہے ،اسی طرح جو زیادہ گنہگارہوتو اسے توبہ کرکے علمِ دین حاصل کرکے نیک اعمال میں مصروف ہوناچاہئے ،دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سے ہردم وابستہ ہوجائیے، آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پیچھےپیچھے جنّت میں داخل ہوں گے۔ اِنْ شَاۤءَ اللہ

سوال: امیراہلِ سُنّت نے اپنے لڑکپن میں محافل میں شرکت کےبارے میں کیا فرمایا؟

جواب:میں اپنے لڑکپن میں محافلِ ذکر ونعت میں شرکت کرتاتھا ،اس میں جو کلام پڑھا جاتا تھا،میرے دل میں اثرکرتاتھا جس کے دوشعریہ ہیں :

سونے والے رب کو سجد کرکے سو ٭کیا خبراُٹھے نہ اُٹھے صُبح کو

کیا خبر تیری صبح ہو نہیں ٭تو کہیں صبح نہ ہو زیر زمیں

سوال: کرونا وائرس سےبچنے کا کوئی وظیفہ ارشادفرمادیں۔

جواب: کرونا وائرس وبائی مرض ہے ، بعض بزرگوں نے فرمایا:جواللہ کا صفاتی نام’’ یَاحَکِیْمُ‘‘ وباکے دنوں میں 88مرتبہ پڑھے،وہ اُس وبائی مرض سے محفوظ رہے گا۔اِن شاءَاللہ

سوال: امیراَہل سُنّت نےنئے رُکن ِشُوریٰ قاری محمدایازعطاری کے بارے میں کیا فرمایا ؟

جواب:الحاج قاری ایازعطاری چھوٹی سطح سے کام کرکرکے(دُھوم مچاکرشوریٰ میں پہنچے،رکنِ شوری بننے کے لیے ) کام کرنے کے ساتھ ساتھ عقل بھی ہونی چاہئے ، اچھاکردارہو ، باصلاحیّت ہو، اَخلاقی اِعتبارسے کمزورنہ ہو،دیگرمثلاً مالی مسائل بھی نہ ہوں،دُنیا بھرمیں جاسکتاہو، ہم تو اراکینِ شوریٰ کو دوڑاتے ہیں،ہمیں مزدورِ مدینہ چاہئے ۔ ہم نےرُکنِ شوری بنانےکا گیٹ بہت تنگ کردیا ہے،اُسےعہدے کی طلب بھی نہ ہو،کوئی بھی رُکن شوریٰ ایسانہیں ہے، جس نے رُکن شوریٰ بننے کامُطالَبہ کِیا ہو،ہم خود مشورہ کرکے رُکن ِشوری بنانے کا طے کرتے ہیں تاکہ وہ زیادہ دِین کا کام کرسکے۔

سوال: مبلغین ومبلغات نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے لیے کیا الفاظ بولتے رہیں ؟

جواب:مبلغین ومبلغات کو چاہئے کہ وہ گاہے بگاہے نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کےلئے’’اللہ کے آخری نبی ‘‘کے الفاظ کہتے رہیں تاکہ بچے بچے کو معلوم ہوجائے کہ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم اللہ کے آخری نبی ہیں ۔

سوال: رِسالہ مطالعہ کارکردگی میں کیا اِحتیاط کی جائے ؟

جواب: جو مکمل رِسالہ پڑھے اُسی کی کارکردگی شامل کی جائے،اگرکوئی آیت یاعربی عبارت یا شعرنہ پڑھا ہوتو حرج نہیں ۔

سوال : جو شخص قرآنِ کریم یا دکرے، پھراُسے بُھلادے تو وہ قِیامت کے دِن کس طرح اُٹھایا جائے گا؟

جواب : جوشخص قرآنِ کریم یا دکرے پھراُسے بُھلادے تو قِیامت کےدن اللہ پاک سے کوڑھی ہوکرملے۔ (ابوداؤد،حدیث1474)

سوال: اِس ہفتے کارِسالہدرود شریف کی برکتیں پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہدُرود شریف کی برکتیں پڑھ یا سن لے،اُس سے ہمیشہ کے لئے راضی ہوجا اور اس کو مدینۂ پاک میں درود و سلام پڑھتے ہوئے جلوۂ محبوب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں عافیت کے ساتھ شہادت عطا فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


علم کی مجلس میں حاضر ہونا ہزار رکعت نَفْل پڑھنے، ہزار جنازوں میں شرکت کرنے اور ہزار مریضوں کی عیادت کرنے سے بہتر ہے۔ (احیاء العلوم مترجم جلد 1،ص136) ۔مدنی مذاکرہ بھی علم دین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہر ہفتے کی رات بعد نمازِ عشاء ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوتا ہے جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنے قیمتی ملفوظات عطا فرماتے ہیں۔

اسی سلسلے میں آج رات تقریباً ساڑھے9 بجے مین یونیورسٹی روڈ کراچی پر واقع عالمی مدنی مرکزفیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا آغاز ہوجائے گا جس میں امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقانِ رسول کے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

تمام عاشقانِ رسول سے گزارش ہے کہ مدنی مذاکرے میں شرکت کرکے علم دین کا ڈھیروں ڈھیر خزانہ حاصل کریں۔


آج 4 شعبان المعظم 1442ھ نواسۂ رسول، سردار نوجوانانِ جنت، گلشنِ فاطمہ کے پھول، سید الشہداء امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کے جشن ولادت کی خوشی میں عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔

مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوگا جبکہ نعت خواں حضرات بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہکی شان میں منقبت پڑھیں گے۔

سیدالشہداء سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی شان و کرامت کو بیان کرتے ہوئے امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات بھی ارشاد فرمائیں گے۔ مدنی مذاکرے میں جلوس حسینی کا بھی اہتمام ہوگا جبکہ اختتام پر لنگرِ حسینی کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ مدنی مذاکرہ مدنی چینل پر بھی براہ راست نشر کیا جائیگا۔


13مارچ 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات پر ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت نے مدنی پھول دیتے ہوئے کہا کہ اگر والدین وفات پاجائیں توان کو راضی کرنے کے لئے ان کی قبرپرجانے کا معمول رکھیں اورفاتحہ پڑھیں، اپنے آپ کو گُناہوں سے بچائیں کیونکہ ہرجمعہ کو اولادکے اعمال والدین کو پیش کئے جاتے ہیں ،یہ اولادکی نیکیوں پر خوش اورگناہوں پر رنجیدہ ہوتے ہیں ،جو طاقت رکھتاہووہ ان کے ایصال ِثواب کے لئے مسجدیا مدرسہ بنادے،جوفرض حج کرچکا ہووہ ماں باپ کی طرف سےحج اداکرے ۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ فرمائیں

سوال : کیاخطیب اورائمہ کرام کودیگربیانات کےساتھ ساتھ نمازوطہارت کےمسائل بھی بیان کرنےچاہئیں ؟

جواب :جی ہاں! تمام خطیبوں کو چاہئے کہ وہ اپنے بیانات میں تیاری کے ساتھ شرعی احکام بھی سکھائیں ،غسل ، نمازاورسُنّتوں کے بارے میں بتائیں ۔ہربیان میں 4سے5 منٹ نمازکے مسائل بیان کرنے اورسُنتیں سکھانےکے لیے مختص کریں،پھردیکھیں لوگ کتنے متوجہ ہوں گے۔ جب دعوتِ اسلامی کا آغازہواتو میں نمازکے بعد مسجدمیں کھڑاہوجاتا اورلوگوں کو کبھی وضو،کبھی غسل اورکبھی نمازسکھانے کا اعلان کرتا،لوگ دعایا بقیہ نمازکے بعدرک جاتے تھے۔

سوال: امتحان میں کامیابی کا کوئی وظیفہ بتادیجئے ؟

جواب: اہل ِایمان کے لئے سب سے بڑاوظیفہ نمازہے ،مردحضرات پانچوں نمازیں باجماعت ،تکبیرِاُولیٰ کے ساتھ پہلی صف میں اداکریں،اِنْ شَاۤءَ اللہُ الْکَرِیْم دنیاوآخرت میں کامیابی حاصل ہوگی ،جوبھی وظیفہ کریں اس کے ساتھ پانچ وقت کی نمازضروری ہے ،مقاصدکے حصول کے لئے چاہیں تو یہ وظیفہ کرسکتے ہیں ، نمازِعصرکے بعدوہیں بیٹھے بیٹھے یااللہُ یَارَحْمٰنُ یَارَحِیْمُ پڑھتےرہیں، سورج غروب ہوتو اپنی حاجت کی دعاکریں، اِنْ شَاۤءَ اللہُ الْکَرِیْم کامیابی ہوگی

سوال: تلاوت کرنا اوردُرُودشریف پڑھناکیسے وظیفے ہیں ؟

جواب: یہ دونوں بہت بڑے اوربہترین وظیفے ہیں ،تلاوت کے بارے میں ہے کہ اگرکوئی تلاوت کررہا ہے اوراسے دعا کا وقت نہ ملا تو اسے مانگنے سے زیادہ ملے گا اوردُرُودشریف پڑھنے کے فضائل بھی بہت ہیں ،ہرمرض کی دعا ہے صَلِّ عَلیٰ مُحَمَّد ۔

سوال:کیا شعبان کا چانددیکھنے کا ثواب ہے ؟

جواب: جی ہاں !5مہینوں کا چانددیکھنا،واجبِ کفایہ(یعنی اگر کچھ لوگوں نے تلاش کر لیا تو سب کا واجب ادا ہو گیا اور اگر کسی نے بھی تلاش نہ کیا تو سب ترکِ واجب کے مُرتکب ہونے کے سبب گناہ گار ہوئے) ہے: (1)شعبان(2)رمضان(3)شوال(4)ذِیقعدہ(5)ذُو الْحِجَّہ۔(بہارِشریعت،974/1)

سوال: کیا کوئی دنیوی کام شروع کرناہوتو اس کےبارے میں مفتی صاحب سے پوچھ لینا چاہئے؟

جواب: دِین کی سوچ ہونا اورآخرت کی فکرکرنا یہ بہت بڑی سعادت ہے، کوئی بھی کام شروع کرناچاہتے ہوں تو پہلے مفتی صاحب سے پوچھ لینا چاہئے۔

سوال: ماہِ شعبان کی تیاری کس طرح کریں ؟

جواب: اس کے لئے مکتبۃ المدینہ کے رسائل "آقاکا مہینا اورفیضان ِشعبان" کامُطالَعہ کیا جائے،ماہِ شعبان میں تلاوتِ قرآن اور دُرُود شریف کی کثرت کی جائے، نفل روزے رکھے جائیں ،خوب عبادت کی جائے۔

سوال: میں اپنےدوست کا خیال رکھتاہوں مگروہ میراخیال نہیں رکھتا،میں کیا کروں ؟

جواب: ایسے دوست کی دوستی چھوڑدینی چاہئے ،ایک قول ہے کہ اُس سے دوستی نہ کروجو تمہاری فضیلت نہ جانتاہوالبتہ دوستی فقط اللہ پاک کے لئے ہونی چاہئے ، اس لئے نہ ہوکہ وہ مالدارہے وہ کھلاتاپلاتاہے،اس کی باتوں میں لُطف آتاہے اوراس کی ہنسانے والی باتیں اچھی لگتی ہیں یا معاذاللہ وہ اَمْرَدہے ۔

سوال : بہت سے کام ہوں تو سب سے پہلے کون ساکام کرناچاہئے ؟

جواب :یہ دیکھا جائے کہ ان کاموں کی شرعی حیثیت کیا ہے ،جو اُس وقت شرعی طورپر لازم ہوتو اُسے پہلے کیا جائے مثلاًنمازکا وقت ہے تو پہلے نمازپڑھی جائے،اس کے بعداس اصول" نفع حاصل کرنے کے بجائے اپنے آپ کونقصان سے بچانا ضروری ہے " کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کریں کہ کون ساکام کروں ؟ عام طورپر بندہ وہ کام کرتاہے جس میں لطف زیادہ آتا ہےیاجس میں تن ِآسانی ہولیکن میں نے جواصول بیان کیا ہے اُسے پیش ِنظررکھیں گے تو فائدہ زیادہ ہوگا۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” ڈرائیور کی موتپڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یااللہ پاک ! جو کوئی 17صفحات کا رسالہڈرائیور کی موت“ پڑھ یا سُن لے، اُس کوایمان و عافیت کے ساتھ مدینے میں جلوہ ٔمحبوب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں شہادت اور جنت البقیع میں دفن ہونا نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


22رجب المرجب 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں عرس  حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ اور ختمِ بخاری شریف کے سلسلے میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ عاشقانِ صحابہ و اہل بیت نےمدنی مذاکرے میں شرکت کے لئے بڑی تعداد میں فیضان مدینہ کا رُخ کیا۔ اس مدنی مذاکرے کو اجتماعی طور پر دیکھنے کے لئے ملک کے مختلف شہروں اور بیرون ملک میں خصوصی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ عالمی مدنی فیضان مدینہ میں مرکزی جامعۃ المدینہ کے طلبۂ کرام نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے آغاز میں جلوس امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا سلسلہ بھی ہواجس میں عاشقان رسول نے امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے ہمراہ شرکت کی سعادت پائی۔

امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے کاتبِ وحی حضرت سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی شان بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ رضی اللہ عنہ بہت زیادہ حوصلہ مند، سخی، دلیر اور معافی و درگزر سے کام لینے والے تھے، مزید یہ کہ امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات حکمت بھرے جوابات دیئے۔

دوران مدنی مذاکرہ درسِ نظامی (عالم کورس) کی آخری کلاس دورۃ الحدیث کے طلبہ کرام کو پڑھائی جانے والی حدیث پاک کی مشہور و معروف اور قرآنِ پاک کے بعد سے افضل کتاب ” الصحیح البخاری“کے ختم شریف کا سلسلہ بھی ہوا جس میں امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ بخاری شریف کی آخری حدیث ، حدیث نمبر 7563 پڑھ کر سنائی اور حدیث پاک کے متعلق مدنی پھول بیان کئے۔

امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے حدیث پاک پڑھنے والے طلباء انتہائی خوش ہوئے جس کا انہوں نے اپنے تاثرات کے ذریعے اظہار بھی کیا۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کریں:

سوال : کیا ہاتھوں کی صفائی کے لیے لیموں(Lemon) کا استعمال کرسکتے ہیں؟

جواب:اگر لیموں کے ذریعے میل چُھوٹتا ہے ،کھانے کے بعد چکناہٹ اوربدبُو دُور ہوتی ہے تو لیموں کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سوال : دین ِ اسلام نے عورتوں کو کیا تحفظ(Protection) دیا ہے؟

جواب: دینِ اسلام نے عورتوں کو بہت تحفظ (Protection)عطا فرمایا ہے، بیٹے سے زیادہ بیٹیوں کے فضائل ہیں، مکتبۃ المدینہ کےرسالے’’ زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی‘‘میں بیٹیوں کے فضائل بیان کیے گئےہیں ، اسی طرح ماں کے فضائل بھی ہیں، اللہ پاک ہمیں اسلام کی تعلیمات اور نبی ِپاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنتوں پر عمل کرنے کی سعادت بخشے ۔

سوال:آجکل اینٹ کا جواب پتھرسے دینے کا ذہن ہے ، بعض لوگ بدلہ لینے کا ذہن رکھتے ہیں ،یہ مزاج کیسے تبدیل ہوسکتاہے ؟

جواب:اس کے بہت نقصانات ہیں ،انتقام لینے کے بجائے معاف کردینے کا مزاج پیداکریں ،اگرکوئی انتقام لینے میں حدسے گزرے گا توگناہوں میں پڑجائے گا،عفوودَرگزرسے کام لینا چاہئے، حدیث پاک ہے :تین باتیں جس شخص میں ہوں گی اللہ پاک قیامت کے دن اس کا حساب بہت آسان لے گا اوراس کو اپنی رحمت سے جنّت میں داخل کرے گا:(1)جوتمہیں محروم کرے تم اُسے عطاکرو(2)جوتم سے تعلق توڑے تم اُس سے تعلق جوڑو(3)جوتم پرظلم کرے تم اُسے مُعاف کردو۔(معجم اوسط،4/18،رقم 5064)دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول میں آپ کو ایسے بھی ملیں گے جوانتقام نہیں لیتے بلکہ مُعاف کردیتے ہیں ،آپ بھی دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سےوابستہ ہوجائیں ، آپ بھی ایسے ہوجائیں گے،عفوودَرگزرمیں ہی ترقی اورجینے کا مزہ ہے،شیطان کی تعلیمات کو ردکردو،اسلام کی تعلیمات کواپنالو،بیڑاپارہوجائےگا۔ ان شاۤء اللہ

سوال:توبہ کا مفہوم کیا ہے اورتوبہ کیسے کی جائے ؟

جواب: حدیثِ پاک میں ہے :"توبہ کرنے والاایساہے جیسے اس نے گناه کیا ہی نہیں(معجم كبير،10/150،رقم 10281) یعنی توبہ کرنے سے گنا ہ معاف ہوگئے ۔ توبہ کے 3 ارکان ہیں: (1)گناہ کودل سے تسلیم کرناکہ مجھ سے یہ غلط ہوگیا ہے۔(2)اُس پر شرمندہ ہوکررجوع کرلینا،توبہ کرنا (3)دِل میں یہ پکّا اِرادہ ہو کہ اب مجھے یہ گُناہ کرنا ہی نہیں ۔توبہ کے لیےیہ تینوں اَرکان ضروری ہیں ،ایک بھی کم ہوگاتو توبہ نہیں ہوگی ،بعض گناہوں میں توبہ کے ساتھ ساتھ تلافی بھی ضروری ہے مثلاًنمازقضا کی تو نمازکی قضا بھی ضروری ہے،بہرحال ہمیں پکی سچی توبہ کرنی چاہئے،الله پاک سے توبہ کرتے رہنا چاہئے۔بندہ ہروقت اِسْتِغْفارکرتارہے،اس سے پیچھے نہیں ہٹناچاہئے۔لَیْلَۃُ الْقَدرکی دُعاکتنی پیاری ہے : اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّی یعنی اے اللہ !تومعاف کرنے والاہے اورمعاف کرنے کو پسندکرتاہےمجھے بھی معاف کردے۔

سوال : درس ِنظامی جب مکمل ہوتاہے تو بسا اوقات کہاجاتاہے کہ’’ آج میری پڑھائی ختم ہورہی ہے‘‘ ،کیا واقعی پڑھائی ختم ہوجاتی ہے؟

جواب: پڑھائی ختم نہیں بلکہ شروع ہورہی ہوتی ہے،اب تو پڑھنے کی شُدبُد(تھوڑی سی قابلیت) پیداہوئی ہے کہ کیا پڑھنا ہے ؟عالم علم سے بنتاہے،دورۂ حدیث شریف کے بعدآپ یہ سمجھئے کہ اب آپ کے علم حاصل کرنے میں ابتداہوئی ہے،آپ کو آگے قدم بڑھاناہے ،اگرآپ تدریسی ٹیسٹ میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو تدریس کیجئے، یہ بہت اچھا کام ہے ،اس سے علم باقی رہتاہے،علم وہ انوکھا خزانہ ہے جو خرچ کرنے سے بڑھتاجاتاہے،میراپسندیدہ تو تَخَصُّصْ فیِ الْفِقہ ہے،مجھے بچپن سے فقہی مسائل سے دلچسپی ہے،علم فقہ دیگرعلوم سے افضل بھی ہے،البتہ یہ ذہن میں رہے کہ تَخَصُّصْ فیِ الْفِقہ کرنے سے بندہ مفتی نہیں بنتا،مفتی بننےکے لیے مزیدشرائط ہیں۔

سوال :فقہی مسائل میں بعض اوقات زیادہ دلچسپی نہیں رہ پاتی اوریہ مسائل یادبھی نہیں رہتے ، اس کا کیا حل ہے ؟

جواب: یہ دماغی کام ہے ،اس میں دماغ بہت استعمال ہوتاہے ،پہلی بات یہ ہے کہ سرمیں تیل ڈالاجائے ،بغیراس کے دماغ کام کیسے کرے گا؟عالم کے لیے تیل بہت مفیدہے ،تیل سے دماغ کو تراوٹ ملتی ہے ،عقل ٹھکانے رہتی ہے،دِماغ کو قوت دینے والے غذائیں مثلاً بادام وغیرہ کا استعمال کریں،آرام برابرلیں ،نیندپوری نہیں ہوگی تو دماغ کام نہیں کرے گا،چِڑچڑاپن آجائے گا،مسائل یادنہیں رہیں گے،اپنی صحت کا خیال رکھیں ،کھانے پینے میں احتیاط کریں ،بھوک باقی ہوتو ہاتھ کھینچ لیں سادہ غذاکھائیں، مرغن غذاؤں سے بچیں،پیٹ خراب ہوگاتو دماغ کام نہیں کرے گا،نجی طورپر مُطالَعہ بھی کریں ،اپنے بُزرگوں کی کُتب کا مُطالعہ تو چھوڑنا ہی نہیں، محاورۃً"کتابیں چاٹتے رہنا ہے" ،علم کے سمندرمیں غوطے لگاتے رہنا ہے ،اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے قدموں سے لگے رہیں ،مطالعہ میں راجع مرجوع کے مسائل درپیش آئیں تو دارُالافتااَہلسنّت کے مفتیان ِکرام سے پوچھتے رہیں ،درخواست کرکےسمجھ لیں ،یہ ذہن بنا لیں کہ دل لگا کر زندگی بھرپڑھنا ہے ،حقیقت تویہ ہے کہ بندہ قبرتک طالب ِعلم رہتاہے۔

سوال: فارغُ التحصیل(درسِ نظامی مکمل ) ہونے کے بعد اِدھراُدھرکی مصروفیات میں لگ جاناکیسا؟

جواب:اپنے کام سے کام رکھیں ،دعوتِ اسلامی کےتحت دین کی خدمت کریں ،اگر رات کو2بجے تک تقریریں کرتے رہیں گے اورنیندپوری نہیں کریں گے تو مسائل ہوں گے ،سلیقہ مندتو وہی ہے کہ باپ نے جو دکان لگائی ہو اُسی میں مصروف رہے،یہ زیادہ مناسب ہے ،دعوتِ اسلامی آپ کی اپنی ہے ،اب آپ کی خدمت کی اسے زیادہ ضرورت ہے،اپنے علاقے کے دعوت ِاسلامی کے ذمہ داران کا ہاتھ بٹائیں ،یہ کوئی ذمہ داری دیں تو قبول کریں ،ان کے ساتھ مل کرکام کریں ،ان پرشفقتیں اوررہنمائیاں کرتے رہیں ،حکیمانہ اندازاختیارکریں ،عاجزی کاپیکربن کررہیں کیونکہ عاجزی سے ہی کام ہوگا،تکبر،حرص وطمع،بداخلاقی،جارحانہ اندازنہیں ہونا چاہئے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ فيضان ِشعبان پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا ربَّ المصطفی ! جو کوئی رسالہ فيضانِ شعبان پڑھ یا سُن لے اُسے اپنے پیارے پیارے آخری نبی محمدِعربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پیارے مہینے شعبانُ المعظم میں خوب عبادت کرنے کی توفیق عطافرمااوراُسے بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


عرس کاتبِ وحی حضرت سیدنا امیر معاویہ  رضی اللہ عنہ اور ختمِ بخاری شریف کے سلسلے میں 6مارچ 2021ء بمطابق 22 رجب المرجب 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

اس پُر نور محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید کیا جائیگا جبکہ نعت خواں حضرات بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت اور منقبت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ پیش کریں گے۔ مدنی مذاکرے میں امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی سیرت بیان کے کرنے ساتھ ساتھ عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔مدنی مذاکرے میں ختمِ بخاری شریف ہوگا جس میں امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ آخری حدیثِ پاک پڑھ اس سے متعلق مدنی پھول ارشادفرمائیں گے۔ مدنی مذاکرےمیں جلوس بیادِ معاویہ اور لنگر معاویہ کا بھی اہتمام ہوگا۔

واضح ہے کہ یہ پروگرام مدنی چینل پر براہ راست نشر بھی کیا جائیگا۔


27فروری 2021ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں عرس سیدنا امام جعفرصادق رضی اللہ عنہ کے موقع پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیاگیا ۔ مدنی مذاکرے میں تلاوت قرآن پاک، نعت رسول اور منقبت پڑھی گئی اور جلوس امام جعفر رضی اللہ عنہ کا بھی اہتمام ہوا۔

امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے بزرگوں کی یاد منانے کے فوائد اور عقیدہ کے حوالے سے بچوں کی تربیت کرنے پر مدنی پھول ارشاد فرماتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے۔

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔مدنی مذاکرے کے اختتام پر حاضرین کو کونڈوں کا لنگر کھیر پوری پیش کی گئی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کریں:

سوال: بزرگوں کی یادمنانے کے کیافوائدہیں ؟

جواب:اس کے کئی فوائدہیں مثلا ًبزرگوں کی سیرت کی معلومات ملتی ہیں ،ان کا تقویٰ،خوفِ خدا،عشقِ رسول،دِینی خدمات وسیرت اورکرامات سے آگاہ ہونے سے ان کی محبت بڑھتی ہے،ان کی محبت کی وجہ سے انْ شاۤء اللہ ان کے ساتھ حشرہوگا،قیامت کے دن ان کے ساتھ اُٹھایاجائے گا، عمل کا جذبہ بھی بڑھتاہے،ایصال ِثواب کا موقع بھی ملتاہے ،اس سے یہ خوش ہوتے ہیں ،یہ خوش ہوں گے تو ان سے فیض ملے گا،ایمان کی حفاظت ہوگی ،بزرگوں کا ذکرکرنے سے اللہ پاک کی رحمت نازل ہوتی ہے ۔

سوال:بچوں کو’’ہرصحابیِ نبی جنّتی جنّتی‘‘ کا عقیدہ سکھانے میں کیا حکمت ہے؟

جواب:بچے بچے کو یہ عقیدہ گھول کرپلادیں تاکہ وہ جان جائیں کہ جس ہستی کے ساتھ صحابی کا لفظ آجائے تو اب ان کا احترام لازم ہے ،جو ان کے بارے میں کمزوربات کرے تو وہ نہیں سننی ،بلکہ اس سے دُوربھاگناہے۔

سوال: بڑاغلطی کرے تو چھوٹااسے کس طرح سمجھائے ؟

جواب:اگربڑاایسی غلطی کرےجو شرعی طورپر غلطی ہے ،چھوٹا جانتاہے کہ یہ غلطی ہے ،اسےمکمل معلومات ہیں ،اسے ظنِ غالب ہوکہ میں سمجھاؤں گا تو یہ سمجھ جائیں گے تو پھرحکمتِ عملی سے نرمی اورمحبت سے سمجھائے،چھوٹابھی سمجھائے تو بڑوں کو چاہئے کہ بغیرغُصّہ کئے ،بغیرمنہ بگاڑےاپنی غلطی کومان لینا چاہئے ۔

سوال:سفیدمرغ پالنے کا کیافائدہ ہے؟گھرمیں مرغیاں پالنا کیسا؟دیسی اورفارمی مرغی میں کس طرح پہچان ہو ؟

جواب: دوفرامینِ مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم :(1)سفیدمرغ رکھا کرواس لئے کہ جس گھرمیں سفیدمرغ ہوگاتو نہ شیطان اس گھرکے قریب ہوگااورنہ جادُوگران گھروں کے قریب ہوگا جواس گھرکے اِردگردہیں۔(معجم اوسط،۱/۱۲۰۱) (2)سفیدمرغ کوبُرابھلامت کہواس لئے کہ یہ میرادوست ہے اورمیں اس کا دوست ہوں اوراس کا دشمن میرادشمن ہے جہاں تک اس کی آوازپہنچتی ہے،یہ جنّات کو دفع کرتاہے ۔(لقط المرجان،۱۶۵)دیسی اورفارمی مرغی میں فرق یہ ہے کہ فارمی مرغی موٹی،وزنی ہوتی ہے ،دیسی مرغی کم وزن اورپتلی ہوتی ہے ،اس کا پیٹ بھی چھوٹاہوتاہے ،دیسی مرغی وہ اچھی جوگلیوں میں چل پھرکرکھاتی ہے اس کا گوشت زیادہ فائدہ کرتا ہے ،اس کےکھانے سےقوتِ حافظہ یعنی یاداشت بڑھتی ہے ،پیٹ کے دردمیں بھی مفیدہے ۔

سوال:15رجب کس کا یوم ہے ؟

جواب:15 رجب حضرت امام جعفرصادِق رحمۃا للہ علیہ کا یوم ہے ،مسلمان ان کے یوم پر کھیر پوری پکاکرایصالِ ثواب کرتے ہیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ہر صحابیِ نبی جنّتی جنّتی پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا اللہ پاک ! جو کوئی رسالہ ہر صحابیِ نبی جنّتی جنّتی پڑھ یا سُن لے اُسےاور اس کی قیامت تک آنے والی ساری نسلوں کو صحابۂ کرام کی سچی غلامی نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

دعوت اسلامی کے زیر اہتمام آج رات  بمطابق 15 رجب المرجب 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں عرس ِآل نبی، اولاد علی حضرت سیدنا امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کے موقع پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔

اس روحانی محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوگا ، تلاوت کے بعد بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت اور امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کی شان میں منقبت پڑھی جائیگی۔امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سیدناامام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کی سیرت بیان کرنے کے ساتھ ساتھ عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔ مدنی مذاکرے کے اختتام پر کونڈوں کی نیاز کھیر پوری کا بھی اہتمام ہوگا۔

واضح ہے کہ یہ پروگرام مدنی چینل پر براہ راست نشر بھی کیا جائیگا۔


دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 25 فروری 2021ء بمطابق 13 رجب المرجب 1442ھ کی شب  عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں یومِ ولادت مولا علی شیر خدا کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم کے سلسلے میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ مدنی مذاکرے کے آغاز میں جلوس مولا علی رضی اللہ عنہ کا اہتمام ہوا۔

اس پُر نور محفل میں بارگاہ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت اور مولا علی رضی اللہ عنہ کی شان میں منقبت پڑھی گئی جبکہ امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے شہنشاهِ ولایت مولا علی مشکل کشا رضی اللہ عنہ کی دینی خدمات بیان کرتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے۔اس موقع پر جانشین امیر اہل سنت مولانا عبید رضا عطاری، نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری، دارالافتاء اہل سنت کے مفتیانِ کرام اور اراکین شوریٰ سمیت عاشقان رسول کی کثیر تعداد موجود تھی۔


خلیفہ چہارم، شیر خدا، فاتح خیبر ، امیر المومنین حضرت سیدنا مولا علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم کے یوم ولادت کے سلسلے میں آج 13 رجب المرجب 1442ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار اجتماع کے بعد مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔ مدنی مذاکرے کے آغاز میں جلوس مولا علی رضی اللہ عنہ کا اہتمام ہوگا۔

اس روحانی محفل میں نعت رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور منقبت مولا علی رضی اللہ عنہ پڑھی جائیگی جبکہ امیر اہل سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ حضورسیدنا مولا علی رضی اللہ عنہ کی دینی خدمات کو بیان کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دینگے۔ مدنی مذاکرے کے اختتام پر لنگر مولا علی رضی اللہ عنہ کا انتظام بھی ہوگا۔

تمام عاشقان رسول سے اس پرنور محفل میں شرکت کرنے کی التجاء ہے۔


علم کی مجلس میں حاضر ہونا ہزار رکعت نَفْل پڑھنے، ہزار جنازوں میں شرکت کرنے اور ہزار مریضوں کی عیادت کرنے سے بہتر ہے۔ (احیاء العلوم مترجم جلد 1،ص136) ۔مدنی مذاکرہ بھی علم دین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہر ہفتے کی رات بعد نمازِ عشاء ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوتا ہے جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنے قیمتی ملفوظات عطا فرماتے ہیں۔

اسی سلسلے میں آج رات تقریباً ساڑھے9 بجے مین یونیورسٹی روڈ کراچی پر واقع عالمی مدنی مرکزفیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا آغاز ہوجائے گا جس میں امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ عاشقانِ رسول کے سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

تمام عاشقانِ رسول سے گزارش ہے کہ مدنی مذاکرے میں شرکت کرکے علم دین کا ڈھیروں ڈھیر خزانہ حاصل کریں۔


دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 6 رجب المرجب 1442ھ کی شب خواجہ غریب نوازمعین الدین سید حسن  چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے 809 واں عرس کے موقع پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ مدنی مذاکرے کے آغاز میں جلوس خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کا اہتمام ہوا۔

اس روحانی محفل میں نعت رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور منقبت خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ پڑھی گئی جبکہ شیخ طریقت امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی دینی خدمات کو بیان کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کی جانب سے کئے سوالات کے جوابات دیئے۔اس موقع پر جانشین امیر اہل سنت مولانا عبید رضا عطاری، نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری،دارالافتاء اہل سنت کے مفتیانِ کرام اور اراکین شوریٰ سمیت عاشقان رسول کی بڑی تعداد موجود تھی۔