14 اگست 2021ء بمطابق 9 محرم الحرام 1443ھ کی  شب عالمی مدنی مذاکرے فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرےکا سلسلہ ہوا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے فیضان مدینہ آکر جبکہ دیگر شہروں اسلامی بھائیوں نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

اس مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ علم سے بھر پور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال: حضرت عباس علمبرداررحمۃ اللہ علیہ کی سیرت سے متعلق کچھ مدنی پھول عنایت فرمادیجئے۔

جواب : حضرت عباس علمبرداررحمۃا للہ علیہ،اسلام کے چوتھے خلیفہ مولائے کائنات ، شیرِخدا حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے بیٹے اورحضرت امام حسین رضی اللہ عنہ علاتی بھائی تھے،علاتی بھائی وہ ہوتے ہیں جن کے والدصاحب ایک ہوں مگروالدہ جداجداہوں ،حضرت عباس علمبرداررحمۃا للہ علیہ 26ہجری میں پیدا ہوئے، واقعۂ کربلا کے وقت ان کی عمر 35 سال عمر تھی ، اللہ پاک ان کی بہادری کے صدقے ہمیں بھی ہمت عطا فرمائے۔

سوال : آنکھ پھڑکے تو کیا کریں ؟

جواب:آنکھ کو پھڑکنے دیاجائے،بعض نادان لوگ ا س سے بدشگونی لیتے ہیں، یادرہے!!!دینِ اسلام میں بدشگونی کی اجازت نہیں ۔(بدشگونی کی تفصیلی معلومات جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب"بدشگونی"کامطالعہ کیجئے)

سوال: ہچکی کیوں آتی ہے؟

جواب:کہا جاتا ہے کہ جب کوئی یاد کرتا ہے تو ہچکی آتی ہے، مگر یہ ضروری نہیں، البتہ مکی مدنی آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے مزارِاقدس میں اپنے غلاموں کو یاد فرماتے ہیں۔

سوال: استاد کا ادب کس طرح کریں اور اس کے کیا کیا فوائد ہیں؟

جواب:باادب بانصیب، قابلِ تعظیم استاد آئے تو کھڑے ہوجاناچاہئے، ان کی نشست(بیٹھنے کی جگہ) پر نہ بیٹھا جائے، اُن کی غیر موجودگی میں بھی ادب کرے، امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے استادِ محترم شیخ حماد رحمۃ اللہ علیہ کا گھر، امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے گھر سے 7 گلیوں کے بعد تھا، مگر آپ ان کے گھر کی طرف پاؤں نہیں کرتے تھے۔

سوال : کیا عقل خطا کرتی ہے؟

جواب: انسان خطا کر جاتا ہے اور عقل دب جاتی ہے ، سلیمُ العَقْل ، سلیمُ الفِطرت مسلمان ہی ہوتا ہے، غیرمسلم اس سے محروم ہے ۔

سوال:بیٹا، والد کا ادب کیسے کرے؟

جواب:بیٹا خوب اطاعت کرے،"والد صاحب آئیں تو آتا دیکھ کر کھڑا ہوجائے،ان کے سامنے آواز بلند نہ کرے، ان سےجھگڑ انہ کرے، ان کی خوب خدمت کرے، ان سے آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات نہ کرے"وغیرہ ۔

سوال : کہا جاتاہے کہ مکتبہ المدینہ سے ہدیۃً طلب فرمائیں،کیا یہ مشکل نہیں ہے ؟

جواب :جی ہاں !یہ مشکل ہے، اسلامی کتابوں کی قیمت کو ادب کی وجہ سے ہدیہ کہا جاتاہے اوراس طرح کہنا اچھا ہے مگرلوگ ہدیہ سے تحفہ(Gift)مرادلیتے ہوں گے ،اس لیے کتب و رسائل وغیرہ کا اعلان کرتے ہوئے یہ کہاجائے کہ ’’ مکتبۃ المدینہ سے قیمتاً خرید فرمائیں۔‘‘

سوال : اسلامی بہنیں کس طرح علمِ دین حاصل کریں؟

جواب: اسلامی بہنیں بھی حسبِ موقع علم ِ دین حاصل کریں، دعوتِ اسلامی کے اسلامی بہنوں میں ہونے والے ہفتہ وار اجتماعات میں شرکت کریں، مکتبۃ المدینہ سے شائع ہونے والے دینی کتب و رسائل کا مطالعہ کریں ۔

سوال: کیا بداخلاقی نقصان دہ ہے ؟

جواب:جی ہاں ! بداخلاقی کرونا وائرس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہے، اوریہ مرض ہمارے معاشرے میں عام ہے ،معمولی سی بات پر جھاڑدیاجاتاہے ،لڑائی جھگڑاشروع ہوجاتاہے ،اپنے اخلاق کو بہتربنانے کے لیے دعوتِ اسلامی کے عاشقانِ رسول کے ہمراہ مدنی قافلے میں سفرکریں،اِنْ شاۤءَاللہُ الْکریم اَخلاق بہترہوں گے ۔

سوال: اِس ہفتے کےرِسالے فیضانِ اہلِ بیت ‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہنے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک ! جو کوئی 35 صفحات کا رسالہ فیضانِ اہل بیت ‘‘پڑھ یا سُن لے اُسےاوراس کی آنے والی نسلوں کو اہلِ بیت کِرام علیہم الرضوان کی سچیّ غلامی نصیب فرما اوراس کی بے حساب مغفرت کر ۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔