4ستمبر  2021ء کو بمطابق 27 محرم الحرام 1443ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات پر ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔ یوم دعوت اسلامی کے حوالے سے اس مدنی مذاکرے کے لئے خاص انتظامات کئے گئے جسے دنیا بھر میں لاکھوں عاشقان رسول نے اجتماعی طور دیکھنے کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال : جامعۃ المدینہ کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے، آپ جامعۃ المدینہ کے طلبۂ کرام اوردیگراسلامی بھائیوں کو کیا فرمائیں گے ؟

جواب :جامعۃ المدینہ کے طلبۂ کرام ہمارااثاثہ اورسرمایہ ہیں ،یہ عشقِ رسول رکھنے والے،دین سے محبت کرنے والےاوردیوانے ہوتے ہیں، دین سے محبت ہے تو انہوں نے جامعۃ المدینہ میں داخلہ لیا ہے ،طلبۂ کرام اگرسنتوں بھرالباس پہنیں ،عمامہ شریف سجائیں،ان کا اندازسنجیدہ ہوگا تو دعوت ِاسلامی کی بھی نیک نامی ہوگی ،حُسنِ اخلاق مومن کا زیورہے ،جارحانہ اندازاختیارنہ کیا جائے ،ہمارے کردارسے بھی دعوتِ اسلامی جھلکنی چاہئے ،ہمیں کردارسے بھی نیکی کی دعوت دینی چاہئے ،ہمیں دیکھنے والوں کو کاش !آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم یاد آجائیں ،شیطان یادنہ آئے ،ہمارے اخلاق گھر ،باہر،محلے اورجامعۃ المدینہ میں اچھے ہونے چاہئیں،ہمیں دوسروں کو راحت پہنچانی ہے ،تکلیف نہیں دینی ،کاش جس چیز کی اپنے کو ضرورت ہو،ہم دوسروں کی ضرورت پوری کرنے کے لیے دے دیں ۔

سوال : بنگلہ بھاشی اوربنگلہ دیشی میں کیا فرق ہے ،بنگلادیش والے دین سے کس طرح محبت کرتے ہیں ؟

جواب: بنگلہ بھاشی وہ ہیں جوہیں تو بنگلہ دیش کے لیکن ابھی دُوسرے ملکوں میں رہائش پذیر ہیں اورجو بنگلہ دیش میں موجودہیں ان کو ہم بنگلہ دیشی کہتے ہیں ،بنگلہ دیش کے لوگ دِین سے بہت محبت کرتے ہیں ،بنگلہ دیش دنیا کا واحدملک ہے جہاں حضورغوثِ اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے عرس(بڑی گیارہویں شریف) کے موقع پر11 ربیع الاخرکوسرکاری(Officially) چھٹی ہوتی ہے ،میں انہیں فقرائے مدینہ کہتاہوں ۔

سوال: گناہوں سے بچنابہت مشکل ہے، اس کے لیےکیا کریں ؟

جواب: گناہوں کی ہلاکت خیزیاں یعنی نقصانات کا مطالعہ کریں ،گناہوں سے بچنے کے فضائل پڑھیں ،گناہوں سےبچنے کے فوائد پر نظررکھیں، عاشقانِ رسول کی صحبت اختیارکریں ،اُٹھتے بیٹھتے ’’یَاخَبِیْرُ‘‘کا ذکرکرتے رہیں ،اِنْ شَاۤءَ اللہُ الْکَرِیم گناہوں سے نفرت اورنیکیوں سے محبت ہوگی ۔

سوال: بدشگونی لینا کیسا؟

جواب:بدشگونی اسلام میں نہیں ہے ،یہ ناجائز وحرام ہے ،بدشگونی آجائے تو وہ جائز کام کرگزرے ، بدگمانی دینی علم نہ ہونے کی وجہ سے پیداہوتی ہے ، اس کے بارے میں معلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کی کتاب’’بدشگونی ‘‘کا مطالعہ کریں ،یہ بہترین کتاب ہے، ایسی کتاب نہ کبھی دیکھی نہ سُنی ۔

سوال : مفتی شریف الحق امجدی اورمفتی عبدالحلیم رضوی رحمۃ اللہ علیہما کے بارے میں آپ کیافرماتے ہیں ؟

جواب: شارح ِبخاری مفتی محمدشریف الحق امجدی استاذالعلمااورالجامعۃ الاشرفیہ مبارکپورہندکےاستاذ اوردعوتِ اسلامی سے بہت محبت کرتے تھے ،فرمایا کرتے تھے میری یہ ذمہ داریاں نہ ہوتیں تو میں دعوتِ اسلامی کا مبلغ ہوتااورمفتی عبدالحلیم رضوی ہندکے مشہورعالم تھے، انھوں نے دعو تِ اسلامی کابہت کام کیا ہے ،ایک دورمیں تو ہمارابہت ساتھ دیا ،سرپرستی کی اورآخری وقت تک دعوتِ اسلامی سے وابستہ رہے، میں نے ان کی بہت صحبت پائی ہے ،یہ رودیا کرتے تھے کہ کا ش !دعوتِ اسلامی مجھےجوانی میں مل جاتی مگراب مَیں بوڑھا ہوگیا ہوں ، اگرچہ آپ دعوت ِاسلامی کے لیے کافی کام کرتے تھے ،اس کے باجوداس طرح کہاکرتے تھے ، ان کی یادیں ہمارے دل کی دھڑکنوں میں ہیں۔

سوال : آپ نے پہلابیان کب فرمایا؟

جواب:مَیں نے انجمن خادمانِ اسلام کراچی کے تحت مبارک مسجدمیں ہونے والے اجتماع میں پہلا مذہبی بیان فضول خرچی کی مذمت پر کیا تھا ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالےدعوتِ اسلامی کے بارے میں دلچسپ معلومات پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہنے کیا دُعا دی؟

جواب: یااللہ پاک ! جو کوئی 51 صفحات کا رسالہ دعوتِ اسلامی کے بارے میں دلچسپ معلومات پڑھ یا سُن لے، اُسےدینِ اسلام کی خدمت کا سچّادرددےاوراُس کی بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔