21 اگست 2021ء کو بمطابق 13 محرم الحرام 1443ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے عاشقانِ رسول کو علم و حکمت سے بھرپور مدنی پھول عطا فرمائے۔ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سینکڑوں جبکہ بیشتر مقامات پر ہزاروں عاشقانِ رسول نے جمع ہوکر اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کےمزید مدنی پھول ملاحظہ کیجئے

سوال : ماضی کی تلخ یادوں کو کیسے بُھلایا جائے ؟

جواب : اس طرح کی یادیں بعض اوقات نہیں بھُولتی مثلاً کسی نے سخت دل آزاری کردی ،ظلم کیا ،مارا،سخت جملہ کہہ دیا تووہ یادرہ جاتاہے، اس کا حل یہ ہے کہ بندہ اپنے آپ کونیک کاموں میں مصروف کرلے ،اچھی یادوں کو اپنے ذہن میں جگہ دے ،مدینے کی یادوں میں کھوجائے ،جنت اورآخرت کے بارے میں سوچے ،یہ بھی ہوسکتاہے کہ جس نے ظلم وغیرہ کیا ہواسے معاف کردے ،اس طرح بھی ان یادوں کا بھُلایا جاسکتاہے ۔

سوال : نظرِبدکتنی دیررہتی ہے ؟

جواب: نظرِبد کے وقت کی کوئی مدّت(Time Period) نہیں ،کبھی تو فوراً ختم ہو جاتی ہے مثلاً دم کردیا ،روحانی علاج کرلیااورکبھی تو لگتی بھی نہیں،کبھی سخت لگتی ہے تو بسترپرڈال دیتی ہے۔بہرحال اس کے وقت کی مدت(Time Period) کا کہیں پڑھا نہیں ۔

(یہ دونوں سورتیں" قُلْ اَعُوْذُبِرَبِّ الْفَلَقْ اورقُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاس جنّ و شیاطین اور نظر ِبد و آسیب اور تمام امراض خصوصاً جادو ٹُونے کا مجرب علاج ہیں۔ ان کو لکھ کر تعویذ بنائیں اور گلے میں پہنائیں۔ ان کو بار بار پڑھ کر مریض پردم کریں اور کھانے پانی اور دواؤں پر پڑھ کر پھونک ماریں اور مریض کو کھلائیں پلائیں۔ ان شاء اللہ الکریم ہر مرض خصوصاً جادو ٹُونا دفع ہو جائے گا اور مریض شفایاب ہوجائے گا۔)۔ بخاری و مسلم کی حدیث میں ہے کہ حضور ِاکرم صلی اللہ علیہ وسلم رات کو جب بستر مبارک پر تشریف لاتے تو اپنے دونوں ہاتھوں پر دم فرمایا کرتے اور اپنے سر سے پاؤں تک پورے جسم مبارک پر اپنے دونوں ہاتھوں کو پھرایا کرتے تھے جہاں تک دست ِمبارک پہنچ سکتے، یہ عمل 3 مرتبہ فرماتے۔ بحوالہ:عجائب القرآن مع غرائب القرآن)

سوال: خوش نصیب کون ہے ؟

جواب: خوش نصیب وہ ہے جو ایمان سلامت لے کر قبرمیں جائے ،قبرمیں بھی مؤمن ہو۔

سوال: کیا چڑچڑاپن اورغُصّہ ایک ہی چیز ہے یا جداجدا؟

جواب: چڑچڑاپن اورغُصّہ ایک جیسے ہی لگتےہیں ۔

سوال : نیک اعمال پر عمل کرنے والوں کے بارے میں آپ کے کیاجذبات ہیں ؟

جواب: میں جب نیک اعمال پرعمل کرنے والوں کودیکھتاہوں تو خوشی ہوتی ہے ،اللہ کرے کہ ہمارابچہ بچہ نیک اعمال کا عامل بن جائے ۔

سوال : 2ستمبریومِ دعوتِ اسلامی کیسے منایا جائے ؟

جواب : بچے کی سالگرہ پر خوشی منائی جاتی ہے ،عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے 40 سال مکمل ہورہے ہیں تو ہمیں بھی خوشی منانی چاہئے ،ایک باریک نقطہ بھی ہے کہ بچے کی قسمت میں جوعمرلکھی گئی ہے ایک سال مکمل ہونے پراس کی زندگی کا ایک سال کم ہوجاتاہے جبکہ دعوتِ اسلامی کا تو ایک سال بڑھ جاتاہے ،میں نے نئے کپڑے پہننے کی نیت کی ہے ،آپ بھی پہن سکتے ہیں ،2ستمبرکو شکرانے کے دونوافل اداکیجئے،ائمہ کرام2ستمبر کو عشاء کی نماز کے بعد شکرانے کے 2نوافل با جماعت اداکرنے کا اہتمام فرمائیں،2ستمبر(2021ء) کے ہفتہ واراجتماع میں شرکت کیجئے ، میری خواہش ہے کہ ہفتے (4ستمبر2021) کو ہونے والے مدنی مذاکرہ اجتماعات میں اسلامی بھائی سفیدلباس اورسفیدعمامے میں شرکت کریں ،جامعۃ المدینہ کے طلبۂ کرام بھی سفیدلباس اورسفیدعمامے میں بھرپورشرکت کریں ۔اس موقع پر اپنی گاڑیوں پر مکتبۃ المدینہ سے جاری ہونے والے اسٹیکرزلگائیے۔

سوال: اِس ہفتے کےرِسالے ” امام حسین کے واقعات ‘‘پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہنے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ امام حسین کے واقعات پڑھ یا سُن لے، اُسے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی مبارک سیرت پر چلنے کی توفیق عطا کر اور جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔