انسان
فطری طور پر دوسروں کے ساتھ رہنا پسند کرتا ہے اور تنہائی سے گھبراہٹ محسوس کرتا
ہے۔ اسی لیے وہ گھر میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ بیٹھنا، دفتر میں ساتھیوں کے ساتھ
وقت گزارنا، اور کبھی کبھی دینی یا سماجی محفلوں میں بھی شامل ہونا پسند کرتا ہے۔
لیکن ان مجالس کا اصل فائدہ اور ان کی حقیقی خوشی تب سامنے آتی ہے جب وہاں کچھ
اصول اور آداب کا خیال رکھا جائے۔ یہ آداب صرف رسم و رواج یا دنیاوی تہذیب کی بات
نہیں بلکہ ان کی بنیاد قرآنِ کریم اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر ہیں۔ اگر ان
اصولوں کو اپنایا جائے تو نہ صرف محفل خوشگوار بن جاتی ہے بلکہ اس میں اللہ تعالیٰ
کی جانب سے برکت اور خیر بھی شامل ہو جاتی ہے۔
1.
فائدہ مند گفتگو کرنا: جب لوگ کسی مجلس میں اکٹھے ہوں تو وہاں ایسی باتیں کی
جائیں جو سب کے لیے فائدہ مند ہوں۔ گفتگو میں علم، نصیحت، اچھے مشورے یا خوش اخلاقی
کے پہلو ہوں تاکہ ہر شخص کو کچھ سیکھنے اور اچھا سننے کا موقع ملے۔ مجلس کو فضول
باتوں، ہنسی مذاق میں وقت ضائع کرنے یا کسی کی برائی اور غیبت سے بچایا جائے، کیونکہ
اس طرح نہ صرف ماحول خراب ہوتا ہے بلکہ بعض اوقات گناہ کا سبب بھی بنتا ہے۔ اس لیے
ضروری ہے کہ محفل کی گفتگو مثبت، اور نیکی کی طرف رہنمائی کرنے والی ہو۔
2.
جگہ کشادہ کرنا: جب کوئی نیا شخص مجلس میں آئے تو اس کے لیے خوش دلی کے
ساتھ جگہ بنائی جائے۔ اگر مجلس میں بھیڑ ہو تو ذرا سا سرک جانا یا اپنی نشست کو
آگے پیچھے کر لینا بھی اس کے لیے آسانی پیدا کر دیتا ہے۔ اس سے نہ صرف آنے والے کو
عزت و قدر کا احساس ہوتا ہے بلکہ مجلس کا ماحول بھی خوشگوار رہتا ہے۔ یہ عمل آپس میں
محبت بڑھانے اور ایک دوسرے کا احترام کرنے کی نشانی ہے۔
جیساکہ
نبی کریم ﷺ نے بھی اس کی تعلیم ارشاد فرمائی۔ "نَهَى أَنْ يُقَامَ الرَّجُلُ مِنْ مَجْلِسِهِ وَيَجْلِسَ فِيهِ
آخَرُ، وَلَكِنْ تَفَسَّحُوا وَتَوَسَّعُوا"ترجمہ: نبی ﷺ نے
منع فرمایا کہ کوئی شخص کسی کو اس کی جگہ سے اٹھا کر خود وہاں نہ بیٹھے، بلکہ تم
لوگ کشادگی کرو اور وسعت اختیار کرو۔( صحيح البخاري، ج ٨، ص ٦١، حدیث ٦٢٧٠)
وضاحت
اس حدیث سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ جب کوئی شخص محفل میں آئے تو اس کے لیے جگہ
بنانا ایک اچھا اسلامی طریقہ ہے۔ اس سے آنے والے کو اہمیت اور عزت ملتی ہے اور
دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت بڑھتی ہے۔ اگر ہر کوئی دوسروں کے لیے تھوڑی سی جگہ
بنا دے تو محفل کا ماحول خوشگوار ہو جاتا ہے اور سب کو سکون اور اپنائیت کا احساس ہوتا ہے۔
3.
خاموشی اور توجہ: جب کوئی شخص مجلس میں بات کر رہا ہو تو دوسروں کو چاہیے
کہ خاموش رہیں اور پوری توجہ کے ساتھ اس کی بات سنیں۔ درمیان میں ٹوکنے یا اپنی
رائے زبردستی شامل کرنے سے نہ صرف بات کرنے والے کو تکلیف ہوتی ہے بلکہ مجلس کا
وقار بھی متاثر ہوتا ہے۔ اگر ہر کوئی ایک دوسرے کی بات سکون سے سن لے تو نہ صرف
بات سمجھنا آسان ہو جاتا ہے بلکہ سب کو اپنی بات کہنے کا موقع بھی ملتا ہے۔ یہ
عادت مجلس کو پر سکون اور باوقار بناتی ہے۔
4.
سلام اور مسکراہٹ: جب کوئی شخص مجلس میں داخل ہو تو سب سے پہلے سلام کرے
اور خوش اخلاقی کے ساتھ مسکرا کر ملے۔ اس طرح نہ صرف محفل میں محبت اور اپنائیت کا
ماحول بنتا ہے بلکہ دلوں میں خوشی اور سکون بھی پیدا ہوتا ہے۔ سلام کرنے سے برکت
آتی ہے اور مسکراہٹ دوسروں کو اپنی جانب مائل کر لیتی ہے۔ یہ دونوں چیزیں مجلس کو
خوشگوار اور دوستانہ بنانے کے بہترین طریقے ہیں۔
جیساکہ
نبی کریم ﷺ کے ارشاد فرمایا:"تَبَسُّمُكَ
فِي وَجْهِ أَخِيكَ لَكَ صَدَقَةٌ"ترجمہ تمہارا اپنے بھائی
کے چہرے کو دیکھ کر مسکرانا بھی تمہارے لیے صدقہ ہے۔( سنن الترمذی، ج ۴، ص ٣٣٩، حدیث ١٩٥٦)
وضاحت
جب آپ کسی سے ملیں اور اسے دیکھ کر مسکرا دیں تو یہ ایک نیکی شمار ہوتی ہے۔
مسکراہٹ ایک چھوٹی سی چیز ہے لیکن اس سے دوسروں کے دل خوش ہو جاتے ہیں اور ماحول میں
پیار و محبت پیدا ہوتا ہے۔ اسلام میں ہر وہ کام جس سے دوسروں کو خوشی یا فائدہ
پہنچے، اسے صدقہ کہا گیا ہے۔ اس لیے بغیر کسی خرچ کے صرف مسکرا دینا بھی اللہ کے
ہاں نیکی کا درجہ رکھتا ہے۔
5.
امانت داری: اگر کوئی شخص کسی مجلس میں کوئی بات کرے تو اس بات کو وہیں
تک رکھنا چاہیے اور اسے دوسروں تک نہیں پہنچانا چاہیے۔ جب کوئی کسی پر بھروسہ کرکے
اپنی بات بیان کرے اور وہ آگے پھیلا دی جائے تو اس سے نہ صرف اعتماد ٹوٹ جاتا ہے
بلکہ تعلقات بھی خراب ہو جاتے ہیں۔ البتہ اگر وہ بات دین کے خلاف ہو یا کسی برے
اور غلط کام پر مشتمل ہو تو اس کے بارے میں خاموش رہنا درست نہیں بلکہ روکنا یا
متعلقہ لوگوں کو بتانا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ عام طور پر مجلس کی بات کو راز رکھنا
ہی اصل دیانت داری اور اچھا اخلاق ہے، اور یہی رویہ تعلقات میں محبت اور بھروسہ
بڑھاتا ہے۔
6.
وقت کی پابندی: مجلس میں وقت کا خاص خیال رکھنا چاہیے تاکہ کسی کو مشکل
پیش نہ آئے۔ محفل ایسے وقت میں نہ رکھی جائے جب لوگ آرام کر رہے ہوں یا کسی ضروری
کام میں مصروف ہوں۔ اسی طرح بات چیت کو ضرورت سے زیادہ نہ بڑھایا جائے کیونکہ بہت
زیادہ دیر تک بیٹھنے سے لوگ تھک جاتے ہیں اور دلچسپی بھی کم ہو جاتی ہے۔ جب مجلس
وقت پر شروع ہو اور مناسب وقت پر ختم ہو تو سب کو سکون اور سہولت ملتی ہے، محفل
خوشگوار رہتی ہے اور کسی پر بوجھ نہیں بنتی۔ اس لیے بہتر ہے کہ مجلس مختصر، مفید
اور مقصد کے مطابق ہو تاکہ سب کے لیے فائدہ اور آسانی کا سبب بنے۔
انسان
کی زندگی میں مجالس کی بڑی اہمیت ہے کیونکہ یہ نہ صرف تعلقات مضبوط کرنے کا ذریعہ
بنتی ہیں بلکہ علم، تجربہ اور خوشگواری بانٹنے کا موقع بھی دیتی ہیں۔ لیکن ان کی
اصل خوبی تب ہی سامنے آتی ہے جب ان میں آداب اور حقوق کا خیال رکھا جائے، مثلاً
اچھی بات کرنا، دوسروں کی عزت کرنا اور وقت کی پابندی کرنا۔ اگر مجلس میں یہ اصول
اپنائے جائیں تو وہ خیر و برکت اور محبت کا ذریعہ بن جاتی ہے، لیکن اگر ان میں
بدزبانی کی جائے، دوسروں کے حقوق پامال کیے جائیں یا لاپرواہی برتی جائے تو ایسی
مجالس فائدے کے بجائے نقصان پہنچاتیں ہیں اور تعلقات کو کمزور کر دیتی ہیں۔اللہ
تعالیٰ ہماری مجالس کو خیر و برکت، محبت اور ہدایت کا ذریعہ بنائے۔ آمین
Dawateislami