بندے میں تنقید کو برداشت کرنے کا مادہ ہونا چاہیئے،
مولانا الیاس عطار قادری
9 مئی 2026ء مطابق 22 ذیعقدہ 1447ھ کی شب عالمی
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے تحت ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا
انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عاشقانِ رسول نے براہِ راست اور مدنی چینل کے ذریعے
شرکت کی۔
مذاکرہ کا آغاز تلاوت قرآن اور نعتِ رسول سے
ہوا جس کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ
مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے
عاشقانِ رسول کے سوالات کے جوابات دیئے اور مختلف امور پر اُن کی رہنمائی فرمائی۔ عاشقانِ
رسول نے دینِ اسلام سے متعلق جو سوالات کئے اُن میں سے بعض درج ذیل ہیں :
سوال:اسلامی تاریخ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟
جواب:میں اسلامی(ہجری) تاریخ کو پسند کرتا ہوں جب بھی تاریخ لکھنی
ہو تو اسلامی تاریخ لکھتا ہوں ،پھر عیسوی تاریخ بھی لکھ دیتا ہوں کیونکہ اسی کا زیادہ استعمال ہے۔
سب گواہ ہو جائیں کہ مجھے اسلامی تاریخ سے محبت ہے اور آپ بھی اس سے محبت کریں ، آپ بھی اپنے آپ پر اس کو نافذ کریں ۔
سوال:سیدی اعلیٰ حضرت امام احمدرضاخان رحمۃ اللہ علیہ کے
پوتے اور حجۃ الاسلام مولانا حامدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے صاحبزادے مولانا حمادرضا خان نعمانی میاں رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں کچھ بتائیں؟
جواب:مولانا حمادرضا خان نعمانی میاں رحمۃ اللہ علیہ عالمِ
دین، مدرسِ منظرِ اسلام بریلی شریف ہند (India)، استاذُالعلماء اورصاحبِ مجازِ سلسلۂ قادریہ رضویہ تھے۔ ان کی
ولادت 1334ھ مطابق 1916ء کو بریلی شریف میں
ہوئی اور 16ذیقعدہ 1375ھ مطابق 26 جون 1956ء میں باعتبارِ سنِ ہجری 41 سال کی عمر میں منگل کے دن وصال فرمایا۔ آپ کامزار مبارک خاموش کالونی قبرستان، لیاقت آباد ٹاؤن(
کراچی) میں ہے۔ حضرت نعمانی میاں کی عمر جب 4 سال 4 ماہ اور 4 دن ہوئی تو خاندانی
طریقہ و رواج کے مطابق سیدی اعلیٰ حضرت نے بسم اللہ پڑھائی اور سلسلۂ قادریہ رضویہ میں بیعت بھی فرما لیا۔ آپ نے والدۂ
محترمہ سے قرآنِ کریم ناظرہ اور اردو کی ابتدائی کتابیں پڑھیں۔آپ کو تقریباً 5 سال سیدی اعلیٰ حضرت کی زیارت و صحبت حاصل رہی۔
آپ نے علمِ دین اپنےوالدِ محترم حجۃ
الاسلام حضرت علامہ حامد رضا خان سے حاصل کیا اور ان سے سبقاً سبقاً کتبِ تفاسیر و فقہ پڑھیں۔ علامہ محمد ابراہیم خُوشتر صدیقی رحمۃ اللہ علیہ تحریر
فرماتے ہیں: اپنے جدِّ امجد(یعنی اعلیٰ حضرت ) کے زیرِ سایہ 5 سال تک پروان چڑھتے رہے۔ حضرت
نعمانی میاں نے اپنے والدِ ماجد حجۃ الاسلام کا پورا زمانہ پایا۔ سفر و حضر میں
استفادہ کرتے ر ہے۔
سوال: ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ:” اپنے ظرف کو
اتنا وسیع رکھیں کہ وہ تنقید کو جذب کر سکے اور تعریف میں بہہ نہ جائے“۔ اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟
جواب: واہ کیا بات ہے مدینے کی !بڑا پیارا قول مرتب کیا
گیا ہے، بندے میں تنقید کو برداشت کرنے کا مادہ ہونا چاہیئے ،امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے
ہیں کہ دشمن کی تنقید سے سیکھنا چاہیئے کیونکہ وہ بغیر کسی خوف کے تنقید کرے گا
جبکہ دوست ڈر ڈر کر تنقید کرتا ہے۔ دوسری
بات یہ کہ اپنی تعریف سن کر بہہ نہ جائے یعنی تعریف سُن کر پُھول نہ جائے ۔
سوال: کون سی عظیم ہستیاں سوڈان سے ہیں؟
جواب: حضرت حکیم لقمان رحمۃُ اللہِ علیہ ،حضرت نجاشی رحمۃُ اللہِ علیہ اور حضرت بلال رضی اللہ عنہ۔
سوال: جس کی
بیماری طویل ہو جائے تو اس کے ساتھ ہمارا
کیا انداز ہونا چاہیئے ؟
جواب: ہمارا عزیز، رشتہ دار، دوست یا ہمسایہ بیمار ہو جائے اور بیماری طویل ہو جائے تو گاہے
بگاہے(کبھی کبھار) اس سے ملتے رہیں ،پوچھتے رہیں ،کبھی واٹس ایپ کر دیا کریں تاکہ اُسے بیماری کے ساتھ جدائی کا غم نہ ہو۔ ایسوں کو یا جنہیں کوئی غم ہو جائے تو اسے تنہا نہ چھوڑیں ۔ میں کئی
مِیل چل کر مریضوں کی عیادت کے لئے گھروں
اور ہسپتال میں جایا کرتا تھا ،میں نے بہت
جنازے پڑھائے ہیں ۔
سوال: مدنی
مذاکرے میں دعوتِ اسلامی کے کن دو مرحومین
کا ذکرِ خیر ہوا؟
جواب:مولانا گلریز عطاری مدنی (منگلا
،کشمیر)اور قاری مسرور عطاری(کراچی)ان دونوں اسلامی
بھائیوں کااسی مہینے میں انتقال ہوا۔دونوں ماشآء
اللہ بااخلاق،مِلنسار، دعوتِ اسلامی
کا دِینی کام کرنے والے اور اپنے اپنے شعبے میں نمایاں طور پر خدمات سرانجام دینے
والے تھے ۔اللہ پاک ان دونوں کی بے حساب بخشش و مغفرت فرمائے۔
سوال: مدرسۃ
المدینہ میں بچوں کو پانی پلانے کے بارے میں امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا تاکید فرمائی؟
جواب: مدرسۃ المدینہ اور جامعۃ المدینہ میں طلبہ کوپانی پلانے کااہتمام
کریں ،درجے (کلاس )میں جگ اور گلاس رکھیں تاکہ بچوں کو پانی پینے میں آسانی ہو۔بڑے بھی پانی
پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ عبادت پر قوت حاصل کرنے کی نیت کریں گے تو ثواب بھی ملے گا۔ ان شآء اللہ الکریم
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” دِلجوئی کے فضائل “
پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا
دُعا دی ؟
جواب: یا ربّ کریم! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ” دِلجوئی کے فضائل “ پڑھ یا سُن لے،اُسے مسلمانوں کے دلوں میں خوشیاں داخل کرنے والابنا کر ماں باپ اور خاندان سمیت جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Dawateislami