مبشر رضا عطاری (درجہ رابعہ
جامعۃُ المدینہ فیضانِ فاروق اعظم سادھوکی لاہور، پاکستان)
اسلام اپنے ماننے والوں کو دنیا اور آخرت دونوں کی بہتری کی
تعلیمات دیتا ہے۔ زندگی کی بہتری کے لئے اسلامی تعلیمات انسانی زندگی کا لازمی حصہ
ہیں۔ خواہ انسان کی ذاتی زندگی ہو یا معاشرتی زندگی، اسلام نے ہر ہر مرحلے کے اصول
و قوانین مقرر فرما دئیے ہیں۔ جن کی رعایت کر کے انسان نہ زندگی کو خوشگوار و پر
سکون بنا سکتا ہے بلکہ پورا معاشرہ امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ انسانی
زندگی کے کئی گوشے جن سے بچنا اور احتیاط برتنا نہایت ضروری ہے انہی میں سے حرام
مال کمانا اور کھانا بھی ہے۔
حرام مال کی تعریف : جو مال حرام کے ذریعے حاصل کیا جائے وہ
حرام مال ہے۔ (الحدیقۃ الندیہ،5/16)
حرام
مال کے متعلق احکام : (1)حرام ذریعے سے مال حاصل
کرنا گناہ اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے ۔(ظاہری گناہوں کی معلومات ،ص 99)
(2)مالِ حرام میں کوئی پیسہ اپنے کھانے ، پہنے یا کسی اور
مصرف (یعنی کام) میں لگانا حرام ہے ۔ (فتاوی رضویہ، 23/561 بتغير قلیل )
(3) حرام روپیہ کسی
کام میں لگانا اصلاً ( یعنی بالکل) جائز نہیں نہ نیک کام (مثلاً مسجد و مدرسہ
وغیرہ کی تعمیر) میں لگا سکتے ہیں نہ کسی اور کام (مثلاً خرید و فروخت ) میں ۔
(فتاویٰ رضویہ ، 23 / 580بتغیر قلیل )
احادیث کریمہ میں حرام مال کھانے اور کمانے کی شدید مذمت
بیان کی گئی ہے کیونکہ دینِ اسلام ہمیں ایثار، ہمدردی اور نفع رسانی یعنی لوگوں کو
فائدہ پہنچانے کا درس دیتا ہے اور اس میں (یعنی حرام مال کھانے اور کھانے میں)
دوسروں کے حقوق کو دبایا جاتا ہے۔ چنانچہ ہر مسلمان کو اس فعلِ بد سے بچنا لازمی
ہے لہذا حرام مال کھانے اور کمانے کے مذمت پرد احادیث کریمہ پڑھئے اور لرز یئے!
فرض و نفل کا قبول نہ ہونا : حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : بیت المقدس پر
اللہ پاک کا ایک فرشتہ ہے جو ہر رات ندا دیتا ہے کہ جس نے حرام کھایا اس کے نہ نفل
قبول ہیں نہ فرض ۔( الكبائر للذهبي، الكبيرة الثامنۃ والعشرون،ص134)
دعا قبول نہ ہونا: نبی اکرم حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے دنیا پر مر مٹنے والے کا ذکر
کیا تو ارشاد فرمایا: بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ بکھرے بال، گرد آلود چہرے اور سفر
کی مشقت برداشت کرنے والا شخص اپنے ہاتھ اٹھاتا ہے اور دعا کرتا ہے: اے میرے رب!
اے میرے رب! اس کی دعا کیسے قبول کی جائے گی؟ جبکہ اس کا کھانا حرام، لباس حرام
اور غذا حرام ہے۔(صحیح مسلم،کتاب الزکات،باب قبول الصدقت من الکسب الطیب وتربیتھا
،حدیث:1015، ص506 ،بتغیرقلیل)
دوزخ کا سامان: حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ارشاد ہے : جس نے حرام مال
کمایا اور صدقہ کر دیاتو قبول نہ ہوگا اور اگر اسے پیچھے چھوڑ گیا تو دوزخ کا
سامان ہوگا۔( کتاب الضعفاء للعقيلی،باب الصاد،2/599،حدیث:751:صباح بن محمدالاحمسی،بتغيرقليل)
جنت میں داخل نہ ہو گا:رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جنت میں وہ جسم نہ جائے
گا جو حرام سے غذا دیا گیا ۔(مرآة المناجيح ،جلد : 4 حدیث: 2787)
جہنم میں داخلہ: حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نے فرمایا: جو شخص اس بات کی پرواہ نہیں کرتا کہ اس نے کہاں سے مال کمایا تو اللہ
پاک کو اس بات کی پرواہ نہیں کہ وہ اسے جہنم کے کس دروازے سے داخل کرے گا۔ (قوت
القلوب لابي طالب مکی ،2/475)
معزز قارئین !ہر بیماری کے چند اسباب ہوتے ہیں جن سے بچ کر
اس بیماری سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ حرام مال کمانے اور کھانے کے بھی چند
اسباب ہیں جن کو ذیل میں ذکر کیا جا رہا ہے اس کو ذہن نشین کر لیجئے تاکہ اس مذموم
بیماری سے چھٹکارا حاصل کیا۔ جا سکے : علم دین کی کمی، مال و دولت کی حرص ، راتوں
رات امیر بننے کی خواہش، مفت خوری کی عادت اور کام کاج سے دور بھاگنا ، بری صحبت۔
الله پاک ہمیں حرام مال سے بچنے اور حلال مال کھانے کی
توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم
فضیل ساگر (درجہ رابعہ جامعۃُ
المدینہ فیضانِ حسن و جمالِ مصطفیٰ لانڈھی کراچی ، پاکستان)
الحمد لله ہم مسلمان ہیں اور بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ داری
ہے کہ ہم اپنے ذریعہ معاش پر نظر رکھیں کہ کہیں ہم حرام تو نہیں کما رہے (معاذ
الله) لہذا ہمیں اپنے آمدنی کے ذرائع پر نظر رکھنی پڑے گی اور جب ہمارے سینوں میں
حلال کمانے اور حرام سے بچنے کے حوالے سے احادیث ہونگی تو ہمارا حرام سے بچنا آسان
ہو جائے گا۔ تو آئیں کچھ احادیث اس حوالے سے پڑھ لیتے ہیں۔
حضرت جابر رضی اللہ
عنہ سے روایت ہے: آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : وہ گوشت
جنت میں نہ جائے گا جو حرام سے اُگا ہو اور جو گوشت حرام سے اُگے وہ (آگ) اس سے
بہت قریب ہے۔
اس حدیث سے ہمیں
معلوم ہوا کہ جس گوشت یعنی ( جسم کے حصے) کی نشونما حرام سے ہو وہ جنت میں نہ جائے
گا۔ لہذا ہمیں (جو جنت کے طلبگار ہیں) حرام سے بچنے کی بھر پور کوشش کرنی ہے۔
اور بعض اوقات بندہ جب نہیں جانتا کہ یہ ذریعہ حصول مال
جائز و حلال ہے یا حرام تو اس کی لاعلمی اسے حرام میں مبتلا بھی کر سکتی ہے۔ جیسا
کہ ہمارے بازاروں میں کئی لوگ خرید و فروخت کے معاملے میں دھوکہ دہی سے کام لیتے
ہیں جو کہ ناجائزو حرام ہے کیونکہ اس متعلق آقا
علیہ صلاۃ و السّلام کا فرمان موجود ہے۔ جس میں آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے دھوکہ کی بیع سے منع فرمایا : ابو
ہریره رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے پتھر پھینکنے کی بیع اور دھوکے کی
بیع سے منع فرمایا ہے ۔
ان احادیث سے بھی حرام کمانے کی ممانعت اور مذمت کا معلوم
ہوتا ہے اور اپنی کمائی کو پاک وصاف رکھنے کی تعلیم بھی دی جا رہی ہے۔ یاد رہے! خرید
و فروخت حرام نہیں لیکن خرید و فروخت میں کوئی ایسا پہلو پایا جائے جیسے (دھوکہ ،
جھوٹ ، ملاوٹ وغیرہ) تو ان سے بھی آپ کی کمائی درست نہیں۔
یاد رہے کہ حرام کمانے کا ایک وبال یہ بھی ہے کہ حرام کھانے
والے کی دعا قبول نہیں ہوتی اس حوالے سے مسلم شریف میں ہے: فرمان مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: ایک شخص
طویل سفر کرتا ہے جس کے بال بکھرے ہوئے ہیں اور بدن گرد آلود ہے (یعنی اس کی حالت
ایسی ہے کہ جو دعا کرے وہ قبول ہو) وہ آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا کر یا رب یا رب کہتا
ہے ( دعا کرتا ہے) مگر حالت یہ ہے کہ اس کا کھانا حرام ، اس کا پینا حرام ، لباس
حرام اور غذا حرام پھر اس کی دعا کیونکر مقبول ہو؟ (یعنی اگر قبول دعا کی خواہش ہو
تو کسب حلال اختیار کرو )۔
پیارے اسلامی بھائیو! میں آخر میں اپنی تحریر کو اختتام کی
طرف لاتے ہوئے ایک آخری حدیث پیش کرتا ہوں۔
نبی کریم صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا س کہ جو اس
نے حاصل کیا ہےوہ حلال سے ہے یا حرام سے۔ (صحیح بخاری ، ج 3، حدیث :2059)
ہمیں اُس زمانے سے پناہ مانگنی چاہئے ، یاد رکھیں مالِ حرام
جس تیزی سے آتا ہے اسی تیزی سے ہی ختم ہو جاتا ہے۔ یاد رکھیں مالِ حرام اگرچہ
شکلیں نہیں بگاڑتا لیکن نسلیں بگاڑ دیتا ہے۔ اور انسان حلال کھاتا ہے اور حرام
انسان کو کھا جاتا ہے۔
دعا ہے ، اللہ رب العزت ہمیں حرام سے بچا کر حلال طیب کمانے
اور کھانے کی توفیق عنایت فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
محمد غوث (درجہ ثانیہ جامعۃُ
المدینہ فیضانِ حسن و جمالِ مصطفیٰ لانڈھی کراچی ، پاکستان)
اللہ پاک نے اس دنیا اور ہر چیز کے بنانے کے بعد کچھ چیزوں
کو حرام رکھا اور کچھ کو حلال بھر جس چیز کو حلال رکھا تو اُسکے اپنا نے اور
استعمال کرنے کا حکم دیا۔ اور جس چیز کو حرام رکھا۔ تو اس سے بچنے کا حکم دیا۔ اور
یہ حلال وحرام کا سلسلہ ہر چیز میں رکھا تاکہ ہر انسان حرام سے بچ کر حلال کے
ذریعے اپنے رب کو راضی کر سکے۔ اور اپنی ضروریات کو پورا کر سکے۔
اللہ و رسول نے حلال کمانے اور کھانے کی فضیلت اور حرام
کمانے اور کھانے کی وعیدیں بھی ارشاد فرمائیں۔ تاکہ انسان حلال کمانے اور کھانے کی
فضیلتیں پانے کے لئے کوشش کرتا رہے۔ اور حرام کمانے اور کھانے سے اجتناب کرتا رہے۔
حرام کمانے اور کھانے کے بارے میں بہت سی وعیدیں کتبِ احادیث میں موجود ہیں ۔
چنانچہ ان میں سے کچھ احادیثِ مبارکہ پیش خدمت ہیں:
مالِ حرام کا وبال: حرام کی کمائی سے کوسوں دُور رہنے میں ہی بھلائی ہے کیونکہ اس میں ہرگز ہرگز
ہرگز برکت نہیں ہوسکتی۔ ایسا مال اگرچہ دنیا میں بظاہر کچھ فائدہ دے بھی دے مگر
آخرت میں وبالِ جان بن جائے گا لہٰذا اس کی حِرْص سے بچنا لازِم ہے، چُنانچِہ
سرکارِ عالی وقار، مدینے کے تاجدارصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ
عبرت نشان ہے: جو شَخص حرام مال کماتا ہے اور پھر صدَقہ کرتا ہے اُس سے قَبول نہیں
کیا جائے گا اور اُس سے خَرچ کرے گا تو اِس کے لیے اُس میں بَرَکت نہ ہوگی اور اسے
اپنے پیچھے چھوڑ ے گا تو یہ اس کے لیے دوزخ کا زادِ راہ ہوگا۔(شرح السنۃ،کتاب
البیوع، باب الکسب،4 /205،حدیث:2023)
چنانچہ ہمیں چاہیے کہ ہم حرام کمانے اور کھانے سے اجتناب
کرتے رہیں ورنہ یہ وبال ہم پر بھی آسکتا ہے۔
ایک مرتبہ حضرت سیِّدُنا موسیٰ کلیم اللہ علٰی نبیناوعلیہ
الصلٰوۃ والسلام کسی مقام سے گزرے تودیکھاکہ ایک شخص ہاتھ اٹھائے رو رو کر بڑے
رِقَّت انگیز انداز میں مصروفِ دعا تھا۔ حضرت سیِّدُنا موسیٰ کلیم اللہ علٰی
نبیناوعلیہ الصلٰوۃوالسلاماسے دیکھتے رہے پھربارگاہِ خدا میں عرض گزار ہوئے: اے
میرے رحیم وکریم پروردْگار! تو اپنے اس بندے کی دعا کیوں نہیں قبول کررہا ؟اللہ
پاک نے آپ علیہ السّلام کی طرف وحی نازل فرمائی: اے موسیٰ !اگر یہ شخص اتنا روئے،
اتنا روئے کہ اس کا دم نکل جائے اور اپنے ہاتھ اتنے بلند کرلے کہ آسمان کو چھولیں
تب بھی میں اس کی دُعا قبول نہ کرو ں گا۔ حضرتِ سیِّدُنا موسیٰ کلیم اللہ علٰی
نبیناوعلیہ الصلٰوۃوالسلام نے عرض کی : میرے مولیٰ ! اس کی کیا وجہ ہے ؟ ارشاد
ہوا: یہ حرام کھاتا اور حرام پہنتا ہے اور اس کے گھر میں حرام مال ہے۔ (عیون
الحکایت ، ص213)
مولیٰ علی رضی اللہ عنہ نے ارشاد فرمایا : بے شک بندہ سے بے
صبری کر کے اپنے آپ کو حلال روزی سے محروم کر دیتا ہے اور اس کے باوجود اپنے مقدر
سے زیادہ حاصل نہیں کر پاتا۔ (المستطرف ، 1/ 124)
اللہ ربُّ العالمین سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو حرام سے اپنے
حفظ و امان میں رکھے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم
عبدالحنان عطاری (درجہ خامسہ
جامعۃُ المدینہ گلزارِ حبیب سبزہ زار لاہور، پاکستان)
خدا کی بندگی و اطاعت میں رزقِ حلال کی بنیادی حیثیت ہے۔
تقوی و خوف خدا کا سب سے بڑا پہلو اللہ پاک کی نافرمانی سے بچنا ہے اور نافرمانی
والے کاموں میں رزق حرام شدید اور گھٹیا ہے ۔ ، افسوس کے لوگ حلال و حرام کمائی کا
خیال رکھنے میں بہت بے پرواہ ہو چکے ہیں۔
رزقِ حرام کمانا اسلام میں سخت ناجائز و حرام ہے۔ اور اس سے
حاصل ہونے والی ہر چیز منحوس ہے۔ چنانچہ رب تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: ﴿وَ لَا تَاْكُلُوْۤا اَمْوَالَكُمْ بَیْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ وَ تُدْلُوْا
بِهَاۤ اِلَى الْحُكَّامِ لِتَاْكُلُوْا فَرِیْقًا مِّنْ اَمْوَالِ النَّاسِ
بِالْاِثْمِ وَ اَنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ۠(۱۸۸) ﴾ ترجمۂ کنزالایمان: اور آپس میں ایک دوسرے کا مال ناحق نہ کھاؤ اور نہ حاکموں
کے پاس ان کا مقدمہ اس لئے پہنچاؤ کہ لوگوں کا کچھ مال ناجائز طور پر کھالو جان
بوجھ کر۔(پ2،البقرۃ:188)
ایک دوسری جگہ ارشاد فرمایا ! ترجمہ کنز العرفان : اے ایمان
والو ! باطل طریقے سے آپس میں ایک دوسرے کا مال نہ کھاؤ البتہ یہ (ہو) کہ تمہاری
باہمی رضا مندی سے تجارت ہو۔
قارئین کرام! چند احادیث طیبہ حرام کمانے و کھانے کی مذمت
پر ملاحظہ ہو :
احادیث طیبہ میں حرام کمانے و کھانے کی بہت زیادہ مذمت کی
گئی ہے اور بہت سخت وعیدات بیان کی گئی ہے۔
حرام کھانے والے کی دعا قبول نہیں ہوتی: حضرت ابو ہریرہ رضی
اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہمارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فر
مایا : اللہ پاک ہے۔ پاک چیز کے سوا کسی چیز کو قبول نہیں کرتا۔ اس نے مسلمانوں کو
وہی حکم دیا ہے جو رسولوں کو حکم دیا تھا۔اور فرمایا : ﴿یٰۤاَیُّهَا الرُّسُلُ كُلُوْا مِنَ
الطَّیِّبٰتِ وَ اعْمَلُوْا صَالِحًاؕ-اِنِّیْ بِمَا تَعْمَلُوْنَ عَلِیْمٌؕ(۵۱)﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے رسولو!پاکیزہ چیزیں کھاؤ اور اچھا
کام کرو، بیشک میں تمہارے کاموں کو جانتا ہوں ۔ (پ18،المؤمنون:51)پھرنبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک ایسے شخص
کا ذکر کیا فرمایا جو لمبا سفر کرتا ہے اس کے بال غبار آلود ہیں وہ آسمان کی طرف
ہاتھ اٹھاتا ہے اور کہتا ہے۔ یارب ! یا رب ! اور اس کا کھانا پینا حرام ہو اس کا
لباس حرام ہے۔ اس کی غذا حرام ہو کو اس کی دوا سے کہاں قبول ہوگی۔ (مسلم، کتاب
الزکاۃ باب قبول الصدقة من الكسب الطيب ،ص 506،حدیث : 1015)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ حرام کمانے اور کھانے والی کی دعا
قبول نہیں ہوتی اور جو شخص اپنی کمائی و کھانے کو حلال رکھتا ہے۔ وہ مُستَجابُ
الدَّعْوات بن جاتا ہے۔ چنانچہ تاجدارِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
حضرت سعد رضی اللہُ عنہ سے ارشاد فرمایا : اے سعد ! اپنی غذا پاک کر لو! مُستَجابُ
الدَّعْوات ہو جاؤ گے ، اس ذاتِ پاک کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں محمد(صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) کی جان ہے ! بندہ حرام کا لقمہ اپنے پیٹ میں ڈالتا ہے تو اس
کے 40دن کے عمل قبول نہیں ہوتے اور جس بندے کا گوشت حرام سے پلا بڑھا ہواس کے لئے
آگ زیادہ بہتر ہے ۔ ( معجم الاوسط، من اسمه : محمد، 5 / 34، حدیث : 6495)
اس حدیث سے ہمیں معلوم ہوا کہ جو اپنی غذا کو پاک کر لیتا ہے
وہ مستجاب الدَّعْوات بن جاتا ہے اور حرام کا ایک لقمہ کھانے سے بندے کے چالیس دن
کے اعمال قبول نہیں ہوتے۔
ایک اور حدیث پاک میں حرام کھانے والے کا نہ نفل قبول ہے
اور نہ ہی فرض۔ چنانچہ ارشاد فرمایا : بیت المقدس پر اللہ پاک کا ایک فرشتہ ہے جو
ہر رات ندا دیتا ہے کہ جس نے حرام کھایا اس کے نہ نفل قبول ہیں نہ فرض ۔( الكبائر
للذهبي، الكبيرة الثامنۃ والعشرون،ص134)
اسی طرح ایک اور روایت میں ارشاد فرمایا: جس شخص نے دس درہم
میں کپڑا خریدا اور اس کی قیمت میں ایک درہم حرام کا ہے تو جب تک وہ کپڑا اس (کے
جسم) پر ہو گا اللہ پاک اس کی نماز قبول نہیں فرمائے گا۔(المسند للامام احمد بن
حنبل، مسند عبد الله بن عمر ، 2/417،حدیث:5736)
حضرت ابوبکر صدیق
رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
ارشاد فرمایا: ہر وہ جسم جو حرام سے پلا بڑھا ہو تو آگ اس سے بہت قریب ہوگی۔(شعب
الایمان التاسع والثلاثون من شعب الایمان،5/56،حدیث:5759)
30 بار زنا کرنے سے زیادہ برا ہے: رسولُ اللہ صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سود کا ایک درہم اللہ پاک کے نزدیک حالتِ اسلام میں
30 بار زنا کرنے سے زیادہ برا ہے۔ (سنن الدار قطنی کتاب البیوع ،3/19، حدیث :2821)
کوئی صدقہ قبول نہیں : رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم نے ارشاد فرمایا: حرام مال کا کوئی صدقہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ (مسلم ،ص 115
،حدیث :224)
جہنمی شخص ہے :
رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: رشوت لینے والا اور دینے
والا جہنمی شخص ہیں ۔( معجم الاوسط ،1/550، حدیث: 2026)
ایک اور جگہ اسی طرح و رشوت کی مذمت پر ارشاد فرمایا: رشوت
لینے والے اور دینے والے پر رسولُ اللہ نے لعنت بھیجی ہے۔ (ابو داؤد ، 3/420،
حدیث: 3580)
حلال و حرام سے متعلق صحابہ کی احتیاطیں!
خلیفۂ اول امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا ابوبکر صدیق رضی
اللہُ عنہ نے اپنے غلام کی کمائی سے دودھ نوش فرمایا(یا کوئی چیز کھائی)،پھر غلام
سے اس کے متعلق پوچھا تو اس نے عرض کی :’’میں نے ایک قوم کے لئے کہانت کی تھی (
یعنی فال کھولی تھی)تو انہوں نے بطورِ اجرت مجھے یہ دودھ دیا۔‘‘ یہ سن کر آپ رضی
اللہُ عنہ نے اپنی انگلی منہ میں ڈال کر قے کردی۔ راوی کہتے ہیں: آپ رضی اللہُ عنہ
نے اتنی شدت سے قے کی کہ میں سمجھا آپ کی جان نکل جائے گی۔ پھر آپ نے بارگاہِ
الٰہی میں عرض کی:’’ اے اللہ پاک !جو کچھ رگوں نے روک لیا اور آنتوں میں مل گیا
میں اس سے تیری بارگاہ میں معذور ہوں۔‘‘(صحیح بخاری کتاب مناقب، الانصار باب ایام
الجاهليہ : 2/571، حدیث: 3842)
ایک بار امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رضی
اللہُ عنہ نے غلطی سے صدقہ کی اونٹنی کا دودھ پی لیا تو(معلوم ہونے پر)انگلی ڈال
کر زبردستی قے کردی۔
قارئینِ کرام! جیسا کہ آپ نے ابھی حرام مال کمانے و کھانے
کی مذمت پر احادیث طیبہ کا مطالعہ کیا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حرام کھانے و کمانے
پر کتنی سخت وعیدات وارد ہیں ۔ کہ جو بندہ حرام کماتا و کھاتا ہے اس کی دعا قبول
نہیں ہوتی اس کی نفل و فرض حتی کہ کوئی بھی دعا قبول نہیں ہوتی ۔ اس کا دیا ہوا
صدقہ قبول نہیں ہوتا ۔ ایک حرام کا لقمہ کھانے سے 40 دن کے اعمال قبول نہیں ہوتے،
حرام خور شخص کے آگ زیادہ قریب ہے۔ حرام خور شخص پر رسولُ اللہ کی لعنت ہے ۔
قارئینِ کرام! ہمیں ان وعیدات کو پڑھ و سن کر ڈر جانا چاہیے
اور اگر ہمارے مال میں کسی بھی طرح حرام مال شامل ہو رہا ہے تو اللہ کے حضور سچی
توبہ کیجئے اور آئند اپنے مال کو پاکیزہ و طیب بنائیں۔
دعا ہے کہ اللہ کریم ہمیں رزقِ حلال کمانے اور حلال و طیب
کھانے اور رزقِ حرام سے بچنے کی توفیق عطا فر مائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ
الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
محمد شہیر قریشی(درجہ ثالثہ
جامعۃُ المدینہ فیضانِ حسن و جمالِ مصطفیٰ لانڈھی کراچی ، پاکستان)
اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ اسلام زندگی کے ہر پہلو پر
ہماری رہنمائی کرتا ہے ۔ چاہے عبادات کا معاملہ ہو یا معاملات کا ۔ الغرض کوئی بھی
پہلو ہو قراٰن و حدیث ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ وہی ایک چیز حلال کمانا اور حرام سے
بچنا بھی ہے۔ چنانچہ الله کریم اپنے پاک کلام میں ارشاد فرماتا ہے : ﴿وَ كُلُوْا مِمَّا رَزَقَكُمُ اللّٰهُ حَلٰلًا طَیِّبًا۪-وَّ اتَّقُوا
اللّٰهَ الَّذِیْۤ اَنْتُمْ بِهٖ مُؤْمِنُوْنَ(۸۸)﴾ترجمہ کنزالایمان: اور کھاؤ جو کچھ تمہیں اللہ نے روزی دی حلال پاکیزہ اور ڈرو
اللہ سے جس پر تمہیں ایمان ہے۔
مذکورہ بالا آیت میں اللہ نے ہمیں حلال اور طبیب کھانے کا
حکم فرمایا اور وہی ہمیں حرام کھانے سے منع فرماتا ہے۔ الله کریم اپنی لاریب کتاب
میں ارشاد فرماتا ہیں: ﴿وَ لَا تَاْكُلُوْۤا اَمْوَالَكُمْ بَیْنَكُمْ
بِالْبَاطِلِ وَ تُدْلُوْا بِهَاۤ اِلَى الْحُكَّامِ لِتَاْكُلُوْا فَرِیْقًا
مِّنْ اَمْوَالِ النَّاسِ بِالْاِثْمِ وَ اَنْتُمْ تَعْلَمُوْنَ۠(۱۸۸) ﴾ ترجمۂ کنزالایمان: اور آپس میں ایک دوسرے کا مال ناحق نہ
کھاؤ اور نہ حاکموں کے پاس ان کا مقدمہ اس لئے پہنچاؤ کہ لوگوں کا کچھ مال ناجائز
طور پر کھالو جان بوجھ کر۔(پ2،البقرۃ:188)
حرام مال کمانے کی مذمت میں احادیث کریمہ ملاحظہ ہو :
اللہ رب العزت نے جس مال کو ہم پر حرام کیا ہے اس میں سے
ایک سود کا مال بھی ہے۔
امام بخاری اپنی صحیح میں سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے
راوی، حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم نے فرمایا : آج رات میں نے دیکھا کہ میرے پاس دو شخص آئے اور مجھے
زمین مقدس (بیت المقدس) میں لے گئے پھر ہم چلے یہاں تک کہ خون کے دریا پر پہنچے،
یہاں ایک شخص کنارہ پر کھڑا ہے جس کے سامنے پتھر پڑے ہوئے ہیں اور ایک شخص بیچ
دریا میں ہے، یہ کنارہ کی طرف بڑھا اور نکلنا چاہتا تھا کہ کنارے والے شخص نے ایک
پتھر ایسے زور سے اُس کے مونھ میں مارا کہ جہاں تھا وہیں پہنچا دیا پھر جتنی بار
وہ نکلنا چاہتا ہے کنارہ والا مونھ میں پتھر مارکر وہیں لوٹا دیتا ہے۔ میں نے اپنے
ساتھیوں سے پوچھا، یہ کون شخص ہے؟ کہا، یہ شخص جو نہر میں ہے، سود خوار ہے۔ (بخاری
شریف، حديث :2085)
اسی طرح اللہ پاک نے سود کو بھی مسلمان پر حرام فرمایا ہے ،
آئیے سود کی مذمت میں پیارے آقا کے فرامین پڑ ھتے ہیں :
(مشکوۃ شریف میں) حضرت حنظلہ غسیل الملائکہ روایت کرتے ہیں
کہ رسولُ الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نے فرمایا: سود کا ایک درہم جس کو جان کر کوئی کھائے وہ چھتیس (36) مرتبہ زنا کرنے
سے بھی سخت ہیں۔ (مشکوۃ المصابيح )
امام احمد و ابن ماجہ ابو ہریرہ رضی اﷲ عنہ سے راوی، کہ
رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نے فرمایا: ''شبِ معراج میرا گزر ایک قوم پر ہوا جس کے پیٹ گھر کی طرح (بڑے بڑے)
ہیں، ان پیٹوں میں سانپ ہیں جو باہر سے دکھائی دیتے ہیں۔ میں نے پوچھا، اے جبرئیل!
یہ کون لوگ ہیں؟ اُنھوں نے کہا، یہ سود خوار ہیں۔
محترم قارئین کرام مسلمان ہونے کے ناتے مذکورہ تمام افعال
سے ہمیں بچنا چاہیے کیونکہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ترجمۂ کنزالعرفان: اے ایمان والو! اسلام میں پورے پورے داخل ہو جاؤ اور
شیطان کے قدموں پر نہ چلو بیشک وہ تمہارا کھلا دشمن ہے۔
محمد حسن رضا عطاری عباسی
(جامعۃُ المدینہ فیضان ابو عطار ماڈل کالونی ملیر کراچی، پاکستان)
پیارے پیارے اسلامی بھائیو! جس طرح کسبِ حلال کے بے شمار
فضائل ہیں ۔ وہیں رزق حرام کمانے اور کھانے پر بہت ہی سخت وعیدیں بھی ہیں۔ بد
قسمتی سے آج کل کسب حلال بہت ہی کم گھروں تک محدود رہ گیا۔
ہر شخص اپنے عہدے کے مطابق اس میں خیانت کر کے اپنی روزی کو
حرام بنا رہا ہے۔ ہمارے مسلمان بھائی بلا ضرورت جھوٹ بول کر معاذ اللہ جھوٹی قسمیں
تک کھا کر اپنا مال فروخت کرتے ہیں ۔ رشوت سود، دھوکہ بازی حتی کہ جس گناہ کا
سہارا لینا پڑ جائے لیتے ہیں اور مال کماتے ہیں۔ غور کریں ! آپ اتنا ہی کھاتے ہیں
جتنی آپ کے پیٹ میں گنجائش ہے۔ آپ اُسی قدر پہنتے ہیں جس قدر آپکی جسامت ہے باقی
آپ کی کمائی آپکے اہل و عیال کھاتے ہیں۔ اور وبال آپ پر آئیگا ۔ لہٰذا ! اپنے جسم
نازک پر رحم کریں ۔ خدارا اسے جہنم کا ایندھن بنبے سے بچائیں ۔ جس نے پیدا کیا ہے
اُسی نے رزق کا بھی وعدہ فرمایا ہے۔ جو کچھ آپ کے نصیب میں ہے آپ کو مل کر رہے گا۔
اب یہ فیصلہ آپ پر ہے کہ اسے کس طرح حاصل کرتے ہیں۔
اس ضمن میں چند فرامین آخری نبی محمد عربی صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم ملاحظہ ہوں :
(1) حضرت ابوہریرہ سے مروی ہے کہ سرکار مدینہ صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : لوگوں پر ایک زمانہ ایسا آئیگا کہ آدمی پر واہ
بھی نہ کرے گا کہ اس چیز کو کہاں سے حاصل کیا ہے ، حلال سے یا حرام سے (صحیح
بخاری)
آہ !حقیقت یہ ہے کہ اب وہ دور آ چکا ہے حلال و حرام میں فرق
نہیں کیا جاتا ہے۔ انسان مال کی محبت میں اندھا ہو چکا ہے اسے بس مال چاہیے۔ چاہے
وہ کسی راستے سے آئے۔ اب اگر کسی سے پوچھا جاتا ہے کہ یہ پیسے کہاں سے ملے؟ تو
جواب میں یہ سننے کو ملتا ہے کے آم کھاؤ گھٹلیاں مت گنو ۔
(2) عبد الله بن
مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سرکار مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: جو بندہ مالِ
حرام حاصل کرتا ہے اگر ا س کو صدقہ کر دے تو مقبول نہیں اور خرچ کرے تو اسکے لیے اُس
میں برکت نہیں اور چھوڑ کر مرے گا تو جہنم میں جانے کا سامان ہے۔ اللہ پاک برائی
سے برائی کو نہیں مٹاتا ہاں نیکی سے برائی کو مٹا دیتا ہے۔ بے شک خبیث کو خبیث
نہیں مٹاتا ۔ (احمد)
(3) حضرت جابر رضی
اللہ سے روایت ہے کہ مدنی تاجدار ہم بے کسوں کے مددگار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : جو گوشت حرام سے
اُگا ہے (یعنی پلا بڑھا)جنت میں داخل نہ ہوگا اور جو گوشت حرام سے اُگا ہے اُس کے
لیے آگ زیادہ بہتر ہے ۔ (دارمی، بیھقی)
(4) پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان
خوشبودار ہے ۔ الله پاک ہے اور پاک ہی کی دوستی رکھتا ہے اور اللہ پاک نے مؤمنین
کو بھی اُسی کا حکم دیا ہے جس کا رسولوں کو حکم دیا۔ اپنے رسولوں سے فرمایا: ﴿یٰۤاَیُّهَا
الرُّسُلُ كُلُوْا مِنَ الطَّیِّبٰتِ وَ اعْمَلُوْا صَالِحًا﴾
ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے رسولو!پاکیزہ چیزیں کھاؤ اور اچھا کام کرو۔ (پ18،المؤمنون:51) اور فرمایا: ﴿یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ
اٰمَنُوْا كُلُوْا مِنْ طَیِّبٰتِ مَا رَزَقْنٰكُمْ ﴾ ترجمۂ کنزالعرفان: اے ایمان والو! ہماری دی ہوئی ستھری
چیزیں کھاؤ ۔ (پ،2 ، البقرۃ:172)پھر نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
ایک ایسے شخص کا ذکر فرمایا جو لمبا سفر کرتا ہے، اس کے بال غبار آلود ہیں ،وہ
آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا کر کہتا ہے :یا رب! یا رب! اور اس کا کھانا پینا حرام ہو،
اس کا لباس حرام ہو، اس کی غذا حرام ہو تو اس کی دعا کہاں قبول ہو گی۔(مسلم، کتاب
الزکاۃ، باب قبول الصدقۃ من الکسب الطیّب وتربیتہا، ص506، حدیث: 1015)
(5) حضرت واثلہ رضی
اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا :جس نے عیب والی چیز کو بیچا اور اُسکے سبب
کو ظاہرہ نہ کیا وہ ہمیشہ اللہ پاک کی ناراضگی میں ہے فرمایا کہ ہمیشہ فرشتے اس پر
لعنت کرتے رہتے ہیں ۔ (ابن ماجہ )
الله پاک سے دعا ہے کہ رزقِ حرام سے بچنے کی توفیق عطا
فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم
جاوید (درجہ دورہ حدیث جامعۃُ
المدینہ فیضان کنزالایمان لیاقت آباد کراچی، پاکستان)
حرام کمانا اور کھانا اللہ پاک کی بارگاہ میں سخت ناپسندیدہ
ہے۔ اور احادیث میں اس کی بڑی سخت وعیدیں بیان کی گئی ہیں۔
تاجدارِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرت سعد
رضی اللہُ عنہ سے ارشاد فرمایا : اے سعد ! اپنی غذا پاک کر لو! مُستَجابُ
الدَّعْوات ہو جاؤ گے ، اس ذاتِ پاک کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں محمد(صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) کی جان ہے ! بندہ حرام کا لقمہ اپنے پیٹ میں ڈالتا ہے تو اس
کے 40دن کے عمل قبول نہیں ہوتے اور جس بندے کا گوشت حرام سے پلا بڑھا ہو اس کے لئے
آگ زیادہ بہتر ہے ۔ (معجم الاوسط، من اسمہ : محمد، 5 / 34، حدیث : 6495)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ سرکارِ دو عالم
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک شخص کا ذکر کیا جو لمبا سفر کرتا ہے اس کے
بال پَرا گندہ اور بدن غُبار آلودہ ہے اور وہ اپنے ہاتھ آسمان کی طرف اُٹھا کر
یارب ! یا رب ! پُکار رہا ہے حالانکہ اُس کا کھانا حرام، پینا حرام، لباس حرام اور
غِذا حرام ہو، پھر اس کی دعا کیسے قبول ہوگی۔ (مسلم، کتاب الزکاۃ، باب قبول الصدقۃ
من الكسب الطبيب و تربيتها ،ص 506،حديث : 1015)
مندرجہ بالا احادیث کی روشنی میں یہ بات اخذ کرنے کو ملتی
ہے کہ حرام کے کمانے والے ، حرام کا لقمہ لینے والے، دونوں جہاں میں رسوائی کا
باعث ہے۔ کیونکہ ایک شخص جس کا ذریعہ معاش حرام کاموں سے ہے وہ کیسے کامیاب ہو
سکتا ہے۔ الله کے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان عالیشان ہے کہ کوئی شخص حرام مال کھائے پھر اسمیں
سے خدا کی راہ میں صدقہ دے تو یہ صدقہ قبول نہیں کیا جائیگا اور اگر اپنی ذات اور
گھر والوں پر خرچ کرے تو برکت سے خالی ہوگا ۔
لہذا جس گھر میں برکت نہیں وہ گھر ناچاقیوں کا شکار ہوگا ۔
وہ گھر سکون اور اطمینان سے خالی ہوگا اور جس گھر میں بے انتہا قیمتی اشیاء موجود
ہو لیکن سکون نہ ہو تو وہ گھر گھر نہیں بلکہ ایک قید خانہ ہوتا ہے۔
رسولُ اللہ صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جس نے پاکیزہ کمائی کھائی، سنت پر عمل
کیا ، لوگوں کو اپنی ایذا رسانی سے محفوظ رکھا ، جنت میں داخل ہوگا ۔(ترمذی)
رسولُ اللہ صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جس کے اندر چار خصلتیں پائی جائیں اسے
اس دنیا سے اٹھ جانے کا کوئی نقصان نہیں ۔(1) امانت کی حفاظت (2) تول کی صداقت (3) حسن اخلاق اور (4) طہارت طعام۔
(مسند امام احمد)
حضور اکرم صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: خدا اس بندے کو پسند کرتا ہے جو ایمان دار
ہو اور کسی ہنر سے روزی کے کماتا ہو ۔ (طبرانی)
محمد اشفاق عطاری(مرکزی جامعۃُالمدینہ
فیضانِ مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور ، پاکستان)
اللہ پاک کا اس بات پر جتنا شکر کیا جائے کم ہے کہ اس نے
ہمیں تمام مخلوقات میں سے افضل مخلوق میں پیدا کیا، تمام ادیان میں سے افضل دین
عطا کیا، تمام انبیا سے افضل نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا امتی ہونے کا
شرف بخشا۔ لیکن اس کے باوجود دورِ حاضر میں ایسے افراد بھی موجود ہیں جو خود کو
عاشق رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور عاشق قراٰن تو کہتے ہیں لیکن فرامین
رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور احکامات قراٰن سے بالکل ناواقف ہیں اور
کچھ تو ایسے ہیں جو احکامات کو جاننے کے باوجود حُبِّ دنیا میں اس قدر مگن ہیں کہ
ربُّ العالمین کی رضا اور ناراضگی کی طرف توجہ ہی نہیں۔یعنی کتنے ہی ایسے لوگ ہیں
جو کہلوانے کو تو مسلمان ہیں لیکن مال جمع کرنے کے چکر میں رشوت خوری، چور بازاری،
سودی کاروبار، ملاوٹ، غریبوں کا حق مارنا، فحاشی پھیلانا وغیرہ گناہوں کے ذریعے
ناجائز اور حرام کمانے میں لگے ہوتے ہیں۔ حالانکہ ان حرام کاموں سے بچنا ضروری ہے
کیونکہ ان کی حرمت دلیلِ قطعی سے ثابت ہے۔ جو اس کا ارتکاب کرے وہ فاسق وفاجر ہے۔
ایسے کام کو کہتے ہیں جس کا ترک کرنا ضروری ہو اور اس کو
کرنا لازماً ممنوع ہو اسے ترک کرنے کا ثبوت بھی قطعی ہو اور اس کی ممانعت کے لزوم
پر دلالت بھی قطعی ہو، اس کا انکار کفر ہو اور اس کام کو کرنے والا عذاب کا مستحق
ہو۔ حرام کا ارتکاب گناہ کبیرہ ہے۔،چنانچہ قراٰنِ مجید کی سورةُ النساء کی آیت
نمبر 29 میں ارشاد باری تعالٰی ہے: ترجمۂ کنز العرفان: اے ایمان والو! باطل طریقے
سے آپس میں ایک دوسرے کے مال نہ کھاؤ البتہ یہ (ہو) کہ تمہاری باہمی رضامندی سے
تجارت ہو اور اپنی جانوں کو قتل نہ کرو۔ بیشک اللہ تم پر مہربان ہے۔
بیشک حرام کمانے اور کھانے سے قراٰن و احادیث میں منع وارد
ہے اور جو حرام کاری کریں انہیں اس سے منع کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ چنانچہ قراٰنِ
مجید میں ارشاد باری تعالٰی ہے:﴿ لَوْ لَا یَنْهٰىهُمُ
الرَّبّٰنِیُّوْنَ وَ الْاَحْبَارُ عَنْ قَوْلِهِمُ الْاِثْمَ وَ اَكْلِهِمُ
السُّحْتَؕ-لَبِئْسَ مَا كَانُوْا یَصْنَعُوْنَ(۶۳)﴾ ترجمۂ کنزالایمان: انہیں کیوں نہیں منع کرتے ان کے پادری
اور درویش گناہ کی بات کہنے اور حرام کھانے سے، بیشک بہت ہی برے کام کر رہے
ہیں۔(پ6،المائدۃ:63)
امام ضحاک رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں : میرے نزدیک اس آیت
سے زیادہ خوف دلانے والی قراٰنِ پاک میں کوئی آیت نہیں، افسوس کہ ہم برائیوں سے
نہیں روکتے ۔ (تفسیر طبری،4/638، المائدۃ، تحت الآیۃ: 63)
اس آیت پر عمل کرتے ہوئے ہمیں بھی حرام کمانے والوں کو منع
کرنا چاہیے۔ یہ نا ہو کہ بروز قیامت ہماری اس بات پہ پکڑ ہو کہ ہم نے انہیں گناہ
کرتے دیکھا اور منع نہ کیا۔
رزقِ حلال کا حصول رب کی اطاعت میں بنیادی حیثیت کا حامل
ہے۔ افسوس کہ آج کل لوگ حلال و حرام کا فرق کرنے میں بہت بے پروا ہوچکے ہیں اور اس
زمانے کے آثار نظر آتے ہیں جسے حدیث پاک میں یوں بیان کیا گیا کہ لوگوں پر ایک
ایسا زمانہ بھی آئے گا جب آدمی یہ پرواہ نہیں کرے گا کہ وہ جو کچھ حاصل کررہا ہے
وہ حلال سے ہے یا حرام سے؟ (بخاری،2/7، حدیث:2059)
سنن ابن ماجہ میں ہے : نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
فرماتے ہیں : سُود تہتر گناہوں کا مجموعہ ہے ، ان میں سب سے ہلکا یہ ہے کہ آدمی
اپنی ماں سے زِنا کرے ۔ (سنن ابن ماجہ، 3/72، حدیث :2274، 2275 مُلْتَقَطاً مِنَ
حدیثیْن)
مسلم شریف کی حدیث میں ہے کہ رسول کریم صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم نے سود دینے والے، لینے والے، اس کے کاغذات تیار کرنے والے اور اس
کے گواہوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ وہ سب گناہ میں برابر ہیں۔(مسلم،کتاب
المساقاۃ والمزارعۃ، باب لعن آکل الربا ومؤکلہ، ص862، حدیث: 1598)
مُسْنَدِ امام احمد بن حَنبل میں ہے : جو شخص جان بوجھ کر سُود
کا ایک درہم کھائے ، تو چھتیس دفعہ زنا کرنے سے زیادہ سخت ہے ۔ (مسند امام احمد بن
حنبل، 8/223، حدیث :22016 دارالفکر بیروت)
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : معراج
کی رات میرا گزر کچھ ایسے لوگوں پر ہوا، جن کے پیٹ مکانوں کی طرح تھے ، ان میں
سانپ تھے ، جو پیٹوں کے باہر سے بھی نظر آتے تھے ۔ میں نے پوچھا کہ اے جبرئیل!
(عَلَیْہِ السَّلَام ) یہ کون لوگ ہیں ؟انہوں نے عرض کی، وہ سُود کھانے والے ہیں ۔
(سنن ابن ماجہ، 3/71، حدیث: 2273دار المعرفۃ بیروت)
فرمان مصطفٰی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم:اس ذات پاک کی
قسم جس کے قبضہ قدرت میں محمد کی جان ہے! بیشک بندہ حرام کا لقمہ اپنے پیٹ میں
ڈالتا ہے تو اس کے چالیس دن کے اعمال قبول نہیں ہوتے اور جس بندے کا گوشت حرام اور
سود سے پلا بڑھا ہو اس کے لیے آگ زیادہ بہتر ہے۔(معجم اوسط، من اسمہ محمد، 5/34
حدیث: 6495)
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جو شخص
حرام کماتا ہے پھر صدقہ کرتا ہے تو اس سے قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس سے خرچ کرے گا
تو اس میں برکت نہیں ہو گی۔ اسے پیچھے چھوڑے گا تو اس کے لیے دوزخ کا زادِ راہ
ہوگا۔(شرح السنہ للبغوی ، 4/205 ،حدیث:2023)
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: حرام
خور کی دعا قبول نہیں ہوتی۔(مسلم، ص393، حدیث:2346)
فرمان مصطفٰی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: حرام مال سے
کیے جانے والے نیک کام بھی قبول نہیں کیے جاتے کیوں کہ اللہ تعالٰی پاک ہے اور پاک
مال ہی قبول فرماتا ہے۔( پراسرار بھیکاری،ص19 مکتبہ المدینہ)
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: رشوت
لینے والا، دینے والا جہنمی ہے۔ (معجم اوسط،1/550، حدیث:2026)
بنی آدم کے پیٹ میں جب حرام کا لقمہ پڑا تو زمین و آسمان کا
ہر فرشتہ اس پر لعنت کرے گا۔ جب تک وہ لقمہ اس کے پیٹ میں رہے گا اور اگر اسی حالت
میں مرے گا تو اس کا ٹھکانا جہنم ہوگا۔(مکاشفةالقلوب،ص 10)
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: رشوت
دینے والے اور لینے والے پر اللہ کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے لعنت
بھیجی ہے۔ (ابوداؤد، 3/420،حدیث:3580)
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: تجارت
میں جھوٹ بولنے والے اور عیب چھپانے والے کے کاروبار سے برکت مٹادی جاتی
ہے۔(بخاری،2/14،حدیث:2082)
مزدور کی مزدوری مارنے والے کے مقابلے میں قیامت کے دن نبی
کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اس مزدور کی حمایت میں ظالم کے خلاف کھڑے ہوں
گے۔(بخاری،2/52،حدیث:2227)
فرمان امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ: حرام مال میں برکت
نہیں ہوتی کسی نا کسی طرح ہاتھ سے نکل ہی جاتا ہے۔(مدنی مذاکرہ۔29 جنوری 2015)
ان فرامین کا بغور مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ جنت کے
طلب گاروں کے لیے رزقِ حلال کمانا اور مالِ حرام سے بچنا کتنا ضروری ہے۔
اللہ پاک سے دعا
کرتے ہیں کہ اللہ پاک ہمیں اور ہماری نسلوں کو رزقِ حلال کمانے کی توفیق عطا
فرمائے اور مالِ حرام سے بچتے رہنے کی طاقت عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ
النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
اکرام نویدعطاری (درجہ سابعہ
جامعۃُ المدینہ فیضان پیرے شاہ غازی جبی جاتلاں کشمیر، پاکستان)
حرام مال کمانے کی مذمت : حرام کمانا اور کھانا اللہ پاک کی بارگاہ میں سخت ناپسندیدہ ہے اور احادیث
میں اس کی بڑی سخت وعیدیں بیان کی گئی ہیں ، ان میں سے 4 احادیث درج ذیل ہیں :
(1) حضرت عبداللہ بن
مسعود رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے ، نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
ارشاد فرمایا : جو بندہ مالِ حرام حاصل کرتا ہے ، اگر اُس کو صدقہ کرے تو مقبول
نہیں اور خرچ کرے تو اُس کے لیے اُس میں برکت نہیں اور اپنے بعد چھوڑ کر مرے تو
جہنم میں جانے کا سامان ہے ۔ اللہ پاک برائی سے برائی کو نہیں مٹاتا، ہاں نیکی سے
برائی کو مٹا دیتا ہے ۔ بے شک خبیث کو خبیث نہیں مٹاتا ۔ (مسند امام احمد، مسند
عبد الله بن مسعود رضی الله عنہ، 2/ 33، حدیث : 3672 )
(2) حضرت ابوبکر
صدیق رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے ، سرورِکائنات صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
ارشاد فرمایا : اللہ پاک نے اُس جسم پر جنت حرام فرما دی ہے جو حرام غذا سے پلا
بڑھا ہو ۔ (کنز العمال، کتاب البیوع، قسم الاقوال، 2/ 8، الجزء الرابع، حدیث:
9257)
(3) تاجدارِ رسالت
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرت سعد رضی اللہُ عنہ سے ارشاد فرمایا : اے
سعد ! اپنی غذا پاک کر لو! مُستَجابُ الدَّعْوات ہو جاؤ گے ، اس ذاتِ پاک کی قسم
جس کے قبضۂ قدرت میں محمد(صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) کی جان ہے ! بندہ حرام
کا لقمہ اپنے پیٹ میں ڈالتا ہے تو اس کے 40دن کے عمل قبول نہیں ہوتے اور جس بندے
کا گوشت حرام سے پلا بڑھا ہو اس کے لئے آگ زیادہ بہتر ہے ۔ (معجم الاوسط، من اسمہ
: محمد، 5 / 34، حدیث : 6495)
(4) حضرت ابوہریرہ
رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں : سرکارِ دوعالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک
شخص کا ذکر کیا جو لمبا سفر کرتا ہے ، اس کے بال پَراگندہ اور بدن غبار آلود ہے
اور وہ اپنے ہاتھ آسمان کی طرف اٹھا کر یا رب! یارب! پکار رہا ہے حالانکہ اس کا
کھانا حرام، پینا حرام، لباس حرام ، اور غذا حرام ہو پھر اس کی دعا کیسے قبول ہو
گی ۔ (مسلم، کتاب الزکاة، باب قبول الصدقة من الکسب الطیب وتربیتها، ص506، حدیث :
1015)
حرام کھانا : اکثر افراد کا معاملہ یہ ہوتا ہے کہ انہیں ا س بات کی کچھ پرواہ نہیں ہوتی
کہ انہوں نے مال کہاں سے کمایا ہے' کن ذرائع سے حاصل کیا ہے' بلکہ ان کی اصل خواہش
یہ ہوتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح زیادہ سے زیادہ مال اکٹھا کیا جائے' چاہے وہ مال
چوری کا ہو' یا رشوت کا ہو' یا کسی کا حق مار کر حاصل کیا گیا ہو' یا سود سے حاصل
ہو' یا یتیم کا مال ہو' یا زکوٰة کی رقم ہویا جھوٹ' فریب اور دھوکے سے حاصل کیا
گیا ہو' وغیرہ۔ حالانکہ اللہ کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ارشاد ہے:
(اِنَّہ لَنْ یَدْخُلَ الْجَنَّةَ لَحْم نَبَتَ مِنْ سُحْتٍ) ترجمہ وہ جسم جنت میں ہرگز داخل نہ ہو گا جو کہ حرام
کمائی سے پروان چڑھا ہو ۔
جس شخص کی کمائی حرام کی ہو اُس کی دعا بھی قبول نہیں ہوتی
: بیت اللہ جیسے بابرکت مقام میں اور حج جیسے عظیم موقع پر ایک شخص خانہ کعبہ کے
پردے پکڑ پکڑ کر ہی کیوں نہ دعا کرے اس کی دعا اُس وقت تک قبول نہ ہو گی جب تک کہ
اس کا رزقِ حلال نہ ہو گا۔ آج کل ہماری دعاؤں کے قبول نہ ہونے کی وجوہات میں ایک
بڑی وجہ رزقِ حلال کا نہ ہونا بھی ہے۔
حلال کھانا اور حرام سے بچنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ اپنے
کاروبار، تجارت اور روزی کو حرام سے بچانا سب پر فرض ہے۔ ایک اور حدیث میں ارشاد
ہے: آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: رزقِ حلال کی تلاش فریضہ
عبادت کے بعد اہم فرض ہے۔ (معجم الکبیر طبرانی)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، حضور اقدس صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی شخص اپنے منہ میں مٹی
ڈال لے تو یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ اپنے منہ میں ایسی چیز ڈالے جسے اللہ پاک نے
حرام کر دیا ہے۔ (شعب الایمان، التاسع والثلاثون من شعب الایمان۔۔۔الخ،فصل فی طیب
المطعم والملبس،5/ 57،حدیث: 5763)
حدیث حضرت ابو ہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، نبی کریم
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: اللہ پاک پاک ہے اور پاک چیز کے
سوا اور کسی چیز کو قبول نہیں فرماتا اور اللہ پاک نے مسلمانوں کو وہی حکم دیا ہے
جو رسولوں کو حکم دیا تھا اور فرمایا۔
حلال رزق پانے اور نیک کاموں کی توفیق ملنے کی دعا: حضرت
حنظلہ رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے، نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا:’’جبریل امین عَلَیْہِ السَّلَام نے مجھ سے عرض کی کہ آپ یہ دو دعائیں
مانگا کریں: ’’اَللّٰہُمَّ ارْزُقْنِیْ طَیِّبًا وَّ اسْتَعْمِلْنِیْ
صَالِحًا‘‘ یعنی اے اللہ !، مجھے پاکیزہ رزق عطا فرما اور مجھے نیک
کام کرنے کی توفیق عطا فرما۔ (نوادر الاصول، الاصل الثانی والستون المائۃ،1 / 639،
حدیث: 8)
اللہ پاک مسلمانوں کو حلال رزق کھانے اور حرام رزق سے بچنے
کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
محمد زین العابدین عطاری(مدرسۃُ
المدینہ جمالدین والی، ضلع رحیم یار خان ، پاکستان)
مالِ حرام کمانے اور کھانے والے کا کوئی عمل اللہ پاک کی
بارگاہ میں قبول نہیں ہوتا اور نہ ہی اسکی دعائیں قبول ہوتی ہیں۔
حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص حرام مال حاصل
کرے گا اور اسے(اپنی ضرورت میں) خرچ کرے گا تو اس میں برکت نہیں ہو گی اور اگر اس
مال سے صدقہ دے گا تو (عند اللہ) قبول نہیں کیا جائے گا اور ترکہ میں اس مال کو
چھوڑ کر مرے گا تو وہ (مال) اس کیلئے جہنم کا توشہ ہو گا۔(مسند احمد،3672)
حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا کہ بغیر پاکیزگی کے نماز قبول نہیں ہوتی اور حرام مال سے صدقہ قبول نہیں
ہوتا (مسلم شریف 535)
حرام کھانے سے بہتر ہے مٹی کھالیں: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ
عنہ سے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے کہ آپ
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ تم میں سے کوئی مٹی لے اور اپنے
منہ میں ڈال لے، یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ ایسی چیز اپنے منہ میں ڈالے جو اللہ پاک
نے حرام کی ہے۔ (مسند احمد،7482)
حرام سے پلا ہوا گوشت: حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم مٹی سے پیٹ بھر لینے کو رزقِ حرام سے پیٹ بھرنے پر ترجیح دے رہے ہیں
،معلوم ہوا کہ رزق حرام سے بچنا مسلمان کیلئے ضروری امر ہے۔
حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا کہ جنت میں وہ گوشت اور خون داخل نہیں ہو گا جو حرام سے پلا ہو، اس کیلئے
تو دوزخ ہی مناسب ہے۔ (ترمذی شریف 614)
حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا کہ لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آنے والا ہے کہ آدمی کو اس کی پرواہ نہیں ہو
گی کہ روزی حلال طریقے سے کمائی ہے یا حرام سے۔ (بخاری شریف ، 2059)
قیامت کے دن چار چیزوں کے بارے میں پوچھ گچھ: حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا کہ قیامت کے دن بندے کے قدم (اپنی جگہ سے ) نہیں ہٹ سکتے، جب تک چار چیزوں
کے متعلق پوچھ گچھ نہ ہو جائے: (1)عمر کہاں گنوائی،(2) جوانی کہاں برباد کی،(3)مال
کو کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا۔۴(4)اور جو علم سیکھا تھا اس پر کیا عمل کیا۔(شعب الایمان1785)
رزق حرام کی آخرت میں سزا:حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی کریم صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ جو جسم
حرام سے پرورش پایا ہو وہ جنت میں نہ جا سکے گا اور اس جسم کیلئے دوزخ زیادہ لائق
ہے۔(مسند احمد 1448)
دعا ہے کہ اللہ کریم ہمیں رزقِ حلال کمانے اور حلال و طیب
کھانے اور رزقِ حرام سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے، اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ
الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
اشتیاق احمد عطاری (درجۂ
ثالثہ جامعۃُ المدینہ فیضان فاروق اعظم سادھوکی لاہور، پاکستان)
موجودہ دور میں اسلامی تعلیمات پر عمل کمزور ہونے کی وجہ سے
بہت سے ایسے اعمال کا ارتکاب کیا جاتا ہے جو شرعاً ممنوع ہیں انہیں میں سے ایک
حرام مال کمانا اور کھانا بھی ہے قراٰن و احادیثِ کریمہ میں اس کی شدید مذمت بیان
کی گئی ہے چنانچہ آپ بھی 5 احادیث پڑھیے اور لرزئیے!
(1) نفل اور فرض قبول نہ ہونا: حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: بیت
المقدس پر اللہ پاک کا ایک فرشتہ ہے جو ہر رات ندا دیتا ہے کہ جس نے حرام کھایا اس
کے نہ نفل قبول ہیں نہ فرض ۔(الکبائر للذھبی،الکبیرتہ الثامنتہ والعشرون،ص134)
(2) دعا قبول نہ ہو گی: جب حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے دنیا پر مر مٹنے والے کا ذکر کیا
تو ارشاد فرمایا: بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ بکھرے بال، گرد آلود چہرے اور سفر کی
مشقت برداشت کرنے والا شخص اپنے ہاتھ اٹھاتا ہے اور دعا کرتا ہے: اے میرے رب! اے
میرے رب! اس کی دعا کیسے قبول کی جائے گی؟ جبکہ اس کا کھانا حرام، لباس حرام اور
غذا حرام ہے۔(صحیح مسلم،کتاب الزکات،باب قبول الصدقت من الکسب الطیب وتربیتھا
،حدیث:1015، ص506 ،بتغیرقلیل)
(3) تمام مال جہنم میں پھینک دیا جائے گا:اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم نے فرمایا: جس نے کسی گناہ کے ذریعے مال حاصل کیا پھر اس سے صلہ رحمی کی یا
صدقہ کیا یا راہ خدا میں خرچ کیا تو اللہ پاک اس تمام مال کو جمع کر کے جہنم میں
پھینک دے گا۔(الزھد لابن المبارک،باب فی طلب الحلال،حدیث: 625، ص221)
(4)زنا سے بدتر: حضور نبی رحمت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: سود کا ایک
درہم اللہ پاک کے نزدیک حالت اسلام میں (30) بار زنا کرنے سے زیادہ برا ہے۔( سنن
الدارقطنی،کتاب البیوع،3/19، حدیث:2821)
(5) نماز قبول نہ ہوگی: حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا :جس شخص نے دس
درہم میں کپڑا خریدا اور اس کی قیمت میں ایک درہم حرام کا ہو تو جب تک وہ کپڑا اس(
کے جسم) پر ہوگا اللہ پاک اس کی نماز قبول نہیں فرمائے گا۔(المسند للامام احمد بن
حنبل،مسند عبداللہ بن عمر،2/417، حدیث:5736)
اللہ پاک ہمیں حرام کمانے اور کھانے سے بچنے کی توفیق عطا
فرمائے۔ (اٰمین بجاہ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم)
تنویر احمد عطاری ( جامعۃ
المدینہ فیضان فاروق اعظم سادھوکی لاہور،پاکستان)
اللہ پاک نے اپنے رسولوں علیہمُ السّلام کو پاکیزہ اور حلال چیزیں کھانے کا حکم دیا اور
قرآنِ مجید میں دوسرے مقام پر یہی حکم اللہ پاک نے ایمان والوں کو بھی دیا ہے، اس
مناسبت سے یہاں پاکیزہ و حلال چیزیں کھانے کی ترغیب اور ناپاک و حرام اَشیاء کو
کمانے اور کھانے کی مذمت پر مشتمل اَحادیث ملاحظہ ہوں۔
(1) حضرت ابو سعید
خدری رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، نبی کریم صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جو شخص پاکیزہ (یعنی حلال) چیز
کھائے اور سنت کے مطابق عمل کرے اور لوگ اس کے شر سے محفوظ رہیں تو وہ جنت میں
داخل ہو گا۔ (ترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ والرقائق والورع، 4 / 233، حدیث: 2528)
(2) حضرت ابو بکر
صدیق رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، رسول کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
ارشاد فرمایا: ہر وہ جسم جو حرام سے پلا بڑھا تو آگ اس سے بہت قریب ہوگی۔(شعب
الایمان، التاسع والثلاثون من شعب الایمان۔۔۔الخ، فصل فی طیب المطعم والملبس،5/
56،حدیث:5759)
(3) حضرت ابو ہریرہ
رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، حضور اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا: تم میں سے کوئی شخص اپنے منہ میں مٹی ڈال لے تو یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ
اپنے منہ میں ایسی چیز ڈالے جسے اللہ پاک نے حرام کر دیا ہے۔ (شعب الایمان، التاسع
والثلاثون من شعب الایمان۔۔۔الخ،فصل فی طیب المطعم والملبس،5/ 57،حدیث: 5763)
(4) ابن خزیمہ و ابن
حبان و حاکم ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے راوی، کہ حضور (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم) نے فرمایا: جس نے حرام مال جمع کیا پھر اُسے صدقہ کیا تو اُس میں اُس کے
لیے کچھ ثواب نہیں ، بلکہ گناہ ہے۔
(5)امام احمد و
دارمی و بیہقی جابر رضی اللہ عنہ سے راوی، حضور (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم)
نے فرمایا: جو گوشت حرام سے اُوگا ہے جنت میں داخل نہ ہوگا (یعنی ابتداءً) اور جو
گوشت حرام سے اُوگا ہے، اُس کے لیے آگ زیادہ بہتر ہے۔
(6) امام احمد
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے راوی، رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نے فرمایا: جو بندہ مالِ حرام حاصل کرتا ہے، اگر اُس کو صدقہ کرے تو مقبول نہیں اور
خرچ کرے تو اُس کے لیے اُس میں برکت نہیں اور اپنے بعد چھوڑ مرے تو جہنم کو جانے
کا سامان ہے (یعنی مال کی تین حالتیں ہیں اور حرام مال کی تینوں حالتیں خراب) اللہ
تعا لٰی برائی سے برائی کو نہیں مٹاتا، ہاں نیکی سے برائی کو محو فرماتا ہے،بے شک
خبیث کو خبیث نہیں مٹاتا۔
(7) حضرت ابو ہریرہ
رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا: اللہ پاک پاک ہے اور پاک چیز کے سوا اور کسی چیز کو قبول نہیں فرماتا اور
اللہ پاک نے مسلمانوں کو وہی حکم دیا ہے جو رسولوں کو حکم دیا تھا اور فرمایا: ﴿یٰۤاَیُّهَا
الرُّسُلُ كُلُوْا مِنَ الطَّیِّبٰتِ وَ اعْمَلُوْا صَالِحًاؕ-اِنِّیْ بِمَا
تَعْمَلُوْنَ عَلِیْمٌؕ(۵۱)﴾ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے رسولو!پاکیزہ چیزیں کھاؤ اور اچھا کام کرو، بیشک میں تمہارے
کاموں کو جانتا ہوں۔ (پ18،المؤمنون: 51) اور
فرمایا: ﴿یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا كُلُوْا مِنْ طَیِّبٰتِ مَا رَزَقْنٰكُمْ
﴾ ترجمۂ کنزالعرفان:
اے ایمان والو! ہماری دی ہوئی ستھری چیزیں کھاؤ ۔ (پ،2 ، البقرۃ:172)پھر نبی کریم
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک ایسے شخص کا ذکر فرمایا جو لمبا سفر کرتا
ہے، اس کے بال غبار آلود ہیں ،وہ آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا کر کہتا ہے :یا رب! یا
رب! اور اس کا کھانا پینا حرام ہو، اس کا لباس حرام ہو، اس کی غذا حرام ہو تو اس
کی دعا کہاں قبول ہو گی۔(مسلم، کتاب الزکاۃ، باب قبول الصدقۃ من الکسب الطیّب
وتربیتہا، ص506، حدیث: 1015)
اللہ پاک مسلمانوں کو حلال رزق کھانے اور حرام رزق سے بچنے
کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
حلال رزق پانے اور نیک کاموں کی توفیق ملنے کی دعا: حضرت
حنظلہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے، نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا:جبریل علیہ السّلام نے مجھ سے
عرض کی کہ آپ یہ دو دعائیں مانگا کریں: ’’اَللّٰہُمَّ ارْزُقْنِیْ
طَیِّبًا وَّ اسْتَعْمِلْنِیْ صَالِحًا‘‘ یعنی
اے اللہ !، مجھے پاکیزہ رزق عطا فرما اور مجھے نیک کام کرنے کی توفیق عطا فرما۔
(نوادر الاصول، الاصل الثانی والستون المائۃ،1 / 639، حدیث: 896)