محمد زین العابدین عطاری(مدرسۃُ
المدینہ جمالدین والی، ضلع رحیم یار خان ، پاکستان)
مالِ حرام کمانے اور کھانے والے کا کوئی عمل اللہ پاک کی
بارگاہ میں قبول نہیں ہوتا اور نہ ہی اسکی دعائیں قبول ہوتی ہیں۔
حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور
نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص حرام مال حاصل
کرے گا اور اسے(اپنی ضرورت میں) خرچ کرے گا تو اس میں برکت نہیں ہو گی اور اگر اس
مال سے صدقہ دے گا تو (عند اللہ) قبول نہیں کیا جائے گا اور ترکہ میں اس مال کو
چھوڑ کر مرے گا تو وہ (مال) اس کیلئے جہنم کا توشہ ہو گا۔(مسند احمد،3672)
حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا کہ بغیر پاکیزگی کے نماز قبول نہیں ہوتی اور حرام مال سے صدقہ قبول نہیں
ہوتا (مسلم شریف 535)
حرام کھانے سے بہتر ہے مٹی کھالیں: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ
عنہ سے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے کہ آپ
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا کہ تم میں سے کوئی مٹی لے اور اپنے
منہ میں ڈال لے، یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ ایسی چیز اپنے منہ میں ڈالے جو اللہ پاک
نے حرام کی ہے۔ (مسند احمد،7482)
حرام سے پلا ہوا گوشت: حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم مٹی سے پیٹ بھر لینے کو رزقِ حرام سے پیٹ بھرنے پر ترجیح دے رہے ہیں
،معلوم ہوا کہ رزق حرام سے بچنا مسلمان کیلئے ضروری امر ہے۔
حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا کہ جنت میں وہ گوشت اور خون داخل نہیں ہو گا جو حرام سے پلا ہو، اس کیلئے
تو دوزخ ہی مناسب ہے۔ (ترمذی شریف 614)
حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا کہ لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آنے والا ہے کہ آدمی کو اس کی پرواہ نہیں ہو
گی کہ روزی حلال طریقے سے کمائی ہے یا حرام سے۔ (بخاری شریف ، 2059)
قیامت کے دن چار چیزوں کے بارے میں پوچھ گچھ: حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد
فرمایا کہ قیامت کے دن بندے کے قدم (اپنی جگہ سے ) نہیں ہٹ سکتے، جب تک چار چیزوں
کے متعلق پوچھ گچھ نہ ہو جائے: (1)عمر کہاں گنوائی،(2) جوانی کہاں برباد کی،(3)مال
کو کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا۔۴(4)اور جو علم سیکھا تھا اس پر کیا عمل کیا۔(شعب الایمان1785)
رزق حرام کی آخرت میں سزا:حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی کریم صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ جو جسم
حرام سے پرورش پایا ہو وہ جنت میں نہ جا سکے گا اور اس جسم کیلئے دوزخ زیادہ لائق
ہے۔(مسند احمد 1448)
دعا ہے کہ اللہ کریم ہمیں رزقِ حلال کمانے اور حلال و طیب
کھانے اور رزقِ حرام سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے، اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ
الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم