دینِ اسلام کو فروغ دینے، لوگوں کو دینِ متین کی طرف راغب کرنے اور انہیں دینِ اسلام کی باتیں بتانے کے لئے  عالمی سطح کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہر ہفتے کی شب مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

اسی سلسلے میں 17 مئی 2025ء بمطابق 20 ذیقعدہ 1446ھ کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل کثیر اسلامی بھائیوں و اسلامی بہنوں کی شرکت ہوئی۔

مدنی مذاکرے کی ابتدا میں تلاوتِ قراٰن کی گئی اور نعت خواں حضرات نے حضور خاتم النبیین، حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہِ اقدس میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔

بعدازاں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال:کیا اللہ پاک کا نام زیادہ پڑھنے(یعنی کوئی خاص وظیفہ کرنے) سے بندے پر کوئی اثر ہو جاتا ہے ؟

جواب:بعض اسمائے کرام کی تاثیرات ہوتی ہیں ۔بعض وظائف جلالی جمالی بھی ہوتے ہیں ۔اس لئے لمبے وظائف پڑھنے سے پہلے کسی صاحبِ اجازت کی اجازت سے بلکہ ان کی نگرانی میں پڑھے جائیں ورنہ چوٹ لگ سکتی ہے ۔بعض اوقات اس وظیفے میں پڑھنے والے کی غلطی سے بھی نقصان ہوتا ہے۔ایک شخص دلائل الخیرات پڑھتے تھے انہوں نے مجھے بتایا کہ اس کے پڑھنے سے میرے منہ میں چھالے ہو جاتے ہیں ،میں نے انہیں کہا کہ آپ نہ پڑھا کریں کیونکہ مجھے اندازہ تھا کہ ان کے مخارج درست نہیں ہوں گے اور یہ درست پڑھ نہیں پاتے ہوں گے، انہوں نے پڑھنا بند کیا تو چھالے درست ہو گئے ۔ مخارج درست نہ ہونے کی وجہ سے معنی بدل جاتے ہیں ۔فیضانِ نماز کورس کرلیں،اپنی نماز سنا کر غلطیاں ہوں تو درست کر لیں ۔

سوال:ہماری زبان میں تاثیر کیسے پیدا ہو کہ ہم کسی کو نیکی کی دعوت دیں تو وہ عمل کرنے والا بن جائے ؟

جواب:عمل سے تاثیر ہوتی ہے، خود باعمل ہو گا تو اثر ہو گا ۔بعض مرتبہ بات بالکل درست ہوتی ہے مگر بولنے کا انداز درست نہیں ہوتا۔ لہجہ کاٹ کھانے والا ہوتا ہے اس لئے اثر نہیں ہوتا ۔دِھیمی و نرم آواز ،اچھے اور پیار بھرے انداز میں نیکی کی دعوت دی جائے ۔قول ہے کہ سلام کرو، مسکرا کر ہاتھ ملاؤ اور دل میں اُتر جاؤ۔ غلط انداز اختیار کرو گے تو دل سے اُتر جاؤ گے ۔

سوال:آج کل کچھ لوگ دِین کے معاملے میں بے باک ہوتے نظرآتے ہیں، اس کی وجہ کیا ہے ؟

جواب:دِین کے معاملے میں بے باکی خطرناک ہے ۔بے باکی کی وجہ یہ ہے کہ نیک صحبتیں نہیں ہیں ،دینی معلومات نہیں ہیں ،جو دینی معلومات فراہم کرتے ہیں ان سے نفرت کی جاتی ہے ۔نَعُوذُبِاللہِ مِنْ ذَالِک (ہم اس سے اللہ پاک کی پناہ مانگتے ہیں )ایسی سوچ نہیں ہونی چاہیئے ۔اللہ پاک نے ہمیں دعوتِ اسلامی جیسی بہت بڑی نعمت دی ہے ،یہ دنیا کے بہت ممالک میں اچھا دینی ماحول فراہم کر رہی ہے، دین اور سنتیں سکھارہی ہے ،اللہ پاک کی بارگاہ سے بچھڑے ہوؤں کو اللہ پاک کی بارگاہ میں لا رہی ہے ،ان کے ساتھ آپ بھی شامل ہو جائیں ۔اپنی آخرت بنائیں اور اپنا ایمان بچائیں ۔دعوتِ اسلامی والوں کی صحبت میں رہیں گے تو ایمان کی حفاظت کا سامان ہو گا، گناہوں کی پہچان ہو گی ،نمازوں اور نیکیوں کا شوق بڑھے گا ۔دعوتِ اسلامی سے وابستہ ہونے کے لئے کوئی ممبر شب نہیں اور نہ ہی کوئی داخلہ فیس ہے، ہمت کریں! دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کیا کریں ۔سنتیں سیکھنے سکھانے کے قافلوں میں سفر کریں ۔نیک اعمال کے رسالے پر عمل کریں ۔اسلامی بھائیوں کے لئے 72اوراسلامی بہنوں کے لئے 63 نیک اعمال ہیں ۔بس دعوتِ اسلامی سے منسلک ہو جائیں ،پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پیچھے پیچھے جنت میں جانا بھی ہے اور دوسروں کو بھی لے کر جانا ہے ۔ان شآء اللہ الکریم

سوال:21 ذیقعدہ رکنِ شوریٰ حاجی زم زم عطاری رحمۃ اللہ علیہ کا یومِ وفات ہے ،آپ نے انہیں نیک اعمال پر عمل کرنے میں کیساپایا ؟

جواب:حاجی زم زم عطاری کا جواب نہیں۔ ایسے سعادت مند، شریف النفس انسان کم دیکھے ہیں ۔یہ اطاعت گزار اور دیوانے تھے ،یہ حیدر آباد(سندھ) میں رہتے تھے مگر چھٹی والے دن میرے پاس کراچی آ جاتے تھے۔ میں انہیں قریب سے دیکھتا تھا، بہت پیارے انسان تھے، مَیں ان سے متاثر تھا۔وفات پانے کے بعد مجھے ان کی بہت کمی محسوس ہوئی۔ان کے ملنے کا انداز، انفرادی کوشش، نمازوں اور شریعت کی پابندی ،ان میں کافی اچھی اچھی باتیں دیکھیں ۔ پہلے نیک اعمال رسالے کا نام مدنی انعامات تھا، جب ان کا آغاز کیا تو اسلامی بھائی اسے زیادہ قبول نہیں کر پا رہے تھے ،ایسے حالات ہوئے کہ مَیں دل برداشتہ ہو گیا ،انہوں نے مجھےڈھا رس دی کہ ہم اس کو چلائیں گے اور مل کر نفاذ کریں گے ۔پھر میرا حوصلہ بڑھا اور انہوں نے بہت ساتھ دیا ۔مَیں نے انہیں تاجدارِ مدنی انعامات کا لقب دیا ۔اب مدنی انعامات نہیں کہا جاتا بلکہ ”نیک اعمال“کہا جاتا ہے تو اب ان کا لقب بھی تاجدار ِنیک اعمال ہو گیا ۔انہوں نے کئی رسائل مرتب کئے ، مگر ان کا نام رسالوں میں نہیں ملے گا۔ المدینۃ العلمیہ(Islamic Research Center) میں ان کا بہت آنا جانا ہوتا تھا۔ رسائل لکھتے تھے، لکھواتے تھے ۔اللہ پاک انہیں غریق ِرحمت فرمائے اور ہمیں بھی اچھی عادات و اطوار نصیب فرمائے۔

سوال:”جن باتوں پر جھگڑا کر کے لوگ منوں مٹی تلے سو جاتے ہیں انہی باتوں پر ہلکی سی مٹی ڈال کر دنیا میں پُرسکون زندگی گزاری جا سکتی ہے“ ا س بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:بہت پیاری سوچ ہے، اگر لوگ درگزر سے کام لیتے،نظرانداز(Ignore) کرتے توسکون بھری زندگی گزارتے ۔ہمیں اپنا دل سمندر کی طرح رکھنا چاہیئے، سمندر میں ہر طرح کا پانی آتا ہے وہ سب کو اپنے اندر لے لیتاہے اور اپنے رنگ میں رنگ لیتا ہے ۔اسی طرح ہمیں بھی ہونا چاہیئے اور ٹینشن فری رہنا چاہیئے۔

سوال:بچوں کو کس طرح سمجھایا جائے ؟

جواب:بچوں کو بار بار ڈانٹنے، جھاڑنے سے وہ باغی ہو جاتے ہیں ،پھر وہ ماں باپ کی ڈانٹ ڈپٹ کا اثرنہیں لیتے اور نافرمانی کرتے رہتے ہیں ۔ایک بار ڈانٹیں، حکمت ِعملی اختیار کریں اور اس طرح سزا دیں کہ اسے سال / 6 مہینے تک یاد رہے ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”تفسیر نورُ العرفان سے 85 مدنی پھول (قسط 04) پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”تفسیر نورُ العرفان سے 85 مدنی پھول (قسط 04) پڑھ یا سُن لے، اُسے دنیا و آخرت کی بھلائیاں دے اور اُس کی ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

دائمی قبض ختم ہو ان شاء الله الكریم

(مردوعورت دونوں کے لئے)

سوال: دائمی قبض کا علاج کیا ہے ؟

جواب:روزانہ سوتے وقت شہد اور کسٹر آئل (ایک ایک ٹی اسپون ) گرم دودھ کے گلاس یا کپ میں ملا کر پی لیجئے۔ (اگر مرض زیادہ ہو تو دو وقت یعنی صبح اور رات بھی لے سکتے ہیں) ان شاء اللہ الکریم شفا مل جائے گی۔

مدت : شفا ملنے تک (ضرورتاً تین ماہ مسلسل بھی لے لیں تو حرج نہیں)۔

مشورہ: ایک ٹی اسپون بادام کا تیل شامل کر لیں تو ان شاء اللہ الکریم فائدہ بڑھ جائے گا۔

سہولت: ہر موسم میں لے سکتے ہیں۔

بچہ:5 سال سے 10 سال تک کے بچوں کو آدھی اور 5 سال تک کے بچوں کو چوتھائی خوراک دیجئے 5 سال سے نیچے والوں کو آٹھواں حصہ دیجئے مگر بہت چھوٹے بچوں کو یہ علاج نہ دیجئے۔

تاکید:شوگر والے ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کریں۔

( ہر علاج طبیب کے مشورے سے کیجئے)

صلوا على الحبيب صلی اللہ علی محمد

اسلامک ریسرچ سینٹر (المدینۃ العلمیۃ) کا ایک ذیلی شعبہ ”شعبہ ہفتہ وار رسالہ“ بھی ہے جو علمی و تحقیقی انداز میں اور خوب محنت و لگن سے ہفتہ وار رسائل تیار کرتا ہے جسے ہر ہفتے مدنی مذاکرے میں پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی جاتی ہے۔

اسی شعبے نے اپنی محنت و کوشش سےقرآن پاک کی تفسیر کی کتاب ”تفسیر نور العرفان“ سے چند مدنی پھول اخذ کرکے ایک رسالہ بنام تفسیر نورُ العرفان سے 85 مدنی پھول(قسط 04)تیار کیا ہے۔ امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے اس رسالے کو پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ تفسیر نورُ العرفان سے 85 مدنی پھول (قسط 04)پڑھ یا سُن لے اُسےدنیا و آخرت کی بھلائیاں دے اور اس کی ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب مغفرت فرما۔ اٰمین

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہر ہفتے  ہونے والا مدنی مذاکرہ علمِ دین سیکھنے اور معاشرتی معاملات کے بارے میں آگاہی کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

معلومات کے مطابق 10 مئی 2025ء بروز ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کےعلاقوں سے آئے ہوئے عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ بیرونِ ملک و بیرونِ شہر کے عاشقانِ رسول نے مدنی چینل کے ذریعے شرکت کی۔

تلاوت و نعت سے شروع ہونے والے مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازا اور اُن کے سوالات کے جوابات دیئے جن میں سے چند درج ذیل ہیں:

سوال:اگرکوئی کام کہے اورہم وہ کام نہ کرناچاہیں تو کس طرح منع کریں کہ اس کا دل بھی نہ دُکھے؟

جواب:ایسے موقع پر محتاط اندازمیں منع کیاجائے کہ اس کی دل آزاری نہ ہو۔اگراس کا وہ حق بھی نہ بنتاہوتو اَب اگروہ ناراض ہوتاہے تو یہ تکلیف دینانہ ہوگا ۔منع کرنے والا گنہگاربھی نہیں ہوگابلکہ ناراض ہونے والا تاذّی یعنی اپنے اوپر تکلیف وناراضی اوڑھ لینے والا ہوگا۔ میرامشورہ ہے کہ اس کام میں کوئی شرعاً اوراخلاقا ً خرابی نہ ہوتو اُس کا دل رکھتے ہوئے اُس کا کام کردیا جائے ، فرائض کے بعد سب سے افضل عمل کسی مسلمان کا دل خوش کرنا ہے ۔اس لئے اس کا کام کرکے دل میں خوشی داخل کرنی چاہیئے ۔

سوال:سنہری جالیوں میں مُواجَھَہ شریف کس طرف ہے؟

جواب:سنہری جالیوں میں بڑےسو راخ اوردوچھوٹے سوراخوں کے درمیان جو جگہ ہے یعنی سُنَہری جالیوں کے دروازۂ مبارَکہ میں چاندی کی کِیلیں جو اوپر کی طرف جانِبِ مشرِق لگی ہوئی ہیں،ا س مقام کو مُواجَھَہ شریف کہاجاتاہے، اس کے سامنے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا چہرہ مبارک ہے ،اس کے سامنے کھڑے ہوکرسلام عرض کیاجائے ۔

سوال: کیابچی کا نام رحیمہ یا کریمہ رکھ سکتے ہیں ؟

جواب:جی !

سوال:ام المؤمنین حضرت بی بی سودہ رضی اللہ عنہا سے نفل حج کرنےکے بارے میں کہا گیا تو آپ نے کیا جواب دیا ؟

جواب:آپ رضی اللہ عنہا نے پردے کی سخت پابندی اورحیاکی وجہ سے فرمایا کہ میں نےفرض حج کرلیا ہے اب میراجنازہ ہی گھرسے باہرآئے گا ۔

سوال:ایک پوسٹ میں لکھا تھا:” جب چاقو،خنجراورتلواربیٹھے سوچ رہے تھے کہ کون زیادہ گہرازخم دیتاہے، تب الفاظ پیچھے بیٹھ کرمسکرارہے تھے“ یعنی الفاظ کے زخم سب سے گہرے ہوتے ہیں،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:یہ بات سمجھنے والی ہے ،تلوارسے دیا گیازخم تو بھرجاتاہےمگرزبان سے دیا گیازخم نہیں بھرتا،کسی کی بات دل پر لگ جاتی ہے یعنی بُرا لگ جاتاہے تو وہ بات جلدجاتی نہیں ۔ہمیں اپنی زبان کی حفاظت کرنی چاہئے ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ” مکۂ مکرمہ کی مساجد “ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یااللہ پاک! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ ” مکۂ مکرمہ کی مساجد “ پڑھ یا سُن لے اُسےحج و عمرہ کی سعادت عنایت فرما اور اُس کو ماں باپ اور سارے خاندان سمیت جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیّینْ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

مکۂ مکرمہ زادھَا اللہُ شرفاً وَّ تعظیماً اور اس کے اطراف کی مساجد کے حوالے سے عاشقانِ رسول کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے 16 صفحات پر مشتمل رسالہ مکۂ مکرمہ کی مساجد پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یااللہ پاک! جو کوئی16 صفحات کا رسالہ مکۂ مکرمہ کی مساجدپڑھ یا سُن لے اُسےحج و عمرہ کی سعادت عنایت فرما اور اُس کو ماں باپ اور سارے خاندان سمیت جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔ اٰمین

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام 03 مئی 2025ء بمطابق 06 ذیقعدہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ بیرونِ شہر و بیرونِ ملک کے اسلامی  بھائیوں نے بذریعہ مدنی چینل و انٹرنیٹ شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قراٰن سے کیا گیا جس کے بعد نعت خواں حضرات نے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

تلاوت و نعت کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازا اور اُن کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض کا خلاصہ یہ ہے:

سوال:کیا حرام کام پر آخرت میں حساب ہے؟

جواب:حرام پر عذاب اور حلال پر حساب ہے ،آخرت میں ہر نعمت کے بارے میں سوال ہو گا۔

سوال:اگر کسی کی دل آزاری کر دی اور بعد میں معافی مانگ لی مگر وہ دلی طور پر راضی نہ ہو تو کیا کِیا جائے ؟

جواب:بعض لوگ بہت حُساس ہوتے ہیں دل سے جلد راضی نہیں ہوتے تو ایسوں کے ساتھ حُسنِ سُلوک کرتے رہیں، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہتری آ جائے گی، کہا جاتا ہے ہر دُکھ کی دوا وقت ہے مثلا ًکسی عزیز کا انتقال ہو جائے تو اس کی جُدائی پر جو دُکھ ہوتاہے وہ وقت کے گزرنے کے ساتھ کم یا ختم ہو جاتا ہے ۔

سوال:حج و عمرہ کے لئے اِحرام اور بیلٹ کیسا لینا چاہیئے ؟

جواب:بہترین اِ حرام لیا جائے، تولئے والا بہتر ہے ۔ بیلٹ ریگزین کا لینے کے بجائے نیلون کا جیب(Pocket) والا لینا اچھا ہے کہ یہ مضبوط ہوتا ہے ۔

سوال:عربی زبان کی کیا فضیلت ہے ؟

جواب:عربی سب سے افضل زبان ہے ،یہ قرآنی زبان ہے ،نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زبان ہے نیز جنّتیوں کی زبان بھی ہے ۔

سوال:نوالہ کیسا ہونا چاہیئے اورکھانے پینے میں مزید کیااحتیاط کی جائے ؟

جواب:کھانے میں چھوٹے چھوٹے نوالے لینے چاہئیں ۔بڑا نوالہ درست انداز سے چبایا نہیں جا سکے گا، ہاضم لعاب مکس(Mix) نہیں ہوسکے گا، کھچڑی بھی کھائیں تو اسے بھی اس انداز سے کھائیں کہ اس میں ہاضم لعاب مکس ہو۔پانی کے گُھونٹ بھی بڑے بڑے نہیں بلکہ پانی چُوس کر پینا چاہیئے ۔ حدیث پاک میں ہے: چُوس چُوس کر پیو، غٹ غٹ کرکے بڑے بڑے گھُونٹ نہ لو کہ اس سے جگر کا مرض ہوتا ہے ۔(جامع الصغیر،1/49،حدیث:710)جُوس اتنا آہستہ پینا چاہیئے جتنی دیراس پھل کوچباکر کھانے میں لگتی ہے۔کھانے پینے کی سنتوں اور آداب کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کے معدے تباہ ہو گئے ہیں ۔اللہ پاک نے کھانے کے لئے جو نعمتیں عطا فرمائی ہیں انہیں نگلنے کے بجائے کھانا چاہیئے ۔پراٹھے اور تَلی ہوئی چیزیں (Fried Items) کھانے سے بچاجائے ۔

سوال:نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کتنے حج ادا فرمائے ہیں ؟

جواب:نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے 3یا 3 سے زیادہ حج ادا فرمائے ہیں ،البتہ حج فرض ہونے کے بعد ایک ہی حج فرمایا ہے جسے حجۃ الوداع کہا جاتا ہے اوریہ حج کی 3 قسموں (حجِ قران ،حج تمتع اور حج اِفراد) میں سے پہلی قسم یعنی حجِ قِران تھا ۔

سوال:دعوت ِاسلامی کے شعبے تحفظِ اوراقِ مقدسہ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:تحفظِ اوراق مقدسہ اُمّت پر دعوتِ اسلامی کا احسان ہے بالخصوص وہ ممالک جہاں اوراقِ مقدسہ کے تحفظ کے لئے کوئی انتظام نہیں ۔اس شعبے میں اچھے خاصے اسلامی بھائی ہیں اور اس شعبے نے کافی ترقی کی ہے ۔

سوال:چُھری کانٹے اور چمچ سے کھانا کیسا؟

جواب:چُھری کانٹے اور چمچ سے کھانا سنت نہیں ۔ہاتھ سے کھانا چاہیئے ، البتہ کوئی غذا ہاتھ سے نہ کھائی جا سکے تو اب ضرور تا ًچمچ استعمال کر سکتے ہیں ۔3 اُنگلیوں سے کھانا انبیائے کرام علیہم السلام کا طریقہ ہے ۔

سوال:بنگلہ دیش میں 30 اپریل،2،1 مئی 2025ء کو ہونے والے سُنّتوں بھرےاجتماع کے مناظردیکھ کر امیرِاہلِ سنت مولانامحمد الیاس عطار قادِری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا فرمایا؟

جواب:الحمدللہ!بہت زبردست اجتماع ہوا ۔تمام اسلامی بھائیوں بالخصوص رکنِ شوریٰ عبدالمبین بھائی کو مبارک ہو۔ اب تھکن اُتارنے کے بجائے دِینی کام بڑھائیے۔ آپ کا کام ختم نہیں بلکہ اب شروع ہوا ہے ۔جن اسلامی بھائیوں نے اس اجتماع میں شرکت کی، ان پر انفرادی کوشش کریں ،انہیں نمازی بنائیں ،دعوت ِاسلامی کے دِینی ماحول سے وابستہ کریں ۔قافلوں کا مسافر بنائیں اور نیک اعمال کا پابند بنانے کی کوشش کریں ۔

سوال:خادمُ النبی کون سے صحابی ہیں ؟

جواب:حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ ۔آپ فر ماتے ہیں : مجھے نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خدمتِ اقدس میں 10 سال رہنے کا شرف حاصل رہا۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مجھے کبھی بھی اُف تک نہیں فرمایا اور نہ کسی کام کے کرنے میں یہ فرمایا کہ تُو نے یہ کام ایسے کیوں کیا؟ اور کبھی کسی کام کے نہ کرنے پر یہ نہ فرمایا کہ تُونے یہ کام کیوں نہیں کیا؟۔(صحیح البخاری ،حدیث :3561)

سوال:سوشل میڈیا کی ایک تحریر میں لکھا تھا :شوگر کی بیماری میٹھا کھانے سے ہوتی ہے ،میٹھا بولنے سے نہیں ،اس پرآپ کیا فرماتے ہیں :

جواب:بات تو بہت مناسب ہے ۔ شوگر کے سبھی مریض میٹھا کھانے سے پرہیز کریں ضروری نہیں مگر میٹھا بولنے سے بہت پرہیزی ہے ۔بعضوں کی عادت ہی تیکھا بولنے کی ہوتی ہے جسے جارحانہ انداز کہتے ہیں ۔جھاڑ کر ،کرخت لہجے میں ہر چھوٹے بڑے سے بات کی جاتی ہے ۔عموما ًگھروں میں یہ ماحول ہوتاہے ، دکانوں میں سیٹھ ملازم کے ساتھ اس طرح کا انداز اپناتا ہے ۔ملازم کو بھی شفقت،محبت اور پیارکی ضرورت ہوتی ہے ۔میٹھا بولنے سے اتنی پرہیزی بھی کیا! جس سے ہم کڑوے اور بداخلاق مشہور ہو جائیں ۔اللہ پاک کی قسم! بداخلاقی کی بیماری، شوگر کی بیماری سے خطرناک ہے۔شوگر کی بیماری میں اللہ کی رضا کے لئے صبر کیا جائے تو ہمیں جنت میں داخلہ نصیب ہوسکتاہے مگربداخلاقی کی بیماری ہمیں جنت میں نہیں لے جا سکتی ۔بداخلاقی کی بیماری کا علاج کرنا چاہیئے۔ جتنا اخلاق عمدہ ہوگا ،مٹھاس زیادہ ہو گی لوگ اُتنا ہی آپ کے قریب آئیں گے ۔جو دِین کا کام کرتے ہیں ،امامت و خطابت کرتے ہیں، انہیں تو میٹھے اخلاق کی بہت ضرورت ہے۔ انہیں چاہیئے کہ میٹھے اخلاق کی ڈَلی بن جائیں۔ شہد بن جائیں، مکھیوں کا چھتا نہ بنیں ۔لوگ آپ پر واری واری ہو جائیں گے ۔آپ مسجد بھر دیں گے ، بعض دفعہ ایک شخص مسجد کو نمازیوں سے بھر دیتا ہے ۔میٹھے بول وہ کام کر دیتے ہیں جو دنیا کی کوئی طاقت نہیں کر سکتی ۔سونے کی اینٹ کسی کو مار کر سر پھاڑ دیں گے تو وہ متاثر نہیں ہو گا اور گناہ نہیں چھوڑے گا ۔میٹھا بولیں گے تو وہ گناہ چھوڑ دے گا۔

سوال:گلے میں درد اور کھانسی کا علاج ارشاد فرمائیے ۔

جواب:گلےمیں درد اور کھانسی ہو تو: ایک چائے کی چمچ (TEA SPOON) ادرک (GINGER) کے رس میں اتناہی شہد (HONEY)ملا کر سوتے وقت پی لیجئے اور بغیر کلی وغیرہ کئے سو جایئے اور مسلسل تین دن تک یہ عمل کیجئے ان شاء اللہ الکریم شفا حاصل ہوگی۔

مشورہ: اگر چار مُنَقّٰی ( DRIED RAISINS یعنی بڑے خشک انگور ) بھی بیج نکال کر کھا لیں تو فائدہ بڑھ جائے گا۔ ان شاء اللہ الکریم

تاکید : 5 سال سے لیکر 10 سال تک کے بچے کو یہ سب آدھا، 5 سال سے چھوٹے بچے کو چوتھائی اور بہت چھوٹے بچے کو آٹھواں حصہ استعمال کروائیے ۔

نوٹ : تین دن میں فائدہ نہ ہو تو حسب ضرورت دن بڑھا دیجئے۔

سہولت: یہ نسخہ ہر موسم میں استعمال کیا جا سکتا ہے (ہر علاج اپنے طبیب کے مشورے سے کیجئے)۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ” انبیائے کرام کے بارے میں 25 سوال جواب “ پڑھنے یا سُننے والوں کوخلیفۂ امیر اہل سنت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا ربّ المصطفٰے! جو کوئی 14 صفحات کا رسالہ” انبیائے کرام کے بارے میں 25 سوال جواب “ پڑھ یا سُن لے ،اُسے دینِ اسلام پر استقامت عطا فرمااور اس کو ماں باپ سمیت بغیر حساب کے جنت میں داخلہ عطا فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیّینْ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

انبیائے کرام علیہم السّلام وہ انسان ہیں جن کے پاس اللہ پاک کی طرف سے وحی آتی ہےاور اُنہیں اللہ پاک کی مخلوق کی ہدایت اور رہنمائی کے لئے بھیجتا ہے۔ ان میں سے جونئی شریعت لائے انہیں رسول کہتے ہیں۔دنیا میں سب سے پہلے آنے والے نبی اوررسول حضرت آدم علیہ السّلام ہیں اور آپ سے ہی انسانی نسل چلی۔آپ علیہ السّلام کےبعد دنیا میں کم و بیش 1لاکھ 24 ہزار انبیاء آئے، نبوت کا باب بند کرنے کے لئے اللہ رب العزت نے سب سے آخرمیں اپنے پیارے حبیب حضرت محمد مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو دنیا میں بھیجا، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بعد دنیا میں کوئی نیا نبی و رسول نہیں آئے گا۔

انبیائے کرام علیہم السّلام کے متعلق دیگر معلومات فراہم کرنے کے خلیفۂ امیر اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے عاشقان رسول کو اس ہفتے 14 صفحات پر مشتمل امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا رسالہ انبیائے کرام کے بارے میں 25 سوال جواب پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے خلیفۂ امیر اہلسنت

یاربّ المصطفٰے! جو کوئی 14 صفحات کا رسالہ انبیائے کرام کے بارے میں 25 سوال جواب پڑھ یا سُن لے اُسے دینِ اسلام پر استقامت عطا فرمااور اس کو ماں باپ سمیت بغیر حساب کے جنت میں داخلہ عطا فرما۔اٰمین بجاہِ خاتَم النبیّن صلی اللہ علیہ و سلم

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


حضورنبیِّ کریم ، رءوف رحیم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں ایک شخص نےسخت دلی کی شکایت کی تو آپ نے فرمایا : اِنْ اَرَدْتَ اَنْ يَلِينَ قَلْبُكَ ، فَاَطْعِمِ الْمِسْكِينَ وَامْسَحْ رَاسَ الْيَتِيم یعنی اگر تم دل کی نرمی چاہتے ہو تو مسکین کوکھانا کھلاؤ اور یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرو۔

( مسند احمد ، 13 / 21 ، حدیث : 7576)

کن وجوہات کی بناپر دل سخت ہوجاتا ہے؟ اور اس کا علاج کیا ہے؟ اس کی طرح کی معلومات سے عاشقانِ رسول کو مستفیض کرنے کے لئے شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے 20 صفحات کا رسالہ دل کی سختی کے چند اسباب پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یااللہ پاک! جو کوئی 20 صفحات کا رسالہ دل کی سختی کے چند اسباب پڑھ یا سُن لے اُسےنرمی کی نعمت سے مالا مال فرما اور ماں باپ سمیت اُسے بے حساب بخش دے۔اٰمین

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


اسلامک ریسرچ سینٹر (المدینۃ العلمیۃ) کا ایک ذیلی شعبہ ”شعبہ ہفتہ وار رسالہ“ بھی ہے جو علمی و تحقیقی انداز میں اور خوب محنت و لگن سے ہفتہ وار رسائل تیار کرتا ہے جسے ہر ہفتے مدنی مذاکرے میں پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی جاتی ہے۔

اسی شعبے نے اپنی محنت و کوشش سےقرآن پاک کی تفسیر کی کتاب ”تفسیر نور العرفان“ سے چند مدنی پھول اخذ کرکے ایک رسالہ بنام تفسیر نورُ العرفان سے 99 مدنی پھول(قسط 03)تیار کیا ہے۔ امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے اس رسالے کو پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یااللہ پاک! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ تفسیر نورُ العرفان سے 99 مدنی پھول (قسط 03)پڑھ یا سُن لے اُس کو نفع دینے والے علم سے مالا مال فرمااور اُسے ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے۔اٰمین بجاہِ خاتَم النبیّن صلی اللہ علیہ و سلم

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


طلبہ(Students)مستقبل کے مِعمار ہوتے ہیں اور یہ کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ طلبہ اپنی تعلیم کے دوران جس قدر مخلص اور محنتی ہوں گے معاشرے اور قوم کو اسی قدر بہترین افراد میسر ہوں گے۔

طلبہ کی اہمیت کو مدّنظر رکھتے ہوئے خلیفۂ امیر اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نےاس ہفتے شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا 17 صفحات پر مشتمل رسالہ امیر اہلسنت سے طلبہ کے بارے میں 18 سوال جواب پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے جانشین امیر اہلسنت

یااللہ پاک! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ امیر اہلسنت سے طلبہ کے بارے میں 18 سوال جوابپڑھ یا سُن لے اُسے علمِ دین حاصل کرنےاور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمااور اس کی ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت فرما۔

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


قرآن و حدیث کے بعد بزرگان دین کے فرامین بھی لوگوں کو اچھی زندگی گزارنے میں مدد فراہم  کرتے ہیں۔ بزرگانِ دین کے فرامین پر عمل کرکے لوگ نہ صرف اپنی اصلاح کرتے ہیں بلکہ ایک مہذب معاشرے میں باکردار انسان بھی بنتے ہیں۔

اسی مناسبت سے جانشین امیر اہلسنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے عاشقانِ رسول کو اس ہفتے 26 صفحات کا رسالہ 26 فرامینِ عطارپڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے جانشین امیر اہلسنت

یا اللہ پاک! جو کوئی 26 صفحات کا رسالہ 26فرامینِ عطار پڑھ یا سُن لے اُسے امیر اہل سنت کا منظور نظر اور پسندیدہ بنا اور اسے خوب نیکی کی دعوت عام کرنے کی توفیق عطا فرما اور اس سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے راضی ہوجا۔ اٰمین

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


”سمجھانا اور نصیحت کرنا “ فوائد سے خالی نہیں جس کی افادیت خود قرآن کریم نے بیان فرمائی ہے ۔ بیانات اور تقاریر بھی اسی کاعملی اظہار ہیں ۔حضرات ِ انبیائے کرام علیھم السلام تا عمر اپنی اپنی قوم کو اپنے خطبات و بیانات اور نصائح کے ذریعے نیکی کی ترغیب دیتے رہے اور برے کاموں سے منع کرتے رہے۔ خاتم النبیین نے بھی یہ اندازِتبلیغ اختیار فرمایا۔کبھی پچھلی قوموں کے واقعات سنا کر،کبھی حکمت بھری مثال دے کر کبھی ترغیب و ترہیب پر مشتمل آیات سنا کر ، جس نے کفّارِ عرب کی کایا پلٹ ڈالی، کفر و جہالت کی اندھیری وادیوں سے نکال کر انھیں اللہ پاک کی عبادت اور بہترین عادات واخلاق سے روشناس کیا ۔ بہترین اندازِ خطاب و اسلوبِ تفہیم کے باعث حضور علیہ السلام کے القاب میں خطیبُ النَّبِیِّیْن ، خَطیبُ الْاُمَم جیسے القاب بھی شامل ہیں ۔( سبل الھدی و الرشاد 454/1، مفہوماً) حضور علیہ الصلوۃ و السلام کے بعد آپ کی اُمت اس ذریعۂ تبلیغ کو بھی اپنائے ہوئے ہے۔تاریخِ اسلام میں حضراتِ ابوبکر صدیق و عمر فاروق رضی اللہ عنھما کے خطبات نہایت موثر اور اہمیت کے حامل رہے ۔ مولا علی رضی اللہ عنہ کی تقاریر فصیح و بلیغ اور حکمت سے بھرپورہوا کرتیں، اسی طرح غوثِ پاک، امام غزالی، علامہ ابن جوزی، اور علامہ سیوطی رحمۃ الله علیہم بھی عظیم مقرر تھے۔

اس دور میں اس سلسلے کی ایک کڑی امیرِاَہل سنَّت، حضرت علامہ محمدالیاس عطّاؔر قادری دامت برکاتہم العالیہکی ذاتِ بابرکات ہے۔شروعات میں بستی بستی ، شہر شہر جا جاکرلوگوں کواپنے بیانات کے ذریعہ اصلاحِ نفس اور فکرِآخرت کا پیغام دیا۔جنھیں سن کر کثیر افراد کی زندگیوں میں انقلاب برپا ہوا ، گناہوں سے تائب ہوکر شریعت و سنت پابندبنے۔ الغرض اپنی اور اپنے گھر والوں کے لئےسامانِ آخر ت تیارکرنے کی طرف راغب ہوئے۔ شىخُ الحدىث والتفسىر مفتى ابوصالح محمد قاسم قادری فرماتے ہیں :امیر اہل سنّت کے بیانات نے لاکھوں زندگیاں بدلیں۔ میرا خود درسِ نظامی کی طرف آنا ان کے ایک بیان کا نتیجہ تھا جو لاہور میں منعقدہ اجتماع میں سنا۔ ان کے بیانات کا اثر وقتی نہیں، بلکہ عملی تبدیلی لانے والا تھا۔ ( منقول از وڈیو بیان بنام ’’ کامیاب مقرر بننے کی قیمت‘‘)

چونکہ تحریر ، بیان کی نسبت زیادہ عرصے تک محفوظ رہتی ہے لہذا ان بیانات کو وقتاً فوقتاً مختلف رسالوں کی صورت میں پیش کیا جاتا رہا ہے، مزید سہولت کے پیش نظر ان بیانات کو 8 جلدوں پر مشتمل مجموعے ’’بیاناتِ عطّاریہ‘‘ کی صورت میں پیش کیا جا رہا ہے۔

بیاناتِ عطّاریہ (جلد 1 تا 8) میں شامل رسائل:

جلد1(1)غفلت (2)پُراَسرار خَزانہ (3) خزانے کی اَنبار (4)بادشاہوں کے ہڈّیاں (5)کفن چوروں کے انکشافات (6)بُری موت کے اسباب (7) مُردے کی بے بسی (8)مُردے کے صدمے (9)قَبر کی پہلی رات (10)قَبر کاامتِحان (11)قِیامت کا امتِحان (12)پُل صِراط کی دَہشت

جلد2(13)سَمُندری گُنبد(14)احتِرام مسلم (15)زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی (16)شیطان کے بعض ہتھیار (17) ظُلم کاانجام (18)عَفو و دَرگُز َر کی فضیلت (19)ہاتھوں ہاتھ پھوپھی سے صُلح کر لی (20)بسنت میلا (21)باحَیا نوجوان (22)مدینے کی مچھلی (23)زخمی سانپ (24)اسلامی پردہ

جلد3 (25) انمول ہیرے (26)ویران محل (27)نَہَر کی صدائیں (28)جنّتی محل کا سودا (29) میں سُدھرنا چاہتا ہوں (30)پُراَسرار بھکاری (31)کالے بچھو (32)ٹی وی کی تباہ کاریاں (33)گانے باجے کے 35 کُفریہ اشعار (34)سیلفی کے 30 عبرت ناک واقعات (35) وُضُواورسائنس (36)قومِ لوط کی تباہ کاریاں

جلد4(37)تِلاوت کی فضیلت (38)ثواب بڑھانے کے نسخے (39)نیک بننے کا نسخہ (40) گھریلو مسجِد بنانا سنّت ہے (41)مسجِدیں خوشبو دار رکھئے (42)مِسواک شریف کی فضائل (43)کفن کی واپسی (44)آقا کا مہینا (45)ابلق گھوڑے سوار (46) میٹھے بول (47)خاموش شہزادہ (48)فاتحہ و ایصال ثواب کا طریقہ

جلد5 (49)خودکشی کا عِلاج (50)ناراضیوں کا عِلاج (51)غصّے کا عِلاج (52) وسوسے اور ان کا عِلاج (53)چڑیا اور اندھا سانپ (54)بیمار عابد (55)مینڈک سوار بچھو (56) مدنی وصیّت نامہ (57) قَبر والوں کی 25 حِکایات (58)ذِکر والی نعت خوانی (59)نعت خواں اور نذرانہ (60) بجلی استِعمال کرنے کے مدنی پھول

جلد6(61)ضِیائے دُرُود و سلام (62) 25حِکایات دُرُود و سلام (63)صُبحِ بہاراں (64)سب سے آخِری نبی (65)ہر صَحابیِ نبی جنّتی جنّتی (66)عاشِقِ اکبر (67)کراماتِ فاروقِ اعظم (68) کراماتِ عثمانِ غنی (69)کراماتِ شیر ِخُدا (70)امام حَسَن کی 30حِکایات (71)امام حُسین کی کرامات (72)کربلا کا خونیں منظر

جلد7 (73)فیضانِ اہلِ بیت (74)حسینی دولہا (75)اشکوں کی برسات (76)منّے کی لاش (77)سانپ نُما جنّ (78)جنّات کا بادشاہ (79)خوف ناک جادوگر (80)تذکرۂ مجدِّد اَلف ثانی (81)تذکرۂ امام احمدرضا (82)تذکرۂ صدر ُالشّریعہ (83)سیّد ی قُطبِ مدینہ (84)بریلی سے مدینہ

جلد8 (85) بھیانک اُونٹ (86) جوشِ ایمانی (87) ابوجہل کی موت (88)سگِ مدینہ کہنا کیسا؟ (89)حلال کمانے کے 50 مدنی پھول (90)کھانے کا اسلامی طریقہ (91)دعوتوں کے بارے میں سوال جواب (92)کباب سموسے (93)وزن کم کرنے کا طریقہ (94)میتھی کے 50مدنی پھول (95)مچھلی کے عجائبات (96)پان گٹکا۔

نوٹ : یہ مجموعہ شوال شریف 1446ھ /اپریل 2025ءمیں دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا جائے گا۔ ان شاءَ اللہ الکریم.

اسے خود بھی پڑھیے اور بنیت ِ ثواب شیئر بھی کیجیے۔اللہ پاک ہمیں اس مجموعے سے بھرپور فوائد حاصل کرنے، اصلاحِ نفس اور خیر پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

از قلم:مولانا اُحد رضا عطاری مدنی

24رمضان المبارک1446ھ/25مارچ 2025ء


رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوچکا ہے، اسی مناسبت سے شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو اس ہفتے 25 صفحات کا رسالہ فیضانِ لیلۃُ القدر پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار

یاربِّ کریم!جوکوئی 25 صفحات کا رسالہ فیضانِ لیلۃ ُالقدرپڑھ یا سن لے اُسے اپنی عبادت کی توفیق دے اور اُسے ماں باپ اور خاندان سمیت جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ عطا فرما۔ اٰمین بجاہِ خاتَم النبیّن صلی اللہ علیہ واٰلہٖ و سلم

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download