تفصیلات کے مطابق بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ آج 31 مارچ 2022ء کی شب کراچی پاکستان پہنچ گئے ہیں، ایئرپورٹ سے اپنے گھر کی جانب آتے ہوئے انہوں نے اپنی گاڑی سے ایک ویڈیو پیغام اپنے چاہنے والوں کے لئے جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ”الحمد للہ میں آج 27 شعبان المعظم 1443سن ہجری کو کراچی ایئرپورٹ پر اُتر کر اب گھر کی طرف جارہا ہوں، ان شاء اللہ عنقریب ماہِ رمضان کا چاند نظر آجائے گاا ور اللہ نے زندہ سلامت رکھا تو نیت ہے کہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں معتکفین کی برکتیں حاصل کروں گا، ان شاء اللہ رمضان کے پورے مہینے اعتکاف کی دھوم دھام ہوگی جبکہ روزانہ دو مدنی مذاکرے ((01) بعد عصر (02) بعد تراویح) ہوا کریں گے۔ “

امیرِ اہلِ سنت نے اپنے ویڈیو میں اللہ پاک کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کا فرمان سناتے ہوئے حدیثِ مبارک بیان کی: فرمانِ مصطفیٰ ﷺ : ”اللہ پاک ماہِ رمضان میں روزانہ افطار کے وقت دس لاکھ ایسے گناہ گاروں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے جن پر گناہوں کی وجہ سے جہنم واجب ہوچکا تھا۔ نیز شبِ جمعہ اور روزِ جمعہ یعنی جمعرات کو غروبِ آفتاب سے لے کر جمعہ کو غروبِ آفتاب تک کی ہر ہر گھڑی میں ایسے دس دس لاکھ گناہ گاروں کو جہنم سے آزاد کیا جاتا ہے جو عذاب کے حقدار قرار دیئے جاچکے ہوتے ہیں۔ “(کنزالعمال)

واضح رہے کہ کراچی میں ملاقات کرنے والوں اور دیگر مصروفیات کے سبب تحریری کاموں میں خلل واقع ہوتا ہے اس لئے امیر اہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اپنے تحریری کاموں یعنی کتابیں اور رسائل وغیرہ لکھنے کی غرض سے بیرونِ ملک تشریف لے جاتے ہیں جہاں یکسوئی کے ساتھ تحریر ی کام کرتےہیں اور امت کو بہترین رسالہ یا کتاب عطا فرماتے ہیں۔


ہمیں موقع مناسبت کے اعتبار سے ہر وقت مسکراتے رہنا چاہیئے، یعنی جب کسی سے ملاقات کریں تو مسکراکر ملیں، کسی بیمار یا پریشان حال لوگوں سے ملیں تو حسنِ اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسکراکر ملیں۔اگر ہم اپنے روز مرہ معاملات اور معمولات میں صرف ایک مسکراہٹ کا اضافہ کرلیں تو ”سنت، تجارت، سہولت اور برکت“ کا ایک امتزاج سامنے آئے گا۔ آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بھی عادت مبارکہ تھی کہ آپ ہمیشہ مسکراتے رہتے تھے، چنانچہ

حضرت عبد اللہ بن حارث رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:میں نے حضور پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے زیادہ مسکرانے والا کوئی نہیں دیکھا۔(شمائل ترمذی:218)

ایک مرتبہ حضرت صہیب رضی اللہ عنہ کی آنکھ دکھ رہی تھی اور وہ کھجور کھا رہے تھے۔ پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا :تمہاری آنکھ دکھ رہی ہے اور تم کھجور کھا رہے ہو ؟ عرض کی: میں دوسری طرف سے کھا رہا ہوں! یہ سن کر جان ِعالم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم مسکرادیئے۔ (ماہنامہ فیضان مدینہ جلد 3 جون 2019 ص 44 / ابن ماجہ 91/4 ، حدیث 3443 )

مسلمانوں کو حسن اخلاق کا مظاہرہ کرنے اور مسکرانے کی ترغیب دلانے کے لئے امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے رسالہ مسکرانا سنت ہےپڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ مسکرانا سنت ہے پڑھ یا سن لے اُسے اپنے پیارے پیارے مسکرانے والے سب سے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی قیامت کے دن شفاعت سے مشرف فرماکر جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔ اٰمین

دعوت اسلامی کی مجلس تراجم کی جانب سے اس رسالے کا چھ زبانوں(انگلش، بنگلہ، ہندی، رومن اردو، سندھی اور پشتو) میں ترجمہ بھی کیا گیا ہے، دعوت اسلامی کی ویب سائٹ پر ان زبانوں میں رسائل موجود ہیں، مذکورہ زبانوں کے جاننے والے درج ذیل لنک پر کلک کرکے رسائل کا مطالعہ کرسکتے ہیں۔

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book


عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے زیر اہتمام علم دین کے فروغ اور لوگوں کو دین اسلام کے  عقائد و نظریات کے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لئے پچھلے کئی سالوں سے ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جارہا ہےجس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ شرعی، معاشرتی اور فقہی حوالے سے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

19 مارچ 2022ء کو بھی عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد فیضان مدینہ کراچی آکر جبکہ سینکڑوں مقامات پر ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : بات کرتے ہوئے ہاتھ ہلانے کى عادت کے بارے مىں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب : بات کرتے ہوئے ہاتھ ہلانا بعضوں کی عادت ہوتی ہے۔البتہ ہاتھ ہلانے مىں معىوب اَنداز نہ ہو اور نہ ہی اس سے کسى کى دِل آزارى ہو۔

سوال: تازہ وضو کرکے نماز نہ پڑھىں تو نماز مىں خشوع و خضوع نہىں آتا ،اس کے لیے کىا کىا جائے؟

جواب: نماز خشوع و خضوع کے ساتھ پڑھنا شرىعت کو مطلوب ہے، وضو ہو اور نماز کے لىے تازہ وضو کرنا مستحب ہے، تازہ وضو سے نماز مىں خشوع و خضوع آتا ہو تو وُضو کر ہى لىنا چاہىے۔اِسی طرح تمام کاموں سے فارغ ہو کر، فرىش ہو کر نماز پڑھنے سے بھی خشوع و خضوع حاصل ہوتا ہے ۔

سوال: وَسوسہ کسے کہتے ہىں؟

جواب : وَسوسہ شىطان کى طرف سے ہے جبکہ اِلہام اللہ پاک کى طرف سے۔ عام لوگوں کے لیے اِن دونوں میں فرق کرنا مشکل ہوتا ہے۔ بہرحال وَسوسے سے اللہ پاک کى پناہ مانگنى چاہىے۔مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے مکتبۃ المدینہ کے رِسالےوَسوسے اور ان کا علاجکا مطالعہ کیجیے۔

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

سوال: علما ءکى کىا اَہمىت ہے؟

جواب: خوش عقىدہ علماء، عام لوگ نہىں بلکہ سپر کوالٹى(Super Quality) ہىں، اِن کى بہت اَہمىت ہے،عوام علماء کی محتاج ہے یہاں تک کہ جنَّت مىں بھى عوام اِن کى محتاج ہوگی، قدم قدم پر علماء کى حاجت ہے لہٰذااِن کى صحبت مىں رہنا چاہىے۔

سوال: پورے ماہِ رَمَضانُ المبارک کا اِعتکاف کرنے والے کىا کرىں ؟

جواب: کتاب ”فىضانِ رَمَضان“ کا مطالعہ کرىں (اگراِس سال نہىں پڑھى تو رَمَضانُ المبارک کا چاند نظر آنے سے پہلے پہلے اس کا مطالعہ کر لیں )۔ اور اپنى نىت بھى دارُالسنہ مىں لکھوا دىں۔( دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول میں اعتکاف کے خواہشمند شعبہ رمضان اعتکاف کے اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں)۔

0311-1021226

سوال : کىا خربوزہ کھانا سنَّت سے ثابت ہے؟

جواب :تر کھجور ( جو عموماً کھائى جاتى ہے) اور خربوزے کو ملا کر کھانا سنَّت سے ثابت ہے۔

سوال: کىا عورت کے جنازے کو غىر محرم بھى کندھا دے سکتا ہے؟

جواب:جى ہاں۔

سوال : دِل کى سختى کے کیا اَسباب ہىں؟ نیز ہمىں کىسے معلوم ہو کہ ہمارا دِل سخت ہے ىا نہىں؟

جواب :دِل کى سختى کے بہت سے اَسباب ہیں مثلاً گناہ کرنا،بغىر بھوک کے کھانا اور بغىر ضرورت کے بولنا وغىرہ۔ یوں ہی بے حىائى کى باتىں کرنا، تلاوتِ قرآن نہ کرنا اور موت سے غفلت وغىرہ دِل کى سختى کے اَسباب ہىں۔ جس کا دِل سخت ہو اس پر نصىحت اثر نہىں کرتى۔ ہمارى سوچوں مىں دُنىا کى محبت رَچ بس گئى ہے، ہر نماز کے بعد آىتُ الکرسى پڑھنے والے کے لیے جنَّت کى خوشخبرى ہے مگر ہم اس سے محروم رہتے ہىں۔

سوال: آدھے سر دَرد کا روحانى علاج بتادىجیے۔

جواب:بِسْمِ اللہ پڑھ کر سر پر دَم کردیجیے۔ مکتبۃ المدینہ کے رِسالے ’’بىمار عابد ‘‘ کا مطالعہ کیجیے ، اِس رسالے میں کئى روحانى علاج موجود ہىں۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” تندرست رہنے کے فارمولے “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنَّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رِسالہ” تندرست رہنے کے فارمولے “ پڑھ یا سُن لے، اُسے اپنی عبادت کے لئے اچھی صحت دے اور اُسے خوب نیکی کی دعوت عام کرنے کی توفیق عطا فرما، بِلا حساب مغفرت سے نواز دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


وَ لَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِیْۤ اٰدَمَ وَ حَمَلْنٰهُمْ فِی الْبَرِّ وَ الْبَحْرِ وَ رَزَقْنٰهُمْ مِّنَ الطَّیِّبٰتِ وَ فَضَّلْنٰهُمْ عَلٰى كَثِیْرٍ مِّمَّنْ خَلَقْنَا تَفْضِیْلًا۠

ترجمہ کنزالایمان: اور بےشک ہم نے اولادِ آدم کو عزت دی اور ان کو خشکی اور تری میں سوار کیا اور ان کو ستھری چیزیں روزی دیں اور ان کو اپنی بہت مخلوق سے افضل کیا۔ (سورہ بنی اسرائیل، آیت 70)

یہ ارشادات مبارکہ واضح دلیل ہیں کہ صحت اللہ پاک کی ایک عظیم نعمت ، ایک امانت اور ذمہ داری ہے۔ لہٰذا صحت کی قدر کرنا اور اس کی حفاظت کرنا ہم پر لازم ہے۔ اس کے علاوہ اسلام،دین فطرت ہے، جوپوری انسانیت کی ہرشعبے میں مکمل رہنمائی کرتا ہے، اس کی پاکیزہ تعلیمات جہاں عقائد وعبادات ،معاشرت ومعاملات اور اخلاق وآداب کے تمام پہلوؤں کوجامع ہیں،وہیں حفظان صحت اور تندرستی کے معاملے میں بھی اسلام کی معتدل ہدایات موجود ہیں،جن پر عمل پیرا ہوکر ہم نہ صرف صحت مند زندگی گزار سکتےہیں، بلکہ بہت سی مہلک بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں ۔

امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کو اپنی صحت کا خیال رکھنے اور انہیں صحت مند زندگی گزارنے کے لئے اس ہفتے رسالہ تندرست رہنے کے فارمولےپڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یارب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ تندرست رہنے کے فارمولے پڑھ یا سن لے اُسے اپنی عبادت کے لئے اچھی صحت دے اور اُسے خوب نیکی کی دعوت عام کرنے کی توفیق عطا فرما، بلا حساب مغفرت سے نواز دے۔اٰمین

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book


ہرہفتے کی طرح 12 مارچ 2022ء کو بھی عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہ راست مدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں کثیر عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی آکر جبکہ سینکڑوں مقامات پر ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے بیرونِ ملک سے آن لائن مدنی چینل کے ذریعے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : قرآن ِکریم میں مور(Peacock)کا پَررکھنا کیسا؟

جواب : بچپن سے دیکھا ہے کہ قرآنِ کریم میں مورکا پَررکھا جاتاہے ،اس کا عرف یعنی معمول بھی ہے ،اس سے قرآنِ کریم کی جلدبھی متائژنہیں ہوتی ، اس کو رکھنے میں حرج نہیں ۔

سوال: بُرے لوگوں کی صحبت سےبچنے کے لیے کہاجاتاہے کہ ان کا رنگ تم پر چڑھ جائے گا،یہ کیوں نہیں کہاجاتاکہ تمہاری نیکی کا رنگ اُن پرچڑھ جائے گا؟

جواب: گُناہ میں لذّت ہوتی ہے اورنیکی میں امتحان ہوتاہے،اس لیے گُنا ہ کا رنگ زیادہ اثراندازہوتاہے، حدیث پاک میں بھی بُری صحبت کی مثال لوہارکی بھٹی سے دے کربُروں کی دوستی اورصحبت سے بچنے کا حکم دیا گیا ہے ۔بُروں کے ساتھ وہی بیٹھنے کا معمول بنائے گا جو اندرسے اُن کی باتوں کو پسندکرتاہوگا عربی محاورہ ہے اَلْجِنْسُ یَمِیْلُ اِلَی الْجِنْس یعنی جنس اپنی ہم جنس کی طرف مائل ہوتی ہے ،البتہ اگرکوئی عالم دین یا منجھے ہوئے مبلغِ دعوت ِ اسلامی ہوں گے تواُن کا رنگ بُروں پر چڑھے گا ،کیونکہ وہ ان کے پاس جاکر ان کی خوش گپیوں میں شریک ہونے کے بجائے نیکی کی دعوت دیں گے ۔

سوال: اگرکسی کے گھر بوڑھے افراد بیمارہوں تواُن گھروالوں کا ان سے اندازکیساہونا چاہئے ؟

جواب : یہ سخت کڑااورامتحان کا وقت ہوتاہے ،بوڑھوں کی خوب خدمت کی جائے ،اگروہ کوئی آپ کے مزاج کے خلاف بات کردیں تو آپ کو صبرکا پیمانہ پینا ہوگا،انہیں "اُف" بھی کہنے کی اجازت نہیں ،ان سے عاجزی کریں،نرمی سے پیش آئیں، ان کی خدمت بوجھ سمجھ کر نہیں بلکہ خوش دلی کے ساتھ کریں۔ یہ تمنا بھی نہ کریں کہ یہ(بوڑھے مریض) اس دنیا سے چلے جائیں بلکہ اُن کی عافیت،صحت ا ورسلامتی کی دعاکریں ۔

پارہ 15،سورۂ بنی اسرائیل کی آیت نمبر23 میں اِرشادہوتاہے:

وَ بِالْوَالِدَیْنِ اِحْسَانًا ؕاِمَّا یَبْلُغَنَّ عِنْدَكَ الْكِبَرَ اَحَدُهُمَاۤ اَوْ كِلٰهُمَا فَلَا تَقُلْ لَّهُمَاۤ اُفٍّ وَّ لَا تَنْهَرْهُمَا وَ قُلْ لَّهُمَا قَوْلًا كَرِیْمًا۔

(ترجمۂ کنزالعرفان:اور ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو اگر تیرے سامنے ان میں سے کوئی ایک یا دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان سے اُف تک نہ کہنا اور انہیں نہ جھڑکنا اور ان سے خوبصورت ، نرم بات کہنا )

سوال: شبِ براءَت میں قبرستان جانا کیسا؟

جواب: شبِ براءَت میں قبرستان جانا مستحب ہے ،سُنّت سے ثابت ہے مگرعبرت حاصل کرنے کے لیے جائے،اپنی موت کو یا دکرے، اپنی زندگی کو شریعت کے سانچے میں ڈھالنے کی ترکیب کرے ،صرف رسم کے طورپر نہ جائے ،قبرستان میں جاکر قبروالوں کو سلام کرے، یہ دعا پڑھے : اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ یَا أَهْلَ الْقُبُوْرِ یَغْفِرُ اللهُ لَنَا وَلَکُمْ اَنْتُمْ سَلَفُنَا وَنَحْنُ بِالْأَثَرِ۔

( ترجمہ:اے قبرستان والو! تم پر سلامتی ہو،اﷲ پاک ہماری اورتمہاری مغفرت فرمائے ،تم ہم سے پہلے چلے گئے اورہم تمہارے پیچھے آنے والے ہیں)اس دُعاکے ترجمے پر غورکرے ،اس میں بھی عبرت اورموت کی یادہے۔

سوال: اصل بزرگ کون ہوتاہے ؟

جواب: اصل بزرگ عالِم ہوتاہے، اگرچہ وہ جوان ہو،عالِم علم سے بنتاہے، شکل وصورت اورعمر سے نہیں۔

سوال : شبِ براءَت کس طرح گزاریں ؟

جواب :14 شعبان اعمال نامے کا آخری دن ہوگالہٰذا تمام گناہوں سے سچی توبہ کریں ، لوگوں سے معافی بھی مانگ لیں ،معافی مانگنے سے محبتیں بڑھیں گی ،14شعبان کا روزہ رکھ لیں ،بلکہ اس بارتو14 شعبان(18مارچ2022) جمعہ کو ہے، اس لیے جمعرات کا بھی روزہ رکھ لیں کہ جمعرات کو روزہ رکھنا سُنّت ہے ،14 شعبان(بروزجمعہ) کو نمازِمغرب سے پہلے ہی مسجدمیں آجائیں،بعدنمازِ مغرب بزرگوں سے ثابت 6 نوافل پڑھ لیں ، اس کی تفصیل مکتبۃ المدینہ کے رسالے ’’آقاکا مہینا ‘‘سے دیکھ لیں ،ساری رات دعوتِ اسلامی کے اجتماعِ شب براءَت میں گزاریں ۔یہ عبادت کی رات ہے،پٹاخے پھوڑنے کی رات نہیں بلکہ یہ پٹاخے پھوڑنا تو اِسراف اورگُناہ ہے ،یہ شبِ براءَت یعنی جہنم سے چھٹکارے کی رات ہے ۔ہوسکے تو15شعبان کا بھی روزہ رکھ لیں،اس کی بھی بہت زیادہ فضیلت ہے۔ 

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” مریض طبیب بن گیا “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ”مریض طبیب بن گیا“ پڑھ یا سُن لے،اُسے گُناہوں کی بیماری سے شِفا دے، جہنّم سے بچا اور جنتُ الفردَوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔ 


پچھلے دنوں جانشین امیر اہلسنت حاجی مولانا عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی اسلامی برادر ملک ترکی دورہ کیا جہاں انہوں نے سنتوں بھرے اجتماعات میں بیانات فرمائے، ذمہ داران دعوت اسلامی سے ملاقات کیں، دینی کاموں میں شرکت کی اور علمائے کرام سے ملاقاتیں کیں۔

ترکی کے دورہ کرتے ہوئے جانشین امیر اہلسنت حاجی مولانا عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نےاستنبول کے علاقے امرت فاتح میں شیخ سید محمد سبسبی الرفاعی شافعی حفظہ اللہ اور شیخ سید علی سبسبی الرفاعی شافعی حفظہ اللہ سے ملاقات کی اور دعوت اسلامی کی دینی و فلاحی کاموں پر گفتگوکا سلسلہ ہوا ۔ اس موقع پر حضور غوث پاک سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہُ عنہ کی شان میں ایک منقبت بھی پڑھی گئی۔

آخر میں شیخ سید علی سبسبی الرفاعی شافعی حفظہ اللہ نےاپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی درازیٔ عمر بالخیر اور دعوت اسلامی کی دن دُگنی، رات چگنی ترقی کے لئے دعائیں کیں۔اس کے علاوہ انہوں نے امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے ملاقات کے لئے پاکستان آنے کی نیت کا اظہار بھی کیا۔


كُنْتُمْ خَیْرَ اُمَّةٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ تَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ وَ تُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِؕ-وَ لَوْ اٰمَنَ اَهْلُ الْكِتٰبِ لَكَانَ خَیْرًا لَّهُمْؕ-مِنْهُمُ الْمُؤْمِنُوْنَ وَ اَكْثَرُهُمُ الْفٰسِقُوْنَ۔

ترجمہ کنز الایمان: تم بہتر ہو ان سب امتوں میں جو لوگوں میں ظاہر ہوئیں بھلائی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے منع کرتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو اور اگر کتابی ایمان لاتے تو ان کا بھلا تھااُن میں کچھ مسلمان ہیں اور زیادہ کافر۔ (سورہ آل عمران، آیت نمبر 11)

رسولِ پاک صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا:

مَنْ رَاٰى مِنْكُمْ مُنْكَرًا فَلْيُغَيِّرْهُ بِيَدِهِ فَاِنْ لَمْ يَسْتَطِعْ فَبِلِسَانِهٖ فَاِنْ لَمْ يَسْتَطِعْ فَبِقَلْبِهٖ وَذٰلِكَ اَضْعَفُ الْاِيْمَانِ۔

یعنی جو تم میں سے کوئی بُرائی دیکھے تو اُسے اپنے ہاتھ سے بدل دے اور اگر وہ اِس کی قوت نہیں رکھتا تو اپنی زبان سے (روک دے) پھر اگر وہ اس کی بھی طاقت نہیں رکھتا تو دل سے (بُرا جانے) اور یہ سب سے کمزور ایمان کادَرَجہ ہے۔ (مسلم،ص 48، حدیث: 177)

امیراہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کو برائی سے روکنے اور نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے لئے اس ہفتے رسالہ مریض طبیب بن گیاپڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یارب المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہمریض طبیب بن گیا پڑھ یا سن لےاُسے گناہوں کی بیماری سے شفا دے، جہنم سے بچا اور جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔ اٰمین

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book


عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 5 مارچ 2022ء کو ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عاشقان رسول فیضان مدینہ کراچی آکر جبکہ سینکڑوں مقامات پر ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے بیرونِ ملک سے آن لائن مدنی چینل کے ذریعے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال : امام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رحمۃ اللہ علیہ کا یوم ِعرس کیا ہے ؟

جواب : آپ کا یوم عرس 2 شَعبان 150ھ ہے۔(نزہۃ القاری،1 169/،  219

سوال: مسجدِنبوی میں کس مقام پرامام اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا نام لکھا ہواہے ؟

جواب: امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کا نام مبارک ’’نعمان بن ثابت ‘‘مسجدِنبوی شریف میں پہلی چھتری کے نیچے لکھاہواہے ۔

سوال: مہنگائی میں گھرکی خواتین کیاکرداراداکرسکتی ہیں ؟

جواب : کھانے پینے میں اِسراف سے بچیں ،حساب لگا کر کھانا اورروٹیاں پکائیں تاکہ روٹیاں بچ نہ جائیں کیونکہ باسی روٹیاں بچے اوربڑے نہیں کھاتے ،دعوت میں ہونے والے اِسراف سے بھی بچیں ،مہنگائی کوکم کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ جو چیز مہنگی ہوجائے وہ خریدنا چھوڑدیں ،یہ سستی ہوجائے گی۔

سوال: مہنگائی کوکم کرنے میں تاجراپنا کیا رول اداکرسکتے ہیں ؟

جواب: تاجرحضرات لوگوں سے ہمدردی کریں اورنفع کم رکھیں ۔

سوال: شادی کی مبارکباد کن الفاظ سے دی جائے ؟

جواب : اچھے الفاظ کے ساتھ مبارکباددی جائے مثلاً ماشاءا للہ !آپ کو شادی مبارک ہو ۔

سوال : کیا اِمام اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رحمۃ اللہ علیہ نے کسی صحابی رضی اللہ عنہ کی زیارت کی ہے ؟

جواب : جی ہاں ! آپ نے کئی صحابۂ کرام علیہم الرضوان کی زیارت کی ہے ،آپ تابعی ہیں ۔ 

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” فیضانِ امام شافعی “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیرِاہلِ ِسُنّت دامت براکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ” فیضان ِامام شافعی “ پڑھ یا سُن لے اُسےعلمِ دین کی لازوال دولت سے مالامال فرماکر بے حساب بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


دعوتِ اسلامی عاشقانِ رسول کے دلوں میں   جہاں صحابۂ کرام کی محبت پیدا کرتی ہے وہاں آلِ نبی و اہلِ بیتِ اطہار سے عشق و محبت کے جام بھی بھر بھر کر پلاتی ہے۔ اہلِ بیتِ اطہار نجات کی کشتی اور صحابۂ کرام آسمان ہدایت کے روشن ستارے ہیں۔ ایمان والے ،اہلِ بیت کی کشتی میں سوار ہوکر نجومِ رسالت کی پیروی کرتے ہوئے اپنے ایمان کو سلامت رکھتے ہیں۔

اہلِ بیتِ اطہار میں بہت بڑا نام نواسۂ رسول ، امام عالی مقام ، شہیدِ کربلا حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہُ عنہ کا ملتا ہے ۔ آپ رحمۃُ اللہِ علیہ کا یومِ ولادت 5 شعبان المعظم کو آتا ہے۔ اسی مناسبت سے آج 8 مارچ کی شب 5 شعبا ن المعظم کی مناسبت سے دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”مدنی مذاکرہ بسلسلہ جشنِ ولادت امام حسین رضی اللہُ عنہ“ منعقد ہوگا۔

مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوگاجس کے بعد جلوسِ حسینی نکالا جائے گا، جلوس کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہبیرونِ ملک سے بذریعہ ویڈیو لنک عاشقانِ رسول کے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

ثناخوان حضرات حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہُ عنہ کی شان میں منقبتیں بھی پیش کریں گے جبکہ اختتام پر لنگر کا اہتمام بھی ہوگا۔

تمام عاشقانِ رسول سے گزارش ہے کہ جن سے ممکن ہو وہ فیضانِ مدینہ آکرشرکت فرمائیں، علاوہ ازیں مدنی چینل پر بھی یہ پروگرام نشر کیاجائے گا ،آپ مدنی چینل کے ذریعے گھر بیٹھے بھی علمِ دین حاصل کرسکتے ہیں۔ 


عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 25رجب المرجب 1443ھ بمطابق 26فروری 2022ء کو ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیر اہل سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے بیرونِ ملک سے آن لائن مدنی چینل کے ذریعے جوابات دیئے اور مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند نکات ملاحظہ کیجئے:

سوال: سوشل میڈیا کا کس طرح استعمال کیاجائے ؟

جواب :سوشل میڈیا کے فائدے کم اورنقصانات زیادہ ہیں ،سوشل میڈیا سے اس طرح فائدہ حاصل کیا جاسکتاہے کہ بندہ مستندعالم دین سے کوئی شرعی مسئلہ سیکھ لےیا بیان کے کلپ سے استفادہ کرے یا خود عالم دین ہے تو اپنی خدمات سوشل میڈیا کے ذریعے پیش کرے، دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ(www.dawateislami.net) پر دینی مواداپ لوڈ کیا جاتاہے ،اس سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتاہے تاہم سوشل میڈیا کے نقصانا ت غالب ہیں ،اس کے نقصانات کیا، کیا ہیں؟ اس کے یوزر(user) اس بات کو خوب سمجھتے ہیں ،اگرکوئی اسے رکھتابھی ہے تو وہی استعمال کرے جو مَیں نے بیان کیا ۔

سوال: جب دینی باتیں بیان ہورہی ہوں تو ہمارااندازکیساہو نا چاہئے ؟

جواب: جب دین کی بات کی جارہی ہوتو موبائل سمیت تمام کام چھوڑکر اسے غورسےسنا جائے تاکہ کوئی غلط مسئلہ ذہن میں نہ بیٹھ جائے،طلبہ ٔ علم دین بھی جب اپنے استاذصاحب کے پاس پڑھیں تو یہی اندازہوناچاہئے ۔

سوال: مدنی اسلامی بھائی معاشرے میں کیا کرداراداکرسکتے ہیں اورآپ ان کے بارے میں کیا توقعات رکھتے ہیں ؟

جواب : ایک بات یادرکھیں ،آپ نے جو پڑھا ہے اسے پڑھتے اورپڑھاتے رہیں گے تو یہ یادرہے گا، باقی رہے گا اوراس میں اضافہ بھی ہوتارہے گا ورنہ بھول جائیں گے،جس سے بَن پڑے وہ ضرورپڑھاتارہے اگرچہ تدریس کا موقع نہ بھی ملے،چھوٹے بھائی یا محلے میں کسی کو پڑھاتارہے، پڑھانے میں نیت ثواب کی ہونی چاہئے، مزید دین کی خدمت کا ذہن بنائیں،مسجدمیں امامت وخطابت کریں ،امامت کا منصب کم نہیں ہے بہت اعلیٰ ہے ،اس سے ہرگزنہ ہٹئے گا، امامت کرنے سے مساجد محفوظ ہوں گی ، دین کی خدمت ہوگی، اگرایک سلجھاہوا عاشقِ رسول امام ہواور حکمتِ عملی سے چلے تو پورامحلہ اس کے اندازمیں چلتاہے،یادرکھئے ! جو دین کی خدمت کرتاہے وہ دنیا سے کٹ آف نہیں ہوتا،جو اس فیلڈ میں ہوتے ہیں،ا نکی معاشرے میں بہت عزت ہوتی ہے،عموماً حج وعمرہ کی سعادت نصیب ہوتی ہے ،مدنی اسلامی بھائی اپنے اخلاق درست رکھیں گے، مال سے بے رغبت ہوں گے، عادات بہترہوں گی،بداخلاقی وجھگڑوں سے بچیں گے تو اپنے علاقے کے بے تاج بادشاہ ہوں گے، بہرحال آپ کے پاس علم کا اعزازہے جسے آپ نے نبھانا ہے۔

سوال: اس مرتبہ کتنے طلبہ و طالبات جامعۃ المدینہ میں دورہ ٔحدیث کرکے فارغ التحصیل ہوئے ہیں؟

جواب: ان کی کل تعداد3 ہزار5 سو33ہے(3533) ،اس میں طالبات 2ہزارایک سو95(2195)،اورطلبہ ایک ہزار3 سو38(1338) ہیں، اللہ کرے یہ تعدادبڑھتی رہے،دعوتِ اسلامی کے دینی کام بڑھائیں گے ، تو اس سے دعوت ِ اسلامی مضبوط ہوگی،دعوت ِ اسلامی مضبوط ہوگی تو ان شاءاللہ الکریم یہ تعداد بھی بڑھے گی ۔

سوال: ٹریننگ کتنی ضروری ہے ہم ٹریننگ کیسے حاصل کرسکتے ہیں ؟

جواب:بندے کی ترقی میں تربیت کا بڑادخل ہوتاہے، دیکھنا ہوگا کہ تربیت دینے والاکون ہے ؟سب سے پہلی تربیت تو ماں کی گود میں ہوتی ہے،یہاں سے تربیت ہوتو بچہ بہت ترقی کرسکتاہے، ماؤں کی تربیت کا فقدان یعنی نہ ہونے کے برابرہے ، دینی ادارہ ہویا دنیاوی ادارہ ہرجگہ اخلاقی تربیت کی حاجت ہے، تھوڑا سامزاج کے خلاف کوئی کام ہوتاہے تو عقل گھوم جاتی اورزبان کے ذریعے بداخلاقی شروع ہوجاتی ہے، اگرکوئی اپنے آپ کو بااخلاق سمجھتاہے تو غصے کے وقت اپنی کیفیت دیکھ لے،کسی بزرگ کا قول ہے کہ کسی کے حسنِ اخلاق کی گواہی اس وقت نہ دوجب تک اسے غصے میں نہ دیکھ لو، جب غصہ آتاہے تو بندہ بداخلاقی کے سابقہ سارے ریکارڈ توڑدیتاہے، جوگالیاں دے اسے کون بااخلاق کہہ سکتاہے۔ (مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”حسن اخلاق“ کا مطالعہ بھی ان شاء اللہ بے حد مفید رہے گا ۔)

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” جنگل کا بادشاہ “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیرِاہلِ ِسُنّت دامت براکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہجنگل کا بادشاہپڑھ یا سُن لے اُس کو صرف اپنا خوف عطا فرمااور اُس سے ہمیشہ ہمیشہ کےلئے راضی ہوجا۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَمِ النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


آج رات ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا، امیر اہل سنت مدنی پھول ارشاد فرمائیں گے

عاشقانِ رسول کو علم دین کی جستجو دلانے، معاشرتی حوالے سے تربیت کرنے اور ان کے قلوب کو خوفِ خدا و عشق رسول اور محبتِ صحابہ و اولیاء کرام سے روشن کرنے کے لئے آج رات عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔

اس مدنی مذاکرے میں بانی دعوت اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ بیرونِ ملک سے بذریعہ ویڈیو لنک مدنی پھول ارشار فرماتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔ اس پروگرام کو مدنی چینل پر بھی براہ راست نشر کیا جائیگا۔

تمام عاشقان رسول سے اس مدنی مذاکرے میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


یکم شعبان المعظم1443ھ کو کروڑوں شافعیوں کے امام، عالم العصر، ناصر الحدیث، فقیہ الملۃ، تبع تابعی بزرگ حضرت سیدنا ابو عبد اللہ محمد بن ادریس ہاشمی شافعی علیہ رحمۃاللہ الکافی کا 1239واں یوم عرس آرہا ہے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ مجتہد، فقہ شافعی کے بانی ا ور عظیم رُوحانی شخصیت کے مالک ہیں۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 150ھ میں غزہ (فلسطین)میں ہوئی جبکہ 204ھ کو مصر میں 55 سالہ زندگی گزار کر اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

اسی مناسبت سے اس ہفتے امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کو امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کی سیرت سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے رسالہ فیضان امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ پڑھنے/سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے/سننے والوں کو اپنی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہفیضان امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ پڑھ یا سُن لے اُسےعلم دین کی لازوال دولت سے مالامال فرماکر بے حساب بخش دے۔آمین

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے ابھی مفت ڈاؤن لوڈ کیجئے

Download

رسالہ آڈیو میں سننے کے لئے کلک کریں

Audio Book