26 نومبر 2022ء بمطابق 2 جماد الاولیٰ 1444ھ بروز ہفتہ بعد نماز عشاء عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول نے فیضان مدینہ آکر جبکہ دیگر مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے علم و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے اور مسلمانوں کی دینی ومعاشرتی رہنمائی کے لئے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: فضول کاموں سے چھٹکاراکیسے حاصل کیا جائے ؟

جواب: فرمانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم :کسی شخص کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ وہ اسے چھوڑدے جواُسے نفع نہ دے یعنی لایعنی چیز کو چھوڑدے ۔ (مسندامام احمد 6/959حدیث1737)

یہ حدیث پاک ان حادیث میں سے ہے جن پر اسلام کا دارومدارہے ،کامل مسلمان وہ ہے جوایسے کلام ،ایسی حرکات وسکنات سے بچے جو اسے دین یا دنیا میں مفیدنہ ہوں ،وہ کام یا کلام کرے جو اسے دنیا و آخرت میں فائدہ دے، ہمارے ہاں کسی کے پاس کوئی نئی چیز دیکھ کربلاضرورت پوچھتے ہیں ،یہ کتنے کی لی؟اس گاڑی کا ماڈل کون ساہے؟ کہاں پہنچے ہو؟کہاں گئے تھے ؟وغیرہ،اس طرح کی فضول باتیں بہت کی جاتی ہیں ،ا ن کی ضرورت نہیں ہوتی ،ایک بزرگ رحمۃ اللہ علیہ نے کسی کا نیامکان دیکھ کر پوچھا کہ یہ کب بنایا ؟پھرفوراًاحساس ہواکہ یہ فضول بات ہوئی ،اس پر انہوں نے فیصلہ کیا کہ میں ایک سال کے روزے رکھوں گا۔ مفتی احمدیارخان رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے :دنیامیں اپنے نفس کا حساب کروتاکہ قیامت کا حساب آسان ہو۔

سوال: عمامہ شریف کس طرح باندھنا سُنّت ہے؟

جواب: فتاویٰ رضویہ میں سیدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ نے گنبدنما عمامہ باندھنے کو سنّت لکھا ہے ۔

سوال: چھٹی کے دن کیا کرنا چاہئے؟

جواب :دنیا کے کاموں سے چھٹی ہے تو بندہ اللہ پاک کی عبادت کرے ، قضا نمازیں ہیں تو وہ پڑھے ،زیادہ نفل پڑھ لے،دُرودشریف پڑھ لے ،جوکچھ بھی کرے وہ اللہ پاک کی رضا والے کاموں سے ہو،حدیث پاک میں ہے کہ مصروفیت سے پہلے فرصت کو غنیمت جانو۔فرصت میں بندہ آخرت میں کام آنے والے کاموں میں مصروف رہے ۔12دینی کاموں میں سے ان دِینی کاموں”یومِ تعطیل اعتکاف/علاقائی دورہ برائے نیکی کی دعوت“میں شرکت کی سعادت حاصل کی جائے۔

سوال: باطنی بیماریوں کے علاج کے لیے کیاکرنا چاہئے؟

جواب: اس کے لیے علمِ دین ہوناضروری ہے ،شیطان گناہوں کو بھی اچھا کرکے دکھاتاہے ،علمِ دین ہوگاتو گناہوں کی پہچان ہوگی ،علمِ دین کے حصول کے ساتھ ساتھ عاشقانِ رسول،نمازی،پرہیزگار کی صحبت بھی چاہئے ،دعوت ِاسلامی کے دِینی ماحول سے وابستہ ہوں گے تو باطنی بیماریوں کے علاج کی بھی صورتیں بنتی رہیں گی۔ ان شاء اللہ الکریم

سوال: شماتت کیا ہے ؟

جواب: یہ بھی ایک باطنی یعنی دل کی بیماری ہے ،اس کی تعریف یہ ہے کہ کوئی مسلمان تکلیف میں مبتلاہوجائے ،اس کا کوئی عہدہ ختم ہوجائے،اس کی ٹانگ ٹوٹ جائے تو اس پر دوسرے کوخوشی ہو ،اس خوشی کو شماتت کہتے ہیں ،یہ بھی بُری چیز ہے کہ جس کوتکلیف ہوئی وہ تودرست ہوجائے اوریہ خوش ہونے ولااس تکلیف میں مبتلاہوجائے،اس سے بچنابھی ضروری ہے ۔

شَماتت کی تعریف:اپنے کسی بھی نسبی یا مسلمان بھائی کے نقصان یا اُس کو ملنی والی مصیبت وبلا کو دیکھ کر خوش ہونے کو شَماتت کہتے ہیں۔

(باطنی بیماریوں کی معلومات)

سوال: کیا کتاب بھی اثررکھتی ہے ؟

جواب: جی ہاں ! کتاب لکھنے والانیک ہوگااورجو کتاب جتنے اخلاص کے ساتھ لکھی ہوگی تو اس کا اثر بھی زیادہ ہوگا ،اس کو پڑھنے سے علم اوراس کا نورحاصل ہوگا،جیسے احیاء العلوم کے اپنے اثرات ہیں ،پڑھنے والے کو ایسالگتاہے کہ کان پکڑکرمجھے ہی سمجھایا جا رہاہے ،کتاب اپنے اوراچھے لوگوں کی پڑھنی چاہئے ،ایک بزرگ آدم برکاتی تھے ،ان کی صحبت سے مجھے بہت فائدہ ہوتاتھا ،عقیدے میں بہت مضبوط تھے، ان سے مَیں نے ایک سے زیادہ بارسُنا تھاکہ کتاب اپنے بزرگوں کی پڑھنی چاہئے کہ جتنا ہم پڑھیں گے تو اس کتاب پڑھنے کا ثواب لکھنے والے بزرگ کو ملے گا۔

سوال: آپ نےفیضانِ سنّت میں میڈیکل ٹیسٹ کروانےکا مشورہ دیا ہے ،اگرٹیسٹ میں کولیسٹرول آئے تو کیاکیا احتیاطیں کی جائیں ؟

جواب: کولیسٹرول والاچکنائی والی چیزیں مثلاً گھی،ملائی وغیرہ استعمال نہ کرے ،بہتریہ ہے کہ کچے زیتوں کا تیل(Olive Oil) استعمال کرے، یعنی جو چیز بھی بنائی جائے وہ بغیرتیل یاگھی کے ہو اوراس پر کچے زیتون کا تیل ڈال کرکھائے ،اس سے پریشانی نہیں ہوتی یعنی یہ چیزکھائی جاسکتی ہے ۔

سوال : بچوں کو اپنے والداوروالدہ کو کیا کہہ کر بُلانا چاہئے؟

جواب : مجھے یہ پسندہے کہ بچے اپنے والدکو ابو اوروالدہ کوامی کہاکریں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” نام رکھنے کی 18 سنّتیں اور آداب “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارَبَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” نام رکھنے کی 18 سنّتیں اور آداب “ پڑھ یا سُن لے، اُسے ہر کام سنت کے مطابق کرنے کی سعادت دے اور اُسے اپنے سب سے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنتوں کی چلتی پھرتی تصویر بنا اور اُس کی بے حساب مغفرت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔