9 مارچ 2022 ء بروز بدھ ملتان میں دعوت اسلامی کی مجلس رابطہ و مجلسِ سیکیورٹی کےذمہ داران کی سی پی او شہزادحیدر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایس ایس پی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ نجف مہدی ، ڈی ایس پی ہیڈکواٹرمنیر، انچارچ پولیس لائن آصف علی حاکم، چیف سیکیورٹی آفیسرمحمدفیضان،  ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسرفاروق لطیف ویگرسےملاقاتیں کیں ۔

دورانِ ملاقات شب براءت اجتماعات پرسیکیورٹی کے حوالے سے گفتگو کی اور دعوت اسلامی کےشعبہ FGRFو دیگرشعبہ جات کی دینی وفلاحی خدمات کےحوالےسےانہیں بریف کیا،مدنی مرکزفیضان مدینہ وزٹ کرنےکی دعوت پیش کی اور انہیں مختلف کتب ورسائل تحفے میں پیش کئے۔(رپورٹ: مجلس رابطہ دعوت اسلامی ملتان ، کانٹینٹ: مصطفی انیس) 


گزشتہ دنوں عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں سیکشن آفیسر ٹریفک پولیس پی آئی بی محمد یوسف نے اپنی ٹیم کے ساتھ دورہ کیاجہاں صوبائی  ذمہ دار شعبہ رابطہ برائے شخصیات کراچی محمد یعقوب عطاری نے فیضانِ مدینہ کے اطراف میں ٹریفک کنٹرول کرنے اور پارکنگ کے امور پر مشاورت کی۔


پچھلے دنوں پنجاب کے شہر ڈسکہ کے علاقے کوریکی میں قائم جامع مسجد فیضانِ عشقِ رسول ﷺ میں سحری اجتماع ہوا جس میں نگرانِ ڈسکہ کابینہ حاجی عثمان طاہر عطاری  سمیت دیگر ذمہ داران اسلامی بھائیوں نے شرکت کی ۔

سحری اجتماع میں باجماعت نمازِ تہجد ادا کی ، اسلامی بھائیوں نے پیر شریف کا روزہ رکھا اور اسلامی بھائیوں نے نمازِ فجر کے لئے مسلمانوں کوجگایا ۔

بعد نمازِ فجر نگرانِ ڈسکہ کابینہ حاجی عثمان طاہر عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور تفسیر سننے سنانے کا حلقہ لگا یا ۔(رپورٹ: محمد عادل رضا عطاری، کانٹینٹ: مصطفی انیس)


گزشتہ دنوں ملتان  ڈویژن میں شعبہ حج و عمرہ کے تحت معلم عمرہ تربیتی کورس ہواجس میں ملتان ڈویژن کے آئمہ کرام اور صوبائی ذمہ دارمحمدعدنان مدنی نے شرکت کی ۔

اس تربیتی کورس میں مبلغ دعوت اسلامی پاکستان ذمہ دار شعبہ حج و عمرہ حاجی محمد شوکت عطاری نے(presentation ) کے ذریعے حج وعمرہ کے مسائل سکھائے اور ساتھ ہی پریکٹیکل کر کے بھی دکھایا ۔(رپورٹ: شعبہ حج وعمرہ ، کانٹینٹ: مصطفی انیس)


دعوت اسلامی کےزیر اہتمام عاشقان رسول کو علم دین سیکھنے اور نیکیوں بھری زندگی گزارنے کے لئےمختلف ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا ہے ایسا ہی ایک ایونٹ ہفتہ وار اجتماع بھی ہے  جو باقاعدگی سے ہر جمعرات دنیا بھر میں بعد نماز مغرب منعقد کیا جاتا ہے۔

اسی سلسلے میں آج مؤرخہ 10 مارچ 2022ء بعد نماز مغرب دنیا بھر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جائیگا جن میں مبلغین دعوت اسلامی سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جامع مسجد مدینہ سیکٹر C.2میر پور کشمیر میں رکن شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے جسے رات 8:45 بجے مدنی چینل پر براہ راست نشر کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ جامع مسجد رضائے مصطفٰے، کورنگی نمبر 04، کراچی میں رکن شوریٰ حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری اور مرکزی جامع مسجد شیر اہلسنت سانگلہ ہل میں رکن شوریٰ حاجی یعفور رضاعطاری سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔

تمام عاشقان رسول سے ہفتہ وار اجتماعات میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


امام اہلسنّت رحمۃ اللہ علیہ کے یہ شاندار حواشی آٹھ سال پہلے دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے "مکتبۃ المدینہ" سے 7جلدوں میں شائع ہوچکے ہیں ، یہاں جد الممتار اور اس پر کئے گئے کاموں کا تعارف مقصود نہیں کیونکہ اس پر "امام اہلسنّت کا فقہی شاہکار جد الممتار" کے نام سے شائع ہوچکا ہے۔

امام اہلسنّت رحمۃ اللہ علیہ کا یہ فیضان، شیخِ طریقت امیر اہلسنّت دامت برکاتہم العالیہ کی بدولت ، دعوتِ اسلامی کے تحقیقی ادارے المدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبۂ کتب اعلیٰ حضرت کے ذریعے جب سامنے آیا تو علمی وتحقیقی حلقوں میں اسے خوب سراہا گیا اور گلستانِ رضویت میں اسے خوبصورت اضافہ قرار دیا گیا ، جلد ہی پاک وہند کے ساتھ ساتھ دنیائے عرب میں بھی اس کا شہرہ ہوا، دنیائے عرب کا مشہور مکتبہ "دار الکتب العلمیہ"جو پہلے ہی امام اہلسنّت رحمۃ اللہ علیہ کی کئی کتابیں مکتبۃ المدینہ العربیہ اور المدینۃ العلمیہ کے تعاون سے شائع کرچکا ہے، اس کے عہدیداروں نے مکتبۃ المدینہ العربیہ اور دار تراث العلمی کے ذمہ دار مولانا احمد رضا گھانچی صاحب کے ذریعے جد الممتار کی اشاعت کی خواہش کا پیغام بھجوایا۔

اشاعتِ اول میں کام کرنے والے افراد : یوں تو وقتاً فوقتاً مختلف افراد کو اس میں کچھ نہ کچھ کام کرنے کی سعادت ملی لیکن مولانا یونس علی عطاری مدنی، کاشف سلیم عطاری مدنی، مولانا سید عقیل احمد عطاری مدنی خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ یہ پراجیکٹ مولانا یونس علی عطاری مدنی جن سے راقم کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ، کی نگرانی میں پایۂ تکمیل کو پہنچا۔

اشاعتِ جدیدہ کی خصوصیات: اشاعتِ اول کا کام بلاشبہ بہت عمدہ کاوش تھی کیونکہ کام کرنے والی ٹیم منجھے ہوئے تجربہ کار افراد پر مشتمل تھی ، اولاً یہی کوشش کی گئی کہ عالمِ عرب سے بھی اس کی من وعن اشاعت ہوجائے لیکن فائلوں کاپیج سائز اور فونٹس مختلف ہونے کی وجہ سے کچھ کام دوبارہ کرنے ناگزیر تھے ، جن کی تفصیل در ج ذیل ہے:

(01)تقاریظ علمائے کرام:

پانچ علمائے عرب اور تین علمائے ہند کی تقاریظ کو شامل کیا گیا ہے ، علمائے عرب میں شیخ عبد الہادی محمدخرسہ، شیخ عبد العزیز خطیب حسینی، شیخ حسن سائد بادنجکی حسینی، شیخ فارس بن عمر حسینی اور شیخ ایمن بکار اور علمائے ہند میں علامہ محمد احمد مصباحی، مولانا افتخار احمد مصباحی اور مولانا عبد المبین نعمانی صاحب دامت برکاتہم العالمیہ ہیں اور یہ تینوں وہ علمائے کرام ہیں جنہوں نے جد الممتار پر سب سے پہلے کام کرکے مجمع الاسلامی مبارکپور سے شائع کروایا جو ہمارے کام کیلئے بہترین معاون بنا۔

(02)تمام جلدوں کی پروف ریڈنگ ونظر ثانی کی گئی ہے۔

(03)لفظی ومعنوی اغلاط کی تصحیح کی گئی ہے۔

(04)قولہ کا تعین: تفہیم مسئلہ کیلئے حاشیہ میں مالحق وسبق سے تنویر الابصار، در مختار اور رد المحتار کی عبارتیں ذکر کی گئی تھیں ، جدید طباعت میں قاری کی مزید آسانی کیلئے خاص جن الفاظ پر امام اہلسنّت رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیق ہے انہیں انڈر لائن کرکے ہائی لائٹ کردیا گیا ہے ۔

(05)آیات کی پیسٹنگ: آیات کی پیسٹنگ عالم عرب میں رائج خط والے مصحف سے کی گئی ہے۔

(06)متروکہ تخاریج وتراجم : اشاعتِ سابقہ میں جو تخریجیں کتاب دستیاب نہ ہونے یا کسی اور وجہ سے رہ گئی تھیں وہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

اسی طرح جو تراجمِ اعلام وکتب رہ گئے تھے وہ بھی کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔

(07)ماخذ میں تبدیلی: اسی طرح وہ کتابیں جو اس وقت مخطوط تھیں اور اب طبع ہوچکی ہیں تو مخطوط کی جگہ مطبوعہ کا حوالہ دیا گیا ہے، اسی طرح کوئی حوالہ اپنے سے اوپر درجہ کے ماخذ میں مل گیا تو اس کا حوالہ دیا گیا ہے۔

(08)پیج سائز وفارمیشن:

پیج سائز کی تبدیلی میں بھی حتی الامکان یہی کوشش رہی ہے کہ صفحہ طباعتِ سابقہ کے مطابق رہے زیادہ فرق نہ آئے۔

ہیڈنگز ، آیات واحادیث اور اہم مقامات کو مختلف کلر سے ممتاز کیا گیا ہے۔

اشاعتِ جدیدہ میں کام کرنے والے افراد:

ان کاموں میں مجھے جن افراد کا تعاون حاصل رہا ان کے نام یہ ہیں: محمد ندیم عطاری مدنی، محمد شعیب عطاری مدنی، محمد اسد رضا عطاری مدنی، محمد اکرم عطاری مدنی، محمد منصور عطاری مدنی،محمد عاصم عطاری مدنی اور محمد احمد رضا عطاری مدنی۔

محدود وقت میں کام کو مزید اچھے سے اچھے انداز میں پیش کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے ، اللہ کریم بوسیلۂ خاتم النبیین اس کوشش کو قبول فرمائے اور سب کام کرنے والوں کے علم وعمل میں برکتیں عطا فرمائے اور اسے عالم عرب میں تعلیماتِ رضا کو مزید عام کرنے کا ذریعہ بنائے ۔ آمین بجاہ النبی الامین


7 مارچ 2022ء بروز پیرپاکستان کے شہر گوجرانوالہ میں دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی مشورہ منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ اور میٹروپولیٹن ذمہ داران سمیت محافظِ اوراقِ مقدسہ نے شرکت کی۔

اس مدنی مشورے میں نگرانِ گوجرانوالہ میٹروپولیٹن خوشی محمد نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رمضان عطیات جمع کرنے اور شعبے کےدینی کاموں کو مضبوط کرنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ:محمد آفتاب گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ شعبہ تحفظ اوراق مقدسہ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 7 مارچ 2022ء بروز پیر شعبہ حج و عمرہ کے ذمہ داران نے شکارپور میں زائرینِ مکہ و مدینہ کے اسلامی بھائیوں سے اُن کے گھروں پرجاکر ملاقات کی۔

اس دوران مبلغِ دعوتِ اسلامی نے عاشقانِ رسول کو مکے اور مدینے کے فضائل بیان کئے نیز احرام کا عملی طریقہ و سفر کے معاملات بتاتے ہوئے انہیں زیادہ سے زیادہ وقت عبادت، ذکر و درود میں گزارنے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ:عبدالرزاق عطاری رکن سکھر ڈویژن مشاورت ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ حج و عمرہ کے تحت 7 مارچ 2022ء بروز پیر ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے حاجی کیمپ سکھر کا وزٹ کیا جہاں انہوں نے مختلف افسران سے ملاقات کی۔

اس دوران رکنِ سکھر ڈویژن مشاورت عبدالرزاق عطاری نے افسران سے زائرین مکہ مدینہ کی تربیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دیگر اہم نکات پر تبادلۂ خیال کیا۔

اس کے علاوہ ذمہ داران نے انہیں دعوتِ اسلامی کی عالمی سطح پر ہونے والی دینی و فلاحی خدمات کے بارے میں بتایا جس پر انہوں نے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہا۔(رپورٹ:شعبہ حج و عمرہ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوت اسلامی کے شعبہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 7مارچ 2022ء بروز پیر کہکشاں مارکیٹ سول لائنز ٹاؤن کلفٹن کراچی میں بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے امیر اہل سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے اپنا بلڈ ڈونیٹ کیا۔

اس موقع پر رابطہ برائے تاجران ذمہ دار محمدعمران عطاری نے دیگر ذمہ دار اسلامی بھائیوں کے ہمراہ بلڈ کیمپ کا وزٹ کیا اور خون عطیہ کرنے والے عاشقان رسول سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔(رپورٹ:محمدعمیرعطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 7 دن پر مشتمل فیضانِ نماز کورس کا انعقاد کیا گیا جس میں شعبہ ڈونیشن سیل ڈیپارٹمنٹ کے اسلامی بھائیوں سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

دورانِ کورس 8 مارچ 2022ء بروز منگل شرکا کے لئےسیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا گیا جس میں انہیں مبلغِ دعوتِ اسلامی عزیر عطاری نے غسل میت دینے، کفن کاٹنے اور پہنانے کا طریقہ سکھایا۔(رپورٹ:شعبہ کفن دفن، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


7مارچ 2022ء بروز پیر شعبہ تحفظِ اوراقِ مقدسہ دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران نےدینی کاموں کے سلسلے میں فیضانِ مکہ مدینہ رحمان سٹی شاہدرہ لاہور کا دورہ کیاجہاں انہوں نے زیرِ تعمیر مدرسۃ المدینہ و جامعۃ المدینہ گرلزاور شعبہ تحفظ ِاوراقِ مقدسہ کے کارخانے کا وزٹ کیا۔

اس دوران ذمہ داران نے کارخانے میں آنے والی شخصیات کو شعبے کے دینی کاموں سے آگاہ کرتے ہوئے وہاں تیار ہونے والے مختلف ڈیزائن کے بکسز دکھائے۔

صوبۂ پنجاب ذمہ دار محمد رضا عطاری اور لاہور ڈویژن ذمہ دار محمد عالم عطاری نے مقامی ذمہ داران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کی دعائیں حاصل کرنے کے لئے شعبے کے دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ ملانے کا ذہن دیا جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔

اس موقع پرشعبہ جامعۃ المدینہ و مدرسۃ المدینہ گرلزذمہ داران عرفان عطاری مدنی اور طیب عطاری مدنی بھی موجود تھے۔(رپورٹ:محمد اشفاق علی عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)