خوش نصیب ہے وہ انسان جس کو اللہ پاک نے ایمان جیسی عظیم دولت سے مشرف فرمایا یہ عظیم دولت دنیا و مافیہا کی دولت سے بہتر ہے کہ اس عظیم دولت پر ہی جنت کی عظیم اور ابدی نعمت کو حاصل کرنے کا دارومدار ہے۔ جو شخص ایمان کی حالت میں اس دنیا فانی سے رخصت ہوا اللہ پاک اس کو جنت میں داخل فرمائے گا چنانچہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَعَدَ اللّٰهُ الْمُؤْمِنِیْنَ وَ الْمُؤْمِنٰتِ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَا وَ مَسٰكِنَ طَیِّبَةً فِیْ جَنّٰتِ عَدْنٍؕترجمہ کنزالعرفان: اللہ نے مسلمان مردوں اور مسلمان عورتوں سے جنتوں کا وعدہ فرمایا ہے جن کے نیچے نہریں جاری ہیں ، ان میں ہمیشہ رہیں گے اور عدن کے باغات میں پاکیزہ رہائشوں کا (وعدہ فرمایا ہے) ۔(پ 10،التوبۃ: 72)

اور جو معاذ اللہ اس دنیا فانی سے ایمان سلامت لے کر نہ گیا اس کے لئے ہمیشہ جہنم میں رہنے کا عذاب ہے۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: اِنَّ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ مَاتُوْا وَ هُمْ كُفَّارٌ اُولٰٓىٕكَ عَلَیْهِمْ لَعْنَةُ اللّٰهِ وَ الْمَلٰٓىٕكَةِ وَ النَّاسِ اَجْمَعِیْنَۙ(۱۶۱) خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۚ-لَا یُخَفَّفُ عَنْهُمُ الْعَذَابُ وَ لَا هُمْ یُنْظَرُوْنَ(۱۶۲)ترجمۂ کنزالعرفان: بیشک وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا اور کافر ہی مرے ان پراللہ اور فرشتوں او ر انسانوں کی ،سب کی لعنت ہے ۔ وہ ہمیشہ اس (لعنت) میں رہیں گے، ان پر سے عذاب ہلکا نہ کیا جائے گا اور نہ انہیں مہلت دی جائے گی۔ (پ1، البقرۃ: 161 تا162)

ایمان کی تعریف: لغوی معنی تصدیق کرنا یعنی سچا مان لینا اور اصطلاحِ شرع میں ایمان کے معنی ہیں سچے دل سے ان سب باتوں کی تصدیق کرنا جو ضروریات دین سے ہیں اور کسی ایک ضرورت دینی کے انکار کو کفر کہتے ہیں، اگرچہ باقی ضروریات کی تصدیق کرتا ہو۔ (بہار شریعت حصہ اول ص 172)

اعلی حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ ایمان کی تعریف کرتے ہوئے فرماتے ہیں: محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو ہر بات میں سچا جانے، حضور کی حقانیت کو صدق دل سے ماننا، ایمان ہے جو اس کا مقر (قرار کرنے والا) ہو اسے مسلمان جانیں گے جبکہ اس کے کسی قول یا فعل یا حال میں اللہ و رسول کا انکار یا تکذیب یعنی (جھٹلانا) یا توہین نہ پائی جائے۔(فتویٰ رضویہ ،29 / 254)

ایمان کی تعریف میں جو ضروریات دین کا لفظ ذکر ہوا اس سے مراد وہ دینی باتیں ہیں جن کا دین سے ہونا ایسے قطعی یقینی دلیل سے ثابت ہو جس میں ذرہ برابر شبہ نہ ہو اور ان کا دینی بات ہونا ہر عام و خاص کو معلوم ہو جیسے اللہ پاک کی وحدانیت، انبیا کی نبوت، جنت و دوزخ، حشر ونشر وغیرہ۔خاص سے مراد علما اور عام سے مراد وہ لوگ ہیں جو عالم نہیں مگر علما کی صحبت میں رہتے ہوں۔(بہار شریعت ،/1 172)

ایمان والوں کے لیے اللہ پاک نے قرآن پاک میں بے شمار دینی اور دنیوی بشارت عطا فرمائی ہیں جن میں سے چند یہ ہیں:۔ (1)ایمان والوں پر اللہ کا بڑا فضل ہے۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ بَشِّرِ الْمُؤْمِنِیْنَ بِاَنَّ لَهُمْ مِّنَ اللّٰهِ فَضْلًا كَبِیْرًا(۴۷) ترجمۂ کنزالعرفان: اور ایمان والوں کو خوشخبری دے دو کہ ان کے لئے اللہ کا بڑا فضل ہے۔(پ 22 ، الاحزاب: 47)

(2) مؤمن کے لیے عزت کی خوشخبری ہے۔اللہ ارشاد فرماتا ہے:وَ لِلّٰهِ الْعِزَّةُ وَ لِرَسُوْلِهٖ وَ لِلْمُؤْمِنِیْنَترجمۂ کنزالعرفان: عزت تو اللہ اور اس کے رسول اور مسلمانوں ہی کے لیے ہے۔(پ، 28 المنٰفقون: 8) (3) مؤمن کے لیے اللہ کے پاس اچھا مقام ہے۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ بَشِّرِ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَنَّ لَهُمْ قَدَمَ صِدْقٍ عِنْدَ رَبِّهِمْترجمۂ کنزالعرفان: ایمان والوں کو خوشخبری دے دو کہ ان کے لئے ان کے رب کے پاس سچا مقام ہے۔( پ،11 ،یونس: 2)

(4) مؤمن کے لیے دنیا اور آخرت میں خوشخبری ہے۔اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ كَانُوْا یَتَّقُوْنَؕ(۶۳) لَهُمُ الْبُشْرٰى فِی الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَ فِی الْاٰخِرَةِؕ ترجمہ کنزالعرفان: اور وہ جو ایمان لائے اور ڈرتے رہے ان کے لئے دنیا کی زندگی میں اور آخرت میں خوشخبری ہے۔(پ، 11 یونس: 63، 64) (5) مؤمن پر قیامت کے دن نہ کوئی خوف ہوگا نہ غم۔اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:یٰعِبَادِ لَا خَوْفٌ عَلَیْكُمُ الْیَوْمَ وَ لَاۤ اَنْتُمْ تَحْزَنُوْنَۚ(۶۸) اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا بِاٰیٰتِنَا وَ كَانُوْا مُسْلِمِیْنَۚ(۶۹)ترجمہ کنزالعرفان: (ان سے فرمایا جائے گا)اے میرے بندو آج نہ تم پر خوف ہے اور نہ تم غمگین ہو گے وہ جو ہمارے آیتوں پر ایمان لائے اور وہ فرما بردار تھے۔(پ25 ،الزخرف: 68، 69)

(6) مؤمن کیلئے قیامت کے دن پل صراط پر نور ہو گا۔اللہ ارشاد فرماتا ہے: یَوْمَ تَرَى الْمُؤْمِنِیْنَ وَ الْمُؤْمِنٰتِ یَسْعٰى نُوْرُهُمْ بَیْنَ اَیْدِیْهِمْ وَ بِاَیْمَانِهِمْترجمۂ کنزالعرفان: جس دن تم مؤمن مردوں اور ایمان والی عورتوں کو دیکھو گے کہ ان کا نور ان کے آگے اور ان کی دائیں جانب دوڑ رہا ہے۔(پ 27، الحدید: 12)

(7)مؤمنوں کے لیے نعمتوں کے باغ ہوں گے۔ اللہ ارشاد فرماتا ہے: اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ یَهْدِیْهِمْ رَبُّهُمْ بِاِیْمَانِهِمْۚ-تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهِمُ الْاَنْهٰرُ فِیْ جَنّٰتِ النَّعِیْمِ(۹) ترجمہ کنزالعرفان: بے شک وہ لوگ جو ایمان لائے اور انہوں نے اچھے اعمال کیے ان کا رب ان کے ایمان کے سبب ان کی رہنمائی فرمائے گا ان کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور نعمتوں کے باغوں میں ہوں گے۔(پ11،یونس: 9)

(8) ایمان والوں کی برائیاں مٹا دی جاتی ہیں۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَنُبَوِّئَنَّهُمْ مِّنَ الْجَنَّةِ غُرَفًا تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاؕ-نِعْمَ اَجْرُ الْعٰمِلِیْنَۗۖ(۵۸)ترجمۂ کنزالعرفان: اور جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے اچھے کام کیے تو ہم ضرور ان سے ان کی برائیاں مٹا دیں گے اور انہیں ان کے اچھے اعمال کا بدلہ دیں گے۔(پ21، العنکبوت: 58)

(9) ایمان والے ہمیشہ جنت میں رہیں گے۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: اِنَّ الَّذِیْنَ قَالُوْا رَبُّنَا اللّٰهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوْا فَلَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۚ(۱۳) اُولٰٓىٕكَ اَصْحٰبُ الْجَنَّةِ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۚ-جَزَآءًۢ بِمَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ(۱۴)ترجمۂ کنزالعرفان: بیشک جنہوں نے کہا ہمارا رب اللہ ہے پھر ثابت قدم رہے تو ان پر نہ کوئی خوف ہے نہ وہ غمگین ہوں گے وہ جنت والے ہیں ہمیشہ اس میں رہیں گے انہیں ان کے اعمال کا بدلہ دیا جائے گا۔(پ26، الاحقاف:13، 14)

(10)مؤمن کے لئے سب سے بڑی بشارت کہ اسے جنت میں اللہ پاک کا دیدار ہوگا۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وُجُوْهٌ یَّوْمَىٕذٍ نَّاضِرَةٌۙ(۲۲) اِلٰى رَبِّهَا نَاظِرَةٌۚ(۲۳)ترجمۂ کنزالعرفان: کچھ چہرے اس دن تروتازہ ہوں گے اپنے رب کو دیکھنے والے ہوں گے۔(پ29، القیامہ: 22، 23)

خزائن العرفان میں اس آیت کے تحت فرمایا: مؤمن کو دیدار الہی کی نعمت سے سرفراز فرمایا جائے گا اس آیت سے ثابت ہوا کہ آخرت میں مؤمنین کو دیدار الہی میسر آئے گا یہی اہل سنت کا عقیدہ قرآن و حدیث و اجماع کے دلائل کثیرہ اس پر قائم ہیں اور یہ دیدار بے کیف اور بے جہت ہو گا۔(خزائن العرفان، ص: 1079)

اللہ پاک سے دعا ہے ہم سب کا خاتمہ ایمان پر فرمائے اور جنت کی ابدی نعمتوں سے مشرف فرمائے اور کافروں کو اپنے کفر سے توبہ کرنے اور ایمان قبول کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


اسلامی بہنوں کے لئے خوشخبری

دعوت اسلامی کےشعبہ اوقات الصلوۃ نے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے عالمات اسلامی بہنوں کے لئے آن لائن علم توقیت کورس“ لانچ کردیا ہے جس کا آغاز 25 ستمبر 2022ء سے ہونے جارہاہے۔

یہ کورس 19 دن پر مشتمل ہے جو اتوار اور بدھ کے علاوہ 25 اکتوبر 2022ء تک جاری رہے گا۔ کورس کی تدریس معلمہ کریں گی جبکہ امتحان میں کامیابی پر طالبات کو سند بھی دی جائے گی۔کورس کا دورانیہ شام 4:00 بجے سے 4:45 تک ہوگا۔

آن لائن علمِ توقیت کورس میں شرکت کرنے والی اسلامی بہنوں کو درجِ ذیل چیزیں سکھائی جائیں گی:

٭نماز و سحر و افطار کے اوقات نکالنے کے طریقے ٭ممالک کی گھڑیاں آپس میں مختلف کیوں ہوتی ہیں؟ ٭دنیا کے کسی بھی مقام کے لئے سمتِ قبلہ کیسے معلوم کیا جائے؟ ٭6ماہ کا دن، 6ماہ کی رات کہاں اور کیوں ہوتی ہے؟ ٭نقشہ نظام الاوقات کیسے تیار ہوتے ہیں؟ ٭رات دن کیسے بنتے اور چھوٹے بڑے کیوں ہوتے ہیں؟ ٭سردیاں اور گرمیاں کیسے آتی ہیں؟ ٭کمپاس کیسے کام کرتا ہےاور استعمال کاطریقہ؟ ٭رمضان المبارک کبھی سردیوں اور گرمیوں میں کیوں آتا ہے؟۔ اس کے علاوہ اور بہت کچھ ۔۔۔۔

مزید معلومات کے لئے صرف SMSکے ذریعے اس Whatsaapنمبر رابطہ کیا جاسکتا ہے:03302643181


یوٹالی گاؤں، ملاوی میں 103 افراد کا قبول اسلام

دعوت اسلامی دنیائے اسلام کی واحد دینی تحریک ہے جو دنیا بھر میں 80 سے زائد شعبہ جات کے ذریعے فلاح انسانیت اور فروغ دین کا کام نہایت منظم انداز میں بخوبی سر انجام دے رہی ہے۔ ایک طرف تو دعوت اسلامی کے ذمہ داران پاکستان میں بارش و سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی دُکھیاری امت کی خیر خواہی کرنے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف مبلغین دعوت اسلامی 175 سے زائد ممالک میں مسلمانوں کو علم دین سے سیراب کرنے اور غیر مسلموں کو ان کے سابقہ مذہب سے تائب کرواکر ” دین اسلام “ میں داخل کررہے ہیں۔

مبلغین دعوت اسلامی میں سے ایک مبلغ مولانا عثمان عطاری مدنی بھی ہیں جو دیگر ذمہ داران کے ہمراہ ملاوی Malawi میں دینی کاموں کی دھومیں مچارہے ہیں۔ کچھ روز قبل مولانا عثمان عطاری مدنی کی دینی کاوشوں اور محنتوں کا نتیجہ یہ ظاہر ہواکہ الحمد للہ عزوجل ملاوی کے گاؤں اٹالی میں 2 گاؤں کے سربراہان سمیت 103 افراد نے اسلام قبول کرلیا۔

یہ خوشائندواقعہ کچھ اس طرح کے پیش آیا کہ اٹالی گاؤں میں سنتوں بھرے اجتماع کا سلسلہ جاری تھا جس میں کئی گاؤں کے عاشقان رسول شریک تھے۔ اجتماع میں مبلغ دعوت اسلامی مولانا عثمان عطاری مدنی سنتوں بھرا بیان فرمارہے تھے۔ بیان کے اختتام پر اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر گاؤں کے 2 سربراہان سمیت 103 افراد نے اپنے سابقہ مذہب سے توبہ کی اور مولانا عثمان عطاری مدنی کے ہاتھ پر کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے دائر اسلام میں داخل ہوگئے۔الحمد للہ عزوجل اب تک ملاوی میں 2600 سے زائد افراد دعوت اسلامی کے ذریعے دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے ہیں۔

ان شاء اللہ عزوجل اسلام قبول کرنے والے عاشقان رسول کی تربیت کے لئے وقتاً فوقتاً اجتماعات منعقد کئے جائیں گے جبکہ انہیں علم دین سے آراستہ کرنے اور عبادت کی ادائیگی کے لئے ان کے علاقوں میں بہت جلد مساجد و مدارس قائم کی جائیں گی۔


دعوتِ  اسلامی کے زیر اہتمام راولپنڈی کے یو سی پنڈورہ فیضانِ صحابیات میں آیئے دینی کام سیکھئے کورس کی اسلامی بہنوں کے لئے تربیتی سیشن کا انعقاد ہوا ۔

نگران عالمی مجلس مشاورت اسلامی بہن نے 12 دینی کاموں میں نکھار اور عمدگی لانے کے حوالے سے نکات فراہم کئے نیز عملی طور پر کورس کے بعد دینی کام کرنے کا ذہن دیتے ہوئے دینی کام کرنے کی نیت کرنے والی اسلامی بہنوں کو تحائف دیئے پھر فیضانِ صحابیات پنڈورہ کا مکمل وزٹ کیا۔ 


دعوت  اسلامی کے زیر اہتمام 1 ستمبر 2022ء کو راولپنڈی میں مدنی مشورہ منعقد ہوا۔نگران عالمی مجلس مشاورت اسلامی بہن نے ایران کی اسلامی بہن جو راولپنڈی میں ہیں ان سے ملاقات کرتے ہوئے ایران میں دینی کام بڑھانے سے متعلق میٹنگ کی جس میں ایران سفر جدول بنانے ، نعم البدل تیار کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

علاوہ ازیں ہفتہ وار رسالہ آڈیو ملنے اور مضبوط رابطے سے متعلق بات چیت کی نیز اہداف بھی طے کئے۔


31 اگست 2022ء  کو پی آئی بی جامعۃ المدینہ گرلز تخصص فی الفقہ کے درجہ میں ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا ۔ اس اجتماع پاک میں نگران عالمی مجلس مشاورت اسلامی بہن نے خصوصیت کے ساتھ شرکت کی۔

تلاوت قرآن اور نعت رسول ﷺ سے اجتماع پاک کا آغاز ہوا ۔اس کے بعد نگران عالمی مجلس مشاورت اسلامی بہن نے سنتوں بھرا بیان کیا اور دینی کام کرنے کے سلسلے میں طالبات کی تربیت کی۔ آخر میں سیلاب زدگان کے لئے اور دعوتِ اسلامی کی ترقی و عروج کے لئے دعا کی۔ 


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے مختلف شخصیات (ڈسٹرکٹ و سیشن جج چنیوٹ امجد نزیر چوہدری، ایڈیشنل سیشن جج لالیاں غلام مصطفٰی چوہدری، سینئر سول جج لالیاں آصف اقبال، صدر بار ایسوسی ایشن لالیاں مہر لیاقت علی سپراء، ایس ایچ او لالیاں مہر عبدالرشید جپہ اور صدر پریس کلب لالیاں محمد عرفان بٹ) کے ہمراہ تحصیل کمپلیکس لالیاں میں شجرکاری کرتے ہوئے پودے لگائے۔

اس دوران ذمہ داران نے وہاں موجود شخصیات کو نیکی کی دعوت دیتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں کے بارے میں معلومات فراہم کیں جبکہ سیشن جج چنیوٹ کو ذمہ داران کی جانب سے ”عمر بن عبدالعزیز رحمۃاللہ علیہ کی425حکایات“، ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ اور ”درخت لگایئےثواب کمایئے“ رسائل تحفے میں پیش کئے گئے۔(رپورٹ:شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


3 ستمبر 2022ء بروز ہفتہ ڈیرہ غازی خان میں دعوتِ اسلامی کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرفرخ جاوید (انچارج فلڈریلیف کیمپ) اور ایڈیشنل کمشنرجنرل سیف اللہ بلوانی سمیت دیگرادارے کے افسران سے میٹنگ کی۔

دورانِ میٹنگ شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے ذمہ داران فداعلی عطاری اور عمران اکبرعطاری نے افسران سے سیلاب متأثرین کے لئے ہونے والے ریلیف کاموں پر مشاورت کی نیز زیادہ متأثر علاقے اور وہ علاقے جہاں ابھی تک ریلیف کے لئے رسائی نہیں ہو پائی ان کے بارے میں اہم نکات پر تبادلۂ خیال کیا۔

بعدازاں ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور دعوتِ اسلامی کے ہمراہ ریلیف کاموں میں مزید بہتری کے لئے چند امور پر گفتگو کی۔(رپورٹ:شعبہ رابطہ برائے شخصیات، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محمد زوہیب شفیع اور صدر پریس کلب کوٹ مومن رانا الماس حنیف نے پنجاب پاکستان کی تحصیل کوٹ مومن ضلع سرگودھا میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا دورہ کیا۔

اس دوران شخصیات نے سیلاب متاثرین کے لئے لگائے گئے امدادی کیمپ کا وزٹ کیا جہاں ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے انہیں دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات سے آگاہ کیا۔

بعدازاں ڈیرہ اسماعیل خان میں موجود سیلاب زدگان کی امداد کے لئے گاڑیوں پر راشن اور ضروریاتِ زندگی کا سامان روانہ کیا نیز مبلغِ دعوتِ اسلامی نے اس موقع پر دعا بھی کروائی جس میں اسسٹنٹ کمشنراور صدر پریس کلب سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ (رپورٹ:شعبہ رابطہ برائے شخصیات، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوت اسلامی کے  تحت مستقل عمرہ تربیت گاہ بمقام جامع مسجد انوار مدینہ فتح جنگ اٹک میں عمرہ تربیتی نشست کا سلسلہ ہوا جس میں عمرہ پر جانے والے افراد نے شرکت کی ۔

مبلغ دعوت اسلامی نے احرام باندھنے کا طریقہ، عمرہ کے احکام اور مکے مدینے کی حاضری کے آداب بیان کئے اور ریاض الجنۃ میں حاضری کے لئے استعمال ہونے والی ایپ ’’اعتمرنا‘‘ کو انسٹال کرنے اور چلانے کا طریقہ بتایا ۔(رپورٹ: مبشر حسن عطاری مجلس حج و عمرہ ڈسٹرک اٹک، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام لوگوں کو نیکی کی دعوت دینے اور انہیں دینی و فلاحی خدمات کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے وائس چیئرمین LDA (Lahore Development Authorityنعیم الحق سے ملاقات کی۔

دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران خواجہ سلیم عطاری اوربلال رضا عطاری نے وائس چیئر مین نعیم الحق کو دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں کے بارے میں بتایا جس پر انہوں نے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں بالخصوص شعبہ FGRF کے فلاحی کاموں کے حوالے سے خوشی کا اظہار کیا۔بعدازاں ذمہ داران نے انہیں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور کا وزٹ کرنے کی دعوت دی۔(رپورٹ:شعبہ رابطہ برائے شخصیات، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ  اسلامی کے شعبہ FGRF کے زیر اہتمام3 ستمبر 2022ء کو صوبہ سندھ کے سیلاب زدگان کے لئے ماتلی شہر میں امدادی کیمپ لگایاگیا جس میں صوبائی ذمہ دار محمد شفیق عطاری مدنی نے عوام کو صوبہ سندھ کے سیلاب متاثرین کے ساتھ تعاون کرنے کا ذہن دیا جس پر ہاتھوں ہاتھ رقم اور دیگر سامان وصول ہوئے۔

ذمہ داران نے امدادی سامان جمع کیا اور کھانہ پکواکر متاثر علاقوں بڈو لنجواری نیو دمالو انٹئیر سندھ میں تقریبا 300 مستحقین میں تقسیم کیا۔(رپورٹ: محمد شفیق مدنی صوبائی ذمہ داری ، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)