دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں دارالمدینہ ایجوکیشن سسٹم سے وابستہ اداروں دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم، فیضان اسلامک اسکول سسٹم، دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس اور دارالمدینہ بوائز کالج کا 3 دن پر مشتمل سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری اور اراکین ِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطاری، حاجی محمدامین عطاری اور حاجی یعفور رضا عطاری نے سنتوں بھرے بیانات کئے نیز دارالمدینہ کے ذمہ داران کی ذو الحجۃ الحرام میں ہونے والے مدنی مذاکروں میں بھی حاضری ہوئی جہاں انہوں نے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے مختلف سوالات کئے۔

تفصیلات کے مطابق نگرانِ شوری مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے تربیت کے مدنی پھول دیتے ہوئے کہا کہ اخلاق لوگوں کو قریب کرتے ہیں، بااخلاق وہ ہے جو ہر جگہ بااخلاق ہے، لوگ آپ کے ڈر سے آپ کی عزت نہ کریں بلکہ آپ کے اخلاق کی وجہ سے کریں۔

نگرانِ شوریٰ نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ کیا ہم وہ ہیں جنہیں دیکھ کر لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ آجائے یا جنہیں دیکھ کر لوگوں کی مسکراہٹ دور ہوجائے۔مزید اُن کا کہنا تھا کہ غلطی کسی سے بھی ہوسکتی ہے، جب غلطی ہوجائے تو معافی مانگ لینی چاہیے، یہ نہ ہو کہ ہمیشہ چھوٹے ہی معافی مانگیں، بڑوں کو بھی معافی مانگنی چاہیے۔

رکن شوری و نگرانِ مجلس دارالمدینہ حاجی محمد اطہر عطاری نے شرکائے اجتماع کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ اچھےاستاد، پرنسپل اور ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ کی اولین ترجیح نظافت و نفاست ہونی چاہیے۔اللہ پاک کی رضا کے لئے اپنی شخصیت کو جاذبِ نظر اورصفائی ستھرائی کو اپنا شعار بنائیے۔رکن شوری ٰکا کہنا تھا کہ دورانِ تدریس طلبہ کا نام لے کر مخاطب کرنے سے طلبہ کی توجہ اور دل چسپی میں اضافہ ہوتا ہے۔ بچوں کو بات کرنےکا موقع دیجیئے، ان کے ساتھ ہمدردی بھی کیجیئے۔اس دوران انہوں نے مکتبۃ المدینہ کی شائع کردہ کُتُب ”تمہید الایمان“، ”پردے کے بارے میں سوال جواب“ اور ”کفریہ کلمات کے بارے میں سوال و جواب“ پڑھنے کی ترغیب دلائی۔

اس کے علاوہ رکنِ شوری حاجی محمد امین عطاری نے اسلامی بھائیوں کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو ہمیشہ اچھا سوچنا چاہیئے۔طلبہ کی شخصیت سازی کے لئے سب سے پہلے اپنا انداز بہتر بنانے کی کوشش کیجیئے۔اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کیجیئے۔ہر استاد یہ سوچے کہ میں قوم کو اچھے افراد تیار کرکے دے رہا ہوں۔

اسی طرح رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے تربیت کرتے ہوئے کہا کہ دارالمدینہ کا اصل مقصد تربیت ہے۔انہوں نے تبلیغ دین اور نیکی کی دعوت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے فرمایا:آج کل معاشرے کے ہر طبقے کے افراد میں اخلاقی کمزوریاں پیدا ہوچکی ہیں جن کمزوریوں کو نیکی کی دعوت کے ذریعے دور کیا جاسکتا ہے۔

آخری نشست میں رکنِ شوری حاجی محمد اطہر عطاری نے کہا  کہ اللہ عزوجل نے دعوتِ اسلامی کے صدقے ہم سب کو عزت عطا کی ہے۔ ہم سب ایک مقصد کے تحت کام کررہے ہیں اور جس کے سامنے مقصد ہو وہ صرف ملازمت نہیں کرتا لہٰذا  دارالمدینہ میں آکر خود کو نکھاریئے، دعوتِ اسلامی اورامیر اہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہکے سفارتکار بنائے۔ (رپورٹ:غلام محی الدین ترک،  اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)

دارالمدینہ انٹر نیشنل اسلامک  اسکول سسٹم کے دینی کاموں کے سلسلے میں پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دارالمدینہ کے اہم ذمہ دار اسلامی بھائیوں کا مدنی مشورہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق اس مدنی مشورے میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطاری نے اسلامی بھائیوں سے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے شعبے کے دینی کاموں کا فالو اپ لیا اور انہیں مدنی پھولوں سے نوازا۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے تحت 25 جون 2022ء بروز ہفتہ سندھ کے شہر حیدر آباد میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں مدنی مشورہ منعقد ہوا جس میں شعبہ دارالمدینہ انٹر نیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

دورانِ مدنی مشورہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطاری نے شعبے کے دینی کاموں کے متعلق اہم امور پر گفتگو کرتے ہوئے مدنی پھولوں سے نوازا اور دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔(غیاث الدین عطاری)


دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم سندھ ریجن کے کیمپسز میں رزلٹ ڈے کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا وطالبات کے درمیان قرأت،نعت اور معلومات عامہ کے مقابلے بھی ہوئے۔رزلٹ ڈے کے موقع پر شریعہ ایڈوائزر دارالمدینہ مولانا کفیل عطاری مدنی، دارالافتاء کے مولاناشفیق عطاری مدنی، نگران سندھ دارالمدینہ مدنی رضا عطاری، خرم عطاری اور محمد عرفان عطاری نے سنتوں بھرے بیانات کئے نیزرزلٹ ڈے کے موقع پر پیرنٹس ٹیچرز میٹنگ بھی منعقدہوئی۔

اس دوران مولانا کفیل عطاری مدنی نے وہاں موجود عاشقانِ رسول کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے پیسے جب غیر محفوظ تصور کرتے ہیں تو بینک میں رکھوادیتے ہیں،ہم بینک میں پیسے اس لئے رکھتے ہیں کہ بینک ہمارے پیسوں کی ہم سے زیادہ حفاظت کرتا ہے۔ہمارے بچوں کا بھی یہی معاملہ ہے اگر ہم اپنے بچوں کی تربیت خود نہیں کرپارہے تو ہم اپنے بچے کی تربیت کا معاملہ ان کے سپرد کرتے ہیں جو ہم سے زیادہ اچھی تربیت کرسکیں،جہاں ہمارا بچہ محفوظ ہاتھوں میں ہو،دارالمدینہ بھی ایسا ہی ادارہ ہے جہاں آپ کے بچے کی تربیت محفوظ ہاتھوں میں ہورہی ہے۔

اس کے علاوہ مولانا شفیق عطاری مدنی کا کہنا تھا کہ دارالمدینہ کے ذریعے عنقریب مستقبل کے معمار دین و دنیا کے اہم شعبوں میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے جبکہ نگران سندھ ریجن مدنی رضا عطاری گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تربیت کے لئے والدین کا باعمل اور جدید دُنیا سے ہم آہنگ ہونا بہت ضروری ہے کیوں کہ اس کے ذریعے نِت نئے علوم تک رسائی اور زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کے ساتھ ساتھ بچوں کے لئے پوشیدہ خطرات میں بھی اضافہ ہوا ہے لہٰذااپنے بچوں کو انٹرنیٹ، اسمارٹ فون اور ٹچ اسکرین کا اتنا عادی مت بنائیے کہ وہ تعلیمی اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ نہ لے سکیں۔

اسی لئے والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی دین سے وابستگی بڑھائیں نیز مبلغین ِدعوت اسلامی نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بچے دارالمدینہ سے جو کچھ سیکھ کر جائیں گھر میں ان پر عمل کو یقینی بنائیں ، اس کے علاوہ بچے کی مزید اخلاقی و روحانی تربیت کے لئے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع اور مدنی مذاکرہ میں اُن کے ساتھ شرکت کیجیے۔بعدازاں ان تقاریب میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے شیلڈ اور اسناد پیش کی گئیں۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


رُکنِ شورٰی اور نگران شعبہ دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک ایجوکیشنل سسٹم حاجی محمداطہر عطاری نے گزشتہ دنوں ایک تربیتی نشست میں دارالمدینہ پنجاب کے ریجنل ڈائریکٹرز، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور پرنسپل صاحبان کی تربیت فرمائی۔

دورانِ تربیت رکن شوریٰ کا کہنا تھاکہ اپنے کاموں کے حوالے سے محتاط رہیں۔ہر پرنسپل کو چاہیے کہ وہ چار باتوں پر ضرور عمل کریں 1)اپنے طالب علموں کی مزید بہتری کے لئے کوشاں رہیں 2)سرپرستوں کو ہر معاملے میں مطمئن کریں 3)اپنے مسائل کا حل خود تلاش کریں اور 4)اپنے کیمپس کو ہر لحاظ سے مستحکم بنائیں۔

رکنِ شوریٰ نے ذمہ داران کو مطالعےکی ترغیب دیتے ہوئے بالخصوص دو کتابوں ’’حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ کی 425 حکایات‘‘ اور ’’فیضان فاروق اعظم رضی اللہ عنہ‘‘ پڑھنے کا ذہن دیا۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


اساتذہ اور طلبہ کی کارکردگی کو جانچنے، تعلیمی سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنانے، تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنانے اور انتظامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے ذمہ داران کیمپسز کا جائزہ لیتے رہتے ہیں۔

جدول کے دوران اسکول کو تعلیمی و انتظامی اعتبار سے بہتر کرنے کے لئے ہدایات دی جاتی ہیں اور اساتذہ کو اپنے فرائض منصبی مزید بہتر انداز میں ادا کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔

گزشتہ دنوں نگران پنجاب دارالمدینہ مولانا زبیر عطاری مدنی نے لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، راوالپنڈی، گجرات، کنجا، کھاریاں، لالہ موسیٰ اور چشمہ میں قائم دارالمدینہ کے کیمپسز کا دورہ کیا۔

اس دوران اُنہوں نے تعلیمی اور انتظامی اُمور کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا اورمختلف امور پر تدریسی عملے کی تربیت کی۔نگرانِ پنجاب نے حاضری، وقت کی پابندی اورڈسپلن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئےکہا کہ ہر فرد کو ان خوبیوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ان خوبیوں پر عمل پیراہونے والے لوگ ہرادارے کا مان ہوتے ہیں۔

مزید اُن کا کہنا تھا کہ دارالمدینہ آنے والی نسلوں کے ایمان و عقائد کا تحفظ قائم کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے، ہمیں مصلح بن کراس عظیم مقصد کے لئے کام کرنا چاہیے۔ ہمیں اپنے کردار کو اس طرح ڈھالنا چاہیے کہ طلبہ ہمارے نقش وقدم پر چلیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے نماز اور دعوت ِ اسلامی کے 12دینی کاموں کی ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ ہم خود بھی نماز، ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات، مدنی مذاکرے اور دیگر نیک اعمال کی پابندی کرنے والے ہوں تاکہ ہمیں دیکھ کر طلبہ کے دلوں میں دین سے محبت پیدا ہو اور وہ بھی ان باتوں پر عمل کریں نیز انہوں نے اساتذہ اور والدین کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس دورے میں نگران پنجاب نے چشمہ میں دعوت اسلامی کے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کی سعادت بھی حاصل کی اور تنظیمی ذمہ داران سے مشورے بھی کئے۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم سندھ ریجن کے گرلز کیمپسز میں 9جون 2022ء بروز جمعرات پری پرائمری اور 11جون 2022ء بروز ہفتہ پرائمری اور سیکنڈری کلاسز کے لئے رزلٹ ڈے کاانعقاد کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر طلبہ وطالبات کے درمیان قرأت ونعت اور معلومات عامہ کے مقابلے بھی ہوں گے نیز رزلٹ ڈے کے بعد دارالمدینہ کے تحت پیرنٹس ٹیچرز میٹنگ بھی منعقد کی جائے گی۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


کسی بھی ادارے کے ذمہ داران کے درمیان میٹنگز کا انعقاد کاموں کو مکمل کرنے اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے بنیادی حیثیت کا حامل ہے۔اسی لئے ان میٹنگز کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جاتا ہے۔

ان میٹنگز میں ذمہ داران کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ ادارے کے اہداف کو وقت پر مکمل کرنے کے لئے آسان اور کارآمد طریقہ کار وضع کئے جاتے ہیں۔ان میٹنگز سے جہاں ذمہ داران میں وقت کی پابندی، دوسروں کی رائے کا احترام، مقصدیت اورمنفی باتوں سے اجنتاب برتنے جیسی خوبیاں پیداہوتی ہیں وہیں ایجنڈے میں تفویض کئے جانے والے کاموں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے حکمت عملیاں بھی ترتیب دی جاتی ہیں تاکہ میٹنگ کے خاطر خواہ نتائج اور فوائد حاصل کئے جاسکیں۔

دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے نظام کو چلانے کے لئے بھی وقتاً فوقتاً میٹنگز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔گزشتہ دنوں دارالمدینہ کے ہیڈآفس میں ہیڈآف ڈیپارٹمنٹس کی میٹنگ ہوئی جس میں ہر شعبے نے اپنے اپنے شعبہ کی بریفنگ دی جس میں کئی پالیسیز زیربحث لائی گئیں ۔ساتھ ہی دارالمدینہ کے ہر ذمہ دار کے لئے اُس کی پیشہ ورانہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریفرشر کورسز کروانے کی تجاویز بھی دی گئیں جن پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات پر کلام ہوا۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


گورنمنٹ ڈگری سائنس کالج لیاقت آباد کے پروفیسرز اورلیکچرارزپر مشتمل وفد نے گزشتہ دنوں دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے ہیڈآفس کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ذمہ داران نے اُنہیں دارالمدینہ سے متعلق بریفنگ دی اور ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا مزید اُنہیں دارالمدینہ کے نصاب اور نظام تعلیم کی خصوصیات سے آگاہ کیا گیا۔

بعدا زاں پروفیسرز اورلیکچرارز سے مختلف تعلیمی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا جس پر انہوں نےدارالمدینہ کے تعلیمی منصوبوں کو سراہتے ہوئے اپنے تاثرات بھی دیئے۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے ہر کیمپس، طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی کارکردگی کا وقتاً فوقتاًجائزہ لیا جاتا ہے۔اساتذہ کی انفرادی رپورٹس تیار کی جاتی ہیں۔انتظامی سہولیات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔اس طرح نہ صرف اسکول اور اساتذہ کی بنیادی ضروریات کا علم ہوتا ہے بلکہ ان رپورٹس کے مطابق اساتذہ کو اپنے فرائض منصبی مزید بہتر انداز میں ادا کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔

گزشتہ دنوں نگران سندھ، دارالمدینہ مدنی رضا عطاری اور ریجنل ڈائریکٹر عبدالحمید شیخ عطاری نے سکھراور لاڑکانہ کا دورہ کیا۔ اس دورے میں جہاں اُنہوں نے تعلیمی اور انتظامی اُمور کے علاوہ اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا وہیں مستقبل کی منصوبہ بندی کے تناظر میں اساتذہ کی تربیت بھی کی۔

اس دوران نگران سندھ نے لاڑکانہ میں نئے تعلیمی سال میں بوائز کو علیحدہ عمارت منتقل کرنے کے حوالے سے بنیادی سہولیات سے آراستہ بہترعمارتیں دیکھنے اور عملے کو بروقت کام مکمل کرنے کے لئے مفید مشورے بھی دیئے۔

مزیداُنہوں نے بذریعہ ویب لنک حیدرآباد، لاڑکانہ،سکھر، ٹنڈوآدم اور شہداد پورریجن کے اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کا مشورہ بھی کیا اورانہیں اہل افراد کو نظر میں رکھنے کی ہدایت کی تاکہ خالی نشستوں پر ادارے کو ہمہ وقت باصلاحیت افراد میسر آسکیں۔

نگران سندھ نے اساتذہ اور پرنسپل روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا نیزمشورے میں رمضان عطیات جمع کرنے والے اسلامی بھائیوں اور بہنوں کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔

اس دورے میں والدین سے ملاقات اور مشوروں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ دارالمدینہ کی مزید بہتری کے لئے والدین نے تجاویز بھی دیں جن پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات دی گئیں۔اس موقع پر والدین نے اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ وہ دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے نظام تعلیم کو پسند کرتے ہیں اوراپنی اولاد کی پاکیزہ دینی ماحول میں تربیت کے خواہش مند ہیں۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


رُکنِ شورٰی اور نگرانِ شعبہ دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک ایجوکیشنل سسٹم حاجی محمد اطہر عطاری اور شریعہ ایڈوائزر دارالافتاء کے مولانا کفیل عطاری مدنی نے گزشتہ دنوں دارالمدینہ کے ریجنل ڈائریکٹرز اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کی تربیت فرمائی ۔

اس موقع پر رکنِ شوری ٰحاجی محمد اطہر عطاری نے کہا کہ انسان سازی دنیا کا مشکل ترین کام ہے، انسان کو چاہیے کہ پہلے خود کو ذہنی تربیت کے لئے تیار کرے، ہر ذمہ دار کو ایسے دوست تلاش کرنے چاہیئے جو نیک، متقی، فرماں بردار اورعاشق رسول ہوں۔ہر نگران اپنے ساتھ کام کرنے والوں کے لئے ایسی رفاقت قائم کریں کہ ان کی رفاقت میں لوگ خدائے پاک کو یاد کریں، علم کی طرف مائل ہوں، نیکی کی ترغیب پائیں۔

رکنِ شوریٰ کا مزید کہنا تھا کہ اپنی اور آنے والی نسلوں کی اصلاح ہماری ذمہ داری ہے، ہم اسی صورت میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرسکیں گے جب ہمارے ادارے کا ماحول تلخی، بدگمانی، بدمزاجی، بغض، کینہ یا کسی کو نیچا دکھانے پر نہیں بلکہ نیکی، پرہیزگاری، مسکراہٹ، دل جوئی، خیرخواہی اورغم گساری پر ہوگا نیز رکنِ شوری نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ تنظیم اصولوں پر چلتی ہے، اصولوں پر قربانی دی جاتی ہے، اصولوں کو قربان نہیں کیا جاتا۔ہر یونٹ ہیڈ اپنے کیمپس کے ماحول کو مثالی بنائے۔ دارالمدینہ کے ہر کیمپس کے نگران کو شرعی، تنظیمی، اخلاقی، تعلیمی، تربیتی اور تدریسی اعتبار سے منفرد ہونا چاہیے۔

اس کے علاوہ مولانا کفیل عطاری مدنی نے اچھی صحبت کے متعلق سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کی صحبت اختیار کرنی چاہیے جن کے اعمال، اقوال اور کردار ہماری تربیت سازی میں بہترین کردار اداکرسکیں۔اچھی صحبت انسان کو نیکیوں کی طرف لے جاتی ہے۔ان لوگوں کی صحبت اختیار نہیں کرنی چاہیے، جن کی ہم نشینی میں دین پر عمل کرنے میں شرم محسوس ہو۔صحبت بہتربنانے کا ایک ذریعہ دعوت اسلامی کا دینی ماحول ہے۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)


دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کےتحت سندھ بھر کے تمام کیمپسز میں سالانہ امتحانات 18مئی 2022ءسے شروع ہورہے ہیں۔اس حوالے سے دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے Examination Departmentنے اپنی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں تاکہ امتحانات کے موقع پر طلبہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)