پاکستان اللہ  پاک کی ایک بہت بڑی نعمت ہے،سمجھ دار انسان اللہ تعالی ٰ کی عطا کی ہوئی ہر نعمت کی قدر کرتے ہیں۔ ہم خوش نصیب ہیں کہ یہ نعمت ہمیں یوم ِنزول قرآن یعنی 27رمضان کے دن عطا ہوئی، اس نعمت کی قدر کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اللہ پاک کا شکر ادا کریں اور پاکستان حاصل کرنے کے مقاصد یاد رکھیں۔

12 اگست 2023ء کو دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم (پاکستان )کے پنجاب اور سندھ ریجن کے کیمپسز میں یومِ آزادی کی تقریبات پورے جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر کیمپسز کو پاکستانی جھنڈوں اورسبز اور ہرے رنگوں سے مزین غباروں سے بھی سجایا گیا تھا۔

ان تقریبات کا آغاز تلاوت ِقرآن پاک سے ہوا، بعد ازاں نعت شریف اور اردو انگریزی تقاریر کا سلسلہ بھی ہوا جن میں طلبہ نے یوم آزادی کی مناسبت سے تقاریر کیں جبکہ اساتذہ کرام نے طلبہ کی تربیت کرتے ہوئے انہیں قیام ِپاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا اور یوم ِآزادی کو اسلامی اصولوں کے مطابق منانے کی ترغیب دلائی۔

اس موقع پر طلبہ نے ایک آواز میں قومی ترانہ بھی پڑھا اور ملی نغمے بھی پیش کئے نیز پاکستان کی سلامتی،ترقی اور خوشحالی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔(رپورٹ: غلام محی الدین ترک ، کانٹینٹ :رمضان رضا عطاری)