دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم جدید سہولیات کے امتزاج،قابل اساتذہ،قومی و دینی تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب، ہر قسم کے غیر مہذب اور غیر شرعی امور سے پاک ماحول کے باعث دوسرے تعلیمی اداروں سے نمایاں ہے۔

صوبہ سندھ میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر دارالمدینہ نےمیمن سوسائٹی ،حیدرآباد میں اپنے نئے کیمپس کاآغاز کیا۔اس موقع پر ہونے والی افتتاحی تقریب میں دعوت ِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کےرکن مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

رُکنِ شوریٰ نے اپنے بیان میں نونہالوں کی بہترین تربیت کے لئے دار المدینہ جیسے اسکول کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکولنگ سسٹم دعوتِ اسلامی کا کام نہیں تھامگر تعلیمی اداروں میں مناسب تربیت نہ ہونے کے باعث طلبہ میں پیدا ہونے والے بگاڑ کو دیکھتے ہوئے دعوتِ اسلامی نے دارالمدینہ قائم کرنے کافیصلہ کیا ۔

دارالمدینہ ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل ہے۔ ہم آپ کے بچے کو نمازی بنائیں گے،انہیں سنتوں کا پابند بنائیں گے،نبی پاک صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کا سچا امتی بنائیں گے، والدین کا ادب بھی سکھائیں گےاوردنیاوی تعلیم بھی دیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ پہلے طلبہ کی تربیت کی جائے، انہیں اخلاق سکھائے جائیں اورکردار مصطفی ٰ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ان کے دلوں میں ڈالا جائے۔ ان شاءاللہ عزوجل وہ دن دور نہیں کہ جب ایک ڈاکٹر عالمِ دین بھی ہوگا،ایک انجینئر حافظِ قراٰن بھی ہوگا،پی ایچ ڈی ڈاکٹر مسجد کا امام بھی ہوگا۔رکنِ شوریٰ نے ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو دارالمدینہ میں داخل کروائیے۔ بھروسا رکھیے کہ میرے بچے کا عقیدہ اورایمان محفوظ رہے گا،یہ اچھے ہاتھوں میں رہے گا اور دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم بھی حاصل کرے گا۔ تقریب میں دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کےصوبائی ذمے دار مدنی رضا عطاری،اسکول کے ٹیچرز،انتظامی عملے اورحیدرآباد کی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔(رپورٹ: غلام محی الدین ترک ،اردو کانٹینٹ رائیٹرمارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)