دنیا بھر میں  قراٰ ن و سنّت کی تعلیمات کو عام کرنے والی عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک ”دعوتِ اسلامی“نیکی کی دعوت، اِحیائے سنّت اور اشاعتِ علمِ شریعت کو دنیا بھر میں عام کرنے کا عزمِ مُصمّم رکھتی ہے، اِن تمام اُمور کو بحسن و خوبی سر انجام دینے کے لئے متعدِّد مجالس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جن میں سے ایک مجلس ”اَلمَدِ ینَۃُ العِلْمِیَۃ“بھی ہے جو دعوتِ اسلامی کے عُلماء و مُفتیانِ کرام کَثَّرَ ھُمُ اللہ تعالٰی پر مشتمل ہے ،جس نے خالص علمی، تحقیقی او راشاعتی کام کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اس کے تقریباً 16 شعبہ جات ہیں :جن میں ایک”شعبہ فیضانِ قراٰن“بھی ہے۔

شعبہ فیضانِ قراٰن کا تعارف

اللہ عزَّوجَل نے انسانیت کو  قراٰنِ   کریم  کی  صورت میں  وہ  نسخۂ کیمیا عطافرمایا جس کےامتیازی اوصاف  میں کوئی  اور کتاب اس کےبرابر نہیں،یہ لاریب کتاب  تمام   عالَم کے  لئےعلم و دانش  کاخزانہ اورہدایت و راہنمائی کاذریعہ ہے جس نے  مخلو ق کو مخاطب کیا  اور ایسے اصول عطا کیے  جو دائمی اورابد ی ہیں۔اسی اہمیت کے پیشِ نظر ”اَلمَدِ ینَۃُ العِلْمِیَۃ“ کا ایک  ذیلی شعبہ ”شعبہ فیضانِ قراٰن“قائم کیا گیا جوقراٰنی  تعلیمات کوکتب و رسائل  کےذریعے  لوگوں تک  پہنچانےمیں مصروفِ عمل ہے۔اس شعبے کی ایک بڑی کاوش 10 جلدوں پرمشتمل دورِ حاضر کی آسان اردوتفسیر” صراطُ الجنان فی تفسیر القراٰن“ہےجوکہ عام  فہم اندازِ تحریرمیں سورتوں  کے مضامین ،آیات کی  جامع وضاحت اورایمانی ،معاشرتی ،معاشی اوراخلاقی   بگاڑ کو روکنے کے لئےاصلاحی  مواد پر مشتمل  ہے۔اسی  شعبے کی دوسری بڑی کاوش لفظی  ترجمہ” معرفۃ القراٰن فی ترجمۃ القراٰن“ 6جلدوں میں شائع ہوچکا ہے ۔ تاحال  قراٰن  سے متعلق  کئی کتب  زیرِترتیب ہیں جنہیں تکمیل  کے بعدشائع کرکے منظر عام پر لایا جائے  گا۔