اللہ پاک نے انسان کو دو باطنی قوتوں کا مجموعہ بنایا ہے، ایک عقل اور دوسری شہوت، پھر ان دونوں قوتوں کے کچھ مددگار مقرر فرمائے ہیں، پہلی قوت کے مددگار حضراتِ انبیاء، فرشتے اور نیک لوگ ہیں، دوسری قوت کے مددگار شیطان، نفس اور بُرے لوگ ہیں، انسان اگر عقل کی بات مانتا ہے تو وہ اسے تقویٰ و پرہیزگاری کی طرف لے جاتی ہے اور اگر شہوت و خواہش کے پیچھے چلتا ہے تو وہ اسے فسق و فجور کی جانب لے جاتی ہے۔

پہلی چیز کو اللہ پاک کی اطاعت و فرمانبرداری سے تعبیر کیا جاتا ہے اور دوسری بات کو اس کی نافرمانی و گناہ کہا جاتا ہے، جس طرح اطاعت بالاتفاق عمدہ وپسندیدہ ہے، اسی طرح گناہ بھی بُرا و ناپسندیدہ ہے، اطاعت انسان کو دنیا و آخرت میں عزت و عظمت سے سرفراز کرتی ہے، جبکہ گناہ اسے ذلت و رسوائی کے گہرے گڑھے میں پہنچا دیتی ہے، یہ واضح ہے کہ جب تک گناہوں کی پہچان نہ ہوگی، ان سے بچنا مشکل ہے، لہذا ان کی پہچان بہت زیادہ ضروری ہے، خاص طور پر آج کے زمانے میں کہ جہاں ہر سُو گناہوں کی بھرمار ہے، جھوٹ، غیبت، حسد، تکبر وغیرہ گناہوں کو گویا گناہ ہی نہیں سمجھا جاتا، ان ہی میں سے ایک بدشگونی ہے، بدشگونی سے مراد یہ ہے کہ کسی چیز، شخص، عمل یا آواز یا وقت کو اپنے حق میں برا سمجھنا۔"اس کے متعلق دو فرامینِ مصطفی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ملاحظہ ہوں:جس نے بد شگونی لی اور جس کے لئے بدشگونی لی گئی، وہ ہم میں سے نہیں۔(باطنی بیماریوں کی معلومات، صفحہ 285تا286)اور فرمایا بدشگونی لینا شرک ہے۔(76 کبیرہ گناہ، ص192)

حضرت امام محمد آفندی رومی برکلی رحمۃُ اللہِ علیہ لکھتے ہیں:بد شگونی لینا حرام اور نیک فال یا اچھا شگون لینا مستحب ہے۔(باطنی بیماریوں کی معلومات، صفحہ 286)

بعض عورتوں میں درج ذیل بدشگونیاں پائی جاتی ہیں :

1۔کنواری لڑکی کے میت کو غسل دینے سے اس کو آسیب کا مسئلہ ہو جائے گا۔

2۔کنواری لڑکی اعتکاف کرے تو اس پر جنات کے اثرات ہو جائیں گے۔معاذاللہ

3۔تجہیزوتکفین سے بچے ہوئے سامان کو استعمال کرنے سے نحوست آتی ہے۔

4۔شیشہ ٹوٹے، تو کچھ بُرا ہونے والا ہے۔

5۔اگر کتا روئے یا بلی چھت پر آ کر بولے تو اس گھر میں یا آس پاس میں کہیں کوئی فوت ہونے والا ہے۔

بدشگونی انسان کی دنیاوی زندگی کے لئے بھی خطرناک ہے کہ اس سے حوصلے پست ہوجاتے ہیں اور وہ ہرچھوٹی بڑی چیز سے ڈرنے لگتا ہے، یہاں تک کہ اپنے سائے سے بھی، اس کا سکون برباد ہو جاتا ہے، اسے لگتا ہے کہ ساری بدنصیبی میرے اردگرد جمع ہو چکی ہے اور باقی سکون سے زندگی گزار رہے ہیں، اس کی وجہ سے انسان ذہنی و قلبی طور پر ناکارہ ہو جاتا ہے۔ نہ چاہتے ہوئے بھی انسان کے دل میں بعض اوقات بُرے شگون کا خیال آ ہی جاتا ہے، اس لئے کسی شخص کے دل میں بدشگونی کا خیال آتے ہی اسے گنہگار نہیں قرار دیا جائے گا، اگر کسی نے بدشگونی کا خیال دل میں آتے ہی اسے جھٹک دیا تو اس پر کچھ الزام نہیں، لیکن اگر اس نے بد شگونی کی تاثیر کا اعتقاد رکھا اور اس اعتقاد کی وجہ سے اس کام سے رک گیا تو گناہ گار ہوگا۔اللہ ہمیں بدشگونی اور دیگر باطنی بیماریوں سے شفا دے کر ہماری مغفرت فرمائے اور ہمارا خاتمہ ایمان پر فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم


دعوتِ اسلامی کے شعبہ شارٹ کورسز کے تحت گزشتہ دنوں  نواب شاہ زون کی شہداد پور کابینہ میں ریجن ذمہ دار اسلامی بہن کا مدنی مشورہ ہوا جس میں زون تا ڈویژن سطح تک کی ذمہ داراسلامی بہنوں نے شرکت کی اور شارٹ کورسز کی مدرسات نے بھی شرکت کی۔

ریجن سطح کی ذمہ دار اسلامی بہن نے مدرسات اور ذمہ داراسلامی بہنوں کو عنقریب منعقد ہونے والا کورس بنام ’’تفسیر سورۂ ملک‘‘کروانے کےمتعلق اہم نکات بتائے اور اس کورس کےمقامات کےحوالےسے کلام ہوا جس پر شہداد پور کابینہ کی ذمہ داراسلامی بہنوں نے 45 مقامات پر یہ کورس کروانے کی نیتوں کا اظہار کیا۔


دعوتِ اسلامی کے  فنانس ڈیپارٹمنٹ للبنات کے تحت گزشتہ دنوں فیصل آباد ریجن میں بذریعہ انٹر نیٹ مدنی مشورہ ہوا جس میں اراکین زون ذمہ دار اسلامی بہنوں نے شرکت کی ۔

رکن ریجن ذمہ دار اسلامی بہن نے ’’نرمی ‘‘کے مدنی پھولوں پر بیان کیا اور اسلامی بہنوں کو اپنی ماتحت کے ساتھ نرمی سے پیش آنے کی ترغیب دلائی نیز شعبے کے مدنی پھول نچلی سطح تک پہنچانے کا فالو اپ کیا۔مزید ای -رسید اور سالانہ عطیات کی پینڈنگ رسید کا فالو اپ کیا ۔


دن کے گیارہ بجے تھے،  گھر کے دروازے کی بیل بجی، رخشندہ بیگم نے دروازہ کھولا، رضیہ اندر داخل ہوئی اور بولی:سلام! بی بی جی

رخشندہ بیگم:وعلیکمُ السلام

رضیہ اپنے کام میں مصروف ہو گئی، رخشندہ بیگم کچن میں کام کر رہی تھی، مگر رخشندہ بیگم نے محسوس کیا کہ آج رضیہ بُجھی بُجھی سی ہے۔

رخشندہ بیگم:کیا ہوا خیریت تو ہے؟

رضیہ بولی:بی بی جی! جو میری سہیلی کی شادی ہوئی تھی نا، اُس کے سُسر کا انتقال ہوگیا، اب اُس کو گھر والے منحوس کہہ رہے ہیں، بات بات پر تنگ کر رہے ہیں، اتنے میں رخشندہ بی بی کچن سے کمرے میں آگئیں اور کہا: وہ تو شادی سے پہلے بیمار تھے نا!

رضیہ بولی: جی بی جی!

رخشندہ بیگم بولی:کسی شخص کو منحوس قرار دینے میں اس کی سخت دل آزاری ہے، موت کا ایک وقت مقرر ہے، یہ تو بد شگونی ہے اور بدشگونی حرام ہے۔

رضیہ: بی بی جی! بد شگونی کیا ہے؟

رخشندہ بیگم:ہمارے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے بد شگونی لینے والوں سے بیزاری کا اظہار ان الفاظ میں کیا ہے: لَیْسَ مِنَّا مَنْ تَطَیَّرَ وَلَا تُطُیَّرَ لَہٗ۔یعنی جس نے بدشگونی لی یا جس کے لئے بدشگونی لی گئی، وہ ہم میں سے نہیں(یعنی وہ ہمارے طریقے پر نہیں)۔ (المعجم الکبیر، 18/162، حدیث 355، فیض القدیر، 3/288، تحت الحدیث 3256، ماخوذ از بدشگونی ،ص 19)

رخشندہ بیگم: بدشگونی عالمی بیماری ہے،عورتوں میں بھی بدشگونی رائج ہے:

1۔نئی نویلی دلہن کے گھر آنے پر خاندان کا کوئی شخص انتقال کر جائے۔

2۔ یا کسی عورت کے صرف بیٹیاں ہی پیدا ہوں، تو اس پر منحوس ہونے کا لیبل لگ جاتا ہے۔

3۔حاملہ عورت کو میّت کے قریب نہیں آنے دیتے کہ بچے پر بُرا اثر پڑے گا۔

4۔جوانی میں بیوہ ہو جانے والی عورت کو منحوس جانتے ہیں۔

5۔سورج گرہن کے وقت حاملہ عورت چُھری سے کوئی چیز نہ کاٹے کہ بچہ پیدا ہوگا تو اس کا ہاتھ کٹایا چِرا ہوگا۔

رخشندہ بیگم:دیکھو رضیہ!شگون کا معنی ہے فال لینا یعنی کسی چیز، شخص، عمل، آواز یا وقت کو اپنے حق میں اچھا شگون یا بُرا شگون سمجھنا، اس کی بنیادی دو قسمیں ہیں:

برا شگون۔

اچھا شگون۔

علامہ محمد بن احمد انصاری قرطبی تفسیرِ قرطبی میں نقل کرتے ہیں کہ اچھا شگون یہ ہے کہ جس کام کا ارادہ کیا ہو، اس کے بارے میں کوئی کلام سن کر دلیل پکڑنا، یہ اس وقت ہے جب کلام اچھا ہو، اگر برا ہو تو بد شگونی، شریعت نے اس بات کا حکم دیا ہے کہ انسان اچھا شگون لے کر خوش ہو اور اپنا کام خوشی خوشی تکمیل تک پہنچائے اور جب بُرا سُنے تو اس طرف توجہ نہ کرے اور نہ ہی اس کے سبب اپنے کام سے رُکے۔

اچھے شگون کی مثال یہ ہے کہ ہم کسی کام کو جا رہے ہیں، کسی بزرگ کی زیارت ہوگئی تو اسے اپنے لئے باعثِ خیر و برکت سمجھنا اور یہ مستحب ہے۔

برے شگون کی مثال یہ ہے کہ ایک شخص سفر کے ارادے سے نکلا، لیکن راستے میں کالی بلی راستہ کاٹ کر گزر گئی، اب اس شخص نے یقین کرلیا کہ اس کی نحوست کی وجہ سے مجھے سفر میں ضرور کوئی نقصان اٹھانا پڑے گا اور سفر سے رُک گیا، تو سمجھ لیجئے کہ وہ شخص بدشگونی میں مبتلا ہوگیا ہے۔ عموماً ہمارے معاشرے میں کوؤں کی کائیں کائیں کرنے سے بد شگو نی (بری فال) لیتے ہیں، کبھی بلی کے رونے کو منحوس سمجھتے ہیں تو کبھی رات کا وقت کتے کے رونے کو، مُرغی دن کے وقت اذان دے تو بد فالی میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔مغرب کے وقت دروازے میں نہیں بیٹھنا چاہئے، کیونکہ بلائیں گزرتی ہیں، بچہ سویا ہوا ہے، اس کے اوپر سے کوئی پھلانگ کر گزر جائے تو بچے کا قد چھوٹا رہ جاتا ہے۔امام ابو الحسن علی بن محمد ماوردی رحمۃُ اللہِ علیہ لکھتے ہیں: جان لو! بدشگونی سے زیادہ فکر کو نقصان پہنچانے والی اور تدبیر کو بگاڑنے والی کوئی شے نہیں۔(ادب الدنیا والدین، ص4، ماخوذ از بدشگونی، ص 19)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ اسلامی  بہنوں کے مدرسۃ المدینہ کی جانب سے بن قاسم زون میمن گوٹھ کابینہ میں مدنی مشورےکاانعقادہوا جس میں ریجن تا علاقہ سطح کی ذمہ دار اسلامی بہنوں نےشرکت کی ۔

پاکستان مشاورت ذمہ دار اسلامی بہن نے سنتوں بھرا بیان کیااور شعبے کےدینی کاموں سےمتعلق فالو اپ کیا نیزشعبے میں بہتری لانے کے لئے متفرق نکات سمجھائے ۔ مدرسۃ المدینہ کے تعلیمی معیار کومزید مضبوط کرنے کا ذہن دیااور ہر ماہ نئے مدارس المدینہ کا آغاز کرنے اور ریجن تا علاقہ سطح کے مدارس کاپابندی سے جائزہ کرنے کے حوالے سے مدنی پھول دیئے۔


دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام گزشتہ دنوں پاکپتن زون کی کابینہ بنگہ حیات میں مدنی مشورےکاانعقادہوا جس میں اراکین کابینہ اور ڈویژن نگران اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔

کابینہ نگران اسلامی بہن نے کابینہ مشاورت کی اسلامی بہنوں کو مختلف ڈویژن میں جدول بنانے کا ذہن دیا اور ڈویژن نگران اسلامی بہنوں کو کارکردگی شیڈول فارم سمجھایا نیز کارکردگی وقت پر دینے کا ذہن دیا اوردیگر مدنی پھول بھی پیش کئے۔


دعوتِ اسلامی کے تحت چکوال میں ڈونیشن سیل ڈیپارٹمنٹ اسلامی بھائیوں کا 7 دن کا فیضانِ نماز اور ڈونیشن سیل لگانےکے حوالے سے کورس جاری ہے جس میں وقتاًفوقتاً مبلغِ دعوتِ اسلامی شرکا کی تربیت کرتے رہتے ہیں ۔

8ستمبر2021ءبروزبدھ ریجن ذمہ دار شعبہ مدنی کورسز محمد عثمان عطاری نے اسلامی بھائیوں کے درمیان گفتگو کی اور انہیں ڈونیشن سیل لگانےاور12 دینی کاموں میں حصہ لینے کا ذہن دیا۔(رپوٹ: حبیب الرحمن خالد عطاری رکن زون جہلم چکوال زون ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کےتحت دنیا بھر میں 7ستمبر2021ءکوبھرپور انداز میں یومِ ختمِ نبوت صلی اللہ علیہ وسلممنایا گیا اسی موقع پر شعبہ رابطہ بالعلما کے تحت خان پور زون میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیاجس میں کثیر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

اس اجتماعِ پاک میں ضلعی امن کمیٹی کے رکن قاری خورشید مٹھن شریف، مہتمم دارالعلوم فریدیہ راجن پورکے صاحبزادہ فیضان جمیل شاہ، دربار حاجی پور شریف کے صاحبزادہ مشتاق فرید، شاہ کوٹ مٹھن شریف کے مولانا عاشق رسول، ضلعی صدر خبریں راؤ ریاض اور نگران ِکابینہ محمد ناظم محمود عطاری سمیت جامعۃالمدینہ و مدرسۃ المدینہ کے اساتذائےکرام نے شرکت کی۔(رپوٹ: سید عمار الحسن مدنی ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے تحت پسرور با ر میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد ہوا جس میں سینئر سول جج سیدتہذیب الحسن، سول جج طلعت جاوید سمیت اہم ججز و وکلا نے شرکت کی۔

اس موقع پر مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی اظہر عطاری نے ’’عقیدہ ختم نبوت ﷺ‘‘ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا ساتھ ہی رزقِ حلال توکل کے حوالے سے تربیت کی۔

بعد ازاں رکنِ شوریٰ نے وہاں موجود شخصیات سے ملاقات کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کی دینی وفلاحی خدمات سے آگاہ کیاجس پر شخصیات نے دعوتِ اسلامی کو خوب سراہا۔(رپوٹ: طارق جاوید عطاری مدنی چینل عام کریں مجلس سیالکوٹ زون،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی دنیا بھر میں اسلام کے پیغام کو عام کرنے کی تحریک ہے جس کے نتیجے میں دنیا بھرسے لوگ اسلام کے دامن سے جڑتے چلے جا رہے ہیں ۔ الحَمْدُ ِلله عزوجل پچھلے دنوں کراچی میں مبلغِ دعوتِ اسلامی اور بخاری مسجد کے امام و خطیب محمد عمر عطاری ڈونیشن سیل ڈیپارٹمنٹ کےکاؤنٹر ذمہ دار نےانفرادی کوشش کرتے ہوئے ایک غیر مسلم کو اس کے سابقہ مذہب سے توبہ کروا کر دامنِ اسلام سے وابستہ کرلیا ۔(رپوٹ: محمد ارشد ہارون عطاری سپروائزر ،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے شعبہ اسپیشل پرسنز کے تحت مدنی مرکز فیضانِ مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں اشاروں کی زبان کا کورس جاری ہے۔اس موقع پر نگرانِ شعبہ اسپیشل پرسنز محمد حنیف عطاری کی اس کورس میں شرکت ہوئی جس میں انہوں نے شرکاسے ملاقات  کی اور اُن کی تربیت کرتے ہوئے شعبے میں مزید دینی کام کرنے کے حوالے سے ذہن سازی کی۔(رپوٹ: محمد سمیر ہاشمی عطاری،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


پچھلے دنوں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کوٹلی کشمیر میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ اسپیشل پرسنز کے تحت حلقے کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی فضیل رضا عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا۔

اس حلقے میں محمد سمیر ہاشمی عطاری، محمد عمیر ہاشمی عطاری ،سلمان عطاری اور اسپیشل پرسنزسمیت ایک ماہ مدنی قافلےمیں سفر کرنے والے اسلامی بھائی شامل تھے نیز رکنِ شوریٰ نے اسلامی بھائیوں کی تربیت کرتے ہوئے انہیں مدنی پھول دیئے۔

واضح رہے کہ اس حلقے کی اشاروں کی زبان میں ترجمانی بھی کی جو کہ نگرانِ شعبہ اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ محمد حنیف عطاری نے خود کی۔ (رپوٹ: محمد سمیر ہاشمی عطاری،کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)