الحمدللہ جب سے ماہنامہ فیضان مدینہ کا آغاز ہوا ہے، تو معلومات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ خصوصاً میڈیکل ،تجارت، شرعی مسائل اور دعوت اسلامی کے حوالے سے بہت معلومات فراہم ہو رہی ہے۔

" ماہنامہ فیضان مدینہ" اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے اور یہ شاندار شاہکار ہے۔ ویسے تو ماہنامہ فیضان مدینہ کے مضامین اچھے ہیں مگر چند مضامین زبردست بہاریں لٹا رہی ہیں۔ مثلا دار الافتا اہل سنت۔ یہ ایسا مضمون ہے کہ اس کی وجہ سے ہماری غلطیاں دور ہوتی جا رہی ہے۔ مدنی کلینک ( میڈیکل )سے دنیاوی اور ذاتی طور پر ہمیں بہت فائدہ ہوا ہے کیونکہ ہر مہینے ایک بیماری کا تذکرہ اور اس کے اسباب اور علاج بیان ہوتے ہیں ۔جس کی وجہ سے کئی احتیاطیں کرنے کا پتا چلا ہے۔

ماشاءاللہ ماہنامہ فیضان مدینہ بہت خوبصورت ہوتا ہے۔ ہر مرتبہ طرح طرح کے کلرز ہوتے ہیں۔ جس کی وجہ سے پڑھنے کو دل کرتا ہے اور بوریت بھی نہیں ہوتی۔ الحمدللہ ماہنامہ فیضان مدینہ بہت سہل اور آسان فہم ہوتا ہے جس کو ایک عام شخص بھی پڑھ اور سمجھ سکتا ہے اور دوسروں کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ اب ماشاءاللہ کچھ مہینوں سے روحانی علاج کا مضمون بھی شامل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے کئی روحانی علاج کا پتا چلا ہے۔

اللہ پاک ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“کی مجلس اور اس کے لئے کوشش کرنے والوں کو دین و دنیا کی برکتیں عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم


 میں سب سے پہلے اپنے رب کریم کا شکر گزار ہوں جس نے مجھ جیسے نکمہ کو مسلمان گھر میں پیدا کیا پھر الحمدللہ شیخ طریقت امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا مرید بنایا اور کامل مرشد دیا۔ میں امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں دعوت اسلامی جیسی مدنی تحریک عطا کی۔ دعوت اسلامی الحمداللہ اللہ اور اس کے رسول کے کرم سے دن رات ترقی کرتی چلی جا رہی ہے۔ اللہ کے کرم سے دعوت اسلامی مختلف شعبوں کے ذریعے دین کا کام سرانجام دے رہی ہے اور اور دیتی رہے گی تا قیامت تک۔ ان مختلف شعبوں میں سے ایک شعبہ المدینۃ العلمیہ ہے۔ اس شعبہ میں مختلف طریقوں سے دین کا کام کیا جاتا ہے ان میں سے ایک ماہانہ فیضان مدینہ ہے۔

اللہ رحیم اور اس کے رسولِ کریم کے فضلِ عمیم سے جنتِ نعیم کی راہِ سلیم پرواہ پر رواں دواں مسلک ِ حق و مذہبِ مہذب اہل سنت والجماعت کی ایک عظیم تحریک اور اسلامی تنظیم دعوت اسلامی جہاں امیر اہلسنت کی قیادت اور رہنمائی میں لوگوں کو عقائد حقہ میں مضبوط اور صراط مستقیم پر گامزن کرنے، نیک اعمال کی ترغیب اور گناہوں کی ترہیب پر مصروف ہے وہی مسلمانوں کو علم دین کی دولت سے مالامال کرنے کے لئے۔ الحمداللہ شیخ طریقت امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی نگاہ فیض و مرکز مجلس شوری کے تعاون سے دعوت اسلامی کا آفیشل ماہانہ میگزین ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ہر ماہ پابندی کے ساتھ جاری ہوتا ہے۔ جس کا نظام ماشاءاللہ جامعۃ المدینہ کے فارغ التحصیل مدنی علمائے کرام سنبھالتے ہیں۔

”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کو یہ سعادت حاصل ہے کہ الحمداللہ شیخ طریقت امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے قلم کا فیضان ، مفتیانِ دعوت اسلامی کے مضامین بھی اس میں شامل ہوتے ہیں۔ مختلف عنوانات کے تحت امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے 56 سے زائد تحاریر شامل اشاعت ہوئی ہیں۔ جبکہ مدنی مذاکروں کے سوال و جواب اس کے علاوہ ہیں۔ اس طرح مفتی دعوت اسلامی مفتی قاسم عطاری کے 108 ، مفتی ابوالحسن فضیل رضا عطاری کے 22، مفتی ابو محمد علی اصغر عطاری مدنی کی 66، مفتی ہاشم خان 23، ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کی زینت بن چکے ہیں۔ اس کے ساتھ الحمداللہ نگران مجلس حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی نے بھی 61 سے زائد مضامین عطا فرمائے ہیں۔

”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں شائع ہونے والے 25 مضامین:

(1) تفسیر قرآن کریم ،(2) حدیث شریف اور اس کی شرح ،(3) اسلامی عقائد و معلومات ،(4) مدنی مذاکرے کے سوال و جواب ،(5) فریاد،(6) امیر سنت کے پیغامات ،(7) دار الافتا اہل سنت ،(8) بچو اور بچیوں کے لئے،(9) کچھ نیکیاں کما لے،(10) معاشرے کے ناسور اور ہماری کمزوریاں ،(11) نوجوانوں کے مسائل اور کتاب زندگی ،(12)العلم النور ،(13) کیسا ہونا چاہیے ،(14)باتیں میرے حضور کی ،(15) اقوالِ زرّیں،(16) آخر درست کیا ہے ،(17) تاجروں کے لئے ،(18) اسلامی بہنوں کے لئے ،(19)سیرت صحابہ و بزرگان دین ،(20)صحت و تندرستی ،(21)اشعار کی تشریح ،(22)قارئین کے صفحات ،(23)اے دعوت اسلامی تیری دھوم مچی ہو ،(24)اہم ایونٹس ،(25)نئے لکھاری۔

مدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سنٹر )دعوت اسلامی کے علمی اور تحقیقی اور تصنیف و تالیف اس ادارے میں ماہنامہ فیضان مدینہ سمیت ٹوٹل 13 شعبے ہیں۔ اللہ پاک مدینے اسلامی بھائی جن کی تعداد 121 جو اپنی خدمات پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں ۔اللہ پاک ان کی کوشش کو قبول فرمائیں۔


 ہفتہ وار یا ماہانہ رسائل کی تاریخ بھی اتنی پرانی ہےجتنی کہ اخبار کی ۔ان ماہنامہ رسائل کے دیگر افادیت کے ساتھ ساتھ ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ جہاں ہمیں گزشتہ ماہ ہونے والے واقعات و معاملات کا پتا چلتا ہے وہی آئندہ آنے والے مہینے کے بارے میں زبردست مفید کا ذخیرہ ہاتھ آتا ہے اور یہ ماہانہ رسائل دینی و دنیاوی موضوعات دونوں طرح کے شائع ہوتے ہیں۔ ان میں سے دینی موضوعات اور دینی ادارے یا تنظیموں سے جاری ہونے والے ماہانہ رسائل کو کافی مقبولیت حاصل رہی ہے نہ صرف دینی لوگوں میں بلکہ دنیاوی طرز پر زندگی گزارنے والے ان دینی مسائل سے خوب استفادہ حاصل کرتے ہیں۔ زمانہ ماضی کی طرح دورہ حاضر میں بھی یہ سلسلہ جاری و ساری ہے ۔جہاں دنیا بھر میں دیگر اہل سنت کے اداروں سے ماہنامہ جاری ہوتے ہیں وہیں ہماری اور سب کی عالمگیر تحریک دعوت اسلامی کی طرف سے جاری ہونے والا "ماہنامہ فیضان مدینہ " بھی ہے۔ جو میری ناقص معلومات کے مطابق دنیا کا واحد مایاناز شمارہ ہے جو کہ ایک ہی وقت میں دنیا کی پانچ سے زائد زبانوں میں شائع ہوتا ہے۔ اور رہا اس کا مواد اس کے تو کیا ہی کہنے کہ زمانے کے ولی، شیخ طریقت حضرت مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے فرمان کا خلاصہ ہے کہ "جس نے سو کتابیں پڑھی اس کو یہ معلومات حاصل نہ ہوگی جو کہ صرف ماہنامہ فیضان مدینہ پڑھنے سے حاصل ہو جاتی ہے۔ اگر اس ماہانہ شمارے کے مصنفین پر نظر کی جائے تو کوئی مفتی دعوت اسلامی ہے تو کوئی ماہر فن حدیث کے ماہر،تو کوئی فن تالیف میں عرصہ دراز گزار چکا ہے، تو کوئی اپنی تحقیق میں مثال، نیز ماہنامہ فیضان مدینہ کے مؤلفین اپنا ثانی نہیں رکھتے ۔

”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“میں علمائے کرام کے لئے بھی مواد ہے اور طلبہ کرام کے لئے بھی ۔ تاجر حضرات بھی اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور نوکری پیشہ ور حضرات بھی اس کی برکتوں سے محروم نہیں۔ جہاں بچوں کو من پسند کہانیاں پڑھنے اور ان سے سبق حاصل کرنے کا موقع میسر آتا ہے تو وہیں اسلامی بہنوں کے لئے سیرت صالحات اور مخصوص شرعی مسائل سیکھنے کا گوہر نایاب دستیاب ہے۔ جہاں اس شمارے میں اصلاحی مضامین ہوتے ہیں وہی تاریخ اسلام کے پہلوؤں سے یہ شمارہ سجا نظر آتا ہے۔ ایک طرف تو سب سے اعلیٰ سیرت کے روشن پہلو بیان ہوتے ہیں وہی بزرگان دین کے بھی مختصر حالات پیش خدمت ہوتے ہیں۔

اگر یہ کہا جائے کہ یہ دنیا کا سب سے زیادہ پڑھا جانے والا ماہانہ شمارہ ہے تو غلط نہ ہو گا۔ کئی شماروں میں دیکھا گیا ہے کہ ان میں مشہور و معروف شخصیات کے مضامین ہوتے ہیں جبکہ اس ماہنامہ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نئے لکھنے والوں کو بھی موقع دیا جاتا ہے ۔

حاصل کلام کہ اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے جہاں لوگوں کو گناہوں بھری تحریر سے بچا لیا ہے وہی عوام الناس میں اسلام کا صحیح چہرہ عیاں کرنے کی کوشش کی ہے۔ میری قارئین سے گزارش ہے کہ ماہنامہ فیضان مدینہ کا ضرور مطالعہ کیا کریں۔ ناقص مشورہ ہے اس کی سالانہ بکنگ کروا لیجیے تاکہ اس کے حصول میں دشواری نہ ہو۔ اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم


 ماہنامہ فیضان مدینہ دین کا ذریعہ ہے بچوں کے لئے ۔آج کل جو معاشرے میں انٹرنیٹ نے بچوں کو خراب کیا تو اس معاشرے میں دعوت اسلامی نے ایک تحفہ ماہنامہ فیضان مدینہ کے نام سے شائع کیا۔ وہ علمی معلومات کا خزانہ ہے۔ اس میں خاص طور پر جو بچوں کے لئے نماز کی حاضری کا مقابلہ ہے وہ بہت بنیادی عمل ہے تاکہ بچہ اس کے صدقے شروع سے ہی نماز کو سیکھنے کی طرف بڑھے اور اس کے علاوہ جو بچوں کا علیحدہ حصہ ہے وہ انتہائی مفید ہے۔ اس سے بچوں میں اخلاقی طور پر بھی اور کہانیوں کی جگہ پر یہ نصیحتیں بہت فائدہ پہنچا رہی ہے۔ اس سے بچے نمازی بن رہے ہیں، ماں باپ کا ادب و احترام کرنے والے بن رہے ہیں۔ شروع سے اچھی تربیت ماہنامہ کے ذریعے ہو رہی ہے۔ بچوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے ۔

عورتوں کے لئے: ماہنامہ فیضان مدینہ میں عورتوں کے لئے بھی علیحدہ ایک حصہ ہے۔ جس میں عورتوں کے مسائل اور ان کے جوابات دیئے جاتے ہیں اور عورتوں کو اس میں علم دین کے بہت فائدے ہوتے ہیں اور اس میں تفسیر قرآن سے بھی فائدہ حاصل ہوتا ہے۔ جہاں عورتیں ناول وغیرہ پڑھتی تھی اب ان کو چھوڑ کر ماہنامہ شوق کے ساتھ پڑھتی ہیں۔ یہ آخرت کی بھی یاد دلاتا رہتا ہے۔ گناہوں سے بھی بچت ہوتی ہے۔

طلبہ کے لئے: طلبہ کے لئے تو اس میں خزانے کا انبار ہے۔ ہر قسم کے مسائل کا حل مل جاتا ہے اور اس کو پڑھنے سے ہر مہینے کی معلومات مل جاتی ہیں کہ اس میں کس بزرگ کا عرس ہے اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور بڑھ جاتی ہے۔ قرآن پاک کا بھی شوق و ذوق رہتا ہے ۔گناہوں سے بچنے کا بھی ذہن بنتا چلا جاتا ہے۔

عام لوگوں کے لئے: بہت فائدہ مند ہے کیونکہ انہیں تو کچھ پتہ نہیں تھا ماہنامہ کو پڑھنے سے علم ان کے دلوں میں منور ہوا ۔اس سے ہر لحاظ سے ان کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ دارالافتاء حصہ سے بھی مسائل کا معلوم ہونا یہ بھی فائدہ دے رہا ہے۔ اس میں علمی روحانی ہر طرح کی تربیت بھی موجود ہے۔

میرے لئے: میں اس ماہنامہ کو بڑی دلچسپی سے پڑھتا ہوں۔ میرے علم میں بے پناہ اضافہ ہوتا رہتا ہے اور ہوتا رہے گا۔ اس سے وہ وہ باتیں سیکھنے کو ملتی ہیں جو پہلے کبھی نہیں ملیں۔ ہر لحاظ سے میرے لئے مفید ہے۔

دعا :اللہ ہم سب کو ماہنامہ کو سمجھ کر پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


ماہنامہ کی اہمیت و افادیت کے لئے یہی کافی ہےکہ یہ علم دین سے بھرپور ہے۔علم دین کی اہمیت کسی مسلمان پر مخفی نہیں۔جبکہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان برکت نشان ہے: جو شخص علم کی طلب میں گھر سے نکلتاہے فرشتے اُس کے اِس عمل سے خوش ہوکر اس کے لئے اپنے پر بچھا دیتے ہیں۔

پھر یہ بچوں کے لیے بہت مفید ہے وہ اس طرح کہ اس میں بچوں کے مختلف مضامین ہوتے ہیں(جیسا کہ جانوروں کی سبق آموز کہانیاں، گاؤں کی سیر)

اگر ہم ان مضامین کو دیکھیں تو ان میں بچوں کی شرعی اصلاح بھی ہے۔ان کے کردار کی اصلاح بھی ہے،اور ان کے اخلاق کی اصلاح بھی ہے۔

ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ مختلف اور دلچسپ مضامین ہیں جنہیں پڑھ کر یا سن کر بچہ اکتاہٹ کا شکار نہیں ہوگا۔ بلکہ اس کا دل لگا رہے گا۔

اسلامی بہنوں کے لئے اسکی اہمیت کسی پر مخفی (پوشیدہ) نہیں ہے۔ ماہنامہ میں اسلامی بہنوں کے لئے "صحابیات" کی سیرتِ طیبہ ہے۔ یقیناً اس کو پڑھنے اس پر عمل کرنے سے ایک عورت اس معاشرے میں اچھی ماں، اچھی بیوی، اچھی بیٹی، اچھی بہن بن سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماہنامہ کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں اسلامی بہنوں کے شرحی مسائل بھی موجود ہوتے ہیں۔ جو کہ اسلامی بہنوں کے لئے اہم ہے کیونکہ ہر گھر میں کوئی عالم دین ہو یہ تو ہمارے معاشرے میں پہلے ہی مفقود ہے۔ پھر اگر علاقے،محلے میں (سنی صحیح العقیدہ) ہو بھی تو ان تک اسلامی بہنوں کی رسائی نہیں ۔ جبکہ ماہنامہ میں ان کے متعلق چند مسائل بھی ہوتے ہیں۔جنہیں پڑھ کر وہ مسائل حل کر سکتی ہیں۔

طلباء اکرام کے لئے بھی اس میں بہت قیمتی مواد ہے کیونکہ اس میں مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی عمران عطاری، نگران پاکستان حاجی شاہد عطاری کے مضامین ہوتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو علم و عمل کے پیکر ہونے کے ساتھ ساتھ خاصے تجربہ کار بھی ہیں ۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا یہ دونوں حضرات اپنے علم کے ساتھ ساتھ اپنا تجربہ بھی ماہنامہ میں شیئر کر رہے ہیں۔

طلباء اکرام کے لئے یہ یوں بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں مفتی قاسم عطاریصاحب کا ایک تفسیری کالم بھی ہوتا ہے ۔مفتی اہلسنت ہونے کے ساتھ ساتھ تفسیر صراط الجنان کے مصنف بھی ہیں۔ جو تفسیر آپ لکھتے ہیں وہ کسی بھی تفسیر کے متعدد صفحات کا خلاصہ ہوتا ہے کہ اگر طالب علم بذات خود اس تفسیر کو پڑھے گا تو اس کو متعدد صفحات کا مطالعہ کرنا پڑے گا جس میں اسے گھنٹوں لگیں گے۔ جیسے تفسیر روح البیان، تفسیر قرطبی وغیرہ لیکن ان متعدد صفحات کا خلاصہ مفتی صاحب نے چند صفحات میں تحریر کر دیا ہے۔

طلباء کے لئے ماہنامہ کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں ماہر تجارت مفتی علی اصغر عطاری صاحب کے بھی فتاویٰ جات (بصورتِ سوال وجوابات) ہوتے ہیں اور بعض اوقات نت نئے مسائل کے حوالے سے آپ کے دیئے گئے فتاویٰ بھی تحریر کئے گئے ہوتے ہیں۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ماہنامہ کو بالاستقامت پڑھتے رہنے اور ماہنامہ کوخوب عام کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


سخت اندھیری رات میں، طوفانی بارش ہورہی ہے ایسے میں ایک شخص راہ حق کا متلاشی(تلاش کرنے والا) بڑی ہی مضبوطی اور احتیاط کے ساتھ ایمان کو ایک طرف نفس امّارہ اور شیطان کے وار اور دوسری طرف ایمان کے لٹیروں بد مذہبوں کی زہر ملی ہوئی میٹھی باتوں سے بچاتے ہوئے بڑی مشکل سے سمندر کے کنارے کھڑی دعوت اسلامی کی کشتی میں سوار ہونے میں کامیاب ہوجاتا ہے کیا دیکھتا ہے کہ آگے ایک دروازے پر "ماہنامہ فیضان مدینہ" کا ٹائٹل (Title) لگا ہوا ہے اس میں داخل ہوتے ہی یوں محسوس کرتا ہے کہ شاید میں راہ حق کو پانے میں کامیاب ہو گیا ہوں اور اس کا یہ احساس اور شک اس وقت یقین میں تبدیل ہو جاتا ہے جب وہ ماہنامہ فیضان مدینہ کو پڑھنا شروع کرتا ہے پڑھتے پڑھتے وہ ماہنامہ فیضان مدینہ میں بہت سی خصوصیات اور نمایاں خوبیاں پاتا ہے جن کو ماہنامہ فیضان مدینہ کو مکمل پڑھ لینے کے بعد اس میں طلب کئے گئے "ماہنامہ فیضان مدینہ کے بارے میں ایک تجزیہ" میں تحریر کرتا ہے۔

(1) ماہنامہ فیضان مدینہ ایک ولی کامل کی زیر سرپرستی میں مرتّب کیا جاتا ہے۔

(2) شرعی تفتیش کے لئے مفتیان کرام سے رجوع کیا جاتا ہے۔

(3) دنیا کے تقریباً تمام ہی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے علم کا خزانہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے شعبے سے متعلق اور ان کی پسند کے مضامین بھی ہوتے ہیں۔

(4) حوالہ جات کو التزام ہوتا ہے جس سے کی گئی بات اور پختہ ہو جاتی ہے۔

(5) تقریباً تمام ہی مؤلفین مدنی علماء ہوتے ہیں جو اپنے علم اور تجرِبات کی روشنی میں مضمون کو ترتیب دیتے ہیں۔

(6) ہر ماہنامے میں ایک آیت کریمہ کی تفسیر، ایک حدیث مبارکہ کی شرح اور عقائد و معمولات اہلسنت پر لکھے جانے والے مضامین قابل تعریف اور بہت ہی دلچسپ و معلوماتی ہوتے ہیں۔

(7) فقہی مسائل کو بھی مختلف اعتبار سے تقسیم کیا جاتا ہے پہلے مدنی مذاکرے کے سوالات و جوابات کے تحت، پھر دار الإفتاء اہلسنت کے تحت پھر احکام تجارت کے تحت اور آخر میں اسلامی بہنوں کے شرعی مسائل کا الگ سے التزام خوش آئند بات ہے۔

(8) جامعۃ المدینہ کے طلبہ کرام میں تحریری صلاحیتوں کو پیدا کرنے اور جن میں ہیں ان کو اجاگر اور نمایاں کرنے کے لیے نئے لکھاری کے نام سے مضامین کا اہتمام کرنا بہت ہی زبردست چیز ہے ۔

(9) بچوں کو بے فائدہ اور بری کہانیوں سے دور رکھنے کے لئے ننھے میاں کی کہانی اور دیگر دلچسپ واقعات بہت فائدہ مند ہیں۔

(10) ہر ماہ کسی ایک بزرگ یا عالم دین کی سیرت پر لکھا جانے والے مضمون سے علم دین حاصل کرنے کا جذبہ بڑھتا ہے۔

اللہ پاک مجلس ماہنامہ فیضان مدینہ کو اور ترقی و عروج عطا فرمائے۔

اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


الحمدللہ ماہنامہ فیضا نِ مدینہ علم دین کا انسائکلو پیڈیا ہے۔میں نے بہت سارے دیگر ماہنامے بھی دیکھے لیکن جو خصوصیات ماہنامہ فیضا نِ مدینہ کی مجھے نظر آئیں وہ کسی اور میں نہیں۔کیونکہ اس میں ہر طرح کے شخص کے لئے رہنمائی موجود ہےچاہے وہ بچہ ہو یا  بوڑھا ، مرد ہو یاپھر عورت۔

ماہنامہ فیضا ن مدینہ کا کردار :ماہنامہ نیکی کی دعوت عام کرنے اور برائی سے روکنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے ،اس کے ذریعے ہمیں زندگی گزارنے کا ایک اچھا طریقہ معلوم ہوتا ہے۔اس میں ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے رہنمائی موجود ہے۔اس کے مطالعے سے ہم میں علم دین سیکھنے کا شوق بڑھتا ہے ،اور اخلاص، زہد و تقوی سےسنت کے مطابق زندگی گزارنے کا درس ملتا ہے۔

ہر مسلمان کا رہنما:قرآن وحدیث جو کہ ہرمسلمان کی بنیادی ضرورت اور رہنما ہے اسکو اتنا آسان انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ ہر خاص و عام کے لئے سمجھنا آسان ہوگیاہے۔اور قرآ ن پاک کےواقعات پڑھنے کا موقعہ ملا ،اور قرآن و حدیث کی تعلیمات پر عمل کا ذہن بنتا ہے۔

طالب علم کے لئے:ماہنامہ فیضا نِ مدینہ جس طرح عام مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے وہی یہ ایک طالب علم کی علمی صلاحیتوں کو بھی نکھارتا ہے نہ صرف دینی طلبہ بلکہ سکول کالجز کے طلبہ کے لئے بھی آسان انداز میں علم دین یکھنے کا ذریعہ ہے۔ بالخصوص امیر اہلسنت کے وہ جوابات جو آپ مدنی مذاکرہ کے ذریعے عطا فرماتے ہیں ان سے طلبہ کے ذہنوں میں آنے والے بہت سے ایسے سوالات جو کتابوں سے سمجھنا بہت مشکل تھا بہت آسان کر کے سمجھائے جاتے ہیں ۔

بچوں کی تربیت:ماہنامہ فیضا نِ مدینہ نہ صرف بوڑھوں کی بلکہ بچوں کی اخلاقی اور دینی تربیت بھی کر رہا ہے اس میں بچوں کی تربیت کے لئے سچی اور اچھی کہانیاں ہیں جس کی وجہ سے بچوں میں سچ بولنے اور بوڑھوں کی تعظیم کرنے اور والدین کا ادب واحترام کر نے کا جذبہ پیدا ہوا ہے اور بچوں کو اس کی رہنمائی سے معاشرے میں رہنے کا طریقہ معلوم ہوتا اور مسلمانوں سے محبت و شفقت کا درس ملتا ہے۔

عورتوں کے لئے :مرد عموماً جمعہ ا ور دیگر دینی اجتماعات میں شریک ہوتے رہتے ہیں۔ ا ور ان کی تربیت کا سلسلہ رہتا ہے لیکن عورتیں عموماً گھروں کے کام کاج میں مصرو ف ہوتی ہیں۔جس کی وجہ سے تربیت میں کمی ہوتی ہے لیکن ماہنامہ فیضا نِ مدینہ نے جس طرح سے اسلامی بہنوں کے شرعی ، سماجی ا ور ا زدواجی مسائل کو بیا ن کیا ہے اس سے اسلامی بہنوں میں علم دین کا جذبہ پید ا ہوا ا ور گھر کو امن کا گہوا رہ بنانے کا ذریعہ بنتا ہے۔

ہر گھر کی ضرورت:جس طرح سے آپ کو معلوم ہوا کہ ماہنامہ اس اندا ز سے ہمارے عقائد واعمال کی بہتری کے لئے کام کر رہا ہے نہ صرف ایک فرد بلکہ ہر افرا د کے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔لہذا ماہنامہ فیضان مدینہ ہر گھر کی ضرورت ہے۔


اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رب العالمین ماہنامہ فیضانِ مدینہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی دینی ، دُنیاوی ، شرعی ، اَخلاقی ، نفسیاتی ، معاشرتی ، معاشی ، اِنفرادی اور اجتماعی ضرورتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہر مہینے اوسطاً 25سے زائد موضوعات پر کم وبیش 40مضامین شائع کرتا ہے۔

چند کا ذکر حاضر خدمت ہے: تفسیر ، شرح حدیث ، فقہی مسائل کا حل ، بچوں کی کہانیاں ، سماجی موضوعات پر اصلاحی مضامین ، تاجروں کیلئے شرعی رہنمائی ، خواتین کے لئے شرعی راہنمائی ودیگر خصوصی موضوعات ، بُزرگانِ دین کی سیرت ، دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں وغیرہ ’’ماہنامہ فیضانِ مدینہ‘‘ کے ہر شمارے کی زینت ہیں۔

چند مضامین کی وضاحت:

(1)تفسیرِ قراٰنِ کریم: اس سلسلہ کے تحت شیخ التفسیر مفتی ابوصالح محمد قاسم عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی قراٰنِ کریم کی ایک یا دو آیات کی عام فہم ، جامع اور جدید تقاضوں کے مطابق تفسیر بیان فرماتے ہیں

(2)حدیث شریف اور اس کی شرح :اس عنوان کے تحت کسی اہم مسئلے یا عمل کی جانب توجہ دلانے کے لئے ایک منتخب حدیث شریف کا ترجمہ اور مختصر شرح بیان کی جاتی ہے۔

(3)اسلامی عقائدو معلومات : اسلامی عقائدو معلومات “ میں اسلام کے بنیادی و ضروری عقائد کی اصلاح و معلومات کے لئے مضامین شائع کئے جاتے ہیں۔

(4)مدنی مذاکرے کے سوال جواب :اس میں شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے مدنی مذاکرے میں ہونے والے سولات اور ان کے جوابات کا ذکر ہوتا ہے۔

(5)اشعار کی تشریح :اشعار کی تشریح میں اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا حسن رضا خان رحمۃ اللہ علیہ اور بعض دیگراکابرین کے ایک یا دو منتخب اشعار کی عام فہم شرح بیان کی جاتی ہے ، جس میں مشکل الفاظ کے معانی اور شعر میں جس قراٰنی آیت ، حدیث یا سرکار علیہ الصَّلٰوۃ والسَّلام کی سیرت کے کسی واقعے کی طرف اشارہ ہو تو اس کا بھی بحوالہ مختصر ذکر کیا جاتا ہے۔

(6)دارالافتاء اہلِ سنّت : دارالافتاء اہلِ سنّت(دعوتِ اسلامی) تحریری ، زبانی ، فون کالز ، واٹس ایپ ، ای میل اور کتب کی اشاعت کی صورت میں امّتِ مسلمہ کی شرعی راہنمائی کی جاتی ہے۔

(7)اقوالِ زرّیں :بزگانِ دین کے علم و حکمت سے بھرپور فرامین اُن کی زندگی کے تجربات ، علم و عمل اور مشاہدات کا نچوڑ ہوتے ہیں۔

تاثرات:ماشاءاللہ دعوت اسلامی کی اس محنت کو ہر کوئی تسلیم کرتا ہے۔چاہیے جاہل ہو یا عالم اپنے ہوں یا پرائے۔یہ نہ صرف جاہل کو بلکہ علماء کے لیئے بھی بہت مفید ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ دریا کو کوزے بند کیا ہے ،کوئی کہتا ہے علم کا سمندر ہے۔

اللہ پاک دعوت اسلامی کو دن دگنی رات چگنی ترقیاں عطاء فرمائےاور ہمیں بھی اس کو صحیح معنوں میں پڑھنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم