ماہنامہ کی اہمیت و افادیت کے لئے یہی کافی ہےکہ یہ علم دین سے بھرپور ہے۔علم دین کی اہمیت کسی مسلمان پر مخفی نہیں۔جبکہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان برکت نشان ہے: جو شخص علم کی طلب میں گھر سے نکلتاہے فرشتے اُس کے اِس عمل سے خوش ہوکر اس کے لئے اپنے پر بچھا دیتے ہیں۔

پھر یہ بچوں کے لیے بہت مفید ہے وہ اس طرح کہ اس میں بچوں کے مختلف مضامین ہوتے ہیں(جیسا کہ جانوروں کی سبق آموز کہانیاں، گاؤں کی سیر)

اگر ہم ان مضامین کو دیکھیں تو ان میں بچوں کی شرعی اصلاح بھی ہے۔ان کے کردار کی اصلاح بھی ہے،اور ان کے اخلاق کی اصلاح بھی ہے۔

ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ مختلف اور دلچسپ مضامین ہیں جنہیں پڑھ کر یا سن کر بچہ اکتاہٹ کا شکار نہیں ہوگا۔ بلکہ اس کا دل لگا رہے گا۔

اسلامی بہنوں کے لئے اسکی اہمیت کسی پر مخفی (پوشیدہ) نہیں ہے۔ ماہنامہ میں اسلامی بہنوں کے لئے "صحابیات" کی سیرتِ طیبہ ہے۔ یقیناً اس کو پڑھنے اس پر عمل کرنے سے ایک عورت اس معاشرے میں اچھی ماں، اچھی بیوی، اچھی بیٹی، اچھی بہن بن سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماہنامہ کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں اسلامی بہنوں کے شرحی مسائل بھی موجود ہوتے ہیں۔ جو کہ اسلامی بہنوں کے لئے اہم ہے کیونکہ ہر گھر میں کوئی عالم دین ہو یہ تو ہمارے معاشرے میں پہلے ہی مفقود ہے۔ پھر اگر علاقے،محلے میں (سنی صحیح العقیدہ) ہو بھی تو ان تک اسلامی بہنوں کی رسائی نہیں ۔ جبکہ ماہنامہ میں ان کے متعلق چند مسائل بھی ہوتے ہیں۔جنہیں پڑھ کر وہ مسائل حل کر سکتی ہیں۔

طلباء اکرام کے لئے بھی اس میں بہت قیمتی مواد ہے کیونکہ اس میں مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی عمران عطاری، نگران پاکستان حاجی شاہد عطاری کے مضامین ہوتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو علم و عمل کے پیکر ہونے کے ساتھ ساتھ خاصے تجربہ کار بھی ہیں ۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا یہ دونوں حضرات اپنے علم کے ساتھ ساتھ اپنا تجربہ بھی ماہنامہ میں شیئر کر رہے ہیں۔

طلباء اکرام کے لئے یہ یوں بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں مفتی قاسم عطاریصاحب کا ایک تفسیری کالم بھی ہوتا ہے ۔مفتی اہلسنت ہونے کے ساتھ ساتھ تفسیر صراط الجنان کے مصنف بھی ہیں۔ جو تفسیر آپ لکھتے ہیں وہ کسی بھی تفسیر کے متعدد صفحات کا خلاصہ ہوتا ہے کہ اگر طالب علم بذات خود اس تفسیر کو پڑھے گا تو اس کو متعدد صفحات کا مطالعہ کرنا پڑے گا جس میں اسے گھنٹوں لگیں گے۔ جیسے تفسیر روح البیان، تفسیر قرطبی وغیرہ لیکن ان متعدد صفحات کا خلاصہ مفتی صاحب نے چند صفحات میں تحریر کر دیا ہے۔

طلباء کے لئے ماہنامہ کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں ماہر تجارت مفتی علی اصغر عطاری صاحب کے بھی فتاویٰ جات (بصورتِ سوال وجوابات) ہوتے ہیں اور بعض اوقات نت نئے مسائل کے حوالے سے آپ کے دیئے گئے فتاویٰ بھی تحریر کئے گئے ہوتے ہیں۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ماہنامہ کو بالاستقامت پڑھتے رہنے اور ماہنامہ کوخوب عام کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم