قراٰنِ پاک اللہ پاک کی وہ مقدس کتاب ہے جو آخری نبی محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل کی گئی، اعتقادات و عبادات ہوں یا معاملات ہر لحاظ سے ایک مسلمان کی رہنما ہے۔ اس کے حقوق کو خود قراٰن نے اورصاحبِ قراٰن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بیان فرمایا۔ لہٰذا قراٰن کے حوالہ سے جن باتوں کا لحاظ ایک مسلمان کو رکھنا چاہیے ان کا ذکر کیا جاتا ہے۔

(1)قراٰن کے متعلق عقیدہ: اسلام میں عقائد کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور انہی پر اعمال کا دار و مدار ہے، اس مناسبت سے سب سے پہلے قراٰن ِپاک کا وہ حق ذکر کیا جاتا ہے جو عقائد سے متعلق ہے ۔ چنانچہ قراٰنِ پاک میں ارشاد رب العباد ہے: اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَ اِنَّا لَهٗ لَحٰفِظُوْنَ(۹) ترجمۂ کنزالعرفان:بیشک ہم نے اس قرآن کو نازل کیا ہے اور بیشک ہم خود اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔(پ14،الحجر:9) بہارِ شریعت میں ہے کہ : جو یہ کہے کہ اس (قراٰن)کے کچھ پارے یا سورتیں یا آیتیں بلکہ ایک حرف بھی کسی نے کم کردیا، یا بڑھا دیا، یا بدل دیا، قطعاً کافر ہے۔ ( بہارِ شریعت، 1/ 31) لہٰذا قراٰن کا اوّل حق یہ ہے کہ اسے کامل اور تحریف سے پاک جانا جائے اور اس میں تبدیلی یا تحریف کے معتقِد کو کافر جانا جائے۔

(2)طہارت کو ملحوظ رکھنا : طہارت کو اسلام میں نمایاں حیثیت حاصل ہے حتی کہ نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اسے آدھا ایمان قرار دیا ۔ ( المعجم الکبیر للطبرانی، حدیث: 3423) تو جس طرح نماز ،طواف کعبہ اور دیگر عبادات میں طہارت کو لازم فرمایا ایسے ہی قراٰن چھونے کے لیے وضو کو لازم فرمایا ۔ چنانچہ ارشاد ربانی ہے : لَّا یَمَسُّهٗۤ اِلَّا الْمُطَهَّرُوْنَؕ(۷۹) ترجمۂ کنزالایمان : اسے نہ چھوئیں مگر با وضو۔

بہار شریعت میں ہے: قراٰن عظیم چھونے کے لیے وضو کرنا فرض ہے۔ (بہارِ شریعت 1/301 ) لہذا قراٰن کا ایک حق یہ بھی قرار پایا کہ اسے بغیر وضو نہ چھوا جائے۔

(3)قراٰن کودرست مخارج سے پڑھنا اور سمجھنا :قراٰنِ پاک کو جیسے ظاہری و باطنی طہارت کو ملحوظ رکھتے ہوئے پڑھنا چاہیے اسی طرح درست مخارج کا لحاظ بھی لازم ہے اور اس کی خود قراٰنِ پاک میں ترغیب ہے۔چنانچہ ارشاد رب العلمین ہے: وَ رَتِّلِ الْقُرْاٰنَ تَرْتِیْلًاؕ(۴) ترجمۂ کنز الایمان: اور قراٰن خوب ٹھہر ٹھہر کر پڑھو۔(پ29،المزمل:4) بلکہ مخارج سے غفلت برتنے والوں پر حضرت انس رضی اللہُ عنہ کے قول کے مطابق خود قراٰن لعنت کرتا ہے۔ (احیاء العلوم، 1/879، مکتبۃ المدینہ ) مزید یہ کہ قراٰن کو سمجھ کر پڑھنا نیکیوں اور ذوق میں اضافہ کا باعث بنتا ہے ۔ قراٰنِ کریم میں ہے: اَفَلَا یَتَدَبَّرُوْنَ الْقُرْاٰنَ اَمْ عَلٰى قُلُوْبٍ اَقْفَالُهَا(۲۴) ترجمۂ کنزُالعِرفان: تو کیا وہ قرآن میں غور وفکر نہیں کرتے؟ بلکہ دلوں پر ان کے تالے لگے ہوئے ہیں ۔(پ26،محمد : 24)

(4)تعلیماتِ قراٰن پر عمل: نزولِ قراٰن کا مقصد مسلمانوں کے عقائد و اعمال کی اصلاح کرنا اور انہیں تقوی کے لباس سے آراستہ کرنا ہے۔ لہٰذا فقط تلاوت یا اس کی تفسیر سے آگاہی ناکافی ہے بلکہ اس پر عمل لازم اور علم کے نافع ہونے کی سند ہے کیونکہ علم نافع وہی ہے جو عمل پر ابھارے ۔قراٰنِ پاک کی متعدد آیات میں اس مضمون کو بیان کیا گیا ۔ چنانچہ ارشاد قراٰنی ہے۔: قُرْاٰنًا عَرَبِیًّا غَیْرَ ذِیْ عِوَجٍ لَّعَلَّهُمْ یَتَّقُوْنَ(۲۸) ترجمۂ کنزُالعِرفان: عربی زبان کا قرآن جس میں کوئی ٹیڑھا پن نہیں تاکہ وہ ڈریں ۔(پ26، الزمر: 28) لہذا تعلیماتِ قراٰن پر عمل بھی قراٰن کے اہم حقوق میں سے ہے۔

(5)قراٰن کی تعلیم کو عام کرنا : علم و عمل کے بعد اسے دوسروں تک پہنچانے کا مرحلہ آتا ہے،جس کا قراٰنِ پاک میں کئی مقامات پر حکم وارد ہوا ۔ چنانچہ ارشاد رب لم یزل ہے: ترجمۂ کنزُالعِرفان:اپنے رب کے راستے کی طرف حکمت اور اچھی نصیحت کے ساتھ بلاؤ ۔(پ14،النحل: 125)

پھر سورة النور کی آیت نمبر 34 میں قراٰنی آیات کو ”موعظة للمتقین“ فرمایا گیا ،ان دونوں آیات کا حاصل یہ ہے کہ قراٰن کے ذریعے لو گوں کو رب کے راستے کی طرف بلاؤ لہٰذاقراٰنی آیات کا علم سیکھنے والوں کو چاہیے کہ وہ اس کی دوسروں کو تعلیم دیں اور نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اس فرمان ”خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَہٗ “ ( بخاری شریف: 5027) ”یعنی تم میں بہتر وہ ہے جو قراٰن سیکھے اور دوسروں کو اس کی تعلیم دے “ کے مطابق بہترین لوگوں میں شامل ہوں ۔

اللہ پاک ہمیں اسلام و قراٰن پر قائم رہنے ،اس کی تلاوت کرنے، اسے سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


قراٰنِ مجید اللہ پاک کی وہ مبارک کتاب ہے جو اس نے اپنے پیارے محبوب رسول حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل فرمائی۔ قراٰنِ مجید ہدایت چاہنے والوں کے لیے ہدایت اور اس کے احکام سے روگردانی کرنے والوں کے لیے جہنم کی وعید بن کر آیا۔ جب قراٰنِ مجید کا براہ راست تعلق ہماری نجات اور عاقبت سے ہے تو ہم پر سب سے پہلے اس بات کو سمجھنا لازم ہے کہ قراٰنِ پاک کے کونسے حقوق ہم پر عائد ہوتے ہیں۔

قراٰنِ پاک کے پانچ حقوق ہیں:۔

(1)اسے ماننا: یعنی اس پر ایمان لانا جیسا کہ اللہ پاک نے ارشاد فرمایا: ترجَمۂ کنزُالایمان: اے ایمان والو ایمان رکھو اللہ اور اللہ کے رسول پر اور اس کتاب پر جو اپنے اُن رسول پر اُتاری اور اُس کتاب پر جو پہلے اُتاری اور جو نہ مانے اللہ اور اس کے فرشتوں اور کتابوں اور رسولوں اور قیامت کو تو وہ ضرور دور کی گمراہی میں پڑا ۔(پ5، النسآء: 136)

(2)اسے پڑھنا: یعنی قراٰنِ پاک کی تلاوت کرنا، چنانچہ حدیث پاک میں ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: اے قراٰن والو! قراٰن کو تکیہ نہ بناؤ اور دن رات اس کی تلاوت کرو جیسا کہ تلاوت کا حق ہے۔ قراٰن کا اعلان کرو اسے خوش آوازی سے پڑھو، اس کے معنی میں غور کرو تاکہ تم کامیاب ہو اور اس کا ثواب جلدی نہ مانگو کہ اس کا بہت ثواب ہے۔(مشکاة المصابیح، 1/ 676)

(3) اس کا دفع کرنا: یعنی اس پر مخالفین کے اعتراضات کا دفع کرنا اور غلط تاویلوں اور تحریفوں کی تردید کرنا، اس حق کو ادا کرنے والوں کی خود حدیث پاک میں مدح سرائی فرمائی گئی چنانچہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:کہ اس علم (قراٰن و سنت) کو ہر پچھلی جماعت میں سے پرہیز گار لوگ اٹھاتے رہیں گے، جو غلو کرنے والوں کہ تبدیلیاں اور جھوٹوں کی دروغ بیانیاں اور جاہلوں کی ہیرپھیر اس سے دور کرتے ہیں۔(مشکاة المصابیح، 1/ 82 مطبوعہ المكتب الإسلامي بيروت)

(4) اس پر عمل کرنا: یعنی اس میں موجود اوامر کو بجا لانا اور منہیات سے اجتناب کرنا۔ ربّ کریم نے اس حق کی ادائیگی کرنے والوں کو دنیا و آخرت میں ہدایت یافتہ ہونے کی نوید سنائی چنانچہ ارشاد باری ہے: ترجَمۂ کنزُالایمان: جو کان لگا کر بات سنیں پھر اس کے بہتر پر چلیں یہ ہیں جن کو اللہ نے ہدایت فرمائی اور یہ ہیں جن کو عقل ہے ۔(پ23، الرمز:18)

ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: اللہ پاک نے قراٰنِ پاک کی تلاوت کرنے والے اور اس میں موجود (احکام پر)عمل کرنے والے کو دنیا میں گمراہ نہ ہونے اور آخرت میں بدبخت نہ ہونے کی ضمانت عطا فرمادی ہے۔(تفسیر قرطبی، 11/258 ،مطبوعہ دار الکتب المصریہ القاھرہ)

(5)اس کو سمجھنا: یعنی اس کی آیات میں بقدرِ طاقت غور و فکر کرنا۔ قراٰنِ مجید کے نزول کا ایک مقصد اس میں غور وفکر کرنا بھی ہے۔ جیسا کہ اللہ پاک نے ارشاد فرمایا: ترجَمۂ کنزُالایمان: یہ ایک کتاب ہے کہ ہم نے تمہاری طرف اتاری برکت والی تاکہ اس کی آیتوں کو سوچیں اور عقل مند نصیحت مانیں ۔(پ23، ‏‏ صٓ :29) تابعی بزرگ ابو عبدالرحمن سلمی فرماتے ہیں کہ ہم سے ان حضرات (صحابہ)نے بیان کیا کہ جو ہمیں پڑھاتے تھے کہ یہ حضرات نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے قراٰن پڑھتے تھے تو جب یہ دس آیات سیکھ لیتے تو مزید آیتیں نہ سیکھتے یہاں تک کہ ان دس آیات میں موجود احکام پر عمل نہ کر لیتے (فرماتے ہیں )تو یوں ہم نے قراٰن کا علم اور عمل دونوں سیکھ لیا۔(تفسیر طبری، 1/ 74 )

انہیں مذکورہ پانچ حقوق کو علامہ نووی رحمۃُ اللہ علیہ نے درج ذیل حدیث کی شرح کرتے ہوئے ذکر فرمایا چنانچہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: دین خیر خواہی ہے تین بار (انہیں کلمات کا تکرار) فرمایا، ہم نے عرض کی : کس کی ؟ فرمایا: اللہ کی ، اس کی کتاب کی ، اس کے رسول کی اور مسلمانوں کے اماموں کی اور عوام کی۔ (شرح الاربعین النوویۃ، ص 49 )

امام نووی رحمۃُ اللہ علیہ نے اس حدیث میں موجود لفظ کتابُ اللہ کی شرح کرتے ہوئے انہیں پانچ حقوق کو ذکر فرمایا۔(شرح الاربعین النوویۃ، ص 50)

اللہ رب العالمین کی بارگاہ میں دعا ہے کہ اللہ پاک ہمیں قراٰن مجید کے حقوق کی ادائیگی کی ہمت اور توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم 


قراٰنِ پاک کا پہلا حق یہ ہے کہ رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر ایمان لائیں اور تصدیق بالقلب بھی کریں۔ قراٰنِ کریم کا دوسرا حق یہ ہے کہ اسے پڑھیں ترتیل کے ساتھ قراٰنِ کریم کا تیسرا حق یہ ہے کہ اسے سمجھیں اور قراٰنِ کریم کا چوتھا حق یہ ہے کہ اس پر عمل بھی کرے قراٰنِ کریم کا پانچواں حق یہ ہے کہ اسے دوسروں تک پہنچائے۔

(1) ایمان کا لغوی معنی ہے تصدیق کرنا ۔ (شرح عقائد، ص 273) ایمان کا دوسرا معنی ہے امن دینا چونکہ مؤمن اچھے عقیدے اختیار کر کے اپنے آپ کو دائمی یعنی ہمیشہ والے عذاب سے امن دے دیتا ہے اسی لیے اچھے عقیدوں کے اختیار کرنے کو ایمان کہتے ہیں۔( تفسیر نعیمی، 1/ 8) اصطلاح : سچے دل سے ان سب باتوں کی تصدیق کرے جو ضروریات دین میں سے ہے۔ (بہار شریعت، 1/ 92 )

اعلی حضرت امام اہل سنت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: محمد رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو ہر بات میں سچا جانیں، حضور کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی حقانیت کو صدق دل سے ماننا ایمان ہے، جو اس کا مقر یعنی (اقرار کرنے والا) ہو اسے مسلمان مانا جائے گا۔ جبکہ اس کے کسی قول یا فعل یا حال میں اللہ و رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا انکار یا تکذیب(یعنی جھٹلانا) یا توہین نہ پائی جائے ۔( فتاوی رضویہ، 29/ 254)

(2)قراٰنِ کریم کا دوسرا حق اس کی تلاوت ہے۔ یہ ایک بڑی عبادت ہونے کے ساتھ ساتھ ایمان کو تازہ رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔ قراٰن مجید میں ہے : وَ رَتِّلِ الْقُرْاٰنَ تَرْتِیْلًاؕ(۴) ترجمۂ کنز الایمان: اور قراٰن خوب ٹھہر ٹھہر کر پڑھو۔(پ29،المزمل:4) اس کا معنی یہ ہے کہ اطمینان کے ساتھ اس طرح قراٰن پڑھو کہ حروف جدا جدا ہو۔ جن مقامات پر وقف کرنا ہے ان کا اور تمام حرکات اور مدات کی ادائیگی کا خاص خیال رہے۔ آیت کے آخر میں " تَرْتِیْلًا " فرما کر اس بات کی تائید کی گئی ہے کہ قراٰنِ پاک کی تلاوت کرنے والوں کے لیے ترتیل کے ساتھ تلاوت کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ ( مدراک ، المزمل، تحت الآیۃ 4 ،ص 1292)

(3) قراٰنِ کریم کا تیسرا حق یہ ہے کہ اسے سمجھا جائے۔ ہم لوگ زندگی میں مختلف کتابیں پڑھتے ہیں۔ ہم ہر جملہ بڑی توجہ کے ساتھ پڑھتے ہیں اور اگر کسی بات کی سمجھ نہ آئے تو دوبارہ پڑھتے ہیں تاکہ جان سکیں کہ مصنف کیا کہنا چاہ رہا ہے دوبارہ پڑھنے پر بھی تسلی نہ ہو تو ٹیچر یعنی استاد سے رابطہ کرتے ہیں تاکہ بات مکمل طور پر دل و دماغ میں راسخ ہو جائے لیکن جب قراٰنِ کریم پڑھنے کی باری آئے تو بے توجہی اور جلدی جلدی صحیح یا غلط پڑھ کر جان چھڑا لیتے ہیں کبھی اس بات پر غور و تحمل کیا کہ اللہ پاک ہم سے کیا کہنا چاہ رہا ہے۔ اللہ پاک کی قسم اگر لوگ قراٰن سمجھ کر عمل کرنا شروع کر دیں تو دنیا میں حقیقی امن اور سکون حاصل ہو جائے۔

(4) قراٰنِ پاک کا چوتھا حق یہ ہے کہ وہ اس پر عمل کریں ،تقویٰ اختیار کریں۔ شریعت میں تقوی اسے کہتے ہیں کہ انسان ان کاموں سے بچیں جو اس کے لئے آخرت میں نقصان دہ ہو۔

(5) قراٰنِ پاک کا پانچواں حق یہ ہے کہ اسے دوسروں تک پہنچائیں۔ قراٰن مجید میں : وَ تَوَاصَوْا بِالْحَقِّ ﳔ وَ تَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ۠(۳) ترجمۂ کنزالایمان: اور ایک دوسرے کو حق کی تاکید کی اور ایک دوسرے کو صبر کی وصیت کی۔(پ30،العصر:3) نور العرفان میں ہے کہ اس آیت سے کئی مسئلے معلوم ہوئے ۔ ایک یہ کہ پہلے خود نیک بنے پھر دوسروں کو ہدایت کرے جیسا کہ آیت میں ترتیب سے بیان کیا گیا ہے۔ دوسرے یہ کہ کہ ہمیشہ تبلیغ کریں کریں جیسے کہ" وَ تَوَاصَوْا " کہ اطلاق سے معلوم ہوا۔ تیسرے یہ کہ ہر مسلمان کو مبلغ ہونا چاہیے ، جسے جو مسئلہ صحیح طور پر معلوم ہو ، وہ لوگوں کو بتا دیں صرف علما پر تبلیغ نہیں ۔ ( تفسیر صراط الجنان)


امام مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ان تک یہ خبر پہنچی کہ سرکار اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : میں تمہارے پاس دو چیزیں چھوڑے جاتا ہوں۔ اگر انہیں تھامے رکھوگے تو گمراہ نہ ہوگے۔ یعنی اللہ کی کتاب اور اس کے نبی کی سنت۔

اللہ کریم نے قراٰنِ کریم کو ہدایت کا سر چشمہ قرار دیا ہے۔ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے واضح ارشاد فرمادیا کہ اگر قراٰن و سنت کو تھامے رکھو گے تو ہرگز گمراہ نہ ہوگے۔ معاشرہ کو دیکھیں تو بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج قراٰن کے ساتھ ہمارا ناطہ ٹوٹ چکا ہے ۔

قراٰنِ کریم کے پانچ حقوق یہاں بیان کئے جاتے ہیں۔ ان حقوق میں ہی قراٰنِ کریم کا حقیقی مقصد پوشیدہ ہے۔

(1) پہلا حق : قراٰن پر ایمان لانا یعنی یہ یقین رکھنا کہ یہ اللہ پاک کی آخری کتاب ہے جو اللہ کریم کے آخری رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل ہوئی ۔ یہ اللہ کریم کا کلام ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے ۔ اس میں جو کچھ ہے وہ ہی حق اور سچ ہے۔

(2) دوسرا حق تلاوت کرنا ۔ یعنی قراٰنِ کریم کی تلاوت کرنا ہے ۔ بدقسمتی سے ہم قراٰنِ کریم کا یہ حق ادا نہیں کرتے ۔ ہم اگر اپنی زندگیوں کا محاسبہ کریں تو شاید ہم پورے سال میں کل جو بیس گھنٹے بھی قراٰن کی تلاوت نہیں کرتے بلکہ افسوس کہ ہم میں سے اکثر کو قراٰن پڑھنا بھی نہیں آتا۔ ہم نے انگلیش پڑھا ہو، تو ہم انگریزوں کو سن سن کر ان کی طرح لہجہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن افسوس ہم نے کبھی قراٰن کو قراٰن کے لہجے میں پڑھنے کا سوچا بھی نہیں۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: وہ شخص ہم میں سے نہیں جو قراٰن کو خوش الحانی سے نہیں بڑھتا ۔

قراٰن کو خوش الحانی سے پڑھنے سے مراد یہ ہے کہ قراٰن کو اس کے صحیح مخارج کے ساتھ پڑھا جائے۔

(3) تیسرا حق: قراٰنِ کریم میں تدبر و تذکر کرنا ۔ یعنی قراٰنِ کریم کو یاد کرنا، قرآن کریم کا اتنا حصہ جو نماز میں پڑھنا ضروری ہے۔ اس کا حفظ کرنا۔ ہر مسلمان پر فرضِ عین ہے اس کے بغیر نماز نہیں ہوتی ۔

(4) چھو تھا حق : قراٰنِ کریم پر عمل کرنا یعنی قراٰنِ کریم میں جو احکامات درج ہیں ان پر عمل کیا جائے ۔ قراٰن کے نزول کا مقصد ھدی للناس ہے یعنی لوگوں کے لئے ہدایت ۔ اور ہدایت کے لئے شرط ہے کہ قراٰن کے احکامات پر عمل کیا جا ئے۔ بغیر عمل کے ہدایت ناممکن ہے۔

(5) پانچواں حق ! قراٰنِ کریم کا پانچواں حق یہ ہے کہ اس کی تبلیغ کی جائے ۔رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : بَلِّغُوا عَنِّي ولو آيَةً پہنچادو میری طرف سے اگرچہ ایک ہی آیت کیوں نہ ہو ۔ گویا رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنے ہر امتی کو یہ حکم دے دیا کہ اپنی اپنی حیثیت میں قراٰنِ کریم کی تبلیغ جاری رکھے۔ گھر کا سربراہ ہے تو بچوں کو قراٰن کی تعلیم سکھائے ۔ بچوں کو قراٰنِ کریم سے سبق حاصل کرنے کی نصیحت کرے۔

خلاصہ یہ ہے کہ ! ہمیں بحیثیتِ قوم و معاشرہ قراٰن سے ناطہ جوڑنے کی ضرورت ہے۔ قراٰنِ کریم سے محبت کا تعلق استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

اللہ کریم ہمیں قراٰنِ کریم کی محبت نصیب فرمائیں۔ اٰمين بجاه النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


اللہ تعالی نے اپنے بندوں کی رشد و ہدایت کے یہ بےشمار انعامات و اکرامات فرمائے ہیں ۔ انہی میں سے ایک یہ بھی ہے کہ انبیائے کرام علیہم السّلام کو مبعوث فرمایا اور ان پر کتابیں نازل فرمائیں ۔ امت محمدیہ کی ہدایت و رہنمائی کے لیے ہمارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر قراٰن شریف جیسی عظیم الشان کتاب اتاری ۔ اس جتنا بھی الله پاک کا شکر ادا کریں کم ہے۔

دنیا میں ہر چیز کے کچھ نہ کچھ حقوق ہوتے ہیں جن کا ادا کرنا ہر انسان پر لازمی ہوتا ہے ۔ جس طرح اللہ پاک کے حقوق ہر بندے پر ادا کرنا فرض ہے۔ اور ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے حقوق بھی آپ صلی اللہ علیہ ہم کی امت پر فرض ہے۔ اسی طرح سے جو کتاب اللہ نے اپنے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر اتاری اس کے بھی کئی حقوق ہیں ۔ سچ تو یہ ہے کہ قراٰنِ کریم کے حقوق اتنے ہیں کہ کوئی بھی کما حقہ ادا نہیں کر سکتا ۔ چند حقوق کتابُ الله کے اپنے اس مضمون میں قلم بند کرنے کی کوشش کرتا ہوں امید ہے قارئین کو کچھ فائدہ ہو اور اس پر عمل کریں۔

قراٰن مقدس کا سب سے بڑا حق تو یہ ہے کہ اس پر ایمان لایا جائے۔ جیسا کہ قراٰنِ مجید میں اس پر ایمان لانے کی ترغیب اور ایمان لانے والوں کے لیے بشارت دی گئی ہے۔ چنانچہ پارہ 26 سورۂ محمد آیت نمبر 2 میں ارشاد باری ہے : وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ اٰمَنُوْا بِمَا نُزِّلَ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّ هُوَ الْحَقُّ مِنْ رَّبِّهِمْۙ-كَفَّرَ عَنْهُمْ سَیِّاٰتِهِمْ وَ اَصْلَحَ بَالَهُمْ(۲) ترجمۂ کنزالایمان : اور جو ایمان لائے اور اچھے کام کئے اور اس پر ایمان لائے جو محمّد پر اتارا گیا اور وہی ان کے رب کے پاس سے حق ہے اللہ نے ان کی بُرائیاں اُتار دیں اور اُن کی حالتیں سنوار دیں۔

لہذا ہر انسان پر فرضِ عین ہے کہ وہ قراٰنِ کریم پر ایمان لائے اور نورِ ایمانی سے سرشار ہو۔

قراٰنِ پاک کا ایک حق یہ بھی ہے کہ اسے درست تلفّظ، صحیح مخارج و صفات کے ساتھ پڑھا جائے۔ جیسا کہ اس کی تلاوت کرنے کا حق ہے۔ چنانچہ پارہ 1 سورہ بقرہ میں ارشاد باری ہے: اَلَّذِیْنَ اٰتَیْنٰهُمُ الْكِتٰبَ یَتْلُوْنَهٗ حَقَّ تِلَاوَتِهٖؕ ترجمۂ کنزالایمان : جنہیں ہم نے کتاب دی ہے وہ جیسی چاہیے اس کی تلاوت کرتے ہیں ۔(پ 1 ، البقرۃ :121) تفسیر جلالین میں اس کے تحت ہے : اَیْ یَقْرَءُ وْنَہٗ کَمَا اُنْزِلَ یعنی وہ اُسے ایسے پڑھتے ہیں جس طرح نازل کیا گیا۔

لہذا جو بھی قراٰنِ پاک پڑھے اسے چاہیے کہ پہلے اپنا تلفظ درست کرے ۔ اس کا بہترین ذریعہ دعوت اسلامی کا مدرسۃ المدینہ بالغان ہے جس میں بڑے اسلامی بھائیوں کو قراٰنِ پاک کی درست تعلیم فی سبیل اللہ دی جاتی ہے۔ نیز بچوں کے لئے بھی مدرستہ المدینہ قائم ہیں جن میں فی سبیل اللہ بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے۔

قراٰنِ مقدس کا ایک حق یہ بھی ہے کہ اسے جب بھی چھوئیں یا تلاوت کریں، تو آپ پاک وصاف ہوں۔ خوب اہتمام کے ساتھ تلاوت کریں اس لیے کہ اسے ناپاکی کی حالت میں چھونا ناجائز و حرام ہے اس کی دلیل یہ ہے کہ اللہ پاک نے قراٰن مجید کے پارہ 27 سورہ واقعہ آیت نمبر 79 میں ارشاد فرماتا ہے : لَّا یَمَسُّهٗۤ اِلَّا الْمُطَهَّرُوْنَؕ(۷۹) ترجمۂ کنزالایمان : اسے نہ چھوئیں مگر با وضو۔

یہ تو ضروری ہے ہی کہ تلاوت کرنے والا با وضو ہو لیکن ادب کا تقاضا یہ ہے کہ تلاوت قراٰن مجید سے پہلے اپنے ظاہر و باطن کو خوب صاف ستھرا کر لیں۔ اپنے ظاہر پر غور کر لیں اور باطن کو بھی یادِ خدا و ذکرِ مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے آراستہ کر لیں۔ ان شاء اللہ اس کی برکت سے آپ کے دل و دماغ میں انقلاب برپا ہو جائے گا۔

دنیا میں ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اچھا کہلائے ، لوگ اسے اچھا کہیں، اسے اچھی نظر سے دیکھیں۔ اس کے لیے آدمی طرح طرح سے کوشش کرتا ہے، طرح طرح کے علوم و فنون حاصل کرتا ہے لیکن اللہ پاک اور اس کے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے نزدیک بہتر وہ ہے جو قراٰنِ پاک سیکھے اور دوسروں کو سکھائے۔ حدیثِ مبارکہ میں ہے: خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْاٰنَ وَعَلَّمَہٗ یعنی تم میں سے بہتر وہ ہے جو قراٰن سیکھے اور سکھائے ۔(صحیح البخاری، کتاب فضائل القرآن، باب خیرکم من تعلم القرآن وعلمہ، 3/410،حدیث:5027)

یہ قراٰنِ پاک کا ایک حق بھی ہے کہ اسے سیکھا جائے اور دوسروں کو سکھا یا جائے ۔

جب قراٰنِ پاک کی سورتیں یا آیات پڑھی جاتی ہیں اس وقت بعض لوگ چُپ تو رہتے ہیں مگر ادھر اُدھر دیکھنے اور دیگر حرکات و اشارات سے باز نہیں آتے۔ ایسوں کی خدمت میں عرض ہے کہ چپ رہنے کے ساتھ ساتھ غور سے سننا بھی لازمی ہے۔ جیسا کہ فتاوی رضویہ جلد 23 صفحہ 352 پر میرے آقا اعلی حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: قراٰنِ مجید پڑھا جائے اسے کان لگا کر غور سے سننا اور خاموش رہنا فرض ہے۔ اللہ پاک نے ارشاد فرمایا ہے : وَ اِذَا قُرِئَ الْقُرْاٰنُ فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ وَ اَنْصِتُوْا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَ(۲۰۴) ترجمۂ کنزالایمان: اور جب قرآن پڑھا جائے تو اسے کان لگا کر سنو اور خاموش رہو کہ تم پر رحم ہو۔

قراٰنِ پاک کے اتنے حقوق ہیں کہ اسے یہاں کر پانا ناممکن ہیں۔ چند حقوق کا ذکر اس چھوٹے سے مضمون میں ہو سکا ہے ۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں قراٰنِ پاک کے حقوق کا پاسدار بنائے اور کثرت سے تلاوتِ قراٰن کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


جس طرح معاشرے میں پڑوسی، والدین، میاں بیوی اور اساتذہ کے حقوق ہوتے ہیں اسی طرح کلامُ اللہ یعنی قراٰنِ کریم کے بھی حقوق ہیں، جس کا ادا کرنا ہمارے ذمے لازم ہے۔ قراٰنِ مجید وہ کتاب ہے جو کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ یہ کتاب تمام آسمانی کتابوں کا سردار ہے۔ جس طرح اس کا مرتبہ بلند و بالا ہے اسی طرح قراٰنِ کریم کے حقوق ادانہ کرنا بھی سنگین جرم ہوگا۔

قرآن کریم کے پانچ حقوق یہ ہیں:۔

(1) قراٰنِ کریم پر ایمان لانا۔

(2) قراٰنِ پاک کی تلاوت کرنا۔

(3) قراٰن کو سمجھنا۔

(4) قراٰن مجید پر عمل کرنا۔

(5) قراٰن کی تعلیمات کو دوسروں تک پہنچانا۔

قراٰنِ مجید کا پہلا حق یہ کہ اس پر ایمان لانا ۔یہاں یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ اللہ پاک نے جتنی بھی کتابیں نازل فرمائیں، جتنے صحیفے انبیائے کرام عليہم السّلام پر نازل فرمائیں، ان سب پر ہی ایمان لانا ایک مسلمان پر لازم ہے۔ اللہ پاک کی نازل کردہ کسی ایک بھی کتاب کا انکار کفر ہے ۔ البتہ پچھلی آسمانی کتابوں پر ایمان لانے میں اور قراٰنِ کریم پر ایمان لانے میں ایک فرق ہے وہ یہ کہ پچھلی جتنی بھی آسمانی کتابیں ہیں اور صحیفے ہیں ان سب پر اجمالی ایمان فرض ہے اور قراٰنِ کریم پر تفصیلی ایمان فرض ہے۔ اجمالی ایمان کا مطلب یہ ہے کہ اللہ پاک نے تورات نازل فرمائی، زبور نازل فرمائی، انجیل نازل فرمائی، اس کے علاوہ انبیائے کرام عليہم السّلام پر جو صحیفے نازل فرمائے وہ سب حق ہیں، سچ ہیں۔ ان میں جو کچھ اللہ پاک نے نازل فرمایا وہ سب سچ ہے۔ ہاں لوگوں نے اپنی خواہش سے ان میں تحریف کر دیا ہے، وہ باطل ہیں۔ جبکہ قراٰنِ کریم پر تفصیلی ایمان لازم ہے یعنی الحمد کی الف سے لے کر والناس کی سین تک۔ قراٰنِ کریم کا ایک ایک جملہ ایک ایک لفظ ایک ایک حرف حق ہے سچ ہے۔ اللہ پاک کی طرف سے نازل کردہ ہے اس میں ایک حرف کی بھی کمی بیشی نہیں۔ جو شخص قراٰنِ کریم کے ایک لفظ کا بھی انکار کرے وہ کافر ہے دائرہ اسلام سے خارج ۔ 


پیارے اسلامی بھائیوں اللہ پاک نے ہمیں مسلمان بنایا اور اپنے حبیب کے امت میں پیدا فرمایا اور ہمیں قراٰنِ مجید عطا فرمایا ۔ جس کا پڑھنا عبادت، چھونا عبادت، دیکھنا عبادت، چو منا عبادت ، سینے سے لگانا عبادت۔

پیارے پیارے اسلامی بھائیوں ! قراٰنِ مجید کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ پاک نے لیا۔ ہمارے نبی پاک پر قراٰنِ مجید نازل فرمانے سے پہلے بہت سارے کتابیں نازل فرمایا۔ لیکن کسی کتاب کی حفاظت کا ذمہ نہیں لیا لیکن قراٰنِ مجید کو اپنے ذمہ کرم پر لیا۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے : اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَ اِنَّا لَهٗ لَحٰفِظُوْنَ(۹) ترجمۂ کنز الایمان: بےشک ہم نے اتارا ہے یہ قرآن اور بےشک ہم خود اس کے نگہبان ہیں۔(پ14،الحجر:9)

پیارے پیارے اسلامی بھائیوں ! اللہ پاک نے ہمیں قراٰن دیا۔ ہم پر لازم ہے اس کے حقوق کو ادا کریں۔ قراٰنِ کریم کے پانچ حقوق مندرجہ ذیل ہیں ۔

(1) قراٰنِ مجید پر ایمان لانا ۔

(2) قراٰنِ مجید کو پڑھنا

(3) قراٰنِ مجید کو سمجھنا

(4) قراٰنِ مجید پر عمل کرنا

(5) قراٰنِ مجید کو دوسرے تک پہنچانا

پیارے پیارے اسلامی بھائیوں! لیکن افسوس صد افسوس ہم کہاں ہیں۔ ہم نے قراٰن کو چھوڑ دیا اس پر عمل کرنا ترک کر دیا۔ ہم نے قراٰن کے حقوق کو بھلا دیا، ہم نے تو قراٰنِ کریم کو تو الماری میں سجا سجا کر رکھ دیا ہے۔ قراٰن مجید کے نازل ہوئے چودہ سو سال ہو گئے ہیں اب بھی ویسا ہی ہے جیسا نازل ہو ا تھا۔ ہمارے اسلاف اس پر ایمان لائے اور اس کو پڑھا اور سمجھا اور اس پر عمل پیرا ہوئے اور ہم تک پہنچائے۔

پیارے پیارے اسلامی بھائیوں ! ہمارے اسلاف نے پوری دنیا بپر راج کیا، ان کے اخلاق ایسے تھے کہ کوئی غیر مسلم دیکھ لیتا، تو ایمان لے آتا ۔ ہم ان کی تعریف کو سنتے ہیں اور پڑھتے ہیں تو یہی کہنا پرتا ہے:۔

وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہو کر ہم خوار ہوے تاریک قراٰں ہو کر

پیارے اسلامی بھائیوں ابھی وقت دور نہیں کہ ہم اپنا کھویا ہوا وقار پا سکتے ہیں شرط ہے کہ قراٰن کے حقوق کو بجا لائیں۔


اسلام میں کلامِ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے پہلے کلامُ اللہ کا درجہ ہے اور کیوں نہ ہوں کہ روئے زمین پر کلامُ اللہ جیسے کوئی دوسری کتاب موجود نہیں۔ قراٰن ایک مکمل کتاب جس میں ہر چیز کا واضح بیان ہے ۔ یہ ایسی بلند شان اور عظمت و شرف والی کتاب ہے جس میں کسی طرح کے شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں۔ کیونکہ شک اس چیز میں ہوتا ہے جس کی حقانیت پر کوئی دلیل نہ ہو جبکہ قراٰنِ پاک اپنی حقانیت کی ایسی واضح اور مضبوط دلیلیں رکھتا ہے جو ہر صاحب ِ انصاف اور عقلمند انسان کو اس بات کا یقین کرنے پر مجبور کر دیتی ہیں کہ یہ کتاب حق ہے اور اللہ پاک کی طرف سے نازل ہوئی ہے ،تو جیسے کسی اندھے کے انکار سے سورج کا وجود مشکوک نہیں ہوتا ایسے ہی کسی بے عقل مخالف کے شک اور انکار کرنے سے یہ کتاب مشکوک نہیں ہو سکتی۔

جہاں قراٰن کا نور وہاں حدیث کا رنگ ہے قراٰنِ کریم دنیا کی وہ عظیم الشان کتاب ہے جو انسانوں کے فلاح و رہنمائی کا عظیم مرکز ہے اس کتاب کا مرتبہ تمام آسمانی کتابوں میں سب سے افضل ترین ہے اس کتاب کو جو خصوصیات حاصل ہے وہ اللہ پاک کی باقی آسمانی کتابوں میں سے کسی کو بھی حاصل نہیں اور جو شخص قراٰن کے سوا کسی اور کتاب میں ہدایت کو تلاش کرے گا اللہ پاک اس کو گمراہ کردے گا۔ اس کے مطابق کہنے والا سچا اور اس پر عمل کرنے والا مستحق اجر ہوتا ہے اور اس کے موافق حکم دینے والا عادل ہوتا ہے اور اس کی جانب دعوت دینے والا راہِ راست کی طرف ہدایت پاتا ہے قراٰنِ مجید میں خود رب کریم نے قراٰنِ کریم کی عظمت ظاہر کرتے ہوئے فرمایا کہ پہاڑ پر اتار دیتے تو وہ اس کی تاب نہ لاتا اور پھٹ جاتا ۔ کتاب اللہ کے بہت سے حقوق ہیں۔ آیئے! کتاب اللہ کے پانچ حقوق ملاحظہ فرمائیں:

(1) اس پر ایمان رکھا جائے

( 2 ) قراٰنِ کریم سے محبت کی جائے، 

( 3 ) قراٰن کا حق یہ ہے کہ اس کی تعظیم کی جائے، 

( 4 ) قراٰنِ مجید کی تلاوت کی جائے، اسے سمجھا جائے

( 5 ) قراٰن مجید پر عمل کیا جائے اور اسے دوسروں تک پہنچایا جائے۔

ہمیں چاہیے کہ جس طرح ہمارے حقوق دنیا اور دنیا میں رہنے والوں کے ساتھ ہوتے ہے جنہیں پورا کرنے کیلئے ہم اپنی زندگی کا ایک اہم حصہ گزار دیتے ہیں، تو اُس خلاّقِ کائنات کی کتاب کے ساتھ جو حقوق وابستہ ہم پر ضروری ہے کہ انہیں ادا کریں۔ کیونکہ یہ ایک ایسی منفرد کتاب ہے جس میں وعدے کے ساتھ وعید ،امر کے ساتھ نہی اور اَخبار کے ساتھ اَحکام ہیں۔ مدینے والے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: میری امت کی افضل عبادت تلاوت قراٰنِ پاک ہیں۔ اور احادیث میں بہترین انسان اس آدمی کو بولا گیا کہ بہتر وہ شخص ہے، جو قراٰن سیکھے اور سکھائے اللہ پاک اس کتاب سے بہت لوگوں کو بلند کرتا ہے اور بہتوں کو پَست کرتا ہے یعنی اس انسان کیلئے بلندی ہے جو قراٰن پر ایمان لاتے اور عمل کرتے ہے جس کے جوف میں کچھ قراٰن نہیں ہے، وہ ویرانہ مکان کی مثل ہے۔ چنانچہ یہ بات تو ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ تلاوتِ قراٰن دین میں ایک نہایت ہی پسندیدہ اور مطلوب عمل ہے ۔جب دین میں اِس عمل کی حیثیت یہ ہے تو لامحالہ ایک مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ قراٰنِ کریم کو صحیح معنوں میں سیکھ کے تلاوت کرنے کا معمول بنا لیجیے یہ ثواب کا باعث بھی ہے ۔چنانچہ تلاوتِ قراٰن میں نیت و ارادہ اگر خالصتاً فہم قراٰن ،طلب ہدایت اور اللہ پاک کی خوشنودی کا حصول ہے تو پھر یہ عمل یقیناً مزید باعث اجر ہوگا ۔


قراٰنِ مجید ایک ایسی کتاب ہے جس کی تِلاوت کرنا سننا، باوُضو چُومنا، چھونا، یہاں تک کے دیکھنا بھی ثواب ہیں ۔ یہ ایک ایسی واحد کتاب ہے کہ جس کا 1 حرف پڑھنے پر 100 نیکیاں ملتی ہیں۔ چنانچہ حضرتِ سیِّدُنا علیُّ المرتضیٰ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: جو نماز میں کھڑے ہو کر قراٰن کی تِلاوت کرے اس کے لئے ہر حَرْف کے بدلے 100 نیکیاں ہیں اور جو نماز میں بیٹھ کر تِلاوت کرے اس کے لئے ہر حَرْف کے بدلے 50 نیکیاں ہیں اور جو نماز کے علاوہ باوُضُو تِلاوت کرے اس کے لئے 25 نیکیاں ہیں اور جو بغیر وُضُو تِلاوت کرے اس کے لئے 10 نیکیاں ہیں۔(احیاء العلوم، 1/366)۔ قراٰنِ پاک کے حُقوق متعلق پارہ نمبر 1 سورة البقرہ کی آيت نمبر 121 میں اللہ پاک اِرشاد فرماتا ہے: اَلَّذِیْنَ اٰتَیْنٰهُمُ الْكِتٰبَ یَتْلُوْنَهٗ حَقَّ تِلَاوَتِهٖؕ-اُولٰٓىٕكَ یُؤْمِنُوْنَ بِهٖؕ ترجمۂ کنزالعرفان: وہ لوگ جنہیں ہم نے کتاب دی ہے تو وہ اس کی تلاوت کرتے ہیں جیسا تلاوت کرنے کا حق ہے یہی لوگ اس پر ایمان رکھتے ہیں۔(پ1،البقرۃ:121) معلوم ہوا کہ کتابُ اللہ کے بہت سے حقوق بھی ہیں۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم ان حُقوق کو سمجھ لیں تو آیئے اُنہی میں سے پانچ حُقوق کو سمجھ لیتے ہیں۔

(1) پہلا حق: اس پر ایمان لانا یہ بات یاد رکھیے کہ اللہ پاک نے جتنی بھی کتابیں نازِل فرمائے،جتنے صحیفے انبیائے کِرام علیہم السلام پر نازِل فرمائے، ان سب پر ہی ایمان لانا ایک مسلمان پر لازِم ہے، اللہ پاک کی نازِل کردہ کسی ایک بھی کتاب کا اِنکار کُفْر ہے۔ البتہ پچھلی آسمانی کتابوں پر ایمان لانے میں اور قراٰنِ کریم پر ایمان لانے میں ایک فرق ہے،وہ یہ کہ پچھلی جتنی بھی آسمانی کتابیں ہیں،صحیفے ہیں،ان سب پر اِجمالی ایمان فرض ہے اور قراٰنِ کریم پر تفصیلی ایمان فرض ہے۔اِجمالی کا مطلب یہ ہے کہ اللہ پاک نے تورات انجیل زبور اس کے علاوہ جو صحیفے انبیائے کِرام علیہم السلام پر نازِل فرمائے وہ سب سچ ہے،ہاں! لوگوں نے اپنی خواہش سے ان میں جو اضافے کردیئے ،ان میں جو تبدیلیاں کردیں،وہ باطل ہیں۔جبکہ قراٰنِ کریم پر تفصیلی ایمان لازِم ہے،یعنی اَلْحَمْدُ کی الِف سے لے کر وَالنّاسُ کی سین تک قراٰنِ کریم کا ایک ایک حَرف سچ ہے،اللہ کی طرف سے نازِل کردہ ہے،اس میں ایک حَرف کی بھی کمی بیشی نہیں،جو شخص قراٰنِ کریم کے ایک لفظ کا بھی انکار کرے،وہ کافِر ہے،دائرۂ اسلام سے خارج ہے۔

(2) دوسرا حق: اس سے محبّت کرنا اور دِل سے اس کی تعظیم کرنا۔الحمداللہ!قراٰن مجید سے محبّت کرنا "سنّتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے"۔ پیارے آقاصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم قراٰن مجید سے بہت محبّت فرماتے تھے۔ ایک روز پیارے آقاصلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اپنے گھر مبارک میں تشریف فرما تھے، کسی نے بتایا کہ کوئی شخص بہت خوبصورت آواز میں قراٰن مجید کی تِلاوت کر رہا ہے، پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اٹھے، باہر تشریف لے گئے اور دیر تک تِلاوت سُنتے رہے، پھر واپس تشریف لائے اور فرمایا: یہ ابو حذیفہ کا غُلام سالم ہے،تمام تعریفیں اللہ پاک کے لئے ہیں جس نے میری اُمّت میں ایسا شخص پیدا فرمایا۔( ابن ماجہ ، کتاب : اقامۃ الصلاۃ ، ص 216 ، حدیث : 1338)

(3) تیسرا حق: قراٰن مجید کے بیان کردہ آدابِ زندگی اپنانا اور اس کے بتائے ہوئے اَخلاق کو اپنے کردار کا حصّہ بنانا۔ اللہ پاک کے‌ آخری نبی، مکی مدنی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: کتنے قراٰن پڑھنے والے ایسے ہیں کے قراٰن اُن پر لعنت کرتا ہے۔ عُلمائے کرام نے اس حدیثِ پاک کا ایک معنی یہ بھی لکھا ہے کہ اس سے مُراد وہ شخص ہے جو قراٰنِ کریم کی تِلاوت تو کرتا ہے مگر اس پر عمل نہیں کرتا۔

(4) چوتھا حق: اس کی تِلاوت کرنا۔ قراٰن مجید کی تِلاوت اس طرح کرے کہ گویا یہ قراٰن اللہ پاک کی بارگاہ سے سن رہا ہے اور خیال کرے کہ ابھی اس ذات کی جانِب سے سن رہا ہوں۔

(5) پانچواں حق: قراٰن مجید کو سمجھنا اور سمجھ کر دوسروں تک پہنچانا۔ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے قراٰن مجید کے بے شُمار اَوْصاف بیان فرمائے ہیں، اُن میں ایک وَصْف یہ بیان فرمایا کہ قراٰن مجید دلیل ہے، یہ یا تو تمہارے حق میں دلیل بنے گا یا تمہارے خلاف دلیل ہوگا۔ علّامہ قرطبی رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں: جو شخص قراٰن سیکھے مگر اس سے غفلت کرے قراٰن اس کے خِلاف دلیل ہوگا اور اس سے بڑھ کر اس بندے کے خِلاف دلیل ہوگا جو قراٰن مجید کے حق میں کمی کرے اور اس سے جاہِل رہے۔(تفسیر قرطبی ، 1/ 19)

نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان ہے کہ تم میں بہترین شخص وہ ہے جس نے قراٰن سیکھا اور دوسروں کو سکھایا۔(بخاری) اگر ہم بھی چاہتے ہیں کہ بہترین انسان بنیں تو اس حدیثِ پاک پر عمل کرنا ہوگا اور اس حدیثِ پاک پر عمل کرنے کے لئے ہمیں دعوتِ اسلامی کے 80 سے زائد شعبوں میں سے ایک بہت ہی اہم شعبہ مدرسۃُ المدینہ میں شرکت کرنا ہوگا۔ الحمدللہ اس میں شرکت کی برکت سے قراٰنِ کریم کو سیکھنے اور دوسروں تک پہنچانے کی بھی سعادت حاصل ہوتی ہے۔ اللہ پاک ہمیں قراٰنِ کریم کو سیکھنے سمجھنے اس کی زیادہ سے زیادہ تِلاوت کرنے اور اس کے حُقوق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہِ النبیِّ الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔

يہی ہے آرزو تعلیمِ قرآں عام ہو جائے

ہر اِک پرچم سے اونچا پرچمِ اسلام ہو جائے


کسی مسلمان کا برائیوں اور گناہوں میں مبتلا ہونا بلاشبہ بُرا ہے لیکن اس سے زیادہ برا کسی پر گناہوں کا جھوٹا الزام لگانا ہے۔ ہمارے معاشرے میں جو برائیاں ناسور کی طرح پھیل رہی ہیں ان میں سے ایک تہمت و بہتان بھی ہے۔ جس نے ہماری زندگی کے سکون کو برباد کر دیا ہے۔یاد رہے کہ کسی پر جان بوجھ کر بہتان لگانا انتہائی برا کام ہے۔ اس کی مذمت احادیث میں بھی بیان کی گئی ہے۔5احادیث آپ بھی پڑھئے:

(1) نبیِّ رحمت، شفیعِ اُمّت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جو کسی مسلمان کی برائی بیان کرے جو اس میں نہیں پائی جاتی تو اس کو اللہ پاک اس وقت تک ردغۃُ الخبال ( یعنی جہنم کی وہ جگہ جہاں جہنمیوں کا خون اور پیپ جمع ہوگا،اس) میں رکھے گا جب تک اس کے گناہ کی سزا پوری نہ ہو۔ ( ابوداؤد،3/427،حدیث:3597)

(2) جس نے کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے اس پر الزام عائد کیا تو اللہ پاک جہنم کے پل پر اسے روک لے گا یہاں تک کہ اپنے کہنے کے مطابق عذاب پالے۔(ابو داؤد، 4/ 355،حدیث:4883)

(3) جھوٹے گواہ کے قدم ہٹنے بھی نہ پائیں گے کہ اللہ پاک اس کے لئے جہنم واجب کر دے گا۔(ابن ماجہ،3/123،حدیث:2373)

(4) نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: کسی پاک دامن عورت پر زِنا کی تہمت لگانا سو سال کی نیکیوں کو برباد کرتا ہے۔(معجم کبیر،3/169،حدیث:3023)

(5) حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے صحابۂ کرام علیہمُ الرّضوان سے استفسار فرمایا: کیا تم جانتے ہو،مفلس کون ہے ؟صحابۂ کرام علیہمُ الرّضوان نے عرض کی: ہم میں مفلس وہ ہے جس کے پاس نہ درہم ہو اور نہ ہی مال، ارشاد فرمایا: میری امت میں مفلس وہ ہے جو قیامت کے دن نماز، روزہ اور زکوٰۃ لے کر آئے گا لیکن اس نے فلاں کو گالی دی ہوگی،فلاں پہ تہمت لگائی ہو گی۔ فلاں کا مال کھایا ہوگا، فلاں کا خون بہایا ہوگا اور فلاں کو مارا ہو گا، تو اس کی نیکیوں میں سے ان سب کو ان کا حصہ دے دیا جائے گا۔ اگر اس کے ذمے آنے والے حقوق پورے ہونے سے پہلے اس کی نیکیاں ختم ہو گئیں تو ان لوگوں کے گناہ اس پر ڈال دیئے جائیں گے پھر اسے جہنم میں پھینک دیا جائے گا۔ ( مسلم،ص1069،حدیث:6579)

اللہ پاک ہمیں بہتان لگانےاور الزام تراشی سے محفوظ فرمائے اور ہمارے اعضاء کو اپنی اطاعت و خوش نودی والے کاموں میں استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


پیارے اور محترم اسلامی بھائیو! ہمیں بحیثیتِ مسلمان یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہمارے پاس الله پاک کا کلام محفوظ ہے جو کہ اللہ پاک کی ہمارے لئے بڑی نعمت ہے لیکن اس بنا  پر ایک بڑی ذمہ داری بھی ہم پر لازم آتی ہے کہ اس نعمتِ عظمیٰ کے حقوق جتنا ہوسکے ادا کیے جائیں۔

کیوں نہ ہو ممتاز اسلام دنیا بھر کے دینوں میں

وہاں مذہب کتابوں میں، یہاں قراٰن سینوں میں

محترم قارئین کرام! ہر مسلمان پر قراٰن کریم کے متعدد حقوق لازم ہوتے ہیں جن میں سے 5 حاضر خدمت ہیں:

(1 ) ایمان لانا : قراٰن مجید کا پہلا حق یہ ہے کہ زبان سے اقرار کیا جائے کہ قراٰن اللہ پاک کا کلام ہے۔ اس اقرار سے انسان دائرۂ اسلام میں داخل ہو جاتا ہے (یعنی یہ ایمان کا جز ہے) لیکن زبان سے اقرار کرنے کے ساتھ دل سے تصدیق بھی لازم ہے۔ اکثر صحابۂ کرام علیہم الرضوان ہفتے میں ایک مرتبہ ضرور ختم قراٰن کرتے تھے۔ قراٰن سے اس لگاؤ کا سبب یہ تھا کہ انہیں کامل ایمان تھا کہ یہ اللہ کا کلام ہے ۔

(2) تلاوت قراٰن کرنا : قراٰن پاک کا دوسرا حق یہ ہے کہ اس کی تلاوت کی جائے۔ یہ ایک بڑی عبادت ہونے کے ساتھ ایمان کو تازہ رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔ اس لئے قراٰن مجید کے قدر دانوں کی یہ کیفیت قراٰن مجید میں بیان کی گئی ہے۔ چنانچہ ارشاد باری ہے: اَلَّذِیْنَ اٰتَیْنٰهُمُ الْكِتٰبَ یَتْلُوْنَهٗ حَقَّ تِلَاوَتِهٖؕ-اُولٰٓىٕكَ یُؤْمِنُوْنَ بِهٖؕ-وَ مَنْ یَّكْفُرْ بِهٖ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الْخٰسِرُوْنَ۠(۱۲۱)ترجمۂ کنزالعرفان:وہ لوگ جنہیں ہم نے کتاب دی ہے تو وہ اس کی تلاوت کرتے ہیں جیسا تلاوت کرنے کا حق ہے یہی لوگ اس پر ایمان رکھتے ہیں اور جو اس کا انکار کریں تو وہی نقصان اٹھانے والے ہیں۔ (پ1،البقرۃ:121)

(3) قراٰن مجید میں تدبر ( غور و فکر) کرنا : کتاب اللہ کا تیسرا حق یہ ہے کہ اسے سمجھا جائے۔ جیسا کہ اللہ پاک نے قراٰن مجید میں ارشاد فرمایا: وَ اَنْزَلْنَاۤ اِلَیْكَ الذِّكْرَ لِتُبَیِّنَ لِلنَّاسِ مَا نُزِّلَ اِلَیْهِمْ وَ لَعَلَّهُمْ یَتَفَكَّرُوْنَ ترجمۂ کنزالعرفان: اور اے حبیب! ہم نے تمہاری طرف یہ قرآن نازل فرمایا تاکہ تم لوگوں سے وہ بیان کردو جو اُن کی طرف نازل کیا گیا ہے اور تاکہ وہ غوروفکر کریں۔ ( پ14،النحل : 44)

(4) قراٰن مجید پر عمل کرنا :قراٰن مجید کا چو تھا حق یہ ہے کہ اس پر عمل کریں۔ قراٰن مجید محض حصولِ برکت کیلئے نازل نہیں ہوا بلکہ یہ تمام انسانوں کیلئے رہنمائی ہے ۔قراٰن پر عمل نہ کرنے والوں کے لئے وعید بھی قراٰن میں بیان کی گئی ہے۔ چنانچہ ارشاد باری ہے: وَ مَنْ لَّمْ یَحْكُمْ بِمَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الْكٰفِرُوْنَ(۴۴) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور جو اس کے مطابق فیصلہ نہ کریں جو اللہ نے نازل کیا تو وہی لوگ کافر ہیں۔ (پ6،المائدۃ:44)

وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہو کر

اور تم خوار ہوئے تارک قرآں ہو کر

درس قراٰن گر ہم نے نہ بھلایا ہوتا

یہ زمانہ زمانے نے نہ دکھایا ہوتا

(5)قراٰن مجید کو دوسروں تک پہنچانا: قراٰن پاک کا پانچواں حق یہ ہے کہ قراٰن مجید کو دوسروں تک پہنچایا جائے۔ اسی طرح ہمارے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اپنی پوری زندگی اس حق کی ادائیگی میں مصروف عمل رہے اور امت کو بھی یہی تعلیم دی۔ چنانچہ اس حق کو رب کریم نے قراٰن مجید میں بھی بیان فرمایا ہے۔ چنانچہ ارشاد باری ہے : یٰۤاَیُّهَا الرَّسُوْلُ بَلِّغْ مَاۤ اُنْزِلَ اِلَیْكَ مِنْ رَّبِّكَؕ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے رسول! جو کچھ آپ کی طرف آپ کے رب کی جانب سے نازل کیا گیا اس کی تبلیغ فرما دیں۔(پ6،المائدۃ:67)

پیارے اسلامی بھائیو! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہو جائیے ! الحمد للہ ! دعوتِ اسلامی ہمیں قراٰن پڑھنا بھی سکھاتی ہے اور قراٰن سمجھنے کے ذرائع بھی فراہم کرتی ہے اور قراٰن مجید سمجھ کر اس پر عمل کرنے اور اسے دوسروں تک پہنچانے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔

خاتمہ :اللہ پاک ہمیں اس عظیمُ الشان کتاب کی قدر کرنے ، اس کی خوب تلاوت کرنے ، اس سے ہدایت لینے اور اس کا نور اپنے سینے میں اتارنے اور اس کی ہدایات دنیا بھر میں پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


پیارے پیارے اسلامی بھائیو ! قراٰنِ کریم اللہ پاک کا آخری اور مکمل کلام ہے، جو ہمارے لئے ہدایت اور دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ قراٰنِ حکیم ایک فیصلہ کن کلام کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اسی طرح دنیا میں ہمارا عروج و زوال قراٰنِ حکیم ہی سے وابستہ ہے۔ یہ ہمارے پاس اللہ پاک کی طرف سے نعمتِ عظمیٰ ہے ۔ اور اس نعمت عظمی کے حقوق بھی ہیں ۔ آئیے چند حقوق ملاحظہ کرتے ہیں :

پہلا حق : قراٰن مجید پر ایمان لانا: پیارے اور محترم اسلامی بھائیو ! قراٰن مجید پر ایمان لانے کا مطلب یہ ہے کہ زبان سے اس کا اقرار کیا جائے کہ یہ اللہ پاک کا کلام ہے۔ جبرائیل علیہ السّلام کے واسطے سے اللہ پاک کے سب سے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل ہوا۔ اور یہ اقرار دل اور زبان دونوں طریقے سےکرنا ضروری ہے ۔ اور اس اقرار کو عملی جامہ پہنانا اور تمام اعضاء جسم پر نافذ کرنا اور سرتا پاؤں اس اقرار کے تابع عمل کرنا عین ایمان ہے۔ چنانچہ حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل ہونے والی کتاب قراٰن مجید پر سب سے پہلے ایمان لانے والے صحابۂ کرام علیہم الرضوان تھے۔ ارشاد باری ہے: اٰمَنَ الرَّسُوْلُ بِمَاۤ اُنْزِلَ اِلَیْهِ مِنْ رَّبِّهٖ وَ الْمُؤْمِنُوْنَؕ ترجَمۂ کنزُالایمان: رسول ایمان لایا اس پر جو اس کے رب کے پاس سے اس پر اُترا اور ایمان والے سب نے مانا۔(پ3،البقرۃ: 285)

یعنی قراٰن مجید پر نبی کریم علیہ الصلاۃ و السّلام ایمان لائے اور صحابۂ کرام علیہم الرضوان بھی ایمان لائے ۔ تو ایمان کی دولت پانے کے بعد اللہ پاک نے مؤمنوں کے لقب سے نواز دیا۔ چنانچہ انہوں نے اس لقب کی اتنی قدر کی کہ اپنا اٹھنا بیٹھنا اس قراٰنِ مجید کے مطابق کر لیا اور پوری کائنات کیلئے آئیڈیل اور رہنما بن گئے ۔ آج بھی اگر نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شخصیت کے بعد کسی ہستی کے عمل سے اسلام اور قراٰن کی اصل تعلیمات سامنے آتی ہیں تو وہ صحابۂ کرام علیہم الرضوان ہیں۔ جس کو شاعر نے بیان کیا

یہ راز کسی کو معلوم نہیں کہ مؤمن قاری نظر آتا ہے حقیقت میں ہے قراٰن

دوسرا حق : قراٰن مجید کی تلاوت کرتا :پیارے اسلامی بھائیو ! مسلمان ہونے کے ناطے ، ہم پر جو دوسرا حق عائد ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ ہم قراٰن مجید کی تلاوت کریں اور یہ مؤمن کی روح کی غذا ہے اور یہ ایمان کو ترو تازہ سر سبز و شاداب رکھنے اور مشکلات و موانع کے مقابلے کے لئے سب سے مؤثر ہتھیار اور اہم ترین ذریعہ ہے۔ اور اسے بار بار اس طرح پڑھا جائے کہ جس طرح اس کو پڑھنے کا حق ہے۔ چنانچہ ارشاد باری ہے: اُتْلُ مَاۤ اُوْحِیَ اِلَیْكَ مِنَ الْكِتٰبِ ترجَمۂ کنزُالایمان: اے محبوب پڑھو جو کتاب تمہاری طرف وحی کی گئی۔(پ21، العنکبوت:45)اسی طرح اللہ پاک پارہ 1 سورہ بقرہ آیت نمبر 21 میں ارشاد فرماتا ہے: اَلَّذِیْنَ اٰتَیْنٰهُمُ الْكِتٰبَ یَتْلُوْنَهٗ حَقَّ تِلَاوَتِهٖطترجمۂ کنزالعرفان: وہ لوگ جنہیں ہم نے کتاب دی ہے تووہ اس کی تلاوت کرتے ہیں جیسا تلاوت کرنے کا حق ہے۔ قراٰن مجید پڑھنے کے آداب: ترتیل سے پڑھا جائے، خوش الحانی سے پڑھا جائے، قراٰن مجید کو یاد کیا جائے اور اس کو روزانہ معمول بنایا جائے ۔ تیسرا حق: قراٰن مجید کا سمجھنا: پیارے اسلامی بھائیو! ہر مسلمان پر قراٰن مجید کا تیسرا حق یہ ہے کہ جس صدقِ نیت سے اس پر ایمان لایا اور اس کو درست طریقے سے پڑھا اسی جوش و جذبے کے ساتھ اس کو سمجھے کیونکہ قراٰن فہمی ایک ایسا عظیم اور انمول علم ہے کہ اس کے حاصل ہو جانے کے بعد انسان جہالتوں اور خرافات کی انتہا گہرائیوں سے نکل کر ایک روشن اور مشاہدتی زندگی میں آجاتا ہے اور پھر اس کا عقیدہ ٹھوس بنیادوں پر قائم ہوجاتا ہے۔ جس میں تزلزل نہیں آسکتا ہے۔ جس طرح صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے قراٰن مجید کو اللہ پاک کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ارشادات و افعال و تقریرات کی روشنی سے سمجھا۔ جب ہی یہ قراٰن مجید کی سمجھ کامرانی و رضائے الٰہی کا موجب بن سکتی ہے۔ لیکن اگر فہم میں بھی عقل کے گھوڑے دوڑائیں اور مَن مانے معنی مراد لیں تو یہ فہم بھی اسے عذاب سے نہیں بچا سکے گی ۔

قراٰن مجید کے نزول کا مقصد اعظم ایمان لانے کے بعد اس کو پڑھ کر سمجھنا ہے تاکہ عمل کے مدارج اور جملہ وادیاں طے کی جاسکیں۔ لیکن اگر سمجھے گا ہی نہیں تو عمل کیسے کرے گا ۔ چنانچہ ارشاد باری ہے: اَفَلَا یَتَدَبَّرُوْنَ الْقُرْاٰنَؕ ترجَمۂ کنزُالایمان: تو کیا غور نہیں کرتے قرآن میں۔ (پ5،النسآء:82)یہاں قراٰنِ پاک کی عظمت کا بیان ہے اور لوگوں کو اس میں غور و فکر کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ (ملخصاً صراط الجنان)

چوتھا حق : قراٰن مجید پر عمل کرنا :پیارے اسلامی بھائیو ! قراٰن مجید پر ایمان لانے اور اسے ترتیل سے پڑھنے اور اس میں تدبر و تفکر و تفقہ کرنے کے بعد ہر مسلمان پر یہ حق ہے کہ اس پر (یعنی اس کی تعلیمات پر ) عمل پیرا ہوں کیونکہ اس کا ماننا اور اس کی تلاوت کرنا اور اس کا فہم رکھنا حقیقت میں اس پر عمل کرنے کے لوازمات و مبادیات و اساسیات کا درجہ رکھتے ہیں۔ کیونکہ اصل مقصود و مطلوب تو عمل ہوتا ہے۔ اور یہ اس صورت میں پورا ہو سکتا ہے کہ ہم اس پر عمل کریں۔ کیونکہ قراٰن مجید میں عمل نہ کرنے والوں کے لئے وعید بیان کی گئی ہے ۔ چنانچہ ارشاد ربانی ہے: وَ مَنْ لَّمْ یَحْكُمْ بِمَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الْكٰفِرُوْنَ(۴۴)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور جو اللہ کے اتارے پر حُکم نہ کرے وہی لوگ کافر ہیں ۔(پ 6، المائدہ :44)

درس قرآن نہ گر ہم نے بھلایا ہوتا یہ زمانہ نہ زمانے نے دکھایا ہوتا

وہ معزز تھے زمانے میں مسلماں ہو کر اور ہم خوار ہوئے تارکِ قرآں ہو کر

اور امیر ِاہلسنت اپنے دعائیہ کلام میں لکھتے ہیں:

عمل کا ہو جذبہ عطایا الہی گناہوں سے مجھ کو بچا یا الہی

ہو اخلاق اچھا، ہو کر دار ہو ستھرا مجھے متقی تو بنایا الہی

پانچواں حق : قراٰن مجید کو آگے پہنچانا :پیارے اسلامی بھائیو! قراٰن مجید کا پانچواں حق یہ ہے کہ اس پر ایمان لانے اور صحیح طریقے سے پڑھنے اور سمجھنے اور پھر عمل کرنے کے بعد اسے دوسروں تک پہنچایا جائے۔ جس طرح حضورِ انور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بعثت کی پہلی گھڑی سے زندگی کی آخری رمق تک اپنے فرضِ منصبی ( تبلیغ) کے لئے انتھک محنتیں اور مشقتیں کیں اور مصا ئب و آلام برداشت کئے ۔ اور کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا بلکہ اس کو غنیمت خیال کرتے ہوئے اللہ پاک کا پیغام پہنچایا اور اس کی تلاوت و تبلیغ و تعلیم و تبیین و توضیح میں آپ مسلسل مصروف رہے۔

اسی طرح صحابۂ کرام نے ایمان لانے اور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے قرآن پڑھنے اور سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کے بعد الله کے پاک کے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ مل کر اور انفرادی طور پر اس (قراٰن) کو آگے پہنچایا۔ چنانچہ ارشاد باری ہے: یٰۤاَیُّهَا الرَّسُوْلُ بَلِّغْ مَاۤ اُنْزِلَ اِلَیْكَ مِنْ رَّبِّكَؕ ترجَمۂ کنزُالایمان: اے رسول پہنچا دو جو کچھ اُترا تمہیں تمہارے رب کی طرف سے۔(پ6،المائدۃ:67)

پیارے اسلامی بھائیو ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہو جائیے۔ الحمدُ للہ دعوتِ اسلامی (درست مخارج کے ساتھ) قراٰنِ پاک پڑھنا بھی سکھاتی ہے اور دعوت اسلامی ہمیں قراٰن مجید سمجھنے کے ذرائع بھی فراہم کرتی ہے اور سمجھ کر عمل پیرا ہو کر دوسروں تک پہنچانے کے ذرائع بھی فراہم کرتی ہے۔

الله پاک ہمیں اس عظیم الشان کتاب کی قدر کرنے اس کی خوب تلاوت کرنے اس سے ہدایت لینے اور اس کا نور اپنے سینوں میں اتارنے اور اس کی ہدایات دنیا بھر میں پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم