پیارے اسلامی بھائیو! آج اگر ہم ہمارے معاشرے کی طرف نظر گھمائیں تو معاشرے میں مسلمان تنگدست و مفلس نظر آتے ہیں ہمارے مسلمان آفت قرض میں مبتلا نظر آتے ہیں مسلمانوں کے مالوں سے برکتیں زائل ہوتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ اگر ہم اس کے اسباب کی طرف نظر کرے تو اس کے بہت سے اسباب ہیں مگر جو زیادہ قوی لگتا ہے وہ سود لگ رہا ہے۔ تو پیارے بھائیو! ہم آپ کو سود کی تعریف اور اس کی مذمت پر چند احادیث پیش کرتے ہیں ۔ آپ اس میں غور کر کے اس سے بچنے کی کوشش کریں۔

سود کی تعریف: عقدِ معاوضہ میں جب دونوں طر ف مال ہو اور ایک طرف زیادتی ہو کہ اس کے مقابل میں دوسری طرف کچھ نہ ہو، یہ سود ہے۔(بہار شریعت)

(1) عن جابر، لَعَنَ رَسُوْلُ اﷲ اٰکِلَ الرِّبَا وَمُوْکِلَہُ وَکَاتِبَہُ وَشَاھِدَیْہِ، وَقَالَ: ھُمْ سَوَاءٌ یعنی رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود کھانے والے، کھلانے والے، لکھنے والے اور اس کے گواہوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ یہ تمام لوگ برابر ہیں۔( مسلم ،ص663،حدیث:4093) یعنی اصل گناہ میں سب برابر ہیں کہ سود خور کے ممدومعاون ہیں،گناہ پر مددکرنا بھی گناہ ہے رب نے صرف سود خور کو اعلان جنگ دیا،معلوم ہوا کہ بڑا مجرم یہ ہی ہے۔(مرآۃ المناجیح، جلد 4 ، حدیث :2807)(2) رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سود (کا گناہ) ستر حصہ ہے، ان میں سب سے کم درجہ یہ ہے کہ کوئی شخص اپنی ماں سے زنا کرے۔ (سنن ابن ماجہ کتاب التجارات باب التغلیظ في الربا ،حدیث: 2274)

(3)رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: شبِ معراج میرا گزر ایک ایسی قوم پر ہوا جس کے پیٹ گھر کی طرح (بڑے بڑے) ہیں ، ان پیٹوں میں سانپ ہیں جو باہر سے دکھائی دیتے ہیں۔ میں نے پوچھا اے جبرئیل یہ کون لوگ ہیں؟ اُنھوں نے کہا یہ سود خور ہیں۔ (سنن ابن ماجہ کتاب التجارات باب التغلیظ في الربا، حدیث: 2273) (4) رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: بیشک ایک درہم کہ آدمی سود سے پائے اللہ پاک کے نزدیک سخت تر ہے تینتیس زنا سے کہ آدمی اسلام میں کرے۔(فتاوی رضویہ، 17/293)

(5)عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضی اللہُ عنہ، عَنِ النَّبِيِّ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم قَالَ: اِجْتَنِبُوا السَّبْعَ المُوبِقَاتِ قَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ وَمَا هُنَّ؟ قَالَ: الشِّرْكُ بِاللَّهِ، وَالسِّحْرُ، وَقَتْلُ النَّفْسِ الَّتِي حَرَّمَ اللَّهُ إِلَّا بِالحَقِّ، وَأَكْلُ الرِّبَا، وَأَكْلُ مَالِ اليَتِيمِ، وَالتَّوَلِّي يَوْمَ الزَّحْفِ، وَقَذْفُ المُحْصَنَاتِ المُؤْمِنَاتِ الغَافِلاَتِ یعنی: حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : ہلاک کرنے والی سات گناہوں سے بچو! صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم نے استفسار کیا کہ یا رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم وہ سات چیزیں کیا ہیں؟ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: شرک کرنا، جادو کرنا، اللہ نے جس جان کو قتل کرنا حرام ٹھہرایا ہے اسے ناحق قتل کرنا، سود کھانا، یتیم کا مال کھانا، میدانِ جنگ سے راہِ فرار اختیار کرنا اور پاک دامن شادی شدہ مؤمنہ عورتوں پر بہتان لگانا۔ (صحیح البخاری کتاب الوصایا باب ان الذین یاکلون اموال الیتیم الخ، حدیث :2766)

پیارے بھائیو ! ہم نے سود کی مذمت سُنی کہ اللہ نے سود خور پر لعنت فرمائی سود خور کا گناہ تینتیس بار زنا کرنے سے بھی بدتر ہے۔ لہذا تمام میرے بھائی سود سے بچ کر اپنے مال پاک کرے اور اس میں برکتوں کا رب سے سوال کرتے رہیے۔


پیارے اسلامی بھائیوں! سود کی مذمت پر بے شمار احادیث طیبہ موجود ہے۔ ان میں سب سے بڑھ کر یہی ہے کہ اس نے اپنی ماں سے زنا کیا۔ سود لینے، دینے، اس پر گواہ مقرر کرنے اور کتابت کرنے والے سبھی پر لعنت فرمائی۔ صرف حدیث ہی میں نہیں بلکہ قراٰن مقدس بھی میں اس کی ممانعت آئی ہے۔ چنانچہ ارشاد باری ہے: اَلَّذِیْنَ یَاْكُلُوْنَ الرِّبٰوا لَا یَقُوْمُوْنَ اِلَّا كَمَا یَقُوْمُ الَّذِیْ یَتَخَبَّطُهُ الشَّیْطٰنُ مِنَ الْمَسِّؕ-ذٰلِكَ بِاَنَّهُمْ قَالُوْۤا اِنَّمَا الْبَیْعُ مِثْلُ الرِّبٰواۘ-وَ اَحَلَّ اللّٰهُ الْبَیْعَ وَ حَرَّمَ الرِّبٰواؕ-فَمَنْ جَآءَهٗ مَوْعِظَةٌ مِّنْ رَّبِّهٖ فَانْتَهٰى فَلَهٗ مَا سَلَفَؕ-وَ اَمْرُهٗۤ اِلَى اللّٰهِؕ-وَ مَنْ عَادَ فَاُولٰٓىٕكَ اَصْحٰبُ النَّارِۚ-هُمْ فِیْهَا خٰلِدُوْنَ(۲۷۵)ترجمۂ کنز الایمان: وہ جو سُود کھاتے ہیں قیامت کے دن نہ کھڑے ہوں گے مگر جیسے کھڑا ہوتا ہے وہ جسے آسیب نے چھو کر مخبوط بنا دیاہویہ اس لیے کہ انہوں نے کہا بیع بھی تو سُود ہی کے مانند ہے اور اللہ نے حلال کیا بیع اور حرام کیا سُود تو جسے اس کے رب کے پاس سے نصیحت آئی اور وہ باز رہا تو اسے حلال ہے جو پہلے لے چکا اور اس کا کام خدا کے سپرد ہے اور جو اَب ایسی حرکت کرے گا تووہ دوزخی ہے وہ اس میں مدتوں رہیں گے۔(پ3،البقرة : 275)تفسیر صراط الجنان: گزشتہ آیات میں مال خرچ کرکے رضائے الٰہی اور جنت کمانے والوں کا بیان تھا، اب اسی مال کے ذریعے اللہ پاک کا غضب اور جہنم کمانے والوں کا بیان ہے، چنانچہ ان لوگوں کے ایک بڑے طبقے یعنی سود خوروں کا بیان اور انجام اس آیت میں بیان کیا گیا ہے۔

سود کو حرام کئے جانے کی حکمتیں : سود کو حرام فرمانے میں بہت سی حکمتیں ہیں ، ان میں سے بعض یہ ہیں کہ سود میں جو زیادتی لی جاتی ہے وہ مالی معاوضے والی چیزوں میں بغیر کسی عوض کے مال لیا جاتا ہے اور یہ صریح ناانصافی ہے ۔سود کی حرمت میں دوسری حکمت یہ ہے کہ سود کا رواج تجارتوں کو خراب کرتا ہے کہ سود خور کو بے محنت مال کا حاصل ہونا ،تجارت کی مشقتوں اور خطروں سے کہیں زیادہ آسان معلوم ہوتا ہے اور تجارتوں کی کمی انسانی معاشرت کو ضرر پہنچاتی ہے۔ تیسری حکمت یہ ہے کہ سود کے رواج سے باہمی محبت کے سلوک کو نقصان پہنچتا ہے کہ جب آدمی سود کا عادی ہوا تو وہ کسی کو قرض حَسن سے امداد پہنچانا گوارا نہیں کرتا۔ چوتھی حکمت یہ ہے کہ سود سے انسان کی طبیعت میں درندوں سے زیادہ بے رحمی پیدا ہوتی ہے اور سود خور اپنے مقروض کی تباہی و بربادی کا خواہش مند رہتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی سود میں اور بڑے بڑے نقصان ہیں اور شریعت کی سود سے ممانعت عین حکمت ہے ۔مسلم شریف کی حدیث میں ہے کہ رسول کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود دینے والے، لینے والے، اس کے کاغذات تیار کرنے والے اور اس کے گواہوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ وہ سب گناہ میں برابر ہیں۔(مسلم،کتاب المساقاۃ والمزارعۃ، باب لعن آکل الربا ومؤکلہ، ص862، حدیث: 106)

سود خور قیامت میں ایسے مَخبوطُ الحَواس ہوں گے اور ایسے گرتے پڑتے کھڑے ہوں گے ، جیسے دنیا میں وہ شخص جس پر بھوت سوار ہو کیونکہ سود خور دنیا میں لوگوں کے لئے بھوت بنا ہوا تھا۔ آج کل سودی قرضہ لینے دینے کا ابتدائی انداز تو بڑا مُہذب ہوتا ہے۔ اچھے اچھے ناموں سے اور خوش کُن ترغیبات سے دیا جاتا ہے لیکن کچھ ہی عرصے بعد قرض دینے والوں کی خوش اخلاقی، ملنساری اور چہرے کی مسکراہٹ سب رخصت ہوجاتی ہے اور اصل چہرہ بے نقاب ہوجاتا ہے جو گالیاں دے رہا ہوتا ہے، غنڈے بھیج رہا ہوتا ہے، گھر کے باہر کھڑے ہو کر ذلیل و رسوا کررہا ہوتا ہے، دکان، مکان، فیکٹری سب پر قبضہ کر کے فقیر و کنگال اور محتاج و قَلّاش کر کے بے گھر اور بے زر کر رہا ہوتا ہے۔ 

اِنَّمَا الْبَیْعُ مِثْلُ الرِّبٰوا: تجارت سود ہی کی طرح ہے۔ یہاں سود خوروں کا وہ شبہ بیان کیا جا رہا ہے جو زمانۂ اسلام سے پہلے سے لے کر آج تک چلا آرہا ہے۔ وہ یہ کہ تجارت اور سود میں کیا فرق ہے؟ دونوں ایک جیسے تو ہیں۔ تجارت میں کوئی سامان دے کر نفع حاصل کیا جاتا ہے اور سود میں رقم دے کر نفع حاصل کیا جاتا ہے حالانکہ دونوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے ۔غور کریں کہ تجارت کرنے سے حسنِ سلوک میں فرق نہیں آتا، آدمی سست، کاہل اور مشقت سے جی چرانے والا نہیں بنتا، اپنے مال کو خطرے پر پیش کرتا ہے، نفع و نقصان دونوں کی امید ہوتی ہے، وہ دوسرے کی بربادی و محتاجی کا آرزو مند نہیں ہوتا جبکہ سود والا بے رحم ہوجاتا ہے، وہ مفت میں کسی کو رقم دینے کا تصور نہیں کرتا، انسانی ہمدردی اس سے رخصت ہو جاتی ہے، قرض لینے والا ڈوبے، مرے، تباہ ہو یہ بہر صورت اُسے نچوڑنے پر تُلا رہتا ہے۔ آخر یہ سب فرق کیا ہیں ؟ تجارت اور سود کو ایک جیسا کہنے والے کو کیا یہ فرق نظر نہیں آتا؟ اس لئے اللہ پاک نے فرمایا کہ اللہ نے تجارت کو حلال کیا ہے اور سود کو حرام کیا ہے۔

فَانْتَهٰى: تو جو رک گیا۔ چونکہ سود کا لین دین ایک عرصے سے چلتا آرہا تھا تو فرمایا گیا کہ جب حکمِ الٰہی نازل ہوگیا تو اب اس پر عمل کرتے ہوئے جو آئندہ سود لینے سے باز آگیا تو حرمت کا حکم نازل ہونے سے پہلے جو وہ لیتا رہا اس پر اس کی کوئی گرفت نہ ہوگی اور اس کی معافی کا معاملہ بلکہ ہر امر و نہی کا معاملہ اللہ پاک کے حوالے ہے۔ اور یہ بھی یاد رکھو کہ جو حرمت کا حکم اترنے کے بعد بھی سود کھائے گا تو وہ جہنم کا مستحق ہے اور اگر حلال سمجھ کر کھایا تو کافر ہے، ہمیشہ جہنم میں رہے گا کیونکہ کسی بھی حرامِ قطعی کو حلال جاننے والا کافر ہے۔(تفصیل کے لئے فتاوی رضویہ و صراط الجنان کا مطالعہ بہت مفید رہے گا)

اللہ پاک تمام مسلمانوں کو سود جیسی بیماری سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم 


اللہ پاک نے ہمیں اپنی عبادت کیلیے پیدا فرمایا ہے ۔ ہمارا مقصدِ زندگی اس کی عبادت ہے۔ اور عبادت دو قسم کی ہے : (1) اللہ پاک نے جن کاموں کا حکم دیا، انہیں بجا لانا۔( 2) جن کاموں سے روکا ، ان سے رک جانا ہے۔ حدیثِ پاک کے مطابق : سب سے بڑا عبادت گزار وہ ہے جو منہیات(یعنی اللہ پاک نے جن کاموں سے روکا ہے ان ) سے رک جائے۔(رواہ الترمذی ،حدیث: 2305) انہیں منہیات میں سے "سود" بھی ہے۔ چنانچہ اللہ پاک نے سود کو حرام قرار دیا ۔ ارشادِ باری ہے: وَ حَرَّمَ الرِّبٰواؕ ترجمۂ کنز العرفان: اور (اللہ نے) سود کو حرام کیا۔ (پ3،البقرة : 275)

اور اسی طرح سود کی مذمت میں احادیث بھی وارد ہوئی ہیں ۔ چنانچہ سات فرامینِ آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیشِ خدمت ہیں : (1)سات ہلاک کرنے والی چیزوں میں سے ایک "سود" بھی ہے۔ (رواہ البخاری ، حدیث : 2766 ، دار ابن كثير ، بيروت) (2) پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود کھانے والے ، کھلانے والے ، لکھنے والے اور اس کے گواہوں پر لعنت کی اور فرمایا یہ سب برابر ہیں۔( مسلم ، حديث : 1598، بيت الافكار الدوليہ ، الرياض)(3) آدمی جانتے ہوئے سود کا ایک درہم کھاتا ہے ، وہ چھتیس 36 بار زنا سے زیادہ سخت ہے۔(مسند احمد ، حدیث: 21957 ، رسالۃ پبلشرز ، بيروت)

(4) سود کے ستر حصے ہیں جن سے کمترین حصہ یہ ہے کہ انسان اپنی ماں سے زنا کرے۔(مراة المناجيح ، فیضانِ حدیث اپلیکیشن ، حديث : 2826)(5) بے شک سود کے 72 دروازے ہیں ، ان میں سے کمترین ایسے ہے جو کوئی مرد اپنی ماں سے زنا کرے۔(سود اور اس کا علاج ، ص 17، مطبوعہ المكتبۃ المدينہ)(6)ہم شبِ معراج اس قوم پر پہنچے جن کے پیٹ کوٹھڑیوں کی طرح تھے جن میں سانپ تھے جو پیٹوں کے باہر دیکھے جا رہے تھے ہم نے کہا اے جبریل یہ کون ہیں انہوں نے عرض کیا یہ سود خوار ہیں۔(مراة المناجيح ، فیضانِ حدیث اپلیکیشن ، حديث : 2828) (7) جس قوم میں سود پھیلتا ہے اس قوم میں پاگل پن پھیلتا ہے۔(سود اور اس کا علاج، ص 16، مطبوعہ مکتبۃ المدينہ)

مذکورہ بالا احادیث کی روشنی میں معلوم ہوا کہ سود سخت کبیرہ گناہ ہے ۔ سود حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔ سود دنیا و آخرت میں ہلاکت ، لعنت کا سبب ہے۔ سود زنا سے سخت تر ہے۔ سود سے پاگل پن پھیلتا ہے۔ آخر میں دعا ہے کہ اللہ پاک ہم سب کو سودی لین دین سے بچائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


شریعت اسلامیہ نے ہر شخص کو مکلف بنایا ہے کہ وہ صرف جائز و حلال طریقہ سے ہی مال کمائے کیونکہ کل بروز حشر اللہ پاک مال کے متعلق ہم سے پوچھ گچھ فرمائے گا کہ کہاں سے کمایا یعنی ذریعہ کیا تھا اور کہاں خرچ کیا یعنی حقوق العباد اور حقوق اللہ میں کوتاہی تو نہیں کی۔ قراٰنِ کریم کے بعد سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، قانون وضع کرنے کیلئے دوسرا ماخذ ہے جو قراٰنِ مجید کا تسلیم شدہ ماخذ ہے اور رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود کی شدید مذمت فرمائی ہے۔ آئے اس موضوع پر کچھ احادیث پڑھنے سے پہلے اس کی تعریف ملاحظہ کرتے ہیں۔

سود کی تعریف: سود اس زیادتی (Excess) کو کہتے ہیں جس کا حقدار عقدِ معاوضہ میں عاقدَین میں سے کسی ایک کو قرار دیا جائے اور اس زیادتی کے مقابلے میں کوئی عوض اس عقد میں شرط نہ کیا گیا ہو۔ (فتح القدیر، 7/3)

( 1) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ معراج کی رات مجھے ایک ایسی قوم کے پاس سیر کرائی گئی کہ اُن کے پیٹ کوٹھریوں کے مثل تھے جن میں سانپ بھرے تھے جو پیٹوں کے باہر سے نظر آرہے تھے۔ میں نے پوچھا: اے جبرئیل یہ کون لوگ ہیں ؟تو اُنہوں نے کہا: یہ سود کھانے والے ہیں۔ (ابن ماجہ،3/71، حدیث:2273)

(2) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سُود70گناہوں کا مجموعہ ہے، ان میں سب سے ہلکا یہ ہے کہ آدمی اپنی ماں سے زنا کرے۔(ابن ماجہ،3/72، حدیث:2274)

( 3) حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، حضور سیدُ المرسلین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود کھانے والے، کھلانے والے، سود لکھنے والے اور اس کی گواہی دینے والے پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ یہ سب اس گناہ میں برابر ہیں۔(مسلم، ص 663، حدیث: 4093)

( 4) حضرت ابن مسعود رضی اللہُ عنہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کہ سود اگرچہ بہت ہو مگر انجام کمی کی طرف لوٹتا ہے۔(ابن ماجہ،3/74، حدیث:2279)

( 5) حضرت سیدنا عوف بن مالک رضی اللہُ عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: قیامت کے دن سود خور کو اس حال میں اٹھایا جائے گا کہ وہ دیوانہ و مخبوط الحواس ہو گا۔ (المعجم الکبیر ،18/60، حدیث:110) یعنی سود خور قبروں سے اٹھ کر حشر کی طرف ایسے گرتے پڑتے جائیں گے جیسے کسی پر شیطان سوار ہو کر اسے دیوانہ کر دے۔ جس سے وہ یکساں نہ چل سکیں گے۔ اس لئے کہ جب لوگ قبروں سے اٹھائے جائیں گے اور محشر کی طرف چلیں گے تو سب یہاں تک کہ کفار بھی درست چل پڑیں گے مگر سود خور کو چلنا پھرنا مشکل ہو گا اور یہی سود خور کی پہچان ہو گی۔(سود اور اس کا علاج،ص42)

پیارے پیارے اسلامی بھائیوں ! سود کو حرام فرمانے میں بہت حکمتیں ہیں وہ یہ ہیں سود کا رواج تجارتوں کو خراب کرتا ہے سود سے انسان کی طبیعت میں درندوں سے زیادہ بے رحمی پیدا ہو جاتی ہے، سود مؤمن کے ایمان کو نقصان دیتا ہے، سود کی آمدنی بہت زیادہ ہو جاتی ہے، لیکن آخر میں اللہ اس کو مٹا دیتا ہے۔ سود خور غریب پر رحم نہیں کرتا، مؤمن کیلئے سود میں برکت نہیں ہے، یہ کافر کی غذا ہو سکتی ہے مؤمن کی نہیں۔ ان حدیثوں کو پڑھنے کے بعد ہم پر لازم ہے کہ ہم مالِ حرام سے اجتناب کریں تاکہ ان سزا سے بچ سکیں۔


تمام تعریفیں اللہ پاک ہی کے لیے ہیں جس نے ہمیں کثیر نعمتوں سے مالامال فرمایا اور ان نعمتوں میں سب سے بڑی مال کی نعمت عطا فرمائی تاکہ ہم اپنی روز مرہ کی ضرورتیں پوری کرے اور اپنی زندگی اچھے سے گزاریں مگر ہائے افسوس آج ہمارے معاشرے میں مال کی مارا ماری اور سود بہت عام ہوتا چلا رہا ہے جو کہ دنیا میں لڑائی جھگڑے و دیگر فساد کا باعث اور آخرت میں عذاب نار کا مستحق ٹھہراتی ہے۔ حدیث پاک میں ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: قرض سے جو نفع حاصل کیا جائے وہ سود ہے۔(کنزالعمال، حدیث: 15516)

قراٰن و حدیث میں اس کی مذمت جابجا وارد ہوئی ہیں۔ چنانچہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: اَلَّذِیْنَ یَاْكُلُوْنَ الرِّبٰوا لَا یَقُوْمُوْنَ اِلَّا كَمَا یَقُوْمُ الَّذِیْ یَتَخَبَّطُهُ الشَّیْطٰنُ مِنَ الْمَسِّؕ-ترجمۂ کنزالایمان: وہ جو سُود کھاتے ہیں قیامت کے دن نہ کھڑے ہوں گے مگر جیسے کھڑا ہوتا ہے وہ جسے آسیب نے چھو کر مخبوط بنا دیاہو۔(پ3،البقرۃ:275)

آئیے سود کی مذمت احادیث کی روشنی میں پڑھتے ہیں:۔ رسول کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود دینے والے، لینے والے، اس کے کاغذات تیار کرنے والے اور اس کے گواہوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ وہ سب گناہ میں برابر ہیں۔(مسلم،کتاب المساقاۃ والمزارعۃ، باب لعن آکل الربا ومؤکلہ، ص862، حدیث: 106)اس حدیث کی شرح میں مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہے سود کھانے والے کا ذکر پہلے فرمایا کہ یہی بڑا گنہگار ہے کہ سود لیتا بھی ہے اور کھاتا بھی ہے، دوسرے پر یعنی مقروض اور اس کی اولاد پر ظلم بھی کرتا ہے، اللہ کا بھی حق مارتا ہے اور بندوں کا بھی۔

ربِّ کریم نے صرف سود خوار کو اعلان جنگ دیا، معلوم ہوا کہ بڑا مجرم یہ ہی ہے۔(مرآۃالمناجیح جلد4 ،حدیث: 2807)آقائے کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: ہم شبِ معراج اس قوم پر پہنچے جن کے پیٹ ٹھڑیوں کی طرح تھے جن میں سانپ تھے جو پیٹوں کے باہر دیکھے جا رہے تھے ہم نے کہا اے جبریل یہ کون ہیں انہوں نے عرض کیا یہ سود خوار ہے۔ (ابن ماجہ حدیث: 2273 ) اس حدیث کی شرح میں مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہ علیہ لکھتے ہے چونکہ سود خوار ہوسی ہوتا ہے کہ کھاتا تھوڑا ہے حرص و ہوس زیادہ کرتا ہے اس لیے ان کے پیٹ واقعی کوٹھڑیوں کی طرح ہوں گے، لوگوں کے مال جو ظلمًا وصول کیے تھے وہ سانپ بچھو کی شکل میں نمودار ہوں گے۔ آج اگر ایک معمولی کیڑا پیٹ میں پیدا ہوجائے تو تندرستی بگڑ جاتی ہے، آدمی بے قرار ہوجاتا ہے تو سمجھ لو کہ جب اس کا پیٹ سانپوں، بچھوؤں سے بھر جائے تو اس کی تکلیف و بے قراری کا کیا حال ہوگا رب کی پناہ۔(مرآۃالمناجیح جلد4 ،حدیث: 2828)

ان ذکر کردہ روایتوں سے معلوم ہوا کہ سود خوری کتنا مذموم فعل ہے اور کس قدر اس کی مذمت احادیث میں بیان ہوئی ہے۔ اللہ پاک سے دعا گو ہوں کہ ہمیں سود خوری سے محفوظ فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم 


وَ مَاۤ اٰتَیْتُمْ مِّنْ رِّبًا لِّیَرْبُوَاۡ فِیْۤ اَمْوَالِ النَّاسِ فَلَا یَرْبُوْا عِنْدَ اللّٰهِۚ-وَ مَاۤ اٰتَیْتُمْ مِّنْ زَكٰوةٍ تُرِیْدُوْنَ وَجْهَ اللّٰهِ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُضْعِفُوْنَ(۳۹) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور تم جو چیز زیادہ لینے کو دو کہ دینے والے کے مال بڑھیں تو وہ اللہ کے یہاں نہ بڑھے گی اور جو تم خیرات دو اللہ کی رضا چاہتے ہوئے تو انہیں کے دونے ہیں۔(پ21،الروم:39) اللہ رب العالمین نے بیع کو حلال رکھا اور سود کو حرام فرمایا۔ سود گناہ کبائر میں سے ہے۔ اللہ و رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ناراضگی کا سبب ہے۔ سود کھانا اپنی ماں سے زنا کرنے سے بھی بد تر ہے۔ جہنم میں لے جانے والا عمل ہے۔ بہتر معیشت کے لئے زہر ِقاتل ہے۔ شرع کی رو سے ربا یعنی سود حرام قطعی ہے۔ اس کی حرمت کا منکر کافر ہے اور حرام سمجھ کر جواس کا مرتکب ہے فاسق مردود الشہادۃ ہے ۔

سود کی تعریف: عقدِ معاوضہ میں جب دونوں طرف مال ہو اور ایک طرف زیادتی ہو کہ اس کے مقابل میں دوسری طرف کچھ نہ ہو یہ سود ہے۔سو دکی مذمت میں بکثرت احادیث وارد ہیں ، اُن میں سے چند اس مقام میں ذکر کی جاتی ہیں ۔(1)مسلم شریف کی حدیث میں ہے کہ رسول کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود دینے والے، لینے والے، اس کے کاغذات تیار کرنے والے اور اس کے گواہوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ وہ سب گناہ میں برابر ہیں۔(مسلم،کتاب المساقاۃ والمزارعۃ، باب لعن آکل الربا ومؤکلہ، ص862، حدیث: 106)(2) حاکم ابن عباس رضی اللہ عنہما سے راوی، کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس بستی میں زنا اور سود ظاہر ہوجائے تو انہوں نے اپنے لئے اللہ کے عذاب کو حلال کر لیا۔(المستدرک ‘‘ للحاکم، کتاب البیوع، باب اذا اظھر الزنا والربا فی قریۃ، 2/339،حدیث: 2308)

(3) امام احمد و ابو داؤد و نسائی و ابن ماجہ ابوہریرہ رضی اللہُ عنہ سے راوی، کہ حضور (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم) نے فرمایا: لوگوں پر ایک زمانہ ایسا آئے گا کہ سود کھانے سے کوئی نہیں بچے گا اور اگر سود نہ کھائے گا تو اس کے بخارات پہنچیں گے (سنن ابی داؤد، کتاب البیوع،باب فی اجتناب الشبھات،2/331،حدیث: 3331)(4) امام احمد و دارقطنی عبداللہ بن حنظلہ غسیل الملائکہ رضی اللہُ عنہما سے راوی، کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سود کا ایک درہم جس کو جان کر کوئی کھائے، وہ چھتیس مرتبہ زنا سے بھی سخت ہے۔( المسند للامام أحمد بن حنبل،حدیث عبداللہ بن حنظلۃ،8/223،حدیث: 22016)

(5) ابن ماجہ و بیہقی ابوہریرہ رضی اللہُ عنہ سے راوی، کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سود (کا گناہ) ستر حصہ ہے، ان میں سب سے کم درجہ یہ ہے کہ کوئی شخص اپنی ماں سے زنا کرے۔(سنن ابن ماجہ ،کتاب التجارات،باب التغلیظ في الربا،3/72،حدیث: 2274)(6) امام احمد و ابن ماجہ و بیہقی عبداللہ بن مسعود رضی اللہُ عنہ سے راوی، کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: (سود سے بظاہر) اگرچہ مال زیادہ ہو، مگر نتیجہ یہ ہے کہ مال کم ہوگا۔ (المسند للامام أحمد بن حنبل،مسند عبداللہ بن مسعود،2/50،حدیث: 3754)

(7) امام احمد و ابن ماجہ ابو ہریرہ رضی اللہُ عنہ سے راوی، کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: شبِ معراج میرا گزر ایک قوم پر ہوا جس کے پیٹ گھر کی طرح (بڑے بڑے) ہیں ، ان پیٹوں میں سانپ ہیں جو باہر سے دکھائی دیتے ہیں۔ میں نے پوچھا، اے جبرئیل یہ کون لوگ ہیں ؟ اُنہوں نے کہا، یہ سود خوار ہیں ۔(سنن ابن ماجہ،کتاب التجارات، باب التغلیظ فی الربا،3/72،حدیث: 2273)(8) ابن ماجہ و دارمی امیرالمؤمنین عمر بن الخطاب رضی اللہُ عنہ سے راوی، کہ فرمایا: سود کو چھوڑو اور جس میں سود کا شبہ ہو، اُسے بھی چھوڑ دو۔(سنن ابن ماجہ ،کتاب التجارات،باب التغلیظ في الربا،2/73،حدیث: 2276)

(9)صحیح مسلم شریف میں عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے مروی، کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سونا بدلے میں سونے کے اور چاندی بدلے میں چاندی کے اور گیہوں بدلے میں گیہوں کے اور جَو بدلے میں جَو کے اور کھجور بدلے میں کھجور کے اور نمک بدلے میں نمک کے برابر برابر اور دست بدست بیع کرو اور جب اصناف(صنف کی جمع جنس۔)میں اختلاف ہو تو جیسے چاہو بیچو (یعنی کم و بیش میں اختیار ہے) جبکہ دست بدست ہوں اور اسی کی مثل ابو سعید خدری رضی اللہُ عنہ سے مروی، اس میں اتنا زیادہ ہے کہ ’’جس نے زیادہ دیا یا زیادہ لیا، اُس نے سود ی معاملہ کیا، لینے والا اور دینے والا دونوں برابر ہیں ۔‘‘ اور صحیحین میں حضرت عمر رضی اللہُ عنہ سے بھی اسی کے مثل مروی۔(صحیح مسلم،کتاب المساقاۃ ۔۔۔ إلخ،باب الصرف و بیع الذہب ۔۔۔ إلخ،ص 856،حدیث: 81)

(10) صحیحین میں اسامہ بن زید رضی اللہُ عنہما سے مروی، نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: کہ اُدھار میں سود ہے اور ایک روایت میں ہے، کہ دست بدست ہو تو سود نہیں یعنی جبکہ جنس مختلف ہو۔(صحیح مسلم،کتاب المساقاۃ ۔۔۔ إلخ،باب الصرف و بیع الذہب ۔۔۔ إلخ،ص 856،حدیث: 82) اللہ رب العزت ہمیں سود جیسی لعنت سے محفوظ فرمائے۔ اٰمین یا رب العالمین بحرمۃ سید المرسلین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


شریعت ِاسلامیہ نے ہر شخص کو مکلف بنایا ہے کہ وہ صرف جائز و حلال طریقہ سے ہی مال کمائے کیونکہ کل بروزِ حشر اللہ پاک مال کے متعلق ہم سے پوچھ گچھ فرمائے گا کہ کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا لہٰذا غور کر لینا چاہئے کہ مال حاصل کرنے کا ذریعہ کیا ہے ۔ قراٰنِ کریم کے بعد سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، قانون وضع کرنے کے لئے دوسرا ماخذ ہے جو قراٰنِ مجید کا تجویز کردہ ماخذ ہے اور رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود کی شدید مذمت فرمائی ہے۔ آئیے اس موضوع پر کچھ احادیث پڑھنے سے پہلے سود کی تعریف ملاحظہ کرتے ہیں:

سود کی تعریف: سود اس زیادتی (Increase) کو کہتے ہیں جس کا حق دار عقدِ معاوضہ میں عاقدَین(Seller and Purchaser) میں سے کسی ایک کو قرار دیا جائے اور اس زیادتی کے مقابلے میں کوئی عوض اس عقد میں شرط نہ کیا گیا ہو۔ (فتح القدیر، 7/3)

( 1) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ معراج کی رات مجھے ایک ایسی قوم کے پاس سیر کرائی گئی کہ اُن کے پیٹ کوٹھریوں کے مثل تھے جن میں سانپ بھرے تھے جو پیٹوں کے باہر سے نظر آرہے تھے۔ میں نے پوچھا: اے جبرئیل یہ کون لوگ ہیں ؟تو عرض کی:یہ سود کھانے والے ہیں۔(ابن ماجہ،3/71، حدیث:2273)

(2) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سُود70گناہوں کا مجموعہ ہے، ان میں سب سے ہلکا یہ ہے کہ آدمی اپنی ماں سے زنا کرے۔(ابن ماجہ،3/72، حدیث:2274)

( 3) حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، حضور سیدُ المرسلین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود کھانے والے، کھلانے والے، لکھنے والے اور اس کی گواہی دینے والے پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ یہ سب اس گناہ میں برابر ہیں۔(مسلم، ص 663، حدیث: 4093)

( 4)حضرت ابن مسعود رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں: رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سود اگرچہ بہت ہو مگر انجام کمی کی طرف لوٹتا ہے۔(ابن ماجہ،3/74، حدیث:2279)

( 5) حضرت سیدنا عوف بن مالک رضی اللہُ عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: قیامت کے دن سود خور کو اس حال میں اٹھایا جائے گا کہ وہ دیوانہ و ہوش و حواس سے بیگانہ ہو گا۔ (المعجم الکبیر ،18/60، حدیث:110) یعنی سود خور قبروں سے اٹھ کر حشر کی طرف ایسے گرتے پڑتے جائیں گے جیسے کسی پر شیطان سوار ہوکر اسے دیوانہ کر دے۔ جس سے وہ یکساں نہ چل سکیں گے۔ اس لئے کہ جب لوگ قبروں سے اٹھائے جائیں گے اور محشر کی طرف چلیں گے تو سب یہاں تک کہ کفار بھی درست چل پڑیں گے مگر سود خور کو چلنا پھرنا مشکل ہو گا اور یہی سود خور کی پہچان ہو گی۔(سود اور اس کا علاج،ص42)

پیارے اسلامی بھائیو! سود کو حرام فرمانے میں بہت حکمتیں ہیں، مثلاً: سود کا رواج تجارتوں کو خراب کرتا ہے، سود سے انسان کی طبیعت میں درندوں سے زیادہ بےرحمی پیدا ہو جاتی ہے، سود مؤمن کے ایمان کو نقصان دیتا ہے، سود کی آمدنی اگرچہ بسااوقات بہت زیادہ ہو تی ہے لیکن آخر میں اللہ اس کو مٹا دیتا ہے۔ سود خور غریب پر رحم نہیں کرتا، مؤمن کے لئے سود میں برکت نہیں ہے، یہ کافر کی غذا تو ہو سکتی ہے مؤمن کی نہیں۔ اللہ پاک ہمیں سود کے ساتھ ساتھ دیگر گناہوں سے بھی بچتے رہنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


سود (‏Interest‏)سے مراد عقدِ معاوضہ (یعنی لین دین کے کسی ‏معاملے) میں جب دونوں طرف مال ہو اور ایک طرف اضافہ مشروط ‏ہو کہ اس کے مقابل (یعنی بدلے) میں دوسری طرف کچھ نہ ہو ‏یہ سود ہے۔ اسی طرح قرض دینے والے کو قرض پر جو نفع، جو ‏فائدہ حاصل ہو وہ سب بھی سود ہے۔(گناہوں کے عذابات،حصہ اول،ص36)‏ربا یعنی سود حرامِ قطعی ہے اس کی حرمت کا منکر کافر ہے اور ‏حرام سمجھ کر جو اس کا مرتکب ہے فاسق مَرْدودُ الشَّہادۃ ‏ہے۔(بہار شریعت،2/268)

ہمارے معاشرے ‏میں سود بہت تیزی کے ساتھ عام ہوتا چلا جا رہا ہے اور اس کی ‏بہت ساری وجوہات ہیں: اس کی سب سے بڑی وجہ لاعلمی ہے ‏کہ بہت سے لوگ سود کے متعلق شرعی راہ نمائی نہ لینے کی ‏وجہ سے لین دین میں سودی معاملات کر رہے ہوتے ہیں اور ‏حرام کے مرتکب ہو جاتے ہیں اور اگر معلوم ہو بھی جائےکہ ‏ایسا کرنا سودی لین دین ہے تو دوسری بڑی وجہ سود کے بڑھنے ‏کی، مال و دولت کی لالچ و حرص ہے جو بندے کو اللہ و رسول کی فرمانبرداری سے بے پروا کر کے، پیسے کی محبت ‏دل میں بسا دیتی ہے اور حلال و حرام کی تمیز بُھلا دیتی ہے۔ جبکہ ‏قراٰن و حدیث میں سود کھانے اور سودی لین دین کی بہت سخت مذمت بیان ‏کی گئی ہے جیسا کہ فرمانِ باری تعالیٰ ہے: ﴿ اَلَّذِیْنَ یَاْكُلُوْنَ الرِّبٰوا لَا یَقُوْمُوْنَ اِلَّا كَمَا یَقُوْمُ الَّذِیْ یَتَخَبَّطُهُ الشَّیْطٰنُ مِنَ الْمَسِّؕ-﴾ ترجمۂ کنزالایمان: وہ جو سُود کھاتے ہیں قیامت کے دن نہ کھڑے ہوں گے مگر جیسے کھڑا ہوتا ہے وہ جسے آسیب نے چھو کر مخبوط بنا دیا ہو۔ (پ3،البقرۃ:275) سود ‏کی مذمت پر احادیثِ کریمہ بھی ملاحظہ فرمائیں:‏

(1) نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سات تباہ کرنے والی چیزوں سے ‏بچو، صحابۂ کرام علیہمُ الرّضوان نے عرض کی کہ وہ کیا ہیں؟ ارشاد فرمایا: اللہ کے ساتھ شرک ‏کرنا، جادو کرنا، جسے اللہ تعالیٰ نے حرام فرما دیا ہو ‏اس جان کو ناحق قتل کرنا، سود کھانا، یتیم کا مال کھانا، جنگ کے دن پیٹھ دکھا ‏کر بھاگنا، پاکدامن مؤمنہ شادی شدہ عورتوں پر تہمت ‏لگانا۔( بخاری،2/242،حدیث: 2766)‏

(2)حضرتِ جابر رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ نبیِّ کریم‏صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود کھانے ،کھلانے ، لکھنے اور اس کے‏دونوں گواہوں پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ سب برابر ہیں۔ (مسلم،ص663، حدیث: 4093)‏

(3)رسول ُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں: شبِ معراج میرا گزر ‏ایک ایسی قوم پر ہوا جن کے پیٹ گھروں کی طرح تھے، ‏جن میں سانپ تھے جو ان کے پیٹوں کے باہر سے نظر آرہے ‏تھے، میں نے کہا :اے جبریل! یہ کون ہیں ؟ عرض کی:‏یہ وہ ہیں جو سود کھاتے تھے۔ (ابن ماجہ،3/71،حدیث:2273)

(4)فرمانِ آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: سود (کے ‏گناہ کے) ستر درجے ہیں، ان میں سب سے کم درجہ گناہ یہ ہے کہ ‏کوئی شخص اپنی ماں سے زنا کرے۔(ابن ماجہ،3/72،حدیث: 2274) ‏

(5)حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان ہے: جس قوم میں سود ‏پھیلتا ہے اس قوم میں پاگل پَن پھیلتا ہے۔(سود اور اُس کا ‏علاج،ص16)‏

دورِ حاضر میں سود کی چند مختلف صورتیں یہ ہیں : کسی چیز کی ‏خرید و فروخت انسٹالمنٹ کی صورت میں ہو اور ہر ماہ کی قسط ‏مقررہ تاریخ پر ادا نہ کرنے میں جرمانہ لگانا،انسٹالمنٹ کی ‏صورت میں چیز کی قیمت علیحدہ اور زائد منافع علیحدہ بیان ‏کرنا۔ (اگر زائد منافع کو چیز کی قیمت ہی بیان کرے تو سود نہیں ‏بلکہ وہ مکمل قیمت ہی ہوگی اورجائزہے۔) ‏ان صورتوں یا ان کے علاوہ کسی بھی سودی صورت کو اگر راضی ‏نامہ پرچہ وغیرہ پر لکھا گیا تو ان پر دستخط کرنا بھی ناجائز ہے ‏اگرچہ قرضہ دینے والا کہہ دے کہ صرف کاغذی کاروائی ‏ہے زائد کچھ نہ لیا جائے گا۔ کیونکہ سودی لین دین اگرچہ نہیں ‏ہو رہا لیکن دستخط کرنا سودی شرط پر رضا مندی کا اظہار کرنا ‏ہے اور یہ بھی ناجائز و گناہ ہے۔بہرحال اس طرح کے تمام معاملات میں مفتیانِ کرام سے شرعی راہنمائی ضرور حاصل کرلینی چاہئے تاکہ سود کی نحوست سے یقینی طور پر بچا جاسکے۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں ہر طرح کے سودی لین دین سے ‏محفوظ فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم