شریعت ِاسلامیہ نے ہر شخص کو مکلف بنایا ہے کہ وہ صرف جائز و حلال طریقہ سے ہی مال کمائے کیونکہ کل بروزِ حشر اللہ پاک مال کے متعلق ہم سے پوچھ گچھ فرمائے گا کہ کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا لہٰذا غور کر لینا چاہئے کہ مال حاصل کرنے کا ذریعہ کیا ہے ۔ قراٰنِ کریم کے بعد سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، قانون وضع کرنے کے لئے دوسرا ماخذ ہے جو قراٰنِ مجید کا تجویز کردہ ماخذ ہے اور رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود کی شدید مذمت فرمائی ہے۔ آئیے اس موضوع پر کچھ احادیث پڑھنے سے پہلے سود کی تعریف ملاحظہ کرتے ہیں:

سود کی تعریف: سود اس زیادتی (Increase) کو کہتے ہیں جس کا حق دار عقدِ معاوضہ میں عاقدَین(Seller and Purchaser) میں سے کسی ایک کو قرار دیا جائے اور اس زیادتی کے مقابلے میں کوئی عوض اس عقد میں شرط نہ کیا گیا ہو۔ (فتح القدیر، 7/3)

( 1) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ معراج کی رات مجھے ایک ایسی قوم کے پاس سیر کرائی گئی کہ اُن کے پیٹ کوٹھریوں کے مثل تھے جن میں سانپ بھرے تھے جو پیٹوں کے باہر سے نظر آرہے تھے۔ میں نے پوچھا: اے جبرئیل یہ کون لوگ ہیں ؟تو عرض کی:یہ سود کھانے والے ہیں۔(ابن ماجہ،3/71، حدیث:2273)

(2) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سُود70گناہوں کا مجموعہ ہے، ان میں سب سے ہلکا یہ ہے کہ آدمی اپنی ماں سے زنا کرے۔(ابن ماجہ،3/72، حدیث:2274)

( 3) حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، حضور سیدُ المرسلین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے سود کھانے والے، کھلانے والے، لکھنے والے اور اس کی گواہی دینے والے پر لعنت فرمائی اور فرمایا کہ یہ سب اس گناہ میں برابر ہیں۔(مسلم، ص 663، حدیث: 4093)

( 4)حضرت ابن مسعود رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں: رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: سود اگرچہ بہت ہو مگر انجام کمی کی طرف لوٹتا ہے۔(ابن ماجہ،3/74، حدیث:2279)

( 5) حضرت سیدنا عوف بن مالک رضی اللہُ عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: قیامت کے دن سود خور کو اس حال میں اٹھایا جائے گا کہ وہ دیوانہ و ہوش و حواس سے بیگانہ ہو گا۔ (المعجم الکبیر ،18/60، حدیث:110) یعنی سود خور قبروں سے اٹھ کر حشر کی طرف ایسے گرتے پڑتے جائیں گے جیسے کسی پر شیطان سوار ہوکر اسے دیوانہ کر دے۔ جس سے وہ یکساں نہ چل سکیں گے۔ اس لئے کہ جب لوگ قبروں سے اٹھائے جائیں گے اور محشر کی طرف چلیں گے تو سب یہاں تک کہ کفار بھی درست چل پڑیں گے مگر سود خور کو چلنا پھرنا مشکل ہو گا اور یہی سود خور کی پہچان ہو گی۔(سود اور اس کا علاج،ص42)

پیارے اسلامی بھائیو! سود کو حرام فرمانے میں بہت حکمتیں ہیں، مثلاً: سود کا رواج تجارتوں کو خراب کرتا ہے، سود سے انسان کی طبیعت میں درندوں سے زیادہ بےرحمی پیدا ہو جاتی ہے، سود مؤمن کے ایمان کو نقصان دیتا ہے، سود کی آمدنی اگرچہ بسااوقات بہت زیادہ ہو تی ہے لیکن آخر میں اللہ اس کو مٹا دیتا ہے۔ سود خور غریب پر رحم نہیں کرتا، مؤمن کے لئے سود میں برکت نہیں ہے، یہ کافر کی غذا تو ہو سکتی ہے مؤمن کی نہیں۔ اللہ پاک ہمیں سود کے ساتھ ساتھ دیگر گناہوں سے بھی بچتے رہنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم